نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

21اپریل 2020: آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

٭٭٭
مرمت اور دیگر وجوہات کو جواز بناکر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) واپڈا ڈیرہ کی جانب سے مرمت اور دیگر وجوہات کو جواز بناکر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام میں شدید مشکل کا سامنا ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جو گنجان ہیں اور لوگ چھوٹے چھوٹے مکانات میں رہتے ہیں وہ لاک ڈاو¿ن کے دوران سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جاتے ہیں

عام طور پر واپڈا کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی کا جواز بھی نہیں بتایا جاتا اور کئی کئی گھنٹے بجلی معطل کردی جاتی ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف کئی مقامات پر عوام نے احتجاج بھی کیا ہے

ان کا کہنا ہے کہ ابھی گرمی شروع ہوئی ہے اور واپڈا کا حال برا ہے جبکہ دوسری جانب لاک ڈاون ہے مزید ستم بجلی کی معطلی سے ڈھا یا جارہا ہے –
٭٭٭
آئندہ ماہ کورونا وباکی نئی لہر سے نمٹنے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں انتظامات شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)آئندہ ماہ کورونا کی نئی لہر کے خطرے کے پیش نظر وباءسے نمٹنے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں ،صوبے کے حساس ترین اضلاع میں ہوٹلز کی بکنگ بھی شروع کردی گئی ہے ،

مختلف تنظیموں کے مقامات کو قرنطینہ قرار دیئے جانے کے حوالے سے بھی انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں ،صوبے بھر میں کورونا سے مرنے والے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہاہے۔جبکہ شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کی جارہی ہے اور شہریوں نے اسے مذاق سمجھا ہے ،

ذرائع نے بتایا ہے کہ 15 مئی سے کورونا کی نئی لہر آسکتی ہے ،26 اپریل سے 15 مئی کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا ہے ،خیبر پختونخوا حکومت اور این ڈی ایم اے نے نئی منصوبہ بندی شروع کردی ہے ،این ڈی ایم اے کی جانب سے سامان کی فراہمی بھی خیبرپختونخوا حکومت کو کردی گئی ہے ،

شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات نہ کرنے کے باعث خطرناک وارننگ جاری کردی گئی ہے ،تاہم شہریوں کی بے حسی کے بعد اس مرض میں اضافہ کے امکانات پیدا ہوچکے ہیں ۔
٭٭٭
رمضان المبارک کی آمد آمد ‘کھجو ر اور تربو ز سمیت تمام فروٹ مہنگے داموں فروخت ہونا شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان المبارک کی آمد آمد ‘کھجو ر اور تربو ز سمیت تمام فروٹ مہنگے داموں فروخت ہونا شروع، شہریوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور فروٹ مافیا نے ابھی سے فروٹ مہنگا کردیاہے۔

چند روز قبل 160/170روپے فروخت ہونی والی کھجور انتہائی مہنگی کرکے 300 روپے سے زائد فروخت جاری ہے۔
تربوز 100روپے فی کلو ہوگیا۔

کیلا80روپے سے زائد اور سیب240روپے فروخت ہونے لگاہے۔رمضان المبارک سے قبل بعض آڑھتی حضرات مختلف فروٹ کولڈ سٹورز میں ذخیرہ کرلیتے ہیں اورحسب روایت رمضان المبارک کے دوران فروٹ انتہائی مہنگے داموں فروخت کرکے لوٹ مار کرتے ہیں

جس کے باعث عام وغریب آدمی کی قو ت خرید سے باہر ہونے پر وہ فروٹ کا استعمال کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں اور افطاری کے وقت صرف کھجور اور پانی وغیرہ سے روزہ افطار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

مختلف شہری حلقوں نے کمشنر اورڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ وہ لوٹ مار کرنے والے آڑھتیوں کا محاسبہ کرتے ہوئے فروٹ کے ریٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عام افراد بھی فروٹ استعمال کرسکیں۔
٭٭٭
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں سال زکوٰة کا نصاب مقرر کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں سال زکوٰة کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر کیا ہے ،اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رواں سال زکوٰة کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر کیاگیا ہے ،

اور مقررہ نصاب کی روشنی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں کو یکم رمضان المبارک کو بچت کھاتوں سے کٹوتی کی ہدایت کردی ہے ،مقررہ نصاب کے تحت ملک بھر کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری بینکوں کے کھاتہ داروں کے سیونگ اکاﺅنٹس میں 46 ہزار329 روپے یا اس سے زائد رقم موجود ہوگی توان کے اکاﺅنٹس سے زکوٰة کی رقم منہا کرلی جائے گی ،

زکوٰة نفع نقصان کی شراکت داری کی بنیادوں پر کھولے جانے والے اکاﺅنٹس اور بچت کھاتوں سے منہا ہوگی ،واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کی آمد سے چند روز قبل اسٹیٹ بینک کی جانب سے زکوٰة کا نصاب مقرر کیا جاتاہے

جس کے تحت ملک بھر کے تمام ملکی اور غیر ملکی بینک یکم رمضان المبارک کو عوام کے لئے خدمات معطل کرکے سیونگ اکاﺅنٹس سے زکوٰة کو منہا کرتے ہیں پھر یہ رقم مرکزی بیت المال میں جمع کرائی جاتی ہے ،تاہم مخصوص کھاتے اس کٹوتی سے مستثنیٰ ہوتے ہیں ۔
٭٭٭
پتنگ اڑانے اور کیمیائی ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں پتنگ اڑانے اور کیمیائی ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق بہتر عوامی مفاد اور امن عامہ کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ فوری طور پر نافذ ہونے والے اس حکمنامے کا اطلاق 30یوم تک رہے گا۔

حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
٭٭٭
انچارج کورونا سیل ڈیوٹی سرانجام پرایڈیشنل سیکرٹری انور شیرانی کے اعزاز میں سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں کورنا وائرس سلسلے میں انچارج کورونا سیل ڈیوٹی سرانجام دینے والے ایڈیشنل سیکرٹری انور شیرانی کے اعزاز میں سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے انچارج کورونا سیل انور شیرانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کا کہنا تھا کہ انور شیرانی اور ڈاکٹر عظمت وزیر نے ڈیرہ میں قیام کے دوران اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دئیے۔

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ انکی خدمات کو سراہتی ہے اور امید کرتی ہے کہ آئندہ بھی یہ افسران اسی جذبہ سے قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین سمیت ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کے تمام افسران موجود تھے۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن سے متاثرہ مستحقین میں نقد مالی امداد کی تقسیم کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)احساس کفالت پروگرام کے تحت کورونا وائرس لاک ڈاﺅن سے متاثرہ مستحقین میں نقد مالی امداد کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ غازی نوازخان نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر2سنٹر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر بی آئی ایس پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عارف خان نے ان کو احساس کفالت پروگرام کے تحت متاثرہ مستحقین میں نقد مالی امداد کی تقسیم اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ غازی نواز نے مالی امداد کی تقسیم اور سماجی فاصلوں سمیت احتیاطی تدابیر کی حکومتی ہدایات اوردیگرا نتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
٭٭٭
چشمہ گھی ملزو باہو فلور ملز کا دورہ اور احتیاطی تدابیر کا جائزہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹری عارف اللہ خان نے چشمہ گھی ملز اور باہو فلور ملز کا دورہ کیا اور ان اداروں میں کورونا وائرس کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر جنرل منیجر چشمہ گھی انڈسٹری محمد شکیل نے دونوں اداروں میں حکومتی ہدایات کے مطابق ماسک، گلوز،سینی ٹائزیشن اور ڈس انفیکیشن سپرے سمیت سماجی فاصلوں کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

دورے کے دوران چشمہ گھی ملز اور باہو فلور ملز میں ورکروں اور دیگر سٹاف کیلئے ماسک، گلوز،سینی ٹائزیشن اور ڈس انفیکیشن سپرے سمیت سماجی فاصلوں کی احتیاطی تدابیر پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹری عارف اللہ خان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اداروں کی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔
٭٭٭
مختلف 13 فیڈر پر بروز بدھ بجلی بند رہے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف 13 فیڈر پر بروز بدھ بجلی بند رہے گی ، چیف ایگزیکٹو پیسکو پشاور کی جانب جاری اعلامیہ کے مطابق 22اپریل 2020ءبروز بدھ ڈیرہ گرڈ اسٹیشن میں پاور ٹرانسفارمرز کی سالانہ مرمت اور حفاظتی جانچ کیلئے

ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ سٹیشن کے مختلف سات فیڈرز پر 6گھنٹے جبکہ دیگر چھ فیڈر پر 2گھنٹے تک بجلی بند رہے گی۔ اعلامیہ کے مطابق ڈیرہ گرڈ سٹیشن کے سات فیڈرز مسلم بازار،مریالی نمبر ون اور ٹو، ٹاﺅن ہال، کینٹ ون، مندھراں، کمشنری بازار فیڈرز کی بجلی صبح8بجے سے دوپہر 2بجے تک6گھنٹے کیلئے بند رہے گی

جبکہ دیگر چھ فیڈرز صدر، انڈس، شیخ یوسف ون، یونیورسٹی، سگو، ڈی او ملز فیڈرز پر بجلی کی فراہمی دوپہر 2بجے سے سہ پہر4بجے تک2گھنٹے کیلئے بند رہے گا۔
٭٭٭
پسند کی شادی کرنے پر میاں بیوی کو قتل کرنے والے قاتل پیش ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پسند کی شادی کرنے پر میاں بیوی کو قتل کرنے اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب چار ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت کے لئے رجوع کرنے کے بعد گرفتاری پیش کردی ،

