دسمبر 18, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا بھی مستعفی

انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کے لیے محنت اور ایمانداری سے کام کیا،پاکستان کے لیے کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ظفر مرزا مستعفی ہوگئے۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر عالمی ادارہ صحت کوچھوڑ کر پاکستان آیا تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کے لیے محنت اور ایمانداری سے کام کیا،پاکستان کے لیے کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے،معاون خصوصی کے کردار پر منفی تنقید کی وجہ سے مستعفی ہورہاہوں ۔ 

ظفر مرزا نے کہا کہ مطمئن ہوں کورونا کیسز میں کمی کےدوران استعفیٰ دیا۔ 

ذرائع کے مطابق ظفر مرزا نے ادویات اسکینڈل پر نام آنے کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے، جبکہ تانیہ ایدروس نے دُہری شہریت اور ڈجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن پر مسلسل سوالات کے جوابات نہ دینے پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا تانیہ ایدروس نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔

تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ میری دہری شہریت پر سوالات اٹھائے گئے، عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ مجھ پر ہونے والی تنقید ڈیجٹل پاکستان وژن پر اثر اندا ز ہورہی تھی۔

 تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ پاکستان کوجب میری ضرورت پڑے گی میں حاضرہوں گی۔عوامی مفادکے لئے استعفیٰ دے رہی ہوں۔بغیرکسی عہدہ کے کام جاری رکھوں گی۔

About The Author