نومبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ، فی کلو قیمت چار سو روپے سے بھی تجاوز

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے اور گوشت کی فی کلو قیمت چار سو روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے جس کی وجہ سے مرغی کا گوشت غریب اور متوسط طبقے کی قوت خرید سے باہر ہو گیا ہے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے باعث پولٹری فارم مالکان کی چاندی ہوگئی ہے جبکہ برائلر مرغی کے گوشت میں زبردست اضافے کے باعث بڑے جانوروں کے گوشت (میٹ) کی طلب بڑھ گئی ہے تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردنواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور فی کلو گوشت کی قیمت چار سو روپے سے بڑھ گئی ہے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بھاری اضافے کے باعث پولٹری فارم مالکان کی چاندی ہو گئی ہے اور مسلسل خسارے کے شکار چھوٹے پولٹری فارمرز برائلر گوشت کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر خوش دکھائی دے رہے ہیں تاہم ماہ رمضان کے دوران اس زبردست اضافے کے باعث متوسط اور لوئر کلاس طبقے کے افراد پریشان ہو گئے ہیں کیونکہ مرغی کا گوشت ان کی قوت خرید سے باہر ہو گیا ہے مرغی کے گوشت میں اضافے کے باعث متوسط اور غریب طبقے میں بڑے گوشت کا استعمال بڑھ گیا ہے برائلر مرغی کے گوشت میں ہونے والے اس اضافے کے باعث ہوٹلوں پر بھی مرغی کاسالن اور کڑاہی کئی فیصد مہنگی ہوگئی ہے جبکہ مرغی سے تیار ہونے والی دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اس حوالے سے پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ موجو دہ بڑھتے ہوئے نرخ اگرچہ ان کے لئے مالی طور پر بہت فائدہ مند ہیں مگر وہ چاہتے ہیں کہ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتیں اتنی ہونی چاہیئں کہ وہ عام اور متوسط طبقے کے افراد کی قوت خرید سے باہر نہ ہوں اور فارمرز کو بھی منافع ملتا رہے فارمرز نے کہا کہ اس ضمن میں وفاقی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور پولٹری کے حوالے سے کوئی مستقل پالیسی طے کرنا ہوگی بصورت دیگر اس طرح کے اچانک اور بھاری اتار چڑھاﺅ کے باعث نہ تو عوام اور نہ ہی پولٹری فارمرز کو کوئی فائدہ ہوگا واضح رہے کہ ماہ رمضان کی آمد سے ڈیرہ شہر سمیت دیگر علاقوں میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتیں چار سو روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہیں اور اس میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کی وجہ سے مرغی کا گوشت عام صارفین کی قوت خریدسے باہر ہوگیا ہے۔
٭٭٭
پاکستان سفر کرنے والوں کو اپنی معلومات اب ایپ پر رجسٹرر کرانا ہوں گی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) بیرون ملک سے پاکستان سفر کرنے والوں کو اپنی معلومات اب ایپ پر رجسٹرر کرانا ہوں گی،ایپلی کیشن کے ذریعے درج معلومات کے بعد ہی مسافر کو پاکستان آنے کی اجازت ہو گی، فیصلے کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کے لیے پاس ٹریک نامی ایپلی کیشن متعارف کروا دی ہے جس میں مسافر کو اپنی سفری معلومات اور صحت سے متعلق تمام معلومات آن لائن درج کروانا ہوں گی۔ایپلی کیشن کے ذریعے درج معلومات کے بعد ہی مسافر کو پاکستان آنے کی اجازت ہو گی، اس کے بغیر کسی بھی مسافر کے پاکستان میں داخلے پر پابندی ہو گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور تمام ایئرپورٹس و ایئرلائنز کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ایئرلائنز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ پاس ٹریک پر معلومات فراہم کرنے والے مسافر کو ہی سفر کی اجازت دیں گی۔اس فیصلے کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا، مقررہ تاریخ سے مسافروں کو اپنی سفری تفصیلات ایپلی کیشن میں درج کرنا ہوں گی اور شرائط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔
٭٭٭
موبائل فون چوری ہوجانے کی صورت میں آن لائن شکایت درج کروانے کی سروس شروع

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پی ٹی اے نے موبائل فون چوری ہوجانے کی صورت میں آن لائن شکایت درج کروانے کی سروس شروع کی ہے۔اس سہولت سے پی ٹی اے کو آن لائن درخواست دے کر موبائل فون بلاک کروایا جاسکتا ہے اورموبائل فون ملنے کی صورت میں آن لائن ہی اًن بلاک بھی کردیا جائے گا۔پی ٹی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موبائل فون چوری یا کھو جانے کی صورت میں ویب سائٹ پر آن لائن فارم بھریں۔اس صورت میں آپ کا فون 24 گھنٹے کے اندربلاک ہوجائے گا۔اس سہولت سے پولیس اسٹیشن جانے اور ایف آئی آر کٹوانے کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ڈائریکٹر پی ٹی اے خرم مہران نے بتایا کہ پہلے صارفین کو ہیلپ لائن پر کال کرنی پڑتی تھی یا پھر فارم بھر کر ای میل کی جاتی تھی یا پھر سی پی ایل سی کراچی کے نمبر پر کال کرتے تھے تاہم اب خودکار نظام نے یہ کام آسان کردیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ درخواست گزار جب کمپلین فائل کریں گے تو انھیں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ اس کے بعد جب سارا مرحلے مکمل ہو جائیں گے تو جو نمبر دیا ہوجائے گا اس پر تصدیقی میسج آئے گا جس میں بتایا جائے گا کہ آپ کی شکایت موصول ہوگئی ہے۔گم ہونے یا چوری شدہ فون مل جانے کی صورت میں اس آن لائن فارم پر اًن بلاک کے ااپشن پر کلک کرکے صرف 24 گھنٹے کے اندر موبائل کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جاسکے گا۔
٭٭٭
دیسی ادویات کے نام پر موذی امراض پھیلانے کا دھندہ عروج پر

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)شہر اور گردونواح میں دیسی ادویات کے نام پر موذی امراض پھیلانے کا دھندہ عروج پر ،ہربل ادویات بنانے والے حکیم بنالیبارٹری ٹیسٹ کے ادویات فروخت کرنے میں مصروف ،ناقص وغیر معیاری ادویات کے استعمال سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہونے لگے ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی خامو تماشائی ،شہری سراپا احتجاج ،ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں میں قائم دیسی دوا خانوں کے حکیموں نے جڑی بوٹیا ں کھرل کرکے ادویات تیار کرکے سادہ لوح شہریوں پر تجربے شروع کررکھے ہیں جن کے استعمال سے شہری مختلف موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں ،شہر سمیت مضافاتی علاقوں کے حکماءنے دوا خانوںکے باہر بڑے بڑے بورڈ آویزاں کررکھے ہیں اور جڑی بوٹیاں کھرل کرکے ان پڑھ سادہ لوح شہریوں کو بیماریوں میں مبتلا کرنے کا باعث بنے ہوئے ہیں ،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع بھر میں بغیر لیبارٹر ی ٹیسٹ کے دیسی جڑی بوٹیوں سے تیار ہونے والی ہر بل ادویات فروخت کرنے والے حکماء کے خلاف کاروائیاں کی جائیں تاکہ سادہ لوح شہری نیم حکیم ڈاکٹروں سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں ۔
٭٭٭
تحصیل دفتر میں کرپشن کا بازار گرم ،ٹاﺅٹوں کی موجیں ،انتظامیہ خامو ش تماشائی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)تحصیل دفتر میں کرپشن کا بازار گرم ،ٹاﺅٹوں کی موجیں ،انتظامیہ خامو ش تماشائی ،سائلین سراپا احتجاج ،سائلین کا وزیر اعلی ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ،ڈی جی اینٹی کرپشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ تحصیل دفتر میں کرپشن کا بازار گرم ہے ،انتقال رجسٹری اور دیگر امور کے لئے آنے والے سائلین کو ٹاﺅٹ گھیر لیتے ہیں ،تحصیل دفتر کے عملے کی جانب سے شہریوں کی رجسٹریوں ،انتقالات سمیت دیگر کاغذات پر مختلف اعتراضات لگا کر ٹاﺅٹوں کے حوالے کردیا جاتاہے ،اس طرح ٹاﺅٹ افسران کا حصہ اور اپنی مشقت کی اجرت طے کرکے سائلین کے کاغذات پر لگے اعتراضات ختم کروانے کی نوید سناتے ہیں ،ٹاﺅٹوں کے معیار پر پورا اترنے والے سائلین کے معاملات لمحوں کے اندر ہی حل کردیئے جاتے ہیں جبکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے سائلین تحصیل دفتر میں اپنے مسائل کے حل کے لئے چکر لگانے پر مجبور ہوتے ہیں جس پر متعلقہ افسران کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔سائلین نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا ،چیف سیکرٹری ،سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی اینٹی کرپشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
گلے کے امراض کے ساتھ ساتھ بخار کامرض بڑھنا شروع ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) موسم کے ردوبدل اورگرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گلے کے امراض کے ساتھ ساتھ بخار کامرض بڑھنا شروع ہوگیا ،ڈاکٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹھنڈا گرم کھانے یا پینے کے باعث گلے کی خرابی کے ساتھ ساتھ موسمی بخار ،اسہال وغیر ہ کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے ،ایسے مریضوں کو فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کرنا چاہیے ،انہوںنے کہا کہ بازاروں میں فروخت ہونے والے غیر معیاری مشروبات کے بے دریغ استعمال کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کا ناقص وغیر معیاری بازی کھانا کھانے سے بھی شہری امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،شہر میں گرمی کی شدت میں رفتہ رفتہ اضافہ ہورہا ہے جبکہ شہری گھروں میں کھانا کھانے کی بجائے ہوٹلوں پر تیار ہونے والی مرغن غذاﺅں کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلتی ہیں ،انہوںنے کہا کہ سادہ غذا سبزیاں ،دہی ،لسی اور ابلے ہوئے صاف پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے ،بچوں کو پانی ابال کر استعمال کروایا جائے ،پھل دھوکر کھائے جائیں ،بچوں کو دھوپ میں کھیلنے سے روکا جائے ،باریک کپڑے پہنائے جائیں ،نوزائیدہ بچوں کو گرم کپڑوں میں نہ لپیٹا جائے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ،ان کا کہنا تھا کہ زیادہ گرمی میں بڑی عمر کے لوگ چھوٹے بچے ،کمزور قوت مدافعت رکھنے والی مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کچن میں کام کرنے والی خواتین ،کھیتوں میں کام کرنے والے کسان محنت کش زیادہ متاثر ہورہے ہیں ،اس لئے انہیں چاہیے کہ خاص احتیاطی تدابیر اپنائیں اپنے سروں کو ڈھانپیں ،چھتری لیں یا سائبان قائم کرکے کام کریں پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے والدین کو چاہیے کہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور نہاتے وقت پانی میں ڈیٹول یا اینٹی سپٹک (جراثیم کش) محلول کے ایک دو قطرے شامل کرلیاکریں تاکہ مہلک جراثیموں سے محفوظ رہا جائے ۔
٭٭٭
پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے شہر کے تاجروں اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو تنگ کرکے رکھ دیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ماہ صیام کے آتے ہی پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے شہر کے تاجروں اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو تنگ کرکے رکھ دیا ،گروہوں کی شکل میں پورے شہر کو گھیرے میں لے لیا گیا ۔بھیک مانگتے وقت بیس ، پچاس اور سو روپے بھیک لینے کی ضدکرنے لگے ،نہ دینے پر شہریوں کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دینا معمول بنالیا۔بھکاری خواتین کے گروہوں نے برقعے پہن کر مسواک ،پنسلیں وغیرہ اپنے پاس رکھ کر جدید طریقے سے بھیک مانگنا شروع کردیا ۔درد ناک آوازیں نکال کر شہریوں کو اپنی طرف متوجہ کرکے مختلف حیلوں ،بہانوں سے جیبیں خالی کرنے میں مگن ہیں ۔شہریوںنے قانون نافذ کرنے والے افسروان واہلکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں سے ڈیرہ شہر کے شہریوں اور تاجروں کو آذاد کرانے کے لئے کردار ادا کریں ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ماہ صیام آتے ہی پڑوسی اضلاع سے ٹولیوں کی شکل میں بھکاری ہجرت کرکے ڈیرہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بھیک مانگنے کے لئے جتھوں کی شکل میں پہنچ رہے ہیں ۔شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بھکاریوں ی خیمہ بستیاں ختم کروانے کے احکامات جاری کریں تاکہ بھکاریوں سے شہریوں کو چھٹکارہ حاصل ہوسکے ۔
٭٭٭
کمسن بچے بھی نسوار کے نشے کی لت میںمبتلا ہونے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر وگردونواح میں نوجوانوں کے ساتھ کمسن بچے بھی نسوار کے نشے کی لت میںمبتلا ہونے لگے ۔شہر بھر میںیہ زہر نسوار کے نام سے فروخت ہورہا ہے جس سے متعدد بچے اور نوجوان موذی بیماریوں کا شکار ہوکر موت کے منہ میں جاچکے ہیں ۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نسوار کا نشہ نوجوان نسل میں تیزی سے پھیلنے لگا ہے ۔اب تو کمسن بچے بھی اس لت میں مبتلا ہونے لگے ہیں ۔نسوار سے موذی بیماریاں منہ کا کنسر وغیرہ پھیلنے سمیت معدے کی بیماریاں بھی لاحق ہوجاتی ہیں ۔نوجوان ان بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں جانے لگے ہیں ۔شہریون نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سمیت متعلقہ اعلی حکام سے کاروائی کامطالہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کمسن بچوں کو نسوار بیٹرا ،سگریٹ ،گٹکا وغیرہ فروخت کرنے والوں پر پابندی عائد کی جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تاکہ معصوم بچوں کو نشے جیسی لعنت سے محفوظ بنایا جاسکے ۔
٭٭٭
بڑے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں سہولیات کا فقدان

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ضلع کے سب سے بڑے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ،ایمرجنسی کے باہر مدد گار غائب ،ہسپتال میں سٹریچروں اور ویل چیئر ز سمیت دیگر سہولیات بھی ناپید ،متعدد وارڈز کے اے سی خراب ،مریضوں اور ان کے تیمارداروں کا براحال ،ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ورثا کا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزیر صحت سے اصلاح واحوال کا مطالبہ ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے ،متعدد وارڈ ز میں ایئر کنڈیشنز یا تو خراب پڑے ہیں یا ابھی چالو نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے ہسپتال کی وارڈز میں داخل مریضوں اور ان کے تیمار داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،مریضوں کے لواحین کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی اور آئی سی یو وارڈ میں مددگار نام کی کوئی چیز نہیں یہاں تک کہ آپریشن تھیٹر سے مریضوں کو وارڈز میں منتقل کرنے کے لئے بھی وارڈز سرونٹس موجود نہیں جس کی وجہ سے مختلف اقسام کے ٹیسٹ سی ٹی سکین ،ایکسرے وغیرہ کروانے کے لئے مریضوں کے لواحقین کی ڈیوٹیاں لگا دی جاتیں حالانکہ ڈیوٹی روسٹر میں روزانہ کی بنیاد پر وارڈز سرونٹس کی ڈیوٹیاں بھی موجود ہوتی ہیں ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ میں آنے والے مریضوں کے لواحقین نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا او رصوبائی وزیر صحت سے نوٹس لینے اور اصلاح واحوال کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ میں پوسٹ مینوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہوسکا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ میں پوسٹ مینوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہوسکا ،نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود ضلعی ہیڈکوارٹر کے اکلوتے جنرل پوسٹ آفس میں پوسٹ مینز کی تعداد میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث ڈاک کی تقسیم کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ،شہریوں کو بروقت ڈاک کی ترسیل ممکن نہیں ہوپارہی ،تفصیلات کے مطابق تیس سال قبل جب شہر کی آبادی محض چند لاکھ نفوس پر مشتمل تھی اس وقت ڈیرہ شہر کے لئے دو درجن سے زائد ڈاکیے ڈاک کی ترسیل کی خدمات سرانجام دیتے تھے ، اب شہر کی آبادی پندرہ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ،محکمہ ڈاکخانہ نے آسامیوں میں اضافہ کرنے کی بجائے نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے ،بھرتی پوسٹ مینز اپنی مدت ملازت مکمل کرکے ریٹائرڈ ہورہے ہیں جس کے باعث شہریوں کو بروقت ڈاک کی ترسیل نہیں ہوپارہی اور شہریوںنے پاکستان پوسٹ کو خیر باد کہتے ہوئے نجی کوریئر کمپنیوں کے ذریعے خط وکتاب کی ترسیل کا سلسلہ شروع کررکھاہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ آبادی کے تناسب کے حساب سے پاکستان پوسٹ خالی آسامیوں پر پوسٹ مینز کی بھرتی کے ساتھ ساتھ آسامیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہری ایک مرتبہ پھر سرکاری ادارے پر اعتمادکرتے ہوئے ڈاک کا سلسلہ شروع کرسکیں ۔
٭٭٭
منشیات فروش کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کلاچی پولیس نے ہتھالہ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران منشیات فروش کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی ،پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی پولیس نے ڈیرہ ٹانک روڈ پر علاقہ ہتھالہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران منشیات فروش ملزم امداد اللہ ولد اسحاق خان وزیر سکنہ صدا خیل شکئی وانا کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ترقیاتی کام سست روی کاشکار،شہر کا نکاسی و فراہمی آب کا کام مکمل نہ ہوسکا،

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)شہر میں ترقیاتی کام سست روی کاشکار،شہر کا نکاسی و فراہمی آب کا کام مکمل نہ ہوسکا،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار،نالیوں اور گٹروں کا پانی جمع ،علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،بالا حکام سمیت منتخب نمائندگان سے نوٹس لیکر ترقیاتی کام جلد مکمل کرانے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں ترقیاتی کام سست روی کاشکار ہوگئے ہیں ،ڈیرہ کے مختلف علاقوں سرکلر روڈو دیگر مختلف علاقوں میں جاری نکاسی و فراہمی آب کے کام کئی ماہ تک جاری رہنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکے ہیں انتظامیہ اور ٹھیکیدار کی سست روی کے نتیجے میں شہر کا نکاسی آب نظام درست نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ علاقہ مکینوں سمیت گذرنے والے شریوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہر میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر سماجی حلقوں نے کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، بلدیہ ڈیرہ ،انجینئر پبلک ہیلتھ سمیت بالا حکام منتخب نمائندگان سے نوٹس لیکر ترقیاتی کام جلد مکمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانتیں کرالیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تھانہ ٹاﺅن کی حدود کورائی میں گھریلو لڑائی جھگڑے میں ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان ایوب بلوچ اور جمشید بلوچ نے عدالت سے عبوری ضمانتیں حاصل کرلیں، پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ٹاﺅن کی حدود میں واقع علاقہ کورائی میں گھریلو لڑائی جھگڑے کے باعث فائرنگ سے محمد شعیب بلوچ اورطارق بلوچ دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے ،ایک زخمی طارق بلوچ کو ملتان ریفرکیاگیاجہاں وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا ۔ تھانہ ڈیرہ ٹاﺅن پولیس نے زخمی شعیب بلوچ کی رپورٹ پرتین ملزمان ڈاکٹریعقوب بلوچ اوراس کے بھائی ایوب بلوچ ولد ابراہیم اورجمشید بلوچ سکنائے کورائی کے خلاف 302/34PPCکے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔ ۔ دو ملزمان محمد ایوب ولد محمد ابراہیم اور جمشید ولد محمد اسلم اقوام بلوچ ساکنان کورائی نے عدالت سے عبوری ضمانتیں حاصل کرلی ہیں ،
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

٭٭٭

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاول نگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

 

About The Author