نومبر 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

 بھیک کی آڑ میں لوگوں کو تنگ کرنے پر 5 بھکاری خواتین کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس کی کاروائی ،بھیک کی آڑ میں لوگوں کو تنگ کرنے پر 5 بھکاری خواتین کو گرفتارکرلیاگیا ،پولیس نے خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ۔

بھیک کی آڑ میں لوگوں کو تنگ کرنے کی عوامی شکایات پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے کامیاب کاروائی کے دوران چار بھکاری خواتین شریفہ مائی زوجہ محمد رمضان سکنہ علی پور ،زینت ماہی زوجہ محمد ہاشم سکنہ بند دھپانوالہ ،

وزیراں بی بی سکنہ کوٹلی امام حسین ،پروین بی بی زوجہ گل زمان اور نسیم بی بی زوجہ خان زمان ساکنان چہکان کو گرفتارکرلیا ہے۔پولیس نے خواتین کے خلاف بھکارن ایکٹ مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ۔ 

٭٭٭٭

 سٹی پولیس نے چھاپہ مار کر تاش پر جوئے کی محفل الٹ دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سٹی پولیس نے محلہ کڑی علیزئی میں بالا خانہ پر چھاپہ مار کر تاش پر جوئے کی محفل الٹ دی ،6 جواریوں کو موقع سے رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 60 ہزار روپے نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرلیے ،پولیس نے ملزمان کے خلاف قمار بازی ایکٹ مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود محلہ کڑی علیزئی ڈیرہ میں ثناءالرحمٰن نامی شخص کے بالا خانہ میں تاش کے ذریعے جواءکھیلنے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور موقع پر موجود ملزمان محمد خلیل سکنہ دین پور ،

انور سکنہ فتح ،اللہ نواز سکنہ نائیویلہ ،ثناءالرحمٰن سکنہ محلہ کڑی علیزئی ،ریاض ،بشیر ساکنان فقیرآباد کو موقع سے گرفتارکرلیا ،پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 60 ہزار روپے نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرکے ان کے خلاف قمار بازی ایکٹ مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭٭

 پلاٹوں کی خرید وفروخت میں فراڈ روزانہ کا معمول بن گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں قبضہ گروپ متحرک ،پلاٹوں کی خرید وفروخت میں فراڈ روزانہ کا معمول بن گیا ،اپنا گھر بنانے کے خواہشمند جمع پونجی بھی لٹوانے لگے ،جبکہ صوبائی حکومت

،محکمہ اوقاف کی ملکیت اراضی کا وجود بھی خطرات سے دوچار ہوگیا۔ضلع ڈیرہ کے شہری اور دیہی علاقوں میں متعدد ایسے گروہ سرگرم عمل ہیں جو سادہ لوح اور سرکاری اداروں سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو

اپنے جال میں پھنسا کر پلاٹوں ،کوٹھیوں ،دکانوں ،مارکیٹوں کی خریدوفروخت کا دھندہ کرنے میں ملوث ہیں اور زیادہ تر پلاٹوں کی خریدوفروخت بذریعہ اسٹام پیپرکی جارہی ہے ۔

ان کے فراڈ پر ایک ہی پلاٹ کے کئی کئی مالکان نمودار ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کے آپس میں لڑائی جھگڑے اور مقدمات کا اندراج روزانہ کا معمول بن چکا ہے ۔

دیہاتی حلقوں سے نقل مکانی کرکے شہر کا رخ کرنے والے سینکڑوں شہری نوسر بازوں کے ہاتھوں لٹ کر اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور حصول انصاف کے لئے تھانوں اور کچہریوں کے دھکے کھاتے نظر آتے ہیں ۔

پولیس متاثرین کی داد رسی کو یقینی بنانے کے لئے مقدمات کا اندراج توکرتی ہے مگر سیاسی اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے فراڈیوں کے گروہ بلاخوف وخطر گزشتہ کئی سالوں سے اپنا گھناﺅنا دھند دیدہ دلیری کے ساتھ جاری رکھے ہیں ۔

سروے کے دوران معززین علاقہ نے بتایا کہ فراڈ گینگ کی حوصلہ شکنی نہ ہونے اور جیلوں میں بند ہونے کی وجہ سے ضلع بھر میں قبضہ مافیا نے اپنی الگ بادشاہت قائم کررکھی ہے ۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فراڈیوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ اوقاف کی اراضی بھی اونے پونے داموں فروخت کرنی شروع کررکھی ہے اور سرکاری اراضی ،محکمہ مال کے پٹواریوں کے ساتھ مل کر فروخت کررہے ہیں ۔

متاثرین نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ،ڈی جی اینٹی کرپشن ،چیئر مین نیب ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں تاکہ سادہ لوح شہری لٹنے سے محفوظ رہ سکیں ۔

٭٭٭٭

 بجلی کی غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے تک جاپہنچا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے تک جاپہنچا ،علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ،کاروبارزندگی ٹھپ ہوکر رہ گیا،

بازار ویران ،عوام پریشان ،ڈیر ہ شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے جس سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور اس گرمی کے موسم میں تمام کاروبار زندگی بھی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ۔

عوامی سماجی حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیاجائے ۔

٭٭٭٭

 تیز رفتار ایمبولینس اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ ٹانک روڈ پرمرحبا کالونی کے قریب تیز رفتار ایمبولینس اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم ،موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر حدود میں ڈیرہ ٹانک روڈ مرحبا کالونی کے قریب تیز رفتار ایمبولینس بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 59سالہ وزیر احمد ولد پیر بخش اور 45سالہ محمد رمضان ولد پلے خان سکنائے جام پور موقع پر ہی دم توڑ گئے

جبکہ 55سالہ وزیر احمد ولد اللہ یار سکنہ کورائی حال چہکان شدید زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئیں ،

پولیس ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل سوار چہکان میں واقع بھٹہ خشت پر کام کرتے تھے اور تینوں مزدور موٹرسائیکل پر اپنے کام کے سلسلے میں چہکان سے قریشی موڑ جارہے تھے ۔

صدر پولیس نے زخمی شخص کی رپورٹ پر نامعلوم ایمبولینس ڈرائیور کیخلاف 279-337G-320-427ppcکے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

٭٭٭٭٭٭٭

 صدر فلور ملز ایسوسی ایشن حاجی نظام الدین(باہو فلور ملز) کی صدارت میں منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فلور ملز ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان کا اجلاس صدر فلور ملز ایسوسی ایشن حاجی نظام الدین(باہو فلور ملز) کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مغل فلور مل کے مالک فتح اللہ میانخیل،

سرحد فلور ملز کے مالک حاجی بہاﺅالدین مروت، نصیب فلور ملز کے مالک انعام اللہ خان، قادری فلور ملز ٹانک کے محمد اختر، کنڈی فلور ملز کے محمد اختر خان، سردار فلور ملز کے سمیع اللہ خان، رومی فلور ملز کے مالک عبدالرشید،

باہو فلور ملز کے مالک محمد نوید احمد، باہو فلور ملز کے منیجر شبیر حسین اور مکہ فلور ملز کی جانب سے سمیع اللہ خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اقبال اور گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ کی جانب سے

خیبر پختونخوا حکومت کو فلور ملز کے پیش کئے جانیوالے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی ہر کال پر لبیک کہنے کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں شرکاءنے پنجاب حکومت کی جانب سے وہاں کی مقامی فلور ملز کو 65اور 35کے تناسب سے گندم کی فراہمی کے اقدام پر مطالبہ کیا گیا

کہ خیبر پختونخوا میں بھی مقامی فلور ملوں کو 65اور35کے تناسب سے گندم کی فراہمی کی جائے۔ بار دانہ کی اضافی قیمت خیبر پختونخوا کی فلور ملوں سے وصول نہ کی جائے، فلور ملوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ملوں کو بجلی کی مد میں خصوصی سبسڈی دینے کا اعلان کیا جائے۔

پنجاب کے ریٹ پر خیبر پختونخوا کی مقامی فلور ملوں کو گندم کوٹہ فراہم کیا جائے اور پنجاب کے ہی مقرر کردہ ریٹ پر آٹا لیا جائے۔ اجلاس کے آخر میں مقامی فلور ملوں کے مالکان نے مطالبات کی منظوری اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے آپس میں مکمل یکجہتی کا اعلان بھی کیا۔

٭٭٭٭

لاکھوں روپے مالیت کے6 گیئر کٹ ،10 سپیڈ میٹر ،3 ہیڈ لائٹ ،14 عدد پڈل ایکسلیٹربرآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے6 گیئر کٹ ،10 سپیڈ میٹر ،3 ہیڈ لائٹ ،14 عدد پڈل ایکسلیٹر،1 گٹو نٹ،2 گٹو مختلف سپیئر پارٹس،7 بمپرز،2 کوائل،2 پاور پک سنسر،2 سٹیرنگ بکس،

12 بوری خشک دودھ، 400لیٹر ایرانی ڈیزل اور 550لیٹر ایرانی پیٹرول قبضہ پولیس لیکر کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔ایس ایچ اوکینٹ سلیم بلوچ نے بدوران ناکہ بندی ملنگ پل 12 بوری خشک دودھ اور ایس ایچ او یارک گلشیر خان نے بدوران ناکہ بندی چونڈہ چیک پوسٹ پر

6 گیئر کٹ ،10 سپیڈ میٹر ،3 ہیڈ لائٹ ،14 پڈل ایکسلیٹر،1گٹو نٹ،2 گٹو مختلف سپیئر پارٹس،7 بمپرز،2 کوئل،2 پاور پک سنسر،2 سٹیرنگ بکس قبضہ پولیس کر کے کسٹم حکام کے حوالے کیے۔

اسی طرح پروآ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران 400لیٹر ایرانی ڈیزل اور 550لیٹر ایرانی پیٹرول سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر مذکورہ سامان قبضے میں لیکر ضروری قانونی کاروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کردیا۔

٭٭٭٭

 گٹرسے گائے کو بحفاظت نکال لیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ریسکیو1122سروس خدمت خلق میں اپنی مثال آپ، ڈیرہ چشمہ روڈ ہمت اڈہ نزد آسکر پمپ گائے کے گٹر میں گرنے کی اطلاع پر ریسکیو1122ریکوری ٹیم کا بروقت ایکشن،

گٹر میں گرنے والی گائے کو انتہائی ماہرانہ انداز میں ریسکیو کر کے مالکان کے حوالے کر دیا۔ ریسکیو1122کے میڈیا کوآرڈینیٹر اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق ریسکیو1122کنٹرول روم کو

چشمہ روڈ ہمت اڈہ نزد آسکر پمپ گائے کے گٹر میں گرنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ریسکیو1122ریکوری ٹیم نے بروقت ایکشن کرتے ہوئے گٹر میں گرنے والی گائے کو انتہائی ماہرانہ انداز میں ریسکیو کر کے مالکان کے حوالے کر دیا۔

٭٭٭٭

ٹراما سنٹر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال اور مفتی محمود میموریل ہسپتال ڈیرہ میں ہینڈ واشنگ اسٹیشن قائم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ہلال احمر پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین اور ٹی ایم اے ڈیرہ کی باہمی مشاورت سے ڈیرہ اسماعیل خان شہرمیں 5عوامی مقامات سمیت ٹراما سنٹر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال اور مفتی محمود میموریل ہسپتال ڈیرہ میں ہینڈ واشنگ اسٹیشن لگائے ہیں

تاکہ عوام کو صحت اور صفائی کی سہولیات میسرہوں۔عوامی حلقوں اور ضلعی انتظامیہ نے کورونا سے بچا و¿کیلئے ہلال احمر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین نے ٹراما سنٹر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سمیت دیگر عوامی مقامات پر لگائے گئے مذکورہ ہینڈ واشنگ اسٹیشنز کلا دورہ کیااور ہلال احمر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

٭٭٭٭

مکان میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑ ک اٹھی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محلہ کڑی علیزئی سٹی ڈیرہ میں رنگساز محمد عادل کے مکان میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑ ک اٹھی جس سے گھر میں موجود تمام قیمتی سامان بجلی کی موٹر، فریج، پنکھے، کپڑے، ٹی وی، صوفہ سیٹ سمیت دیگر گھریلو اشیاءجل کر خاکستر ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے اہلخانہ محفوظ رہے۔

محمد عادل بوڑھی والدہ، بیوی اور 2معصوم بچوں کا واحد کفیل ہے اور اس کا کوئی مستقل ذریعہ معاش بھی نہیں ہے۔محمد عادل نے منتخب نمائندوں ، ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے بھرپور امداد کی اپیل کی ہے۔

٭٭٭٭

ڈیرہ شہر میں بھکاریوں کی یلغار، شہریوں کے لئے بازار میں خریداری بھی مشکل ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر میں بھکاریوں کی یلغار، شہریوں کے لئے بازار میں خریداری بھی مشکل ہوگئی، شہری شدید پریشان، شہر کے چوک چوراہے بھکاریوں کے نرغے میں، شہریوں کا ڈی پی او ڈیرہ سے کارروائی کامطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں بھکاریوں کی بھر مار نے شہریوں کا چلنا پھرنا محال کر رکھا ہے ان بھکاریوں میں نوجوان لڑکیاں اور بچے شامل ہیں جو شہر میں جگہ جگہ بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں اور اگر انہیں کوئی بھیک نہ دے تو برا بھلا کہنا انبھکاریوں کا مشغلہ بن چکا ہے۔

خوبرو نوجوان لڑکیاں بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ سادہ لوح شریف شہریوں کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔ بھکاری لڑکیاں دکانوں اور گھروں سے قیمتی اشیا بھی اٹھا کر لے جاتی ہیں۔

اس سلسلہ میں تاجر برادری اور عام شہریوں کا کہنا ہے کہ بھکاریوں نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے شہر بھر میں بھکاریوں کی اس قدر یلغار ہو چکی ہے کہ ایک بھکاری کے بعد دوسرا بھکاری آجاتا ہے۔

بھکاریوں میں زیادہ تر تعداد نوجوان لڑکیوں اور چھوٹے چھوٹے بچوں کی ہے جو بھیک مانگنے کیساتھ ساتھ چوری چکاری، غیر اخلاقی حرکات اور نوسربازی کی وارداتیں کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے،

عوامی و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی اوڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹانک اڈہ ،بنوں اڈہ ،، سرکلر روڈ، کچہری روڈ ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، جنرل بس اسٹینڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں ڈیرے ڈالے بھکاریوں کے خلاف آپریشن کیا جائے تاکہ شہری باعزت طریقے سے خریداری جاری رکھ سکیں۔

٭٭٭٭

جنرل بس اسٹینڈ میں کورونا ایس او پیز کی کھلی عام خلاف ورزی جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جنرل بس اسٹینڈ میں کورونا ایس او پیز کی کھلی عام خلاف ورزی جاری ،ایس او پیز کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اضافی کرایہ وصولی بھی جاری ،شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ ڈیرہ میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کہیں نظر نہیں آتا ،جس سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا خدشتہ بڑھ چکا ہے ،

جنرل بس اسٹینڈ پر موجود مسافروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے لئے سخت احکامات جاری کررکھے ہیں لیکن جنرل بس اسٹینڈ ڈیرہ میں جس طرح ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اس کی کہیں مثال نہیں ملتی ،

گاڑیوں میں مسافروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونسا جارہاہے نہ ہی فیس ماسک کی پابندی نظر آتی ہے اور نہ ہی کسی اسٹینڈ پر ہینڈ سینی ٹائزر موجودہیں،مسافروں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ روڈٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرائے نامے جاری کیے

،دو ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کے افسران واہلکار کرایوں میں کمی کروانے میں بھی بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں ،مسافروں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران کو بس اڈوں پر مسافرگاڑیوں کی چیکنگ کا پابند بنایا جائے

اور ایس او پیز کے مطابق مسافر گاڑیوں میں سواریوں کو بٹھانے کے ساتھ ساتھ مقررکردہ کرائے وصول کرنے کا پابند بنایا جائے ،خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مسافروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔

٭٭٭٭

ڈیرہ شہر ومضافاتی علاقے مسائل کے گرداب میں پھنس گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر ومضافاتی علاقے مسائل کے گرداب میں پھنس گئے ،منتخب عوامی نمائندے غائب ،شہری مسائل کے حل نہ ہونے کی وجہ سے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے عاجز آگئے ،

تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام نے 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں دو قومی اسمبلی کے ممبران اور پانچ صوبائی اسمبلی کے اراکین کو منتخب کرکے حکومتی ایوانوں میں بیٹھنے کا موقع فراہم کیا تاکہ ضلع کے عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہوسکے ،

ہر الیکشن کی طرح دو سال قبل بھی ضلع ڈیرہ کے غیور باغیرت عوام کو نئے سپنے دکھا کر عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے اراکین نے حلقے کے عوام سے مکمل لاتعلقی اختیار کرلی ہے ،ضلع ڈیرہ کی چاروں تحصیلوں کے عوام ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے منتخب ممبران سے سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ممبران پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں دینے ،بے گھر افراد کو گھر دینے ،اشیاءخوردونوش میں کمی کرنے اور یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف فراہم کرنے کے وعدے کرکے ووٹ حاصل کیے ،

اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے ہی منتخب ممبران نے ووٹرز سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے ،انہوںنے کہا کہ حکومت نے نوکریاں دینے کی بجائے نوکریاں چھیننے ،چھتیں فراہم کرنے کی بجائے مکان گرائے جارہے ہیں جبکہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کیا جارہاہے

جس سے ظاہر ہوتاہے کہ حکمران نالائق جبکہ ایک مخصوص مافیا نے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپاہے۔

شہریوںنے چیف جسٹس آف پاکستان ،چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیاہے کہ از خود نوٹس لیتے ہوئے مہنگائی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے ۔

٭٭٭٭

 قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق بارے میں تفصیلی مراسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) حکومت خیبر پختونخوا نے عیدالاضحٰی کے موقع پرقربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق بارے میں تفصیلی مراسلہ جاری کیاہے۔

مراسلہ میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن یا ڈسٹرکٹ پولیس سے اجازت لینی لازمی ہوگی اورصرف حکومتی اداروں کیساتھ رجسٹرڈ تنظیموں، فلاحی اداروں اور دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ رجسٹرڈ تنظیمیں وغیرہ ضابطہ اخلاق پر دستخط کریں گی اور اس پرسختی سے پابندبھی رہیں گی۔مراسلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کھالیں جمع کرنے لئے کیمپ لگانے، گاڑیوں پر لاﺅڈ سپیکر، جھنڈے لگاکر یا مساجد، مدرسوں اور دفاتر سے کسی قسم کا اعلان کرنے سمیت پوسٹر یا بینر کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضابطہ اخلاق کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ کھالیں اپنی مرضی سے دینا قربانی کرنے والوں کا بنیادی حق ہے۔انہیں یہ حق استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے اور ان پر کسی قسم کا دباﺅ نہیں ہونا چاہئے۔

لہذا گھر گھر جاکر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی انہوں نے بتایا کہ ہر محلے اور علاقے میں مساجد، مدارس اور فلاحی ادارے موجود ہیں لوگ بذات خود بھی اپنی مرضی سے جاکر کھالیں جمع کرواسکتے ہیں۔

کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں، اداروں اور مدارس کے کارکن جب کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے دوران اپنے پاس قومی شناختی کارڈ ، ادارے کا کارڈ اور کمشنر / ڈپٹی کمشنر کی طرف سے اجازت نامہ کی نقل رکھنے کی بھی ہدایات دی گئی ہے۔

مذید برآں قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اختیار ہوگا کہ وہ کھالیں ضبط کرلیں۔ اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ ہر ادارہ ، تنظیم اور مدرسہ اپنے علاقے کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو تحریری طور پر ایک مقام سے دوسرے مقام پر کھالیں منتقل کرنے کا جامع پلان پیشگی جمع کروائے گا۔

نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عیدالاضحٰی کے تینوں دن کسی قسم کا اسلحہ، ڈنڈے ، لاٹھی یا سلاخیں وغیرہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔اس پابندی کا اطلاق لائسنس یافتہ اسلحے پر بھی ہوگا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جگہ جگہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک کر چیک کریں گے اور تلاشی لیں گے لہذا تمام پارٹیاں ، تنظیمیں ، ادارے اور مدارس اپنے کارکنان کو ہدایت دیں کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان نے بتایا ہے کہ بغیر اجازت نامہ کے کھالیں جمع کرنے یا دیگر ضابطہ اخلاق کی شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے ،تنظیم اور اس کے کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کھالیں بھی ضبط ہوگی۔

جبکہ تمام کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی۔ اکرام اللہ خان نے مزیدکہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا ، کنٹرول روم کے فون نمبرز 9210036،9210300-091 ، 0946-9240226 پر رابطہ کیاجا سکتا ہے۔

٭٭٭٭

 ان فٹ رکشے بھی سڑکوں پر دوڑنا شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ان فٹ رکشے بھی سڑکوں پر دوڑنا شروع ، عید الاضحی کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کے خریداروں میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے

وہیں ایک شہر سے دوسرے شہر رات گئے تک خریداروں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں نے ان فٹ رکشے بھی سڑکوں پر دوڑانا شروع کردئیے ہیں، کم عمر ڈرائیوروں نے بغیر ڈارئیونگ لائسنس کے رکشے چلانا شروع کردئیے ہیں

ناتجربہ کار کم عمر درجنوں رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال رکھی ہیں ناتجربے کار ٹریفک قوانین سے لاعلم یہ ڈرائیور ایک تو سڑک پر رکشہ تیزرفتاری سے دوڑاتے نظر آتے ہیں تو دوسری جانب سڑک پر بغیر پیچھے دیکھے سڑک پر کسی بھی جگہ روک لیتے ہیں

اور اکثر ایک شہر سے دوسرے شہر سواری لے جاتے ہوئے رکشوں کی ریس لگانے سے بھی باز نہیں آتے اور شہر کے اندرونی گنجان اور مصروف ترین شاہراہوں اور اہم تجارتی علاقوں میں نوپارکنگ ایریا پر رکشہ کھڑا کردیتے ہیں جسکی وجہ ناصرف ٹریفک جام ہو تی ہے

بلکہ ایسے مقامات پر رکشوں کی موجودگی پیدل چلنے والوں کے لئے بھی مسائل پیداکررہی ہے اس سلسلے میں شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ ان فٹ رکشوں کی بھرمار اورکم عمر ڈرائیوروں کے گاڑیاں چلانے کا نوٹس لیا جائے اور انکے خلاف قانونی کاروائی کرکے کسی بھی شہری کو ممکنہ حادثے سے محفوظ بنایا جائے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

About The Author