نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وسیم اکرم اور بابراعظم خواتین کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دیں گے

انہوں نے کہاکہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے لیجنڈری وسیم اکرم اور کپتان قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم بابراعظم کے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔ ان سیشنز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کواعلیٰ پائے کے کرکٹرز سے کھیل کے گُر سیکھانا اورکوویڈ 19 لاک ڈاؤن کے د وران ان کی توجہ کھیل پر برقراررکھنے میں مدد دینا ہے۔

35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں قومی خواتین کرکٹرز کومختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق علم فراہم کیا جائے گا۔

آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر وسیم اکرم، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو اپنے 18 سالہ طویل بین الاقوامی کرکٹ کیرئیرسے حاصل ہونے والے تجربات سےآگاہ کریں گے۔ یہ سیشن پیر کے روز منعقد ہوگا۔ وسیم اکرم گذشتہ ہفتے مینز کرکٹرزکے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس دوران ٹی ٹونٹی عالمی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور طویل طرز کی کرکٹ میں دنیا کے پانچویں بہترین بلے باز، بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گُر سیکھائیں گے۔

عالیہ ریاض، آلراؤنڈر:

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آلراؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہےکہ وہ وسیم اکرم کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اوروہ بخوبی جانتی ہیں کہ وسیم اکرم نے اپنی عمدہ باؤلنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔

انہوں نے کہاکہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ عالیہ ریاض نے کہاکہ آن لائن سیشن ان کے لیے یہ جاننے کا نادر موقع ہوگا کہ وسیم اکرم کیسےدوسروں سےمنفردکھلاڑی بنے۔

عمیمہ سہیل، بیٹر:

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹر عمیمہ سہیل کا کہنا ہے کہ بابراعظم ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سےہمیں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ وہ بابراعظم سے مشکل صورتحال میں اننگز کا پراعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگز میں تبدیل کرنے کا فن سیکھنا چاہیں گی، یقین ہے کہ یہ سیشن اس حوالے سے مؤثر ثابت ہوگا۔

عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ:

چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز نے کہاکہ یہ انتہائی ضروری ہےکہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے تعطل کے دوران کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سیشنز قومی خواتین کرکٹرز کے لیے کھیل میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔

عروج ممتاز نے کہاکہ ہم کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف آئیڈیاز پر غور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام خواتین کرکٹرز منیجمنٹ اور بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ اس دوران اپنے آپ کواس انداز میں تیار کررہی ہیں کہ جیسے ہی لاک ڈاؤن ختم ہوتو وہ کھیل کے لیے تیار ہوں۔

چیف سلیکٹر نے کہاکہ قومی خواتین کرکٹرز فراہم کردہ پلانز کے مطابق اپنی فٹنس پر کام کررہی ہیں جبکہ یہ آن لائن سیشنز انہیں اسکلز میں نکھار کا موقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک نے کئی عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور ہم کھلاڑیوں کے آن لائن لیکچرز کے لیے ان کی دستیابی کوپیش نظر رکھ کر انہیں دعوت دیتے رہیں گے۔

About The Author