ترقیاتی فنڈز کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہماری توانائیاں نتیجہ خیز ثابت ہونگی ،رحمت اللہ مروت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ودیہی ترقی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان رحمت اللہ مروت نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ بلدیات و دیہی ترقی کے اعلیٰ حکام نے غریب عوام کی ترقی و بہبود اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے جو ترقیاتی فنڈز مختص کر رکھے ہیں
انہیں PC-Iسٹینڈرڈ کے مطابق ٹیکنیکل سٹاف کی نگرانی میں بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہماری توانائیاں نتیجہ خیز ثابت ہونگی۔ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ترقیاتی سکیموں کا خود بھی جائزہ لیں اور جہاں کہیں غیر معیاری کام کا خدشہ ہو تو محکمہ کے ضلعی حکام کو آگاہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل پروآ کے دیہی و شہری کونسلز کے سیکرٹریز اور فوکل پرسنز کی کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوارن کیا۔ اس موقع پر ضلعی فوکل پرسن ملک رستم بھی موجود تھے۔
اے ڈی رحمت اللہ مروت نے اہلکاروں کی کارکردگی اور دفتری ریکارڈ کی پڑتال بھی کی
اور ان میں بعض امور و اندراجات کے طریقہ کار کو رولز آف بزنس اورلوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت عمل میں لانے کی ہدایات جاری کیں اور دریں بارے اپنے ممکنہ تعاون کوجاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
٭٭٭
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس کے دوران لشمینیاکے کیسز سامنے آنے والے علاقوں کی حدود اور آس پاس کے علاقوں میں سپرے کرانے اورمتعلقہ مقامات کی نگرانی کے احکامات جاری
جبکہ ڈرگ ریزسٹنٹ ٹائفائڈکی سرویلنس بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی خصوصی ہدایت۔ تفصیلا ت کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدار ت ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا
جس میں محکمہ صحت کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لشمینیا کے 300کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔لشمینیا ایک پیراسیٹک اور انفکشیئس ڈیزیز ہے جو کہ سینڈ فلائی(ریت مکھی) کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔
لشمینیا کی مختلف اقسام ہیں جبکہ عام طور پر اس سے جلد کے زخم رونما ہو تے ہیںاور دوسری قسم میں انسانی جسم کے اندرونی اعضاءجیسے کہ تلی، جگراور ہڈیوں کا گودا متاثر ہو سکتے ہیں۔لشمینیا مادہ ریت مکھی کے کاٹنے سے نمودار ہوتا ہے
کہ جو کہ جسامت میں مچھر سے تقریباً چار گنا چھوٹے ہوتے ہیں اور یہ زیادہ تر شام اور رات کے اوقات یا کم روشنی میں کاٹتے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر لشمینیا سے متاثرہ علاقوں اور آس پاس کے علاقوں میں حفاظتی سپرے کرنے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لشمینیا کے ساتھ ساتھ ڈرگ ریزسٹنٹ ٹائفائڈ کی سرویلنس بھی بڑھائی جائے اور اس سلسلے میں مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ لوگوں کی ان بیماریوں سے حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
٭٭٭
واپڈا ڈیرہ نے غریب اخبار فروش کو 440 وولٹ کا جھٹکا لگادیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) واپڈا ڈیرہ نے غریب اخبار فروش کوچالیس ہزار روپے کا بجلی بل بھیج دیا ، غریب اخبارفروش کو بجلی کا بل دیکھ کر 440وولٹ کا جھٹکا لگ گیا۔
پیسکو ڈیرہ انتظامیہ کی غفلت یا لاپرواہی یا مجرمانہ خاموشی ڈیرہ کے علاقہ توصیف آباد کے رہائشی غریب اخبار فروش محمدا سماعیل کے گھر چالیس ہزار روپے کا بل بھیج دیا۔ اخبار فروش نے کہا کہ میں 3مرلے کے کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہوں،
صرف ایک پنکھا اور دو بلب استعمال میں ہیں۔ لیکن پیسکو ڈیرہ نے اسے ماہ جون کا چالیس ہزار روپے کا بل بھیج دیاہے ۔اخبار فروش نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ واپڈا ڈیرہ نے حکومتی کاوشوں پر پانی پھیر دیا ہے
،لاک ڈاﺅن کے دوران صارفین کے تین ماہ کے بل معاف کیے گئے مگر اسے چالیس ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا ہے ،اس کا کہنا تھا کہ ،وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن کے دوران گزشتہ ماہ بجلی کے گھریلو صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں ریلیف دینے کے لئے ان کے بل معاف کیے گئے ،
لیکن واپڈا ڈیرہ نے اس کے بجلی کے بل میں اضافی یونٹ ڈال کر اسے چالیس ہزار روپے کا بل بھیج دیا ہے جس کی ادائیگی سے وہ قاصر ہے اور ا سے غشی کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ہیں ،
اخبار فروش کا کہنا ہے کہ واپڈا ڈیرہ نے ماہ جون کے بل میں اضافی یونٹ ڈال کر ایک طرف اسے سخت پریشان کردیا ہے تو دوسری طرف وزیراعظم کے عوام کو دیئے جانے والے ریلیف کے ثمرات کو بھی ختم کرکے رکھ دیا ہے۔
غریب اخبار فروش نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پیسکو چیف ،وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
سفاک باپ نے اپنی جوانسال بیٹی کو عصمت فروشی کے لئے فروخت کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سفاک باپ نے اپنی جوانسال بیٹی کو عصمت فروشی کے لئے فروخت کردیا ، ،سسر کی رپورٹ پر داماد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،علاقہ سیدعلیاں کے رہائشی شخص نے تھانہ پہاڑپور میں رپورٹ درج کرائی کہ
میرے داماد نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے میری جوانسال نواسی کو عصمت فروشی کے لئے کسی شخص پر فروخت کردیاہے،
لڑکی کے نانا کے مطابق اس کے داماد نے اسے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو سانپ کاٹنے کے باعث دم کروا کروآپس اپنے گھر لارہا تھا کہ راستے میں اس کی طبعیت بگڑنے پر وہ رکا تواس دوران ملزم سمیع اللہ وہاں آیا اور بیٹی کو موٹر سائیکل پر اپنے ساتھ بیٹھا کر لے گیا
جبکہ اس کے داماد نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے اپنی بیٹی کو عصمت فروشی کے لئے کسی شخص پر فروخت کردیاہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
ملزمان مکان سے قیمتیں گھریلو اور تعمیراتی سامان چوری کرکے لے گئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ صدر کی حدود ہاشم کالونی میں چوری کی واردات ،ملزمان مکان سے قیمتیں گھریلو اور تعمیراتی سامان چوری کرکے لے گئے ،پولیس نے تین ملزمان کو ٹریس کرکے ان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا،
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود ہاشم کالونی کے رہائشی آصف محمود ولد محمود خان گنڈہ پور کے مکان میں چورداخل ہوگئے اور وہاں سے ایک واٹر پمپ ،ایک چائنہ پمپ ،ایک بڑا جنریٹر ،دوچھت کے پنکھے ،دو پیڈسٹل پنکھے ،ایک کالین ،
دس گز سروس تار واپڈا ،ایک سٹینڈ آئرن ،چار آہنی گارڈر ،تیرہ ٹی آئرن سولہ فٹ چوری کرکے لے گئے ،پولیس نے دوران تفتیش تین ملزمان شاہد منیر ولد محمد امیر زرگر ،عبدالرزاق ولد محمد رمضان اور اکرم ولد شاہ نواز ساکنان پوٹہ کو ٹریس کرکے ان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ڈیرہ پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ڈیرہ حافظ واحد محمود کی ہدایت پر ڈیرہ پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن ،گیارہ ملزمان گرفتار ،بھاری اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ۔
ڈیرہ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف تھانوں کی حدود میں آپریشنز کیے ،آپریشن کے دوران صدر پولیس نے ایک پسٹل ،دوبندوق اور سات کارتو س برآمد کرلیے ،پہاڑپور پولیس نے ایک پسٹل پانچ کارتوس ،درابن پولیس نے ایک بندوق چار کارتوس ،
کینٹ پولیس نے ایک رپیٹر اٹھ کارتوس ،چرس اور آئس برآمد کرلی ،سٹی پولیس نے دوملزمان کے قبضہ سے آدھا کلو گرام سے زائد چرس برآمدکی ،یونیورسٹی پولیس نے ایک رائفل اور 46 کارتوس ،بند کورائی پولیس نے دو پسٹل اور پچیس کارتوس،
چودھوان پولیس نے ایک پسٹل اور پانچ کارتوس ،کلاچی پولیس نے دوملزمان سے آدھا کلو گرام کے قریب ہیروئین برآمد کرلی ،پولیس نے آپریشنز کے دوران گیارہ ملزمان کو موقع سے گرفتار کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
بدبخت دیور نے بھابھی کی عزت تار تار کردی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بدبخت دیور نے بھابھی کی عزت تار تار کردی ،خاتون کی رپورٹ پر دیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،پنیالہ کے علاقہ سید آباد میں بدبخت دیور نے اپنی جوانسال بھابھی کی عزت تار تار کردی
اور وہ اسے کئی ماہ تک زیادتی کا نشانہ بناتارہا ،خاتون نے پولیس کو بتایا کہ شوہر کی غیر موجودگی میں میرے دیور کی نیت بد ہوگئی اور وہ کئی ماہ تک میری عصمت دری کرتارہاہے ،پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر اس کے دیور کے خلاف زبردستی زیادتی کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
شدید گرمی اور کورونا کا خوف ،مارکیٹوں سے گاہک غائب
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شدید گرمی اور کورونا کا خوف ،مارکیٹوں سے گاہک غائب ،مہنگائی کی وجہ سے شہریوں کی قوت خرید میں واضع کمی ،تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور گورونا وائرس کے خوف سے بازاروں میں خریداروں کا رش انتہائی کم رہاہے ،
کمشنری بازار ،کلاں بازار ،توپانوالہ بازار ،پوندہ بازار سمیت گلی محلوں میں قائم دکانوں میں کاروبار نہ ہونے کے برابر تھا ،تاجرون کا کہنا ہے کہ گرمی کے ساتھ کورونا کا خوف بھی لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روکتاہے ،
چند سنجید ہ حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث لوگوں کی قوت خرید میں واضع طور پر کمی واقع ہوئی ہے جس بنا پر بازاروں میں پہلے جیسا رش دیکھنے میں نہیں آرہا ہے۔
٭٭٭
آٹا ،چینی ،پیٹرول بحران نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) آٹا ،چینی ،پیٹرول بحران نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں ،حکومت اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،ان خیالات کا اظہار ڈیرہ شہر کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ،
انہوںنے کہا کہ آٹا ،چینی اور پیٹرو ل بحران نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیاہے ،جبکہ شہرمیں چینی 85 سے 90 روپے اور آٹا 60 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ پیٹرول گزشتہ اکیس روز سے نایاب ہے ،
انہوںنے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ،چینی ،آٹا اور پیڑول کا غائب ہونا نرخوں میں بلا وجہ اضافہ سوالیہ نشانہ ہے ،حکومت نے حالیہ بجٹ پیش کرکے ریلیف دینے کی بجائے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیاہے
جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ،شہریوں نے حکومت سے مہنگائی میں اضافے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
آئندہ تین روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ کے امکانات ظاہر
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ کے امکانات ظاہر کردیئے ہیں جبکہ اتور کے روز بھی ڈیرہ سمیت دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت ریکارڈ کی گئی ،
گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا
جوکہ آئندہ تین روز کے دوران مذید بڑھنے کے خدشات ہیں ،گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ماہرین نے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات کی ہیں اور دوپہر تین بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
٭٭٭
کورونا وباءکے پھیلاﺅ کے پیش نظر چالیس مقامات پر سمارٹ لاک ڈاﺅن جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں کورونا وباءکے پھیلاﺅ کے پیش نظر چالیس مقامات پر سمارٹ لاک ڈاﺅن جاری ہے ،ڈیرہ سمیت دیگر اضلاع میں مختلف مقامات اور بازاروں میں کیسز میں اضافہ ہونے کے باعث سیل کیاگیا ،
ڈیرہ میں تین مقامات سمارٹ لاک ڈاﺅن اتوار کے روز بھی جاری رہا ہے ،لاک ڈاﺅن والے علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے عام آمدورت کے لئے بند کردیئے گئے ہیں ،تین علاقوں اسلامیہ کالونی ،محلہ گڑھی سدوزئی اور مدینہ کالونی میں لاک ڈاﺅن جاری ہے ،
اسمارٹ لاک ڈاﺅن نافذ کیے گئے ان علاقوں میں صرف اشیاءضروریہ اور میڈیکل سٹورز کھولنے کی اجازت ہے ،مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہے ،سمارٹ لاک ڈاﺅن چودہ دن تک جاری رہے گا اور دوبارہ جائزہ لینے کے بعد ان علاقوں کو کھول دیاجائے گا ،پولیس کی بھاری نفری ان علاقوں میں تعینات کی گئی ہے جبکہ وہاں رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی ہیں ۔
٭٭٭
بیرون ملک سے عازمین حج کو اجازت دینے کے امکانات معدوم ہوگئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) حج میں صرف پانچ ہفتے رہ جانے کے باعث بیرون ملک سے عازمین حج کو اجازت دینے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ،حج 2020 میں پانچ ہفتے رہ جانے کے باعث پاکستانی عازمین مایوس ہوگئے ہیں ،
حج کے بارے میں سعودی حکومت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ،خیبر پختونخوا کے سرکاری اور غیر سرکاری طور پر تیس ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب جاتے ہیں ،ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث حج کے داخلہ کرنے والے بعض عازمین حج بھی شہید ہوچکے ہیں ،
تاہم ان کی فیملی نے تاحال انہوںنے رقوم بینکوں سے واپس نہیں لی ہیں ،سعودی عرب اور پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی آرہی ہے ،سعودی عرب حکومت کی جانب سے اعلان نہ ہونے کے باعث خیبر پختونخو سمیت ملک بھر کے عازمین حج میں شدید مایوسی پھیلی ہوئی ہے ،وزارت مذہبی امور بھی اپنی پالیسی فیصلہ سعودی عرب حکومت کے اعلان کی روشی میں کریں گی۔
٭٭٭
چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8سے 10دن وقفہ سے پانی لگائیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8سے 10دن وقفہ سے پانی لگائیں اور جون کے مہینہ میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلے تھوتھے وچونے کے محلول سے سفیدی کرکے تنے کوگرمی کے مضراثرات سے محفوظ بھی بنائیں۔
انہوں نے دوران ملاقات صحافیوں کو بتایا کہ باغبان موسم گرمامیں پھلدارپودوں خصوصاً چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرارت اورگرم ہوا سے محفوظ بنانے کیلئے ان کی مناسب نگہداشت کریں۔
انہوں نے بتایا کہ جون سے جولائی کے درمیان سخت گرمی پڑتی ہے اور گرم ہواﺅں ولوکے اثر سے چھوٹے و بڑے پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے ‘پھل جھلس جاتا‘ چھلکاپھٹ جاتا اور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے نیزضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں بھی رکاوٹ پیداہوتی ہے
جس سے پھل کا کیرابڑھ جاتاہے لہذا باغبان پھلدار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کریں۔
انہوں نے کہا کہ نرسری سے نئے پودے لاتے وقت اس بات کاخیال رکھاجائے کہ پیوندکی اونچائی 12 سے 15انچ ہوکیونکہ زیادہ اونچاپیونددھوپ اور گرمی کی زدمیں آنے سے کمزور ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان باغوں کے گردجامن
‘کچنار‘ تخمی آم اور بیرہواتوڑ باڑکے طورپر کاشت کریں نیزچھوٹے پودوں کو گرمی کے مضراثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے سرکنڈا یاپرالی سے ڈھانپ دیں اسی طرح پھل کو گرمی کے مضراثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے جنوب مغربی حصے کی طرف جنترکی باڑلگادیں۔
٭٭٭
سبزیوں سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے سبزیوں کے کاشتکاروں کو کریلے اورموسم گرما کی دیگرسبزیات سبزمرچ‘ گھیاتوری‘ گھیا کدووغیرہ سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)نے صحافیوںکوبتایا کہ موسم گرماکی سبزیات کی بہترپیداوار کے حصول کے لئے گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے بتایا کہ آخری گوڈی کے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھائی جائے
اور موسم گرماکی سبزیات کی صحتمند فصل حاصل کرنے کے لئے 8سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی کو بھی یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو بھی سفارش کی ہے کہ وہ گھریلو پیمانے پر کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ سبزیاں اگانے کے لئے اقدامات کریں۔
٭٭٭
ڈیرہ شہر اور اسکے گرد نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور اسکے گرد نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شہری پریشان ، ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں اضافہ،برف و دیگر اشیائ کے ریٹ بڑھ گئے ،
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اور اسکے گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ڈیرہ کادرجہ حرارت 41سی44سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی میں آئندہ ہفتے مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت48 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے ، ڈیرہ میں شدید گرمی کے باعث لوگ گھروں میں محبوس ہو گئے ہیں جبکہ ،سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم دیکھائی دیا،
ڈیرہ میں گرمی بڑھنے کے باعث برف و ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کیساتھ ریٹ بھی بڑھا دیئے گئے ہیں۔
٭٭٭٭٭
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون