نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

7مئی 2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ماہ صیام،لاک ڈاﺅن اور شدید گرمی کے باوجود بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان :ماہ صیام،لاک ڈاﺅن اور شدید گرمی کے باوجود بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،

کئی کئی گھنٹے بجلی نہ ہونے کے با عث شہری متاثر،بعض علاقوں میں قلت آب کی شکایات بڑھ گئی ہیں موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی پیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا نہ صرف دورانیہ بڑھا دیا

بلکہ بجلی کے غیر اعلانیہ تعطل میں بھی اضافہ ہوا ہے اس وقت جبکہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے لوگ گھروں پر رہنے پر مجبور ہیں دوسری جانب شدید گرمی اورماہ صیام بھی جاری ہے پانی کی قلت شدید اذیت کا باعث بن سکتی ہے۔

٭٭٭
مرکزی پھل و سبزی منڈی رتہ کلاچی کا اچانک دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیوحمداﷲ کا ڈیرہ میں مرکزی پھل و سبزی منڈی رتہ کلاچی کا اچانک دورہ۔ موقع پر سرکاری نرخنامے کا اجراءاور مصنوعی گرانفروشی سے اجتناب کی تنبیہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رحمد اﷲ نے صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی رتہ کلاچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ مال اور محکمہ خوراک کے افسران و اہلکار بھی انکے ہمراہ تھے۔

انہوں نے موقع پر سرکاری نرخنامے کا اجراءبھی کیا۔ ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو نے بولی کے عمل کا جائزہ بھی لیا اور بروکرز اور ایجنٹس کو متنبہ کیا کہ سرکاری نرخ کے مطابق پھل اور سبزیوں کی عوام تک فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاہم مصنوعی گرانفروشی سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

٭٭٭
رات گئے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ۔ نرخنامے اورپیمانے کی خلاف ورزی پر متعدد کو جرمانے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر درابن شاہ بہرام کا رات گئے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ۔ نرخنامے اورپیمانے کی خلاف ورزی پر متعدد کو جرمانے اور سرکاری نرخ کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی فروخت کو یقینی بنانے کے احکامات ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر درابن شاہ بہرام نے رات گئے ظفر آباد کالونی اور ٹانک روڈ پر قائم مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا ۔

انہوں نے نرخنامے اور پیمانوں کا جائزہ لیاجبکہ سرکاری مقرر کردہ نرخ سے زائد وصول کرنے اور پیمانے میں کمی کی صورت میں مختلف پٹرول پمپس مالکان کو موقع پر 44ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔

انہوں نے تمام پٹرول پمپس مالکا ن کو متنبہ کیا کہ سرکاری نرخنامے اور مکمل پیمانے پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے بصورت دیگرانکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

مزید براں انہوں نے ہدایت کی کہ پمپس پر تعینات عملہ کو کورونا وائرس کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر کا پابند بنایا جائے اور پٹرول و ڈیزل کی فروخت کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔
٭٭٭

ٹڈی دل کے خاتمے اور لاروہ کی افزائش کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے مختلف علاقوں میں سروے اور سپرے کا عمل جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ٹڈی دل کے خاتمے اور لاروہ کی افزائش کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے مختلف علاقوں میں سروے اور سپرے کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر محکمہ زراعت کی جانب سے مختلف علاقوں میں لوکسٹ(ٹڈی دل ) کے خاتمے اور افزائش کے تدارک کیلئے سپرے کا عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں آج تحصیل کلاچی کی یونین کونسل لونی کے علاقے کوٹ ظفر میں نشاندہی کردہ مقامات پر ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کیا گیا۔

اس موقع پر محکمہ زراعت کے نمائندوں نے بتایا کہ ٹڈی دل ہزاروں کلومیٹر کا فیصلہ طے کرنے جبکہ روزانہ کی بنیا د پر تقریباً 80کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں انکی آمد کے بعد سے بروقت اقدامات اٹھائے گئے جس سے صورتحال قابو میں ہے ۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ اس سلسلے میں تسلسل کے ساتھ سروے کا عمل جاری ہے اور جہاں کہیں بھی انکی موجودگی یا افزائش کے حوالے سے لاروہ کی موجودگی کی نشاندہی کی جاتی ہے

تو متعلقہ علاقوں میں فوری سپرے کا عمل سرانجام دیا جاتا ہے تاکہ ٹڈی دل کے مکمل خاتمے اور افزائش کا بروقت تدارک یقینی بنایا جا سکے

٭٭٭
بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے چار افراد کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پہاڑپور پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے چار افراد کو گرفتارکرلیا ،

پولیس نے علاقہ جھوک عمرے والی میں کاروائی کے دوران ملزم نعمت اللہ سکنہ جھوک عمرے والی کو گرفتارکرکے اس سے ایک پسٹل تیس بور ،17 کارتوس ،ایک رپیٹر 12بور اور 26 کارتوس برآمد کرلیے ،

پولیس نے علاقہ بگوانی شمالی میں ملزمان منظور ،لیاقت علی اور مطیع اللہ کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے دو بندوق بارہ بور ،ایک رپیٹر بارہ بور اور پچاس سے زائد کارتوس برآمد کرلیے ہیں ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔

٭٭٭
واپڈا ٹیم کا علاقہ وانڈہ کریم درکھان سمیت دیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایس ڈی او پیسکو پنیالہ سب ڈویژن محمد اشرف کی قیادت پر واپڈا ٹیم کا علاقہ وانڈہ کریم درکھان سمیت دیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ،ڈائریکٹ کنڈے کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث چار افراد سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ۔

پنیالہ کے علاقہ میں بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے ،

ایس ڈی او پیسکو پنیالہ سب ڈویژن محمد اشرف کی قیادت میں واپڈا کی چھاپہ مار ٹیم نے

علاقہ وانڈہ کریم درکھا ن سمیت دیگر ملحقہ علاقوںمیں بجلی چوروں کے خلاف کامیاب کاروائی کے دوران بڑے پیمانے پر ایل ٹی تاروں سے بجلی چوری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے

ڈائریکٹ کنڈے اتار لیے ۔پنیالہ پولیس نے ایس ڈی او پیسکو محمد اشرف کی رپورٹ پر چار بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں ۔

٭٭٭
پالتو کتے نے سات سالہ بچے کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پالتو کتے نے سات سالہ بچے کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا ،بچے کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،

تھانہ پہاڑپور کی حدود علاقہ علی آباد میں پالتوکتے نے سات سالہ بچے عبدالرحمٰن ولد رحمت اللہ قوم شیخ سکنہ علی آباد کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا ،بچے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔

پولیس نے بچے کے والد رحمت اللہ کی پورٹ پر کتے کے مالک زین الدین بنوچی سکنہ علی آباد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
مرغی سے لوڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پولٹری شاپس ایسوسی ایشن ڈیرہ کی جانب سے مرغی سے لوڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس ، گاڑیوں کو تھانے میں بندکرنے کے خلاف شدید احتجاج ،آئی جی خیبر پختونخوا ،آر پی او ڈیرہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ،

پولٹری شاپس ایسوسی ایشن ڈیرہ کے صدر غلام اکبر،نائب صدر پرویز اقبال اور جنرل سیکرٹری ثناءاللہ نے ڈیرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ٹریفک پولیس ڈیرہ نے گزشتہ روز صبح سپلائی کے دوران کی مرغیوں کی پانچ چھ گاڑیاں پکڑ کر تھانے میں بند کردی ہیں ،

اس سلسلے جب ہم نے ٹریفک انچارج سے ملاقات کرنا چاہی تو ملاقات کا وقت دینے کے باوجود انہوںنے ملاقات نہیں کی اور باربار ٹرخاتے ہیں شام کو جب ان سے ملاقات کا موقع ملا اور انہیں درخواست کی کہ ان کی گاڑیوں کو چھوڑ دیا جائے

تو انہوں نے گاڑیاں چھوڑنے سے انکار کردیا اور کہا کہ آر پی او ڈیرہ کا حکم ہے لہذا ان کے خلاف مذید کاروائی بھی لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاﺅن کے باعث ہوٹل ،شادی ہالز وغیرہ بند ہونے سے پولٹری کا کاروبار پہلے ہی تباہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے وہ شدید مالی دباﺅ کاشکار ہوچکے ہیں ،

پولٹری شاپ مالکان تمام اس وقت بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دب گئے ہیں ،آئے روز محکمہ فوڈ کی جانب سے انہیں بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہا مرغی کی گاڑیاں پکڑے جانے کے باعث ڈیرہ میں مرغی کی سپلائی نہیں ہوسکی اور پولیس کا رویہ ایسا ہی رہا اور انہیں کی گاڑیوں کو پکڑا جاتارہا

تو ڈیرہ میں مرغی کی سپلائی بند ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے مرغی کے گوشت کا بحران پیدا ہوسکتاہے۔ آئی جی خیبر پختونخو ا،آر پی او ڈیرہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ ان کی گاڑیوں کو فوری طور پر چھوڑا جائے

٭٭٭
وزارت ِخزانہ اور اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایز اور چھوٹے کاروبار کیلئے بینکوں کے قرض کا رِسک شیئرنگ مکینزم متعارف کرادیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزارت ِخزانہ اور اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایز اور چھوٹے کاروبار کیلئے بینکوں کے قرض کا رِسک شیئرنگ مکینزم متعارف کرادیا۔

ذرائع کے مطابق روزگار میں اعانت اور برطرفیوں کو روکنے کی اسٹیٹ بینک کی ری فنانس سہولت کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو مناسب ضمانت کا بندوبست کرنے میں درپیش مشکلات اورایسے قرضوں کی فراہمی میں بینکوں کے خطرے سے گریز کے پیش نظر وزارت ِخزانہ نے بینکوں کے ساتھ خطرے میں شراکت داری کے لیے قدم بڑھایا ہے۔

