جون 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بلاتفریق عوامی خدمت کا نام… ریسکیو 1122 ۔۔۔ جام ایم ڈی گانگا

.یقینا1122ریسکیو خلق خدا کی بلاتفریق، بے لوث، ہروقت اور بروقت خدمت کرنے والا ایک ادارہ اور ایک دریا ہے. اللہ تعالی خدمت کے اس دریا کی روانی اور موجوں کو سلامت رکھے

جام ایم ڈی گانگا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وطن عزیز پاکستان میں اگر بے لوث، بلاتفریق، ہر وقت اور بروقت عوامی خدمت کرنے والے اداروں کی لسٹ مرتب کی جائے تو میرا خیال ہے کہ ریسکیو1122کا پہلا نمبر ہو گا. بلاشبہ یہ ادارہ خدمت کا ایک بہترین نمونہ ہے. میری دعا ہے کہ اللہ تعالی اس ادارے اور اس میں کام کرنے والوں کی اس سوچ اور کردار سلامت رکھے مزید توانا و اثر آفرینی عطا فرمائے. اپنی نوعیت کے اس منفرد منصوبے کا آغاز کرنے والوں اور اسے جاری رکھنے والوں کو بھی استقامت اور اجر نصیب فرمائے.سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے اس ویژن کو میں سلام پیش کرتا ہوں. میں اپنے قارئین کرام کے ساتھ ریسکیو1122 ضلع رحیم یار خان کی گذشتہ ماہ ایک رپورٹ شیئر کرنا چاہتا ہوں. جس سے اداروں کی خدمات اور جذبے کے علاوہ غلط کالیں کرنے والےغیر ذمہ دار اور غیر سنجیدہ لوگوں کی عادات و خصائل کا بھی پتہ چلے سکے گا کہ کس طرح ان لوگوں کی وجہ سے بلاوجہ وسائل اور وقت کے ضیاع کے علاوہ دوسری ضروری جگہوں پر خدمت کے کام میں رکاوٹ پیش آ جانے کی بدولت دیر ہو جاتی ہے.
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرعادل رحمان کی طرف سے جاری کردہ ماہ ستمبر کی رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان میں گذشتہ ماہ ریسکیو1122کو58145کالز موصول ہوئیں۔جن میں سے2224کالیں ایمرجنسی کی721انفارمیشن کی تھیں،54899کالیں غیرمتعلقہ اور301غلط کالیں کی گئیں۔ ریسکیو 1122نے523روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ ،18فائر،53لڑائی جھگڑے،5ڈوبنے،3عمارت گرنے،1337میڈیکل اور285دوسرے مشترق حادثات پرریسپانس کیا ،ان حادثات میں ریسکیو 1122نے2527مریضوں کوریسکیوکیا۔ جن میں419افرادکوموقع پر ابتدائی طبی امدادکی فراہمی،1793افرادکو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا اور99افراد کی موقع پر موت واقع ہوئی۔216سیلاب متاثرین کو سیلابی بستیوں سے ریسکیوکرکے قریبی محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ 74ایمرجنسیز روزانہ کی اوسط رہی۔
ضلع میں523ایکسیڈنٹ ہوئے جن میں639افراد زخمی ہوئے زخمی افراد میں مردوں کی تعداد520اور عورتوں کی تعداد119تھی۔ایکسیڈنٹس میں 9افراد کی موقع پر موت واقع ہوئی ۔ان حادثات میں4پیدل،633مسافراور2ڈرائیورمتاثر ہوئے۔329ایکسیڈنٹ تیز رفتاری اور194بے احتیاطی کے باعث پیش آئے۔جن گاڑیوں کاایکسیڈنٹ ہوا ان میں597موٹر سائیکلیں،52کاریں،71رکشے ،8بسیں،1ٹرک اور75دوسری گاڑیاں شامل تھیں۔زخموں کے لحاظ سے 10ہیڈ انجری،16سنگل فریکچر،3متعددفریکچر،610افرادکوخراشیں اورمعمولی چوٹیں آئیں۔
گذشتہ ماہ پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال 725مریضوں کو منتقل کیا گیا۔تحصیل رحیم یارخان میں 46،صادق آبادمیں 234،خان پور میں 270،لیاقت پور میں175اور ان میں سے 116مریضوں کو ضلع سے باہردوسرے اضلا ع کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔
محترم قارئین کرام،، ریسکیو 1122کا دائرہ کار اور نیٹ سال بہ سال اضافے کی جانب سفر کرتا دکھائی دے رہا ہے.کال کرنے سے ریسکیو گاڑیوں کو راستہ دینے تک موقع پر ٹریٹمنٹ سے ہسپتال منتقلی تک اس عظیم مشن و خدمت کےکام پر معمور سٹاف و عملے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا چاہئیے. ہمارے پازیٹو رویے ان کے کام اور خدمت کے جذبے میں مزید بہتری کا باعث ثابت ہوں گے. حادثے کا شکار ہونے والوں کے ورثاء سے بھی پہلے یہی ادارہ اور اس کے کارکنان ہی اس کے پاس پہنچتے ہیں.اس ادارے پر عوام کا اعتماد ملاحظہ فرمائیں کہ سب سے پہلا فون بھی1122کو کیا جاتا ہے. میرا تو ایمان ہے کہ ریسکیو 1122میں کام کرنے والے حضرات جنتی راستے کے مسافر ہیں.میں یہاں پر خان پور کے ریسکیورز عدیل شوکت، محمد اظہر کا ذکر کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں جنھوں نے ایکسیڈنٹ میں ہیڈ انجری کا شکار ہو کر زخمی و بے ہوش ہو جانے والے 55سالہ مریض خان محمد کے ایک لاکھ آٹھ ہزار30 روپے,کچھ اشیاء ضروریہ، موبائل فون وغیرہ اپنی تحویل میں لیے اپنے کنٹرول روم کو آگاہ کیا اور اس کے ورثاء کو فون کرکے رقم اور تمام چیزیں مریض کے بھائی اور بیٹے کو واپس کیے ہیں. ایسے ایماندار لوگوں کی سوچ اور عظمت کو سلام .ورنہ وطن عزیز میں جہاں جگہ جگہ بہت سارے جیبیں کاٹنے والے لوگ موجود ہیں وہاں ہمارے سرائیکی وسیب اور معاشرے میں اللہ کے کرم سے ایسے ایماندار لوگ بھی موجود ہیں. وہ مخیر حضرات جو بلاتفریق، بے لوث اور چپکے چپکے سے خلق خدا کی خدمت کرنے کی سوچ رکھتے ہیں انہیں چاہئیے کہ وہ اس ادارے ریسکیو 1122کو اللہ کے دیئے ہوئے رزق میں سے پیسے دیا کریں. آپ اس ادارے کو نئی ایمرجنسی ایمبولینس گاڑی خرید کر دے سکتے ہیں. یہ صدقہ جاریہ ہے.زندگی بچانے والی ضروری ادویات،ایمرجنسی کے دوران کام آنے والے آلات لے کر دے سکتے ہیں.چیک یا دیگر بینکنگ کے طریقہ کار کے ذریعے رقم بھی ادارے میں جمع کروائی جا سکتی ہے. یقینا یہ بہترین مصرف ہے.نیکی کر دریا میں پھینک والا محاورہ تو آپ سب نے سن رکھا ہوگا.یقینا1122ریسکیو خلق خدا کی بلاتفریق، بے لوث، ہروقت اور بروقت خدمت کرنے والا ایک ادارہ اور ایک دریا ہے. اللہ تعالی خدمت کے اس دریا کی روانی اور موجوں کو سلامت رکھے آمین.

%d bloggers like this: