دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

29اپریل 2020: آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے ۔

ڈیرہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو لاک ڈاﺅن سے زیادہ پریشان کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو لاک ڈاﺅن سے زیادہ پریشان کردیا ،گھروں میں محصور عوام شدید گرمی میں بلبلا اٹھے ، ماہ رمضان کے دوران جاری ہونے والے نئے شیڈول پر کہیں عمل نہیں کیا جارہا،

دو سے چھ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 12 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ میں ایک طرف عوام کو لاک ڈاﺅن نے گھروں میں محصور کردیا یے تو دوسری جانب بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا یے ہر ایک یا دو گھنٹے بعد بجلی بند کردی جاتی ہے

پیسکو ذرائع کے مطابق ماہ رمضان کے دوران مختلف فیڈرز پربجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 2 سے 6 گھنٹے کیاگیا ہے لیکن اس پر کہیں بھی عمل نہیں کیا جارہا اور مختلف فیڈرز پر 8 سے 12 گھنٹوں سے زائد لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے

جس سے نہ صرف گھروں میں محصور عوام اذیت کا شکار ہیں بلکہ خواتین کو بھی امور خانہ داری میں دشواری کا سامنا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاﺅن کے سبب تمام چھوٹے بڑے کاروبار بند ہیں جسکی کی وجہ سے بجلی کھپت میں بہت کمی ہے

اسکے باوجود بھی پیسکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کرنا عوام کو جان بوجھ کر پریشان کرنا ہے جبکہ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی پیسکو نے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تبدیل کیا جس میں ماہ رمضان کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لئے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کی گئی تھی ،

شہریوں نے پیسکو کے اعلی حکام سے بجلی کی خودساختہ لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام رمضان میں سکون کا سانس لے سکیں۔

٭٭٭
،مسلح ملزمان نے52 سالہ چچا زاد بھائی پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے اندھا دھند فائرنگ سے لہولہان کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)مدرسہ کے انتظام پر تنازع ،مسلح ملزمان نے52 سالہ چچا زاد بھائی پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے اندھا دھند فائرنگ سے لہولہان کردیا ،ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس نے ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود علاقہ ٹھٹھہ بلوچاں گرسل میں مدرسہ کے باہر 52غلام فاروق ولد محمد دین سکنہ ٹھٹھہ بلوچاں موجود تھا کہ اس دوران اس کے چچا زاد بھائیوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ،

ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔وجہ عداوت مدرستہ کے انتظام پر چچا زاد بھائیوں میں تنازع بیان کیاگیا ہے ۔پولیس نے زخمی کی رپورٹ ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
پولیس نے امام مسجد کو گرفتارکرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)سحری کے دوران لاﺅڈسپیکر کا غیر ضروری استعمال ،پولیس نے امام مسجد کو گرفتارکرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ کے نواحی علاقہ بستی میکن میں واقع جامع مکی مسجد کے اندر سحری کے دوران

لاﺅڈ سپیکرکا غیر ضروری استعمال کرنے کے الزام میں کینٹ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے امام مسجد مولانا اکرام اللہ ولد اللہ ڈتہ بلوچ سکنہ بندکورائی کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
منشیات فروش کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں آئس اور اسلحہ برآمد کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور) کینٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران منشیات فروش کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں آئس اور اسلحہ برآمد کرلیا ،کینٹ پولیس نے درابن روڈ سٹی سکول کے قریب کاروائی کے دوران

منشیات فروش خرم زمان ولد محمد رفیق قوم میانخیل سکنہ درابن کلاں کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں آئس نشہ اور غیر قانونی اسلحہ پسٹل تیس بور اور پندرہ کارتوس برآمد کرلیے ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیا ۔

٭٭٭
منشیات فروش کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں آئس اور اسلحہ برآمد کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور) کینٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران منشیات فروش کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں آئس اور اسلحہ برآمد کرلیا ،کینٹ پولیس نے درابن روڈ سٹی سکول کے قریب کاروائی کے دوران

منشیات فروش خرم زمان ولد محمد رفیق قوم میانخیل سکنہ درابن کلاں کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں آئس نشہ اور غیر قانونی اسلحہ پسٹل تیس بور اور پندرہ کارتوس برآمد کرلیے ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیا ۔

٭٭٭
خیانت مجرمانہ کا مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)کجھورکے باغ کی رقم وصول کرکے ہڑپ کرنے اور باغ دوسرے شخص کو فروخت کرنے کے الزام میں باغ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

مٹھہ پور خورد کے رہائشی غلام یٰسین نے تھانہ پہاڑپور میں رپورٹ درج کرائی کہ اس نے ملزم عیسب خان ولد قاسم خان وزیر سکنہ کھرووالی کے ساتھ کجھور کے باغ کا سودا 87 ہزار روپے میں طے کر اسے رقم ادا کردی ،

رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے باغ دوسرے شخص کو فروخت کردیا اور خیانت مجرمانہ کے تحت میری رقم ہڑپ کرلی ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف خیانت مجرمانہ کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭
دکاندار کو ادھارکی رقم مانگنا مہنگا پڑگیا ،گاہگ نے فائرنگ کے دکاندار کو شدید زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)دکاندار کو ادھارکی رقم مانگنا مہنگا پڑگیا ،گاہگ نے فائرنگ کے دکاندار کو شدید زخمی کردیا ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،تھانہ کڑی خیسور کے علاقہ نیو شنکی میں دکاندار کا ادھار رقم کی وآپسی کی تقاضا کرنا مہنگا پڑگیا ،

گاہک نے فائرنگ کرکے دکاندار محمد ریاض کو شدید زخمی کردیا ، ملزم ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہوگیا ،زخمی دکاندار کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔پولیس نے دکاندار کی رپورٹ پر ملزم اعجاز سکنہ اٹھوک کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا

٭٭٭
کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے عمل درآمد نہ کرنے اور ہجوم اکٹھا کرنے پر کپڑے کا دکاندار گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)سٹی پولیس نے دوران چیکنگ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے عمل درآمد نہ کرنے اور ہجوم اکٹھا کرنے پر کپڑے کے دکاندار کو گرفتارکرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،احترام رمضان کی خلاف ورزی کرنے پر دو افراد گرفتار ،

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سٹی پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ تمام دکانوں کو چیک کیا اور دوران چیکنگ دکان کھول کر لوگوںکا ہجوم اکٹھا کرنے اور ناقص سیکورٹی انتظامات کے تحت کمشنری بازار میں کپڑے کے دکاندار کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

پہاڑپور پولیس نے پنیالہ روڈ پر کاروائی کے دوران احترام رمضان کی خلاف ورزی کرنے اور روزہ کے اوقات میں کھانے پینے کے جرم میں دو افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

٭٭٭
ماہ رمضان المبارک میں سماجی شخصیات کی جانب سے بڑی تعداد میں راشن تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ماہ رمضان المبارک میں سماجی شخصیات کی جانب سے بڑی تعداد میں راشن تقسیم ،سماجی تنظیمیں بھی متحرک ،ہزاروں لوگ مستفید ہونے لگے ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں حسب سابق ماہ رمضان المبارک میں ہزاروں ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ،

شہرکی سماجی شخصیات اور تنظیمیں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کررہی ہیں جبکہ ضلعی حکومت کی زیر نگرانی بھی متعدد تنظیمیں اس حوالے سے کام کررہی ہیں ۔

٭٭٭
تاجروں کے ساتھ پولیس کے نارواسلوک اور توہین آمیز رویے کی پرزور مذمت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)مرکزی انجمن تاجران کے اجلاس میں تاجروں کے ساتھ پولیس کے نارواسلوک اور توہین آمیز رویے کی پرزور مذمت ،تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کا اجلاس زیر صدارت سرپرست اعلی سہیل اعظمی منعقد ہوا ،

اجلاس میں محمد رمضان ،چوہدری جمیل ،محمد نواز ،حنیف کوبرا ،غلام سبحانی ،محمد اشرف ،محمد جاوید ،نعیم قریشی ،محمد سعید ،امان اللہ ،شیر خان ،چوہدری خلیل نمبردار ،عمرفاروق ،محمد سعید ملتان روڈ اور دیگر نے شرکٹ کی ۔

اجلاس میں سٹی ایس ایچ اواور تھانہ کینٹ ،صدر کے پولیس اہلکاروں کا تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک اور ہتک آمیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ،شرکاءنے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ تاجر پہلے ہی کاروبارزندگی معطل ہونے کے باعث زبوں حالی کا شکار ہیں اوپر سے ان پر جرمانوں کی بھرمار کردی گئی ہے۔

تاجر پولیس کے انتہائی توہین آمیز سلوک اور رویے کے باعث ذہنی مریض بن گئے ہیں ۔انہوںنے اس ضمن میں نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ، اس موقع پر انہوں نے تاجروں سے بھی حکومت کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ۔

٭٭٭
تاجروں نے گھروں میں کپڑا فروخت کرنا شروع کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)تاجروں نے گھروں میں کپڑا فروخت کرنا شروع کردیا ،کپڑوں کے کاروبار سے وابستہ افراد نے گھروں میں کپڑے فروخت کرنا شروع کردیئے ،

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک میں جاری لاک ڈاﺅن سے جہاں دیگر کاروبار متاثر ہوئے ہیں وہاں کپڑے کا کاروبار بھی بری طرح متاثرہوا ہے ،اس حوالے سے کپڑے کے کاروبار سے وابستہ افراد نے کئی بار متعلقہ حکام کے ساتھ مذاکرات کیے

تاہم حکومت کی جانب سے کپڑوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر دکانداروں نے رات کے اندھیرے میں اپنی دکانوں سے مال اٹھاکر اپنے گھروں میں ڈال دیا ہے اور وہاں پر کپڑوں کی فروخت شروع کردی ہے

اورباقاعدہ دکانوں کے باہر اپنے رابطہ نمبر چھوڑ دیئے ہیں تاکہ گاہک ان سے فون کے ذریعے رابطہ کریں اور کپڑے خرید سکیں۔

٭٭٭
عید الفطر پر محدود وقت ومحدود پیمانے پر بازار کھولنے کی تجاویز پر غوروخوض شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)عید الفطر پر محدود وقت ومحدود پیمانے پر بازار کھولنے کی تجاویز پر غوروخوض شروع کردیاگیاہے،سخت ترین ایس او پیز کے تحت محدود پیمانے پر بازاروں کو رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے آخر میں کھولنے کے امکانات ہیں

تاہم موجودہ کورونا کی سنگین ترین صورتحال کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا ،عید الفطر پر عوام کی محدود وقت اور محدود پیمانے کے لئے عید سے منسلک کاروبار کھولنے پر غوروغوض کے لئے مختلف محکموں سے تجاویز طلب کی ہیں اور ان تجاویز کی روشنی میں شیڈول کے تحت ممکنہ طور پر دکانیں کھول دی جائیں گی ،

شوز اور کپڑوں کے بازاروں اور دکانوں کو محدودپیمانے اور محدود وقت کے لئے کھولنے کا فیصلہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے کیا جائے گا تاہم کورونا وائرس کے موجودہ پیدا ہونے والی صورتحال کی رپورٹس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا ،تجارتی مراکز کھولنے کے بعد شہریوں اور تاجر کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کررہے ہیں ۔

٭٭٭
ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس کے پھیلا و کا سبب بننے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس کے پھیلا و کا سبب بننے لگے۔ صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی نے بتایا ہے کہ ہیلتھ ورکرز کیلئے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔ چیئرمین ڈاکٹر زبیر محسود کا کہنا ہے کہ طبی عملہ مشتبہ افراد کا معائنہ کرتے ہوئے اس خطرناک وائرس سے متاثر ہو جا تاہے۔

ان کا کہنا ہے کہ علامات ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز نہیں جاتے کہ وہ جس کا علاج کررہے ہیں وہ کورونا سے متاثر ہیں یا نہیں۔تاہم حفاظتی کٹس کی کمی کی وجہ سے ڈاکٹر اور طبی عملہ متاثر ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر زبیر مسحود کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کو پی پی ای فراہم کرنے کی حکومتی پالیسی کی وجہ سے ڈاکٹر نرسز اور پیرا میڈیکس سٹاف اس وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں ،

جو بغیر علامت کے مریضوں کا معائنہ کرتھے ہیں۔پی ڈی اے کے سربراہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت بھی کہتا ہے کہ مشتبہ مریضوں کا ہسپتال کے باہر ہی معائنہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وارڈ اور آئی سی یو میں کام کرنے والے ہر ورکر کو الگ رہائش دی جانی چاہیے

تاکہ اس وائرس کو روکا جا سکے۔خیبرپختونخوا میں اب تک 50 سے زائد ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاﺅن جاری ہے جس کے بعد کوشش کی جا رہی ہے کہ لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیا جائے اور اس معاملے میں ہر ممکن کوشش کرنے کے لئے ملک بھر میں پولیس کی بھاری فوج تعینات کر دی گئی ہے جس کا مقصدلوگوں کو حکومتی احکامات کا پابند بنانا ہے۔

٭٭٭
ہوم اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ میں اپنے طلبہ کی سہولت کے لئے ایک بار پھر توسیع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کی صورتحال کے پیش نظرہوم اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ میں اپنے طلبہ کی سہولت کے لئے ایک بار پھر توسیع کردی ہے۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اب سمسٹرخزاں2019ءکے دوسرے مرحلے میں پیش کئے گئے تمام پروگرامز )بی اے ، بی ایس ،بی ایڈ ، پی جی ڈی ، ایم اے ، ایم ایس سی اور ایم ایڈپروگرامز میں داخل طلبہ و طالبات اپنی دونوں مشقیں 13مئی تک اپنے ٹیوٹرز کو ارسال کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ 15 اپریل سے 27 اپریل تک بڑھادی گئی تھی۔مشقیں جمع کرانے کی نئی تاریخ کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشن نے گذشتہ روز باقاعدہ طور پر ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا ہے

جس میں علاقائی دفاتر کے ناظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ ٹیوٹرز سے پنچ شدہ نتائج حاصل کرکے 20 مئی سے قبل شعبہ امتحانات کو ارسال کریں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کے سالانہ کیلنڈر میں مقررہ شیڈول کے مطابق اِن پروگرامز کے نتائج مرتب کئے جاسکیں۔

وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کی خصوصی ہدایات پر لاک ڈاﺅن کی اس مشکل صورتحال میں بھی یونیورسٹی اپنے طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ،

سمسٹر بہار 2020ءکے داخلوں کی تاریخ میں بھی 5۔جون تک توسیع کی گئی ہے اور داخلہ فیس کو دو اقساط میں جمع کرانے کی اضافی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔

٭٭٭
پاکستان میں کورونا وائرس 4 سے 5 مہینے میں اپنے عروج پر رہے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)پاکستان میں کورونا وائرس 4 سے 5 مہینے میں اپنے عروج پر رہے گا۔ اس بارے میں پاکستانی ڈاکٹر علی ارسلان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ابھی حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے۔

آنے والے چند مہینوں میں پاکستان میں یہ وبا اپنے عروج تک پہنچ جائے گی۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر علی ارسلان کا کہنا تھاکہ دنیا میں جب بھی کوئی وبا آتی ہے تو پہلے اس کا عروج ہوتا ہے ، اس کے بعد ہی یہ وائرس اختتام کی طرف جاتا ہے۔

اس لئے جب تک کورونا وائرس اپنے عروج تک نہیں جائےگا، یہ ختم نہیں ہو گا۔چین کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین کو بھی کورونا وائرس پر قابو پانے میں تقریباََ 4 سے 5 مہینے کا وقت لگ گیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے شہر کوکھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لیکن ابھی بھی وہاں مریض سامنے آرہے ہیں جن کی شدت پہلے سے بہت کم ہے۔۔خیال رہے کہ چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ابھی تک دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 9 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے اپنے قدم جما لئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ پاکستان میں بھی دنیا بھر کے ممالک کی طرح لاک ڈاﺅن کر دیا گیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

پاکستان میں ابھی تک متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 301 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

٭٭٭
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تاریخی پیکیج کی تیاری کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تاریخی پیکیج کی تیاری کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے موجودہ حالات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تاریخی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے جلد ہی آئندہ مالی سال ترسیلات زر بھیجنے والوں کے لیے مراعاتی پیکج دیا جائے گا۔ستمبر2020 ءمیں نیشنل ترسیلات لائیلٹی پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔نیشنل ترسیلات لائلٹی پروگرام بینکوں کے اشتراک سے لانچ کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کے مطابق یکم جولائی 2020 سے ترسیلات پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم ہوجائے گا۔اور یہ فیصلہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترسیلات زر بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ایف بی آر میں ود ہولڈنگ ٹیکس پر کام شروع کر دیا ہے۔آئندہ مالی سال بجٹ میں فنانس بل میں ترمیم کی جائے گی۔واضح رہے کہ ے اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں خطیر عطیات دئیے گئے۔

وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کیلئے اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں خطیر عطیات دیئے جانے کی تعریف کی ہے۔پیر کو ریڈیو پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیز ملکی معیشت کے استحکام کے لئے بھی بڑا اہم کردار ادا کررہے ہیں جنہیں مشکل کی اس گھڑی میں عالمی وباءکے چیلنج سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ برائے کووڈ۔19 میں فراخدلانہ عطیات جاری رکھنے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ درپیش معاشی مشکلات کے باعث ملک کو ریلیف فنڈ کے لئے زیادہ رقم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ مستحق لوگوں کی مدد کے لئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

٭٭٭
پھل کی مکھی مارچ سے لے کر نومبر تک ان کی تعدادزیادہ ہوتی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا ہے کہ پھل کی مکھی کے میزبان پودوں میں امرود، آم، لوکاٹ، جامن، ترشاوہ اور آرڑو شامل ہیں۔ پھل کی مکھی اپنی افزائش نسل پھل کے اندر ہی رہ کر کرتی ہے اور بڑی ہو کر پھل سے زمین میں داخل ہوجاتی ہے

اور پیوپے کی شکل میں زمین میں رہتی ہے پھر خول اتار کر پروانے کی صورت میں زمین سے باہر آکر نر اور مادہ ملاپ کرتے ہیں۔ملک میں پھل کی مکھی کی چار اقسام پائی جاتی ہیںاوریئنٹل پھل کی مکھی،آڑو کی مکھی ،خربوزہ کی مکھی اوربیر کی مکھی۔تمام مکھیوں کا دوران زندگی تقریبا ایک جیسا ہوتا ہے۔

مارچ سے لے کر نومبر تک ان کی تعدادزیادہ ہوتی ہے۔مادہ مکھی ملاپ کے بعد پھر پھل کے اندر انڈے دیتی ہے اور اپنی افزائش نسل جاری رکھتی ہے۔نر مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے فیرومون، میتھائل یوجینال اور پروٹین ہائیڈرولائزیٹ کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ پھل کی مکھی کے لئے بے حد کشش رکھتا ہے۔

فیرومون پھندے کے استعمال سے پھلوں کے باغات میں پھل کی مکھی کے طریقہ انسداد کو بہتر بنایا گیا ہے جو نر کیڑے کے انسداد کا بہترین علاج ہے۔ فیرومون محلول میتھائل، یوجینال اور میلاتھیان سے تیار کیا جاتا ہے۔

اس محلول میں ڈبو کر پلاسٹک کے گول پھندے میں ڈال دیا جاتا ہے جس کی شرح 6 پھندہ فی ایکڑ ہوتی ہے اور اس طرح پھل کی مکھی کا حملہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے جب اس کا موازنہ 50 سے 60 فیصد کے پہلے دورانیے سے کیا جاتا ہے۔

اس سے کاشتکاروں کیلئے پھل کی مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے زہروں کا استعمال بھی 80 سے 90 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ چنائی کے بعد پھل کو 60منٹ کیلئے 5 فیصد نمک کے محلول میں رکھیں جس سے پھل کی مکھی کے انڈے مر جائیں گے اور پھل کو بعد میں اچھی طرح صاف کرلیں۔

پھل کی مکھی کے کیمیائی انسداد کیلئے ماحول دوست اور محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے نئی کیمسٹری کی حامل سفارش کردہ زہریں استعمال کریں۔ محکمہ زراعت بیالوجیکل کنٹرول(کسان دوست کیڑوں) کے ذریعے بھی پھل کی مکھی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس ضمن میں سیکرٹری زراعت کی ہدایت پر محکمہ زراعت کی لیبارٹریاں کسان دوست کیڑوں کی افزائش بھی کر رہی ہیں۔

٭٭٭
صدر مملکت اور علماء کی جانب سے جاری کردہ 20نکاتی اعلامیہ کے حوالے سے فتویٰ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)صوبہ خیبر پختونخوا کے جید علماءکرام نے صدر مملکت اور علماء کی جانب سے جاری کردہ 20نکاتی اعلامیہ کے حوالے سے فتویٰ جاری کردیا ہے۔تمام علماءنے فتویٰ دیا کہ جاری شدہ اعلامیہ کورونا وباءکی روک تھام کیلئے اختیاطی تدابیر پر مشتمل ہے اور تمام مسلمانوں کا اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔

علماء نے کہا کہ شریعت مطہرہ کی رو سے ان تدابیر پر عمل کرنے میں کوئی مانع نہیں ہے۔ مساجد سے باہر ہر جگہ ان تدابیر پر عمل کرانا حکومت کے ساتھ علماءکی بھی ذمہ داری ہے اور اس سے کہیں زیادہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود ان اختیاطی تدابیر پر عمل کر کے اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیا ل کو اس مہلک وبا ءسے بچانے میں اپنا کردار اد ا کریں۔

٭٭٭
کورونا کی صورتحال میں6 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور) وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی صورتحال میں6 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، گرین نگہبان پروگرام کی وزیراعظم نے منظوری دے دی، منصوبہ چاروں صوبوں میں شروع کیا جائے گا، گرین نگہبان میں کام کرنے والا یومیہ 800 روپے کما سکے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی وبائی صورتحال میں روزگار کیلئے بڑا منصوبہ متعارف کروا دیا،

وزیراعظم نے 6 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے گرین نگہبان پروگرام کی منظوری دے دی۔گرین نگہبان پروگرام کی منظوری وزیر اعظم نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی۔ گرین نگہبان منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔

گرین نگہبان پروگرام سے کورونا وائرس کی صورتحال میں فوری ملازمتیں اورروزگار کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔گرین نگہبان پروگرام بیک وقت چاروں صوبوں میں شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو منصوبے کی ذمہ داری سونپ دی۔

وزیراعظم گرین نگہبان پروگرام کے تحت دسمبر تک 2 لاکھ لوگوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ آئندہ سال مزید 4 لاکھ افراد باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے۔ گرین نگہبان منصوبے میں کام کرنے والا یومیہ 800 روپے کما سکے گا۔

گرین نگہبان پروگرام تین طرح کی ذمہ داری ادا کریں گے، اس سے شہروں کی صفائی بھی ممکن ہوسکے گی۔ جنگلات ، نرسریاں اور پارکس میں گرین نگہبان کی خدمات لی جائیں گی۔گرین نگہبان پروگرام کے تحت درخت لگائے جائیں گے اور شہروں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنایا جاسکے گا۔

مزید برآں وفاقی کابینہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی امداد کی اسکیم کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق اسکیم کے تحت چھوٹے کاروباروں کو بجلی بل میں ریلیف دی جائے گی ، چینی بحران انکوائری کمیشن کو تین ہفتے کی مہلت دے دی گئی۔

اجلاس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے 3 ماہ تک بجلی کا بل معاف کرے گی۔ اسی طرح کابینہ نے لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری دے دی

٭٭٭
ڈیرہ اورمضافات میں مطلع جزوی طورپرابرآلودہوگا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا اورکشمیر کے چند اضلاع میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔ اس دوران اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے چند اضلاع میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اورمضافات میں مطلع جزوی طورپرابرآلودرہے گا۔بدھ کے روز ڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.0اورکم سے کم 20.5سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔

صبح8بجے ہوامیں نمی کاتناسب 72فیصداورشام 5بجے 37فیصدتھا۔ جمعرات کے روزڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.7 اور کم سے کم درجہ حرارت 23.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے ،جمعرات کو ڈیرہ میں طلوع آفتاب صبح 5بجک31منٹ پراورغروب آفتاب شام 6بجکر56منٹ پرہوگا۔

٭٭٭

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر سے زبردست کمی، اس مرتبہ پاکستان کو بھی فائندہ پہنچنے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر سے زبردست کمی، اس مرتبہ پاکستان کو بھی فائندہ پہنچنے کا امکان، برینٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں 6.2 فیصد کمی، قیمت 20 ڈالر فی بیرل تک آگئی،

خام تیل اور پیٹرول کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردیے جانے کے باعث موجودہ صورتحال پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق دنیا میں ایک مرتبہ پھر تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہونے کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہوگئیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق خام تیل کی برطانوی منڈی میں پیر کوکاروبار کے آغاز پر ڈبلیو ٹی آئی کے جون کے سودے 15 فیصد کمی کے بعد 14.40 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی اور اس کے جون کے سودے 6.2 فیصد کمی سے 20 ڈالر فی بیرل پر کیے گئے۔

٭٭٭
ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں بھی گیس پریشر مکمل غائب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ڈیرہ میں ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں بھی گیس پریشر مکمل غائب، حکومتی اعلان کو گیس کمپنی نے ہوا میں اڑادیئے، گیس کی بندش سے روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا، سحری و افطار کے اوقات میں میں امور خانہ داری میں خواتین کو بھی مشکلات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی اعلان پر ڈیرہ میں کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا۔

ڈیرہ میں گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ میں مختلف مقامات پر نصب گیس پائپ لائن کے وال کو مکمل بند کرکے سپلائی بند کی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے ڈیرہ کے عوام گیس کی سہولت سے محروم ہوجاتے ہیں ،

دوسری جانب ایندھن کے متبادل انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو امور خانہ داری مشکلات کا سامنا ہے خاص کر افطاری کے اوقات پر ڈیرہ سٹی اور گردونواح میں گیس مکمل بند ہونے سے لوگ ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔

عوامی حلقوں نے وزیراعظم ، وفاقی محتسب اعلی، وفاقی وزیر گیس و پٹرولیم و چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

٭٭٭
یوٹیلٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجرز ملازمین کی یومیہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)یوٹیلٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجرز ملازمین کی یومیہ اجرت میں 240 روپے ،مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔ یومیہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

جس کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہو گا ،یکم جولائی 2019 سے مارچ 2020 کے بقاجات اقساط میں ادا کئے جائیں گے ،انڈر میٹرک اور میڑک کی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز کی یومیہ اجرت میں 125روپے کا اضافہ کر دیا گیا ،

انڈر میٹرک اور میٹرک کی یومیہ اجرت 550 روپے سے بڑھا کر 675 روپے مقرر کردی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق انٹر میڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ اجرت میں 130 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ،انٹرمیڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ اجرت 650 روپے سے بڑھا کر 780 روپے مقرر کر دی گئی ،

گریجویشن اور ایم اے کی تعلیمی قابلیت والوں کی یومیہ اجرت میں 140روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریجویشن اور ایم اے کی یومیہ اجرت 700 روپے سے بڑھا کر 840 روپے کر دی گئی ،ایم بی اے، ایم پی اے،ایم کام اور ایم ایس کی یومیہ اجرت میں 180روپے کا اضافہ

جبکہ ایم بی اے ،ایم پی اے ،ایم کام اور ایم ایس سی کی یومیہ اجرت 900 سے بڑھا کر ایک ہزار 80 روپے مقرر کر دی گئی ،ایم فل ،ایم ایس یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز کی یومیہ اجرت میں 240 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ،

ایم فل، ایم ایس یا اس کے مساوی تعلیم والوں کی یومیہ اجرت 1200 روپے سے بڑھا کر 1440 روپے کر دی گئی ،ہیڈ آفس ،زونل دفاتر اور مختلف پراجیکٹس پر چھٹی کے روز کام کرنے والے ڈیلی ویجز کو اضافی پیسے دئیے جائیں گے،

ڈیلی ویجز کو چھٹی کے روز کام کرنے والوں کو یومیہ 75 روپے اضافی ادا کئے جائیں گے ، نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں 10فیصد اضافہ کر دیا گیا جبکہ یو ٹیلیٹی اسٹورز کے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فی صد ،

یوٹیلیٹی اسٹورز کیگریڈ 17 سے 20 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 5 فی صد اضافہ کر دیا گیا ،یہ اضافہ ایڈہاک ریلیف الاو¿نس 2019 کی مد میں کیا گیا ہے ،ملازمین کو بقاجات 3 اقساط میں ادا کئے جائیں گے۔

٭٭٭
نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے گرین سٹیمولیس پیکج“ کی منظوری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سرسبز علاقہ بڑھانے اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران بالخصوص ملک کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی کوششوں کے سلسلے میں ”گرین سٹیمولیس پیکج“ کی منظوری دیدی ہے۔

منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ پیکج 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہے اور اس کا مقصد پودے لگانے کا فروغ، نرسریاں، جنگلات اور شہد، پھلوں اور زیتون کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔پ

یکج کے تحت ایک سرسبز نگہبان منصوبہ شروع کیا جائے گا تاکہ ابتدائی طور پر 65 ہزار نوجوانوں اور دیہاڑی دار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر کے انہیں شجرکاری مہم کا حصہ بنایا جائے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرسبز علاقے کو بڑھانا اور موسمیاتی مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین سٹیمولیس پیکج اور بالخصوص سرسبز نگہبان منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور اس سے سرسبز پاکستان کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس پیکج کے ذریعے دیہاڑی دار افراد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران عزت و وقار کے ساتھ اپنی روزی کما سکیں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں سمیت تمام متعلقہ فریقین کو اس پروگرام کا دائرہ بڑھانے اور روزگار کے اضافی مواقع پیدا کرنے کے لئے ان کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیراعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ ڈیٹ فار نیچر سواپ پروگرام کے تحت بین الاقوامی برادری سے رابطے کے لئے ایسا عملی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ ملک کے قرضے کو بڑے پیمانے پر شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں کے لئے گرانٹ میں تبدیل کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کے لئے شفافیت اور کمیونٹی کی شرکت کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ پروگرام ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ سرسبز پاکستان کے فروغ کے لئے ملک بھر میں نیچرل پارکس قائم کرنے کے لئے صوبوں کے تعاون سے علاقوں کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔

٭٭٭
پچاس سال سے زائد عمر کے بزرگ مساجد کے بجائے گھروں میں نماز ادا کریں ،علماءکرام

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور)ملک بھر کی مساجد میں حکومت اور علماءکے درمیان طے پائے جانیوالے اعلامیہ کی مکمل پاسداری کی کوشش ہورہی ہے ،عوام سماجی فاصلہ اختیار کریں، ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں ، پچاس سال سے زائد عمر کے بزرگ مساجد کے بجائے گھروں میں نماز ادا کریں،

علماءو مشائخ ، ملک بھر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی رہنماوں نے کہا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں حکومت اور علماءکے درمیان طے پائے جانیوالے اعلامیہ کی مکمل پاسداری کی کوشش ہورہی ہے ، عوام سماجی فاصلہ اختیار کریں،

ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور پچاس سال سے زائد عمر کے بزرگ مساجد کے بجائے گھروں میں نماز ادا کریں،صدر مملکت اور وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاسوں میں ڈبلیو ایچ او اور طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں نمازیوں کے درمیان چھ نہیں تین فٹ کا فاصلہ طے ہوا تھا جس پرمساجد کی اکثریت میں سختی سے عملدرآمد ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہارمرکزی چیئرمین پاکستان علمائکونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان و دیگر نے مشترکہ بیان میں کیا۔قائدین نے کہا ہے کہ کورونا سے بچنے کیلئے ڈبلیو ایچ او اور طبی ماہرین کی ہدایت پر جو ایس او پیز تیار کئے گئے ہیں ان پر سب سے زیادہ عمل درآمد کیلئے کوششیں مساجد کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مساجد کے اندر طے پائے جانیوالے 20نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے علماء ، خطباء ، موذن و ا ٓئمہ کرام دن رات محنت کررہے ہیں، ہر مسجد کو دن میں پانچ پانچ مرتبہ کلورین کے محلول سے دھویا جاتا ہے،

نمازی گھروں سے وضوکرکے پاک صاف حالت میں مساجد آتے ہیں، اتنی احتیاط کے باوجود مساجد پر تنقید درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئمہ ، خطبا اور مساجد انتظامیہ اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ کسی بھی صورت انسانی جانوں کو نقصان پہنچے،

اسی لئے وہ انسانی جانوں کو اس مہلک وباءسے بچانے کیلئے ہمہ وقت احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں،عوام بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، چند دنوں کے احتیاط ہمیں بڑی مشکل سے بچا سکتی۔

٭٭٭
پاکستان نے کورونا وائرس کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بیرونِ ملک بھجوا دیے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیور) پاکستان نے کورونا وائرس کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بیرونِ ملک بھجوا دیے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ کافی روز سے یہ قیاس آرائیاں چل رہی ہیں کہ پاکستان میں پایا جانے والا کورونا وائرس دوسرے ممالک سے مختلف ہے۔

اب اس حوالے سے جوابات جاننے کیلئے پاکستان نے کورونا وائرس کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بیرونِ ملک بھجوا دیے ہیں۔شوکت خانم ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں موجود ایک سینئر ڈاکٹر نے کورونا وائرس کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بیرونِ ملک بھجوائے ہیں

جبکہ پاکستان میں بھی اس حوالے سے تحقیق کی جارہی ہے کہ کیا پاکستان میں پایا جانے والا وائرس دوسرے ممالک سے مختلف ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والا ہفتہ یا دس دن پاکستان میں کورونا وائرس کا پیک ٹائم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں متاثرہ افراد کی تعداد 20ہزار تک جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ انکا خیال ہے کہ حکومت کورونا کیسز کی تعداد کو چھپا نہیں رہی کیونکہ اسکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائرس پر جاری تحقیقات میں اگر یہ ثابت ہوکہ یہ دوسری دنیا کے وائرس سے مختلف ہے تب بھی بیماری کے علاج میں کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم آنے والے وقت میں یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ کورونا نے پاکستان میں لوگوں کو کم متاثر کیوں کیا۔

٭٭

About The Author