مئی 16, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟ 05جون:2020

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

                                                                                                                     :ڈیرہ غازی خان

ضلع ڈیرہ غازیخان میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے. ایک روز کے دوران مارکیٹوں کے 1770معائنے کر کے آٹھ گرانفروشوں کو گرفتار اور 368400جرمانہ عائد کرد یاگیا.

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ روز ضلع بھر میں کارروائی کی اور 144مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی

جس پر آٹھ مقدمات درج کرائے گئے. ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کیلئے عوام انتظامیہ کا ساتھ دیں سرکاری نرخ پر اشیاء کی دستیابی نہ ہونے،

ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ ہونے پرقیمت ایپ کے ذریعے آن لائن شکایات کا اندراج کرایا جائے.

ڈپٹی کمشنرنے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں نکلیں اورسرکاری نرخ پراشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔.

_____________________________________________________________________________.

                                                                                                                                                                                                                                                           :ڈیرہ غازی خان

ڈپٹی کمشنر ڈیر ہ غازیخان طاہر فاروق نے شہر کے مختلف مقامات اور اداروں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور سرکاری امور کی انجام دہی کا جائزہ لیا.

ڈپٹی کمشنر نے آفیسرز کلب، چوک چورہٹہ، ماڈل ٹاون، ریلوے روڈ اوردیگر مقامات کا معائنہ کیا اور صفائی، سیوریج اوردیگر مسائل کا جائزہ لیا. انہوں نے زیرتکمیل منصوبوں پر کام کی رفتار تیز تر کرنے کی

ہدایات جاری کیں. ڈپٹی کمشنر نے رجسٹری برانچ اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے دفتر کابھی معائنہ کیا. رجسٹری برانچ میں سائلین سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کرنے کے ساتھ حل کیلئے

احکامات جاری کیے. ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی اوردیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کیا. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،

سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی علی عباس کھوسہ، ای اے ڈی اے اطہر جلیل اوردیگر موجود تھے۔

-_____________________________________________________________________________.

ڈیرہ غازیخان   :                   غازی کالونی ڈیرہ غازیخان میں دو ماہ سے سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کے باعث مکین مشکلات کا شکار ہیں.

اہلیان کالونی عبدالجبارخان، حسن خان کھوسہ، ثناء اللہ کورائی،محمد عبداللہ لغاری، ساجد، صفدر اور یاسین وغیرہ نے متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

______________________________________________________________________________.

ڈیرہ غازیخان:                   بارڈر ملٹری پولیس و بلوچ لیوی کے سربراہ کمانڈنٹ و پولیٹیکل اسسٹنٹ ٹرائیبل ایریا ڈیرہ غازی خان محمدحمزہ سالک نے باقاعدہ طور پر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس

اور بلوچ لیوی کا چارج سنبھال لیا بی ایم پی کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔رسالدار خرم عباس کھوسہ رسالدار وقار عزیز قیصرانی نے کمانڈنٹ محمد حمزہ سالک کو دفاتر کا معائنہ کرایا

اور تعارفی میٹنگ میں انہیں مکمل بریفننگ دی۔اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے کمانڈنٹ نے ہدایت جاری کی کہ ٹرائبل ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ غفلت، کوتاہی اور کرپشن کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیک پوسٹ عملہ مشکوک افراد پر نظر رکھے۔ مشکوک گاڑیوں کو چیک کیا جائے۔ کررونا کی احتیاطتی تدابیر پر عمل کریں اور شہریوں کو بھی اس کی تلقین کریں۔

_____________________________________________________________________________

                                                                                                                      : ڈیرہ غازیخان

تھانہ تونسہ صدر پولیس نے دوران چیکنگ ملزم سے پسٹل برآمد کر لیا، ملزم گرفتار اور مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق جرائم کی روک تھام

اور امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اسی طرح تھانہ صدر تونسہ کے تفتیشی آفیسر تصور عباس نے دوران چیکنگ ملزم

محمد شعیب ولد امام بخش سے پسٹل 30 بور برآمد کر لیا ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ صدر تونسہ نے کہا کہ ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایت پر امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے

زیادہ سے زیادہ کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جا سکے۔

____________________________________________________________________

                                                                                                                  : ڈیرہ غازیخان

ڈی پی او ڈیرہ اختر فاروق بھی کررونا کا شکار، ٹسٹ پازٹیو آ گیا ڈی پی او ہاوس کیمپ افس میں آیسولیشن اختیار کر لی۔

اس حوالے سے ڈی ہی او اختر فاروق نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل قبل ان کی طبعیت خراب ہوئی۔

جس ہر انہوں ٹسٹ کرایا جس پر ان کی کررونا رپورٹ پازٹیو آ گئی ہے انہوں نے دوستوں سے تندرستی اور کامل صحت کی دعا کی اپیل کی ہے۔

____________________________________________________________________________

                                                                                                           : ڈیرہ غازیخان

امریکی صحافی کوفی الفورملک بدر کیا جائے بلاول بھٹو اپنے نانا اور والدہ کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں

لوگ ان کی مقبولیت سے خائف ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری علی مراد خان کھیتران سٹی صدر بابا طاہر شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ

سنتھیا ڈ ی رچی کو ملک بدر کیا جائے اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے معافی مانگے سنتھیا ڈ ی رچی کے مسلم دنیا کی پہلی وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے متعلق مذ مو م تبصرے اشتعال انگیزیوں کا سبب بن رہے ہیں

ایک طرف خود کو سیاح،صحافی اور بیلی ڈانسر کے طور پر خود کو متعارف کرواتی رہی ہے دوسری طرف پاکستان میں ایک اعلی سطح پر سیاسی امور میں مداخلت کر رہی ہے

انہوں نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ کا نام ہے جن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی بی نے عوام اور جمہوریت کی خاطر عظیم قربانیاں دیں یہاں تک کہ

انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا مگر کبھی سر نہیں جھکایا یہی وجہ ہے کہ

آج بھی لوگوں کے دلوں میں ان کیلئے بے پناہ محبت ہے تاہم اس قسم کے متناز عہ شخصیات لوگوں کے دلوں سے شہید بھٹو اور شہید بی بی کی محبت کو ختم نہیں کر سکتے۔

_____________________________________________________________________________

                                                                                                              : ڈیرہ غازیخان

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈ ی جی خان اختر فاروق سمیت 24گھنٹوں میں 46افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق،ضلع بھر میں تعداد 473 ہو گئی 297افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو

واپس روانہ اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بھی کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اس سلسلہ میں فوکل پرسن ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ

اب تک 719افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں سے 473کا رزلٹ پازیٹو آیا جبکہ 297افراد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں

اور 8مریض آئسولیشن سنٹر میں زیر علاج ہیں صحتیاب ہو نے والے مریضوں امتیاز نقوی،علی حیدر نقوی،کمیل حسن نے صحافیوں کوبتایا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو ئے

تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے انہیں قرنطینہ سینٹر اور ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں الحمد اللہ اب مکمل صحتیاب ہو کر اپنی نارمل زندگی گزار رہے ہیں

ادھر ڈی پی او ڈیرہ اختر فاروق نے ہاؤس میں کیمپ آفس میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اورعوام سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔

______________________________________________________________________________

                                                                                                                 : ڈیرہ غازیخان

فوکل پرسن ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان شمشیر اقبال گورمانی نے بتایا ہے کہ

ڈاکٹر محمد رضا نے اینٹی کرپشن پورٹل پر شکایات کی کہ تونسہ موڑ پر گو پیٹرول پمپ مالکان

ایچ او بی سی 155 روپے لیٹر فروخت کر رہے ہیں

جبکہ اصل ریٹ 109 روپے ہے جس پر سرکل افسر کوٹ ادو کو کاروائی کی ہدایت کی گئی .

جنہوں نے ڈی او انڈسٹری اور سول ڈیفنس کے ہمراہ چھاپہ مارا تو شکایت درست پائی گئی

جس پر موقع پر مالک پیٹرول پمپ کو بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے

______________________________________________________________________________

ڈیرہ غازی خان سابق چیئرمین زکوۃ کمیٹی محمدعلی گوپانگ کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق یوسی 10 کے سابق چیئرمین زکوۃ کمیٹی محمد علی گوپانگ کو5 روز قبل

معمولی بخار ہوا اور اس کے ساتھ ہی سانس کی تکلیف شروع ہوگئی کررونا خدشہ کے پیش نظر گھر والوں نے انکا نجی لیب سے کررونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا

جس کے بعد فوری طور پر انہیں ٹیچنگ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا جہاں پر وہ انتقال کرگئے۔اہلخانہ کی رضامندی سے انتظامیہ مرحوم کا جسد گھر لے جانے کی بجائے

مکمل پیک کرکے ملاقائدشاہ قبرستان لے گئی اورپیوستہ رات تین بجے سماجی فاصلے رکھتے ہوئے

صرف چند افراد کی موجودگی میں مرحوم کا نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد انکی تدفین کردی گئی۔

___________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

حکومتی ناا ہلی کے باعث ملک و قوم ایک بحرانی کیفیت میں مبتلا ہیں۔موجودہ حکومت ہر میدان میں ناکام ہو چکی ہے نئے عام انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی ممبر قومی اسمبلی مسز شہناز سلیم ملک نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ کارونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کا معا ملہ ہو یا خارجہ امور حکومت دونوں

میدانوں میں ناکام نظر آ رہی ہے شوگر مافیا کے خلاف رپورٹ آ چکی ہے کئی روز گزر گئے نیب کا ادارہ بھی خاموش ہے اور حکومت بھی کرپٹ مافیا کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کر رہی پی ٹی آئی کے

کرپٹ وزیروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جے آئی ٹی رپورٹ ڈرامہ تھا۔شہناز سلیم ملک نے کہا کہ نواز شریف کی ایک تصویر نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دیں ہیں

نواز شریف کا پر مسرت اور پرسکون بنی گلہ ٹولے سے برداشت نہیں ہو رہا۔

_____________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ کے ہمراہ بس اڈوں سمیت شہر کے مختلف بازاروں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس اوپیز کا جائزہ لیا۔

ڈی سی نے بس اڈوں پر اڈا منیجرز سے ملاقات کی۔اڈوں پرکورونا کے پھیلاؤکو روکنے سے متعلق ایس اوپیز کا جائزہ لیا۔

ڈی سی نے اڈوں کی صفائی اور ٹکٹ کاؤنٹر پر سوشل ڈسٹنس کو چیک کیا۔تیل کی قیمتوں میں کمی پر نئے کرائے ناموں پر عمل درآمد کرانے کے احکامات دیئے۔

ڈی سی طاہر فاروق نے گاڑیوں میں ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنانے کے بھی احکاما ت جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے اڈا منیجروں کے خلاف سخت رروائی عمل میں لائی جائے گی۔مختلف بازاروں کے دکانداروں نے عمل نہ کیا تو دکانیں بھی سیل کی جائیں گی۔

___________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے. ضلع ڈیرہ غازیخان میں تاجروں کی مشاورت سے دالوں کی قیمتوں میں دو روپے سے دس روپے فی کلو

کمی کر دی گئی. دیگر اشیاء کے نرخ از سر نو متعین کر کے نوٹیفکیشن جاری کر د یاگیا. ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے گزشتہ روز پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 30سے زائد اشیائے خوردونوش کے نرخ از سر نو متعین کیے.

دال مسور موٹی دس روپے، دال مسور باریک، دال چنا میں پانچ، پانچ روپے، دال ماش میں دو روپے اور بیسن میں چار روپے فی کلو کمی کی گئی.

نئے نرخ کے مطابق بیس کلو آٹے کا تھیلا 805روپے، دال چنا موٹی 115روپے فی کلو،دال چنا باریک 110روپے، دال مسور موٹی 125روپے اور باریک 155روپے، دال ماش دھلی چمن 208روپے اور برما 182روپے، دال مونگ دھلی 255روپے،

چنا سفید موٹا 110روپے او رباریک 90روپے، بیسن112روپے، چینی سفید80روپے، برف ساڑھے سات روپے، چاول کرنل کچی اور پکی 135روپے،

چاول کرنل چھوٹی 75روپے، چاول اری چھ 60روپے، سوجی میدہ 52روپے، دہی 80روپے، چھوٹا گوشت چھ سو روپے اور بڑا گوشت 350روپے فی کلو کے نرخ مقرر کیے گئے.

سو گرام وزن کی روٹی چھ روپے اور خمیری روٹی سات روپے اور دودھ 75روپے فی لٹر فروخت ہو گا. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سبزی، پھل، گوشت مرغی اور انڈے کا بازار ریٹ روزانہ کی بنیاد پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی مقرر کرے گا

دکاندار مقررہ نرخ سے زیادہ پر اشیاء فروخت نہیں کریں گے سرکاری نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں ہوں گے خلاف ورزی پر جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے.

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے کہا کہ وہ پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی پر ٹال فری نمبر080002345 کے علاوہ 0345-4023718، 064-9260347پر اطلاع دے سکتے ہیں

______________________________________________________________________________.

: ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع ڈیرہ غازیخان میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سختی شروع کر دی گئی ہے.

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے کارروائی کرتے ہوئے

تین دکانیں سربمہر کر دیں.انہو ں نے کہاکہ سماجی فاصلہ،

سینیٹائزر کا استعمال، ماسک اور گلوز سمیت دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے کاروباری مراکز سیل کر دیئے جائیں گے۔

_____________________________________________________________________________.

: ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب نے ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کی چیئر پرسن ڈاکٹر کشور ناہید اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین کو گریڈ 20 میں ترقی دے دی ہے

جس پر تعلیمی، سیاسی،سماجی اور عوامی حلقو ں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے توقع کی ہے کہ وہ ڈیرہ غازیخان تعلیمی بورڈ کی کارکردگی مزید بہتر کرنے کیلئے بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے.

دریں اثنا چیئر پرسن ڈاکٹر کشور ناہید اورڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین کو گریڈ 20ملنے پر بورڈ افسران اورملازمین نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ

دونوں کا شمار پنجاب تعلیمی بورڈ ز میں انتہائی قابل اور محنتی افسران میں ہوتا ہے اور وہ بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور 20ویں گریڈ میں ترقی شیخ امجد حسین کی 30سالہ خدمات کا اعتراف ہے

علاوہ ازیں انہوں نے امتحانات کے انعقاد، نتائج کی تیاری اور دیگر امور میں ہمیشہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کیا

۔ اور محنت، لگن اور دیانتداری سے فرائض منصبی انجام دیئے

_____________________________________________________________________________.

: ڈیرہ غازیخان

مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایپکا پاکستان چوہدری مسعود احمد نے کہا ہے کہ وفاق کی طرف سے بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کو ایک جیسی مراعات دی جاتی رہیں

اور تمام صوبوں کے سرکاری ملازمین کو بھی وہ تمام مراعات ملتی تھیں لیکن 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد صوبے خود مختار ہوگئے اب وفاق کی طرف سے بجٹ میں جو مراعات دی جاتی ہیں

صوبے اپنے صوبے کے سرکاری ملازمین کو وہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے تمام صوبوں کے عام طبقے کے سرکاری ملازمین سراپا احتجاج ہیں ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے

گزشتہ روز ڈی جی خان میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کی چار دیواری سے باہر لاہور کے تمام محکمہ جات کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ پنجاب کے تمام اضلاع کے تمام محکمہ جات کے ملازمین عام طبقہ تصور کیا جاتا ہے

وہ یہ عام طبقہ ان تمام مراعات سے محروم ہے بجٹ میں تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ سب کو ملا جو اس خاص طبقے نے بھی وصول کیا جو پنجاب کے تمام اضلاع میں تمام محکمہ جات کے عام طبقے کے سرکاری ملازمین کو ابھی تک نہیں دئیے گئے

اس طرح سول سیکرٹریٹ کی چار دیواری کے اندر سکیل نمبر 1 کا ملازم 50000کے قریب تنخواہ لے رہا ہے اور چار دیواری سے باہر عام طبقے کے سکیل نمبر 1 کے ملازم کو 18000تنخواہ دی جارہی ہے اسی طرح تمام صوبوں میں سول سیکرٹریٹ کی چار دیواری کے