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پہاڑپور کے علاقہ خانپور اراضی اسماعیل میں سال 2017 کے دوران مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 45 سالہ محمد رمضان ولد کالا سکنہ قاجی کھوکھر اور اسکی بیوی 50 سالہ (ن بی بی ) کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،

مقتول محمد رمضان کے بھائی مہربان نے پولیس کو بتایا کہ وقوعہ کے روز وہ اپنے بھائی محمد رمضان اور بھابھی کے ہمراہ روانہ تھا کہ اراضی اسماعیل بحد خانپور پہنچنے پر مسلح ملزمان شوکت ولد مہربان ،محمد حسن ولد شیرزمان اقوام بہی ساکنان قاضی کھوکھر ،حسن ولد امیر اور نذر ولد بشیر اقوام چوہان ساکنان چاہ بیلی والا اچانک نمودار ہوئے

اور ہم پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے بھائی اور بھابھی موقع پر جاں بحق جبکہ میں بال بال بچ گیا ،وجہ عداوت یہ بیان کی کہ مقتولین نے پسند کی شادی (کورٹ میرج ) کی تھی جس پر ملزمان ناراض تھے ۔
٭٭٭
دو موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے ،دوسالہ بچے اور باپ سمیت دوافراد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ ٹاﺅن کی حدود ظفرآباد کالونی میں دو موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے ،دوسالہ بچے اور باپ سمیت دوافراد زخمی ،موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ٹاﺅن کی حدود ظفرآباد کالونی میں تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہوکر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار انعام اللہ ولد امان اللہ قوم گنڈہ پور سکنہ ظفرآباد کالونی اور اس کا دوسالہ بیٹا محمد عمر شدید زخمی ہوگئے ،

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کردیاگیاہے،پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر دوسرے موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
مختلف کاروائیوں کے دوران ساڑھے آٹھ کلو بھنگ سبز برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کلاچی پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران ساڑھے آٹھ کلو بھنگ سبز برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی پولیس نے دو مختلف کاروائیوں کے دوران ساڑھے آٹھ کلو بھنگ سبز برآمد کرکے دو ملزمان محمد وسیم اور محمد سلیم پسران عبدالرحمٰن ساکنان محلہ رانا زئی کلاچی کو گرفتار کرلیا ،

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
نامعلوم ملزمان شہری کی موٹرسائیکل لے اڑے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تحصیل پروا میں نامعلوم ملزمان شہری کی موٹرسائیکل لے اڑے ،نامعلوم ملزمان کے خلاف موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،ڈیرہ کے علاقہ مریالی کے رہائشی مرسلین ولد حمید اللہ قوم مڈڈی نے پولیس کو بتایا کہ

گلی شارع عام تحصیل پروآ میں اس نے اپنی موٹرسائیکل ماڈل 2019 یونین سٹار کھڑا گیا جوکہ نامعلوم ملزمان وہاں سے چوری کرکے لے گئے ہیں ،پولیس نے متاثرہ شہری کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
اسلحہ کی نوک پر دو افراد کو لوٹنے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) راہزنی کی واردات کے دوران اسلحہ کی نوک پر دو افراد کو لوٹنے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،تحصیل پہاڑپور کے علاقہ تیر گڑھ کے رہائشی محمد طیب ولد قیضار قوم پٹھان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ علاقہ پہاڑی بحدتیر گڑھ میں کھانے کے پروگرام میں موجود تھا

کہ اس دوران تین ملزمان قدیر ولد جمعہ ،عبدالرزاق عرف گلی اور حمید پسران نامعلوم ساکنان شیر گڑھ مسلح بہ اسلحہ وہاں آئے اور اسلحہ تان کر وہاں موجود محمد نعیم سے ایک ہزار روپے جبکہ میرے سے پانچ سوروپے زبردستی چھین کر فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے ،

پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف راہزنی کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
معمولی تلخ کلامی پر چھریا ں چل گئی ،چھریوں کے وار سے سولہ سالہ نوجوان شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)معمولی تلخ کلامی پر چھریا ں چل گئی ،چھریوں کے وار سے سولہ سالہ نوجوان شدید زخمی ،چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود علاقہ ضمیر آباد کلینک ڈاکٹر اقبال کے قریب ملزمان نے معمولی تلخ کلامی میں لاتوں مکوں سے زدکوب کیا

اور ایک ملزم نے چھریوں کے پے در پے وار کرکے سولہ سالہ نوجوان غفار ولد محمد عارف قوم موہانہ سکنہ ضمیر آباد کو شدید زخمی کردیا ،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرا رہوگئے ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے،

پولیس نے ملزمان حمید اللہ ،سیف اللہ ،محمد یوسف اور کے ٹو اقوام میانخیل ساکنان بلال آباد سمیت چار افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔وجہ عداوت سابق تو تکرار بیان کی گئی ہے۔
٭٭٭
جوانسال دوشیزہ کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جوانسال دوشیزہ کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیا گیا ،باپ کی رپورٹ پر دو افراد کے خلاف اغوائیگی کا مقدمہ درج کرلیاگیا ۔پنیالہ کے علاقہ وانڈہ میردل میں بیس سالہ دوشیزہ (ف بی بی ) کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیاگیا ہے ،پولیس نے دوشیزہ کے باپ کی رپورٹ پر ملزم نقیب اللہ سکنہ وانڈہ ڈالگی سمیت دو افراد کے خلاف اغوائیگی کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
اب خیبر پختونخواہ حکومت نے بھی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف آرڈیننس تیار کر لیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاﺅن کر دیا گیاہے۔ لاک ڈاﺅن کے بعد ملک بھر میں لوگوں نے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی تھی جس کے بعد لوگو ں کو اس کے نتائج مہنگائی کی صورت میں دیکھنے میں ملے تھے۔

اسی دوران پہلے وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں اطلاق کے لئے ایک آرڈیننس منظور کیا تھالیکن اب خیبر پختونخواہ حکومت نے بھی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف آرڈیننس تیار کر لیا ہے جس کے تحت ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو تین سال قید اور برآمد شدہ مال کی قیمت کا 50 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کیے جانے والے آرڈی ننس کا اطلاق اشیائے خورد ونوش، ادویات، ماسک اورسینی ٹائزرز کی ذخیرہ اندوزی پر ہو گا۔آرڈیننس کے مطابق جو شخص ذخیرہ اندوزی کرنے والے شخص کی اطلاع دے گا، اسے ضبط سامان کا 10 فیصد دیا جائے گا۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور اب رمضا ن کا مہینہ بھی آ گیا ہے،اس مشکل وقت میںذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی شخص کے ساتھ نرمی نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ 32 اشیائے خورد ونوش پر جاری کیے جانے والے آرڈی ننس کا اطلاق ہوگا۔یاد رہے کہ چین کے شہروہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان میں بھی اپنے قدم جمائے ہوئے ہیں جس کے بعد ابھی تک پاکستا ن میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9219 ہو گئی ہے جبکہ ابھی تک 192 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاون جاری ہے جس کے بعد اب خیبرپختونخواہ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سختی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
٭٭٭
پرائمری اور مڈل کے بچوں نے بھی آن لائن تعلیم کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا لاک ڈاﺅن کے نتیجے میںپرائمری اور مڈل کے بچوں نے بھی آن لائن تعلیم کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔کالجوں اوریونیورسٹی کے طلباء کی بڑی تعداد توپہلے بھی ورچوئل نظام تعلیم سے منسلک تھی

لیکن اب کم عمربچوں نے بھی واٹس ایپ کے ذریعے اپنی اسائنمنٹ اساتذہ کو ارسال کرنا شروع کردیں جبکہ وہ یوٹیوب اورواٹس ایپ پر آن لائن کلاس کا حصہ بھی بن رہے ہیں۔پاکستان میں پبلک سیکٹر اورنجی تعلیمی اداروں کی جانب سے باقاعدہ آن لائن کلاسز کااجراء کامیابی سے جاری ہے۔

ماہر تعلیم نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے بنی نوع انسان کی روزمرہ زندگی کوانتہائی آسان بنادیا ہے اور خاص طورپر تعلیمی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے طلباءکی ذہنی استعداد کار کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

موجودہ پرآشوب عالمی حالات کے پیش نظر طلباء کے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لئے دنیا بھر میں آن لائن درس وتدریس کے ذریعے انہیںیوٹیوب، فیس بک، سکائپ اور زوم کے استعمال سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس کی نئی علامات سامنے آگئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس پر دن رات تحقیق کر رہے ہیں،تاحال اس کی ویکسین تیار نہیں کی جا سکی تاہم اس کی علامات بتائی گئی ہیں۔ابتدا میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی علامات کھانسی،بخار یا نزلہ زکام ہیں۔

اس کے بعد بتایا گیا کہ گر کسی شخص کو بخار اور زکام کیساتھ سانس لینے میں غیر معمولی دشواری کا سامنا ہے، تو یہ وائرس کی علامت ہو سکتی ہے جس کے بعد ڈاکٹرز سے رابطہ یا خود کو قرنطینہ کر لینا چاہیئے۔اس کے بعد یہ بھی بتایا گیا کہ آنکھوں کا سرخ ہونا بھی کرونا وائرس کی علامت ہے۔

کنگز کالج لندن میں کی گئی حالیہ تحقیق کے مطابق سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محرومی کورونا وائرس کی علامت ہو سکتی ہے، کورونا کے مرض کے شکار 59 فیصد افراد سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتے ہیں۔

تاہم اب محققین نے کورونا وائرس سے تشویشناک مریضوں کی نئی علامت بتائی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے پاﺅں کی انگلیوں میں انفیکشن یا پاو¿ں کی انگلیاں نیلی ہونے کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں۔

حال ہی میں امریکی ریاست لاس اینجلس میں ایک خاتون کے پاو¿ں کی انگلیاں نیلی ہونے کے بعد اسپتال پہنچی جہاں ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔اب امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹالوجی کی جانب سے ایک گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے جس کے مطابق انسان کی جلد پر مختلف نشانات ( جیساکہ مکڑی یا کسی کیڑے کے کاٹنے سے ہونے والے زخم ) کا تعلق بھی کرونا وائرس سے ہے۔

اس حوالے سے شائع ہونے والے مطالعے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے مریضوں میں جلد کے عام انفیکشن کی طرح دیکھنے والے ریشز ہونے کے بھی امکانات ہوسکتے ہیں۔ماہرین نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وائرس کے پھیلاو¿ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ

اگر کسی بھی شخص کو اس طرح سے جلد کے انفیکشن کا سامنا ہو تو وہ فوری تشخیص کرائے۔قبل ازیںامریکہ کی نیو یارک یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں میں پٹھوں میں تکلیف ہونا بھی ایک علامت ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں سانس لینے میں مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ جسم میں درد ہونا بھی علامت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں میں جسم میں تکلیف ہونے کی وجہ سائٹو کائنس کیمیکل ہے جو کہ جسم میں وائرس داخل ہونے کی وجہ سے خارج ہوتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کرونا وائرس کے پندرہ فیصد مریضوں میں جسم اور جوڑوں میں تکلیف دیکھنے میں آئی ہے۔
٭٭٭
وفاقی حکومت نے کوروناسے متعلق نئی ایپ متعارف کروا دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وفاقی حکومت نے کوروناسے متعلق نئی ایپ متعارف کروا دی۔ "ریڈ الرٹ ” نامی ایپ میں کورونا وائرس کے حوالے سے ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی جس کی مدد سے ایک عام شہری کو احتیاط کرنے میں آسانی ہو گی۔

اس کے علاوہ اگر بات کی جائے ایپ کی تو یہ ہر انسان کوایک نوٹیفکشن کی مدد سے اطلاع دے گی جب بھی کوئی شخص کسی ایسے شخص کے پاس سے گزرا گا جس میں کورونا وائرس موجود ہو گا۔”ریڈ الرٹ” صارفین کو 300 میٹرتک کورونا مریض سے متعلق آگاہ کرے گا۔

اگر300 میٹر کے فاصلے میں کورونا وائرس کا کوئی مریض نہ ہوں تو صارفین کو”آپ محفوظ زون میں ہیں” کا پیغام ملے گا۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اوراسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی مکمل معلومات اس موبائل ایپ پر موجود ہوں گی،کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر مبنی معلومات اور ویڈیوز بھی ایپ پر موجود ہیں۔

نئی ایپ پرصارفین اپنی صحت کے بارے میں بھی معلومات لے سکتے ہیں۔ ایپ کے صارفین کیلئے 1166 کا ہیلپ لائن بھی فعال کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی اپنے قدم جما لئے ہیں جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ابھی تک پاکستان میں کورون وائرس نے اپنی تباہی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کے بعد ابھی تک پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد9216 ہو چکی ہے جبکہ192 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے متاثرہ افراد موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے، اس سلسلے میں ملک بھر میں لاک ڈاﺅن جاری ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تا کہ لوگوں کو گھروں میں محدود رکھ سکیں۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں قرنطینہ سینٹر بنا دیئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مکمل کوشش کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے لیکن بظاہر اس میں کسی قسم کی کامیابی نظر نہیں آ رہی کیونکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مریضوں کی تعداد میںا ضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران17 افراد جاں بحق ہوئے 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
٭٭٭
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستانی قرضوں اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کر دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستانی قرضوں اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کر دی ہے۔ آئی ایم ایف نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ آئندہ سال 2021ءسے پاکستان کے قرضوں، مہنگائی میں کمی شروع ہو جائے گی،

5 سال میں قرضے 90 فیصد سے کم ہوکر جی ڈی پی کے 73 فیصد رہ جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021ء میں پاکستانی قرضے جی ڈی پی کے 87.8 فیصد ہوجائیں گے، مالی سال 2022ءمیں قرضے جی ڈی پی کے 83.7 فیصد رہ جائیں گے،

2023ء میں قرضے مزید کم ہوکر جی ڈی پی کے 80.8 فیصد ہو جائیں گے۔2024ء تک قرضے مزید کم ہوکر 77.4 فیصد رہ جائیں گے۔ 2025ء میں قرضے جی ڈی پی کے 73 فیصد رہ جائیں گے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پانچ سال کے دوران مہنگائی 10.5 فیصد سے کم ہوکر 4.8 فیصد رہ جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2021ء میں مہنگائی کم ہوکر 9 فیصد ہوجائے گی۔ سال 2022ءمیں مہنگائی کم ہوکر 8 فیصد رہ جائے گی، 2023 میں مہنگائی 6.1 فیصد تک کم ہوجائے گی۔مالی سال 2024 میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 4.9 فیصد ہوجائے گی۔

2025 میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 4.8 فیصد رہ جائے گی۔ یہاں یہ بات یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی ادارے نے ورلڈ اکنامک آو¿ٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستانی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو منفی 1.5 فیصد رہے گی، جس کے باعث پاکستان میں بے روزگاری اگلے دو سال مسلسل بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں رواں سال بیروزگاری 4.5 فیصد، اگلے سال 5.1 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ پاکستان میں گزشتہ مالی سال بے روزگاری کی شرح 4.1 فیصد تھی۔
٭٭٭
وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدنے مختلف شعبہ جات کادورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدنے مختلف شعبہ جات کادورہ کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے درختوں کی وجہ سے شعبہ جات کی عمارتوں کو ہونے والے نقصان اور کچھ عمارتوں کے قریب بارش کا پانی جمع ہونے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی اور ڈائریکٹر ورکس محمد عرفان کو فوری طور پر ان درختوں کو کاٹنے کا کہا جو عمارتوں کے قریب ہیں اور ان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور وہ درخت بھی جو بجلی کی مین تاروں کے ساتھ ہیں اور وہ بجلی کی تاروں پر گر کر بجلی کے تعطل کا باعث بن سکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارش کا پانی جو عمارتوں کے قریب کھڑا ہو جاتا ہے اور نقصان کا باعث بنتا ہے کےلئے بہتر حکمت عملی ترتیب دیں کہ بارش کا پانی عمارتوں کے قریب جمع نہ ہو ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کو نقصان پہنچانے والی ہر چیز کو ختم کرونگا‘ میرے نزدیک یونیورسٹی عمارتوں کی حفاظت اور اس کی خوبصورتی بھی سب سے اہم ہے ۔
٭٭٭
رمضان المبارک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکورٹی پلان تشکیل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان المبارک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکورٹی پلان تشکیل ،ڈیرہ پولیس کی جانب سے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے،

ٹریفک کی مد میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری پر سخت ایکشن لیا جائے گا، احترام رمضان اور لاو¿ڈ سپیکر ایکٹ کی بھر پور عملداری یقینی بنائی جائے گی، حفاظتی اقدامات کے تحت ضلع کے داخلی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت،

ڈیرہ میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا رمضان المبارک میں تمام اشیائے خوردنوش کی کنٹرول ریٹ پر دستیابی اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ماہ صیام کے تقدس کی رو سے احترام رمضان اور لاو¿ڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ حافظ واحد محمودنے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران امن و مان کی مجموعی صورت حال کو کنٹرول کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے سیکورٹی پلان جاری کرتے ہوئے کیا۔

ڈی پی او نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے پبلک مقامات پر روزہ خوری، غیر مہذب اعمال، فحش حرکات اور اخلاق یافتہ افعال کی صورت میں مرتکب عناصر کے خلاف احترام رمضان ایکٹ کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور لاو¿ڈ سپیکر ایکٹ کے ضمن میں شامل پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او نے بازاروں کے صدور اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ خاص وقتوں میں موبائل گشت اور پیدل گشت انتہائی ضروری ہے

، روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا جائے گا ،ہر تھانے کی سطح پر ریزرو نفری الرٹ رکھی جائے گی سیکورٹی کو مزید مو¿ثر کرنے کیلئے ایس ایچ اوز خود افطاری کے دوران ان روڈ ہونگے ،انہوں نے تمام تعینات رائڈرز سکواڈز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران گشتوں کو مزید تیز کریں،

گشت کے دوران آس پاس کے ماحول پر کھڑی نظر رکھیں اور ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر رائڈرز سکواڈ کو چیک کریں تمام ایس ایچ او ز کو یہ بھی ہدایت ہوئی کہ افطاری کے وقت سیکورٹی کا خاص خیال رکھیں۔
٭٭٭

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ملک میں لاک ڈان کے باعث صارفین کو بیلنس لوڈ اور ادائیگیوں میں شدید مشکلات،صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے عارضی طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس معطل کیا جائے، ٹیلی کام کمپنیوں کا مطالبہ ۔

ملک میں لاک ڈان کے باعث صارفین کو بیلنس لوڈ اور ادائیگیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف صارفین بلکہ ٹیلی کام کمپنیوں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔اس حوالے سے صارفین اور متعلقہ حلقوں سمیت ٹیلی کام کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے عارضی طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس معطل کیا جائے۔

ٹیلی کام کمپنیوں کے حکام کے مطابق ان ٹیکسوں کے خاتمے سے صارفین پر خاص طور پر موبائل براڈ بینڈ اور عام طور پر ڈیٹا کا بوجھ کم ہوگا جو اضافی پیسے خرچ کئے بغیر زیادہ انٹرنیٹ ڈیٹا خرچ کرسکیں گے۔موجودہ صورتحال میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ لوگوں میں موبائل فون کے ذریعے رابطے کی طلب بڑھ چکی ہے

تاہم انڈسٹریز اور کاروبار کی بندش سے موبائل فونز کی دیگر خدمات کا استعمال کم ہوگیا ہے۔ٹیلی کام سیکٹر میں ذرائع کے مطابق ملک بھر میں لاک ڈان کے دوران موبائل فون کی خدمات کے استعمال میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 10 فیصد سے زائد کمی آچکی ہے۔

دیگر انڈسٹریز کی طرح ٹیلی کام سیکٹر بھی متاثر ہورہا ہے کیونکہ انکی آمدن میں کمی آرہی ہے۔تاہم ملکی آبادی کے ایک محدود طبقے میں موبائل براڈ بینڈ اور ڈیٹا کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ گھر سے دفتری امور سرانجام دے رہے ہیں،

ویڈیو کانفرنسز میں شرکت کررہے ہیں جبکہ طالب علموں کی آن لائن کلاسز جاری ہیں۔پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 8418 ہوگئی لیکن اموات کتنی ہوچکیں تازہ مگر افسوسناک اعدادوشمار سامنے آگئے ٹیلی کام آپریٹرز کو خدمات میں ٹیکس کی چھوٹ دینے سے کسی حد تک نقصان کی تلافی ہوسکتی ہے

تاہم اس سے عوام کو بھرپور ریلیف حاصل ہوگا کیونکہ وہ موجودہ اخراجات میں زیادہ خدمات حاصل کرسکیں گے۔موبائل فون صارفین کو کارڈ کے ری چارج یا لوڈ پر 12.5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔

پھر مختلف صوبوں میں کالز، ایس ایم ایس اور متعلقہ پیکجز پر 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔سال 2018 میں حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات پر ود ہولڈنگ ٹیکس معطل کردیا تھا جس کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران موبائل فون کی خدمات کا استعمال بڑھ گیا اور موبائل آپریٹرز کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوا۔

ٹیلی کام سیکٹر کے ایک سینئر آفیشل نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بھی ٹیکسز کی معطلی کی ضرورت ہے جس سے عوام کو ریلیف حاصل ہوگا، انکے بیلنس کی حد بڑھ جائے گی، کیونکہ ملک کے مختلف حصوں میں لاک ڈان کی وجہ سے موبائل آپریٹر کی ریٹیل دکانوں کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔
٭٭٭
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 1.50روپے کی کمی سے163.50روپے کی سطح پر آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 1.50روپے کی کمی سی163.50روپے کی سطح پر آگیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت فروخت میں50پیسے کی کمی ہوئی لیکن قیمت خرید مستحکم رہی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید163روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت 164روپے سے گھٹ کر163.50روپے ہوگئی

جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید1.50روپے کی کمی سے164روپے سے کم ہو کر162.50روپے اور قیمت فروخت165روپے سے کم ہو کر 163.50روپے ہوگئی دیگر کرنسیوں میں یوروکی قیمت خرید174روپے سے کم ہو کر170روپے اور قیمت فروخت176روپے سے کم ہو کر172روپے ہوگئی

جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید197روپے سے کم ہو کر196روپے اور قیمت فروخت199روپے سے کم ہو کر198روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید41.30روپے سے کم ہو کر41روپے اور قیمت فروخت41.80روپے سے کم ہو کر 41.50روپے

جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید43روپے سے کم ہو کر42.50روپے اور قیمت فروخت43.50روپے سے کم ہو کر 43روپے ہوگئی۔
٭٭٭
سونے کی فی اونس قیمت میں1ڈالر کی کمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں1ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1682ڈالر کی سطح پر رہی۔عالمی مارکیٹ میںسونے کے نرخ میں معمولی کمی کے حساب سے مقامی مارکیٹ میں

فی تولہ سونے کی قیمت500روپے کمی سے 96300روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 428روپے کمی سے 82562روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 950روپے کی سطح پر مستحکم رہی ،واضح رہے کہ مقامی صرافہ مارکیٹ بند ہے۔
٭٭٭
آئند چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کی پیش گوئی کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے آئند چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز شہر کا موسم جزوی ابر آلود رہا شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کے باعث شہر کا کم سے کم ردجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی ڈ گری گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ہوا میں نمی کا تناسب68 فیصد رہا ہے،بدھ کے روز سورج صبح5.39 بجے طلوع جبکہ شام 5.50 بجے غروب ہوگا ۔
٭٭٭
مزدوروں کے لیے ہر ضلع میں لیبر ڈیپارٹمنٹ میں کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کا مزدوروں کے لیے ہر ضلع میں لیبر ڈیپارٹمنٹ میں کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ ، خیبرپختونخوا حکومت نے مزدوروں کے لیے ہر ضلع میں فسیلٹیشن سنٹر اور مزدوروں کو درپیش مسائل سننے کے لئے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر محنت اور ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے مزدور کی کم سے کم اجرت حکومت کے مقرر کردہ 17500 روپے کرنے اور ورکرز کی سوشل سکیورٹی کے ساتھ رجسٹریشن پر کوئی دباو¿ قبول نہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے سی این جی، پیٹرول پمپس اور د±وکانوں میں ناپ تول کے نظام کو بھی شفاف بنایا جائے گا۔

