دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

 ایس ڈی او پیسکو پنیالہ محمد اشرف خان کا تاریخی شاندار اعزاز ، بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ دھرتی کے سپوت ایس ڈی او پیسکو پنیالہ محمد اشرف خان کا تاریخی شاندار اعزاز ، بہترین کارکردگی کی بنیاد پرڈیرہ کی تاریخ میں پہلی بار بنوں سرکل سمیت ڈیرہ ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ،

بنوں سرکل سمیت ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں سال 2019.20 کے دوران لائن لاسیز وبجلی چوری میں کمی اور بہترین ریکوری پر ایس ڈی او پنیالہ محمد اشرف خان نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے،ایکسیئن پیسکوڈیرہ رورل ڈویژن اسدجان میانخیل نے انہیں شاندار کارکردگی پر تعریفی سند اور انعام سے نوازا۔

اس سلسلے میں پیسکو دفتر ڈیرہ میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں خطاب کے دوران ایکسیئن پیسکو نے ایس ڈی او پنیالہ محمد اشرف خان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات انتہائی قابل ستائش ہیں

جنہوںنے پچاس فیصد سٹاف کی کمی کے باوجود اپنی محنت اور لگن کے باعث ناصر ف اپنے ادارے بلکہ ڈیرہ کا بھی نام روشن کیا ہے۔

وہ انتہائی محنتی آفیسر ہونے کے علاوہ ہمارے ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں ، جنہوں نے ادارے کی ترقی اور بہتری کے لئے لائن لاسیز کے خاتمے اور نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنا کر ڈیرہ ڈویژن سمیت بنوں سرکل میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا جس پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

اس موقع پر ایس ڈی او پیسکو پنیالہ محمد اشرف خان نے کہا کہ پیسکو ہمارا اپنا ادارہ اور قومی اثاثہ ہے جس کی بہتری اورترقی کے لئے وہ ہرممکن اقدامات کرتے ہوئے اسے ایک بار پھر اپنے قدموں پر لا کھڑا کریں گے ۔

٭٭٭

 اینٹ کے وار سے باپ کو قتل کرنے کا مقدمہ ماں کی رپورٹ پربیٹے کے خلاف درج کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ کلاچی کی حدود محلہ جعفر زئی کلاچی میں بائیس روز قبل اینٹ کے وار سے باپ کو قتل کرنے کا مقدمہ ماں کی رپورٹ پربیٹے کے خلاف درج کرلیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود محلہ جعفر زئی کلاچی کے رہائشی بہرام ولد مصطفی خان نے بیٹے احسان اللہ کے خلاف اینٹ سے زخمی ہونے کی رپورٹ کی ۔

جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ ریفر کیاگیا لیکن وہ علاج معالجہ کرائے بغیر گھر چلا گیا جہاں وہ اگلے روز جاں بحق ہوگیا ،بائیس روز بعد مقتول کی بیوہ نے رپورٹ کی کہ اس کے بیٹے احسان اللہ نے باپ کو اینٹ کے وار سے زخمی کیا جس سے وہ قتل ہوگیا ہے

لہذا اس کے بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔پولیس نے باپ کو اینٹ کے وار سے قتل کرنے کے جرم میں بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

 واپڈا میں نوکری کا جھانسہ دے کر دوافراد سے لاکھوں روپے کی رقم بٹورنے پر نوسرباز کے خلاف مقدمات درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)واپڈا میں نوکری کا جھانسہ دے کر دوافراد سے لاکھوں روپے کی رقم بٹورنے اور واپسی کا تقاضہ کرنے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں نوسر باز ملزم کے خلاف دھوکہ دہی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ۔

تحصیل پروآ کے علاقہ بستی چھمب کے رہائشی نوجوان شفقت عباس ولد وزیر حسین نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ سال 2017 کے دوران نوسر باز ملزم محمد عمران ولد احمد خان بھٹنی سکنہ جنڈولہ حال انجم آباد نے دھوکہ دہی سے واپڈا میں نوکری لگانے کے بہانے میرے سے دس لاکھ آٹھ ہزاروصول کرلیے ،

نوکری نہ لگنے پر رقم کی وآپسی کا تقاضاکیا تو وہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتاہے ۔ اسی طرح ببر کچہ پروآ کے رہائشی محمد ارشد ولد ملک عنایت اللہ نے بھی تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ

سال 2017 کے دوران ملزم نے اسے بھی واپڈا میں نوکری کا جھانسہ دے کر میر ے سے تین لاکھ 23 ہزار روپے بٹورے ہیں ،پولیس نے متاثرہ دونوں افراد کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

 پولیس نے والی بال میچ پر جواءلگانے کے الزام میں ملزم کو گرفتارکرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کلاچی پولیس نے والی بال میچ پر جواءلگانے کے الزا م میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکرلیا،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود اراضی سیف الرحمن میں والی بال میچ پر جواءکھیلنے کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچ گئی اور جواءلگانے کے الزام میں وہاں موجود ملزم عالمگیر ولد خزاں سکنہ پنیالہ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قمار بازی ایکٹ مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

مسلح شخص نے بارہ بور بندوق کی فائرنگ سے مخالف کو شدید زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ کے علاقہ یارک میں اراضی کے تنازع پر مسلح شخص نے بارہ بور بندوق کی فائرنگ سے مخالف کو شدید زخمی کردیا ،زخمی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ یارک کے قریب اراضی میں مسلح ملزم رحمت اللہ ولد محمد نواز قوم چھینہ سکنہ یارک نے اراضی کے تنازع پر اپنے مخالف غازی امان اللہ ولد فضل قیوم قوم چھینہ کو بارہ بور بندوق کی فائرنگ سے شدید زخمی کردیا او رموقع سے فرارہوگیا ،

پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

مکان سے نقدی اور دیگر سامان چوری کرنے کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کینٹ پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران مکان سے نقدی اور دیگر سامان چوری کرنے کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم محمد زبیر ولد سید غلام سکنہ ملازئی حال الحمد پلازہ کو گرفتارکرلیا ،

تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود خیبر آباد کالونی میں نامعلوم چور دوپہر کے تین بجے منظور سیال نامی شخص کے مکان میں داخل ہوا اور وہاں موجود 61ہزار روپے کی نقدی، 1لیپ ٹاپ اور دو موبائل فونز چوری کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،

۔ کینٹ پولیس نے منظور سیال کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کیخلاف چوری کا مقدمہ درج کر کے دوران تفتیش چور کو تلاش کرلیا ۔پولیس نے کاروائی کے دوران ملزم کو گرفتارکرکے حوالات میں بند کردیاہے۔

٭٭٭

نامعلوم مسلح ڈاکو ظریف پمپ کے چوکیدار سے اسلحہ کی نوک پر نقدی لوٹ کر فرارہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ صدر کی حدود گرڈ روڈ پر نامعلوم مسلح ڈاکو ظریف پمپ کے چوکیدار سے اسلحہ کی نوک پر نقدی لوٹ کر فرارہوگئے ،دونامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

تھانہ صدرکی حدود گرڈ روڈ پر واقع ظریف پمپ کے چوکیدار نصیب اللہ مروت ولد نیازم خان مروت سکنہ اندر ی حال چوکیدار نظام پمپ نے پولیس کو بتایا کہ وہ گرڈ روڈ پر واقع ظرف پمپ کے مالک ظریف خان کے گھر کے قریب موجود تھا کہ

اس دوران دو نامعلوم مسلح ملزمان وہاں آئے اور اسلحہ کی نوک پر میرے سے 92 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے ،پولیس نے چوکیدار کی رپورٹ پر دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔

٭٭٭

 سولہ سالہ نوجوان صادق کو قتل ، اس کے چودہ سالہ رشتہ دار کو زخمی کرنے سمیت پانچ مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاری ملزم گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بندکورائی پولیس نے چھاپہ زنی کے دوران سولہ سالہ نوجوان صادق کو قتل جبکہ اس کے چودہ سالہ رشتہ دار شیراللہ کو زخمی کرنے سمیت پانچ مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاری ملزم دلاوہ ولد غلام شبیر قوم بلوچ سکنہ بندکورائی کو گرفتارکرلیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق رواں سال 26 مارچ کو 16سالہ محمد نوجوان صادق ولد رسول سکنہ بویا اپنے قریبی رشتہ دار 14سالہ شیر اللہ ولد اصل دین کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ تھانہ بند کورائی کی حدود علاقہ ٹوبہ کے قریب میرکلام نامی شخص کی اراضی میں تین نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی

جس کے نتیجے میں 14سالہ شیراللہ فائرنگ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ محمد صادق زخمی ہوگیا ،بند کورائی پولیس نے زخمی نوجوان صادق کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل و اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ،

زخمی نوجوان کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع انہیں ٹریس کرکے دوران چھاپہ زنی ایک مفرورملزم دلاور کو گرفتارکرلیاہے۔ 

٭٭٭

 ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں حلال فوڈ اتھارٹی،پولیس،سپیشل برانچ،انڈسٹری ڈیوپلمنٹ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی واصف خان نے شرکاءکو تین ماہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے حلال فوڈ اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایات جاری کیں کہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں ،

ڈپٹی کمشنر نے پولیس،سپیشل برانچ،انڈسٹری ڈیوپلمنٹ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ملاوٹ مافیا کیخلاف بنائی گئی ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس میں حلال فوڈ اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، یہ لوگ چند ٹکوں کے فائدہ کیلئے عوام کی صحت سے کھیلتے ہیں جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

٭٭٭

 تجمل زمان سدوزئی اسلام آباد میں علالت کے بعد انتقال کر گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر4 تجمل زمان سدوزئی اسلام آباد میں علالت کے بعد انتقال کر گئے،ان کی نماز جنازہ اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول گراﺅنڈ میں ادا کی گئی،

نماز جنازہ میں محکمہ تعلیم کے افسران و اہلکاروں، سیاسی و سماجی شخصیات اور سپورٹس سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔

٭٭٭

40گرام آئیس اور 1کلو سے زائد چرتس برآمد کرکے دو منشیات فرشوں کا گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر درازندہ پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن، 40گرام آئیس اور 1کلو سے زائد چرتس برآمد کرکے دو منشیات فرشوں کا گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر درازندہ پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کے دوران

ایس ایچ او تھانہ درازندہ طائب دین کی قیادت میں امن میلہ پوسٹ کے مقام پر کاروائی کے دوران منشیات فروش ملزم زارمی سا شیرانی سکنہ درازندہ سے510گرام چرس اور 20گرام آئس برآمد کی،

اسی طرح منشیات فروش فیض محمد شاہ شیرانی سکنہ درازندہ سے520گرام چرس اور 20گرام آئس برآمد کرکے دونوں منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔

٭٭٭

 قتل کے اشتہاری ملزمان پولیس کے ہاتھوں گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صدر پولیس نے 32 سالہ شہزاد ودل دین محمد قوم مسلم شیخ سکنہ سخی سید معروف محلہ غریبانوالہ کو قتل کرنے کے مقدمہ میں مفرور دو اشتہاری ملزمان محمد ایوب ولد فرید اور محمد نواز ولد اختر اقوام مسلم شیخ ساکنان تونسہ روڈ ڈیرہ کو وزیر ستان چوک ڈیرہ سے گرفتارکرلیا، ۔

تھانہ صدر کی حدودٹانک روڈ سی آر بی سی میں گزشتہ سال 12 مارچ کو نامعلوم نوجوان کی قتل شدہ لاش پائی گئی جسے شناخت اور پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیاگیا جہاں پر اس کی شناخت 32 سالہ شہزاد ودل دین محمد قوم مسلم شیخ سکنہ سخی سید معروف محلہ غریبانوالہ کے نام سے کرلی گئی ۔

مقتول کے بھائی اسلم نے پولیس کو بتایا کہ وہ خانہ بدوش ہیں ایک ماہ قبل ان کے بھتیجے محمد نواز اور میاں بیوی سمیت دس افراد مقتول کو پنجاب کے علاقہ قائد آباد سے اغواءکرلے گئے اور بعدازاں اسے قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی ۔

ملزمان نے مجھے فون پر اطلاع دی کہ وہ ٹانک آجائے کیونکہ اس کے بھائی کوقتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی گئی ہے ۔اطلاع پر وہ دیگر اہل خانہ کے ہمراہ یہاں پہنچا اور پتہ براری کرنے پر اسے معلوم ہوا کہ میرے بھائی کی لاش ہسپتال میں پڑی ہے۔

پولیس نے مقتول کے بھتیجے محمد نواز ،محمد ایوب اور اس کی بیوی رکنا بی بی سمیت دس افراد کو قتل کے مقدمہ میں نامزد کیا ۔ پولیس نے دو مفرور اشتہاری ملزمان محمد نواز اور محمد ایوب کو گرفتارکرلیاہے۔

٭٭٭

عید الاضحی کیلئے صفائی و نکاسی کے جامع منصوبے بنانے کی ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ بلدیات حکومت خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ اداروں کو عید الاضحی 2020کیلئے صفائی و نکاسی کے جامع منصوبے بنانے کی ہدایات جاری کی۔

محکمہ بلدیات نے یہ ہدایات خیبر پختونخوا کے تمام ایڈمنسٹرز /ٹی ایم اوز ، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز کے تمام سی ای اوز،ایل اے ایز کے تمام ڈائر یکٹر جنرل/پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور بلدیات کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے نام جاری کردہ ایک سرکلر میں دی ہیں۔تحصیل /ٹاﺅن میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMAs)اور واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنیز (WSSCs)سے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات کیساتھ منسلک فارمیٹ کے مطابق آنے والی عید الاضحی کیلئے صفائی ونکاسی کے جامع منصوبے بنائیں۔

ہر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنیز کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے مختلف جغرافیائی زونز کیلئے مختلف ٹیمیں بنانے کا کہا گیا ہے۔متعلقہ حکام کو صفائی کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب مقامات بر وقت ٹھکانے لگانے کیلئے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

٭٭٭

 نویں جماعت سے انٹر تک طلبہ کی پروموشن کا طریقہ وضع کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے نویں جماعت سے انٹر تک طلبہ کی پروموشن کا طریقہ وضع کر دیا ہے۔دسویں اور بارہوہیں جماعت کے طلبہ کو نویں اور گیارہویں جماعت کے نمبروں پر پاس کیا جا ئے گا۔

دسویں اور بارہویں جماعت کے بچوں کو3فیصد اضافی نمبر ملیں گے جب کہ نویں اور گیارہویں کے امتحان میں فیل امیدوار کو پاسنگ نمبر دئیے جائیں گے۔محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیصلے سے مطمئن نہ ہونے والوں کے لئے خصوصی امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔

نویں اور گیارہویں امتحان میں فیل امیدوار کو پاسنگ نمبر دئیے جائیں گے۔جن بچوں نے نویں اور 11ویں کا امتحان دیا ہوا ہے ان کو پرموٹ کردیا گیا ہے اور اب وہ آئندہ سال 10ویں اور 12ویں کا امتحان دیں گے۔

جن بچوں نے 10ویں اور 12ویں کا امتحان دینا تھا ان کو 3فیصد اضافی نمبرز سے پاس کردیا گیا ہے۔اضافی نمبرز 9ویں اور 11ویں کے نمبرز کے بنیاد پر دیئے جائیں گے۔جو گیارہویں بارہویں کا مشترکہ امتحان دینا چاہتے ہیں ان کا امتحان حالات کے مطابق ستمبر اور نومبر میں لیا جائے گا۔

جوبچے اپنے نمبر بہتربنانا چاہتے ہیں وہ بھی خصوصی امتحان دیں۔وہ طالب علم جو مخصوص مضامین کا امتحان دینا چاہتے ہیں ان کا بھی امتحان ہوگا۔ ایسے طالب علم جو40فیصد سے زیادہ مضامین میں فیل ہیں ان کا بھی خصوصی امتحان ہوگا۔

٭٭٭

 زیتون کی کاشت سے اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے خوردنی تیل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر زیتون کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر جہاں اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکتاہے

وہیں ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد اضافی پیداوار برآمد بھی کی جا سکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ زیتو ن کی کاشت کیلئے گرم و معتدل درجہ حرارت انتہائی موزوں ہے لہٰذا ایسے علاقے جہاں زیادہ سردی نہ پڑتی ہووہاں زیتون کو باآسانی کاشت کیاجاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ زیتون میں کلیاں بننے کیلئے موسم سرما کے دوران روزانہ درجہ حرارت کااتار چڑھاﺅ ایک سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہے تاہم پھول بننے کے بعد سردی زیتون کی فصل کو متاثر کر سکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار زیتون کی کاشت کیلئے مزید رہنمائی کی غرض سے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

٭٭٭

پودینے کی کاشت اگست میں شروع کر کے ستمبرکے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پودینے کی کاشت اگست میں شروع کر کے ستمبرکے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کاشتکاروں سے کہا ہے کہ چونکہ اگست سے لے کر ستمبر کے آخر تک پودینے کی کاشت کیلئے بہترین موسم ہے

لہٰذا وہ اس عرصہ میں کاشت مکمل کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر پودینے کی کاشت کیلئے ایک لاکھ 75ہزار سے 2لاکھ تک پرانے پودوں کی ٹہنیاں اور جڑوں کے ٹکڑے درکار ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اگر پودینے کی کاشت کے فوراً بعد آبپاشی کر لی جائے تو اس کے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ پودینہ کی کاشت کیلئے ایسی زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے جو ذرخیز اور پانی کا بہتر نکاس رکھتی ہو۔

انہوںنے کہا کہ جس کھیت میں پودینہ کی کاشت مطلوب ہو اس میں سبز کھاد ڈالنے سے بھی فی ایکڑ بہترین فصل حاصل ہو سکتی ہے۔

٭٭٭

 موجودہ موسم میں برف کے گولے‘ غیر معیاری قلفیاں‘ گلے سڑے پھل مختلف بیماریوں کو جنم دے سکتے ہیں،طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ موجودہ موسم میں برف کے گولے‘ غیر معیاری قلفیاں‘ گلے سڑے پھل مختلف بیماریوں کو جنم دے سکتے ہیں۔اس موسم میں بچوں میں گیسٹرواور معدے سے متعلقہ امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

اس ضمن میںوالدین کی لاپرواہی بچوں کو مختلف بیماریوں کا شکار کرسکتی ہے اس میں احتیاط ہی واحد ذریعہ ہے جس سے بیماریوں سے بچہ جاسکتا ہے۔ کھیل کود کی دلچسپ جگہ ہوتی ہے جس سے مختلف بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موسم میں غیر معیاری اشیاءگلے کی خرابی، نزلہ اور زکام کا موجب بنتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو زیادہ ٹھنڈی اور کھٹی اشیاءکھلانے سے اجتناب کریں تاکہ ان بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے۔

٭٭٭

 سبزیوں کے کاشتکاروں کو 8سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی جاری رکھنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)موسم گرماکی شدت اورحبس میں اضافہ کے باعث محکمہ زراعت نے سبزیوں کے کاشتکاروں کو 8سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ چونکہ موسم گرماکی شدت میں اضافہ کیساتھ ساتھ حبس بھی بڑھتاجارہاہے

