دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وفاقی حکومت کا 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

تعلیمی اداروں میں کورونا عروج پر پہنچ گیا، ایک ہفتے میں مثبت کیسز کی شرح 82 فیصد رہی، یومیہ شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد تک پہنچ گئی، ملک بھر میں آج مثبت کیسز کی شرح 7.46 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا بچوں کو آن لائن طریقے سے تعلیم دی جائے گی، 24 دسمبر تک گھر سے تعلیم جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، دسمبر میں ہونے والے امتحانات ملتوی ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبا کو رہنے کی اجازت ہوگی، اساتذہ کو بلانے کا فیصلہ سکول انتظامیہ کرے گی۔

ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

تعلیمی اداروں میں کورونا عروج پر پہنچ گیا، ایک ہفتے میں مثبت کیسز کی شرح 82 فیصد رہی، یومیہ شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد تک پہنچ گئی، ملک بھر میں آج مثبت کیسز کی شرح 7.46 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر 11.45 فیصد کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 9.85، سندھ میں 9.63، اسلام آباد میں 8.9، بلوچستان میں 7.73، گلگت میں 5.23 اور پنجاب میں 3.95 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 14 ہزار 508، سندھ میں ایک لاکھ 63 ہزار 329، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 599، بلوچستان میں 16 ہزار 810، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542، اسلام آباد میں 27 ہزار 18 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 123 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 16 ہزار 955 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 929 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 885 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 861، سندھ میں 2 ہزار 829، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 327، اسلام آباد میں 279، بلوچستان میں 161، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 144 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

About The Author