دسمبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ایڈووکیٹ جنرل کسی سیاسی جماعت کا نہیں،پورے صوبے کا ہوتا ہے
سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان  کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ نوٹس کنونشن سینٹر میں وکلاء کی ایک تقریب پر شرکت کرنے پر جاری کیا گیا۔
دو رکنی بنچ کی سربراہی کرتے ہوئے ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم ریاست کے وسائل کا غلط استعمال کیوں کررہے ہیں،
سپریم کورٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے پیش نہ ہونے پر برہم ہوئی۔ جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ ‏ایڈووکیٹ جنرل کنونشن سینٹرمیں ہونے والے سیاسی اجتماع میں بیٹھے رہے ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت پیش نہیں ہوئے۔
‏سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ایڈووکیٹ جنرل کسی سیاسی جماعت کا نہیں،پورے صوبے کا ہوتا ہے،‏وزیراعظم پورے ملک کا وزیراعظم ہے یا کسی ایک پارٹی کا؟

جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہاوزیر اعظم نے پورے ملک سے ووٹ لیا وہ کسی جماعت کے نہیں پاکستان کے وزیر اعظم ہیں-سیاسی جماعت کی تقریب کے لیے سرکاری عمارت کنونشن سینٹر کا استعمال کیسے ہوا؟اسلام آباد کی انتظامیہ بتائے کہ کیا کنونشن سینٹر میں فیس ادا کی۔ گئی؟

عدالت عظمی کے جج جسٹس قاضی فائز نےاستفسار کیا وزیر اعظم کا معیار اتنا کم ہے کہ وہ خود کو کسی ایک جماعت کے ساتھ وابستہ کرے؟ کیا کوئی جج بھی کسی سیاسی جماعت کے پینل کا فنگشن جوائن کر سکتا ہے؟کیا کوئی جج بھی ایسی حرکت کر سکتا ہےاس حوالے سے قانونی معیار کیا ہے؟

انہوں نے کہا اٹارنی جنرل پنجاب اپنی پروفیشنل زمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے ایک سیاسی جماعت کی تقریب میں بیٹھا ہے۔ بادی النظر میں ایڈوکیٹ جنرل صوبے کے مفاد کے دفاع کے اہل نہیں۔ عدالت کی رہنمائی کی جائے کہ کیا وزیر اعظم ایسی تقریب میں شرکت کر سکتے تھے؟ کیا وزیر اعظم کا حلف اور قانون کی متعلقہ دفعات انھیں ایسے اقدام کی اجازت دیتی ہیں۔

جسٹس فائز نے سوال اٹھایا کہ کیا وزیر اعظم سرکاری خرچ پر پرائیویٹ تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں؟

سپریم کورٹ نے کہا عدالت کو بتایا جائے کہ کنونشن سینٹر کی بکنگ کی ادائیگی کی گئی کہ نہیں۔ بتائیں کیا وزیر اعظم نے بطور وزیر اعظم پروگرام میں شرکت کی؟

پنجاب حکومت کے  وکیل جسٹس ریٹائرڈ قاسم چوہان نے کہا ایڈوکیٹ جنرل پنجاب وکلاء کی تقریب کی وجہ سے گئے۔

جسٹس فائز نے کہا آپ بتائیں کیا وزیر اعظم اور ایڈوکیٹ جنرل ایسا کرنے کے مجاز تھے؟ آپ جواب دیں تو شائد آپ کی نوکری چلی جائے- لیکن قانون نوکری سے بالا ہونا چاہیے۔

قاسم چوہان نے کہا میری تقرری سیاسی طور پر نہیں ہوئی-میں نے تقریب میں شرکت کی نہ وڈیو دیکھی اسلیے رائے نہیں دے سکتا۔

جسٹس فائز عیسی نے کہا کیا کوئی آئینی عہدے دار ریاست کے وسائل کا غلط استعمال کر سکتا ہے؟ کیا اسلامک ریپبلک آف پاکستان میں ایسا ہوسکتا ہے؟ آپ اپنی رائے دینے سے گریزاں ہیں- قرآن میں ہے کہ گواہی دو چاہے تمھارے والدین کے۔ خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

قاسم چوہان نے کہا میں صرف پنجاب حکومت کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ وزیر اعظم بارے رائے نہیں دے سکتا-

عدالت عظمی کی طر ف سے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انچارج کنوشن سینٹر اور متعلقہ وزارتوں کو نوٹسز جاری  کردیا گیاہے۔ سپریم کورٹ نے معاملے پر بنچ تشکیل دینے کیلئے عدالتی حکم نامہ چیف جسٹس کو ارسال کردیا۔

About The Author