ڈیرہ غازیخان
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر کنوینر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب،خطیب وامام بادشاہی مسجد و چیئرمین مجلس علماء
پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں امن قافلہ نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا
امن قافلہ میں سردار محمد خان لغاری،مولانا سید عبدالمعبود آزاد، محمد خان لغاری،مولانا مفتی مبشر احمد،مولانا عبدالوہاب روپڑی،
علامہ رشید ترابی،علامہ عباس غازی،مولانا عبدالستار نیازی،مولانا طارق،مولانا ممتاز ربانی،مفتی ندیم قمر،مولانا مسعود قاسم قاسمی،مولانا نافع،
مولانا اعظم نعیمی،مولانا آصف اکبر،مولانا عبدالطیف علی پوری،مولانا بلال نقشبندی،حافظ ممتاز حسین،صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد،مولانا اشفاق قاسمی،پیر محمد شاہ حسین،مولانا عاصم قریشی،صاحبزادہ جلیل الرحمٰن،
قاری اکرم حقانی،مولانا ابوبکر جامپوری سمیت دیگر شامل تھے.وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر علماء کے امن قافلہ نے
”پیغام امن” پہنچایا۔ضلع کونسل ہال ڈیرہ غازی خان میں اتحاد بین المسلمین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر انہار سردار محسن خان لغاری،مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی،
کمشنر ساجد ظفر ڈال،آر پی او عمران احمر،چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز طاہر فاروق،انجینئر امجد شعیب ترین،اظفر ضیاء،ذوالفقار علی کھرل، ڈی پی اوز اور تمام مکاتب فکر کے علماء،
امن کمیٹی کے اراکین شریک تھے۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ محرم الحرام حرمت،صبر وتحمل اور شہادتوں کا مہینہ ہے۔ سیدنا فاروق اعظم اور سیدنا امام حسین کی شہادتیں صبر،
ایثار،قربانی اور برداشت کا درس دیتی ہیں۔افواج پاکستان نے دشمن قوتوں کا ایجنڈا ناکام بنادیا ہے۔پاک فوج نے قربانیاں دیکر ملک کو مضبوط کیا۔
کشمیر کی آزادی کیلئے ہر قربانی دیں گے،ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی۔محرم الحرام میں علماء امن و اتحاد کو اور مضبوط کریں۔تمام خطباء،علماء اور ذاکرین محرم الحرام کے پروگرام اور مجالس میں اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کریں۔
اتحاد بین المسلمین کیلئے مثبت طرز عمل ضروری ہے۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر
لاہور سے اتحاد بین المسلمین کا گلدستہ اتحاد امت،یک جہتی،سلامتی،جذبہ ایثار و قربانی اور امن محبت کا پیغام لایا ہے
اور دین اسلام کا بھی یہی پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوس کے اوقات روٹس کی پابندی کرائی جائے۔
قواعد و ضوابط اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے۔صوبائی وزیر انہار پنجاب سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان ہم سب کا ہے،قیام امن کیلئے بھی ملکر کام کیا جائیگا۔
محرم الحرام کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرایا جائیگا۔مجالس اور جلوس کے منتظمین اوقات اور روٹ کی پاسداری کرتے ہوئے انتظامیہ کے
ساتھ تعاون کریں مشیر صحت پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ حکومت پنجاب سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن وسائل استعمال میں لائے گی۔ملک سے کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا،
محرم الحرام کے دوران بھی ماسک سمیت ایس او پیز کا خیال رکھا جائے کمشنر ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ
ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں یکم سے دسویں محرم تک 1358 جلوس اور 4641 مجالس منعقد ہوں گی
جن میں 199 جلوس اور 603 مجالس کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے چاروں اضلاع میں محرم الحرام میں قیام امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے
اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے 169 علماء،ذاکرین کے داخلے اور 98 کی زباں بندی کی گئی ہے منتظمین پابندی کے حامل علماء،ذاکرین کو مدعو نہ کرکے
حکومت کا ساتھ دیں. کمشنر نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی ہرگز برداشت نہیں ہوگی آر پی او عمران احمر نے کہا کہ
محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے پولیس فورس کو متحرک کردیا گیا ہے۔فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈویژن میں تھانہ سطح کی کمیٹیاں قائم کرکے ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔امن کمیٹی کے اراکین سے بھی قریبی رابطہ ہے.
آر پی اونے کہا کہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی توہین پر قطعاً رعایت نہیں ہوگی۔ مواد آگے شئیر کرنے والا بھی قانون کی نظر میں اتناہی گناہ گار ہے
جتنا بھیجنے والا اور گزشتہ چھ ماہ میں متعدد افراد کو ٹریس کرکے قانونی کارروائی کی گئی ہے اتحاد بین المسلمین کے اجلاس سے ڈویژن کے مقامی
علماء اور امن کمیٹی کے اراکین مولانا اقبال رشید،حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ،سید ندیم حیدر نقوی،
قاری کفایت حسین،سید گلزار عباس نقوی،مولانا عبدالصمد درخواستی،حسنین عباس کوریجہ،
قاری محمد طلحہ،محمد اسلم چانڈیہ،قاری نورالحسن،سید الطاف شاہ اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے وفد کے اراکین اور انتظامیہ کو
ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر استحکام پاکستان،ملک اور قوم کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
ڈیرہ غازیخان
غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی کے موجودہ مالی سال کیلئے ایک ارب 28 کروڑ 11 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
یونیورسٹی میں آٹھ پروفیسرز اور 40 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تقرری کی بھی توثیق کردی گئی۔
یہ فیصلے یونیورسٹی کے گزشتہ روز ہونے والے چوتھے سنڈیکیٹ اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کی
اجلاس میں وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ وائس چانسلرایگریکلچر یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر راؤ آصف علی،
چیئر پرسن بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر کشور ناہید رانا، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے
رجسٹرار بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان صہیب راشد،فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے محمد اکرام اللہ،پروفیسر ڈاکٹر حیات محمد اعوان،
ڈاکٹر عبدالقادر بزدار اورمسز شاہدہ آفتاب نے شرکت کی رجسٹراریونیورسٹی ڈاکٹر اللہ بخش گلشن نے سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے اجلاس کے آغاز میں غازی یونیورسٹی
میں ان کے دور میں ہونے والی کامیابیوں، نیو کیمپس اور سٹی کیمپس میں جاری ترقیاتی منصوبوں،
یونیورسٹی کو در پیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ہاؤس نے قلیل مدت میں یونیورسٹی کے ہر شعبے میں جامع منصوبہ بندی کے تحت ہونے والی بہتری کو سراہتے ہوئے
جنوبی پنجاب کی اس نوزائیدہ یونیورسٹی کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اجلاس میں سنڈیکیٹ کی سابقہ میٹنگ کی کارروائی کو منظور کیا گیا۔
غازی یونیورسٹی سے الحاق کے لیے طریق کار اور قوانین تشکیل دیے گئے۔یونیورسٹی ملازمت قواعد وضوابط کی سفارشات کو منظوری کے لیے
چانسلر تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یونیورسٹی میں آفیسران و ملازمین کے میڈیکل اخراجات کی سہولت کے لیے نظام وضع کیا گیا
اور ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اساتذہ کے الیکشن کے لیے طریق کار کو منظور کیا گیا۔۔
اجلاس کے اختتام پر سنڈیکیٹ کے تمام ممبران نے یونیورسٹی میں خوشنما و سایہ دار درخت لگائے۔
وطن عزیز اور غازی یونیورسٹی کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
ڈیرہ غازیخان
زرعی ادویات کی فروخت میں ناجائز منافع خوری پر مانہ احمدانی میں پیسٹی سائیڈ ڈیلر محمد حنیف کو تیس ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان مہر عابد حسین نے مارکیٹوں کے معائنہ کے دوران کارروائی کی۔
انہوں نے ڈیلرشپ سمیت ادویات کی خرید وفروخت اور دیگر ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی۔
مہر عابد حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں کا معاشی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔
زرعی ادویات میں ملاوٹ،جعلسازی،ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
ڈیرہ غازیخان
حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران انتظامات کی نگرانی اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان ا حمد خان بزدار کی معاونت کیلئے صوبائی وزراء،
مشیروں اور معاونین خصوصی کو ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں. مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی کو ڈیرہ غازیخان،
صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک کو راجن پور، مشیر زراعت عبدالحئی دستی کو مظفرگڑھ اور
معاون خصوصی وزیر اعلی سید رفاقت علی گیلانی کو ضلع لیہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں
ڈیرہ غازیخان
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہرفاروق نے ضلع ڈیرہ غازیخان میں محرم الحرام کے انتظامات اور ضلعی کنٹرول روم کو مانیٹر کرنے کیلئے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس وپلاننگ عبدالغفار کو انچارج مقرر کرتے ہوئے کنٹرول روم میں تمام محکموں کے عملہ کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں.
ضلعی کنٹرول روم 20سے 31اگست تک کام کرے گا.
ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے
ڈیرہ غازیخان
ڈسڑکٹ کمانڈر پی کیو آر شیخ محبوب اسلام اور سابق ڈسڑکٹ کمانڈر محی الدین اسلام شیخ نے کہا ہے کہ
پنجاب پولیس کے شانہ بشانہ دن رات ڈیوٹی سر انجام دینے والی فورس کرونا کی وجہ سے چھ ماہ سے بے روز گار ہوگئی ہے
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہی انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کی وجہ سے ہمارے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں
حالات فاقہ کشی تک پہنچ گئے ہیں بچوں کی سکول کی فیس بھی نہیں دے سکتے ہیں اور دکانداروں نے ہمیں ادھار دینا بھی بند کردیا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب رضا کاران نے ہمیشہ پنجاب پولیس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ملک و عوام کی خدمت میں دن رات محنت کی
ہم آئی جی پنجاب اور ڈی پی او ڈی جی خان اختر فاروق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے رضا کاروں کو خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کر کے
ملک و عوام کی خدمت کا موقع دیں۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازیخان میں سرمائی بادلوں نے جل تھل کردیاشہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیاگرمی سے مرجھائے چہرے کھل کھلا اٹھے
ڈیرہ غازیخان میں سرمائی بادلوں اور ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع بارش نے شہر اور نواحی علاقوں میں جل تھل کردیا
جبکہ طویل گرمی کے ستائے شہریوں کے مرجھائے ہوئے چہرے خوشی سے کھل کھلا اٹھے باران رحمت برسنے پر لوگ شکرانے کے نوافل ادا کرنے لگے
اور اللہ کی رحمت پر چھوٹے بڑے سبھی خوش نظر آرہے تھے
جبکہ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش اور بادلوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔
ڈیرہ غازیخان
بارڈر ملٹری پولیس تھانہ بواٹہ نے کاروائی کرتے ہوئے ٹرک کے خفیہ خانوں سے دو من سے زائد چرس برآمد کرلی
دو منشیات کے سمگلر گرفتار کرکے بین الصوبائی سمگلنگ کی کو شش ناکام بنادی بارڈر ملٹری پولیس کمانڈنٹ حمزہ سالک کی ہدایت پر
ایس ایچ او تھانہ بواٹہ نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بلوچستان سے پنجاب آنے والے ٹرک کے
خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات کی کھیپ پکڑلی بین الصوبائی منشیات فروش اسمگلر ملزم منشیات کی بھاری مقدار بلوچستان سے ٹرک کے
خفیہ خانوں میں چھپا کر پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھاملزم زوہیب سکنہ پشاور اپنے ساتھی کے ہمراہ دو من سے زائد چرس ٹرک کے
خفیہ خانوں میں چھپا کر پنجاب سمگل کرنے کے لیے لے جا رہا تھا جس کو موقع پر سے گرفتار کر لیا گیا ہے گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ڈیرہ غازیخان
ایس پی انوسٹی گیشن فراز احمد نے تفتیشی افسران میں کاسٹ آف انوسٹی گیشن کی مد میں 25 لاکھ 14ہزار 464 روپے کے چیک تقسیم کئے۔
اس دورا ن انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس ریاست کی عملی طاقت کی تصویر ہے لہذا آپ لوگ خدمت خلق کو شعا ر بناتے ہوئے دیانتداری سے کام کرتے ہوئے
معیاری تفتیش اور عام شہریوں کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انوسٹی گیشن کی مد میں چیک تقسیم کرتے ہوئے
ایس پی نے کہا کہ تفتیشی افسران میں بروقت کاسٹ آف انویسٹی گیشن کی رقم تقسیم کرنے سے ایک طرف تو تفتیشی افسران کا مورال بلند ہوتا ہے
دوسری جانب وہ دلچسپی لے کر مستقبل میں بہتر تفتیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ
ضلعی پولیس کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے تفتیشی افسران کو تفتیش کے دوران ہونے والے اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری میری ہے
اوران کو ہر کیس کی تفتیش کی مد میں رقم اد ا کی جارہی ہے تاکہ عوام پر اس کا بوجھ نہ پڑے۔ڈی پی او اختر فاروق کا کہنا تھا کہ کہ رقم کی تقسیم کی
شفافیت اور منصفانہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیشی افسران کو باءنیم چیک جاری کئے گئے ہیں۔
ڈیرہ غازیخان
دارالعرفان منارہ میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی ۔جس میں شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے تمام عہدیداران سے حلف لیا ۔ان عہدیداران میں صاحب مجازین ،
امراءسلسلہ عالیہ اس کے علاوہ تنظیم الاخوان کے صدور،جنرل سیکرٹری ،فنانس سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات شامل تھے ۔موجود ہ حالات کے پیش نظر کچھ احباب ڈویژنل سطح کے مرکز تشریف لائے