لہٰذا، وفاقی حکومت نے بینکوں کیلئے قرض کے خطرے میں شراکت داری کی چار سالہ سہولت کے تحت 30 ارب روپے مختص کیے ہیں تا کہ مستقبل میں کسی قسم کے نادہندہ قرضوں کے نقصانات کے بوجھ میں اشتراک کیا جا سکے۔

خطرے میں شراکت داری کے اس بندوبست کے تحت وفاقی حکومت بینکوں کے تقسیم شدہ قرضوں میں اصل زر پر ابتدائی 40 فیصد نقصان کا بوجھ اٹھائیگی،اس سہولت سے بینکوں کو ترغیب ملے گی کہ وہ ضمانت کی کمی سے دوچار ایسے ایس ایم ایز اور چھوٹے کارپوریٹ اداروں کو قرضے فراہم کریں

جن کی سیلز کا ٹرن اوور 2 ارب روپے تک ہے تا کہ وہ اسٹیٹ بینک کی ری فنانس اسکیم کے تحت فنانسنگ سے استفادہ کر سکیں۔کورونا وائرس کے اثرات کے باعث روزگار میں اعانت اور برطرفیوں کو روکنے کے لیے اسٹیٹ بینک کی ری فنانس سہولت کے تحت وہ کاروبار ی ادارے جو اگلے تین ماہ میں ملازمین کو برطرف نہ کرنے کا عہد کریں

ان تین مہینوں کی اجرتوں اور تنخواہوں کے اخراجات کے مساوی رعایتی مارک اپ ریٹس پر بینکوں سے قرض لے سکتے ہیں۔رِسک شیئرنگ یعنی خطرے میں شراکت داری کا جو طریقہ کار آج متعارف کرایا جارہا ہے اور جس سے متوقع طور پراس اسکیم کے تحت بینکوں کو یہ ترغیب ملے گی

کہ وہ ایس ایم ایز اور چھوٹیکارپوریٹ اداروں کو قرض دیں، متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا ءکی بنیاد پر اور وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی شراکت سے تیار کیا گیا ہے۔

بینکوں کو رِسک کوریج فراہم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی جانب سے سبسڈ ی کی فوری منظوری سے اسٹیٹ بینک کے لیے ممکن ہوگیا ہے کہ یہ کریڈٹ رسک شیئرنگ سہولت شروع کرسکے جس کے لیے متعلقہ سرکلر اجاری کیا گیا ،اسٹیٹ بینک اسکیم پر عملدرآمد کی نگرانی کرتا رہے گا۔

٭٭٭
دنیابھر میں پاکستانی آم سمیت دیگر پھلوں اور سبزیوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دنیابھر میں پاکستانی آم ،ترشاوہ پھلوں ، امرود ،آڑواور سیب کے علاوہ مختلف سبزیوں بھنڈی توری ، کریلہ ، گھیا توری، کدو اور خربوزہ وغیرہ کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیاہے

جبکہ بعداز برداشت پھلوں و سبزیوں کی مارکیٹنگ کے عوامل کو سائنسی انداز میں سرانجام دے کر مزید اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے نیز پھلوں وسبزیوں کے برآمدی اہداف حاصل کرنے اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان اشیاءکو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔

ماہرین انٹومالوجیکل ریسرچ نے بتایا کہ مختلف پھلوں اور سبزیوں پر پھلوں کی مکھی کا حملہ انتہائی توجہ طلب ہے کیونکہ ان کے حملہ سے مختلف پھلوں اور سبزیوں میں 15سے 100فیصد پیداوار متاثر ہوسکتی ہے جس سے برآمدات میں کمی ہوجاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ دنیا میں تقریباً 24اقسام کی پھل کی مکھیاں موجود ہیں جن میں سے 7اقسام پاکستان میں پائی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق انٹر نیشنل مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کے معیار کا اندازہ زہروں اور کیڑوں سے پاک ہونے سے لگایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ جاپان ، کوریا ، ایران ، فرانس ، برطانیہ ، امریکہ ، مشرق وسطیٰ ،خلیجی اورمغربی ممالک نے پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمدات شروع کردی ہیں لیکن یہ ممالک پھل کی مکھی سے پاک اشیاءکا مطالبہ کرتے ہیں

لہٰذاان وجوہات کی بناءپر پاکستان میں پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ کیلئے گلوبل گیپ سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیاگیا ہے جس کا بنیادی مقصد پھلوں اورسبزیوں کومختلف بیماریوں اور کیڑوں کے علاوہ زہروں کے اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ حکومت کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے پھلوں اور سبزیوں کے پھل کی مکھی کے تدارک بارے ایک منصوبہ کے تحت ریسرچ اور ایکسٹینشن شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے مشترکہ طورپر پھل کی مکھی کے مربوط انسداد کی مہم شروع کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پھل کی مکھیوں کے مربوط انسداد کیلئے کاشتکار اور باغبان اپنے کھیتوں اور باغوں کی صفائی پر بھرپور توجہ دیں اوران مکھیوں کے حملہ سے متاثرہ گرے ہوئے پھلوں اور سبزیوں کو اکٹھا کرکے گہرے گڑھوں میں دفن کردیں یا پلاسٹک لفافوں میں اکٹھا کرکے دھوپ میں رکھیں

تاکہ اس سے پھل کی مکھی کے لاروے اور پیوپے تلف ہوجائیں۔انہوںنے کہاکہ صفائی کے عمل سے 80فیصد تک پھل کی مکھیوں کا تدارک ہوجاتا ہے لیکن باغبان پھل کی نر مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے کھیتوں میں سیکس فیرامون کے جنسی پھندے بھی لگائیں۔

٭٭٭
ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کی زیادتی سے دمہ ، ٹی بی کے مریضوں میں زبر دست اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کی زیادتی سے دمہ ، ٹی بی ، پھیپھڑوں کے سرطان اور نفسیاتی امراض کے مریضوں میں زبر دست اضافہ ہوتا جا رہا ہے

جس سے بچاﺅ کیلئے تمام افراد کو بھر پور طریقے سے شجر کاری مہم شروع کرنے اور زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آکسیجن گیس کی فراوانی کے ساتھ ساتھ انسانیت کی بہتری کیلئے زمینی و فضائی ماحول کو بہتر کرنے میں مدد مل سکے اور بڑھتی ہوئی بیماریوں پر بھی قابو پایا جا سکے۔

محکمہ جنگلات کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ماحول کو صحت مندر کھنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ اس سلسلہ میںعوامی شعور بیدار کرنے کیلئے بھر پور تشہیری مہم کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ طلباءو طالبات، اساتذہ ، تمام سرکاری ، غیر سرکاری اداروں ، صنعت کاروں ، ٹرانسپورٹرز اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے کام کرنے والی این جی اوز سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی خوشگوار فضاءکے قیام میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

٭٭٭
دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے مخلوط جانور حاصل کئے جا سکتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے کہاہے کہ غیر نسلی اور کم دودھ دینے والی دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے مخلوط جانور حاصل کئے جا سکتے ہیں اس طرح جہاں ملکی بڑے گوشت کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں

وہیں اضافی گوشت اور اس سے تیارکردہ دیگر مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل کیاجاسکتاہے۔انہوںنے بتایاکہ جانوروں کو فربہ کرنا ایک منافع بخش کاروبار کی صورت اختیارکرچکاہے لہٰذا بہتر منصوبہ بندی کر کے زیادہ منافع حاصل کیا جا سکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ مویشی پال حضرات معیاری بڑاگوشت حاصل کرنے کیلئے 9سے 15 ماہ کے کسی بھی نسل کے کٹڑے ، بچھڑے اور معیاری چھوٹا گوشت حاصل کرنے کیلئے 6سی12ماہ کے کسی بھی نسل کے بکرے ، چھترے ، دنبے کو 3سے 4ماہ تک ماہرین لائیو سٹاک کی مشاورت سے متوازن خوراک کھلا کر فربہ و گوشت کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ غیر پیداوار ی بیل ، گائے ، بھینس بھی اس کاروبار کیلئے نہائت موزوں ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ مویشی پال حضرات جانوروں ومویشیوں کو مختلف بیماریوں خصوصاً منہ کھر ، گل گھوٹو ، انٹیرو ٹا کسیمیااور پلورونمونیا سے بچانے کیلئے ویٹرنری ہسپتال سے بروقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی یا معلومات اور مشاورت کیلئے مویشی پال حضرات محکمہ لائیوسٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

٭٭٭
گنے کا رس گردوں کے لئے فائدہ مندہے،ڈاکٹر عبداللہ ظفری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گنے کا رس گردوں کے لئے فائدہ مندہے اس سے گردوں کی پتھری کے امراض کے علاج میں مددملتی ہے جبکہ گردوں کے افعال میں بہتری آتی ہے‘گنے کا رس لذیزاور میٹھاہونے سے ہٹ کر یہ رس انتہائی فائدہ مند اورصحت کیلئے سپرفوڈ سے کم نہیں۔

ان خیالات کا اظہار فاضل طب الجراحت وفزیشن آف ہربل میڈیسن ڈاکٹر عبداللہ ظفری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ گنے کا رس جگرکو مضبوط کرتاہے اوریرقان کاعلاج ثابت ہوتاہے‘

گنے کا رس کاربوہائیڈریٹس‘پروٹینز‘ آرن‘ پوٹاشیم اور دیگرغذائی اجزاء سے بھرپور ہوتاہے جوکہ اسے اچھا انرجی ڈرنک بنانے کیلئے کافی ہے خصو صاً گرمیو ں میں ایک گلاس ٹھنڈا رس جسمانی توانائی کو فوری بحال کرتاہے‘

یہ ایسا پلازما اور جسمانی سیال بناتاہے جوگرمی سے جسم میں آنیوالی خشکی اور تھکاوٹ کو دورکرنے میں مدددیتے ہیں‘گنے کا رس ایسے منرلزسے بھرپورہوتا ہے جو دانتوں کی فرسودگی اورسانس کی بو کی روک تھام کرتے ہیں۔

٭٭٭
اچھی پیداوارکے حصول کیلئے فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھیں‘

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے سبزمرچ کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ اچھی پیداوارکے حصول کیلئے فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھیں‘مرچ کے کوڑھ کی بیماری کے حملہ سے پیداوارمیں کمی واقع ہوتی ہے

‘یہ بیماری ابتدائی پھل پر گول گہرے دھبوں کی صورت میں ظاہرہوتی ہے جیسے جیسے یہ دھبے پھیلتے جاتے ہیں پھل درمیان سے سیاہ ہوجاتاہے اور آخر میں سارا پھل سیاہ ہوکر گل سڑجاتاہے۔انہوں نے بتایا کہ پتو ں کے موڑاﺅکیوجہ سے پتے جڑمڑ ہوجاتے ہیں ‘پھول جھڑجاتے ہیں اور جو پھول بنتاہے وہ بھی چھوٹاہوتاہے ‘

مرچ کے مرجھاﺅ کی بیماری پتوں پر گول بھورے داغوں کی صورت میں ظاہرہوتی ہے جوبعدمیں سیاہ رنگت اختیارکرلیتے ہیں اس بیماری سے بچاﺅ کیلئے پھل آور ی سے پہلے ٹاپسن ایم ریڈومل گولڈیامتبادل زہر3تا5مرتبہ بدل کر سپرے کریں‘بیماریوں کے بروقت تدارک کیلئے پودوں کا وقفے وقفے سے معائنہ کرتے رہیں۔

٭٭٭
موسم سرما میں چارے کی کمی سے بچنے کیلئے جواروباجرے کی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے موسم سرما میں چارے کی کمی سے بچنے کیلئے جواروباجرے کی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار جواروباجرے کی کاشت کا عمل بروقت مکمل کرلیں تاکہ موسم گرما میں ان کی کاشت کے باعث اکتوبر‘نومبر‘دسمبرکے مہینوں میں چارے کی کمی پر قابو پانا ممکن ہوسکے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ جوار کی منظوردہ اقسام جے ایس 2002‘ ہیگاری‘جے ایس263جبکہ باجرے کی منظورشدہ قسم ایم بی87کاشت کرکے بہتر فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔

٭٭٭
فاسفورس ونمکیات کی کمی جانوروں کی بڑھوتری کو متاثر کر رہی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فاسفورس ونمکیات کی کمی جانوروں کی بڑھوتری کو متاثر کر رہی ہے لہذالائیوسٹاک فارمرزمذکورہ کمی کوپورا کرنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ نمکیات کو مویشیوں و جانوروں کی خوراک میں انتہائی اہمیت حاصل ہے

اور یہ نمکیات مختلف طریقوں سے جانورو ںکو فراہم کئے جاتے ہیں کیونکہ ان کی کمی جانوروں افزائش نسل اور کام کرنے کی صلاحیت کوکم کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دودھ دینے والے مویشیوں میں دودھ کی مقداراورصحتمند گوشت کی پیداواری صلاحیت آہستہ آہستہ کم ہونے کا موجب بھی فاسفورس اور دیگر نمکیات کی کمی ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات جو چار جانوروں کو فراہم کررہے ہیں وہ نمکیات کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتا۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کو چاہئیے کہ وہ سبز چارہ کاشت کرتے ہوئے زمین میں فاسفورسی کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ وگوشت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن بنایاجاسکے۔

٭٭٭
گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) زرعی ماہرین نے کہاہے کہ کٹائی کے بعد گندم کی پیداوار کا10 فیصد حصّہ مختلف وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے اس لیے گندم کی فصل کی کٹائی،گہائی اور سنبھال کے دوران زرعی عوامل خاص اہمیت کے حامل ہیں۔

ترجمان نے بتایاکہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔کاشتکار گندم کی فصل کی برداشت نہ وقت سے پہلے نہ تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوار کا نقصان ہو جاتا ہے۔

کاشتکار کٹائی گہائی شروع کرنے سے پیشتر مزدوروں،تھریشر،ترپال،پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔ امسال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئیں اور اس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی کم رہا ہے لہٰذاکاشتکار کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں اور بارش ہونے کی صورت میں گندم کی فصل سے زائد پانی کی نکاسی کا انتظام کریں۔

٭٭٭
منافع خوروں کی من مانیاں عروج پر ، منافع خورخریداروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہ رمضان کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میںمنافع خوروں کی من مانیاں عروج پر ، منافع خورخریداروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ،ماہ رمضان سے قبل مرغی کو گوشت 200کلو تھا اب 300 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ،

پرائز کنٹرول کمیٹی مارکیٹ کمیٹی غیر فعال ضلع انٹطامیہ کی مجرمانہ خاموشی سے عوام عذاب میں آگئے۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ماہ رمضان کی آمد سے ہی منافع خوروں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں

ضلع انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے منافع خور خریداروں کو دونوں ہاتھوں سے من مانے ریٹ وصول کرکے لوٹنے لگے ہیں شہریوں کے مطابق رمضان سے قبل مرغی کا گوشت 160سے 200روپے کلو فروخت کیا جا رہا تھا جو اب رمضان میں280 روپے سے 300روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے

کوئی پوچھنے والا نہیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں ،مارکیٹ کمیٹی غیر فعال ہیں ،شہریوںکا کہنا ہے کہ کریانہ ہو یا سبزی اور ریڑھی فروش کہیں بھی سرکاری ریٹ لسٹ نہیں لگائی گئی اس لئے دوکاندار من پسند ریٹ وصول کررہے ہیں

اور انتظامیہ غائب ہے جو قابل افسوس ہے لاک ڈاﺅن اور اس وبا کی صورتحال میںکسی کو احساس نہیں صرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے آلو 25روپے کلو تھا جو اب 50روپے سے 70 روپے فی کلو بک رہا ہے

اسی طرح سبزی اور پھل کے ریٹ بڑھا کر مہنگائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے غریب طبقہ پھل کھانے سے بھی محروم ہو گیا ہے۔

٭٭٭
کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی میتیں گھر لے جانے کی اجازت دے دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی میتیں گھر لے جانے کی اجازت دے دی اور تجہیز و تکفین کیلئے گائیڈ لائنز بھی جاری کردی ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق دنیا میں کہیں بھی کرونا سے جاں بحق شخص سے زندہ افراد کو وائرس لگنے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

اس لئے میت کو گھر لے جایا جا سکتا ہے مگر اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ عزیز و اقارب دستانے پہنے بغیر میت کو ہاتھ نہ لگائیں۔نئی گائیڈ لائنز کے مطابق میت کو پلاسٹک کی بجائے کپڑے سے بھی ڈھانپا جا سکے گا۔ تجہیز و تکفین کے مراحل مکمل ہونے تک متعلقہ سرکاری عملہ موجود رہے گا

جو حفاظتی امور کا جائزہ لے گا اور ماسک، گلوز اور حفاظتی لباس کو یقینی بنائے گا۔میت کو صرف اور صرف گلوز پہن کر ہی چھوا جا سکے گا۔ میت والے گھر کو ان کی رسم و رواج کے مطابق تجہیز و تکفین کے مراحل مکمل کرنے دیئے جائیں گے مگر حفاظتی تدابیر انتہائی ناگزیر ہوں گی۔

غسل دینے والوں کیلئے گلوز، چشمے اور ماسک پہننا ناگزیر قرار دیا گیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی آخری دیدار کرنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ دیدار کرنے والوں کیلئے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

اس سے پہلے کرونا سے جاں بحق افراد کو گھر والوں کی جانب سے غسل دینے کی اجازت نہیں تھی۔ متعلقہ ادارے ہی میت کی تجہیز و تکفین کے ذمہ دار تھے اور میت کو پلاسٹک میں لپیٹ کر تابوت میں بند کیا جاتا تھا۔

٭٭٭
نادرا کے سینٹرز ملک میں ہفتے کو تعطیل والے روز بھی کھلے رہیں گے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نادرا کے سینٹرز ملک میں ہفتے کو تعطیل والے روز بھی کھلے رہیں گے،میگا سینٹرز 24 گھنٹوں کے بجائے صرف ایک شفٹ کے لیے فعال رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نادرا سینٹرز ہفتے کو بھی کھلے رہیں گے،

نادرا کے سینٹرزعام ہفتے کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ میگا سینٹرز 24 گھنٹوں کے بجائے صرف ایک شفٹ کے لیے فعال رہیں گے، نادرا سینٹرز سے 64 ہزار شہریوں نے شناختی کارڈ متفرق مسائل پر رجوع کیا ہے۔

نادراد فاتر آنے والے شہریوں کے لیے سماجی فاصلے اور دیگر حفاظتی اقدامات پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔نائیکوپ اور پی اوسی(پاکستان اوریجن کارڈ) کے حامل شہری اپنے مسائل کے لیے دفاتر تشریف لانے کے بجائے آن لائن رجوع کریں۔

نادرا احساس پروگرام کے بائیو میٹرک اور دیگر تصدیقی عمل کی تکمیل 7 روز کے بجائے 24 گھنٹے کر دیا گیا ہے، بڑی تعداد میں ایسے لوگ بھی نادرا دفاتر کا رخ کررہے ہیں جنہیں احساس پروگرام مسترد کرچکی ہے، آئندہ ان شہریوں کو احساس پروگرام کے لیے نادرا دفاتر میں آنے کی اجازت ہوگی

جن کے پاس احساس پروگرام کا میسیج ہوگایاد رہے کہ 30 اپریل کو لاک ڈان کے باعث بند نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ملک بھر میں واقع تمام دفاتر کو 4 مئی سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

٭٭٭
صوبے بھر کی سلون، باربر شاپس کو ایک مخصوص وقت کے لئے کھولنے کی اجازت دی جائے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) حکومت نے لاک ڈاﺅن میں نرمی سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کر لیا ہے جس میں صوبے بھر کی سلون، باربر شاپس کو ایک مخصوص وقت کے لئے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

