دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان) ): صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خالد محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں. دریاؤں اور رودکوہیوں کی سرزمین ڈیرہ غازیخان میں بھی صوبہ بھر کی طرح ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کیاگیایہاں سرجیکل آلات،لائف جیکٹس، کشتیاں، ایمبولینسز، خیموں، ہنگامی لائٹس، جنریٹرز ودیگر سٹاک کی موجودگی پر انہیں خوشی ہے. انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات تباہی مچاتی ہیں مگر احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہم ان سے ہونے والے نقصانات کو کم ضرور کر سکتے ہیں.سیلابی علاقوں میں دریا کے کٹاؤ کے ایشوز سامنے آ رہے ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجارہا ہے. انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں سیلابی صورتحال کنٹرول میں ہے مگر پھر بھی ہم کسی بھی قدرتی آفت سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں. انہوں نے ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کے دفتر میں بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو احمد حسن رانجھا، اسسٹنٹ کمشنر اسد چانڈیہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر نیئر عالم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے. صوبائی وزیر خالد محمو دنے کہاکہ صوبہ بھر میں ہنگامی صورتحال کے دوران استعمال ہونے والے آلات و مشینری کو محفوظ بنانے کیلئے ویئر ہاوس تعمیر کر رہے ہیں جس سے ہمارے اثاثہ جات محفوظ ہوں گے اور انہیں بروقت متاثرہ علاقوں میں پہنچانے میں بھی مدد ملے گی. اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہیں. فوری آگاہی حکمت عملی کے ذریعے ہم سب رابطے میں ہیں. ممکنہ سیلابی متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے. انہوں نے بتایاکہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسی نیشن کا 90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے. اس کے علاوہ ریسکیو کے ورکرز بھی روزانہ کی بنیاد پر ممکنہ متاثرہ علاقوں کی جانچ پڑتال بھی کرتے ہیں. بعدازاں صوبائی وزیر خالد محمود نے ریسکیو 1122کے سنٹرل سٹیشن چوک چورہٹہ کا دورہ کیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے آلات،مشینری، کشتیوں، جنریٹرز، فلڈ لائٹس کابھی معائنہ کیا.

ڈیرہ غازیخان) ): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید کی زیر صدارت سنٹر آف ایکسی لینس کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،اراکین پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ واجد،ڈاکٹر کشور ناہید،بیرسٹر عباس علی نصوحہ،پرنسپلز حافظ راشد سعید رانا،شبانہ آفرین کے علاوہ وائس پرنسپل عباس مہدی نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر و کنوینئر ذیشان جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر آف ایکسی لینس تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

بورڈ آف گورنرز کے ممبران میں رابطوں کو منظم بنایا جائے،ادارے کی اتھارٹی اور بورڈ آف گورنرز کے اختیارات وضع کیے جائیں، پالیسی،رولز، اکیڈمک اور نان اکیڈمک سٹاف کی بھرتی میں ابہام کو دور کیا جائے،انہوں نے کہا کہ وہی معاملات بورڈ آف گورنرز کے سامنے لائے جائیں جن کی منظوری درکار ہو،قوانین کے مطابق باہمی مشاورت سے قوانین کے مطابق ایجنڈا تیار کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ سنٹر آف ایکسی لینس کے معاملات میں بہتری کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلہ میں جلد اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

 

ڈیرہ غازیخان) ):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید محکمہ سکول ایجوکیشن میں انقلابی اقدامات کے لئے سرگرم،تعلیمی افسران کو سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے،کرپٹ ملازمین کے تبادلے کرنے، تدریسی معاملات،انرولمنٹ بہتر کرنے،گھوسٹ سٹاف،کالی بھیڑوں کا پتہ چلانے،چیکنگ کا ہفتہ وار شیڈول جاری کرنے اور اس کی رپورٹس ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرانے کا الٹی میٹم دے دیا۔ انہوں نے ایجوکیشن افسران کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایات جاری کر دیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،سی ای او ایجوکیشن عبد الوحید قیصرانی،ضلع بھر کے ڈسٹرکٹ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی صورتحال دیکھ کر انہیں دکھ ہوتا ہے،کسی جگہ اساتذہ ہیں تو طالب علم نہیں،اگر طلباء ہیں تو اساتذہ نہیں ہیں،اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران انہیں چیک تک نہیں کرتے،حکومتی وسائل کا استعمال درست نہیں کیا جاتا۔ذیشان جاوید نے کہا کہ تمام افسران اپنے وزٹس کا ویکلی پلان بنائیں، سرپرائز وزٹس ختم کردیں،چھاپوں کی باقاعدہ اطلاع دیں،حاضر سٹاف کو حکومتی احکامات کی پابندی پر قائل کریں، ایک مہینہ کسی کو سزا نہ دیں،اگر پھر بھی معاملات درست نہ ہوں تو ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے،ضلعی انتظامیہ ان کے خلاف سخت ایکشن لے گی، انہوں نے کہا کہ لوگ تعلیمی افسران کے دفاتر آنے سے ڈرتے ہیں،دفاتر تھانہ سے کم نہیں ہیں کیوں کہ یہاں بغیر پیسوں کے کوئی کام نہیں ہوتا،افسران چھوٹے سٹاف کے ذریعے معلومات لیں،کرپٹ عملہ کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کی اجارہ داری ختم کی جائے،تین سال عرصہ سے زائد تعنیات عملہ کو تبدیل کر دیا جائے،زیر التواء کیسز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے. انہوں نے کہا کہ سو فیصد معاملات بہتر بنانے کیلئے اپنے دفتر سے کوشش کی جائے،کرپٹ عناصر کے بہکاوے کو چھوڑ کر اپنے ضمیر کو مطمئن کیا جائے،ہر افسر اپنے دائرہ کار میں تبدیلی ضرور لائے،وہ دن ضرور آئے گا جب ہم کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن عبد الوحید قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر کو اپنی اور اپنی ٹیم کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈیرہ غازیخان) ):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان،وہوا اور سخی سرور ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت اربوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے،ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکج کے 101، وہوا ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 16 اور سخی سرور ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت تین منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔یہ بات کمشنر سارہ اسلم کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔کمشنر کو بتایا گیا کہ پیکجز کے تحت پراونشل ہائی ویز،پبلک ہیلتھ،سپورٹس،
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی،بلڈنگز،لوکل گورنمنٹ اور انہار محکموں کی زیر نگرانی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔کمشنر سارہ اسلم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں میٹریل کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس سلسلہ میں کوتاہی نہ برتی جائے،افسران موقع پر جاکر مطلوبہ خام مال کو چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ منصوبہ جات مقررہ مدت میں مکمل ہوں تاکہ لوگ ان سے جلد مستفید ہو سکیں۔

ڈیرہ غازیخان) ):ملک بھر کی طرح ضلع ڈیرہ غازی خان میں بھی خسرہ مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،خسرہ مہم 15 تا27 نومبر تک بارہ روز جاری رہے گی۔اس سلسلہ میں ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرمحمد اسد چانڈیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے زیر اہتمام 9ماہ سے لے کر15 سال کے بچے،بچیوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے جس کے لئے سروس ڈلیوری سٹریٹیجی تیار کر لی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی کل آبادی کی39فیصدکو یہ ٹیکے لگائے جائیں گے،کوشش کی جائے گی کہ کوئی بچہ ٹیکہ لگوانے سے نہ رہ جائے،اس بارے میں مائیکرو پلاننگ مکمل کی جائے،محکمہ ایجوکیشن اس سلسلہ میں ہیلتھ حکام سے خصوصی تعاون کرے۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر سعید احمد نے مہم کے سلسلہ میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

ڈیرہ غازیخان) ):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کے لیے تونسہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف انجینئر جنوبی پنجاب خواجہ محمد عرفان،ایگزیکٹو انجینئر محمد خرم اور محکمہ کے دیگر افسران ہمراہ تھے۔انہوں نے تونسہ میں جاری مختلف ترقیاتی
سکیموں کاجائزہ لیا.اس دوران قصبہ ڈونہ میں سلج کیرئیر و ڈرین کی تعمیر میں ہونے والے غیر معیاری کام پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر سب انجینئر محمد خالد کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے انہوں نے چیف انجینئر جنوبی پنجاب کو اس سکیم کی جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کے وژن کے مطابق کام کیا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈویژن لوکل گورنمنٹ ڈیرہ غازی خان کے افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی کاموں کا معائنہ باقاعدگی سے کریں اس بارے میں کوئی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈیرہ غازیخان۔
آئی جی پنجاب انعام غنی کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے ”اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیلز“ قائم کر دیا گیا”

اسی طرح تھانہ شاہصدر دین میں تسلیم بی بی کی طرف سے درخواست دینے پر اس کے شوہر اعجاز حسین پر مقدمہ نمبر 223/21 درج کر کے کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مدعیہ تسلیم بی بی نے پولیس کو درخواست دی کہ اس کا شوہر اعجاز اس پر تشدد کرتا ہے۔

ڈی پی او عمر سعید ملک نے مدعیہ تسلیم بی بی کی مدعیت میں اس کے شوہر اعجاز احمد پر مقدمہ درج کرنے کے احکامات دئے۔

جس پر تھانہ شاہصدر دین میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تشدد کرنے والے شوہر اعجاز کو گرفتار کر لیا۔

پولیس تھانہ شاہصدر دین مزید قانونی کاروائی عمل میں لا رہی ہے۔

ڈی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیلز“ خواتین کے ساتھ پیش آنے والے جرائم کی روک تھام اورمقدمات کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنایا جائے گا۔

”اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیلز“میں لیڈی پولیس اہلکار وکٹم سپورٹ آفیسرز کے فرائض سر انجام دیں گی۔

ڈیرہ غازیخان) ): خاتون کمشنرڈیرہ غازیخان نے پہلی بار قبائلی علاقوں کا دورہ کیا. سارہ اسلم پہلی خاتون کمشنر ہیں جنہوں نے پہاڑوں کے دامن میں جاکر علاقائی صورتحال کا جائزہ لیاکمشنر نے ایکسیئن پبلک ہیلتھ ندیم گجر کو بارتھی میں سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں سست روی اور ٹف ٹائلز کے ناقص معیار پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے واٹر سپلائی سکیم بارتھی کی پائپ لائن پھٹنے پر انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے. 60 بیڈ کی حامل بارتھی ہسپتال کی مین عمارت 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے محکمہ صحت کو بارتھی ہسپتال کیلئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتی اور مشینری کی خریداری کا عمل جلد شروع کرنے کے احکامات جاری کیے. کمشنر سارہ اسلم نے تحصیل کوہ سلیمان کا تفصیلی طوفانی دورہ کیا انہوں نے پورا دن قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبے مانیٹر کرتے گزارا.کمشنر سارہ اسلم نے ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں کمشنر نے بارتھی اور دیگر علاقوں کے ترقیاتی منصوبے چیک کئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدیل، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اکرام ملک،اسسٹنٹ کمشنر تونسہ محمد اسد علی بدھ،ایس ای پراونشل ہائی ویز شیخ اعجاز،ایکسئین پبلک ہیلتھ محمد ندیم،ایس ای لوکل گورنمنٹ خرم خان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن،پی ایم یو کے محمد مدنی اور دیگر افسران بھی کمشنر کے ہمراہ تھے. کمشنر سارہ اسلم نے روڈز،بلڈنگز،پل اور دیگر ترقیاتی سکیمیں چیک کیں انہوں نے پنجاب کو بلوچستان صوبہ سے ملانے والی 122 کلومیٹر طویل روڈ کی توسیع اور بحالی کے منصوبہ کا معائنہ کیا. کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چوکی والا این 55 سے چھپر بلوچستان این 70 روڈ کی توسیع اور بحالی پر آٹھ ارب 92 کروڑ روپے خرچ ہوں گے زین،بارتھی اور کھرڑ بزدار کے راستے روڈ کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے پہلے مرحلے میں 105 کلومیٹر کی کشادگی تیزی سے جاری ہے کمشنر سارہ اسلم کو بین الصوبائی روڈ کی تعمیر کے منصوبہ کی افادیت کے بارے میں بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ روڈ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،روڈ کی تعمیر کا منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا،کمشنر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں پر مشینری اور افرادی قوت بڑھائی جائے اور
منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے دن رات شفٹوں میں کام کرایا جائے.کمشنر نے بارتھی پل کا بھی معائنہ کیاانہیں بتایاگیا کہ رود کوہی سنگھڑ پر 1125 فٹ پل کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے. کمشنر نے پل کی رابطہ روڈ کی فنشنگ کوالٹی بہتر کرکے لین مارکنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں.کمشنر سارہ اسلم نے آر ایچ سی بارتھی کا بھی دورہ کیا. انہوں نے بتایاکہ دیہی مرکز صحت بارتھی کو تحصیل طرز پر اپ گریڈ کیا جائیگاایم ایس اور میڈیکل سٹاف کی رہائش گاہوں کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے انہوں نے کہاکہ ہسپتال کی مین عمارت مکمل کرکے محکمہ صحت کے حوالے کردی جائے آر ایچ سی بارتھی کی اپ گریڈیشن پر 27 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہوں گے
کمشنر سارہ اسلم نے ہسپتال کے کمرے کھلوا کر تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے مٹیریل کا جائزہ لیاانہوں نے آر ایچ سی کے
مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیاانہوں نے ہسپتال میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر،میڈیکل سٹور اور میڈیکل ایمرجنسی کا بھی معائنہ کیا
کمشنر نے ادویات کی مدت معیاد،کولڈ چین اور طبی آلات چیک کئے انہوں نے کہاکہ سرجری آلات مکمل صاف اور سٹیرائزڈ کرکے استعمال میں لائے جائیں. کمشنر نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور لواحقین سے ملاقات،مسائل دریافت کئے. سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ آر ایچ سی بارتھی کو سولر پینل پر منتقل کیا گیا ہے ہسپتال کی پرانی عمارت منہدم کرائی جائے گی،
کمشنرنے ہسپتال کی حدود میں قائم لنگر خانہ اور بنک آف پنجاب کے اے ٹی ایم بوتھ کا بھی معائنہ کیا. کمشنر ڈی جی خان نے تعمیراتی منصوبوں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی. کمشنر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں وقت گزاریں،کمشنر نے ریسکیو 1122 ایمرجنسی سٹیشن کا بھی دورہ کیااورریسکیو سٹیشن کی ایمبولینس اور طبی آلات بھی چیک کئے کمشنر نے ریسکیو 1122 کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایااورملک کو سرسبز و شاداب بنانے اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی. کمشنرنے بی ایم پی تھانہ بارتھی کا بھی اچانک دورہ کیا اور
نئی تعمیر ہونے والی تھانہ کی عمارت کا جائزہ لیا.کمشنر نے تھانہ کی عمارت میں قائم نادرا سنٹر،اراضی ریکارڈ سنٹر اور دیگر اداروں کا بھی معائنہ کیاکمشنر نے دیہی مرکز محال اور نادرا سنٹر میں موجود عملہ اور عوام سے معلومات حاصل کیں کمشنر سارہ اسلم نے ریسٹ ہاؤس اور ٹورسٹ ریزارٹ بارتھی کا بھی معائنہ کیا. کمشنر کو بتایاگیا کہ کوہ سلیمان رینج میں پانچ ٹورسٹ ریزارٹ قائم کرکے محکمہ ٹورازم کے حوالے کردئیے گئے،کمشنر نے پارک ویز کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا تحصیل کوہ سلیمان میں سیاحت کے فروغ کے منصوبوں پر 15 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں کمشنر نے ٹورسٹ ریزارٹ اور بارتھی میں سولر لائٹس کی تنصیب کا منصوبہ مکمل کرنے کی حتمی تاریخ دے دی انہیں بتایاگیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ نے ٹورسٹ اور بارتھی میں 150 سولر لائٹس کی تنصیب شروع کردی گئی ہے. کمشنر نے قبائلی عمائدین سے مسائل دریافت کرنے کے ساتھ سہولیات کے بارے میں بھی استفسار کیا. کمشنرنے بارتھی میں کثیر المقاصد سپورٹس سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس بارتھی کے تعمیراتی میٹریل کا جائزہ لیا. کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلی کی طرف سے بارتھی کے عوام کیلئے نادرا سنٹر اور اے ٹی ایم بہت بڑی سہولت ہے. انہو ں نے کہاکہ حکومت نے پل تعمیر کرکے قبائلی عمائدین کا دیرینہ مطالبہ کردیا ہے انہوں نے کہاکہ سنگھڑ رود کوہی پر طویل پل کو آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے اورپل کی تعمیر سے اب لوگوں کو بارش کے وقت کئی کئی گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑے گا.پل کی تکمیل سے بارتھی اور مضافاتی آبادی کے لوگ خوشی سے نہال قبائلی عمائدین نے پل اور رابطہ سڑک کی توسیع پر وزیر اعلی سردارعثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا. کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلی کی ہدایت پر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے تحصیل کوہ سلیمان کے مکینوں کو بھی شہر کے مساوی سہولیات فراہم کریں گے تحصیل کوہ سلیمان میں پارک ویز اور ٹورسٹ ریزارٹ کی تکمیل سے معاشی انقلاب آئے گاکمشنر سارہ اسلم نے قبرستان بارتھی کی چاردیواری منصوبے کا بھی جائزہ لیا
قبرستان میں چاردیواری کی تعمیر پر چھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے کمشنر نے کہاکہ مبارکی،بارتھی،یک بائی،گلکی،مٹ چانڈیہ اور دیگر تفریحی مقامات تک سیاحوں کی آمد سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے. سارہ اسلم نے کہاکہ قبائلی علاقہ میں امن و امان اور مہمان نوازی دیکھ کر خوشی ہوئی انہوں نے کہاکہ قبائلی اپنے علاقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں ناقص مٹیریل کے استعمال اور دیگر خامی نظر آنے پر بروقت اطلاع دی جائے قبائلی علاقوں میں پہاڑ کاٹ کر راستے بنائے جارہے ہیں سڑکوں اور جیب ایبل ٹریکس کی تعمیر سے آبادیوں کو ملایا گیا ہے،بین الصوبائی روڈز کی تعمیر سے پنجاب اور بلوچستان کا فاصلہ کم ہو جائے گاحکومت کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم اور اجتماعی مسائل حل کئے جائیں عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاکمشنر نے کہاکہ کام نہ کرنے والے افسران فارغ کر دیئے جائیں گے.

About The Author