جون 26, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان کا 74واں یوم آزادی آج منایاجارہاہے

جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح سویرے اسلام  آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں  توپوں کی سلامی سے ہوا۔

اسلام آباد: مملکت خداد پاکستان کا 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاک سر زمین کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے گا۔

جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح سویرے اسلام  آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں  توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اسلام آباد میں اکتیس اور لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

آج دن کا آغاز ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعائیں کیں۔

مزارقائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پراعزازی گارڈکےفرائض سنبھالے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمشتاق احمد تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔

مزاراقبال پربھی گارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ جنرل آفیسرکمانڈنگ لاہور تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

جشن آزادی کو پوری شان و شوکت سے منانے کے لیے لوگوں نے محلوں، گلیوں اور فلیٹوں کو جھنڈیوں سے سجایا ہے جب کہ قومی پرچم بھی چھتوں اور گاڑیوں پہ پوری آب و تاب سے لہرا رہے ہیں۔

بچوں، بچیوں، لڑکیوں اور خواتین نے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس زیب تن کیے ہیں، بالوں میں جھنڈوں کی مناسبت سے ہیئر کلپس لگائے ہیں، ہاتھوں میں کڑے پہنے ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے سینوں پر قومی پرچموں سے مزین بیجز آویزاں کیے ہیں۔ نوجوانوں  نے ایسے فیس ماسک بھی استعمال کیے ہیں جو قومی جھنڈے کے رنگوں سے مماثلت رکھتے ہیں۔

مختلف شہروں میں نوجوانوں کی ٹولیاں موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم تھام کر مارچ کررہی ہیں۔ کراچی میں سی ویو پر نوجوان شاندار آتشبازی کا مظاہرہ دیکھ رہے ہیں جب کہ لاہور میں مینار پاکستان پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو کر جشن آزادی منا رہی ہے۔ اسلام آباد میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سری نگر ہائے وے پر مارچ کررہی ہے۔

 شب 12 بجتے ہی اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں، قصبوں، اور دیہاتوں میں لوگوں نے آتش بازی اور چراغاں کرکے 14 اگست کا شاندار استقبال کیا۔

آتش بازی اور چراغاں کے ساتھ ہی ملک کی فضائیں جیوے جیوے پاکستان اور قومی نغموں سے گونج اٹھیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے کشمیر کے بھی جھنڈے تھام رکھے ہیں اور اس کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 73 برس قبل 14 اگست کے دن ایک آزاد اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاست حاصل کی تھی۔

%d bloggers like this: