نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

15مئی 2020: آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈکیتی کی وردات ،تعاقب پر ڈاکو کی فائرنگ سے ایک بھائی شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان :تھانہ کینٹ کی حدود میں ڈکیتی کی وردات ،تعاقب پر ڈاکو کی فائرنگ سے ایک بھائی شدید زخمی ،دوسرا بال بال بچ گیا ،ڈاکو نقدی لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے نامعلوم ڈاکو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بلال آباد میں زوہیب ولد خادم حسین قوم سیال رات کے وقت مسجد سے گھر کی جانب جارہا تھا کہ راستے میں مسلح ڈاکو نے اسلحہ کی نوک پر اسے روک کر نقدی چھین لی ،گھر پہنچنے پر نوجوان نے اپنے بھائی اٹھارہ سالہ محمد سہیل کے ہمراہ ڈاکو کا تعاقب کیا اور ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی

تو اس نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بھائی محمد سہیل پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی جبکہ دوسرا بال بال بچ گیا جبکہ اس دوران ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے ،

پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
دیورانیاں ناجائز تعلقات کی بنا پر آشناﺅں کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ ٹاﺅن کی حدود میں دیورانیوں کا ایکا، ناجائز تعلقات کی بنا پر آشناﺅں کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی ، دونوں خواتین گھر سے جاتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے نوتولہ طلائی زیورات اور ساڑھے چار لاکھ روپے نقد بھی ساتھ لے گئیں،

شوہر کی رپورٹ پر دونوں خواتین سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،ذرائع کے مطابق تھانہ ٹاﺅن کی حدود سے دو شادی شدہ خواتین نے اپنے آشناﺅں کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم ہونے پر رات کی تاریکی میں ان کے ساتھ گھر سے بھاگ گئیں ،

ذرائع کے مطابق دونوں خواتین ایک ہی گھر میں بیاہی ہوئی تھیں اور رشتے میں وہ دونوں آپس میں دیوارنیاں تھی ،دونوں خواتین گھر سے جاتے ہوئے نوتولہ طلائی زیورات ،ساڑھے چار لاکھ روپے نقدی اور ایک خاتون اپنی سات سالہ بچی بھی ساتھ لے گئی ،

ایک خاتون کے شوہر کی رپورٹ دونوں خواتین سمیت چھ افراد کے خلاف اغوائیگی اور خیانت مجرمانہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ۔
٭٭٭
جیب کتروں کے ساتھ جیب تراش خواتین بھی سرگرم،جیب تراش خاتون گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ میں جیب کتروں کے ساتھ جیب تراش خواتین بھی سرگرم ،سٹی پولیس نے چوری کی دوران ناکام بناتے ہوئے جیب تراش خاتون کو گرفتارکرکے چوری شدہ رقم برآمدکرلی

،پولیس نے خاتون کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا ،تھانہ سٹی کی حدود کمشنری بازار ڈیرہ گومل مارکیٹ میں جیب تراش خاتون نے دوسری خاتون کا پرس چوری کرلیا اور فرارہونے کی کوشش کی تاہم بروقت علم ہونے پر خاتون کے واویلااور شور شرابے پر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے جیب تراش خاتون کو قابوکرکے گرفتارکرلیا

اور اس سے پرس میں موجود چوری شدہ پچیس ہزار روپے نقد برآمد کرلیے ،پولیس نے جیب تراش خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیاہے۔
٭٭٭
تیز رفتار کار کی ٹکر سے چنگ چی ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے چنگ چی ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا ،کار سوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ،نامعلوم کار ڈرائیو رکے خلاف مقدمہ درج کرلیاتھا

،تھانہ یونیورسٹی کی حدود گومل یونیورسٹی کے قریب تیز رفتار کار چنگ چی کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چنگ چی ڈرائیور محمد عرفان ولد غلام قاسم سیال سکنہ بلال آباد مریالی شدید زخمی ہوگیا ،کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔

پولیس نے زخمی کی رپورٹ پرنامعلوم کار ڈرائیور کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
پولیس نے ملزم کے قبضہ سے ہیروئن ،آئس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے اسے گرفتارکرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سٹی پولیس نے کاروائی کے دوران ٹانک اڈہ مدنی مسجد کے قریب ملزم کے قبضہ سے ہیروئن ،آئس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے اسے گرفتارکرلیا ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔

سٹی پولیس نے کاروائی کے دوران ٹانک اڈہ مدنی مسجد کے قریب ملزم فہیم اللہ ولد عنایت اللہ گنڈہ پور سکنہ کلاچی حال ٹانک اڈہ کی تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے 565 گرام ہیروئن ،ڈیڑھ سو گرام آئس نشہ ،ایک پسٹل 9MM اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کرلیے ہیں ۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے پابند سلاسل کردیا ،
٭٭٭
کارٹیکسی سٹینڈ قائم کرکے لوگوں کر ہجوم اکٹھا کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس نے ٹانک اڈہ پر کارٹیکسی سٹینڈ قائم کرکے لوگوں کر ہجوم اکٹھا کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتارکرلیا،

پولیس ذرائع کے مطابق لاک ڈاﺅن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملزمان نے ٹانک اڈہ کے قریب کار ٹیکسی سٹینڈ قائم کرکے لوگوں کا ہجوم ا کٹھا کررکھا تھا جس سے انہوںنے سڑک کو بند کیا اور آمدورفت متاثر ہوئی ،

پولیس نے ملزمان انور ،احمد نور اقوام وزیر ،گلی ولی محسود اور عمر گل بھٹنی کو موقع سے گرفتارکرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
لین دین اراضی پندرہ لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے کے الزام میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس نے شہری کو بابت لین دین اراضی پندرہ لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے کے الزام میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق شہری کے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم نے بابت لین دین اراضی اسے پندرہ لاکھ روپے کا جعلی چیک تھمادیاہے۔ پولیس نے شہری کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف جعلی چیک کامقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭٭٭٭
شہری کی بھینس اور گائے چوری کرلی گئیں ،تعاقب پر ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تحصیل پہاڑپو رکے علاقہ کھرو والی میں شہری کی بھینس اور گائے چوری کرلی گئیں ،تعاقب پر ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے ،پولیس نے ملزم محمد الیاس اور اس کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پہاڑپور کے علاقہ کھروالی میں ملزمان رات کی تاریکی میں ملک عمران ولد ملک بہاول قوم جائی سکنہ کھرووالی کے مکان میں داخل ہوئے اور وہاں سے اس کی ایک بھینس سیاہ رنگ اور ایک عدد گائے سرخ چوری کرلیں،

ملزمان کی تلاش کے دوران راستے میں ان کی موٹرسائیکل پائی گئی جو کہ تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کردی گئی ہے ،پولیس نے ملزم الیاس ولد سجاول قوم جائی کی نشاندہی ہونے پر اس کے دیگرساتھیوں سمیت اس کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ایم ٹی اسٹاف کے پولیس ڈرائیوروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسر ڈیرہ کیپٹن (ر)واحد محمود نے بہترین پیشہ ورانہ کارگردگی کے اعتراف میں ایم ٹی اسٹاف کے پولیس ڈرائیوروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آ فس میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب کے دوران ضلعی پولیس سر براہ نے کہا کہ فورس کی عالمی سطح پر امیج کو بر قرار رکھنے کے لےے اپنی کارگردگی کو مزید بہتر بنائے انہوں نے زور دیا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ کردار خلوص نیت ، ایمانداری اور بہتر طرز عمل کے ذریعے پولیس فورس کی نیک نامی کے لےے کام کریں ۔

انہوں نے سختی سے ہدایات دی کہ پولیس میں کرپشن کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی تمام توانائیاں صرف اور صرف امن و امان کے قیام اور عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لےے بروئے کار لائیں ۔

ڈی پی او ڈیرہ نے وا ضح کر دیا ہے کہ قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی سے قطع نظر کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں لہذا پولیس افسران خوف خدا کو دل میں رکھتے ہوئے تمام معاشرتی تضادات اور وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض عین عوامی توقعات کے مطابق ادا کریں
٭٭٭
بدنام زمانہ لیڈی جیب تراش رنگے ہاتھوں گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کی اہم کاروائی بدنام زمانہ لیڈی جیب تراش رنگے ہاتھوں گرفتار،ملزمہ کے قبضہ سے 25 ہزار روپے بر آ مد، تفصیلات کے مطابق نادیہ بخاری زوجہ عطا ءاللہ سکنہ گرڈ روڈ نے رپورٹ کی کہ میں عید کی خرید و فروخت ،

