فنڈز کی عدم فراہمی سے سی آربی سی کی تعمیر ومرمت نہ ہونے سے پانی کا کیچ کم ہونے لگا ہے ،گوہر زمان بھابھا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سپرنٹنڈنٹ انجینئر چشمہ رائٹ بینک کنال ڈیرہ گوہر زمان بھابھا نے کہا ہے کہ سی آربی سی واپڈا کا میگا پراجیکٹ ہے جس کی دیکھ بھا ل اور تعمیر ومرمت کی ذمہ داری واپڈا کو سونپی گئی ہے
لیکن پنجاب اورخیبر پختونخوا حکومتوں کی جانب فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث سی آر بی سی انحطاط کا شکار ہورہی ہے جس سے اس کے پانی کا کیچ کم ہوتاجارہاہے اور اس کی کیپسٹی آہستہ آہستہ اب 05 ہزار سے کم ہوکر اب 45 سو کیوسک رہ گئی ہے ،
جس کی وجہ سے ہمیں پانی کے مطلوبہ کیج کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، سردیوں میں زیادہ مسائل پیش نہیں آتے لیکن خریف کے سیزن میں ہمیں بہت زیادہ دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس سلسلے میں نہر کی صفائی ،تعمیر ومرمت جلد نہ کی گئی تو اسے مزید نقصان پہنچنے کے علاوہ مقامی زمینداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے ،
،وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا دونوں صوبوں کی جانب سے سی آربی سی کی چشمہ سے تونسہ تک دیکھ بھال کی ذمہ داری واپڈا واٹر ڈویژن کو سونپی گئی ہے ۔
انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی جانب سے ہمیں بتایا جاتاہے کہ کتنا پانی خیبر پختونخوا اوکتنا پنجاب کو فراہم کرناہے ،پانی کی تقسیم کے دوران خیبر پختونخوا کے لئے 4600 کیوسک جبکہ پنجاب کے لئے 3100 کیوسک حصہ مقرر کیاگیا ،
اس وقت موجود ہ صورتحال میں خیبر پختونخوا کو توپانی کا مقررہ حصہ مکمل مل رہا ہے لیکن پنجاب کو صرف 1200 سے 1800 کیوسک پانی سپلائی ہورہا ہے ،جس کی وجہ سے ہمارے اوپر بہت زیادہ دباﺅ ہے ،اس سلسلے میں پانی چوری کامسئلہ انتہائی سنگین ہے
جس کے تدارک کے لئے پولیس کے تعاون سے چشمہ سے جمعہ شریف ہیڈ تک بھرپور آپریشنز جاری ہیں اور تمام غیر قانونی پائپ ہٹا کرپانی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پوری کوشش ہے کہ پنجاب کے حصہ کا پانی انہیںپورا دیا جائے
تاکہ ان کے مسائل کا تدارک کیا جاسکے ،ان کا کہناتھا کہ ہمارے علاقوں میں بدقسمتی سے کاشتکاروں نے صرف دو فصلوں چاول اور گنا کی کاشت پر انحصار کررکھا ہے اور انہی دو فصلوں کو پانی زیادہ درکار ہوتا ہے جس کی وجہ سے مسائل بڑھتے ہیں ،
زراعت کی جانب سے چاول اور گنا کی دوفصلوں کو صرف 15 فیصد جبکہ دیگر فیصلوںکو85 فیصدکے تناسب سے کاشت کرنے کا ڈیزائن دیاگیاہے لیکن ہمارے ہاں کوئی زمیندار اس پر عمل نہیں کرتا،ہر زمیندار پانی مانگتاہے لیکن فصل کی کاشت کے مقررہ طریقہ کار کو کوئی نہیں اپناتا،
ان کا کہنا تھا کہ فصل کی بہترین پیداوار کے لئے زراعت کا یہ اصول مقرر کیاگیا ہے کہ اراضی کو چار حصوں میں تقسیم کرکے وہاں علیحدہ علیحدہ فصل کاشت کی جائے اورہر سال ان فصلوں کی جگہ کو بھی تبدیل کردیا جائے تاکہ فصل کی پیداوار زیادہ ہونے کے علاقہ زمین کی زرخیزی کو بھی برقرار رکھاجاسکے ،
اس سلسلے میں محکمہ ایرگیشن سمیت دیگر محکموں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ زمینداروں کو آگاہی اور انہیں تربیت فراہم کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کاشتکار اس سلسلے میں ہم سے بہت زیادہ آگے ہیں وہ ہر طرح کی فصل کاشت کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو کم مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے۔
٭٭٭
بدعنوانی اورکرپشن کے جھوٹے من گھڑت اور گھٹیا الزامات عائدکرنے شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں ،انور یوسفزئی ایڈوکیٹ
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلعی زکوٰة وعشر کمیٹی ڈیرہ کے چیئر مین محمد انور خان یوسفزئی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ضلعی زکوٰة آفس ڈیرہ نے ہیلتھ کیئر گرانٹ کی مدمیں رواں سال 2019.20 کے لئے 17 لاکھ 76 ہزار روپے کی رقم ہسپتال کو جاری کردی ہے جس کی باقاعدہ منظوری ضلعی زکوٰة کمیٹی کے اجلاس میں لی گئی تھی ۔
اس سلسلے میں ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ انڈور مریضوں کے لئے چار ہزار اور آﺅٹ ڈور مریضوں کے لئے آٹھ ہزار روپے کے حساب سے مقررکیے گئے ہیں ۔اسی اجلاس کے دوران باقاعدہ طور پر یہ منظوری بھی لی گئی
کہ اگر کوئی مریض ایمرجنسی میں ہو تو ضلعی چیئرمین اس کا استحاق دیاگیاہے جس کا تمام ریکارڈ دفتر میں موجودہے جس کا معائنہ کیا جاسکتاہے۔ان کا کہناتھا کہ انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف جوہر علی شاہ نامی شخص نے اپنے پیج پر ایک پوسٹ چلائی ہے
جس میں میرے خلاف بدعنوانی اورکرپشن کے جھوٹے من گھڑت اور گھٹیا الزامات عائد کے گئے جوکہ سراسر بے بنیاد ہیں جن کی میں سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ،جوہر علی شاہ ولد سید محمد شاہ سابقہ کونسلر یوسی 5 وارڈ نمبر 3 بستی کانچکیانوالی سٹی ڈیرہ کا رہائشی ہے
جس نے اپنی علاقہ میں کمیٹی بنائی جس پر علاقے کے پچاس سے زائد افراد میرے دفتر میں آئے اور اس کمیٹی پر شدید اعتراضات اٹھائے جس کے باعث میں نے 2011 ایکٹ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے اس کمیٹی کو تحلیل کردیا ،
عارضی طور پرعلاقہ میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کیاگیا جس کی مدت جولائی میں مکمل ہونے پر وہاں باقاعدہ الیکشن کرائے جائیں گے جس میں جو بھی کامیاب ہواوہ سامنے آجائے گا جس سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔
٭٭٭
ڈیرہ کے تین ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز کی گریڈ اٹھارہ سے گریڈ انیس میں ترقی کردی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے تین ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز کی گریڈ اٹھارہ سے گریڈ انیس میں ترقی کردی گئی ،شیخ محمد شکیل احمد ،تصور حسین اور جمشید خان ترقی پانے والوں میں شامل ،
خیبرپختونخوا حکومت نے پراونشل سلیکشن بورڈ کی سفارش پرصوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات 45ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز کو گریڈ 19میں سینئر پبلک پراسیکیوٹرز اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکوٹرز کے عہدوںپر ایکٹنگ بنیادوں پر ترقی دے دی
اس ضمن میں ہوم اینڈ ٹرائبل آفیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز کی 12جون کو ہونے والے پی ایس بی کے اجلاس میں ترقی کی منظوری دی گئی تھی جن ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز کو گریڈ 19میں ترقی دی گئی ہے
ان میں ڈیرہ کے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر شیخ محمد شکیل احمد ،تصورحسین اور جمشید خان محسود کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ڈائریکٹوریٹ آف پراسیکیوشن شفیع اللہ وزیر،ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر کوہستان لوئر قاسم فاروق، ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرکوہستان اپرحسین احمد، ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرپشاورصفت اللہ کے علاوہ
تیمورخٹک، تاج محمد، بختیار خان، واجد علی، شاہین تبسم، اظہر علی، قیصر خان، آیاز زرین، ظفر علی، سنگین شاہ، عصمت اللہ، میاں عزیزاحمد،محمد بلال قریشی، اخترنوازخان، جاوید حسین مغل، عتیق الرحمان، ذیشان اللہ آفریدی، الطاف حسین، فضل ہادی، الطاف حسین اختر، محمد افضل خان،
جاوید اقبال انور، عطااللہ، محمد ندیم، ہدایت اللہ، بہادرخان، ضیااللہ وزیر،خالد خان، امان اللہ، مظفراحمد، جاوید الرحمان، فلک سیر، منظور عالم خان، عمرنیاز، رفیع اللہ، محمد طفیل ، عبادالرحمان اور عاصم محمود شامل ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے تین ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹرز شیخ محمد شکیل احمد ،تصور حسین اور جمشید خان کو گریڈ انیس میں سنیئر پبلک پراسیکوٹرز کے عہدے پر ترقی ملنے پر ان کے تمام دوست احباب ،سٹاف ممبران اور وکلاءکی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لئے دلی نیک تمناﺅں کا اظہار کیاگیاہے
٭٭٭
بجلی کی غیراعلانیہ اور اضافی لوڈ شیڈنگ جاری ، عوام دوہرے عذاب کا شکار
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اور قریبی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ اور اضافی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے علاقے میں عوام دوہرے عذاب کا شکارہیں۔بجلی کی بندش سے شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے لوگوں کا گھروں میں رہنامشکل ہوگیاہے،
دن اور رات کے اوقات میں لوگ پریشانی کا شکارہیں۔جبکہ مختلف علاقوںمیں پانی کی فراہمی بھی بڑا مسئلہ بن گئی ہے اور کئی علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
پیسکو چیف سے مقامی صارفین نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طورپر اضافی لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بجلی کانظام درست کیاجائے۔
٭٭٭
کلوزنگ کے باعث ملک بھر میں بینک اور یوٹیلیٹی سٹورز بند رہے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مالی سال کی2019-20ءکی کلوزنگ کے باعث ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز بند رہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہا تاہم اشیائے خوردونوش کی فروخت نہ کی گئی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے نے مالی حسابات کی جانچ پڑتال کی۔
یوٹیلیٹی سٹورز( بدھ) کے روز سے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں۔ دوسری جانب مالی سال کی کلوزنگ کے باعث تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے، مائیکرو فنانس بینک (بدھ)کو بند رہے اورعوام سے لین دین نہیں کی گئی،
نجی بینکوں سمیت مالیاتی اداروں کا عملہ معمول کے مطابق حاضر رہاتاہم عوامی لین دین نہیں ہوا۔بینکس جمعرات سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
٭٭٭
دو افراد کی لڑائی کے دوران انہیں چھڑانے والے ساٹھ سالہ شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دو افراد کی لڑائی کے دوران انہیں چھڑانے والے ساٹھ سالہ شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیاگیا ،پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یارک کی حدود علاقہ روڑی میں دو افراد کی لڑائی کے دوران انہیں چھڑانے پر ان میں سے ایک شخص ملزم کفایت اللہ ولد فتح خان نے فائرنگ کرکے چھڑانے والے ساٹھ سالہ شخص محمد اسلم ولد محمد اختیار قوم کھوکھر سکنہ روڑی کو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ،
زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے،زخمی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی علاقہ روڑی میں دکان ہے وہ اپنی دکان کے اندر موجود تھا کہ اس دوران دکان کے باہر ملزم کفایت اور محمد رمضان ولد عبدالرحمٰن قوم زرگر سکنہ روڑی آپس میں لڑ جھگڑ رہے تھے
میں ان کی خلاصی کرائی تو ایک ملزم کفایت نے اپنے پسٹل سے میرے اوپر فائرنگ کرکے مجھے زخمی کردیاہے،پولیس نے ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ،
٭٭٭
درندہ صفت نوجوان نے بارہ سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ کینٹ کی حدود جھوک مہڑ میں درندہ صفت نوجوان نے بارہ سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ،
پولیس ذرائع کے مطابق خیبر آباد کالونی ڈیرہ کے رہائشی بارہ سالہ بچے نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ وہ دوپہر ساڑھے گیارہ بجے تندور سے روٹی لگوا کر گھر جارہا تھا کہ اس دوران ملزم انشاءاللہ ولد رحمت اللہ مروت سکنہ فضل رحیم کالونی ڈیرہ وہاں آیا
اور موٹرسائیکل پر بیٹھا کر اپنے ساتھ جھوک مہڑ لے گیا جہاں پر اس نے میرے ساتھ زبردستی زیادتی کی ہے ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ،
٭٭٭
پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بس سٹینڈ منتقلی کیلئے گرینڈ آپریشن کیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بس سٹینڈ منتقلی کیلئے گرینڈ آپریشن کیاگیا، بلدیہ ڈیرہ کا پولیس و بھاری مشینری کے ہمراہ ٹانک اڈا کے قریب علاقہ کورائی میں نوتعمیر بس سٹینڈ منتقلی کیلئے گرینڈ آپریشن،
اڈا خالی کراکے داخلی راستوں پر کھدائی کراکے راستے بند کردیئے، ٹانک اڈا کے ٹرانسپورٹرز نے انتظامیہ کے اقدام کے خلاف احتجاجاً ٹانک، کلاچی، ژوب و دیگر علاقوں کی ٹرانسپورٹ بند کردی، شہر سے دوراڈے کی منتقلی سے انکار۔
تفصیلات کے مطابق ٹانک اڈا پر رش اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹانک اڈا پر قائم ٹرانسپورٹ اڈے کو کورائی کے مقام پر منتقلی کے احکامات جاری کئے،
تاہم ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی روز اول سے ہی ٹرانسپورٹرز نے مزاحمت کرتے ہوئے شہر سے دور ٹرانسپورٹ اڈے کی منتقلی سے انکار کردیا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ نے متعدد بار مذکورہ ٹرانسپورٹ اڈے کی منتقلی کیلئے آپریشن کئے تاہم کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکل سکا۔
گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ نے ٹی ایم او عمر خان کنڈی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بس سٹینڈ منتقلی کیلئے گرینڈ آپریشن کیا۔
اس موقع پر کسی بھی قسم کی مزاحمت اور تصادم کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈی ایس پی سٹی ظہور خان کی قیادت میںپولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ انتظامیہ نے ٹانک اڈا کو ہرقسم کی ٹرانسپورٹ سے خالی کراکے ٹانک اڈا کے داخلی و خارجی راستوں کی کھدائی کرکے راستے بند کردیئے۔
ادھر ٹانک اڈا کے ٹرانسپورٹرز نے انتظامیہ کے اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شہر سے دور کورائی کے مقام پر منتقلی سے انکار کرتے ہوئے احتجاجاً ٹانک، کلاچی، درابن ژوب و دیگر علاقوں کو جانیوالی ہرقسم کی چھوٹی و بڑی ٹرانسپورٹ غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی ہے جس سے ان علاقوں کے لوگوں کو آمدو رفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
٭٭٭
نجی بینک کی تین برانچوں میںفنگر پرنٹس کی سہولت فراہم کردی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) احساس کفالت پروگرام کے تحت رقوم کی ادائیگی کے لئے نجی بینک کی تین برانچوں میںفنگر پرنٹس کی سہولت فراہم کردی گئی، وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس لاک ڈاﺅن کے دوران
مستحقین کو مالی امددا د فراہمی کیلئے ”احساس کفالت پروگرام“ کے تحت رقوم کی ادائیگی کے عمل کے دوران فنگر پرنٹ کی مطابقت کے مسائل سے دوچارمستحقین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کی ہدایت پرنجی بنک کی تین برانچوںمیں خصوصی کاﺅنٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈیرہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر و فوکل پرسن احساس کفالت پروگرام عارف خان نے الفلاح اسلامک برانچ توپانوالہ چوک کا خصوصی دورہ کیا اور کاﺅنٹر پر جاکر رقوم ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا۔
