جنوری 4, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

25اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران چاروں اضلاع کی مساجد اور امام بارگاہوں میں حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کرایا جائے۔

علماء آگاہی دیں کہ دین اسلام وباء سے بچنے کے لئے حفاظتی تدابیر کی ہدایت کرتا ہے۔ مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ممبران امن کمیٹی کردار اداکریں۔

انہوں نے یہ بات انتظامی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،اے ڈی سی آر سمیع اللہ فاروق،اے سی جی محمد صفات اللہ اور دیگر موجود تھے.

کمشنر نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان،راجنپور،مظفر گڑھ اور لیہ اضلاع میں پھل،سبزیوں کے نرخ کنٹرول کئے جائیں

سرکاری نرخ پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فعال کردارادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈیوں سے ہی پھل اور سبزیوں کے نرخ اعتدال میں رکھے۔


ڈیرہ غازیخان :

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے افراد کی مالی امداد کا سلسلہ شروع کر دیا گیاہے۔

محکمہ زکواۃ و عشر کے ذریعے پہلے مرحلے کیلئے تین کروڑ 27 لاکھ 42 ہزار روپے کے فنڈز منتقل کردئیے گئے۔

ایزی پیسہ کے ذریعے مستحق 3638 افراد کو 9 ہزار روپے فی کس کی ادائیگی کا سلسلہ آج سے شروع کردیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ایزی پیسہ شاپ مالکان کو حکومت کی طرف سے ادائیگی کردی گئی ہے مستحقین سے کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

ضلعی زکواۃ آفیسر حافظ مغیث نے مشیروزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا کہ لاک ڈاون سے متاثر ہونے والوں کی درخواستیں وصول کی گئیں

اور غیرجانبدار ذرائع سے جانچ پڑتال کے بعد پہلے مرحلے میں 3638 افراد کو مالی امداد کیلئے اہل قرار دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو اقساط میں 9000 روپے مالی امداد دی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازیخان ساجد ظفر ڈال نے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ہمراہ سبزی منڈی کا دورہ کیا.

انہو ں نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی جگہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ کھدائی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا.

چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اوردیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون کیلئے آرڈیننس کے تحت افسران کو اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں.

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس و پلاننگ ضلعی حدود میں،

پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈیرہ غازیخان، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ او راسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ اپنی تحصیلوں کی حدود میں ذخیرہ اندوزوں کے

خلاف کارروائی کر کے ر وزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں ماہ صیام کے دوران کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے، لاک ڈاون اور دیگر ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں.

تحصیل سطح پر مارکیٹ، دکانوں میں اوقات اور لاک ڈاون پر عملدرآمد کیلئے تشکیل کردہ چار رکنی کمیٹی میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کنوینر،

ڈی ایس پی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور صدر انجمن تاجران اراکین میں شامل کیے گئے ہیں اسی طرح مساجد، امام بارگاہ میں نماز اور تراویح کے دوران قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کیلئے

تحصیل سطح کی کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر کنوینر، ڈی ایس پی، علماء کمیٹی کا رکن اور معززین شامل ہو ں گے.

علاوہ ازیں ضلع ڈیرہ غازیخان میں 18پولیس سٹیشنوں کی سطح پر انفورسمنٹ کمیٹی اور کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں

جن میں متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او، نائب تحصیلدار، یونین کونسل سیکرٹری، تاجر تنظیموں کا نمائندہ اور علماء او رمعززین کی مشاورت سے ممبر شامل ہو گا

اور یہ کمیٹیاں تھانوں کی حدود میں کورونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے، مساجد امام بارگاہوں میں ایس او پیز اوردیگر حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرانے میں انتظامیہ کی معاونت کریں گی.


ڈیرہ غازیخان :

8 سالہ زبیرحجانہ کے اندھے قتل کا معمہ حل، ملزم گرفتار،ڈی پی او ڈیرہ غازیخان اختر فاروق نے 8سالہ زبیر حجانہ کے قتل کے ملزم کی گرفتاری پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ

تین روز قبل نواحی علاقہ کھیرے والا موضع پائیگاں کے رہائشی محمد ابراہیم حجانہ کا 8سالہ بیٹا زبیر جو کہ اچانک کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا کافی تلاش کرنے کے باوجود نہ ملا

جس پر بچے کے والد محمد ابرہیم نے پولیس تھانہ گدائی کو زبیر کی گمشدگی کی اطلاع دی جس پر پولیس تھانہ گدائی نے گم ہونے 8سالہ بچے زبیر کی تلاش شروع کردی

لیکن بد قسمتی سے نامعلوم درندہ نے 8سالہ بچے زبیر سے زیادتی کرنے کے بعد بخوف گرفتاری بے دردی سے قتل کر دیا اور زبیر کی لاش کو سفیدے کے جنگل میں پھینک کر فرار ہو گیا

جس پر پولیس تھانہ گدائی نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا ڈی پی او نے خود جائے وقوعہ کا دورہ کیا،

مقتول زبیر کے والدین سے ملاقات کی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی سی آئی اے اور پولیس تھانہ گدائی پر مشتمل ٹیم نے زبیر کے قتل میں ملوث نامعلوم ملزم ذوالفقار عرف زلفی حجانہ کو 12 گھنٹے کے اندر ناصرف ٹریس کیا

بلکہ بروقت گرفتار کر لیا گرفتار ہونے والا ملزم جس کا نام ذوالفقار عرف زلفی حجانہ 8سالہ مقتول کا رشتہ دار اور اسی بستی کا رہائشی بھی ہے

ڈی پی او نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان پولیس نے ہمیشہ کی طرح جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرتے ہوئے ہر ٹاسک کو پورا کیا ہے

اور مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہماری ٹیم ڈی ایس پی سٹی عمران رشید، سی آئی اے اور ایس ایچ او تھانہ گدائی شکیل احمد بخاری،

غلام اکبر رمدانی ایس آئی، نعمت اللہ ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل محمد ادریس معہ دیگر پولیس ملازمین جو اس مشن میں تھے

نے اس چیلنج کو کامیاب بنایا اور 8سالہ زبیر کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو نہ صرف ٹریس کیا بلکہ زبیر کے قتل میں ملوث ملزم ذوالفقار عرف زلفی حجانہ کو گرفتا ر کر کے ہم سب کے سامنے لائے

جس پر میں اس پوری ٹیم کو شاباش دیتا ہوں جس کے وہ مستحق ہیں آخر میں ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ میری والدین سے اپیل ہے کہ

آپ اپنے بچوں کا خیال کرتے ہوئے انہیں اکیلا نہ چھوڑیں اور ان پر نظر رکھتے ہوئے ان کا خیال رکھیں۔


ڈیرہ غازیخان :

محکمہ سوئی گیس نے رمضان المبارک کے ایام میں صارفین کی سہولت کے لئے سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول کا اعلان کر دیاہے۔

سوئی گیس احکام کے مطابق ماہ صیام میں سحری کے وقت صبح 2 سے 4 بجے تک، صبح 7 سے9:30 تک، دوپہر 12 سے1:30 بجے تک

اور پھر شام 4 بجے سے رات9:300 بجے تک سوئی گیس موجود ہوگی۔


ڈیرہ غازیخان :

تونسہ شریف منگروٹھہ کے علاقہ میں گھریلوجھگڑا کی بنا پر دو فریقین کے درمیان تصادم،سات افراد زخمی۔ ریسکیو نے ہسپتال منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تونسہ کے علاقہ منگروٹھ غربی میں امام بارگاہ کے قریب دو فریقین کے مابین گھریلو تنازعہ پر توں تکرارکے بعد خون ریز تصادم شروع ہوگیا

جسکے نتیجہ میں سات افرادآصف، رزاق، حسیب اللہ،جمشید، عابد حسین،محمد زاہد،اور ریاض احمد شدید زخمی ہوگئے۔

واقع کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

جبکہ پولیس نے قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

حکومتی امداد کا 25 فیصد حصہ بھی غریب مستحق افراد تک نہیں پہنچا غریبوں کے گھروں میں فاقے حکمرانوں نے خود کو سلفیوں تک محدود کر لیا

چار گھنٹے کی ٹیلی تھون بھیک مانگنے کی دوسری قسط تھی ان خیالات کااظہار مسلم لیگ(ن) کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہا کہ دوران لاک ڈ اؤن مقامی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مستحق اور غریب لوگوں کی امداد کی بجائے اپنے کارکنوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے

پوری دنیا میں تمام قومیں ایک پیج پر ہیں نہیں بدلی سیاست تو صرف پاکستان میں نہیں بدلی سید عبدالعلیم شاہ نے کہا کہ

عمران نیازی بھیک مانگنے کی بجاے فارن فنڈنگ،پشاور میٹرو،آٹے چینی کی چوری کے پیسے واپس کرے

حکومت کے پاس اربوں روپے عوام کے ٹیکسوں کے موجود ہیں کیا یہ رقم عوام کو ریلیف دینے پر استعمال نہیں ہو سکتی۔


ڈیرہ غازیخان :

ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان میں مبینہ طور پر دوائی لینے کے لئے جانے والی خاتون سے سرکاری کوارٹر میں اجتماعی زیادتی ،مقدمہ درج ،

ایک ملزم گرفتار ،دوسرے کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ،ہسپتال ملازم معطل ،24گھنٹے میں کوارٹر خالی کرانے کا حکم ،

اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے مطابق ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میںمبینہ طور پر ہسپتال میں دوائی لینے کے لیے جانیوالی خاتون کو عمیر نامی ایک شخص ورغلا کر ہسپتال کالونی کے

سرکاری رہائشی کوارٹر میں لے گیاجہاں پر عمیر اور ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہوکر خاتون کرن سے زیادتی کی۔

کرن کے مطابق دونوں افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور دانتوں سے کاٹتے رہے کرن کی درخواست پر پولیس تھانہ سول لائن نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مدعیہ کرن بی بی کا ابتدائی میڈیکل بھی کرایا گیا ہے

اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن کرم الٰہی نے بتایا کہ مدعیہ کے بیان پر پولیس نے حسب ضابطہ مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ہے

جبکہ نامز د ملزم عمیر نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی کرالی ہے دوسرے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں

ادھر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیا کوآر ڈینیٹر ڈی ایم ایس ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں کوئی واقعہ نہیں ہوا نہ ہی مذکورہ خاتون کسی وارڈ میں دکھانے گئی

یا اس کا کو ئی مریض ہسپتال میں داخل تھا یہ مکمل نجی نوعیت کا معاملہ ہے البتہ رہائشی کالونی میں ملازم عمران کے نام سے الاٹ کوارٹر استعمال ہو نے کا ایم ایس نے فوری نوٹس لیتے ہو ئے

عمران کو معطل کر کے کوارٹر کی الاٹمنٹ کمیٹی کو الاٹمنٹ فوری منسوخ کر کے 24گھنٹوں میں کوارٹر خالی کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔

About The Author