دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کورونا سے پاکستان میں مزید 136 افراد جاں بحق، اموات 3 ہزار 229 ہو گئیں

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 944 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 136 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 229 ہو گیا ہے۔ 

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 944 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 61 ہزار 383 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 61 ہزار 678 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 62 ہزار 269، خیبرپختونخوا میں 20 ہزار 182، بلوچستان میں 8 ہزار 998، اسلام آباد میں 9 ہزار 941، آزادکشمیر میں 769 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 225 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 265 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 964، خیبر پختونخوا میں 773، اسلام آباد میں 95، گلگت بلتستان میں 18، بلوچستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 500 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 82 ہزار بارہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نئے کیسز میں ایک بار پھرپاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے جبکہ ایکٹو کیسز میں بھی پاکستان سے صرف پانچ ممالک آگے ہیں۔

گزشتہ روزاموات کے لحاظ سے بھی پاکستان صرف سات ممالک سے پیچھے ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

معان خصوصی ظفر مرزا نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

About The Author