٭٭٭
جوئے کی محفل پر چھاپہ مار کر دس افراد کو جواءکھیلنے کے الزام میں موقع سے گرفتارکرلیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کلاچی پولیس نے محلہ بہلول خیل میں جوئے کی محفل پر چھاپہ مار کر دس افراد کو جواءکھیلنے کے الزام میں موقع سے گرفتارکرلیا ،پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
کلاچی پولیس نے محلہ بہلول خیل میں صلاح الدین نامی شخص کے مکان کے صحن میں تاش کے ذریعے جواءکھیلنے کی اطلاع پر وہاں چھاپہ اور چھاپہ زنی کے دوران پولیس نے موقع سے دس افراد محمد شوکت ،ضیاءالرحمٰن،محمد پرویز ،عبدالرزاق ،عبدالقیوم ،کبیر ،ثناء،
جابر ،ممتاز علی اور محمد عرفان ساکنان کلاچی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرلیے ہیں پولیس نے ملزمان کے خلاف قمار بازی ایکٹ مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
نجی تصاویر کے ذریعے خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ سرگرم ،ایک کروڑ روپے بھتہ طلب
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نجی تصاویر کے ذریعے خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ سرگرم ،ایک کروڑ روپے بھتہ طلب ، خواتین کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کرنے کے بدلہ میں اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے کی ڈیمانڈ،انکار پر تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں ،تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،
ڈیرہ کے رہائشی نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزمان خالد محمود ولد محمود خان ،عبدالرزاق ولد عبدالحمید اور طارق محمود ولد محبوب الرحمٰن ساکنان پیر وانہ ٹانک نے میرے اہل خانہ کی نجی تصاویر حاصل کرکے انہیں ڈیلیٹ کرنے کے بدلہ میں ایک کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی ہے ،
مطلوبہ رقم نہ دینے کی صورت میں انہوںنے دھمکیاںدی ہیں کہ وہ ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر وائر ل کردیں گے ، پولیس نے شہری کی رپورٹ پر تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ،
٭٭٭
اراضی کے تنازع پرساٹھ سالہ شخص قتل ،پانچ افراد زخمی ہوگئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اراضی کے تنازع پرساٹھ سالہ شخص قتل ،پانچ افراد زخمی ہوگئے ، تھانہ یونیورسٹی کی حدود انڈس ہائی وے ملتان روڈ ابھایا پل کے قریب وزیر اور بھانٹری گروپوں میں تصادم،لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا بے دریخ استعمال ،
ساٹھ سالہ شخص کو گلہ دبا کر قتل کردیا گیا ، مقتول کابیٹا اور قریبی رشتہ زخمی، دونوں گروپوں کو چھڑانے کے دوران مزید تین افراد زخمی ہوگئے ، مقتول کے لواحقین کا سڑک پر احتجاج ،ٹریفک کی آمدورفت بند کردی گئی
،واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی ، مقتول کی لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے مقتول کی جانب سے تین نامزد اور سات نامعلوم ملزمان سمیت دس افراد کے خلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بلوچ ہوٹل انجم آباد ڈیرہ کا رہائشی حاجی مذمل ولد مروت خان قوم وزیر اپنے بیٹے یٰسین اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ چنگ چی میں سوار ہوکر جارہا تھا کہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود انڈس ہائی وے ملتان روڈ پر ابھایا پل کے قریب پہنچنے پر ان کے مخالف گروپ نے ان پرحملہ کردیا
جس کے نتیجے میں لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا استعمال کیاگیا ،اس دوران مخالف گروپ نے حاجی مذمل کے منہ پر کپڑا رکھ کر دبا دیا جس سے وہ دم گھٹنے سے موقع پر جابحق جبکہ اس بیٹا یٰسین اور قریبی رشتہ دار محمد سلیمان ولد نور سلیمان وزیر زخمی ہوگئے
اس دوران ان دونوں گروپوں کو چھڑانے کے دوران مزید تین افراد علی رضا ،قمر گل ،مرسلیں اقوام سید سکنہ کوٹلہ قائم شاہ بھی زخمی ہوگئے ، زخمیوں کے مطابق وہ اپنے گھر میں موجود تھے کہ ان کے دروازے کے قریب شور شرابے کی آواز پر وہ گھر سے باہر نکلے
تو انہوںنے دونوں گروپوں کو گتھم گھتھا پایا ،انہوں نے دونوں گروپوں کو چھڑانے کی کوشش کی لیکن دونوں گروپوں کے افراد نے انہیں بھی تشدید کانشانہ بنا کر زخمی کیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی ،مقتول مزمل وزیر کے لواحقین نے قریشی موڑ کے قریب احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ اس دوران ڈی ایس پی پروآ سرکل طارق سلیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے۔
پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن منتشر ہوگئے، مقتول اور زخمیوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کردیاگیا ،پوسٹمارٹم کے دوران ڈاکٹرز کے مطابق مقتول کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی ہے ، وجہ عداوت اراضی میں پانی لگانے پر تنازع بیان کیاگیا۔
پولیس نے مقتول کے بیٹے یٰسین کی جانب سے ان کے مخالف بھانٹری گروپ کے تین نامزد اور سات نامعلوم سمیت دس افراد کے خلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔ جبکہ دوسری جانب دیگر تین زخمیوں کی طرف سے بھی دونوں گروپوں کے افراد کے خلاف رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔
٭٭٭
پولیس نے چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چرس برآمد کرلی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پولیس نے چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی اعلی کوالٹی کی پندرہ کلو گرام چرس برآمد کرکے دو بین الاضلاعی منشیات سمگلر ز کو گرفتارکرلیا ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ریجنل پولیس آ فیسر یاسین فاروق کی احکامات کی روشنی میں ضلعی پولیس سر براہ کیپٹن (ر) واحد محمود کی ہدایات پر منشیات فروشی کے کاروبارمیں ملوث موت کے سوداگروں کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لیے
ضلع بھر میں ان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کامیاب گرینڈ آ پریشن جاری ہے انہی آپریشنزکے دوران ایس ایچ او تھانہ یارک گل شیر خان نے بدوران ناکہ بندی گاڑی نمبر 281 سندھ سے بدنام زمانہ منشیات ڈیلر
فاروق اور شوکت ساکنان جبوکہ اوکاڑہ جو کہ منشیات فروشی کے گھناو¿نے دھندے میں ملوث تھے کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے15 کلو چرس بر آ مد کی اور تھانہ یارک میں مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا نیا ضابطہ اخلاق جاری کردیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا ایڈوائزری بورڈ نے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا نیا ضابطہ اخلاق جاری کردیا، اگر پازیٹو کورونا مریض میں کوئی علامت نہ ہو تو10دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا، اگرعلامات آٹھویں، نویں، اور دسویں روز ختم ہوجائیں، تو مزید تین دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے کورونا ایڈوائزری بورڈ کی سفارشات پر مریضوں کے قرنطینہ میں رہنے کے ضابطہ اخلاق سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔جس کے تحت کورونا پازیٹو آنے کی تاریخ سے اگر مریض میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی تو اس صورت میں مریض کو10 دن قرنطینہ کرنا پڑے گا۔
اسی طرح اگر کورونا مریض کی علامات 8 ویں روز ختم ہوں تو 3 دن مزید قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔علامات نویں اور دسویں روز ختم ہوں تو مزید 3 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔ دوسری جانب کورونا کے کنفرم مریضوں کو ڈسچارج کرنے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ کنفرم مریض جن کو علامات نہیں ہوں گی
ان کے لیے ڈبل نیگٹو پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی شرط ختم کر دی گئی۔ایسے مریضوں کو ہسپتال سے دس دن کے بعد اگر کوئی مزید علامات نہیں ہوتی تو ڈسچارج کیا جائے گا تاہم مریضوں کو دس دن داخل رکھنے کے بعد مزید تین دن معائنہ کیا جائے گا۔
کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے نئے ایس او پیز کی منظوری دے دی ہے، کم قوت مدافعت، ہیلتھ کئیر پروفیشنلز پر نئے ایس او پیز کا اطلاق نہیں ہو گا۔ ایس او پیز میں ترامیم دنیا میں علاج معالجے میں ریسرچ کے بعد کی گئی۔
اس اہم فیصلے کا مقصد بلا ضرورت مہنگے پی سی آر ٹیسٹ کے ضیاع کو روکنا ہے۔ مزید برآں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آنے والے وقت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے خوفزدہ نہ ہوں، ہلکے بخار نزلہ زکام کی صورت میں گھر پر رہیں۔ صرف تیز بخار یا سانس میں تکلیف کی صورت میں ہسپتال آئیں۔
٭٭٭
میٹرک اور ایف اے پروگرامز کی اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخوں کا شیڈول جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2020ء میں پیش کئے گئے میٹرک اور ایف اے پروگرامز کی اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر میٹرک ، ایف اے پروگرامز کے طلباءکو سہولت فراہم کرتے ہوئے اِن پروگرامز کے مکمل کورسز کی چاروں اسائنمنٹ چوتھی مشق کی تاریخ 30 اگست تک ایک ساتھ اکٹھی جمع کرائی جا سکتی ہیں ،
اسی طرح نصف کورسز کی پہلی اور دوسری اسائنمنٹس بھی 30 اگست تک اکٹھی جمع کرائی جا سکتی ہے۔طلباءکو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر مشق الگ لفافے میں بند کرکے ارسال کریں اور ڈاکخانہ یا کوریئر کی رسید سنبھال کر رکھیں۔
کیلنڈر کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلباءکو کتب ارسال کی جا چکی ہیں جبکہ بی اے اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے طلباءکو کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلباءکیلئے ٹیوٹرز تعیناتی کا کام آخری مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔
جن طلباءکے ٹیوٹرز کی تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب نہیںہیں وہ چند روز تک انتظار کریں کیونکہ ٹیوٹرز تعیناتی کا کام بتدریج کورس وائز ہو رہا ہے ،اپوائنمنٹ لیٹر جاری کرنے کے ساتھ ٹیوٹرز کی تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کی جا رہی ہیں، یہ کام آئندہ ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔
٭٭٭
آن لائن درس وتدریس کے لئے کے پی لرننگ پورٹیل پر ویڈیوز اپ لوڈ کردی گئیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ ابتدائی ، ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے طلباکی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور ان کے قیمتی وقت کے ضیاع کو بچانے کی غرض سے انگریزی اور علاقائی زبانوں میں کورسز کی ویڈیوز اپ لوڈ کر دی ہیں
محکمے کی طرف سے ڈیجیٹل پروگرام میں گریڈ1 سے گریڈ12 تک تعلیم گھر، لرن سمارٹ پاکستان اور اساتذہ کے لئے آن لائن ٹیچر ٹریننگ سرٹیفکیشن شامل ہیں یہ تمام پروگرامز اور اس حوالے سے ویڈیوز محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ اور ڈیجیٹل لنک پر دستیاب ہیں
وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ اقدامات کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لئے شروع کئے گئے ہیں تاہم محکمہ تعلیم اس میں مزید جدت لارہا ہے اور آن لائن ڈیٹا روزبروز اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا اور یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا
انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری اور محکمہ تعلیم کے حکام کی کوششوں اور اصلاحات کو سراہااور کہا کہ کے پی لرننگ پورٹیل پر ویڈیوز اپ لوڈ کئے گئے ہیں جن کی ٹوٹل تعداد 170 تک ہے اور مزید ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی جا رہی ہیں
ویڈیوز میں جنرل نالج، ریاضی، بیالوجی، فزکس اور کیمسٹری کے گریڈ ایک سے لیکر گریڈ دس تک کے مضامین شامل ہیں جن سے طلباو طالبات مستفید ہو سکتے ہیںوزیر تعلیم نے کہا کہ اب آن لائن درس و تدریس طلباءاور والدین کی دسترس میں ہیں
انہوں نے درخواست کی کہ والدین اور طلبا اپنی ذمہ داریاں پوری کر کے ان سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔
٭٭٭
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روزگاراسکیم میں مزید3 ماہ کیلئے توسیع کردی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روزگاراسکیم میں مزید3 ماہ کیلئے توسیع کردی ہے، اسکیم کورونا وائرس کے باعث متعارف کروائی گئی تھی، اسکیم سے 10 لاکھ افراد کا روزگار بچایا گیا، 1653 اداروں کیلئے فنانسنگ کی منظوری دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے روزگار اسکیم کو ستمبر 2020ء تک توسیع دے دی ہے۔اپریل تا جون فنانسنگ حاصل کرنے والے جولائی تا ستمبر اسی تناسب سے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔
اسکیم کے تحت بینکوں نے 19 جون تک 112.80 ارب روپے فنانسنگ کی منظوری دی۔ 19جون تک 1653 اداروں کیلئے فنانسنگ کی منظوری دی گئی ہے۔ اسکیم سے 19 جون تک 10 لاکھ افراد کا روزگار بچایا گیا ہے۔
حکومت نے اسکیم کی رسک شیئرنگ 40 سے بڑھا کر60 فیصد کردی ہے،رسک کوریج بڑھنے سے بینکوں کو ضمانت کی کمی سے دوچار ایس ایم ایز کی فنانسنگ میں مدد ملے گی۔روزگار بچانے کی اسکیم کورونا وائرس کے باعث متعارف کروائی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کو قرض کی منظوری کیلئے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قرض کی رقم معاشی اصلاحات پر خرچ کی جائے گی۔
قرض کی رقم کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے خرچ کی جائے گی۔اعلامیہ مزید کہا گیا کہ 25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے فراہم کئے۔ جبکہ 25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل بینک برائے ترقی وبحالی نے فراہم کئے ہیں۔
پاکستان کو یہ قرض آسان شرائط پر فراہم کیا گیا ہے۔ مزید برآں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو چینی بینک سے بھی ایک ارب 30 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اسے یہ رقم چینی بینک سے ترقیاتی فنڈ، کورونا سے نمٹنے اور غیر ملکی ادائیگیوں کیلئے ملی ہے
اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق چینی بینک سے وصول کی گئی رقم حکومت پاکستان نے قرض لی ہے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 23 جون سے اب تک 3 ارب ڈالر کی ترسیلات وصول کی ہیں۔ مزید برآں اسٹیٹ بینک نے روزگاراسکیم میں مزید 3 ماہ کیلئے توسیع کردی ہے۔
اپریل تا جون فنانسنگ حاصل کرنے والے جولائی تا ستمبر اسی تناسب سے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اے وی پڑھو
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون
جیسل کلاسرا ضلع لیہ ، سرائیکی لوک سانجھ دے کٹھ اچ مشتاق گاڈی دی گالھ مہاڑ