دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

5مئی 2020: آج ضلع بہاول نگر میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع بہاول نگر سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

بہاولنگر//
(صاحبزادہ وحید کھرل)

ایس ایچ او تھانہ منچن آباد سب انسپکٹر رزاق احمد کی سربراہی میں سب انسپکٹر کاشف کامران کاپولیس نفری کے ہمراہ جواریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، سات ملزمان گرفتار، قبضہ سے سامان قماربازی سمیت داؤ پر لگی رقم 21300روپے بھی برآمد، مقدمہ درج، تفتیش جاری۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قدوس بیگ کی ہدایت پر معاشرے کو سماجی برائیوں سے پاک کرنے کے لیے ضلع بھر میں پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ایس ایچ او منچن آباد کی سربراہی سب انسپکٹر کاشف کامران نے خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ بستی درزیاں والامیں کاروائی کرتے ہوئے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں سلیم، ظہیر عباس، حسین، زائداقبال، ماجد، عبداللہ، اور محمد اکرم شامل ہیں جو بذریعہ تاش و لڈو دانہ جواء کھیلنے میں مصروف تھے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ملزمان کے قبضہ سے سامان قماربازی سمیت داؤ پر لگی رقم21300روپے برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیا۔اس موقع پر ڈی پی او قدوس بیگ نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہے تاکہ ضلع کو کرائم فری زون بنایا جاسکے، اس حوالے سے پولیس افسران وملازمان اہم اور مثالی کردار ادا کرسکتے ہیں، ایس ایچ اوز گشت کے نظام کو مزید موثر بناتے ہوئے جرائم کی روک تھام اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ عوامی تعاون اور آگاہی سے ہی پولیس افسران معاشرتی برائیوں کے خاتمے کو یقینی بناسکتے ہیں۔#


بہاولنگر //
(صاحبزادہ وحیدکھرل)

پولیس تھانہ مدرسہ کی بڑی کاروائی،ضلع بھر میں بائیس مقدمات میں ملوث خطرناک چھ رکنی راہزن و نقب زن گینگ سرغنہ سمیت گرفتار،قبضہ سے دس لاکھ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ، بھاری تعداد میں ناجائزاسلحہ بھی برآمد،خطرناک گینگ ضلع بہاولنگر کے متعدد تھانوں کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔ تفتیش کا آغاز کردیا گیا،ملزمان سے مزید انکشافات متوقع۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قدوس بیگ کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیاگیاہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل بہاولنگر منصور عالم کی سربراہی میں ایس ایچ او مدرسہ سب انسپکٹر نواز احمد نے سب انسپکٹر مظفر،اے ایس آئی قاسم،اے ایس آئی نیاز احمد ودیگر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے خطرناک چھ رکنی راہزن و نقب زن گینگ سرغنہ اسلم جسوکا وٹوسکنہ قادر پور سمیت گرفتار کرلیا۔گینگ کے باقی ساتھیوں میں قمرزمان،محمدعابد،عبدالستار،محمدراشد،اسلم سکنائے مدرسہ شامل ہیں۔خطرناک گینگ رات کی تاریکی میں اسلحہ کے زورپر نقب زنی اور علاقہ دیہہ کے زرعی رقبہ جات سے پیٹر انجن و پنکھے،ٹیوب ویلزوغیرہ اور گھروں سے سولر پلیٹس چوری کرتے اور راستے میں راہگیروں کو روک کر اسلحہ کے زور پر لوٹ مار بھی کرتے تھے۔پولیس ٹیم نے ملزمان کے قبضہ سے دس لاکھ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ جن میں پیٹر انجن وپنکھے،ٹیوب ویلز،سولر پلیٹس وغیرہ برآمد کرلیں۔خطرناک گینگ ضلع بھر کے بائیس مقدمات میں ملوث ہے۔گینگ کے خطرناک ملزمان سے ناجائز اسلحہ میں ایک رپیٹر،دوپسٹلز،دوریوالورزاور گولیا ں و کارتوس برآمد کرلیے گئے۔خطرناک گینگ اہل علاقہ میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ڈی پی او قدوس بیگ کی تشکیل کردہ ٹیم نے اپنا ٹاسک پورا کرنے کے لیے شب و روز محنت اورتمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔پولیس ٹیم کی اس بڑی کاروائی پر اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ڈی پی او قدوس بیگ نے کہاکہ خطرناک گینگ کی گرفتاری پولیس ٹیم کا قابل ستائش عمل ہے،حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس سماج دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری،جانفشانی سے سرانجام دے رہے ہیں۔..#


بہاول نگر//
(صاحبزادہ وحید کھرل)

ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس جذبے اور لگن سے کام کرے تو کورونا کے خلاف عوام میں آگاہی و شعور اور دیگر شعبوں میں رضاکارانہ خدمات سے مثبت سماجی تبدیلیوں کا پیش خیمہ بن سکتی ہے وہ ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں وزیراعظم ٹائیگر فورس کے ضمن میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ ٹائیگر فورس کے 1200 رضاکاروں کو ضلع بھر کی مساجد میں ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر بہاول نگر کو ضلع میں ٹائیگر فورس کا فوکل پرسن بھی مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے اس موقع پر کہا کہ ٹائیگر فورس سوشل سروس کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک ہےاور ضلع بھر میں 15 ہزار 169افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے جس میں خواتین کی تعداد 522 اورباقی 14647 مرد حضرات ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹائیگر فورس میں چشتیاں سے 4000افراد، بہاول نگر میں 4567، فورٹ عباس میں 1546،ہارون آباد میں 2749اور منچن آباد سے 2236افراد نے پورٹل پر رجسٹریشن کروائی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں ٹائیگر فورس میں سٹوڈنٹس کی تعداد 5827، ڈاکٹرز 194، انجئنیرز 560، اساتذہ 679،سول سروس سے 757 افراد، این جی او ورکرز269، رئٹائرڈ ملازمین 37،وکلاء126،اور دیگر شعبوں کے افراد شامل ہیں۔…#


بہاول نگر//
(صاحبزادہ وحید کھرل)

ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مصنوعی گرانی اور سبزی وفروٹس کی ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں یہ بات انہوں نے آج علی الصبح بہاول نگر میں فروٹ و سبزی منڈی کے اچانک دورے کے دوران کہی اس موقع پر متعلقہ افسران موجود تھے سیف اللہ ساجد نے منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی ، قیمتوں کے جائزہ کے ساتھ آکشن کے عمل کی بھی نگرانی کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں سینی ٹائزیشن اور کورونا کی احتیاطی تدابیر کا بھی معائنہ کیا اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ منڈی میں ڈس انفیکشن سپرے باقاعدگی سے کروایا جائے اور ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں۔…..#

About The Author