دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عوامی طاقت سے اسلام آباد جاکر وزیراعظم سے استعفیٰ چھین لیں گے،بلاول بھٹوزرداری

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام 11جماعتیں متحد ہیں اور ان میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہم نے طے کیا ہے کہ حکومتی رویے کےخلاف ہم ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔

لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے اب وزیراعظم نہیں بچ سکیں گے۔

پیپلزپارٹی کے کارکن دلاور بٹ کے اہلخانہ سے ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت زمینی حقائق سے واقف ہی نہیں ہے۔ حکومت لوگوں کو ایک وقت کی روٹی نہیں دے رہی ہے۔ وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تو مستعفی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں مشکل حالات میں غریب کو تنہا نہیں چھوڑا۔ فوج ،پنشنرز ،غریب اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ حکومت کسانوں، غریبوں اور سرکاری ملازمین کے لیے کیا کررہی ہے؟ ۔

بلاول نے کہا کہ ہم لانگ مارچ پر ضرور نکلیں گے،ہم غریبوں کوساتھ لیکر جائیں گے۔عوامی طاقت سے اسلام آباد جاکر وزیراعظم سے استعفیٰ چھین لیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ  سے کسی حکومتی رکن کی بات چیت نہیں ہورہی ہے۔ بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے ،اب وزیراعظم نہیں بچ سکیں گے۔ سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ جمہوری حق ہے۔

مزید پڑھیں:ڈائیلاگ کا وقت گزرچکا، اب اسلام آبادکیجانب لانگ مارچ ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

بلاول نے کہا کہ کارکنوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ ہمارے کارکنوں نے مشکل صورتحال میں ہمارا ساتھ دیا۔ کسی بھی جماعت کی مضبوطی اس کے کارکن ہوتے ہیں۔ کارکنوں کے اہل خانہ میں بھی پیپلزپارٹی سے محبت پائی جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات کا جو پروپیگنڈ ا چل رہا ہے وہ تاثرختم ہونا چاہیے۔ شہبازشریف سے میڈیا کے ذریعے تعزیت نہیں کرسکتا تھا،اس کے لیے ماحول چاہیے تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام 11جماعتیں متحد ہیں اور ان میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہم نے طے کیا ہے کہ حکومتی رویے کےخلاف ہم ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔
ہم عمران خان سے استعفیٰ لے کر رہیں گے،ہمارے نکلنے کا مقصد حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔

About The Author