نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بچوں کے ادب کی بے ادبی۔۔۔رضاعلی عابدی

میں کتابوں کی ایک دو منزلہ دکان میں گیا اور عملے کے ایک شخص سے پوچھا کہ بچوں کی کتابیں کہاں ہیں؟ اس نے کہا کہ اوپر پڑی ہیں۔میں اوپر کی منزل میں گیا تو دیکھا ،بچوں کی کتابیں فرش پر پھیلی ہوئی تھیں۔وہ رکھی ہوئی نہیں تھیں، واقعی پڑی ہوئی تھیں۔

رضاعلی عابدی 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میں کتابوں کی ایک دو منزلہ دکان میں گیا اور عملے کے ایک شخص سے پوچھا کہ بچوں کی کتابیں کہاں ہیں؟ اس نے کہا کہ اوپر پڑی ہیں۔میں اوپر کی منزل میں گیا تو دیکھا ،بچوں کی کتابیں فرش پر پھیلی ہوئی تھیں۔وہ رکھی ہوئی نہیں تھیں، واقعی پڑی ہوئی تھیں۔

کتابوں کے جس شان دار شو روم میں نو نوسو روپے کی کتاب آراستہ ہووہاں تیس پینتیس روپے کی کتاب کی قدر کون کرے گا اور کیوں کرے گا؟یہ حال ہے ہمارے مستقبل کے معماروں کے لئے تخلیق ہونے والے ادب اور کتب کا۔جن کتابوں کا نہ گاہک ہو، نہ قاری ،جن کی نہ فروخت ہو،نہ کاروبار اور نہ بڑا منافع، تو پھر نہ کوئی انہیں چھاپے گا،نہ بیچے گا اور ان کا ٹھکانا فرش پر ہی ہوگا۔

کسی اور کا دُکھا ہو یا نہ دُکھا ہو، میرا دل یوں دُکھا کہ میںنے جب ہوش سنبھالا ، یہ بات سنہ چالیس کی ہوگی،ہمارے گھر میں لاہور سے بچوں کا نہایت خوش نما رسالہ ’’پھول‘‘ آیا کرتا تھا۔بدقسمتی سے ’’پھول‘‘ کا بھی چل چلاؤ تھا۔

پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پیام تعلیم نام کا ماہنامہ نکلا۔ایسا اعلیٰ معیاری رسالہ پھر کبھی نہ نکلا۔ اس کے بعد ماہنامہ شمع کے ادارے نے اپنے بے پناہ مراسم اور وسائل کی بنا پر رسالہ کھلونا جاری کیاجو گھر گھر پڑھا گیا۔

وہ ملک کی تقسیم کی زد میں آکر اپنے خاتمے کو پہنچا لیکن پاکستان میں فیروز سنز جیسے بڑے اشاعتی ادارے نے بچوں کا بیش بہا ادب شائع کیا اور اسی دوران روزنامہ جنگ نے بے مثال رسالہ بھائی جان جاری کیا۔

وہ بھی تھک ہار کے بیٹھ رہا تب حکیم سعید مرحوم اس میدان میں اترے اور انہوں نے رسالہ نونہال ہمدرد جاری کیا جس نے اپنے اعلیٰ معیار کی وجہ سے مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا۔اسی دوران ایک ادارے نے کمال ذہانت سے کام لے کر جدید دور کی نئی نسل کو سامنے رکھ کر رسالہ سنگترہ شائع کیا۔

وہ بھی حوصلہ ہار گیا۔لاہور سے نئے زمانے کا پھول نکل رہا ہے اور کراچی سے کھلاڑی شائع ہورہا ہے اور ان کے حوصلے کو داد دینے کو جی چاہتا ہے۔کچھ پرچے اور بھی ہیں کہ جیسے بھی بنے جاری ہیں۔ کتنے ہی شان و شوکت سے نکلے اور چل بسے۔

جمہوریت کا تجربہ بھی ناکام ہو رہا ہے؟۔۔۔رضاعلی عابدی

غنیمت ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان ،کراچی جو سال کے سال دھوم مچاتی ہوئی عالمی اردو کانفرنس منعقد کرتی ہے اور جس کو اب خیر سے تیرہ برس ہوچلے ہیں، اس میں بیچ میں کہیں کچھ وقت نکال کر ’بچوں کا ادب‘ کے عنوان سے ایک اجلاس ضرور سجایا جاتا ہے۔

اس سال بھی محفل آراستہ ہوئی اور میری خوش نصیبی کہ مجھے بھی بلایا گیا۔ لیکن اُس َبلا نے کہ جس کا نام کورونا ہے، ہمارے سارے ہی کس بل نکال دئیے۔ میں جو چھ ماہ سے خود کو بچائے بیٹھا تھا، ان دشوار حالات میںاپنے اندر کراچی جانے کی ہمت نہ پا سکا اور آرٹس کونسل کے کرتا دھرتا محمد احمد شاہ صاحب سے معذرت کرلی۔

انہوں نے جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا اور میں گھر بیٹھے ’آن لائین‘ صدارت کے فرائض انجام دے سکا۔کانفرنس میں بچوں کا ادب لکھنے والی محترمہ نیّر رُباب، اردو کے سرکردہ اسکالر ڈاکٹر رؤف پاریکھ اور بچوں کی خاطر طویل عرصے تک خدمات انجا م دینے والے جناب سلیم مغل بھی شریک تھے۔

نئی نسل کے لئے ادب تخلیق کرنے کی راہ میں ساری دشواریاں گنوائی گئیں اور خاص طور پر سلیم مغل صاحب نے ماضی کے ان نام ور اور سر کردہ ادیبوں، شاعروں کو خراج ِتحسین پیش کیا جنہوں نے بچوں کے لئے بہت کام کیا لیکن جن میں سے زیادہ تر بھلا دیے گئے۔

اس سیشن میں ویسے بھی کم ہی احباب آتے ہیں ۔ اس بار ’ایس او پیز‘ کی پابندیوں کی وجہ سے شرکا کو دو دو میٹر کے فاصلے پر بٹھایا گیا۔ اس سے ہال بھرا بھرا لگا۔ لیکن مجھے پچھلے سال کا سیشن بہت یا د آیا ۔

اُس روز اجلاس کی کارروائی جاری تھی اور خاصی سنجیدہ گفتگو ہو رہی تھی کہ اچانک ہال کا دروازہ کھلا اور آٹھ دس بچے ہنستے کھل کھلاتے داخل ہوئے۔ ان کا آنا تھا کہ ساری فضا بدل گئی اور اسٹیج پر بیٹھے ہوئے عمائدین نے وہ سنجیدہ گفتگو رکھی ایک طرف اور ہم نے بچوں کی دل چسپی کی چیزیں سنانی شروع کردیں ۔

کچھ لوگ ٹیکہ لگائیں گے۔۔۔رضاعلی عابدی

اسٹیج پر محترم محمود شام بھی موجود تھے جنہوں نے کسی کو دوڑا کر باہر بُک اسٹال سے بچوں کے گیتوں کی اپنی کتاب منگوائی اور نو وارد کمسن سامعین کو گیت سنائے۔ بچوں کے آنے پر مجھے مومنؔ کا شعر یاد آیا:

مومن آیا ہے بزم میں ان کی

صحبتِ آدمی مبارک ہو

تو بات یہ ہور ہی تھی کہ کتاب ہماری زندگی سے رخصت ہورہی ہے۔ جن بچوں کے بارے میں ہمارا جی چاہتا ہے کہ وہ کتاب پڑھیں، وہ بچے اب اسمارٹ فون کے لتّی ہوگئے ہیں۔ جو بچے کبھی لوری سن کر سویا کرتے تھے وہ اب کمپیوٹرگیمز کھیلتے کھیلتے سوتے ہیں۔غضب یہ ہوا ہے کہ آج کی مائیں لوری بھول گئی ہیں۔

میں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر ’ لفظوں کا سفر‘ کے عنوان سے احباب جو مشقیں کر رہے ہیں، میں نے ان سے کہا کہ پرانی لوریاں لکھ کر بھیجیں۔ زیادہ تر کو فلمی لوریاں یاد تھیں ، بہت کم نے پرانی لوریاں لکھیں اور اُن میں بھی تبدیلیاں آ چکی تھیں۔

میں نے تجویز پیش کی کہ ہمیں ’بیڈ ٹائم اسٹوریز‘ کو رواج دینا چاہئے، یعنی بچے کو سلاتے وقت ماں کو چاہئے کہ کتاب سے پڑھ کر چھوٹی چھوٹی کہانیاں سنائے۔اس سے بچے کی ذہنی تربیت بھی ہوگی اور وہ کتاب سے روشناس ہوگا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے کہ وہ کمپیوٹر گیمز کی طرف راغب ہو اس کا کتاب سے تعارف کرادیا جائے۔

بیڈ ٹائم اسٹوریز بہت چھوٹے بچوں کے لئے لکھی جاتی ہیں اور ا س کے لئے آن لائن ورک شاپ کرائے جا سکتے ہیں۔شاید مجھ ہی کو اٹھنا پڑے گا۔ مسافر نواز بہتیرے ہیں ، مل جائیں گے۔

مولانا مجھے نہ کہا جائے۔۔۔رضاعلی عابدی

مجھے شکایت اپنے ادیبوں شاعروں سے ہے(جانتا ہوں کہ اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا)شکایت یہ ہے کہ وہ بچوں کے لئے کیوں نہیں لکھتے؟جواب اس کا یہ ہے کہ اس کام میں نہ شہرت ہے، نہ عزت ہے اور سب سے بڑھ کر نہ دولت ہے۔

ہماری نگاہوں کے سامنے ابنِ انشا، شان الحق حقی اور صوفی تبسم بچوں کے لئے کمال کی چیزیں لکھ گئے ہیں۔راجا مہدی علی خاں کی تحریریں ہمیں یاد ہیں۔ یہاں تک کہ تلوک چند محروم جیسے سینئرشاعر بھی بچوں کے لئے کافی مواد چھوڑ گئے ہیں۔آج کے شاعر اُن کی تقلید کیوں نہیں کرتے؟ شاید یہ خسارے کا سودا ہے۔

قصور کسی کا نہیں ،ہماراہی ہے کہ ابھی تک خود کو اس خواب سے نکال نہیں پائے ہیں۔

About The Author