باقی تمام ذمہ داران کی حلف برداری بذریعہ آن لائن ہوئی ۔جو کہ اپنے علاقہ کے مرکز دارالعرفان میں اکٹھے ہوئے
اور انہوں نے آن لائن حضرت جی کے ساتھ اپنا حلف اُٹھایا۔یاد رہے کہ یہ ذمہ داری اگلے تین سال کے لیے ہے ۔ مرکز میں صاحب مجازین حضرات کے علاوہ کے پی کے سے کفیل گل جنرل سیکرٹری خان بشر ،عبدالماجد جنرل سیکرٹری پنجاب،امجد اعوان سیکرٹری انفارمیشن تنظیم
الاخوان پاکستان نے بھی شرکت کی ۔آخر میں حضر ت نے فرمایا کہ اپنی اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کریں۔
تا کہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔کیونکہ ایک دن آنے والا جب ہر ایک کو اپنا جواب دینا ہے ۔تو اللہ کریم سب ساتھیوں کو استقامت عطا فرمائیں۔
ڈیرہ غازیخان
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا عندیہ خوش آئند ہے
اللہ کرے کہ وہ اپنے اس موقف قائم رہیں ایسا نہ ہو کہ مغرب کے سامنے بڑے لیڈر بننے کے لیے ماضی کی طرح اپنے موقف پر یوٹرن نہ لیں،
اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا موقف تمام امت مسلمہ کا موقف ہے یہ اور بات ہے کہ مسلم حکمران ازلی طور پر امریکہ اور مغرب کے اشاروں پر ناچتے رہے ہیں اور ناچتے رہیں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے
جمعیت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام کا موقف رہا ہے کہ اچھی اور سچی بات جس طرف سے بھی ہو اس کو سرہانا اور اس کی
حمایت کرنا چاہئے لیکن کاش یہ ہوتا کہ حکومت اپوزیشن اور تمام ادارے خارجہ پالیسی خصوصاً کشمیر اور فلسطین جیسے حساس معاملات پر سر جوڑ کر بیٹھتے اور ایک مضبوط موقف کے ساتھ دنیا کے سامنے آتے
بدقسمتی سے اس تاثر کا نہ صرف فقدان رہا ہے بلکہ انائیت اور انا کے حوالے سے اپوزیشن کے مثبت رویے اور پیشکش کو بھی انتہائی بونے
انداز میں مستردکردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ایسے ہے کہ غلطیوں کے حوالے سے مقتدر ادارے یکسوں ہیں اور انہیں عوام کے احساسات، جذبات اور خواہشات کا ادراک بھی ہے
ظاہر ہے کہ ”ابے“ کی بات ”نکے“نے ہی سب سے پہلے ماننی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا دورہ سعودی عرب میں سیاسی حکمران اور اپوزیشن قیادت کے ساتھ عسکری قیادت ہوتی
لیکن شاہ محمود قریشی کی جذباتی بھڑک نے کئی ممالک کو بھڑکا دیا، انہوں نے کہا کہ بڑے میاں نواز شریف لندن میں رہ کر بھی
حکومت سے مخاصمت کا تاثر دے رہے ہیں لیکن چھوٹے میاں شہباز شریف درپردہ مفاہمت کے ٹریک پر گامزن ہیں تمام تر تضاد اور صورتحال کا ا ظہار مولانا فضل الرحمن نے میاں نواز شریف سے نصف گھنٹے کے
ٹیلیفونک رابطے میں کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ماضی سے ہٹ کر حال اورر مستقبل میں بڑے میاں نواز شریف کے احکامات کا احترام کیا جائے گا
حالانکہ اس سے قبل بیماری کی وجہ سے رہائی کے وقت ملاقات میں بھی اپنے داماد کیپٹن صفدر کے ساتھ بھیجے گئے خط کے ذریعے
اور دیگر رابطوں میں وہ یہی موقف اپناتے ہیں لیکن عملی مدان میں ان کی پارٹی کی پاکستانی قیادت کی جانب سے ان کے احکامات کی اس انداز میں پذیرائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ
اس بار ہم مکمل اطمینان کے بعد ہی متفقہ طور پر قدم بڑھانا چاہتے ہیں رہبر کمیٹی اور اے پی سی کو بلانے کا مسئلہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے رویے پر ہے
ہم توقع رکھتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنے عہدے کی ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے منصب کے ساتھ انصاف کریں گے
اور تحریک انصاف کے مقابلے میں اپوزیشن کو عملی میدان میں لے آئیں گے۔
ڈیرہ غازیخان
پولیس لاٸن شہداء ہال میں تفتیشی آفیسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ون ڈے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہو ئے انچارج PFSA محمد عمر نے بتایا کہ کسی بھی واردات کو ٹریس کرنے کے لۓ جاۓ وقوعہ پر موجود شواہد بہت ہی
اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جن کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔
دوران لیکچر انہوں نے تفتیشی آفسران کو شواہد اکٹھے کرنے کا طریقہ بتایا۔انچارج PSFA نے تفتیشی آفسیران کو بہتر انداز میں تفتیش کرنے
اور ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے متعلق لیکچر دیا
انہوں نے بتایا کہ تفتیشی آفیسران کمزور شواہد کی وجہ سے ملزموں کو
ٹریس کرنے اور انہیں سزا دلوانے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون