نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بلاول بھٹو زرداری کے دورہ ڈیرہ غازی خان کی اندرونی کہانی||ملک سراج احمد

2019 میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ کی صورت میں قد آور سیاسی شخصیت نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی جس نے پیپلزپارٹی کے مایوس اور منتشر جیالوں کو پارٹی پرچم تلے جمع کرنا شروع کیا

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1993 کی انتخابی مہم میں محترمہ بے نظیر بھٹو کا انتخابی جلسہ ڈیرہ غازی خان کے پاکستانی چوک میں ہوا تھا جہاں انہوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آ کر ان کی حکومت ڈیرہ غازی خان کو سوئی گیس ، یونیورسٹی اور ائیرپورٹ دیں گی ۔اس جلسہ کے بعد ڈیرہ کا ایک معروف نعرہ تھا کہ بے نظیر آئے گی ۔۔ سوئی گیس لائے گی ۔ان انتخابات کے بعد محترمہ وزیراعظم بن گئیں اور اپنا وعدہ وفا کرنے کے لیے آخری بار 1995 میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے فٹبال گراونڈ میں تشریف لائیں اور وعدہ کے مطابق سوئی گیس ، ائیرپورٹ اور خواجہ فرید یونیورسٹی کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔سوئی گیس اور ائیرپورٹ کے منصوبوں پر کام شروع ہوگیا تاہم 5 نومبر 1996 کو صدرپاکستان فاروق خان لغاری نے محترمہ کی حکومت کو برطرف کرتے ہوئے اسمبلیاں توڑ دیں۔اس کے بعد پیپلزپارٹی ضلع ڈیرہ غازی خان کی کم سے کم انتخابی سیاست سے آوٹ ہوگئی۔
2019 میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ کی صورت میں قد آور سیاسی شخصیت نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی جس نے پیپلزپارٹی کے مایوس اور منتشر جیالوں کو پارٹی پرچم تلے جمع کرنا شروع کیا۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے پارٹی قیادت نے سردار دوست محمد خان کھوسہ کو یکم ستمبر کو پیغام دیا کہ چیئرمین 5 ستمبر کو ڈیرہ غازی خان کا دورہ کریں گے۔تیاری کے لیئے چار دن کا وقت دیا گیا اور یہ وقت بھی سردار دوست محمد خان کھوسہ جیسی سیاسی شخصیت کے لیے بہت تھا مگر وہ شدید علیل تھے تاہم حامی بھرلی اور تیاری شروع کردی۔
5 ستمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو ڈیرہ غازی خان پہنچے تو سب سے پہلے شہید محسن نقوی کے گھر پر گئے اور ان کے صاحبزادے اسد عباس نقوی اور چچا زاد بھائی سید ظفر عباس نقوی سے ملاقات کی۔گوکہ یہ خاندان اب مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستہ ہے تاہم پارٹی چیئرمین اقدار کو نہیں بھولے اور پیغام دیا کہ پیپلزپارٹی اپنی روایات اور اقدارکی پاسداری کرنے والی جماعت ہے ۔اس کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 26 سال بعد اسی گراونڈ پر پہنچے جہاں محترمہ بے نظیر بھٹو آخری بار تشریف لائیں تھیں۔سردار دوست محمد خان کھوسہ کی طرف سے چیئرمین کا پرتپاک فقید المثال استقبال کیا گیا۔جیالوں اور پارٹی کارکنوں کا جوش وولولہ دیدنی تھا۔ورکر کنونشن اپنی تعداد کے اعتبار سے ایک بڑے جلسہ میں تبدیل ہوچکا تھا اور دلچسپ امریہ کہ پارٹی ورکرز سے ہٹ کر شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش وخروش کے ساتھ جلسہ میں شرکت کی ۔
جلسہ سے ایم این اے نوابزادہ افتخار خان ، بیرسٹر امام بخش قیصرانی ، سردار دوست محمد خان کھوسہ ، سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کیا۔جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ سرائیکی وسیب کا بھٹو خاندان سے تین نسلوں کا رشتہ ہے انہوں نے کہا کہ وہ سرائیکیوں کو وسیب بنا کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو سرائیکی وسیب کا قیام عمل میں لاسکتی ہے۔جلسہ کے اختتام کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو ڈیرہ کے کھوسہ ہاوس پہنچے جہاں پر سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ نے ان کا استقبال کیا۔چیئرمین کو کھوسہ ہاوس کی طرف سے روایتی تلوار کا تحفہ پیش کیا گیا۔اس کے بعد سابق گورنر سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ اور سابق وزیراعلیٰ سردار دوست محمد خان کھوسہ کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ میں بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے۔
عشائیہ میں کھانے کی میز پر چیئرمین بلاول بھٹو نے سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ کو کراچی بلاول ہاوس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو ہوسٹ کرنا چاہتا ہوں ۔سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ نے دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین صاحب میں ضرور آوں گا مگر اس سے قبل میں لاہور میں اپنے دوستوں کی آپ سے ملاقات کراوں گا اور سندھ اور بلوچستان میں آپ کو پروگرام دوں گا اس کے بعد بلاول ہاوس کراچی میں ملاقات ہوگی ۔سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاست دان سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ کایہ جواب نا صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ توقع ہے کہ مستقبل قریب میں پنجاب کے اہم لوگوں کی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقاتیں ہوں گی جس سے پیپلزپارٹی کو خاطر خواہ سیاسی فائدہ پہنچے گا ۔خوشگوار ماحول میں عشائیے کا اختتام ہوا اور چیئرمین بلاول بھٹو سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، صدرجنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود، اراکین اسمبلی نوابزادہ افتخار علی خان ، مہر ارشاد سیال، رضا ربانی کھر، فیصل کریم کنڈی، اور نتاشہ دولتانہ کے ہمراہ ملتان روانہ ہوگئے۔
زرائع کے مطابق سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے اپنے صاحبزادے سردار دوست محمد خان کھوسہ کے زمہ لگا دیا ہے کہ وہ نومبرتک سندھ اوربلوچستان کے پروگرامز کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے شایان شان ترتیب دیں۔اطلاعات کے مطابق اس پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔تاہم ڈیرہ غازیخان میں حالیہ جلسہ کے بعد جہاں پارٹی ورکرز کا مورال بلند ہوا ہے وہاں مخالف سیاسی جماعتوں خاص طورپر تحریک انصاف اور ن لیگ کے لیے یہ جلسہ الارمنگ ہے۔اس جلسہ نے ضلع بھر کی سیاسی فضا کو تبدیل کردیا ہے۔اس جلسہ کے بعد پیپلزپارٹی طویل مدت بعد انتخابی سیاست میں دوبارہ داخل ہوگئی ہے ۔اور اس کا کریڈٹ بلاشبہ سردار دوست محمد خان کھوسہ کو جاتا ہے
تاہم اس سب کے باوجود ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیپلزپارٹی کی تنظیم کوئی اہم کردار ادا نہیں کرسکی ۔اس سے بڑا المیہ اور کیا ہوگا کہ پارٹی چیئرمین کی آمد پر پارٹی کا ضلعی صدر پارٹی عہدیداروں اور ورکرز کو چیئرمین کے پروگرام میں جانے سے روکتا رہا۔سابق ضلعی صدر شبلی شب خیز غوری کے علاوہ کوئی پارٹی عہدیدار کھل کرسامنے نہیں آیا۔تحصیل کی تنظیموں کی حد تک شرکت کی کوشش ضرور ہوئی۔ کامیاب جلسہ ہونا ایک الگ بات ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ جنوبی پنجاب کی پارٹی قیادت کو چاہیے کہ وہ تنظیموں کو فعال کریں اور پارٹی عہدوں پر اہل اور کام کرنے والے بندوں کو سامنے لائیں ۔اگر پارٹی عہدوں پر کوئی تبدیلی نا ہوئی تو حالات جوں کے توں رہیں گے اور کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکے گی۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چاہیے کہ وہ جنوبی پنجاب کی نئی تنظیم سازی میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پارٹی عہدوں کے لیے بہترین لوگوں کا انتخاب کریں تاکہ آئندہ عام انتخابات تک پارٹی فعال ہوچکی ہو اور اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔

براے رابطہ 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

About The Author