وہ گزشتہ روز ڈائریکٹریٹ آف لیبر کے ورکرز ایجوکیشن ونگ اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔صوبائی وزیر کو بتایا کہ رجسٹرڈ مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کے طور پر ہر سال کروڑوں روپے دیے جاتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کارخانہ یا دیگر اداروں کے مالکان رجسٹریشن سے انکار کریں تو ورکرز اپنے کوائف اور ادارہ کا نام کمپلینٹ سیل 0919211546 پر بھجوا سکتے ہیں۔رجسٹرڈ مزدوروں کو جہیز اور ڈیتھ گرانٹ کے علاوہ بچوں کو تعلیمی سکالرشپس، مزدور پینشن اور ڈیتھ پنشن ملا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مالک کی طرف سے ڈیتھ معاوضہ تین لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کم سے کم اجرت کو یقینی بنانے کے لیے مزدوروں کو تنخواہ بذریعہ بنک دی جائے گی

انہوں نے ڈائریکٹر لیبر کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام صنعتی یونٹس، لیز ہولڈرز ، ہوٹلوں اور کمرشل پلازوں میں کام کرنے والے مزدوروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری محکموں کی طرف سے اپنے پراجیکٹ ملازمین کو حکومت کے مقرر کردہ ویجز پر عمل نہ کرنا باعثِ تشویش ہے

یہ بات وزیراعلی محمود خان کے نوٹس میں لائی جائے گی لیبر لاز اس پر عمل درآمد اور قانون میں ترامیم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مزدوروں پر مالکان کا دباو¿ ختم کرنے کے لیے تربیتی سیشنز اور سمینار صنعتی یونٹوں کی بجائے لیبرکالونیز میں منعقد کیے جائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کے وزیراعلیٰ محمود خان کی انہیں مکمل سپورٹ حاصل ہے اور وزیراعلی چاہتے ہیں کہ ان کے صوبے کے مزدوروں کی بھلائی ہو انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے بھر کے مزدوروں میں ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی غریب مزدور کے حق پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔
٭٭٭
نامور علمائ، مذہبی اسکالرز اور مشائخ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کی حمایت اور تعریف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نامور علمائ، مذہبی اسکالرز اور مشائخ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کی حمایت اور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو اس وباء پر قابو پانے کے لیے حکومت کا مکمل ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدامات لازمی ہیں اور ہم حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کی تائید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اس مہلک وائرس سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔

انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ ہر نماز کی ادائیگی سے قبل احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔ وہ سماجی فاصلے قائم رکھیں ، مصافحہ سے گریز کریں اور کوویڈ 19 کے خلاف مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھروں پر رہنے کے ساتھ حکومت کی طرف سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے۔

٭٭٭
پاکستان کو سالانہ ٹیکس وصولی میں بڑا ریلیف مل گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو سالانہ ٹیکس وصولی میں بڑا ریلیف مل گیا ہے، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی ٹیکس وصولیوں، ترقیاتی اخراجات اور سود ادائیگوں میں کمی کی درخواست منطور کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے بجٹ میں بڑی رعایتیں دے دی گئیں، ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس وصولی کا ہدف 4803 ارب سے کم کرکے 3908 ارب روپے مقرر کردیا گیا، رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کا نظرثانی شدہ ہدف 5143 ارب روپے تھا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے براہ راست ٹیکس وصولی 1924 ارب سے کم کرکے 1622 ارب روپے کردی گئی ہے، سیلز ٹیکس کا ہدف 1852 ارب سے کم کرکے 1427 ارب کردیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں کمی کی اجازت دے دی،

پٹرولیم سرچارج 5 ارب روپے کی کٹوتی کے ساتھ 292 ارب روپے کردیا گیا، پٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی راہ ہموار ہوگئی۔ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ طے پائے معاہدے میں کئی شرائط نرم کر دی ہیں۔

آئی ایم ایف نے پٹرولیم سرچارج میں بھی کمی کرنے کی اجازت دی ہے۔ پیٹرولیم سرچارج 5 ارب روپے کی کٹوتی کے ساتھ 292 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ یوں اس فیصلے سے اگلے ماہ پٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اس سے قبل انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی پاکستان میں مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، اگر پاکستانی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کرتی، تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہو گا،

آئی ایم ایف اس حوالے سے کسی قسم کا دخل نہیں دے گا۔ ٹریسا ڈبن نے ایک سینیمار میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، اس لئے آئی ایم ایف عالمی سطح پر 50 ارب ڈالر کے فنڈ جاری کرے گا۔

About The Author