اندر آفیسران اور اہلکاران کو یہ تمام مراعات دی جارہی ہیں لیکن باہر تمام سرکاری ملازمین اس سے محروم ہیں جس کی وجہ سے تمام صوبوں کے عام طبقے کے سرکاری ملازمین سراپا احتجاج ہیں

چوہدری مسعود نے مزید کہا کہ ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے مطابق مراعات کی منظوری دی جائے اور پاکستان کے تمام سرکاری ملازمین کو بلاتفریق ایک جیسے مساوی الاونسسز دئیے جائیں اگر بجٹ میں صرف اسلام آباد سیکرٹریٹ کے ملازمین کو وفاق کی طرف یوٹیلیٹی الاؤنس دیا جاتا ہے

اور پاکستان کے باقی ملازمین کو نہیں دیا جاتا تو یہ بہت بڑی زیادتی ہوگی اور پورے ملک کے تمام محکمہ جات ملازمین اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے

اور ان کے حصول کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اگر بجٹ میں یہ دوہرا معیار ناانصافی ختم نہ کی گئی

اور مساوی الاونسسز اور دوسری مراعات نہ دی گئیں تو پورے پاکستان میں تمام تنظیموں کے قائدین ایک پلیٹ فارم پر ان مراعات کے حصول کے لیے بھر پور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔

_____________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

تھانہ جھوک اتراء نے الگ الگ کاروائی کر کے 4 منشیات فروش گرفتار کر لئے تفصیلات کے مطابق اس ایچ او تھانہ جھوک اتراء کرم الٰہی نے بتایا کہ

ڈی پی او اختر فاروق کے احکامات کی روشنی میں منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے

اسی طرح پولیس تھانہ جھوک اتراء نے الگ الگ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے

21 لیٹر شراب جبکہ 110 گرام چرس برآمد کر لی گرفتار کئے گئے

ملزمان محمد نعیم، محمد وقاص، محمد حفیظ اور محمد فہیم کے خلاف تھانہ جھوک اتراء میں مقدمہ درج کر دیا ہے۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

آرپی او عمران احمر نے کہا ہے کہ پولیس کرونا وائرس کے خلاف محدود وسائل کے باوجود فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس میں کرونا وائرس سے

بچاو کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس محدودوسائل کے باوجود کرونا وائر س کیخلاف مہم میں فرنٹ لائن پر کا م کررہی ہے

پولیس دن، رات عوام النا س کی جان ومال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے صوبے بھر میں پولیس کے کئی جوان اس موذی مرض کا شکار ہوچکے ہیں

لیکن پھر بھی ان کا مورال بلند ہے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ہمیں خود کو اور اپنے ساتھیوں کو موذی وباء سے محفوظ رکھنے اور بچانے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہیے

اپنے اردگر د سماجی فاصلہ رکھیں تما م تر ضروری احتیاطی تدابیر اپنا ئی جائیں کرونا وائرس کی

احتیاطی تدابیر پر بمطابق ایس او پیز عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

_____________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایا ت جاری کر دی ہیں کہ

تمام پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں. انہوں نے عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پٹرول پمپس انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کیں کہ

ڈپو سے وافر مقدار میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے.

کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکاما ت جاری کیے کہ

وہ پٹرول پمپوں کا دورہ کریں عوام اور مالکان سے ملاقات کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

_____________________________________________________________________________.

: ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیر ہ غازیخان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر

تحصیل صدر ہسپتال تونسہ کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی.

اپ گریڈیشن مقررہ معیاد کے اندر مکمل ہونی چاہئیے تاہم مٹیریل کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. عوام کو سفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹر ز کی مشکلات کم کرنے کیلئے

تونسہ کے جنرل بس سٹینڈ پر توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے یہ بات تونسہ کے دورہ کے موقع پر ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران کہی.

اسسٹنٹ کمشنر تونسہ محمد یوسف چھینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اور متعلقہ افسران ہمراہ تھے.

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسران عوامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں. ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے باقاعدہ آگاہی دی جائے.

منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں مشاورت سے دور کرائی جائیں۔

________________________________________________________________________.

: ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر توصیف طاہراور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نظام الدین کی نگرانی میں

مویشی پال حضرات کے ڈیرے پر فارمز ڈے کا انعقاد سلسلہ شروع کردیا گیا فارمز ڈے کے ذریعے کسانوں کو مویشیوں کی دیکھ بھال اور بیماریوں سے محفوظ اور حفاظتی تدابیر اختیارکرنے کے بارے میں

آگاہی فراہم کی جائے گی اس حوالے سے ضلع ڈیرہ غازی خان کی چاروں تحصیلوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو فارمز ڈے کے پروگرام کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی

جانوروں کی ویکسی نیشن اور ویٹرنری سہولیات کے بارے رپورٹ روزنہ کی بنیاد پر ایڈیشنل ڈائریکٹر کے دفتر میں جمع کروائی جائے گئی

اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل کوٹ چھٹہ ڈاکٹر اعجاز حسین کھوسہ نے تحصیل کوٹ چھٹہ کے مختلف علاقوں میں خود جاکر پروگراموں کا جائزہ لیا

اور مویشی پال حضرات کو سہولیات کے بارے دریافت کیا انہوں نے ویٹرنری افسران اور فیلڈ عملہ کو ہدایت کی کہ

وہ مویشی پال کی بہتری اور جانوروں کی ویکسی نیشن کو سوفیصد یقینی بنائیں پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق کسانوں کو گھر کی دہلیز پر ویٹرنری سہولیات فراہم کی جائیں

اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر اعجاز حسین کھوسہ نے مختلف موضوعات میں ہونے والے فارمز ڈے پروگراموں کا خود جائزہ لیا

اس موقع پر انہوں نے سول ویٹرنری ڈسپنسری نواں شہر کے انچارج ڈاکٹر محمد ابراھیم بزدار کی طرف سے منعقدہ فارمز ڈے پروگراموں کو سراہتے ہوئے سٹاف کو شاباش دی۔

___________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

() 20 لاکھ روپے سر کی قیمت والا مجرم اشتہاری مجید لادی دوران پولیس مقابلہ میں ہلاک۔تفصیلات کے مطابق دہشت گردی، قتل و ڈکیتی جیسے کئی سنگین مقدمات میں مطلوب

مجرم اشتہاری مجید لادی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ مجید لادی مورخہ 04.05.2020 کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ واردات کی نیت سے آ رہا ہے

جس پر 2 درجن سے زائد دہشت گردی اور قتل و ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات درج ہونے کے ساتھ 20 لاکھ روپے سر کی قیمت مقرر ہے کا پولیس CIA اور تھانہ کوٹ مبارک سے سمینٹ فیکٹری روڈ پر سامنا ہو گیا

اور پولیس کو دیکھتے ہی مجید لادی نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس تھانہ کوٹ مبارک اور CIA پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت مجید لادی اور اس کے دیگر ساتھیوں پر

جوابی فائرنگ کی تو دوران مقابلہ مجید لادی فائر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا اور اپنا موٹر سائیکل چھوڑ کر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گیا تھا

شدید زخمی ہونے کی وجہ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مجرم اشتہاری ہلاک ہو گیا ہے۔ ہلاک ہونے والا مجرم اشتہاری ہیڈ منی کا مجرم تھا جس کے سر قیمت 20 لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھی

اور مجرم اشتہاری مجید لادی دہشت گردی، قتل و ڈکیتی جیسے 31 سے زائد سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ایس ایچ او تھانہ کوٹ مبارک جعفر حبیب اور انچارج CIA عبدالرؤف نے بتایا کہ

ڈی پی او اختر فاروق کے ویژن کے مطابق عوام الناس کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے

اور ڈیرہ غازیخان پولیس جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے لادی گینگ سمیت جرائم پیشہ عناصر کے مزموم عزائم کو ناکام بنا رہی ہے۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

تھانہ کوٹ مبارک پولیس نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اسلحہ فروخت کرنے والے ملزم کو ناجائز اسلحہ اور 1 ہزار گولیوں سمیت گرفتار کر لیاتفصیلات کے مطابق

ایس ایچ او تھانہ کوٹ مبارک جعفر حبیب نے بتایا کہ شرپسند عناصر اور ناجائز اسلحہ ڈیلروں کے خلاف کوٹ مبارک پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں

اسی طرح ملزم محمد طاہر ولد محمد رمضان سے ماؤذر 30 بور اور 1 ہزار گولیوں سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا

ملزم اسلحہ فروختگی کا کام کرتا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایچ او تھانہ کوٹ مبارک جعفر حبیب کا کہنا تھا کہ ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایت پر عوام الناس کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے

بھر پور کاروا یاں جاری ہیں۔جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کوئی کسی نہ چھوڑی جائے گی۔

_____________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ڈیرہ غازی خان میں پٹرول نایاب ہوگیاشہر بھر کے متعدد پٹرول پمپس پر ترسیل معطل ہونے سے شہری پریشانی سے دوچارحکومت سے پٹرول کی

فوری فراہمی کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ڈیرہ غازی خان میں گذشتہ تین روز سے

پٹرول پمپس پر پٹرول کی ترسیل معطل ہونے سے شہری پریشانی سے دوچار ہیں اور شہر کے متعدد پٹرول پمپس مالکان کی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرکے سپلائی بند کردی گئی

جبکہ شہر سے باہر پٹرول پمپس پر پٹرول پمپس مالکان کی طرف سے مان مانے نرخوں پر فروخت کیا جارہا ہے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ

پٹرول کی فوری فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں حکومت کی جانب سے دئیے جانے ریلیف کا فائدہ مل سکے۔تاہم پٹرول پمپس مالکان سے بات ہوئی تو ان کا کہنا ہے

پارکو کی جانب سے پٹرول کی سپلائی نہیں ہورہی جس کی وجہ سے پٹرول نایاب ہوچکا ہے اور انکا بھی کاروبار بری طرح متاثرہ ہوچکا ہے

پٹرول پمپس مالکان نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے پہلے وہ آئل ریفائنری کو احکامات جاری کریں

اور اس بات پر بھی پابند کریں کہ وہ بھی پمپس مالکان کو نئے ریٹ پر پٹرول کی ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

مرکزی انجمن تاجران کے نائب صدر،بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد حنیف کی اہلیہ طویل علالت کے بعد بقضائے الٰہی انتقال کر گئیں مرحومہ کی نماز جنازہ گھنٹہ گھر گول باغ میں ادا کی گئی

جس میں صدر چیمبر آف کامرس سردار ذوالفقار علی خان نصوحہ، صدر انجمن تاجران جان عالم خان لغاری،جنرل سیکرٹری جاوید اسحاق مستوئی،

سرپرست اعلیٰ الحاج شیخ محمد علی، سابق سینئر نائب صدورطارق اسماعیل، زاہد نظام،سابق ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد،شیخ طاہر معراج،آصف رزاق،شاہد معراج،شیخ محمد قاسم،خالد معراج،

بیکر ز ایسوسی ایشن کے کاشف یونس،ساجد بلوچ، محمد ریاض، شیخ محمد علی،شیخ عظمت،شیخ منگو،سابق صدربار ملک ندیم غوث، پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماء حیدر کفایت عباسی

سمیت تاجروں،شہریوں،وکلاء،ڈاکٹرز کی کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحومہ کے اچانک انتقال پر شیخ محمد حنیف اور ان کے بیٹے محمد شکیل حنیف،شیخ محمد سلیم حنیف اور دیگر سے اظہار تعزیت کیا

مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل خوانی کل بروز جمعہ صبح 8بجے بلاک 6کی جامع مسجد میں ادا کی جا ئے گی۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان میں خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا

اے ڈی سی آر سمیع اللہ فاروق نے دکانداروں کو چیکنگ کے دوران 1لاکھ 60 ہزار کے جرمانے کر دیے۔اے ڈی سی ار سمیع اللہ فاروق نے گولائی کمیٹی سمیت دیگر مارکیٹ کو چیک کیا۔

اس موقع پر انکے ساتھ ڈی او انڈسٹری محمد اصغر بھی موجود تھے۔ ڈی او انڈسٹری کے ہمراہ دکانوں پر ریٹ لسٹں چیک کیں

انہوں نے منہگا آٹا بیچنے اور دیگر اشیاء کی خود ساختہ قیمت بڑھانے پر ایکشن لیا۔دکانداروں کو نئی ریٹ لسٹس آویزاں نہ کرنے پر وارننگ بھی دی

۔اے ڈی سی آر سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے

عوام نشاندہی کریں انتظامیہ کی جانب سے ایکشن لیا جائے گا۔

_____________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

آرپی او عمران احمر کی خصو صی کاوش پر ریجنل پولیس آفس میں کرونا وائرس سے بچاو کا سپرے کرایاگیا۔تفصیل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر کی خصوصی کاوش پر

موجودہ صورت حال کے پیش نظر ریجنل پولیس آفس کے تما م دفاتر، برانچز، ملازمان کی رہائش گاہوں،بیرکس اور سکیورٹی پوائنٹس پر کروناوائرس سے بچاو سپرے کرایا گیا

اس موقع پر آر پی او عمران احمر کا کہناتھا کہ کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے اردگر د سماجی فاصلہ رکھنا نہایت ضروری ہے دوران ڈیوٹی اپنے اور اپنے ساتھیوں کو محفوظ رکھتے ہوئے

تما م تر ضروری احتیاطی تدابیر اپنا ئیں کرونا وائرس سے بچاو کے لیے سپرے کا دائرہ کار ڈیرہ غازیخان ریجن بھرکے تمام پولیس دفاتروں،رہائش گاہوں،

پولیس چیک پوسٹوں اور پولیس پکٹس پرسپرے کرایا جائے گاجس سے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکتا ہے۔ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ماسک،

دستانے اور سینٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔لوگوں کو کرونا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پہنچائی جائے۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

ایک کروڑ روپے مالیتی منصوبہ جات میں کرپشن ثابت ہونے پر محکمہ بلڈنگ جامپور کے ایکسین۔ایس ڈی اؤ۔سب انجنیئر اور ٹھیکیداروں کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج

جبکہ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں تفصیل کے مطابق جامپور کے شہری محمد شاہد نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان کو درخواست دی کہ

محکمہ بلڈنگ راجنپور کے ایکسین فدا حسین بھٹہ ایس ڈی اؤ غلام شبیر قریشی۔سب انجینئرز سلیم ترین۔مہار شفیق نے ایک کروڑ روپے مالیت کے منصوبہ جات گورنمنٹ ہائی اسکول نوشہرہ غربی اور

گورنمنٹ ہائی سکول مڈ رنداں کی تعمیر میں ناقص میٹریل استمعال کیا جس کی وجہ سے سکولوں میں کریک پڑ گئے ہیں شبیر قریشی نے چار سال تک سرکاری رہائش گاہ استمعال کی

اور ہاؤس رینٹ ادا نہیں کیا اور بجلی بھی چوری کرتا رہا اسی طرح دفتر کا فرنیچر خرید کئے بغیر اٹھارہ لاکھ روپے نکلوا لئے دوران انکوائری الزامات ثابت ہوئیجس پر

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان کے حکم پر سرکل افسر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے چھا پے مرنے شروع کر دئے ہیں

جبکہ ملزمان روپوش ہو گئے ہیں۔

______________________________________________________________________________

: ڈیرہ غازیخان

محکمہ اینٹی کرپشن لیہ کی کاروائی۔ اظہر حسین سرکل آفیسر لیہ اور ٹیم نے مقدمہ نمبر 14/18 جرم 420/468/471 ت پ 5/2/47 محمد اصغر پٹواری سابقہ حلقہ فتح پور شہر کی عبوری

ضمانت خارج ہونے پر عدالت عالیہ ملتان سے حسب ضابطہ گرفتار کرلیا۔پٹواری محمد اصغر کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن لیہ میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

اس حوالے سے سرکل آفیسر نے کہا کہ ڈائریکٹر انٹی کرپشن کی ہدایت پر کرپشن مافیا کے خلاف سرگرم ہیں شہری کریٹ آفیسران کی نشان دہی کریں تاکہ

ایسے عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

%d bloggers like this: