دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرےاور تجزیے

ڈیرہ غازیخان

ڈویژنل پبلک سکول و کالج ڈیرہ غازی خان کی تعمیر نو کی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے دو کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز جاری کردئیے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی اور کمشنر سارہ اسلم نے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

تزئین و آرائش شدہ ہال کا افتتاح اورادارہ میں شجرکاری بھی کی گئی۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار خطہ کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کر رہے ہیں۔

سابقہ حکمرانوں کا فوکس کچھ اور تھا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم، ہیلتھ اور سوشل سیکٹر کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے

صرف ان کے حلقہ پی پی 289 میں 20 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

ڈویژنل پبلک سکول و کالج کی اپ گریڈیشن کرکے ڈویژن کا بہترین تعلیمی ادارہ بنائیں گے۔
کمشنر سارہ اسلم نے بطور مہمان اعزاز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

طلبہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ محنت کامیابی کا زینہ ہے۔طلبہ تمام تر توجہ،تعلیم اور اخلاقیات پر مرکوز رکھیں۔

محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔انہوں نے کہا کہ سکول کی بہتری کیلئے مل کر کام کیا جائیگا۔
پرنسپل ادارہ میجر ریٹائرڈ اعظم کمال نے کہا کہ 36 سالہ قدیم ادارہ کی بہتری کیلئے

ایک عشرہ سے توجہ نہیں دی گئی۔پرنسپل اور ادارہ کا تمام سٹاف وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کا شکر گزار ہے۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض سمیرا نسیم نے انجام دئیے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطا ء الرحمن،کنزر ویٹر فاریسٹ کے علاوہ پروفیسر محبوب حسین،

پروفیسر محمد صادق اور دیگر اراکین بورڈ آف گورنرز موجود تھے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

کمشنر سارہ اسلم نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن پنجاب میں جاری کورونا کی ریڈ کمپین میں گزشتہ تین روز سے سر فہرست رہا ہے۔

ایک تقریب میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی اور دیگر سے گفتگو کرتے ہو ئے کمشنرنے کہا کہ

باقاعدگی سے فالو اپ لینے،افسران سمیت ٹیموں کو موٹیویٹ کرنے سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن نچلی سطح سے ترقی کرتے ہوئے

پنجاب بھر میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔کمشنرنے سیاسی قیادت اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی کہا کہ

وہ انسانی جانیں بچانے کیلئے ڈویژنل انتظامیہ اور حکومت کا ساتھ دیں۔ہر پلیٹ

فارم سے آواز بلند کرکے عوام کو کورونا ویکسی نیشن کیلئے قائل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کورونا کی گھر گھر ویکسی نیشن مہم جاری ہے،ٹیموں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازی خان نے شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات احسن طریقے سے منعقد کرانے میں

معاونت پر علماء،امن کمیٹی اور محکموں کا شکریہ ادا کیا اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں تقریب منعقد ہوئی

جس کی صدارت کرتے ہوئے ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا نے کی. اس موقع پر ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شفقت عباس

محمد اسلم چانڈیہ ایڈوکیٹ،مفتی محمدخان باروی ممبر متحدہ علماء بورڈ پنجاب،مولانا عمر فاروقی،مولانامحمد خان لغاری اوردیگر موجود تھے.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ہمارا مذہب ہمیں امن،پیار محبت،تحمل وبردباری اور بھائی چارے کی

تلقین کرتا ہے،علمائے کرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے جس طرح بارہ ربیع الاول کے موقع پر مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا

وہ قابل ستائش ہے،انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ،اعتدال پسندی اور اچھے کاموں کی ترغیب سے ہم اپنے معاشرے کو مثالی اور قابل تقلید بنا سکتے ہیں

جس کے لئے ہم سب کو اپنا حصہ ملانا ہوگا۔اس موقع پرموجود علماء کے وفد نے قیام امن کے لئے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرپرسنزنے ایسے تمام امیدواران جو اپنے نمبر بہتر کرنے کیلئے انٹر سالانہ امتحان 2021میں شامل ہوئے

لیکن وہ اپنے رزلٹ سے مطمئن نہ ہیں انہیں انٹر سپیشل امتحان 2021میں نمبر بہتر کرنے کاایک مزید چانس دے دیا ہے .

یہ سپیشل امتحان 27نومبر سے ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم یکم نومبر

تک جمع کرائے جاسکتے ہیں. یہ بات کنٹرولر بورڈ کے مراسلہ میں کہی گئی ہے

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان۔

ڈی پی او عمر سعید ملک نے دوران سماعت اردل روم میں الزام ثابت ہونے پر

محمد شعیب SI کو سروس سے ڈسمس کر دیا

سب انسپکٹر محمد شعیب پر کرپشن سمیت اخلاقیات سے گری ہوئی حرکات اور محکمہ پولیس کے لئے بدنامی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ کرائمنل اشخاص سے رابطے جیسے

الزامات تھے جن کی انکوائری کرائی گئی دوران انکوائری سب انسپکٹر محمد شعیب پر کرائمنل اشخاص سے رابطے

اخلاقیات سے گری ہوئی حرکات اور محکمہ پولیس کے لئے بدنامی کا باعث بننا اور کرپشن ثابت ہونے پر سروس سے ڈسمس کر دیا۔

ڈی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ محکمہ میں کرپشن اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا

آخر میں ڈی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ اہلکاران پولیس کو سزاٸیں دینے کا مقصد صرف اور صرف ان کی اصلاح کرنا ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

پنجاب فوڈ اتھارٹی محفوظ خوراک کی فراہمی کےلیے کوشاں۔۔

ہوٹلز،سویٹس اینڈ بیکرز، ملک شاپس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کو ناقص انتظامات پر 1 لاکھ 22 ہزار کے جرمانے عائد، 189 کو اصلاحی نوٹسز جاری۔۔

ڈی جی خان 28 اکتوبر: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں صحت دشمن عناصر کی روک تھام کےلیے

آپریشنز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں سویٹس اینڈ بیکرز کو گندے فریزر میں خوراک سٹور کرنے جبکہ مظفر گڑھ میں ہوٹل کو صفائی کے

انتہائی ناقص انتظامات ہونے پر 10 ہزار جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملک شاپ کو دودھ میں چکنائی کی مقدار کم ہونے اور بیکری کو

مضر صحت مٹھائی کی فروخت کرنے پر 10،10 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔

ڈیرہ غازی خان،،آر پی او فیصل رانا نے خاتون سب انسپکٹر سمیت 28 پولیس افسران کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی،

پولیس لائنز میں ترقی پانے والوں کو انسپکٹرز کے بیج لگانے کی تقریب،آر پی او نے ترقی کے بیج لگائے،

تفصیلات کے مطابق پولیس رولز کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے قواعد وضوابط کے حوالے سے سخت سکروٹنی کے بعد ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی

فیصل رانا نے ریجن کے چاروں اضلاع ڈی جی خان،لیہ،مظفرگڑھ اور راجن پور کے 28 سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دے دی،

جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ترقی پانے والوں میں شازیہ خان،محمد ایوب خان ,عبدالرزاق ,عبدالحمید , ریاض حسین , محمد آصف رحیم , محمد ایوب , امتیاز احمد, محمد شریف , شریف محمد , محمد مٹھو خان ,

بشیر احمد ,اعجاز حسین , خادم حسین ,عبدالرحیم , صادق حسین , محمد شریف , محمد بلال اختر, قسور عباس , مشتاق احمد , بشیر احمد ,الیاس احمد ,نصراللہ خان , محمد ایوب ,غلام فرید , کلیم اللہ ,

شکیل احمد, امتیاز احمد شامل ہیں،اس سلسلہ میں پولیس لائنز ڈی جی خان میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آر پی او فیصل رانا نے ترقی پانے والوں کو انسپکٹرکے عہدے کے

بیج لگائے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا کہ شاندار کارکردگی کی وجہ سے صرف اور صرف میرٹ پر ترقی ملنے کے بعد انسان کو جو قلبی سکون حاصل ہوتا ہے

اس کا اندازہ وہی کر سکتا ہے جسے یہ لمحات میسر آتے ہیں،آر پی او نے کہا کہ ترقی کرنا ہر شخص کا بنیادی انسانی حق ہے تاہم اس کے لئے محکمہ مجاز اتھارٹی سے

اسی بات کا تقاضا کرتا ہے کہ طے کردہ متعین قواعد وضوابط کو مکمل فالو کیا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ ترقی پانے والوں کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ،

اب انہیں عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے توقعات پر پورا اترنا ہو گا

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سارہ اسلم نے موضع کوٹلہ سکھانی غربی میں شہر خاموشاں پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ایکسئین بلڈنگ محمد وقاص نے منصوبہ کی پیشرفت اور مسائل پر بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید اور دیگر ہمراہ تھے.کمشنر سارہ اسلم نے 175 کنال وسیع رقبہ پر زیر تعمیر قبرستان کے کام کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ایڈمن بلاک،وضو خانہ،مردہ خانہ اور دیگر بلڈنگ سٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بہتری کی ہدایات جاری کیں۔