اس حوالے سے 3 روز میں ایس او پیز تیار کی جا رہی ہیں جس کی بعد سلون اور باربر شاپس کو ان پر عمل کرتے ہوئے حکومت کے مقرر کردہ وقت پر دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت9 مئی سے لاک ڈاﺅن میں نرمی کرنے جا رہی ہے۔

نرمی کا باقائدہ اعلان 9 مئی کو کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پائپ،اسٹیل،اسپیئر پارٹس اور مشینری، الیکٹرونکس کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ٹیکسٹائل انڈسٹری، کنسٹریکشن انڈسٹری اور گلاس مینوفیکچرز کی دکانیں بھی کھولی جائیں گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 15 مئی کے بعد کپڑوں کی دکانیں 6 گھنٹے کے لئے کھولے جانے کا امکان ہے جبکہ پارکس کو بھی کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاﺅن جاری ہے جس کے بعد لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چھوٹے کاروبار کرنے والے لوگوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ انہیں مخصوص وقت کے لئے کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے ورنہ اس کے لئے گزارہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ لاک ڈاﺅن میں نرمی کی بات کی جائے تو حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ لیا ہے

جس کے مطابق صوبے بھر کی سلون، باربر شاپس کو ایک مخصوص وقت کے لئے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس حوالے سے 3 روز میں ایس او پیز تیار کی جا رہی ہیں جس کی بعد سلون اور باربر شاپس کو ان پر عمل کرتے ہوئے حکومت کے مقرر کردہ وقت پر دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

٭٭٭
بنکوں کے نئے اوقات کار کے باعث بنکوں کے باہر صارفین کی طویل قطاریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)رمضان المبارک میں شیڈولڈ بنکوں کے نئے اوقات کار کے باعث بنکوں کے باہر صارفین کی طویل قطاریں لگ گئیں ،کورونا ایس او پیز کی صریح خلاف ورزی جاری۔

ذرائع کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان نے تمام شیڈولڈ بنکوں کے لیے رمضان المبارک کے نئے اوقات کار مقرر کیے تھے اور صارفین کے لیے کورونا ایس او پیز ضروری قرار دیئے تھے۔نئے اوقا ت کار کے مطابق صبح 10بجے سے دن ڈیڑھ بجے تک ہیں

جبکہ کورونا ایس او پیز کے مطابق سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسٹمرز کو ترتیب سے بنک میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔صارفین نے بتایاکہ اوقات کار میں کمی اور کورونا ایس او پیز کی وجہ سے بنکوں کے باہر صارفین شدید دشواریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور کورونا سماجی فاصلہ کی صریح خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

صارفین نے مطالبہ کیاکہ بنک اوقات کار میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ عملے کی کمی بھی پوری کی جائے اور کورونا وائرس کے دوران بند کی گئی شاخوں کو بھی کھولا جائے۔

٭٭٭
تعلیمی ادارے کھولنے پر صوبوں میں اتفاق نہ ہوسکا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تعلیمی ادارے کھو لنے پر صوبوں میں اتفاق نہ ہوسکا ،ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم جون کے بعد بھی بند رکھنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ بدھ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی

جس میں صوبائی وزراء نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ذرائع نے بتایاکہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت کر دی۔ تینوں صوبو ں نے مطالبہ کیاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کا خدشہ ہے،

تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں، تین صوبوں نے مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی حمایت کر دی،صوبوں میں اتفاق نہ ہونے پر معاملہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔

٭٭٭
آوارہ کتوں کی بہتات‘ آوارہ کتے چوکوں میں گشت کرنے لگے‘

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر میں مختلف مقامات پر آوارہ کتوں کی بہتات‘ آوارہ کتے چوکوں میں گشت کرنے لگے‘ متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں مختلف چوکوں اور روڈز پر آوارہ کتے گشت کرنے لگے ہیں۔

خصوصاً رات کے وقت آوارہ کتے چوکوں کے قریب بیٹھ جاتے ہیں اورموٹرسائیکلوں پر گھروںکو جانے والوںکے پیچھے انہیں کاٹنے کیلئے بھاگتے ہیں۔

آوارہ کتے کچہری ،سرکلرروڈ‘ غلہ منڈی‘ گلی محلوں ، پارکوں اوردیگر مختلف مقامات گشت کرتے عام نظر آتے ہیں جس کے باعث شہریوںکو آمدورفت کے دوران خصوصاً موٹرسائیکل سواروںکو پریشان کرتے ہیں اور ان کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

شہریوںکاکہناہے کہ آوارہ کتے ہر گلی محلے میں گشت کرتے ہیں اور متعلقہ حکام انہیں تلف کرنے کے لئے کوئی پلاننگ نہیں کرتے جبکہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے ٹی ایم اے حکام فنڈز بھی رکھتے ہیں جو اکثر آوارہ کتوں کو تلف کرنے پر استعمال نہیں کئے جاتے۔

شہریوںنے کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے پلان بنا یاجائے تاکہ شہری کتوںسے محفوظ ہوسکیں۔

٭٭٭
بڑے پیمانے پر تقرریوں اور تبادلوں کے حکامات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جوڈیشری افسران کے بڑے پیمانے پر تقرریوں اور تبادلوں کے حکامات جاری ،پشاورہائیکورٹ نے خیبرپختونخواکے ماتحت عدالتوں کی110ججوں کی تعیناتیوں وتبادلوں کے احکامات جاری کردئیے

پشاورہائیکورٹ کے رجسٹرارخواجہ وجہہ الدین کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق18ڈسٹرکٹ اینڈسیشن ججز،41ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن ججزاور51سینئروسول ججز شامل ہیں تبدیل ہونیوالے ججزمیں پندرہ سے زائد خواتین اورباقی مردججزہیں۔

٭٭٭
نادرا آفسزپر خواتین کا رش بدنظمی اور سہولتوں کا فقدان سخت گرمی میں صورتحال ابتر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لاک ڈاﺅن کے متاثرہ مستحقین کے فنگر پرنٹ اور بائیو میٹرک کی تصدیق کے لئے کھولے گئے نادرا آفسزپر خواتین کا رش بدنظمی اور سہولتوں کا فقدان سخت گرمی میں صورتحال ابتر خواتین اور بزرگ شہریوں کی حالت ابتر۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے احساس کفالت پروگرام میں فنگر پرنٹ اور بائیو میٹرک تصدیق اور درستگی نہ ہونے کے باعث امدادی رقم سے محروم رہ جانے والے ہزاروں مستحقین کے فنگر پرنٹ اور بائیو میٹرک کی تصدیق اور درستگی کے لئے وفاقی حکومت کی ہدایت پر خصوصی طور پر کھولے گئے

نادرا آفس پر ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی آمد کی وجہ سے ڈیرہ میں نادرا آفس کے سامنے جمع ہجوم میں نظم ضوابط کا قیام اور لاک ڈان کی ایس او پیز کو قائم رکھنا پولیس اور نادرہ انتظامیہ کے لئے مشکل ہو گیا ہے

نادرا افس کے اندر اور باہر بدنظمی اور افرا تفری کا ماحول ہے اور بہت بڑی تعداد میں پہنچنے والی خواتین کے لئے کئے گئے انتظامات بہت کم ہیں اور سہولتوں کا فقدان ہے مستحقین کے لئے خصوصی طور پر کھلے گئے نادرا آفس پر خواتین کا ہجوم کرونا وائرس کے پھیلا کا باعث بن سکتا ہے ۔

.نادرا آفس کے باہر موجود ہر خاتون کی کوشش اور خوائش ہے کہ وہ سب سے پہلے نادرا آفیس کے مین گیٹ سے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوجاے اور پہلے روز ہی فنگر پرنٹ کا مسلہ حل کروا سکے

تمام نادرہ دفاتر کے گیٹ پر تعینات نادرا کے سیکیورٹی گارڈ میل اور فیمیل پولیس کانسٹبل کے ہمراہ خواتین کے اس جم غفیر کو گیٹ کے اندر داخل ہونے سے روکنے کے لے کوشش میں ناکام رہا سخت گرمی میں نادرا آفس سینٹر پر صورتحال ابتر ہو کر رہ گئی ہے

گزشتہ روز گرمی راش اور افراتفری کے باعث خواتین اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا .۔نادرا آفیس کے اندر داخل ہونے والی خواتین کا ٹمپر یچر چیک کرنے اور ہاتھ دھلوانے کے لے نادرا کی جانب سے خصوصی انتظامات تو کئے گئے ہیں جو موجودہ رش میں ناکافی ہیں

٭٭٭
ہزار روپے کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط میں نرمی کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 50ہزار روپے کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط میں نرمی کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر آئندہ بجٹ میں 50 ہزار کے بجائے ایک لاکھ روپے کی خریداری پر صارف کے شناختی کارڈ کی نقل لینے کی تجویز دے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر اس وقت بجٹ تجاویز کا انتخاب کررہا ہے۔ان میں صارف کے شناختی کارڈ کی نقل کیلیے خریداری کی حد 50 ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

٭٭٭
چھوٹا کاروبار امدادی سکیم کے اجرا سے نچلی سطح کے دوکانداروں کو فائدہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) چھوٹا کاروبار امدادی سکیم کے اجرا سے نچلی سطح کے دوکانداروں کو فائدہ دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے چھوٹا کاروبار امدادی سکیم کا اجرا کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے چھوٹے کاروباری دوکانداروں کے 3 ماہ کا بل حکومت ادا کرئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 فیصد سے زائد کمرشل اور کاٹچ انڈسٹریل میٹرز کو وزیر اعظم کے چھوٹا کاروبار امدادی سکیم سے فائدہ ہوگا۔اس سکیم کے تحت وفاقی حکومت ملک بھر میں 35 لاکھ چھوٹے کاروباری افراد کا تین ماہ کا بل ادا کرئے گی۔۔

About The Author