نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ٹیم ورک ہی کامیابی||ظہور دھریجہ

اچھی بات کی تعریف ہونی چاہئے، اسی بناء پر میں عرض کرنا چاہتا ہوں کہ محترمہ ثمن رائے کا صحافیوں کے ساتھ ساتھ ڈی جی پی آر کے سٹاف سے رویہ بہت اچھا رہا ، پچھلے دنوں لاہور جانا ہوا، تو سب نے ان کی تعریف کی ۔

ظہور دھریجہ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

صحافت کا لفظ صحیفے سے ماخوذ ہے ،اسے شیوئہ پیغمبری بھی کہا جاتا ہے، وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ صحافت کی اقدار بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں ، لمحہ موجود میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیاکو بھی صحافت میں شمار کیا جانے لگا ہے، سوشل میڈیا کی وسعت اور پذیرائی سے انکار نہیں مگر سوشل میڈیا کی خبریں اعتماد حاصل نہیں کر سکیں، یہ بھی درست ہے کہ موجودہ دور میں صحافتی ادارے اور صحافت سے وابستہ افراد سخت مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ،
بہت سے میڈیا ہائوسزمالی مشکلات کے باعث بندہوئے اور ہزاروں عامل صحافی بیروزگاری کی موت کے منہ میں چلے گئے،حکومت نے تین سالوں میں صحافتی اداروں کو کچلنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی البتہ اب جبکہ آئندہ الیکشن کی تیاریاں ہو رہی ہیں تو تھوڑا گوشہ نرم ہوا ہے، میرا آج کا موضوع ڈی جی پی آر پنجاب کے حوالے سے ہے ،محترمہ ثمن رائے مختصر عرصہ کیلئے یہاں تعینات رہیں اور اب وہ ڈی جی پی آر پنجاب سے تبدیل ہو کر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کے عہدہ پر تعینات ہوئی ہیں،مختصر عرصہ میں انہوں نے ڈی جی پی آر پنجاب میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہر بات پر تنقید بہتر نہیں،
اچھی بات کی تعریف ہونی چاہئے، اسی بناء پر میں عرض کرنا چاہتا ہوں کہ محترمہ ثمن رائے کا صحافیوں کے ساتھ ساتھ ڈی جی پی آر کے سٹاف سے رویہ بہت اچھا رہا ، پچھلے دنوں لاہور جانا ہوا، تو سب نے ان کی تعریف کی ۔
محترمہ نے فروری 2021ء میں بطور ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ،پنجاب میں اپنے کام کا آغاز کیا جہاں انہوں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہت ہی کم وقت میں ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز، پنجاب کے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنی بھرپور تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے نت نئے آئیڈیاز متعارف کروائے جنہوں نے ڈی جی پی آر کو تیزی سے پھلنے پھولنے میں مدد دی، محنت، مخلصی، عجزو انکساری اور مستقبل مزاجی سے اپنی ڈیوٹی کو سرانجام دیتے ہوئے حکومت پنجاب کی موثر میڈیا پروجیکشن میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیشہ ٹیم ورک کو بنیادی ڈھانچہ سمجھتے ہوئے فیصلہ سازی کی،
افسران کے خیالات اور نظریات کو اہمیت دی اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خوش اسلوبی سے سر انجام دیا۔ پنجاب میں اپنی مدت ملازمت کے دوران اور بھی خدمات سر انجام دیں جن کی کوئی مثال نہیں، ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز، پنجاب کے تمام ڈیپارٹمنٹس کی بھرپور طریقے سے مانیٹرنگ کی اور مثالی تبدیلی اور توسیع و ترقی لانے کیلئے مختلف پلانز پر غور کیا۔ انھوں نے ہمیشہ محکمے کی اپ گریڈیشن پر زور دیا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ڈی جی پی آر آفس میں دور حاضر کے جدید ترین ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے قیام کو یقینی بنایا جو کہ پنجاب حکومت کیلئے میڈیا کے محاذ پر معاون و مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
پنجاب حکومت کے اقدامات کو عوام الناس تک پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے فوری، مکمل اور درستگی سے پہنچانے پر غور کیا۔ مختلف میڈیا چینلز کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کیے اور حکومت پنجاب کے پروگرامز اور پالیسیز کی کوریج کو یقینی بنانے پر غور کیا، حکومت پنجاب کی تین سالہ کارکردگی کی بھرپور طریقے سے تشہیر واشاعت کرتے ہوئے مختلف رسالہ جات شائع کروائے۔ ڈی جی پی آر پنجاب کے افسران کے علاوہ صحافی دوستوں کا یہ کہنا درست ہے کہ کورونا وبا ء کے خلاف کارکردگی ڈی جی پی آر صاحبہ بہت کارگر ثابت ہوئیں،حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا وائرس سے آگاہی سے متعلق تمام تر کیمپینزمیں انہوں نے صف اول کا کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ’خدمت آپ کی دہلیز پر‘ پروگرام کا افتتاح کیا اور بطور ڈائریکٹر جنرل انہوں نے فوری طور پر پروگرام میں نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ عام لوگوں میں اس سے متعلق آگاہی کیلئے منفرد اقدامات اٹھائے۔
مالی سال 2021ء اور 2022ء کیلئے پنجاب حکومت نے بجٹ پیش کیا جس کو ڈی جی پی آر ثمن رائے نے نہ صرف شائع کروایا بلکہ یونین کونسل کی سطح پر بجٹ کی رسائی کو ممکن بنایا۔انہوں نے عشرہ شان رحمت للعالمین کی کیمپین کو کامیابی سے مکمل کیا۔جس کے تحت ڈی جی پی آر میں محفل و میلاد کا انعقاد کیاگیا اور صوبہ بھر میں مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح پنجاب کسان کارڈ اور ہیلتھ کارڈ سے متعلق تمام کیمپینز میں حصہ لیا اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے احکامات کے مطابق کام کیا۔ ہر اچھا عمل قابل تقلید ہوتا ہے ان باتوں کا اظہار اس لئے بھی ضروری ہے کہ آنے والے افسران ضرور اچھائی کو آگے بڑھائیں گے ، یہ حقیقت ہے کہ کرونا نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا،اب کرونا کی شدت کم ہوئی تو ڈینگی وائرس نے آ لیا، ایسے موقع پر محترمہ ایکٹیو ہوئیں،
کورونا اور ڈینگی وائرس سے بچائو کیلئے ڈی جی پی آر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا،جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ محترمہ نے صحافیوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ساتھ مل کر ڈی جی پی آر کی ڈیجیٹل دنیا میں پہچان بنانے کیلئے میمورنڈم آف انڈراسٹینڈنگ (MoU) پر دستخط کیے، ٹویٹر پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی بہترین کارکردگی کو ٹاپ ٹرینڈ بنایا،جبکہ فیس بک نے کورونا سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے گورنمنٹ آف پنجاب کے پیج پر کورونا کی 23 لاکھ روپے کی مفت مارکیٹنگ کی جو کہ انہیں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز، پنجاب کیلئے محترمہ ثمن رائے کی ناقابل فراموش خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

 

 

یہ بھی پڑھیں:

ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹی کے نام خط ۔۔۔ظہور دھریجہ

سندھ پولیس کے ہاتھوں 5 افراد کی ہلاکت۔۔۔ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ۔۔۔ظہور دھریجہ

میرشیرباز خان مزاری اور رئیس عدیم کی وفات ۔۔۔ظہور دھریجہ

ظہور دھریجہ کے مزید کالم پڑھیں

About The Author