نومبر 8, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

6مئی 2020: آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا ؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

دریائے سندھ کے کنارے نامعلوم شخص کی تیرتی ہوئی مسخ شدہ لاش برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان :دریائے سندھ کے کنارے نامعلوم شخص کی تیرتی ہوئی مسخ شدہ لاش برآمد ،اطلاع پر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر لاش کو دریائے سندھ سے باہر نکال کر اسے شناخت اور پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ،

ریسکیو ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود دریائے سندھ کے کنارے مڈوے ہوٹل کے قریب دریائے میں تیرتی لاش کی موجودگی کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو دریا سے باہر نکال کر اسے شناخت اور پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا ،

پولیس کے مطابق نامعلوم شخص کی لاش تیس یوم سے زیادہ پرانی ہونے کی وجہ سے بوسیدہ ہو مسخ ہوچکی ہے جس سے اس کی شناخت ممکن نہیں رہی ،نامعلو شخص کی عمر چالیس سے پینتالیس سال کے قریب بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے رپورٹ درج کرکے مذید چھان بین شروع کردی ہے۔

٭٭٭
فائرنگ اور چاقوﺅں کے وار سے چالیس سالہ شخص کو شدید زخمی کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان نے فائرنگ اور چاقوﺅں کے وار سے چالیس سالہ شخص کو شدید زخمی کردیا ،زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے زخمی کے والد کی رپورٹ پر 8 افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود عید گاہ کلاں میں مسلح ملزمان نے فائرنگ اورچاقوﺅں کے وار سے چالیس سالہ غلام فرید ولد یٰسین خان قوم کھوکھر سکنہ کھوکھر غربی موسیٰ زئی شریف کو شدید زخمی کردیا ،

زخمی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ہم عید گاہ کلاں میں امام بخش کے گھر میں موجود تھے کہ اس دوران ملزمان سجن،عمران ،محمدامین ،رمضان ،شاہ بہرام پسران غلام یٰسین اور غلام یٰسین ساکنان نزد زکوڑی قبرستان دیگر دو نامعلوم افراد کے ہمراہ مسلح بہ اسلحہ گھر کے اندر داخل ہوئے ،

بیٹا غلام فرید نے جان بچاکر بھاگنے لگا تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کی جبکہ ایک ملزم امین نے اس پرچاقو کے وار کیے جس وہ شدیدزخمی ہوکر بہوش ہوگیا ، اس دوران ملزمان وہاں سے بھاگ گئے ،زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ،

وجہ عداوت خواتین کا تنازع بیان کیاگیا ،پولیس نے زخمی کے والد کی رپورٹ پر آٹھ ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
جعلی چیک دینے کے الزام میں ڈاکٹر امان اللہ کے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گاڑی کی خریداری کے عوض شہری کو سات لاکھ روپے کا بوگس اور جعلی چیک دینے کے الزام میں ڈاکٹر امان اللہ کے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،

ڈیرہ کے شہری سیف اللہ نیازی نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ڈاکٹر امان اللہ ولد کریم الدین راجپوت سکنہ محلہ گوسائیانوالہ سٹی ڈیرہ نے بابت خریدگاڑی اسے سات لاکھ روپے جعلی وبوگس چیک دیا ہے ۔

پولیس نے شہری کی رپورٹ پر ملزم ڈاکٹر امان اللہ کے خلاف جعلی چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
آن لائن30ویں اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیر صدارت آن لائن30ویں اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر رجسٹرار طارق ´محمود، ڈائریکٹر اکیڈمکس /ڈین آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابرانکے ہمراہ دفتر میںجبکہ دیگر تمام شعبہ جات کے ڈین ، ڈائریکٹرز،سربراہان آن لائن موجود تھے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن ہونےکی وجہ سے اکیڈمک کونسل کا ایجنڈا تمام ممبران کو بذریعہ ای میل بھیج دیا گیا تھا‘ تاکہ اکیڈمک کونسل کی میٹنگ آن لائن ہو سکے ۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کو کامیاب اور مضبوط بنانے کےلئے ضروری ہے کہ اکیڈمکس اور ریسر چ کو بہتر کیا جائے۔ ایکٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ وائس چانسلر کا کام ایکٹ کو لاگو کرنا ہے۔ لہٰذا ہم نے تمام کام ایکٹ اور سٹیچیوٹس کو دیکھ کر کرنے ہیں۔

اسلئے آج کی میٹنگ میں ایکٹ اور سٹیچیوٹس نے جس چیز کی اجازت دی ،اس کو منظور کر لیا اور جوایکٹ اور سٹیچیوٹس پر پورا نہیں اترتیں ان کو روک دیا گیاہے لہٰذا جو چیزیں منظور نہیں ہوئیں ان پر ایکٹ اور سٹیچیوٹس کو دیکھ کر کام کریں تاکہ وہ بھی قانون کی روشنی میں منظور ہو جائیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی پالیسی کےخلاف کوئی بھی کام نہیں کروں گا اور نہ ہی ہونے دونگا۔ اگر کسی کو بھی یونیورسٹی پالیسی پر کوئی تحفظات ہیں تو مجھ سے رابطہ کرے

میں اس کو دیکھوں گا اور اگر حل کے قابل ہوئی تو اس کو ایکٹ اور سٹیچیوٹس کے مطابق حل کروں گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے یونیورسٹی میںچلنے والے پروگراموں کو مزید بہتر بنانے کا کہا اور نئے پروگرامز بی ایس جیالوجی ، سائیکالوجی ،لائبریری سائنسز کو شروع کرنے کی سفارشات بھی سنڈیکیٹ سے منظوری کےلئے بھیجوا دیں ۔

میٹنگ میں مختلف شعبہ جات کے سیلبس، مختلف شعبہ جات میں ایم فل اورپی ایچ ڈی ،شریعہ اینڈ لاءشروع کرانے بارے تفصیلی بحث ہوئی اور مختلف شعبہ جات کے اکیڈمک معاملات کوحل کرنے کےلئے مختلف کمیٹیاں بھی بنائی گئیں

جن کو اپنی رپورٹ جلد از جلد جمع کرانے کا حکم بھی صادر فرمایا۔ وائس چانسلر نے آن لائن اکیڈمک کونسل میٹنگ کے انعقاد پر ڈائریکٹر اکیڈمکس اور ان کے سٹاف کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا۔

٭٭٭
ضلع بھر میں23 سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں53مطلوب اشتہاریوں سمیت77مشکوک افراد کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے گزشتہ ماہ اپریل میں نیشنل ایکشن پلان کے مطابق ضلع بھر میں23 سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کی کاروائیوں میں53مطلوب اشتہاریوں سمیت77مشکوک افراد کو گرفتار کیا ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر) واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کی تحت ڈیرہ کے پانچوں سرکلز سٹی ، صدر، پروآ، پہاڑپور اور کلاچی کے علاقوں میں 23سرچ اپریشنز اچانک چھاپوں اور کریک ڈاﺅن کے تسلسل میں

پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے قتل و اقدام قتل اور سنگین مقدمات میں مطلوب 53اشتہاریوں سمیت 77مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ماہ اپریل کے دوران ضلع بھر میں کریک ڈاﺅن کے نتیجہ میں زیر حراست افراد کے قبضہ سے مجموعی طور پر

02کلاشنکوف ، 01کالاکوف،07رائفلز،47بندوق ،70پستول ،04چاقو،اور2068مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے گئے ۔ اپریشنز کے دوران ضلع بھر میں کرایہ کے2951مکانات اور289مرتبہ ہوٹلز کو چیک کیا گیا

جن میں مقیم37غیر رجسٹرڈ افراد اور05ہوٹلوں کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ۔ضلع کے2681حساس مقامات اور 508مرتبہ اڈہ جات کو چیک کرکے 13اہم مقامات کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سیکیورٹی نہ ہونے پر مقدمات درج کیے گئے ۔

منشیات کی سپلائی لائن کو بند کرنے کے سلسلے میں جاری کریک ڈاﺅن کے دوران پولیس نے ماہ اپریل میں 26.931کلو گرام چرس،3.079گرام ہیروئن ،افیون 25 گرام ،بھنگ53.720کلوگرام،273گرام آئس اور54بوتل شراب برآمد کی گئی ۔

گزشتہ ماہ میں مختلف کاروائیوں میں پولیس نے772مقامات پر وقتاً فوقتاً اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں وی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پر چھوٹی بڑی32085گاڑیوں

بشمول موٹر سائیکلز اور47553افراد کا ڈیٹا چیک کرکے1162افرادکو زیر دفعہ 107/151ض ف اور 1121افراد کو ضابطہ فوجداری کی دفعات 55/109کے تحت حراست میں لیا گیا انہی کاروائیوں کے دوران مختلف اوقات میں ہوائی فائرنگ کے 05مقدمات درج ہوکر 05ملزمان بھی پولیس کے نرغے میں آیا۔

سود کے خلاف 02مقدمہ درج ہوکر 02افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال پر31مقدمات درج کیے گئے جبکہ قماربازی کے 11مقدمات درج رجسٹر ہوکر50افراد کو گرفتار کیا گیا۔

صوبائی حکومت کے طرف سے کرونا وائرس کے بچاﺅ کے سلسلہ میں نافذ شدہ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر124مقدمات درج رجسٹر ہوکر287افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ ماہ میں 23پٹرولیم ایکٹ کے تحت 10مقدمات درج ہوئے

جس میں ملوث11افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے1678لیٹر ایرانی ڈیزل اور319لیٹر ایرانی پٹرول برآمد ہوا۔ماہ اپریل میں سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلہ میں ڈیرہ پولیس نے 02 کاٹن سپیئر پارٹس ،01 بوری کھوپرا،01 بوری کشمش ،12 کلو بادام ،2000 کلو سیب ،07 بوری پان سپاری اور 02 کاٹن سگریٹ جو کہ بغیر کسٹم ڈیوٹی ادا کیے سمگل کیے جار ہے تھے کسٹم حکام کے حوالے کیے۔

٭٭٭
شہید پولیس اہلکارکی بیوہ کے پلاٹ پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہید پولیس اہلکارکی بیوہ کے پلاٹ پر زبردستی قبضہ کرنے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل اعجاز حسین شہید کی بیوہ (ص ر)نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کا آٹھ مرلہ کا پلاٹ واقع ضمیر آباد جس پر ملزم ذارے خان ولد محمد عالم قوم محسود سکنہ ضمیر آباد زبردستی ناجائز قبضہ کرنا چاہتاہے

اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتاہے ،وجہ عداوت پلاٹ کا تنازع بیان کیاگیاہے ۔پولیس نے بیوہ خاتون کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭

بارہ سالہ لڑکی کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس نے بارہ سالہ لڑکی کو شادی کی غرض سے اغواءکرنے کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ کے علاقہ تھہیم آباد کے رہائشی اللہ نواز نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ

ملزمان مشتاق ،رضوان ،نجیب ،روزی خان اقوام شیخ ساکنان تھہیم آبادمیری بارہ سالہ بیٹی (ر بی بی )کو بہلا پھسلا کر اغواءکرکے لے گئے ہیں ،پولیس نے لڑکی والد کی رپورٹ پر چاروں افراد کے خلاف اغوائیگی کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
ڈائریکٹ کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کرنے کے جرم میں چھ افراد کے خلاف مقدمات درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایس ڈی او پیسکو پنیالہ محمد اشرف کا پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن ،ڈائریکٹ کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کرنے کے جرم میں چھ افراد کے خلاف بجلی چوری کے مقدمات درج کرلیے گئے ،

ایس ڈی او پیسکو پینالہ نے اپنے سٹاف اور پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف پنیالہ ،شاہ حسن خیل ،شادی خیل سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں کریک ڈاﺅن کیا ،چھاپہ مار ٹیم نے آپریشن کے دوران ایل ٹی تاروں سے ڈائریکٹ کنڈوں کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث چھ افراد کو دھر لیا ،اوربجلی کے کنڈے اتار کر تحویل میں لے لیے گئے ،

نواب پولیس نے ایس ڈی او پیسکو کی رپورٹ پر چھ افراد کے خلاف بجلی چوری کے مقدمہ درج کرلیے ہیں ۔

٭٭٭
بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن ،بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا ،پروا پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران تین ملزمان کو گرفتارکرکے چار بندوق سات کارتوس ،

یارک پولیس نے چارافراد کے قبضہ سے تین بندوق ،دو پسٹل ،38 کارتوس برآمد کرلیے ،کلاچی پولیس نے علاقہ مڈی میں کاروائی کے دوران ملزم عبدالستار کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے تین کلو گرام سے زائد چرس ، پانچ کلو گرام بھنگ ،افیون اور ہیروئن برآمد کرلی ،

کینٹ پولیس نے احاطہ کوٹلی امام حسین اور قبرستان اہل اسلام سے دو افراد کو گرفتارکرکے چرس اور ہیروئین برآمد کرلی،پہاڑپور پولیس نے علاقہ پیر اصحاب میں منشیات فروش دو کلو بھنگ اور چرس برآمد کرکے اسے گرفتارکرلیا۔

بندکورائی پولیس نے سی آر بی سی نہر پر کاروائی کے دوران ملزم محمد رضوان کے قبضہ سے ایک بندوق بارہ بور اور دو کارتوس برآمد کرلیے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔

٭٭٭
سبزی و فروٹ منڈی رتہ کلاچی کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اسسٹنٹ کمشنر درابن شاہ بہرام کا سبزی و فروٹ منڈی رتہ کلاچی کا دورہ ۔ مصنوعی گرانفروشی کے تدارک کیلئے بولی کے عمل کا جائزہ اور پھل اور سبزیوں کے سرکاری نرحنامے کے مطابق عوام تک فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے احکامات ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر درابن شاہ بہرام نے علی الصبح ڈیرہ کی سب سے بڑی پھل اور سبزی منڈی رتہ کلاچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ مال اور محکمہ خوراک کے افسران و اہلکار بھی انکے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے سبزی اور پھلوں کے سرکاری نرخنامے کے مطابق عوام تک دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے موقع پر بولی کے تمام عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود ڈیلرز، بروکرز اور ایجنٹس کو سخت ہدایات جاری کیں

کہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور مصنوعی گرانفروشی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور انکے لائسنس بھی منسوخ کر دئے جائیں گے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر بالخصوص سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

٭٭٭
گندم کی خریداری میں اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نور عالم محسود کا پی آر سی سنٹر کا دورہ۔ گندم خریداری کے عمل کا جائزہ لیا اور گندم کی خریداری میں اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نور عالم محسود نے پروونشل ریزرو سنٹر (پی آر سی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمٰن بھی انکے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے گندم کے گودام اور گندم کی خریداری کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری سے متعلق مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم میں دس فیصد تک نمی قابل قبول ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے بتایا کہ گندم کی خریداری کیلئے مقرر کردہ کمیٹی اور تعینات عملے کی نگرانی میں خریداری کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خریداری کے دوران گندم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خریداری کے عمل کے دوران کورونا وائرس کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر بالخصوص سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر مکمل عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

٭٭٭
مقرر کردہ نرخ اور کم پیمانے پر پمپس مالکان پر جرمانے عائد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر کلاچی کرامت اﷲ کا مختلف پٹرول پمپس کا دورہ۔ قیمتوں اور پیمانے کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی میں ملوث متعدد پمپ مالکان کو جرمانے عائد کیے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کلاچی کرامت اﷲ نے ہتھالہ اور ٹانک روڈ پر قائم مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور سرکاری مقرر کردہ نرخنامے سمیت پیمانے کو بھی چیک کیا

جبکہ مقرر کردہ نرخ اور کم پیمانے جیسی خلاف ورزیوں میں ملوث پمپس مالکان پر مجموعی طور پر 56000/-روپے کے جرمانے عائد کیے اور متنبہ کیا کہ مقرر کردہ نرخ اور پیمانے کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی فروخت کو یقینی بنایا جائے

بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایسی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ مزید براں انہوں نے تمام پمپ مالکان کو ہدایات جاری کیں کہ کورونا وائرس کے تدارک کیلئے صفائی ستھرائی سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

٭٭٭
نیشنل بینک پروآ اڈہ برانچ کے باہر تنخواہ وپنشن لینے والوں کی لمبی قطاریںلگ گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سخت گرمی میں نیشنل بینک پروآ اڈہ برانچ کے باہر تنخواہ وپنشن لینے والوں کی لمبی قطاریںلگ گئیں ،بینک عملہ کی نااہلی اور سست روی کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا،صارفین کا منیجر سمیت دیگر تمام عملہ کے فوری تبادلے کامطالبہ ،

نیشنل بینک پروآ اڈہ برانچ ڈیرہ میں پنشن اور تنخواہوں کے حصول کیلئے بینک عملہ کی نااہلی اور ست روی کے باعث بینک کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں ،صارفین کے مطابق نیشنل بنک پروآ اڈہ برانچ میںشدید گرمی اور روزہ کی حالت میں وہ صبح دس بجے سے بینک کے اندر موجود ہیں

لیکن طویل وقت گزرنے کے باوجود ان کا نمبر ہی آتا جس کی وجہ سے بینک میں آنے والے افراد کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں،جبکہ بینک میں موجود لوگوں کے درمیان میں مناسب فاصلہ بھی نہیں رکھا جارہا ۔

نیشنل بنک پروآ اڈہ برانچ کے باہر پنشن کے حصول کے لئے پنشرز کی لمبی قطاریںکورونا وائرس کے خلاف حکومتی لاک ڈاﺅن کے بالکل برعکس حقائق پیش کررہی ہیں ، ان میں خواتین بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں،

پنشرز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گھر گھر پنشن پہنچانے کے اعلان تو کر دیئے لیکن انتظامات نہیں کئے گئے، یہی وجہ ہے کہ مجبور اً پنشرز بنک کے باہر لمبی قطاریں بنانے پر مجبور ہیں،

گھر کا چولہا جلانے کیلئے پنشن کی رقم ہماری اشد ضرورت ہے، بنک عملہ نے اندر ایک فرد کو جانے کی اجازت دیکر اپنے آپ کو محفوظ کر لیا ہے لیکن شدید گرمی میں ضعیف اور عمر رسیدہ پنشنرز طویل قطاروں میں گھنٹوں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں

جس سے بینک میں پینشن اور تنخواہیں وصول کر نے والوں کاجم غفیر جمع ہو گیا ہے جبکہ شہریوں اور ملازمین میں دھکم پیل بھی جاری ہے ۔ صارفین نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لے کر بینک منیجر سمیت تمام نااہل عملہ کوفوری تبدیل کرنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید بہتر انتظامات اور اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

٭٭٭
کوروناسے جاں بحق ہونیوالے افرادکی تدفین سے متعلق رہنمااصولوںکی گائیڈلائنزپرنظرثانی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کوروناسے جاں بحق ہونیوالے افرادکی تدفین سے متعلق رہنمااصولوں پر لوگوں کی جانب سے اعتراضات اور تحفظات کے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوااس حوالے سے جاری گائیڈلائنزپرنظرثانی کردی ہے

نئی گائیڈلائن کے تحت کورونا سے جاں بحق افراد کو غسل دینے کی اجازت ہوگی غسل دینے سے قبل اور بعد ازاں تختہ کو ڈیٹول یا بلیج سے صاف کرنا لازمی قراردیاگیاہے۔گائیڈلائن میں مزید کہاگیاہے کہ میت کوغسل دینے والوں کیلئے گلوز ، چشمے اور ماسک پہننا ناگزیر ہیں

جاںبحق ہونے والوں کو آخری دیدار کرنے کی مشروط اجازت ہوگی دیدار کرنے والوں کیلئے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازمی ہوگا محکمہ صحت کے مطابق کرونا سے جاں بحق ہونے والوں میں وائرس ختم ہوجاتے ہیں

اوران سے کرونا وائرس نہیں پھیلتا بعض جاں بحق افراد کی ناک اور کان سے فلیوڈز جاتا ہے اس لئے احتیاط لازمی ہے گائیڈلائن کے تحت کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کو بوسہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے

محکمہ صحت کے مطابق نئی تحقیق سے یہ بات واضح ہوگئی کہ مردہ سے وائرس نہیں پھیلتا ہے جاں بحق ہونے کے بعد مردوں کے پھیپھڑے کام کرنا چھوڑ جاتے ہیں اس لئے وائرس نہیں پھیلتا۔

٭٭٭
پاکستان پوسٹ نے 9 سال بعد بین الاقوامی لیٹر میل کے ٹیرف میں ترمیم کی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان پوسٹ نے 9 سال بعد بین الاقوامی لیٹر میل کے ٹیرف میں ترمیم کی ہے لیکن اس کا عالمی وباء کورونا وائرس سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان پوسٹ کم لاگت سے بین الاقوامی ڈاک بھیج رہی تھی

جس کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ کو 64 ملین روپے سالانہ نقصان ہو رہا تھا۔ قیمتوں میں فرق کے تناظر میں پاکستان پوسٹ نے اپنے بین الاقوامی لیٹر میل ٹیرف پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ڈالر کی قیمت میں تبدیلی بھی شامل ہے۔

ڈالر کی قیمت میں 2011ءسے 2020ءکے دوران 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کی قیمت بھی 137 سے بڑھ کر 217 ہو گئی جس میں2011ءسے لے کر 2020ءتک 58 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمینل واجبات (لیٹر میل کی ترسیل کے معاوضی) میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ گھریلو لاگت سمیت ایئر کنویئنس لاگت میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹیبلشمنٹ لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے، ریٹ سٹرکچر میں بہتری لائی گئی ہے،

وزن کے بنیادی مرحلہ میں 50 گرام اضافہ کیا گیا ہے جو پہلے 20 گرام تھا اور ایئر سرچارج کو ختم کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن چارجز 280 روپے فی لیٹر اور یہ ہر 50 گرام کیلئے نہیں ہے، یہاں تک کہ 2 کلوگرام اشیاءکیلئے بھی وہی ریٹ ہو گا۔

٭٭٭
جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے آم کی 10ٹن فی ہیکٹر پیداوار کو 25ٹن فی ہیکٹر تک بڑھایاجاسکتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے آم کی 10ٹن فی ہیکٹر پیداوار کو 25ٹن فی ہیکٹر تک بڑھایاجاسکتاہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ باغبان ماہرین زراعت کی مشاور ت سے پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوںنے کہاکہ رواں سال بہتر موسمی حالات کے باعث آم کے باغات میں بھر پور بور آنے اور زیادہ تعداد میں پھل حاصل ہونے کا امکان ہے جس سے پیداوار میں بھی گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا اضافہ ہو گا۔

انہوںنے بتایاکہ جس پودے پر 0.01 فیصد پھل ہو اسے نارمل جبکہ 0.02 فیصد پھل کو اچھی فصل اور 0.03 فیصد پھل والی فصل کو بمپر کراپ کہاجاتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ رواں ماہ مئی اور اگلے ماہ جون کے دوران پھل کی تیزی سے نشوونماہوتی ہے

مگر درجہ حرارت میں غیر معمولی حدتک اضافہ ، پانی کی کمی ، تیز آندھیاں چلنے اور مختلف بیماریوں سمیت تیلے کے حملے سے پھل گرنا شروع ہو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ موسم گرما کی شدت کے دوران پانی و غذائی عناصر کی کمی سے پھل کے کیرے کا عمل شروع ہوجاتاہے

اسی طرح فروٹ فلائی بھی بھرپور حملہ کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگرپھل پر کسی قسم کا کوئی حملہ دیکھنے میں آئے تو تمام گرے ہوئے پھل اکٹھے کرکے باغات سے باہر گڑھا کھود کر دبادینے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ فروٹ فلائی کو کنٹرول کرنے کیلئے باغات میں جنسی پھندے لگانے سمیت متوازن کھادوں کااستعمال اور گروتھ ہارمونز کا سپرے بھی کیاجا سکتاہے۔

٭٭٭
پولٹری فارمنگ میں پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے کہاہے کہ پولٹری فارمنگ میں پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافہ ، نشو و نما اور پیداوار میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولٹری فارمرز کی اکثریت پانی کی اہمیت سے ناواقف ہے اور وہ صرف خوراک و دیگر ضروریات کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ پانی کی آسانی سے دستیابی کے باعث اسے نظر انداز کردیا جاتاہے

لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافہ کا موجب بننے کے ساتھ ساتھ ان کی نشو و نما اور پیداوار پر بھی بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔انہوںنے بتایاکہ پانی کی اچھی کوالٹی سے چوزوں کی نشوونما میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ حالیہ تحقیق کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ خوراک اور پانی دونوں پولٹری فارمنگ کیلئے بے حد اہم ہیں لیکن پانی کی اہمیت خوراک سے بھی کہیں زیادہ ہے کیونکہ خوراک کے بغیر مرغی ایک سے 2ہفتے تک زندہ رہ سکتی ہے

لیکن پانی کی کمی کے بغیرمرغی چند گھنٹے بھی نہیں گزار سکتی۔انہوںنے بتایاکہ مرغی کا جسم 60 فیصد پانی پر مشتمل ہوتاہے جبکہ چوزوں کا جسم 80 فیصد پانی کا حامل ہوتاہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر مرغیوں میں چربی 98فیصد اور لحمیات 50 فیصد تک بھی ضائع ہو جائیں تو مرغی زندہ رہ سکتی ہے لیکن اگر پانی کی مقدار 10فیصد بھی کم ہو جائے تو نمکیات کا تناسب بگڑنے سے اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

انہوںنے مرغبانی کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی اہمیت کو مد نظر رکھیں تاکہ پولٹری فارمنگ کے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔

٭٭٭
کولیسٹرول کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،غذائی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)غذائی ماہرین نے بتایا ہے کہ ملک میں کولیسٹرول کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ان مریضوں کی زیادہ تر تعداد ان لوگوں پر مشتمل ہے جوگوشت کا بے جا استعمال کرتے ہیں

لہٰذاکولیسٹرول کے مریضوں سمیت عوام الناس کو چاہیے کہ وہ گوشت کی بجائے دالوں کا استعمال زیادہ کریں کیونکہ دالوں میں گوشت کے برابر پروٹین اور لحمیات ہوتی ہیں جبکہ دالوں میں کولیسٹرول صرف 2فیصد اور گوشت میں 25سے 28 فیصد تک ہوتا ہے

لہٰذا کولیسٹرول سے بچنے کیلئے ہفتہ میں صرف ایک روز گوشت کا استعمال کیا جائے۔انہوںنے بتایا کہ موسم گرما میں سلاد ، تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال اشد ضروری ہے تاہم گلے سڑے پھلوں ، باسی سبزیوں اور زیادہ وقت کیلئے کاٹ کر رکھے گئے سلاد کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ پانی ابال کر گھروں میں استعمال کرنے کے علاوہ ریفریجریٹرز میں برف جمانے کیلئے بھی ابلا ہوا پانی استعمال کیا جائے تاکہ جسم کا نظام غیر متوازن ہونے کا خدشہ نہ رہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ موسم گرما کے دوران شدید تپش ، لو اور مضر اثرات سمیت پسینے کی کثرت ، ہیضہ ، اسہال ، بخار ، جسمانی تھکاوٹ ، اعصابی کمزوری سے بچنے کیلئے دیسی مشروبات ، نمکین لسی،ستو، سردائی، شربت بزوری ، صندل ،

شکنجبین کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ جسم سے ضائع ہونے والے نمکیات کے توازن کو بر قرار رکھ کر مختلف موسمی بیماریوں سے بچا جا سکے نیز گوشت اور تیز مصالحے والی مرغن غذاﺅں کااستعمال کم کرتے ہوئے سبزیوں ، سلاد ، تازہ پھلوں کا بھی زیادہ استعمال کیا جائے

تاہم گلے سڑے ، کٹے ہوئے اور باسی پھلوں و سبزیوں سے گریز بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ بدلتے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کئی پریشانیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

٭٭٭
دھان کی موٹی اقسام کی کاشت 20 مئی سے شروع کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کاشتکاروں کو اری 6 ، کے ایس 282 ، کے ایس کے 133 ، نیاب اری 9 سمیت دھان کی موٹی اقسام کی کاشت 20 مئی سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار 20مئی سے قبل دھان کی کاشت نہ کریں

جبکہ پنیری کی کاشت کیلئے صاف ستھرا اور صحتمند بیج استعمال کیاجائے اور بیج سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے بیج کو مناسب پھپھوندکش زہر ضرور لگائیں۔

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہاکہ دھان کی ایک ایکڑ پنیری کو اگانے کیلئے موٹی اقسام کا شرح بیج تر یا کدو کے طریقہ میں 6 سے 7کلوگرام، خشک طریقہ میں 8سی10 کلوگرام اور راب کے طریقہ میں 12سی15 کلوگرام بیج استعمال کیاجائے۔

انہوں نے بتایا کہ کاشتکاردھان کی پنیری کی کاشت 20 مئی سے پہلے شروع نہ کریں کیونکہ دھان کے تنے کی سنڈیاں موسم سرما کو مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیںجبکہ شروع مئی میں کاشتہ دھان کی پنیری پر منتقل ہو کر اپنی نسل میں اضافہ کرتی ہیں

اور بعد ازاں دھان کی فصل پر حملہ آور ہو کر نقصان کا باعث بنتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار دھان کی پنیری کو کدوکے طریقہ سے کاشت کرنے کیلئے پہلے کھیت میں ایک سے دو مرتبہ خشک ہل چلائیں اور پنیری بونے سے تین دن پہلے کھیت کو پانی سے بھر دیں پھر کھڑے پانی میں دوہرا ہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔

کھیت کو دس، دس مرلہ کے پلاٹوں میں تقسیم کر کے انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹہ دیں تاہم چھٹہ دیتے وقت کھیت میں ایک تا ڈیڑھ انچ پانی کھڑا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اس طریقہ کاشت سے پنیری 25 سے 30 دن میں تیار ہو جاتی ہے

لہٰذاخشک طریقہ کاشت میںزمین کو پانی دے کر وتر حالت میں لائیں اور پھر دوہرا ہل اور سہاگہ دے کر کھیت کو کھلا چھوڑ دیں۔انہوںنے کہاکہ کاشت سے پہلے دوہرا ہل چلا کر سہاگہ دیں اور تیار شدہ کھیت میں خشک بیج کا چھٹہ دیں پھر اس پر روڑی، توڑی، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں

اس کے بعد پانی لگائیں اس طریقہ سے پنیری 35 تا 40 دن میں تیار ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ راب کے طریقہ کاشت میںخشک زمین میں 3 سے 4 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دے کر زمین کو باریک اور بھربھرا کرنے کے بعد ہموار کردہ کھیت میں گوبر، پھک یا پرالی کی 2 انچ تہہ ڈال کر آگ لگا دی جائے

اور راکھ ٹھنڈی ہونے پر زمین میں ملا تے ہوئے بیج بحساب سفارش کردہ مقدار چھٹہ دیںاور کیاریوں کو پانی آہستہ آہستہ لگائیں تاکہ دھان کی اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔

٭٭٭
طلباءکی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ”نیکسٹ جنریشن لرننگ مینجمنٹ سسٹم“ متعارف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلباءکی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ”نیکسٹ جنریشن لرننگ مینجمنٹ سسٹم“ متعارف کرا دیا ہے جس کیلئے آگاہی ایل ایم ایس پورٹل کو ورچوئل کلاس روم سہولت کے ساتھ اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔

نیکسٹ جنریشن لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے تحت پوسٹ گریجویٹ سطح پر )باالخصوص کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کے دوران( تعلیمی پروگرامز آن لائن پیش کرنے اور آن لائن کلاسز منعقدکی جا رہی ہیں۔اس پورٹل کے تحت ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایس، بی ایڈ، ایم اے، ایم ایس سی، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے طلباء کے ساتھ آن لائن سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔

طلباء اور اساتذہ بغیر کسی مداخلت اور مشکل کے ٹیکسٹ، وائس اور ویڈیو میسجز/فیس ٹو فیس بات چیت )مباحثے اور لیکچرز( کے ذریعے رابطہ میں ہوں گے۔ایل ایم ایس سسٹم ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی ا±س تجربہ کار ٹیم نے تیار کیا ہے

جو یونیورسٹی کی مجموعی نظام کو ڈیجٹلائزڈ کرنے میں مصروف عمل ہے۔یہ کام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی قیادت میں شروع کیا گیا تھا جو کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر خصوصی دسترس رکھتے ہیں۔

ایسے مشکل وقت میں جب ملک کے تعلیمی ادارے بند ہیں اور طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں فکرمند ہیں۔ اوپن یونیورسٹی وائس چانسلر کی قیادت میں اپنی ذمہ داریاں ایل ایم ایس سسٹم کے تحت بااحسن و خوبی پوری کر رہی ہے اور طلباءکو آن لائن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

٭٭٭
موسم کی تبدیلی سے دمہ کے مریضوں کیلئے تکلیف میں اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گندم کی کٹائی کے دوران اور موسم کی تبدیلی سے دمہ کے مریضوں کیلئے تکلیف دہ امر ہوتا ہے موجودہ کرونا وائرس کے حالات میں دمہ کے مریضوں کیلئے احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کے ماہر ِامراض ِٹی بی و سینہ نے دمہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ا±نہوں نے کہا کہ کرونا وائرس میں دمہ کے مریضوں کیلئے حالات مزید گھمبیر ہیں ان حالات میں ان مریضوں کی غفلت انہیں بڑی مصیبت میں مبتلا کرسکتی ہے، اس لئے احتیاط لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دمہ قابل علاج مرض ہے صرف احتیاط اور بروقت علاج سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ،پاکستان میں دمہ کے مریضوں کی ایک بڑی تعداد اس مرض کا بروقت علاج نہیں کرواتی جس کی وجہ سے اس کی تعداد بڑھ رہی ہے اگر مریض بروقت علاج کروائے تو اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دمہ ایک ایسا مرض ہے جو گندم کی کٹائی کے دنوں میں مریضوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ بن جاتا ہے اس لئے اس موسم میں ناک اور منہ کو ڈھانپ کر رکھنا دمہ کے مریضوں کیلئے از حدضروری ہے۔

٭٭٭
کاشت سے قبل کھادوں کے استعمال کیلئے زمین کاتجزیہ ضرورکروائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ زمیندار‘کاشتکار ‘کسان فصلات ربیع و خریف کی کاشت سے قبل کھادوں کے استعمال کیلئے زمین کاتجزیہ ضرورکروائیں اور ماہرین کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا استعمال کیاجائے تاکہ بھرپورپیداوار کا حصول ممکن ہوسکے۔

انہوں نے دوران ملاقات بتایا کہ کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ اگر ہر سال ممکن ہو تو کم ازکم ہر تیسرے سال زمین کاتجزیہ کروائیں تاکہ مٹی کے تجزیہ کے بعد کھادوں کے استعمال کا مشورہ دیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر موزو ںکھادوں کے انتخاب‘ ان کے خودساختی استعمال ‘آبپاشی کیلئے پانی کی کمی یا زیادتی کی وجہ سے کھادوں اوربیج کی افادیت ب±ری طرح سے متاثرہوتی ہے۔

٭٭٭
کاشتکاروں کو اوائل عمرمیں پھل دار پودے بارآورہونے تک ان میں موسم خریف کی سبزیاںکاشت کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے باغبانوں ‘کاشتکاروں کو اوائل عمرمیں پھل دار پودے بارآورہونے تک ان میں موسم خریف کی سبزیاں ٹینڈا‘کدو‘کریلا‘ پیاز‘بھنڈی ‘پھول گوبھی‘ مولی‘ گاجر اورخربوزہ کے علاوہ پھلی دار اجناس مونگ ‘ماش موٹھ اور رواں جبکہ چاروں میں گواراور جنترکاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

اور کہاگیاہے کہ ان فصلوں کے کاشتہ پودوں کی صحت اور بڑھوتری پر اچھااثرپڑتاہے کیونکہ باغ جڑی بوٹیوں سے صاف اور زمین کی حالت بھی بہتررہتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)نے بتا یاکہ اگرباغات میں فصلیں کاشت نہ کی جائیں تو ان میں گوڈی کرنے اورجڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے بار بار ہل چلاناپڑتاہے

جوکہ باغبانوں پراخراجات کی صورت میں بوجھ بن جاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ شروع میں پھل دار پودے اتنے بڑے نہیں ہوتے اور ساری زمین کو نہیں گھیرتے اس لئے ان پودوں کے درمیان دوسری نفع آور فصلیں باآسانی اگائی جاسکتی ہیں۔

٭٭٭
یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزارت تعلیم نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت تعلیم نے یکم جون سے صوبے بھر کے تمام سکولز،کالجز اور یونیورسٹیاں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بابت معیاری طریقہ کار کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔اسکول صبح7 بجے سے دن 11 بجے تک کھلیں گے۔صبح اسمبلی اور تفریح کا وقفہ نہیں ہوگا اور یہ اوقات کا 14 اگست تک جاری رہیں گے۔جبکہ پندرہ اگست سے معمول کے مطابق سکول اوقات کر دیے جائیں گے۔

تمام سرکاری سکولوں میں کچی سے ہشتم تک نئے داخلے بھی یکم جون سے شروع کیے جا رہے ہیں۔میٹرک انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی جون میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پرائمری سکولوں کے اوقات ہائی اسکولوں سے بھی کم ہوں گے۔

ڈبل شفٹ والے اسکولوں کے لئے شام کے اوقات بھی چار گھنٹے کے ہونگے۔خیال رہے کہ صوبہ بھر میں لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں۔اک ڈاﺅن کے پیش نظر سکولز بند ہونے کی وجہ سے بچوں کو گھروں کے اندر تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے وفاقی وزارت تعلیم نی’ ٹیلی سکول’ کے نام سے چینل قائم کیا تھا۔

، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پاکستان ٹیلی ویڑن کارپوریشن (پی ٹی وی)کے تعاون سے لاک ڈاﺅن کے دوران اِس چینل کے تحت بچوں کو ا±ن کے گھروں میں سکول کا ماحول فراہم کرنے جارہے ہیں۔

زیر تعلیم نے کہا کہ کسی صورت بھی بچوں کا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔اوپن یونیورسٹی سٹوڈیوز ، ٹیکنیکل ، ایڈیٹنگ اور پروڈکشن معاونت فراہم کرے گی جبکہ پی ٹی وی اس چینل کے تحت تعلیم کو فروغ دینے کے لئے آٹھ گھنٹے کا ائیر ٹائم مہیا کرے گا۔

٭٭٭
کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے ملیریا کی دوا کا استعمال بند کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اموات میں اضافے کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے ملیریا کی دوا کا استعمال بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کورونا نے کورونا کے مریضوں کیلئے ملیریا کی دوا کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال کو فوری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ممبر سیاگ کا کہنا تھا کہ اس دوا کے استعمال سے شرح اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ہائیڈرو کلوروکوئین سے دل کی دھڑکن بے ترتیب ہورہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صحت مند افراد کا کلوروکوئین کا استعمال خطرناک ہے۔ اس سے قبل تحقیق میں ملیریا کی دوا کو کورونا وائرس کے لئے فائدہ مند قرار دیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب امریکہ میں بھی ملیریا کی دوا سے کورونا وائرس کی اموات میں اضافہ ہو ا۔دنیا بھر میں سمجھا جا رہا تھا کہ شاید ملیریا کی دوا کلوروکوئین سے کورونا وائرس کا علاج ممکن ہے، لیکن اب ایک امریکی فوجی ہسپتال کی جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں بھی اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ کلوروکوئین کورونا کے خلاف کارآمد نہیں ہے

بلکہ ا س سے اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے خوشخبری سنائی تھی کہ یہ دوائی کورونا وائرس کے علاج میں موثر ثابت ہوئی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد دنیا بھر کے ہسپتالوں میں کلوروکوئین کے ٹرائلز کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

لیکن اب نئی تحقیق نے ا س دوائی کے موثر اثرات کی نفی کر دی ہے۔چینی ماہرین بھی اس حوالے سے رپورٹ جاری کر چکے ہیں کہ ملیریا کی دوا کلوروکوئین کا کورونا مریضوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ امریکی صد ر کے اعلان کے بعد سب سے پہلے برازیل نے شکوک و شبہات کا اظہا رکیا تھا۔

٭٭٭
لاک ڈاﺅن کی وجہ سے عا م بازار بند ہیں ، عوام آن لائن خریداری کی جانب راغب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لاک ڈاﺅن کی وجہ سے عا م بازار بند ہیں اور عوام آن لائن خریداری کی جانب راغب ہورہے ہیں لیکن اس صورتحال میں نوسر باز بھی سرگرم ہیں اور سادہ لوح صارفین کو نقصان پہنچارہے ہیں جس میں کورئیر کمپنیاں بھی ملوث ہیں۔

ذرائع کے مطابق آن لائن فراڈ کی وارداتیں ایک جانب صارفین کا ای کامرس پر اعتماد کم کرنے کا سبب بن رہی ہیں وہیں حقیقی تاجروں کو بھی اپنی مصنوعات فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن خریداری کرنے والی ایک خاتون صارف کو بھی اسی طرز کے ایک آن لائن فراڈ کا سامنا کرنا پڑا۔

متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ فیس بک پر جعلی اکاﺅنٹ بناکر مصنوعات فروخت کرنے والے دھوکے باز عناصر کوریئر کمپنیوں کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹ رہے ہیں اور شنوائی کے لیے کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے۔

دوسری خاتون نے فیس بک پر خواتین کے بغیر سلے ملبوسات کا اشتہار دیکھا جس میں دیدہ زیب رنگوں اور ایمبرائڈری والے تھری پیس 2 سوٹ 1499 روپے میں ہوم ڈیلیوری کی پیشکش کی گئی تھی۔عید کی تیاری کے لیے بازار بند ہونے کی وجہ سے خاتون نے فوری طور پر آرڈر دے ڈالا جو معروف کوریئر کمپنی کے پارسل کی شکل میں انہیں پہنچ گیا۔

خاتون نے بتایاکہ پارسل لانے والا رائیڈر پیسے وصول کرکے چلتا بنا، پارسل کھولتے ہیں ان کی ساری خوشی غارت ہوگئی کیونکہ پارسل میں سے دو عدد لنڈے کی کرتے نما شرٹس برآمد ہوئیں، خاتون نے الٹ پلٹ کر پارسل کا جائزہ لیا تاکہ رابطہ کرکے شاپ والوں کو کھری کھری سناسکیں

تاہم ان کو اس وقت دکھ اور حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب پارسل پر بھیجنے والے کے ایڈریس کے بجائے صرف اسلام آباد درج تھا اور موبائل نمبر کی جگہ بھی 11 ہندسوں کے بجائے 10 ہندسے درج تھے جس پر ظاہر ہے کوئی رابطہ ممکن نہ تھا۔

دھوکا کھانے والی خاتون خریدار نے فیس بک کھول کر میسنجر کے ذریعے لیڈیز شاپ چلانے والوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ غلطی سے پارسل تبدیل ہوگیا اور جلد اصل پارسل بھجوانے کا وعدہ کیا اور بار بار یاد دہانی کرانے پر غصہ کا اظہار کیا۔

خاتون کے مطابق انہوں نے کوریئر کمپنی سے بھی رابطہ کیا تاہم کوریئر کمپنی نے کوئی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کردیا حالانکہ کوریئر کمپنی نے موبائل نمبر اور ایڈریس ادھورا درج کرکے اس جرم میں معاونت کی اگر یہ پارسل واپس کیا جاتا تو کس پتے پر واپس ہوتا کوریئر کمپنی نے اپنے چارجز وصول کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی جس کا خمیازہ صارف کو بھگتنا پڑا۔

دھوکا کھانے والی خاتون ن ے بتایاکہ موجودہ حالات میں جہاں لاک ڈان کی وجہ سے عام بازار اور دکانیں بند ہیں ،حکومت آن لائن کاروبار کے متبادل طریقے کی اجازت دے رہی ہے وہاں اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ دھوکے باز عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے بھی کوئی ہیلپ لائن مخصوص کی جائے تاکہ عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والوں کا تدارک کیا جاسکے۔

عوام نے فیس بک کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس طرز کے سوشل میڈیا پیجز کو فی الفور بند کیا جائے اور پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے عناصر کی لوکیشن اور دیگر تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ انٹرنیٹ جیسی سہولت کو دھوکا دہی کے لیے استعمال کرنے والوں کو سزائیں مل سکیں۔

دھوکا کھانے والی خاتون نے دیگر صارفین پر زور دیا ہے کہ خریداری سے قبل کمپنی کی ساکھ کی تصدیق کرلیں اور پارسل موصول ہونے پر کوریئر کمپنی کے نمائندے کے سامنے کھول کر تسلی کریں اور مطلوبہ اشیا

موصول نہ ہونے اور معیار خراب ہونے پر فی الفور واپس کریں اور ایسی تمام جعلی کمپنیوں اور فیس بک پیجز کی نشاندہی کریں۔

٭٭٭
یوم شہادت حضرت علی کا دن مسلمانوں کے لئے ایک خصوصی اہمیت کا حامل ہے،حافظ واحد محمود

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ حضرت علی ؓ کی یوم شہادت کا دن مسلمانوںکے لئے ایک خصوصی اہمیت کا حامل ہے،جہاں یوم شہادت حضر ت علی ؓ منایاجائے وہاں کرونا وائرس کے حوالہ سے ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے،

اس لئے ہمیں موجودہ حالات میں اپنے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں، دوستوں اور دیگر کی صحت اور زندگی کا بھی خیال رکھنا ہوگا کسی بھی فرد کوہم مختلف النوع عبادت ، عقیدت یا دوسری تقریبات سے روکنے کے حامی نہیںہیںتاہم حکومت پاکستان اور حکومت خیبرپختونخوا نے جو ایس ا و پیز جاری کئے ہیں ان کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔

انہوںنے ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ 21رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی ؓ کے طور پر منایا جاتا ہے جس دن شیر خد ا کی شہادت ہوئی تھی اس روزیوم شہادت مناننے والوں کوکرونا وائرس کے متعلق حکومت کے ایس او پیز سے آگاہ کیاجائے اور مذہبی راہنماﺅں کو اعتماد میں لیا جائے۔

٭٭٭
نادرا میگا سینٹر کے باہر مرد و خواتین کا ہجوم برقرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شناختی کارڈز کے حصول اور بائیو میٹرک تصدیق کے لئے نادرا دفاتر تیسرے روز بھی کھلے رہے، نادرا میگا سینٹر کے باہر مرد و خواتین کا ہجوم برقرار، سماجی فاصلے کا خیال نہ ہی

ہاتھ دھونے کا انتظام کیا جا سکا۔

نادرا میگا سنٹر کے اندر سائلین کیلئے سائے کا انتظام اور کرسیاں لگا دی گئیں مگر مین گیٹ کے باہر کسی قسم کا انتظام نہ کیا جا سکا۔سائلین دھوپ میں کھڑے ہو کر باری کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔

سائلین نے انتظامات نہ کرنے پر گلے شکوے کرتے ہوئے کہا کئی کئی گھنٹوں سے گرمی میں خوار ہو رہے ہیں، نادرا انتظامیہ کی جانب سے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے، بزرگ شہریوں کے لئے متبادل انتظام ہونا چاہیے۔

احساس کفالت پروگرام کے تحت شہریوں کو 12 ہزار روپے کی امدادی رقم تو مل جائے گی مگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

٭٭٭
بینکوں کو 14 دن قرنطینہ کیے گئے کرنسی نوٹ استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر کے تمام بینکوں کو 14 دن قرنطینہ کیے گئے کرنسی نوٹ استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔پاکستان کے مرکزی بینک (اسٹیٹ بینک آف پاکستان) نے اس حوالے سے سرکلر جاری کر دیا ہے۔

جاری کیے گئے سرکلر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ عالمی مرکزی بینک 14 روز قرنطینہ کیے گئے کرنسی نوٹ دوبارہ استعمال کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے مسام دار سطح پر وائرس کی زندگی مختصر ہونے کی تصدیق کی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق تمام بینکوں کو 14 دن قرنطینہ کیے گئے کرنسی نوٹ استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 روز قرنطینہ کیے گئے نوٹوں کے عوض فراہم کیا گیا کریڈٹ واپسی لے لیا جائے گا۔اسٹیٹ بینک کا اپنے سرکلر میں یہ بھی کہنا ہے کہ نئے قرنطینہ کیے گئے کرنسی نوٹوں کے لیے کریڈٹ کی فراہمی جاری رہے گی۔

٭٭٭
سائیکل سواروں کے لیئے بھی احتیاطی تدابیر اور محفو ظ اصول جاری کر دیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا ایمر جنسی کے پیش نظر سائیکل سواروں کے لیئے احتیاطی تدابیر اور محفو ظ اصول جاری کر دئے ہیں، سائیکل سواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان پر عمل کریں جو عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

سائیکل سواروں کے لئے جاری ہونے والے ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ سائیکل بھی ایک گاڑی ہے دوسری تمام گاڑیوں کی طرح اس پر بھی تمام ٹریفک قوانین عائد ہوتے ہیں لہذا وہ بھی محفوظ سائیکل چلانے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔

ٹریفک سگنلز، ٹریفک اشاروں اور ٹریفک نشانات کے ذریعے دی گئی ہدایات پر عمل کریں کہا گیا ہے کہ سائیکل سواروں کے لئے لازمی ہو گا کہ وہ ہیلمٹ پہن کر سائیکل چلائیں۔سائیکل سواروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سائیکل پر سوار ہونے سے پہلے سائیکل کی حالت کو اچھی طرح چیک کریں،

یقین کر لیں کہ ٹائر میں ہو ا ہو، اور بریک ٹھیک کام کر رہے ہوں، اگر گروپ میں چلارہے ہیں تو سماجی فاصلہ رکھیں۔رات میں سائیکل کے محفوظ اصول پر عمل کریں،

سائیکل چلاتے وقت سیاہ یا گہرے رنگ کے لباس پہننے سے گریز کریں کہ سیاہ لباس میں رات میں آپ دوسروں کو واضح نظر نہیں آتے، سفید یا چمکدار رنگ کا لباس پہنیں،سفید لباس پہنے والوں کو رات میں دیکھنا ممکن ہو تا ہے یا لباس پر کسی بھی قسم کا ریفلیکٹیو میٹریل چسپاں کر لیں تاکہ واضح طور پر دوسری گاڑیاں آپ کو دیکھ سکیں۔

سائیکل پر سامان رکھنے سے گریز کریں اگر سامان رکھنے کی محفوظ جگہ سائیکل کے پیچھے ہو تو محفوظ حد تک سامان رکھا جاسکتا ہے۔ یاد رکھیں سڑک کی حالت اور سڑک پر بعض اشیاء آپ کے لئے خطرہ کا باعث بن سکتی ہے اس سے بچیں۔ سڑک پر گڑھوں،

ٹوٹے شیشوں کے ٹکڑوں سے اور دیگر غیر محفوظ چیزوں سے بچیں جن سے پھسلنے کا خطرہ ہو۔سائیکل چلانے کے محفوظ اصولوں پر عمل کریں سڑک پر انتہائی بائیں جانب کم رفتار لین میں چلائیں، ٹریفک کی مخالف رخ پر چلانا خطرناک ہے اس سے گریز کریں۔

About The Author