ستمبر 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مائیں دواؤں سے کہاں ٹھیک ہوتی ہیں۔۔۔ اشفاق نمیر

اس لڑکے سے کہا کہ یہ پیسے جا کر ماں کے ہاتھ پر رکھنا اور یاد رکھنا ہم شاید اپنی ماں کے لئے بڑی بڑی خوشیاں نہ خرید سکتے ہوں مگر چھوٹی چھوٹی خوشیاں تو دے ہی سکتے ہیں ناں ماں باپ کو دواؤں سے زیادہ ہماری ضرورت ہوتی ہے

اشفاق نمیر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میرے ایک ساتھی کو پہلی تنخواہ ملی تو میں نے پوچھ ہی لیا کہ ان پیسوں کا کیا کرو گے؟ وہ بولا فیس جمع کروا دوں گا اور جو بچ گئے ان سے دوستوں کے ساتھ موج مستی کروں گا میں نے اس کا کندھا تھپتھپایا اور کہا نہیں ایسا نہ کرنا وہ حیرانی سے مجھے دیکھنے لگا میں نے کہا کہ آج سے بیس سال پہلے مجھے بھی پہلی بار تین سو روپے تنخواہ ملی تھی میں گھر آیا اور امی کو بتایا کہ مجھے اتنی تنخواہ ملی ہے وہ بے دلی سے بولیں “تم رکھ لو کام آئیں گے “ اور میں نے معصومیت سے وہ روپےجیب میں ڈال لئے ابو یہ سب دیکھ رہے تھے
مجھے اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی کہ امی نے ایسے کیوں کہا شام کو والد محترم میرے سے پاس آۓ اور کہا “بیٹےجب بڑے ہو جاتے ہیں تو ماؤوں کے دل بھی بڑے اور مضبوط ہو جاتے ہیں انہیں ان پر بڑا فخر ہوتا ہے اور وہ برسوں اس دن کا انتظار کرتی ہیں کہ ان کا بیٹا کما کر لائے گا اور اپنی کمائی ان کے ہاتھ پر رکھ دے گا وہ اس تصور سے ہی فخر کے ساتھ جھومنے لگتی ہیں “ میں توجہ سے ابو کی بات سن رہا تھا وہ بولے بیٹے پیسے پہلے بھی تمہاری ضروریات کے لئے ماں ہی تمہیں دیتی ہے آئندہ بھی وہی دے گی اور نہ ہی تمہارے پیسوں سے اس نے کچھ حاصل کر لینا ہے لیکن اگر تم یہ تھوڑے سے روپے اس کے ہاتھ میں دے دو گے تو اس کا دل خوشی سے بھر جائے گا اس کا مان رہ جائے گا میں اسی وقت اٹھا اور جا کر ماں کے پیروں کی طرف بیٹھ گیا تین سو روپے جیب سے نکالے ان کے سامنے رکھے اور کہا ماں یہ تو آپ کے لئے ہی کمائے ہیں ناں آپ ہی کے تو ہیں اماں نے میرا ماتھا چوما ان پیسوں کو چوما آسمان کی طرف منہ اٹھا کر دیر تک دعائیں دیتی رہیں خوشی سے ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے یقین جانیے مجھے یوں لگا جیسے میں نے جیسے میں نے ساری دنیا کی دولت ان کے قدموں میں رکھ دی ہو
اس لڑکے سے کہا کہ یہ پیسے جا کر ماں کے ہاتھ پر رکھنا اور یاد رکھنا ہم شاید اپنی ماں کے لئے بڑی بڑی خوشیاں نہ خرید سکتے ہوں مگر چھوٹی چھوٹی خوشیاں تو دے ہی سکتے ہیں ناں ماں باپ کو دواؤں سے زیادہ ہماری ضرورت ہوتی ہے

یہ بھی پڑھیں:

جمہوریت کو آزاد کرو۔۔۔ اشفاق نمیر

چچا سام اور سامراج۔۔۔ اشفاق نمیر

 

About The Author