دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے اجلاس

ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے ملتان اور بہاولپور میں پولیس کے دفاتر کے قیام اور پولیس سے متعلقہ اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام اور ورکنگ کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے ۔

اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی موجود جبکہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت ، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کی امنگوں کی تکمیل کے حوالے سے عملی اقدامات، جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کے قیام ، انتظامی اختیارات کی منتقلی اور عوام کے احساس محرومی کو ختم کرنے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کے قیام سے پی ٹی آئی حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا گیا وعدہ وفا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کو جہاں عوام میں بے پناہ پذیرائی ملی ہے وہاں اپنی شناخت کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے عوام میں امید پیدا ہوئی ہے۔ وزیرِ خارجہ نے آئندہ سال بجٹ کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے لئے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت ملازمتوں اور دیگر نوکریوں کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے عوام کےلئے کوٹے کی تجویز پیش کی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب سیکریٹیرٹ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لئے سیکریٹیریٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، اس حوالے سے پنجاب گورنمنٹ کے رولز آف بزنس میں ترمیم کی جا چکی ہے اور اب تک سولہ سیکرٹیری صاحبان کی جنوبی پنجاب میں تعیناتی کی جا چکی ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صحت ، تعلیم، پولیس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، فنانس، اور ایگری کلچر کے محکموں کو جنوبی پنجاب منتقل کیا جا چکا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا گیا کہ 15اکتوبر 2020 سے جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ باقاعدہ کام شروع کر دے گا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نئے سیکریٹیریٹ کے حوالے سے موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے جس میں ٹیکنالوجی ، ای گورننس اور پیپر لیس کلچر کو متعارف کرانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر موثر اور سہل طریقے سے حل کیے جا سکیں۔

ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے ملتان اور بہاولپور میں پولیس کے دفاتر کے قیام اور پولیس سے متعلقہ اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کے قیام کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو شناخت دینے کے حوالے سے عملی اقدمات پی ٹی آئی حکومت کی جنوبی پنجاب کے عوام سے دلی وابستگی، ان کی مشکلات کا ادراک و حل اورحکومتی منشور کو عملی جامہ پہنانے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے عوام اور ان کے مسائل کے حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ۔ وزیرِ اعظم نے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے علاقے میں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اختیارات کی منتقلی کو مرحلہ وار طریقے سے آگے بڑھایا جائے تاکہ انتظامی معاملات کو بہتر اور منظم طریقے سے چلایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے ۔ انہوں نے جنوبی پنجاب انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات واضح نظر آنے چاہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ اور اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے پیش رفت پر ان کو باقاعدگی سےآگاہ رکھا جائے۔

About The Author