ٹوٹی ٹف ٹائلز تبدیل کرنے کے ساتھ فنڈز کی وصولی کیلئے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ رکھنے کی ہدایات جاری کیں

کمشنر کو بتایا گیا کہ منصوبہ پر17 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

بلڈنگ سٹرکچر مکمل ہوچکا ہے۔ٹف ٹائلز،چاردیواری سمیت فنشنگ جاری ہے۔

منصوبہ کی تکمیل کیلئے 31 دسمبر کی ٹائم لائن دی گئی ہیں

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید نے کوٹ چھٹہ تحصیل کا تفصیلی دورہ کیا۔

قانون کی خلاف ورزی پر اینٹوں کے بھٹہ مالک کو 25 ہزار روپے،سبزی منڈی کے دکانداروں کو 45 سو روپے جرمانہ عائد کردیا۔

بوائز ہائی سکول مانہ احمدانی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر پرنسپل سے وضاحت طلب کرلی۔

ڈپٹی کمشنر کلاسز کے معائنہ کے دوران استاد بن گئے۔طالب علموں سے اساتذہ کی موجودگی میں نصابی سوالات بھی کئے فکسڈ سنٹر اور فیلڈ میں کورونا کی گھر گھر

ویکسینیشن مہم کا بھی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ محمد اسد علی بدھ بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید نے

کوٹ چھٹہ میں تعلیمی اداروں،مراکز صحت اور مارکیٹوں کا اچانک دورے کئے۔بھٹوں کے معائنہ کے دوران اینٹوں کے معیار،مزدوروں کی اجرت اور

دیگر معلومات حاصل کیں انہوں نے بی ایچ یو مانہ احمدانی میں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری،ادویات اور ویکسین کی کولڈ چین چیک کی۔

مریضوں کے طبی معائنہ کے تمام مراحل کا جائزہ لیا۔ادویات کے حصول سمیت معلومات حاصل کیں۔

سبزی منڈی اور سہولت بازار میں خریداری کرنے والوں سے قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے سرکاری نرخ کا موازنہ کیا۔

گرانفروشی ثابت ہونے پر دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے پھل، سبزیوں

گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش کا معیار بھی چیک کیا۔

ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے گرلز ہائی سکول کوٹ چھٹہ کا بھی دورہ کیا.

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ثانوی واعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ فسٹ گیارہویں کلاس کے سالانہ امتحان 2021کے نتیجے کا اعلان جمعہ29 اکتوبر کو

صبح دس بجے کیا جائے گا. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے بتایا کہ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ تقریب منعقد نہ ہو گی

اور رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisedgkhan.edu.pk پر فوری طور پر اپ لوڈ کر دیا جائیگا

اور امیدواران 800295 پر اپنا رول نمبر ایس ایم ایس کر کے بھی رزلٹ معلوم کرسکیں گے۔ امیدواران رزلٹ کے اعلان کے پندرہ دن کے اندر پیپرز کی ری چیکنگ کیلئے

بھی درخواست دے سکیں گے۔ ڈپٹی کنٹرولر نے واضح کیا کہ مذکورہ گیارہویں کلاس کے پانچوں گروپس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ،

آرٹس، جنرل سائنس اور کامرس گروپ کے کل نمبرزبالترتیب 505، 520، 550، 510 اور 550 ہوں گے اورحکومتی پالیسی کے مطابق

تمام امیدواران کے حاصل کردہ نمبران کے متعلقہ گروپ کے کل نمبرز میں سے ہی ہوں گے۔ جبکہ پریکٹیکلز پر مشتمل مضامین کی صورت میں ان کے پرییکٹیکلز کے

نمبرز اگلے سال بارہویں کے سالانہ امتحان 2022 کے رزلٹ کے ساتھ شامل کئے جائیں گے۔
مزید براں ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجدحسین نے 27نومبر سے شروع ہونے والے

انٹر میڈیٹ سپیشل امتحان کے داخلہ فارم بارے ہدایت نامہ جاری کر دیاہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ

انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2021 کے نتائج کی روشنی میں ایسے امیدواران اپنا رزلٹ منسوخ کروا کر دوبارہ سپیشل امتحان میں شریک ہو سکتے ہیں

جن کے کسی مضمون/مضامین میں حاصل کردہ نمبر 33 فیصد سے کم تھے مگر ان کو حکومتی پالیسی کے مطابق 33 فیصد نمبر دے کر پاس کردیا گیا تھا اور اب انہیں اپنا رزلٹ قبول نہ ہے۔

تو ایسے تمام امیدواران کا ڈیٹابمعہ منسوخی فارم و انڈر ٹیکنگ بورڈ ویب سائٹ پر موجود ہے ایسے 33 فیصد سے کم نمبر لینے والے سپیشل امتحان میں شمولیت کے خواہش مند

امیدواران بورڈ ویب سائٹ www.bisedgkhan.edu.pk پر داخلہ فارمز کے آپشن میں جاکر اپنا رولنمبر لکھ کر منسوخی رزلٹ کا فارم بمعہ ”انڈر ٹیکنگ” اور داخلہ فارمز

آن لائن بھیج کر ہارڈ کاپی یکم نومبر تک سنگل فیس کے ساتھ بورڈمیں جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ بورڈ ویب سائٹ پر خود کار نظام کے تحت ایسے

امیدواران کے منسوخی رزلٹ فارمز بمعہ انڈرٹیکنگ مکمل ڈیٹا کے ساتھ اپ لوڈ کر دیاگیا ہے گئے ہیں

ڈپٹی کنٹرولر نے مزید بتایا کہ جن امیدواروں کے اپنے حاصل کردہ نمبر 33فیصد یا اس سے زیادہ ہیں

اورانہوں نے ”نمبر بہتر بنانے کا آپشن استعمال نہیں کیا، تو ایسے امیدواران اپنا رزلٹ منسوخ نہیں کروا سکتے بلکہ سپیشل امتحان

میں انٹرمیڈیٹ کے دونوں پارٹس یعنی گیارہویں اور بارہویں یا صرف بارہویں کے کسی مضمون/مضامین کیلئے مارکس امپروو داخلہ بھیج کر امتحان میں شریک ہو سکتے ہیں۔

سپیشل امتحان صرف اختیاری مضامین کا ہو گا۔ علاوہ ازیں مذکورہ سپیشل امتحان میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2021 میں غیر حاضر ہونے والے

یا ریگولر داخلہ نہ بھجوانے کی وجہ سے رہ جانے والے

انٹرمیڈیٹ سپلمنٹری 2021 کے آخری چانس کے حامل امیدوار اور انٹرمیڈیٹ ایڈیشنل مضامین کا

امتحان دینے کے خواہشمند امیدواران بھی شرکت کرنے کے اہل ہیں

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک پنجاب سہیل اختر سکھیرا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان عمر سعید کی ہدایت پر

ڈی ایس پی ٹریفک محمد بخت نصر نے ٹیوٹا کالج ڈیرہ غازیخان میں ٹریفک قوانین سے آگاہی بارے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ

مہذب اقوام ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتی ہیں اساتذہ اور طلبہ نہ صرف خود ٹریفک قوانین پر عمل کریں بلکہ

دوسروں کو بھی آگاہی دیں. تقریب میں اساتذہ، طلبہ کے علاوہ سول سوسائٹی

اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ایس پی پنجاب ہائی وے پیٹرول ڈیرہ غازی خان ریجن ہما نصیب کی خصوصی ہدایات پر انچارج موبائل ایجوکیشن یونٹ اے ایس آئی محمودالحسن گجر نے

اپنی ٹیم کے ساتھ جام پورضلع راجن پور کے پبلک ماڈل سکول غازی چوک، پبلک پلیس، بستی کوٹ جانو، کمرشل مارکیٹ کوٹ طاہر روڈ، الجبار برکس بھٹہ خشت اور

موٹر سائیکل رکشہ اسٹینڈ غازی چوک پر طلباء، ڈرائیوروں اور عوام الناس کو سموگ و دھند سے بچاؤکی احتیاطی تدابیر،

ڈینگی مچھر، روڈ سیفٹی اور پی ایچ پی ہیلپ لائن نمبر 1124 سے آگاہی بارے تفصیلی لیکچرز دیئے.

محمود الحسن گجر نے کہا کہ سموگ و دھند کی صورت میں ماسک و چشمے اور فوگ لائٹ کا استعمال کیاجائے

اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے ونڈ سکرین کو صاف کرتے رہنا چاہیئے.انہو ں نے کہاکہ

دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، اوورٹیکنگ اور تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے اور

آنکھیں سرخ ہونے کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کیاجائے.

اس موقع پر موبائل ٹیم نے سست رفتار گاڑیوں پر ریفلیکٹرز بھی لگائے

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کیلئے تسلسل کے ساتھ کاوشیں جاری رکھی جائیں،

سرویلینس مؤثر بنانے کے ساتھ ڈیش بورڈ میں ڈیٹا کو اپ ڈیٹ رکھا جائے،ہسپتالوں میں
داخل مریضوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ رسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز احمد حسن رانجھا،قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر نبیل احمد میمن،

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن،ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر نجیب الرحمن،ڈاکٹر اطہر سکھانی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ جن علاقوں سے ڈینگی لاروا ملے وہاں پوری فورس کے ساتھ سرگرمیاں جاری رکھی جائیں،

تھرڈ پارٹی ممبران اور ڈارمنٹ یوزرز کو بھی اجلاس میں شرکت کا پابند کیا جائے،انہوں نے کہا کہ

بوگس سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے،حقائق پر مبنی ڈیٹا سے ہی ہماری کارکردگی میں نکھار آئے گا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمان نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں ڈینگی کے24کنفرم کیسز ہیں جن میں

سے7 ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ باقی ڈسچارج کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان مریضوں میں سے کوئی بھی

ڈیرہ غازی خان سے متاثر نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ مریضوں کے بارے میں ڈیش بورڈ پر کنفیوژن دور کی جائے

ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے شکایات کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کی جائیں،

تمام افسران فیڈ بیک کو شئیر کریں اور آپس میں کوآرڈی نیشن بہتر بنائیں،انڈور

اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کیلئے فیلڈ میں جائیں،سرویلینس ٹارگٹ کو ہر صورت پورا کیا جائے
اجلاس میں تمام محکموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر کوہ سلیمان کے کسانوں کو

سبسڈی پر گندم کا تصدیق شدہ، بیماریوں سے پاک بیج تقسیم کرنے کیلئے ڈی جی خان میں محکمہ زراعت کے دفتر میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری بارک اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالہاسال چلنے والے گندم کے پرانے بیج کی نئی سفارش کردہ اقسام سے تبدیلی

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کوہ سلیمان کے غریب کسانوں کیلئے ایک احسن اقدام ہے۔ گندم کایہ بیج 90 فیصد سبسڈی پر فراہم کیا جا رہا ہے

جس سے کاشتکار فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ زیادہ منافع بھی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ

گندم ہماری بنیادی خوراک ہے لہٰذا غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور گندم کی فصل کو زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے

اس کی پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 12 ارب 54 کروڑ روپے کا زرعی ایمرجنسی پروگرام جاری ہے

جس کے تحت کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر گندم کا تصدیق شدہ اور بیماریوں سے پاک بیج فراہم کیا جارہا ہے۔ اس منصوبہ پر عملدرآمد سے گندم کی اوسط پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ متوقع ہے۔

اس موقع پر ایم پی اے شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ کوہ سلیمان میں کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

جن کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ فارم سے مارکیٹ تک زرعی اجناس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کوہ سلیمان کے کاشتکاروں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

ان اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف کاشتکار خوشحال ہوں گے بلکہ علاقہ بھی ترقی کرے گا۔ اس موقع پر ڈی جی زراعت ریسرچ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ

اس علاقہ کی ترقی کیلئے مقامی سطح پر فصلوں، باغات اور سبزیات کی بہتر پیداوار کیلئے یہاں پر تحقیق کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں کاشتکاروں کو جدید اقسام کے 10 لاکھ بیگ فراہم کئے جارہے ہیں

جس سے پیداوار میں 15 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ امسال گندم کی فی ایکڑ پیداوار کا ہدف 35 من مقرر کیا گیا ہے۔

نئی اقسام اور جدید ٹیکنالوجی پر عملدرآمدسے ہی ریکارڈ پیداوار کا حصول ممکن ہے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ

امسال گندم کی 4 جدید اقسام اکبر 19، اناج، اجالا اور فخر بھکر کے 3 ہزار بیگ کاشتکاروں میں 90 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں۔

یہ اقسام زیادہ پیداواری صلاحیت اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں جبکہ ان میں زنک بوران اور آئرن کی مقدار بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کے بیج کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں۔

انہوں نے کہا کہ سبزیات کے بیج کے 6 ہزار پیکٹس بلامعاوضہ فراہم کئے جائیں گے جن میں سے 3000 پیکٹس رواں سیزن فراہم کئے جارہے ہیں۔

ہائی ویلیو ایگری کلچر کے فروغ کیلئے اس ایریا میں پھلدار درختوں کے باغات لگانے اور واٹر مینجمنٹ کے تحت تالاب اور سولر پاور سے چلنے والی

لفٹ اریگیشن سکیموں پر 90 فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ اکرام اللہ ملک، غلام محمد، عبدالصمد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

About The Author