دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

24اپریل2020:آج ضلع بہاولنگر میں کیا ہوا؟

ضلع بہاولنگر سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

بہاول نگرسے صاحبزادہ وحید کھرل کی رپورٹ:

بہاولنگرڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے تبلیغی جماعت کے260سے زائد اراکین کو کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر انکے آبائی علاقوں میں رخصت کیا۔

ان تبلیغی اراکین کا تعلق کے پی کے، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سے ہےڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے تبلیغی جماعت کے افراد کو جنرل بس سٹینڈ سے رات گئے الوداع کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین مگسی اور افسران اور ڈی سی آفس کا سٹاف بھی موجود تھا۔

جنرل بس سٹینڈ پر رخصت کے وقت تبلیغی بھائیوں نے ڈپٹی کمشنر کی مہمان نوازی اور کورونا کی وبا میں انکی نگہداشت اور ضروریات زندگی کا خیال رکھنے پر بیحد شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ان افراد کی روانگی کے لیے ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے سات عدد خصوصی بسوں اور خفاظتی انتظامات کا بندوبست کیا ہے

تاکہ تمام افراد اپنے علاقوں میں بہترین انداز میں سیکیورٹی اور آرام دہ سفر کے ساتھ گھروں کو پہنچیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے تمام بسوں میں خود کھڑے ہوکر

فردا فرداتبلیغی بھائیو ں کو انکی نشستوں پر جا کر کھانے پینے کی اشیاء بھی پیش کیں۔ تمام بسوں میں تبلیغی اراکین کو سینڈ وچ ، بسکٹ ،

چپس کے پیکٹ ، منرل واٹر اور اشیاء خوردونوش اور تازہ پھل، ڈرائی فروٹ اور سوہن حلوہ بھی پیش کیا گیا۔ تمام 260 اراکین کو روانگی سے قبل عشائیہ بھی دیا گیا۔

روانگی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کی عجزو انکساری اور اپنائیت و محبت کو دیکھ کر تبلیغی جماعت کے افراد فرط جذبات سے آبدیدہ ہوگئے

اور انہوں نے ڈپٹی کمشنر شعیب جدون کی جانب سےبہاول نگر میں قیام کے دوران انکی دل جوئی اور قیام و طعام سمیت انکے مکمل علاج اور کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ میں انتظامات پر دلی اظہار تشکر کیا۔


بہاولنگر
( صاحبزادہ وحید کھرل سے)

ڈی پی اوبہاولنگر قدوس بیگ کی ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی کے علماء کرام سے میٹنگ،تمام مسالک کے علماء کرام کی شرکت۔

رمضان المبارک کے حوالے سے علماء کرام کے کردار کو سرا ہتے ہوئے صدر پاکستان کی جا نب سے نماز اور ترا ویح کے اہتمام کے متعلق جا ری شدہ 20نکات پر عملددرآمد کو یقینی بنا نے کی تلقین۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قدوس بیگ کی زیر صدارت ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی کے علماء کرام سے میٹنگ،حکومت کی جانب سے جاری کردہ

20 نکات پر مشتمل ہدایت نامہ پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی بلکہ صاف فرش پر نماز ادا کی جا ئے گی،

نقشے کے مطابق نشانات لگائے جارہے ہیں۔ نماز تراویح ودیگر نمازوں کے شروع اور ختم ہونے پر اجتماع نہیں کیا جائے گا۔

مساجد، امام بارگاہوں کے فرش کو روزانہ کلورین والے سپرے سے دھویا جائے گا۔انتظامیہ کمیٹی احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائے گی،

تعداد نمازی کم سے کم رکھی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں علماء کرام کو ساتھ لے کر ہی اس عالمی وباء پر قابو پایا جاسکتا ہے،

پچاس سال سے زائد، چھوٹی عمراور بیمار افراد عبادت گاہوں میں نہ آئیں گے، علمائے کرام کورونا وائرس کے خطرات اور احتیاط کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے درس دیں،

ڈی پی او قدوس بیگ نے کہاکہ اپنی اور دوسروں کی جان بچانا ایک بہترین عمل ہے، مساجد اور امام بارگاہوں میں دوران عبادت کورونا ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا،

رمضان المبارک میں علمائے کرام قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور رواداری کا ثبوت دیں، رمضان المبارک میں عبادت گاہوں میں افطاری،

سحری اور اعتکاف کی اجازت نہ ہوگی۔اعتکاف کے لیے گھروں میں متعکف ہونے کی اپیل،علمائے کرام نے متفقہ طور پر ہدایات پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔..


محکمہ پولیس ضلع بہاولنگر

پریس ریلیز
24_4_2020

بہاولنگر
( صاحبزادہ وحید کھرل سے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگرقدوس بیگ کی ہدایت پر رضاکاران کو عبدالرزاق شہید پولیس لائنز اور ڈی ایس پیز کے دفاتر میں ایلیٹ فورس کے بہترین انسٹرکٹرز نے ٹریننگ دی،

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں سیکیورٹی کے حوالے سے رضاکاران کو پولیس لائنز اور ڈی ایس پیز کےدفاتر میں ٹریننگ دی گئی، ڈی پی او قدوس بیگ نے کہا کہ

ماہ صیام میں مساجد اورامام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس فورس کے علاوہ رضاکاران بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،

اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں رضاکاران کو ایلیٹ فورس کے ماہرجوانوں نے عبدالرزاق شہید پولیس لائنز میں ٹریننگ دی،

تربیت کے دوران ایلیٹ فورس کے انسٹرکٹرز نے رضاکاران کو مساجداور امام بارگاہوں میں داخل ہونے والے اشخاص کی جامہ تلاشی لینے کے طریقہ سے آگاہ کیا،

دہشت گردی کے ہونے والے واقعات، ان کے طریقہ کار اور ممکنہ بچاؤ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی.

تربیت یافتہ ماہرین نے انہیں سیکیورٹی چیکنگ مختلف افراد کی جامہ تلاشی لینے اور مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے حوالے سے تربیت دی ،

ڈی پی او قدوس بیگ نے مزید کہا کہ عوام الناس کی کی حفاظت پولیس کا اولین فرض ہے..


بہاولنگر

سابق چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان نے آٹا چینی رپورٹ سے متعلق اہم ثبوت تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کئے،

یہی وجہ ان کی تبدیلی کا باعث بنی۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سمیت متعدد افراد سے متعلق اہم ثبوت بھی انہوں نے فراہم کئے،

یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت کی اعلیٰ شخصیت کے علم میں لائے بغیر اپنی مرضی سے تعیناتی کرنے کے معاملات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

گزشتہ تین دن سے یہ معاملات چل رہے تھے کہ اعظم سلیمان کو تبدیل کیا جائے،

گزشتہ روز ہونیوالی وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی میٹنگ میں یہ طے پایا کہ جواد رفیق ملک کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا جائے۔

دوسری جانب نئے چیف سیکرٹری پنجاب کی تعیناتی کے بعد انتظامی عہدوں پر پھر ایک بار پھر بڑے پیمانے پر پنجاب میں تبدیلیاں متوقع ہیں،

جواد رفیق ملک ماضی میں کمشنر لاہور،سیکرٹری صحت پنجاب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے علاوہ مختلف اہم آسامیوں پر بھی تعینات رہے ہیں اور اپنے کام کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں،

جواد رفیق ملک ن لیگ کے انتہائی قریبی افسروں میں سے بھی سمجھے جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اعظم سلیمان خان کو ایک ہفتہ قبل یہ آگاہ کیا گیا تھا کہ

وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے معاملات درست کر لیں،لیکن ایسا نہ ہوسکا۔اعظم سلیمان کا کہنا تھا انہیں علم نہیں تھا کہ انہیں تبدیل کیا جارہا ہے

میں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات مانتا رہا ہوں اور تقرریاں و تبادلے سروس کا حصہ ہوتے ہیں،میں نے اپنے دور میں بہترین اور میرٹ پر فیصلے کئے ہیں،

میں تو خود حیران ہوں کہ مجھے اتنی جلدی کیوں تبدیل کردیا گیا ہے۔جبکہ دوسری جانب نئے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے

اور ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایک۔مرتبہ پھر تبادلوں کی اکھاڑ بچھاڑ کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع کی جا رہی ہے کہ

موجودہ چیف سیکرٹری پنجاب اپنے من پسند افراد کی اپنی ٹیم بھی ضرور بنائیں گے۔تاکہ وہ سرکاری معاملات بہتر انداز میں چلا سکیں۔

About The Author