لہذاکاشتکار سبزیات کی آبپاشی میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں اور 8سے 10دن کے وقفہ سے سبزیوں کو پانی دیتے رہیں تاکہ کمزورزمین میں یہ وقفہ 4سی5دن بھی کیاجاسکتاہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ موسم گرماکے دوران بینگن اور بھنڈی کی فصل پرہڈاہیٹل‘ سبزتیلے اور جوﺅں کا حملہ ہوسکتاہے لہذاکاشتکار محکمہ زراعت(توسیع) کے عملہ کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا بروقت استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرگھیاکدو‘چپن کدو‘ حلو کدو‘ کھیرے اور گھیاتوری کی لال بھونڈی کا حملہ مشاہدے میں آئے تو فوری طورپر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت (توسیع) کے فیلڈ سٹاف سے مشورہ کرکے مناسب زہرکا دھوڑایاسپرے کیاجائے۔

٭٭٭

 زیادہ زرمبادلہ حاصل کرنے کے لئے تیل دار اجناس کی کاشت کی جائے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے ملک میں خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمدکی شرح میں اضافہ سمیت زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کرنے کے لئے تیل دار اجناس کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار تیل دار اجناس کی منظور شدہ اقسام کاشت کرکے بھاری مالی فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے دوران ملاقات صحافیوں کو بتایا کہ توریااے‘ اوریاانمول زائدخریف کی فصلیں ہیں جبکہ پیلا رایا ‘سرسوں ‘ڈی جی ایل‘چکوال رایا‘ خانپوررایا‘ موسم ربیع کی فصلیں ہیں اس کے علاوہ کینولا اقسام میں پنجاب سرسوں منظورشدہ قسم ہے۔

٭٭٭

ایک ہی کھیت میں باربارمکئی کاشت نہ کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ایک ہی کھیت میں باربارمکئی کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ایک ہی کھیت میں بار بار مکئی کاشت کرنے کی صورت میں فصل میں اگنے والی جڑی بوٹیاںمستقل حیثیت اختیار کرجاتی ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ کاشتکار موسمی مکئی کی کاشت بروقت مکمل اور مکئی کی کاشت کے لئے بھاری میرا زمین جو پانی کو بخوبی جذب کر سکے کا انتخاب کریں۔

٭٭٭

 کپڑے سکھانے کے لئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کریں،پیسکو کی ہدایات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پیسکوکے ترجمان نے صارفین بجلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالیہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے دوران ممکنہ بجلی کے حادثات سے بچنے کے لئے پیسکو کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

صارفین کو چاہیے کہ وہ کپڑے سکھانے کے لئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ اس میں باآسانی کرنٹ آ جاتا ہے بلکہ اس کی جگہ رسی یا ڈوری کو استعمال میں لائیں۔بجلی کی استری ، واشنگ مشین ، ریفریجریٹر،

پانی کی موٹروں اوردیگر برقی آلات کے استعمال کے لئے تین پنوں والے شو کا استعمال کریں اور ان چیزوںکو باقاعدہ ارتھ کروائیں۔ بجلی کی وائرنگ میں اگر کسی بھی قسم کا نقص ہو تو اس کو فورًادرست کروائیں۔

اس کے علاوہ کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک کپڑا، کمبل ، قالین کا ٹکڑایا لکٹری کا ٹکڑا رکھیں اور ربڑ سول کی چپل کا استعمال کریں۔ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ، تار اور آلات کو ہرگز نہ چھوئیں۔

بجلی کے کھمبوں اور ان کو سہارا دینے والی تاروں کے ساتھ اور نہ ہی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے قربانی کے جانوروں کو باندھیں کیونکہ اس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ اگر کسی کھمبے ، سٹرکچر گھریلو وائرنگ یا دیوار میں کرنٹ آجائے یا کسی وجہ سے بجلی کی لائنوں سے کوئی تار ٹوٹ کر نیچے گر جائے

تو اس کی فوری اطلاع ہیلپ لائن نمبرپر دیں تا کہ اس کا فوری طور پر سد باب کیا جاسکے اور بجلی کے عملے کے پہنچنے تک نہ تو خود کرنٹ زدہ کھمبے کو چھوئیں اور نہ ہی کسی کو اس کے قریب جانے دیں۔

پیسکو کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ پیسکو کی جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تا کہ وہ کسی بھی قسم کے حادثہ سے محفوظ رہ سکیں۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

About The Author