سودا سلف لینے گومل مارکیٹ آئی ہوئی تھی مارکیٹ میں کافی رش تھا ایک موٹے جسم کالی رنگت والی عورت میرے ساتھ آ کر کھڑی ہوگئی ۔میں چیزیں وغیرہ پسند کر رہی تھی کہ اسی اثناءمیں اس عورت نے میرے بیگ میں پرس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی

میں نے شور شرابا کیا تو مذکورہ عورت رش کا فائدہ اٹھا کر چھپ جانے میں کامیاب ہوگئی ۔میں نے پرس سنبھالا تو مبلغ 25000 روپے عدم موجود پائے ،موقع پر پولیس کو عورت کا حلیہ بتایا جس پر پولیس نے فوراً کاروائی کرتے ہوئے میرے بتلائے ہوئے حلیے کی عورت کو گرفتار کیا۔

جس کی شناخت مسماةً سلمہ بی بی زوجہ طارق سکنہ تھہیم آ باد کے نام سے ہوئی یہ وہی عورت تھی جس نے میرے 25000/- روپے چوری کیے ہیں ۔کوگرفتار کر کے اس کے قبضہ سے چوری کی گئی رقم بر آ مد کی ملزمہ کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
٭٭٭
فیلڈر گاڑیاں نان کسٹم پیڈ ،4652 لیٹرڈیزل،2500 لیٹر پیٹرول اور30 کلو بادام برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کی اہم کاروائی سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری02 فیلڈر گاڑیاں نان کسٹم پیڈ ،4652 لیٹرڈیزل،2500 لیٹر پیٹرول اور30 کلو بادام قبضہ پولیس کرکے کسٹم حکام کے حوالے کیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام ، انسداد جرائم اور خاص کر سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر گشت اور ناکہ بندیاں قائم کر کے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

اسی چیکنگ کے تسلسل میںایس ایچ اودرابن انسپکٹر محمد رمضان نے بدوران ناکہ بندی فیلڈر گاڑی نمبر APZ/708 ،فیلڈر گاڑی نمبر LED/9394 برنگ کالا اور 30 کلو بادام ،ایس ایچ اور پر و آ انسپکٹر انعام خان نے 3000 لیٹر ڈیزل اور 2500 لیٹر پٹرول ،

ایس ایچ او کلاچی سب انسپکٹر عطاءاللہ خان نے ڈالا نمبر 9565 سے 1652 لیٹر ڈیزل جو کہ بغیر کسٹم ادا کیے سمگل کیے جا رہے تھے قبضہ کر کے کسٹم حکام کے حوالے کیا ۔۔ اسی طرح ڈیرہ پولیس نے گزشتہ ساڈھے چھ ماہ کے دوران 43 عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ،

13 ٹرک ٹینکر ،01 کوسٹر ،1284 کلو گرام چائے، 142504 لیٹر ایرانی ڈیزل ،40000 لیٹر ایرانی آئل ،7055 لیٹر ایرانی پیٹرول ،24 کاٹن تھرماس ،12270 کلو گرام کوکونٹ ،4035کلو گرام بادام ،1234 کلو گرام کشمش ،

54 بوری چلغوزہ ،55 عدد ٹائر ،45000 کلو سیب ،199 لیٹر کوکنگ آئل ،2200 کلو تازہ انار ، 18 کاٹن سگریٹ ،27 بیگ خشک میوہ ،175 کلو چائنہ نمک ،06 کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات ،08 کاٹن سپیئر پارٹس ،1750 کلو گلیسرین ،20 کاٹن موبل آئل ،

01 گٹو کپڑا ،09 گٹو شاپر ،51678 کلو گرام مونگ پھلی ،06 گٹو چھلی ،04 عدد انورٹر ،11 عدد ہیٹر ،04 عددہیٹر شمسی انورٹر ،89 عدد موبائل ،09 عدد واٹر پمپ ،07 بوری پان سپاری سمیت متفرق سامان جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہیں ۔

جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جا رہا تھا ۔کسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
لاک ڈاون میں نرمی کے دوران عوام نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،معالجین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ کے معروف معالجین کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے دوران عوام نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں اب کورونا زیادہ اور بہت تیزی سے پھیلے گا۔

انہوںنے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے حکومت کو دوبارہ لاک ڈاون کی طرف جانا ہوگا،پوری دنیا میں لاک ڈاون نرم کیا گیا لیکن ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کیا گیا۔پاکستان میں ایس او پیز پر عمل نہ کیا جائے تو خدشہ ہے کہ کورونا انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل سکتا ہے،

حکومت نے عوام کی مالی مشکلات کا احساس کیا لیکن لوگوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے خود ہی اپنے پاو¿ں پر کلہاڑی ماری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے لاک ڈاون میں نرمی کرنے میں بہت عجلت کا مظاہرہ کیا کیونکہ ہماری عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا تھا،ہماری کوشش تھی کہ لاک ڈاون میں نرمی نہ کی جائے انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاو¿ن نرم کرنے کے اثرات ہفتہ دس دن بعد سامنے آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں کا مائنڈ سیٹ پتہ ہے ، لاک ڈاون میں نرمی نہیں کرنی چاہیے تھی، کورونا سے بچاو کا واحد راستہ ہمارے پاس صرف یہی ہے کہ ہم آئسولیشن میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 9مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔حکومت کا کہنا ہے کہ تمام صوبائی حکومتوں کی آمادگی کے بعد ہی لاک ڈاﺅن نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ ہم اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں،

تاہم لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی جا رہی،بازاروں میں رش ہے جس وجہ سے معالجین نے خطرناک نتائج سے آگاہ کر دیا ہے۔
٭٭٭
رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق اس سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے حج سے متعلق حتمی اعلان تاحال نہ کیا جا سکا۔

وزارت مذہبی امور نے سعودی وزارت حج سے رابطہ بھی کیا ہے اور استفسار کیا ہے کہ رواں سال حج ہوگا یا نہیں یا اس حوالے سے کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے حکومت کو جواب دیا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

صورتحال کلیئر ہونے پر تمام ممالک کا آغاز کیا جائے گا۔حکام وزارت مذہبی امورکا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ حج سے متعلق ایس او پیز کے مطابق انتظامات کریں گے۔ایک کمرے میں ایک شخص کو رکنے کی اجازت ہوئی تو حج مہنگا ہوگا۔

حکام وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ رمضان کے بعد حج کا فیصلہ ہوا تو ہنگامی انتظامات کرنے ہونگے۔رمضان المبارک کے بعد اگر حج کرانے کا فیصلہ ہوا تو ہمارے پاس وقت کم ہوگا۔۔ سعودی وزارت حج کی جانب سے حج 2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی وزیر حج نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کے استفسار پر بتایا تھا کہ حج2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر فیصلہ 15 رمضان تک کردیا جائے گا۔

ذرائع نے توقع ظاہر کی تھی کہ حج کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کر دیا جائے گا جس کی باضابطہ اطلاع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو بھی کی جائے گی۔تاہم تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن میں چار روزتک نرمی کے بعد تین روز کے لئے لاک ڈاﺅن دوبارہ سخت کردیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں لاک ڈاﺅن میں چار روزتک نرمی کے بعد تین روز کے لئے لاک ڈاﺅن دوبارہ سخت کردیا گیا ہے ،پولیس نے چوگلیہ کے چاروں گیٹوں کو بند کردیا جبکہ بازاروں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت کے راستوں کو بھی مکمل طور پر بند کردیا ہے ،

صوبائی حکومت کی جانب سے ہفتے میں تین دن بازار بند رکھنے اور چار دن دکانیں کھلے رہنے کی ہدایات جاری کی تھی ،سمارٹ ڈاﺅن کا پہلا مرحلہ جمعرات کو ختم ہوگیا جبکہ جمعہ سے اتوار تک مکمل لاک ڈاﺅن ہوگا ،پیرکے دن دوبارہ تجارتی مراکز اور دکانیں کھل جائیں گی ،

حکومت کے لاک ڈاﺅن میں نرمی کے فیصلہ پرگزشتہ چار روز کے دوران بازاروں میں شہریوں کو ہجوم امڈ آیا اور تمام تر حفاظتی تدابیر کو ترک کرکے مردوخواتین نے خوب عید کی شاپنگ مکمل کی۔ضلعی انتظامیہ ڈیرہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں صوبائی حکومت کی جانب سے کاروبار کیلئے لاک ڈاو¿ن میں صبح سے شام تک کی نرمی کی گئی ہے

جس کا مقصد عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنا تھا ،لیکن عوام نے احتیاطی تدابیر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ،انہوںنے کہا کہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ خریداری کے حوالے سے حکومت کی طے کردہ پالیسی پر عمل درآمد کریں،

بازاروں ، مارکیٹوں میں جاتے ہوئے منہ پر ماسک لگائیں، ہاتھوں میں گلوز اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ جبکہ سماجی فاصلے بھی برقرار رکھے جائیں تاکہ اس کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے

جس کو صرف احتیاطی تدابیر اور حکمت عملی سے ہی روکا جاسکتا ہے کیونکہ کورونا وائرس نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے نظام کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے جبکہ پاکستان
میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ عوام کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ۔
٭٭٭
جو ریکارڈ "میرے پاس تم ہو” نے 8ماہ میں بنایا، "ارطغرل” نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جو ریکارڈ "میرے پاس تم ہو” نے 8ماہ میں بنایا، "ارطغرل” نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا20 دنوں میں ارطغرل غازی کی پہلی قسط کو 2 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا ، مجموعی قسطوں کو 15 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا

جو ریکارڈ "میرے پاس تم ہو” نے 9 ماہ میں بنایا، "ارطغرل” نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی ڈرامہ دیریلیش ارطغرل نے پاکستان میں نشر ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کر لی تھی ،

تاہم اس نے پاکستان میں مقبولیت کی بلندیوں کو اس وقت چھوا جب پاکستان ٹیلی ویڑن نے حکومتی احکامات پر یہ ڈرامہ نشر کرنے کا فیصلہ کیا۔تاہم اب ارطغرل غازی کے نام سے نشر ہونے والے ڈرامہ نے یو ٹیوب پر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

دونوں ڈراموں کا موازنہ کیا جائے تو میرے پاکستان تم ہو کی پہلی قسط جو کہ آج سے 8 ماہ قبل نشر ہوئی اسے یو ٹیوب پر 14 مئی کی رات تک 2 کروڑ 79 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔ تاہم دوسری جانب ارطغرل غازی کی پہلی قسط 25 اپریل کو نشر ہوئی اور 14 مئی کی رات تک یو ٹیوب پر 2 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے،

مجموعی قسطوں کو 15 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ ارطغرل کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت نے میرے پاس تم ہو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ارظغرل غازی کی اب تک 20 قسطیں نشر ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں ہر کوئی ارطغرل غازی کے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔پاکستان میں ارطغرل غازی کی مقبولیت نے ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، یہ ڈرامہ پاکستان میں اس قدر مقبول ہوا کہ اس نے کامیابی میں ڈرامہ بنانے والے ملک کوئی پیچھے چھوڑدیا۔

۔ ترکی ریڈیو اور ٹیلی ویڑن کارپوریشن (ٹی آر ٹی) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پہلی رمضان سے روزانہ نشر کیا جانے یہ ڈرامہ ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ بنا رہا ہے۔ اس وقت ڈرامے کے یوٹیوب چینل پر صرف 15 روز میں 15 لاکھ سے زائد سسکرائبرز ہو گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس ڈرامے کی پہلی قسط کو ٹی آر ٹٰی پر5 سالوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ پاکستانی یوٹیوب چینل پر پہلی قسط کو صرف تین ہفتوں میں 2 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
٭٭٭
عید الفطر کے لئے جمعہ کے روز کی تعطیل ختم کرنے او رکاروباری مراکز دودن کے لئے بند کرنے پر غور وخوض شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عید الفطر کے لئے جمعہ کے روز کی تعطیل ختم کرنے او رکاروباری مراکز دودن کے لئے بند کرنے پر غور وخوض شروع کردیاہے ،تاجر تنظیموں نے تین دن کی تعطیلات کو دودن کرنے کی سفارشات صوبائی حکومت کو کی ہیں ،

تاہم بازاروں میں موجودہ صورتحال کے باعث صوبائی حکومت کی جانب سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کردیا جائے گا ،پنجاب ،سندھ اور اسلام آباد میں دو دنوں کی تعطیلات ہیں تاہم ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں تین دن کے لئے لاک ڈاﺅن ہے اور چار دن کے لئے لاک ڈاﺅن میں نرمی کی گئی ہے ،

بازاروں میں رش کے باعث لاک ڈاﺅن مزید ایک دن کم کرنے پر غور وخوض شروع کیاہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ صوبائی حکومت کی جانب سے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں کردیاجائے گا ،ٹاسک فورس کے ہونے والے آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ کیا جائے گا ،

ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ صرف عید الفطر تک محدود رکھا جائے گا اور عید الفطر کے بعد دکانوں کو دوبارہ تین دن کے لئے بند رکھا جائے گا۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں اعتکاف کا آغاز ہوگیا ، لوگوں کی تعداد میں کمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں اعتکاف کا آغاز ہوگیا ہے ،تاہم کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے سبب تاریخ میں پہلی مرتبہ اعتکاف پر بیٹھنے والوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ،بیشتر مساجد میں ایس او پیز کے تحت اعتکاف میں بیٹھنے والوں کی تعداد کم ہے ،

جبکہ بعض مساجد میں رواں سال شہری اعتکاف پر نہیں بیٹھے ،بیشتر روزہ دار بیمار ہونے کے باعث بھی نہیں بیٹھے ہیں ،اعتکاف پر بیٹھنے والے زیادہ تر جوان یا پچاس سال سے زائد عمر کے افراد ہوتے ہیں ،تاہم لاک ڈاﺅن کے باعث زیادہ تر تاجر بھی رواں سال اعتکاف میں نہیں بیتھ سکے ،اجتماعی اعتکاف پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

مساجد انتظامیہ کی جانب سے سپرے کا کام خود کیاگیا ہے جبکہ ڈیرہ کے اندرون شہر چھوٹی اور بڑی مساجد میں ایس او پیز کے تحت اعتکاف پر شہری بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ مضافاتی علاقوں میں اعتکاف میں بیٹھے والوں نے والوں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے ،تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کورونا وائرس کے باعث اعتکاف پر بیٹھنے والوں کی تعداد کم ہے۔
٭٭٭
”ارطغرل غازی” کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کے لئے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ”ارطغرل غازی” کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کے لئے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا،ترک ائیر لائن نے پہلی پرواز کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا، پاکستانی سیاح ترکی میں سب سے پہلے ارطغرل کے مقبرے کی زیارت کے خواہاں،

ٹریول ایجنسیوں نے خصوصی پیکج تیار کرلیے، "ارطغرل غازی” کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کیلئے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر ہر جانب ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے چرچے ہیں۔

ارطغرل غازی ترکی کی تاریخ کا بہت بڑا نام ہے جنہوں نے بہت سی جنگیں لڑیں اور تاریخ میں بہت نام کمایا، ان کی زندگی پر بننے والا ڈرامہ "ارطغرل غازی” آج کل اردو زبان میں ترجمہ کیے جانے کے بعد پاکستان ٹیلی ویڑن پر نشر کیا جارہا ہے۔

یہ ڈرامہ خلافت عثمانیہ کی اسلامی تاریخ، کلچر اور روایات پر مبنی ہے جسے ترکی میں بہت بڑی کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو زبان میں ڈب کر کے پاکستان میں دکھایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد پاکستانی عوام کو اسلام کے سنہری دور سے آگاہ کرنا ہے۔

پاکستان میں ارطغرل ڈرامے کو ریکارڈ حد تک مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور ابتدائی پندرہ دنوں میں اس ڈرامہ کے یوٹیوب چینل پر دس لاکھ سبسکرائبرز ہو گئے ہیں جبکہ ڈرامہ کی پہلی قسط کو 10 مئی تک یوٹیوب پر ایک کروڑ 41لاکھ سے زیادہ افراد دیکھ چکے تھے۔

اس کی ابتدائی قسطوں نے ہی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے جس کے بعد پاکستانی ترکی جانے کے خواب دیکھ رہے ہیں اور جو لوگ سفر کر سکتے ہیں انہوں نے کورونا وبا کے باوجود ترکی جانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

جس کے بعد سے ترک ائیر لائن نے بھی اپنی پہلی پرواز کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا ہے۔ ترکی کیلئے بکنگ کروانے والے پاکستانی سیاح ترکی میں سب سے پہلے ارطغرل کے مقبرے کی زیارت کے خواہاں ہیں۔

اس ماحول کو دیکھتے ہوئے ٹریول ایجنسیوں نے بھی ترکی کی سیر کے خصوصی پیکج تیار کرلیے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی میں زیادہ تر روس، جرمنی، امریکہ اور برطانیہ کے سیاح جاتے ہیں لیکن اب بڑی تعداد میں پاکستانی سیاح بھی ترکی جانے کی تیاری کررہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ جیسے ہی کورونا کے بعد حالات نارمل سطح پر آ جائیں گے

اس کے بعد بڑی تعداد میں پاکستانی سیاحوں کی ترکی جائے گی۔پاکستانی باشندوں نے گروپوں کے شکل میں ترکی آنے اور سووت میں ارطغرل اور حلیمہ کے مقبرے کی زیارت کرنے اور وہاں پر ان گروپوں کے لیے خصوصی بندو بست کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

ارطغرل اور حلیمہ کے مقبرے ترکی کے صوبہ بیلیچک کے علاقے سووت میں موجود ہیں، اس کی ایک نشانی یہاں قائم سلطنت عثمانیہ کا آغاز کرنے والے قائی قبیلے کے سردار ارطغرل غازی کا مقبرہ ہے۔ ارطغرل کی قبر کے پہلو میں سلطنت عثمانیہ کے زیر اثر رہنے والے تمام ممالک سے لائی گئی

خاک کو بڑی ترتیب کے ساتھ چھوٹی چھوٹی ڈبیاوں میں سجا کر رکھا گیا ہے۔ ارطغرل غازی کے مزار کے احاطے میں ان کی اہلیہ حلیمہ خاتون اور انکے بیٹے ساوجی کے کی قبریں بھی موجود ہیں۔
٭٭٭
یوم شہا دت خلیفہ چہا رم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ملک بھر کی طر ح ڈیرہ میں بھی یوم شہا دت خلیفہ چہا رم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ عقیدت و احترام سے منایا گیا اس حوا لے سے ڈیرہ اسماعیل خان کی مختلف امام با رگا ہوں میں مجالس عزامنعقد کی گئیں

جس سے نا مور علمائے کرام و ذاکرین نے خطا ب کر تے ہو ئے سیرت حضرت علی پر تفصیل سے رو شنی ڈا لی ، خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ انتظامیہ کی جانب سے بھی لاک ڈاﺅن اور ایس او پیز کے تحت ماتمی جلوس نکالنے پر عائد پابندی پر عملدر آمد کرانے کیلئے

مرکزی امام بارگاہ کی گذرگاہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا ،ڈیرہ اور اسکے گرد نواح کے مختلف امام بارگاہوں سے الم پا ک ، ذو الجناح و تعزیئے نکالے گئے ، ما تمی جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں عزاداروں اور ما تمی انجمنوں نے شر کت کی

اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کی ،ڈیرہ ا نتظا میہ کی جا نب سے اس مو قع پر سیکیورٹی کے انتہا ئی سخت حفا ظتی انتظا ما ت کیے گئے پو لیس و ایف سی کی بھا ری تعداد امام با رگا ہوں ، مساجد اورما تمی جلو سوں کی گذر گا ہوں
تعینات کی گئی تھی۔
٭٭٭
حکومت کا ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت کا ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ، خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے پشاور سے ڈی ڈیرہ اسماعیل خان تک 360 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے جنوبی اضلاع کیلئے صوبائی دارالحکومت پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک تقریباً 360 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان گزشتہ برس پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی الائنمنٹ کی ا±صولی منظوری دے دی تھی جس کے بعد منصوبے کی تعمیر کیلئے کروایا جانے والا سروے اس وقت جاری ہے اور ستمبر کے ماہ تک مکمل کر لیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی مجوزہ الائنمنٹ تقریباً 360 کلومیٹر طویل ہے ، جو 18 انٹر چینجز، 45 پل اور 3ٹنلز پر مشتمل ہے ، جس کے ذریعے جنوبی اضلاع اور تحصیلوں کے آبادی والے تمام دیہات اور قصبوں سمیت ترقی سے محروم علاقوں کو رسائی دی جائے گی۔

یہ موٹروے پشاور میں چمکنی کے مقام سے شروع ہو کر درہ آدم خیل ،کوہاٹ، ہنگو ، کرک ، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گی۔ تقریباً 250ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے اس منصوبے کو جلد شروع کرکے تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ کی جانب سے شروع کیا گیا یہ موٹروے کا دوسرا منصوبہ ہو گا۔ اس سے قبل خیبرپختونخواہ حکومت نے سوات موٹروے کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ خیبرپختوںخواہ ملک کا پہلا صوبہ ہے جو اپنے وسائل سے موٹروے کا منصوبہ شروع کر چکا ہے۔
٭٭٭٭٭

About The Author