نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پشاور: بچوں کے مدرسے میں دھماکہ7افراد جاں بحق،درجنوں زخمی

عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو ٹیم کے جائے حادثہ پر پہنچنے سے قبل کم سے کم 20 بچوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

پشاور کے علاقے دیرکالونی میں ایک دینی مدرسے میں دھماکہ ہوا ہے اور ابتدائی طور7 افراد شہید  اور100سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ 

لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ نے بھی 7 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔  زیادہ تر زخموں کی نوعیت سنگین ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہناہے کہ  متعدد زخمی جھلسے ہوئے ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دو زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کے مطابق دھماکے میں 72 افرادزخمی ہوئے اور 4 جھلسے ہوئے زخمیوں کو برن سینٹرحیات آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق 7 افراد کی عمریں 20 سے 30 سال تک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو ٹیم کے جائے حادثہ پر پہنچنے سے قبل کم سے کم 20 بچوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ زخمیوں میں چند بچوں حالت تشویشناک بھی بتائی جا رہی ہے۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق مذکورہ مدرسے میں100 سے زائد بچے زیر تعلیم تھے۔ دھماکے کی آواز کافی زوردار تھی اور اس کے بعد وہاں آگ بھی لگ گئی تھی۔

بم ناکارہ بنانے والی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ غیر متعلقہ افراد کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

مذکورہ مدرسہ مسجد سے متصل ہے اور وہاں علاقے کے بچے قران کی تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جائے حادثہ سے ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں جن کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوایا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی نوعیت فی الحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم ایک مشکوک شخص کو بھاری بیگ لے کر مدرسے میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا۔

ایس پی کینٹ پشاور کے مطابق ایک مشکوک شخص مدرسے میں صبح کے وقت بیگ چھوڑ گیا تھا اور فی الحال اس شخص کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

مشکوک شخص کی تلاش کیلئے آس پاس کے علاقوں میں ناکے لگا دیئے گئے ہیں اور سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

About The Author