دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

حبس زدہ معاشرے کی سیاست||ملک سراج احمد

اگر سلیکشن ہی کرانا مقصود تھی تو ووٹ کو عزت دینے کا فلسفہ کیوں بیان کیا گیا بس سیدھے سیدھے لائن میں لگ جانا تھا۔کبھی نا کبھی تو باری آ ہی جانی تھی

ملک سراج احمد

 

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔
اس حبس زدہ معاشرے میں جہاں معصوم زینب سے لے کر موٹر وئے پر سفر کرتی خواتین جنسی درندگی کا نشانہ بن گئیں اور دینی و دنیاوی تعلیمی اداروں میں مستقبل کے معمار اساتذہ اور ملاوں کی جنسی ہوس کا نشانہ بن گئے۔کتنی ہی مجبور عورتوں نے پیٹ کا جہنم بھرنے کی خاطر اپنی عصمتوں کا سودا کرلیا۔ایسے ملک کے زرائع ابلاغ کو اس سب کچھ کے باوجود اگر کچھ نظر آیا تو حریم شاہ کی شادی کا اعلان ۔مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل کے حل کی بجائے حریم شاہ کے ممکنہ دولہا کی تلاش شروع کردی گئی۔اس کیفیت کو معروف شاعر شاکر شجاع آبادی نے خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے کہ ساڈی دھاڑ سنڑی نہ کہیں شاکر ،، اوندی ہنجھ نکھتی ہُل ہُل پئے گی۔
ہُل ہُل تو قومی اسمبلی میں اس وقت بھی پڑگئی جب بلاول بھٹو زرداری نے دوران تقریر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ان کے ماضی میں لگائے گئے جئیے بھٹو کے نعرے یاد کرادئیے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جس اسپیکر کو دیکھ کر قریشی کو عہد رفتہ یاد کرارہے تھے وہ اسپیکر قومی اسمبلی بھی پہلے جماعت اسلامی سے سیاسی وابستگی رکھتے تھے بعد ازاں سوئے ہوئے ضمیر کے جاگنے پرتحریک انصاف کا حصہ بن گئے۔تبدیلی سرکار کے بھان متی کے جوڑے ہوئے کنبے میں کہیں کی اینٹ اور کہیں کے روڑے کا استعمال کیا گیا ہے اب بلاول کس کس کوان کے سیاسی قبلے یاد کراتے رہیں گے
یاد تو پی ڈی ایم کو اس کا بیانیہ بھی کرانا ہے جو بظاہر سوات کے جلسہ میں کہیں نظر نہیں آیا۔سوات کے ٹھنڈے موسم میں جہاں بارش نے سردی میں اضافہ کیا وہاں پر شہباز شریف کے ٹھنڈے بیانیے نے بھی سامعین کو یخ بستہ کیئے رکھا۔مریم نواز شریف کے بغیر ماحول پھیکا پھیکا سا رہا ن لیگ کے قائد کی ہومیوپیتھک تقریر نے عوام کو کتنا متاثر کیا یہ تو سوات کی عوام ہی بتا سکتی ہے تاہم پی ڈی ایم کا جو ابتدائی بیانیہ تھا وہ بہرحال کہیں کھو گیا ہے ۔قائدین کی تقریروں سے زیادہ گھن گرج تو موسم کی تھی لگتا یہی ہے کہ پی ڈی ایم سابقہ بیانیہ دہرانا نہیں چاہتی مطلب یہ کہ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا۔
گھن گرج تو پارلیمانی کمیٹی براے قومی سلامتی کے اجلاس میں بھی کہیں سنائی نہیں دی ۔میڈیا زرائع کے مطابق بلاول بھٹو ، شہباز شریف ، شاہ محمود قریشی اور مشاہد حسین سید نے آرمی چیف سے افغان صورتحال پر سوالات کیئے جن کے تسلی بخش جواب دئیے گئے ۔کھانے کی میز پر سپہ سالار مرکز نگاہ رہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی ایم کے علی وزیر کو معاف کردیں تو آرمی چیف نے کہا کہ فوج پر تنقید برداشت نہیں کریں گے اس لیئے علی وزیر کو بھی معافی مانگنا ہوگی۔ ایک موقع پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ اپوزیشن اور خاص طورپر ن لیگ پر ہاتھ ہولا رکھیں تو آرمی چیف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری بھی ساتھ ہی کھڑے ہیں آپ کے۔
میڈیا کے مطابق بڑے بھائی جان جس شخصیت کو ہدف تنقید بناتے ہیں چھوٹے بھائی جان بوتل پکڑے اسی شخصیت کے سامنے کھڑے رہے یہی نہیں بلکہ ووٹ کو عزت دو کے فلک شگاف نعرے لگانے والے رانا ثنا اللہ ، خواجہ سعد رفیق اور مریم اورنگزیب بھی چہروں پر مسکراہٹ سجائے وہیں اکٹھے ہوگئے۔ویسے جب میاں نوازشریف نے جب اس محفل کا حال سنا ہوگا تو اس وقت خود کو کس قدر تنہا محسوس کیا ہوگا۔اور تو اور مریم نواز بھی کم وبیش یہی کیفیت ہوگی۔
ہماری سیاست کا یہی سب سے بڑا المیہ ہے کہ ہمیں یہاں کچھ بھی خالص نہیں ملا۔اس ملک پر جب بھی فوج نے اقتدار سنبھالا تو ہر فوجی حکمران نے پہلے پہل تو شاندار تقاریر کرکے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرلیا مگر وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ہر فوجی حاکم نے آمریت کو چھوڑتے ہوئے جمہوری شخصیت بننے کی کوشش کی اور اسی طرح ہر جمہوری دور کے حاکم نے وقت ملنے پر آمر بننے کی کوشش کی اور نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بھی کامیاب نہیں ہوسکا۔
پاکستان کی سیاسی قیادت کا یہ بھی تو المیہ ہے کہ یہ ایک ہی ساس کی بہووں کی طرح سارا دن ایکدوسرے سے ساس کے گلے کرتی ہیں اور شام کو اسی ساس کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں ۔نظریاتی بنیادوں پر پارٹی کی بنیادوں کو استوارکرنے کی دعویدار سیاسی قیادت اپنے انقلابی نعروں سے جہاں عوام میں انقلاب کی نئی روح پھونک رہی ہوتی ہیں عین اسی وقت درپردہ اقتدار میں باری لینے کی تگ ودو بھی کررہی ہوتی ہیں۔عوام سمجھ رہی ہوتی ہے کہ انقلاب آرہا ہے اور انقلاب آبھی جاتا ہے مگر صرف اُن کی زندگیوں میں جنہوں نے اقتدار میں آنا ہوتا ہے اور عوام کے حالات جوں کے توں رہتے ہیں ۔
یہی وجہ ہے کہ آج گئی اور کل گئی حکومت کی پیش گوئیاں کرنے والوں کی موجودگی میں بجٹ بھی پاس ہوگیا اوراپوزیشن کے جلسے جلوس بھی جاری ہیں ۔افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پریشان کن بھی ہے اور خانہ جنگی کی وجہ سے مایوس کن بھی ۔لہذا ملک کسی بھی قسم کے داخلی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اسی بنیاد پر حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع بھی مل جائے گا۔مگر ان نالائقیوں کا کیا کیا جائے جن کی بنیاد پر عام آدمی کی حالت دگرگوں ہوگئی ہے ۔ٹیکسز کی بھرمار اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف جن کو آواز اٹھانی چاہیے تھی وہ کھانے کی میز پر بڑے مودب اور مہذب انداز میں کھانا کھاتے ہوئے جان کی امان کے منتظر نظر آتے ہیں ۔اگر آخری عمل یہی تھا تو اس قدر شور کیوں مچایا گیا۔اگر باری ہی لینی تھی تو انقلابی نعرے کیوں لگائے گئے ۔اگر سلیکشن ہی کرانا مقصود تھی تو ووٹ کو عزت دینے کا فلسفہ کیوں بیان کیا گیا بس سیدھے سیدھے لائن میں لگ جانا تھا۔کبھی نا کبھی تو باری آ ہی جانی تھی ۔

براے رابطہ 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

About The Author