دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

27اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازی خان

شاہ سکندر روڈ پرمین روڈ سے ملحقہ گلی میں گندگی و غلاظت کے جوہڑ نے مکینوں کا جینا دوبھر کردیا،

تعفن،بدبو کے سبب مختلف بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ،مچھروں کی آماجگاہ کے ساتھ ڈینگی کی افزائش نسل کا بھی خطرہ

تفصیل کیمطابق گزشتہ چند ماہ قبل شاہ سکندر مین روڈ پر سیوریج کی بندش کے سبب ہر روز آئے دن روڈ پر گندہ اور غلیظ پانی جمع رہتا تھا جس کے سبب آنے جانے والوں کو شدید پریشانی و دشواری کا سامنا تھا

جس پر سابق کمشنر ڈی جی خان نسیم صادق نے اس طرف پانی نکلوا دیا تھا کہ پھر بہت جلد اس کا کوئی بہتر تدارک کیا جائے

مگر انکے تبادلے کے بعد اب کوئی پرسان حال نہیں ہے اور نہ ہی کارپوریشن کا عملہ کچھ سنتا ہے اور نہ ہی متعلقہ انتظامیہ اس طرف توجہ دے رہی ہے

جبکہ پاکستان سیٹیزن پورٹل ایپ پر شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی مثبت کاروائی عمل میں تاحال نہیں لائی گی

جس پر اہل علاقہ اور یہاں کے مکینوں نے”سویل” کے توسط سے متعلقہ انتظامیہ ،ایڈمںسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن،

کمشنر ،ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈی جی خان سے فوری طور پر نوٹس لینے اور گندگی وغلاظت کے جوہڑ کے خاتمے کا بھر پور مطالبہ کیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی۔منصوبوں میں مٹریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

تاخیری حربے استعمال کرنے والی تعمیراتی کمپنی بلیک لسٹ کردی جائے گی۔کمشنر ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ دفاتر میں بیٹھ کر ترقیاتی منصوبوں کو مانیٹر نہیں کیا جاسکتا۔افسران فیلڈ میں نکلیں اور باقاعدگی سے پیشرفت رپورٹ دی جائے۔

انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں سی ایم انیشیٹیوز کے تحت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی.

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع بالخصوص کوہ سلیمان کے قبائلیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کردارادا کیاجائے گا.

ترقیاتی منصوبو ں کی تکمیل سے لوگوں کامعیار زندگی بہتر ہو گا. ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبیدالرشید، ڈ پٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اوردیگرنے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

تحصیل کوہ سلیمان میں ٹی اے ڈی پی کے تحت اڑھائی ارب کے نو منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں پہاڑوں کو کاٹ کر آبادیوں کو ملانے کیلئے رابطہ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں

اسی طرح ضلع میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے چار منصوبوں پر ایک ارب 96 روپے خرچ کئے جارہے ہیں جن میں 31 کروڑ روپے سے 75 بند اور ناکارہ واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کیا جائیگا

اور پہلے مرحلے میں 37 واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے جن پر کام کیا جارہا ہے۔

کمشنر ساجد ظفر ڈال کو بتایا گیا کہ تونسہ شہر کی خوبصورتی،سٹریٹ لائٹس،واٹر سپلائی اور سیوریج سکیم کے منصوبہ پر کام جاری ہے

جس پر 65 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔لوکل گورنمنٹ کی 23 نئی سکیموں پر کام کیا جائیگا جس پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔


ڈیرہ غازیخان :

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی نے گندم خریداری مراکز کا اچانک دورہ کر کے خریداری مراحل کاجائزہ لیا. انہوں نے ڈیرہ غازی خان سنٹر پر گندم کی نمی اور معیار کے ساتھ اوزان بھی چیک کئے

مشیر وزیر اعلی محمد حنیف پتافی نے مرکز میں موجود کاشتکاروں سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔

مشیر وزیر اعلی محمد حنیف پتافی نے کہا کہ کاشتکاروں سے عزت و تکریم کے ساتھ گندم خریدی جائے گی۔

باردانہ کے اجراء اور گندم کی خریداری کا طریقہ مزید آسان کردیا گیا ہے۔کاشتکار اپنی ضرورت کے مطابق باردانہ حاصل کرسکتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں ماہ صیام کے دوران عوام کو پھل،سبزیاں اور اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

روزانہ کی کارکردگی رپورٹ مرتب کی جائے گی اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا گیا

جس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ ماہ صیام میں عوام کو معاشی ریلیف دلانے کے لئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہوگا

جس کے لیے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں نکلیں،ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

کولڈ سٹوریج پر چھاپے مارے جائیں۔سبزی منڈیوں میں نرخ کنٹرول کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ

وہ متعلقہ علاقوں میں نکلیں اور روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاری عمل میں لائیں۔

ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کاروائی کی جا سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا

ناقص کارکردگی پر مجسٹریٹس کے اختیارات واپس لیے جا سکتے ہیں اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔

قائمقام کمانڈنٹ و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عبدالغفار، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان نے رات کی تاریکی میں بلوچستان آٹا سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنادی 11 ٹرکوں پر لوڈ دو لاکھ 80 ہزار کلو گرام آٹا پکڑ لیا

کمشنر ڈیرہ غازی خان ساجد ظفر ڈال کی ہدایت پر قائمقام کمانڈنٹ کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق کی زیر نگرانی بی ایم پی نے چیک پوسٹ بواٹہ کے ذریعے

بلوچستان سمگلنگ کی کوشش میں سات ہزار من آٹا ضبط کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔


ڈیرہ غازیخان :

پاکستان میں محنت کش،مزدور بیروزگاری کا شکار ہیں اور ان کے بچے بھوک اور فا قوں کی زندگی بسر کر رہے ہیں موجودہ حکومت عوام کو رلیف دینے میں ناکام احساس پروگرام کا نام دے کر بی بی شہید کے پروگرام کو ہائی جیک کیا گیا

ملک میں لوگ بیروزگاری کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں اسلام آباد میں ایک آدمی نے اسمبلی کے سامنے خود سوزی کی اس ہی طرح لاہور میں علاج نا ہونے

اور بھوک کی وجہ سے ایک آدمی نے اپنی ماں کی قبر پر جا کر اپنے آپ کو آگ لگا لی۔ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات سردار غلام عباس گورچانی نے

ملکی صورت حال پر اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جو ٹائیگر فورس بنائی ہے

اس فورس کے ثمرات صرف ان کے اپنے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں ملک میں اکثریت لوگ بھوک سے مر رہے ہیں

ان کو چاہیے کہ جس طرح الیکشن اور مردم شماری میں حکومت فوج کی خدمات لیتی ہے ان کے ذریعہ لوگوں تک امداد پوہنچائی جائے تاکہ

محروم لوگوں تک امداد پوہنچ سکے اور وہ سکھ کا سانس لیں سردار غلام عباس گورچانی نے کہا کہ جس طرح سندھ میں سندھ گورنمنٹ نے بجلی کے تین سو یونٹ،گیس اور پانی کے بل خود دینے کا

الان کیاپچاس ہزار سے کم دوکان دار کا کرایہ ختم کر دیا اس ہی طرح حکومت پنجاب اور دوسرے صوبوں میں بھی یہ سہولیات فراہم کرے عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت ایک بیرل پر آ چکی ہے

مگر پاکستان کی گورنمنٹ ابھی بھی عوام سے 97 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے اس ہی طرح ایف بی آر کی مد میں ایک دکاندار سے لے کر چھوٹے بچوں تک کی اشیا پر ٹیکس وصول کیا جا رہا

حکومت کو چاہیے کہ تمام چیزوں پر ٹیکس ختم کر کے جو کمپنی کا اصل ریٹ ہے مارکیٹ میں دیں تاکہ لوگوں کو رلیف مل سکے

وفاقی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کو جو اربوں روپے کی تنخوائیں اور ترقیاتی کاموں کے لیے جو فنڈز ملتے ہیں

ان سے پیٹرول کا ذخیرہ کر لیا جائے اس سے پاکستان اتنی ترقی کرے گا جس کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔


ڈیرہ غازیخان :

ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ڈیرہ میں اشیاء خوردونوش کو پر لگ گئے تاریخ کی بدترین مہنگائی نے غریب اور متوسط گھرانوں سے انکی خوشیاں چھین لیں۔

سبزی فروٹ گوشت دالیں اور کھجورسمیت ہر چیز غریب روزہ داروں کی دسترس سے باہر ہونے لگی۔ذخیرہ اندوزوں نے ریٹ پچھلے سال کی نسبت کئی گناریٹ زیادہ کر دئیے۔

ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کیمٹیاں غیر فعال۔حکومت رٹ کا نام نشان نظر آتا شہریوں کا کمشنر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی ڈیرہ میں لوگوں کوتاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامناکرنا پڑ رہا ہے کررونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی طور پر پریشان حال غریب اورمتوسط طبقہ کے لئے روزہ رکھنا اور اپنے بچوں کا پیٹ بھرنا محال ہوگیا ہے۔

دوکانداروں اور ذخیرہ اندوزوں نے خوردونوش سمیت ہر چیز کے نرخوں میں کئی گنااضافہ کرتے ہوئے لوٹ مار کابازار گرم کردیا ہے سبزی،فروٹ، دالیں،

کھجور، بیسن،مشروبات،جینی، آٹا دہی سمیت خوردونوش کی ہر چیزوں کے ریٹس سو گنا سے بھی زیادہ بڑھا دئیے گئے ہیں

کوئی بھی چیز سرکاری ریٹ پر فروخت کرنے کا تصور ہی نہیں ملتا۔ گوشت، فروٹ تو درکنارسبزی اور دالیں بھی غریب روزہ دار کی دسترس سے باہر ہو چکی ہیں

جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں غیر فعال ہونے کے ساتھ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی سے حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی دکان دار چیزوں کے من مانے ریٹ وصول کرنے لگے

اس وقت ڈیرہ شہر میں سیب 280روپے کلو،کیلا 180روپے درجن، کنو 200 روپے کلو، کھجور 400روپیکلو، مرغی 250 روپے، چھوٹا گوشت 13 سو روپے کلو،

دودھ 120 روپے لیٹر، دہی 120روپے کلو میں دھڑلے سے فروخت ہورہاہے۔ شہریوں اسلم، رضوان، ناصر، اسجد، وسیم وغیرہ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ

غیر مسلموں کے ممالک میں کسی بھی تہوار کے موقع پر شہریوں کے لئے اشیاء سستی کر دی جاتی ہیں خوشیاں دوبالا کرنے کے لئے سلیز لگا دی جاتی ہیں

مگر ہماری ریاست مدینہ کے دعوی دار ملک میں مسلمان ایک دوسرے کا خون نچھوڑنے پر آ جاتے ہیں سابقہ دورحکومت اور موجودہ دور حکومت میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے

انہوں نے کمشنر ساجدظفرڈال، ڈپٹی کمشنر طاہرفاروق سے مہنگائی میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ایوان تجارت وصنعت ڈیرہ غازیخان کے سابق صدراور فقہ جعفریہ کے ڈویژنل صدر سید ظفر عباس نقوی کے صاحبزادے اورمعروف شاعر سید محسن نقوی کے داماد سید خضر عباس نقوی

جن کی رہائش گاہ واقع خیابان سرور ملتان روڈ ڈیرہ غازیخان میں شارٹ سرکٹ و جہ سے آتشزدگی کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے تھے

انکی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج بروز منگل مورخہ 28اپریل بوقت چھے بجے

شام بمقام امام بارگاہ دربار قائم آل محمد بلاک نمبر 45محلہ سادات میں منعقد ہوگی۔


ڈیرہ غازیخان:

ہماری ہر کاوش آپ کا تحفظ ہے ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ غازیخان کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام الناس کو بھر پور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او اختر فاروق کا نماز تراویح کے دوران مختلف مساجد کا دورہ دوران وزٹ پولیس کی طرف سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی پی او نے کہا کہ

حکومت پنجاب کی طرف سے نماز تراویح اور نماز پنجگان کی ادائیگی کے دوران جاری کردہ ہدایت پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انچارج سیکورٹی کو ماہ رمضان کے پیش نظر عبادت گاہوں پر دوران نماز تراویح و نماز پنجگان کی ادائیگی کے دوران پرامن ماحول کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنانے کی ہدایت۔

ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ سحر و افطار اور نماز کی ادائیگی کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان  :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ لاک ڈا¶ن کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے افراد کی مالی امداد شروع کردی گئی ہے۔

محکمہ زکواة و عشر کے ذریعے پہلے مرحلے میں مستحق 3638 افراد کو 9 ہزار روپے فی کس ادائیگی جاری ہے

اور دوسرے فیز میں مزید 900 افراد کو آئندہ ہفتے مالی امداد دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے افراد سے درخواستیں وصول کی گئیں

اور پہلے مرحلے میں درخواست پر دئیے گئے موبائل نمبر پر تصدیقی مسیج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ایس ایم ایس میں دئیے گئے کوڈ اور اصل شناختی کارڈ دکھا کر نزدیکی ایزی پیسہ شاپ سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مالی امداد حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایزی پیسہ شاپ مالکان کو حکومت کی طرف سے ادائیگی کردی گئی ہے مستحقین سے کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

ضلعی زکواة آفیسر حافظ مغیث نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا کہ لاک ڈاون سے متاثر ہونے والوں کی دوسری لسٹ کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے

اور آئندہ ہفتہ مزید 900 افراد کو 9000 روپے فی کس امداد دی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان  :

کانسٹیبل بشیرحسین پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے والا ڈمرہ گینگ کا ساتھی دوران پولیس مقابلہ زخمی حالت میں گرفتار،ترجمان پولیس کے مطابق محمد شاہد نامی کالر نے اطلاع دی کہ

کچھ نامعلوم افراد نے اس سے اسلحہ کے زور پر زبردستی موٹر سائیکل چھین لیااطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کوٹ چھٹہ نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ لگا دیا

دبہ دری ناکہ پر کھڑے پولیس کے جوانوں کو دیکھ کر موٹر سائیکل ڈکیت ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی

پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے طور پر متبادل فائرنگ کی تو دو ملزمان بخوف گرفتاری فرار ہو گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں جس کا نام و پتہ

محمد شاہد ولد مجاہد قوم ڈمرہ سکنہ بستی ڈمرہ معلوم ہوا کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاپولیس نے ملزم کے قبضہ سے موقع واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ڈکیتی کیا گیا

موٹر سائیکل قبضہ پولیس میں لیتے ہوئے مزید کاروائی شروع کر دی ایس ایچ او تھانہ کوٹ چھٹہ رانا محمد اقبال نے کہا کہ

گرفتار ہونے والا ملزم بدنام زمانہ ڈمرہ گینگ کا رکن ہے جو کہ گزشتہ روز پولیس ملازم بشیر لنڈ پر بھی فائرنگ میں ملوث پایا گیا ہے

کوٹ چھٹہ پولیس مزید قانونی کاروائی عمل میں لا کر تفتیش میں مصروف عمل ہے۔


ڈیرہ غازیخان  :

سی ٹی ڈی پنجاب کی تھانہ صدر کے علاقہ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی ،دو دہشت گر د جن کا تعلق کالعدم داعش سے بتایا جا تا ہے گرفتار دہشتگردوں سے تین ہینڈ گرنینڈ اور آتشیں اسلحہ برآمد ،

تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل ،اس سلسلہ میں ملنے والی مزید تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کاﺅنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی

جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے تھانہ صدر کے علاقہ وڈور روڈ پر کاروائی کر تے ہو ئے دو مبینہ دہشت گردوں فاروق اور سہیل کو خفیہ ٹھکانے سے گرفتار کر تے ہو ئے قبرستان میں چھپائے گئے

تین ہینڈ گرنینڈ اور آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے

اور ان سے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد ڈیرہ غازی خان میں حساس تنصیبات اور سرکاری املاک کو نشانہ بنانا چاہتے تھے

بروقت کاروائی کر کے بڑی تباہی سے علاقہ کو بچالیا گیا ہے سی ٹی ڈی کی طرف سے سول ڈیفنس سے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر کے تینوں ہینڈ گرنینڈ ز کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے

جبکہ اسلحہ اور دیگر برآمد ہو نے والے سامان کو قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانہ ملتان میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔

About The Author