مئی 11, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

19اپریل 2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے

پولیس کی بروقت کاروائی سے دوگروپوں میں بڑی خونریزی کا خطرہ ٹل گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس کی بروقت کاروائی سے دوگروپوں میں بڑی خونریزی کا خطرہ ٹل گیا ،قتل مقاتلہ کی دشمنی پر دو گروپوں کی جانب سے اسلحہ تان کر ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ،پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،

پولیس نے دونوں جانب کے6افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پروآ کی حدود رمک میں سابقہ قتل مقاتلہ کی دشمنی کی بناءپر دو مسلح گروہ ایک دوسرے کے آنے سامنے آگئے اور دونوں جانب سے افراد نے اسلحہ تان لیا ،

اطلاع پر پروآ پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کاروائی کرتے ہوئے دونوں جانب کے دوافراد کو کو موقع سے گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ایک رپیٹر بارہ بور ،ایک پسٹل اور اٹھارہ کارتوس برآمد کرلیے ،جبکہ دیگر ملزمان پولیس کے پہنچنے پر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،

پولیس نے ایک دوسرے کو جان سے مارنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک جانب چار جبکہ دوسری جانب دو افراد سمیت چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 506-34/15AA ت پ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
قتل اور اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بند کورائی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ناکہ بندی کے دوران قتل اور اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 16سالہ محمد نوجوان صادق ولد رسول سکنہ بویا اپنے قریبی رشتہ دار 14سالہ شیر اللہ ولد اصل دین کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ تھانہ بند کورائی کی حدود علاقہ ٹوبہ کے قریب میرکلام نامی شخص کی اراضی میں تین نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی

جس کے نتیجے میں 14سالہ شیراللہ فائرنگ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ محمد صادق زخمی ہوگیا ، بند کورائی پولیس نے زخمی نوجوان صادق کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل و اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ،

زخمی نوجوان کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے دوران تفتیش ملزمان کو ٹریس لیااور ناکہ بندی کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
٭٭٭
رمضان سستا بازار کے علاوہ غریبوں کے لئے رمضان دسترخوان کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیرنے پریس کانفرنس کے دوران کہاہے کہ کورونا کے ابتدائی ایام میں ہی خیبرپختونخوا کا پہلا قرنطینہ سنٹر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں قائم کردیا گیا جبکہ گومل میڈیکل کالج میں خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا

جہاں سے اب تک مختلف گروپس کے 340 زائرین کو آبائی علاقوں کو روانہ کیا جا چکا ہے۔ ان زائرین کا تعلق پاکستان کے 27اضلاع سے تھا ،تبلیغی جماعت کے 300ساتھیوں کو واپس اپنے گھروں کو روانہ کیا جا چکا ہے۔

تبلیغی جماعت کے 33غیر ملکی ساتھیوں کو بھی مکمل چیک اپ اور سہولیات سے آراستہ کرنے کے بعد روانہ کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ حافظ واحد محمود بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر 16 کیس رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سے تقریبا 10افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

شہری کورونا سے دفاع کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں، بلاوجہ گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب برتیں۔ احساس پروگرام میں سب سے بڑا کوٹہ ڈیرہ اسماعیل خان کا رکھا گیا ہے جسکے ذریعے 78ہزار500مستحق خاندان مستفید ہونگے،

اتنی بڑی تعداد میں مستحقین کو قلیل وقت میں مستفید کرنا ایک چیلنج ہے جسکی وجہ سے سماجی فاصلہ کی پالیسی میں کچھ خامیاں پیدا ہوئی ہیں جس پر مذید اقدامات کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عمیر خان نے کہا کہ کورونا کے علاوہ باقی معاملات کو بھی دیکھ رہے ہیں،

رمضان سستا بازار کے علاوہ غریبوں کے لئے رمضان دسترخوان کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے اور اس مقدس مہینے میں ضلعی انتظامیہ عوام کو مکمل ریلیف فراہم کرے گی۔ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،

زراعت کے شعبے کے ساتھ بارشوں کے سبب سیلاب کے خطرے کے پیش نظر خصوصی انتظامات ترتیب دے رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)حافظ واحد محمود نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جن کاروباری اداروں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے انکے علاوہ کسی کو اجازت نہیں ہے۔

گھروں میں محفوظ رہنا وقت کی ضرورت ہے اور ہم کرونا کو مکمل طور پر شکست دینے اسی صورت کامیاب ہو سکیں گے۔ تاجران اور عوام انتظامیہ سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور اسی تعاون سے ہم اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔

احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور دکاندار حضرات بغیر ماسک والے گاہک کو دکان میں داخل نہ ہونے دیں۔
٭٭٭
چڑیوں کے شکار کی تصویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا مہنگی پڑ گئی ،نوجوان کو یک لاکھ 15 ہزارروپے کا جرمانہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ میں965 چڑیوں کے شکار کی تصویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا مہنگی پڑ گئی ،نوجوان کو یک لاکھ 15 ہزارروپے کا جرمانہ کی ادائیگی اور مقدمہ کابھی سامنا کرنا پڑگیا

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ میں965 چڑیوں کا بے رحمی سے شکار کرکے فیس بک پر اپنی تصویر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں

ڈویژنل وائلڈ لائف آفیسر خان ملوک خان نے ڈیرہ کے رہائشی نوجوان ساجد ولد زمان کانجو سکنہ نیازی چوک شیخ یوسف اڈا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس پر ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیاگیا،
٭٭٭
قافلے کو کورنٹائن کرنے کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تفتان بارڈر سے 91زائرین پر مشتمل قافلے کو کورنٹائن کرنے کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا زائرین کا یہ قافلہ دو بسوں کے ذریعے تفتان بارڈر سے چوبیس گھنٹے کا سفر کرنے کے بعد قرنطینہ سنٹر گومل میڈیکل کالج پہنچا تھا

قرنطینہ سنٹر میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حافظ فاروق گل بیٹنی ، ڈاکٹر دریاب،صوبائی ممبر زائرین کمیٹی سید انصار زیدی ، قانونگو حاجی نصیر ،انسپکٹر صغیر گیلانی،سب انسپکٹر گل ولی، سب انسپکٹر فضل الرحمن اور لیڈی پولیس کانسٹیبلان نے آنے والے زائرین کا استقبال کیا

اور گاڑیوں اور زائرین کہ سامان کو جرائم کش سپرے کیا اور ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی ۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان کی ہدایت پر آنے والے زائرین کی مہمان نوازی کی گئی اور انہیں مختلف بلاکس میں آرام کرنے کے لئے رکھا گیا۔

زائرین کے قافلے کو تین گھنٹے آرام اور مہمان نوازی کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ۔

٭٭٭
مقدمات کی سماعت شروع کرنے اور کورونا وائرس کے پیش نظر جامع پلان تیار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی ہدایات پر تمام بینچز کی جانب سے مقدمات کی سماعت شروع کرنے اور کورونا وائرس کے پیش نظر جامع پلان تیار کرلیاگیاہے۔

جس کے تحت تمام ریکاڑ وفائلز کو ڈس انفیکٹ کرنے کے علاوہ ہائیکورٹ میں داخل ہونے والوں کے لئے ماسک اور دستانے لازمی قرار دے دیاگیا ہے ،ہائیوکورٹ ترجمان کے مطابق عدالت عالیہ کے تمام عملے کو کورونا سے بچاﺅ کے آلات دینے کے علاوہ ہائیکورٹ میں قائم بی ایچ یو نے کورونا سے متعلق تربیت کا آغاز کردیاہے ،

عدالت عالیہ میں داخل ہونے والوں کے لئے ماسک اور دستانے پہننا لازمی ہوگا جن کا انٹری پوائنٹ پر تھرمل سکریننگ کے علاوہ انہیں ڈس انفیکٹ کیا جائے گا جبکہ کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں انہیں کسی طور عدالت نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے ،

سینی ٹائزر اور صابن استعمال کرنے کے علاوہ ہائی کورٹ کے مختلف مقامات پر ہاتھ دھونے کا انتظام کرلیاگیا ۔اعلامیہ کے مطابق فائلوں پر مختلف ملازمین کے ہاتھ لگتے ہیں لہذا جج تک پہنچنے سے قبل انہیں ڈس انفیکٹ کیا جائے گا

جبکہ ہائیکورٹ کا سنٹرل کنٹرول روم تمام عملے اور عدالت میں داخل ہونے والے افراد پر کڑی نظر رکھے گا اور تمام انتظامات کی نگرانی کرے گا تاکہ عدالت کے اندر سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جاسکے ۔
٭٭٭
بیسن کی قیمت میں فی کلو 40 روپے تک کا اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بیسن کی قیمت میں فی کلو 40 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے ،رمضان المبارک کی آمد کے باعث بیسن کے استعمال میں اضافہ ہوجاتاہے ،بیس چنے والے فی کلو 130 روپے سے 170 روپے فی کلو ہوگیا ہے ،بیسن مٹر 73 روپے فی کلو سے 110 روپے فی کلو ہوگیا ہے

تاہم ڈیرہ کے نواحی علاقوں میں بیسن مٹر 170 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ،عام شہریوں کو بیسن مٹر اور بیسن چنے میں فرق نظر نہیں آتا جس کے باعث تاجر انہیں مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں

،رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی بیسن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،تاجروں نے پرانے سٹاک کو بھی نئی قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کردیاہے۔
٭٭٭
خیبر پختونخوا حکومت نے حجام ،درزی ،کپڑے فروشوں کی دکانوں کو بند کرنے کی ہدایات کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے حجام ،درزی ،کپڑے فروشوں کی دکانوں کو بند کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں جبکہ رکشوں اور ٹیکسیوں پر دوبارہ پابندی عائد کی جارہی ہے جبکہ محکمہ صحت کے ملازمین کے ہونے والی چھٹی بھی منسوخ کی گئی

ہفتے کے روز بھی محکمہ صحت کے ملازمین ڈیوٹیوں پر حاضر ہے وفاق کی جانب سے چاروں صوبوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے دکانیں کھولنے یا نہ کھولنے کی ہدایات جاری کی تھی صوبائی حکومت کی جانب سے حجام ،درزیوں کی دکانوں کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا تھا ۔
٭٭٭
پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وائس چانسلر بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے وائس چانسلر بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کو گومل یونیورسٹی میں خوش آمدیدکرتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرکا آنا یونیورسٹی کےلئے باعث فخر ہی نہیں بلکہ قابل عزت بھی ہے ۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا میرا مشن ہے اور اس مقصد کو پورا کرنے کےلئے آپ جیسے سینئرز اور تجربہ کار پروفیسروں کی رہنمائی لینا میرے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی میں ڈسپلن ‘شفافیت کا قیام‘ اکیڈمک اورریسرچ کو بہتر کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وائس چانسلر بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان منصور اکبر کنڈی نے گومل یونیورسٹی کے نئے تعینات ہونےوالے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار کو مبارک بادی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کے شفافیت ‘

بیوٹیفکیشن‘ اور بجلی کی بچت اور خصوصاً آن لائن کلاسز کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تمام اقدامات سے گومل یونیورسٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی اور آپ کی اکیڈمک اور ریسرچ کی بہتری کے حوالے سے سوچ گومل یونیورسٹی کی ترقی کی نوید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ جس طرح آپ نے اپنے ایبٹ آباد یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر محنت، جرات سے کام کرکے اس کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا اسی طرح گومل یونیورسٹی جو اس خطے کی ہی نہیں بلکہ پاکستان کی پرانی اور قدیم تعلیمی درسگاہ ہے کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے ۔
٭٭٭
جن انڈسٹریز /کاروباری مراکزکا نام شامل کیا گیا ہے انکو شرائط کے تحت کام کی اجازت دی جا رہی ہے ،محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن انڈسٹریز /کاروباری مراکزکا نام شامل کیا گیا ہے انکو شرائط کے تحت کام کی اجازت دی جا رہی ہے

ان شرائط میںماسک /گلووزکا استعمال، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے ، ہینڈ واش،سینیٹائزر کے استعمال اور محدود سٹاف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان کی خصوصی شرکت سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایف اینڈ پی غازی نواز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ واحد محمود، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عارف محمود کے علاوہ محکمہ صحت ، تعلیم، پولیس، ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،

خوراک، لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، پاپولیشن ویلفیئر، لائیو سٹاک، ایگری کلچر، سپورٹس، سول ڈیفنس، لیبر،سوشل ویلفیئر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے انڈپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹس حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز اور لائحہ عمل پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ پولیس، ٹریفک اور آر ٹی اے ٹرانسپورٹ سے متعلق لائحہ عمل تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ محکمہ تعلیم کا عملہ فیلڈ میں تعینات عملے کی معاونت کرتے ہوئے روزانہ کی صورتحال پر رپوٹ تیار کرے گا ۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیدار کا کام بند کرا کے اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان نے کہا کہ تمام داخلی راستوں پر رش نہ ہونے دیا جائے

ہر دکان کے باہر سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے مارکنگ کی جائے اور دوکان میںتین افراد سے زائد جمع نہ ہوںجبکہ دوکانوں پر ہینڈ واش، سینیٹائرزر، ماسک اور گلووز کا استعمال، سماجی فاصلے کیلئے مارکنگ و دیگر تمام تدابیر کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن کاروبار سے متعلق پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے اس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف این ڈی ایم اے ایکٹ سیکشن 33کے تحت فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔
٭٭٭٭٭٭
مسجد کو فوری طور پر ڈی سیل/ڈی کوارنٹائن کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے دفتر سے جاری ہونےوالے ایک حکمنامے کے مطابق مسجد کوثر ڈیال روڈ میں کوارنٹائن کیے گئے

پانچوں افراد عبد السبحان،عبد المحمود، محمد وحید، محمد خان اور زاہداﷲکے COVID-19ٹیسٹ نیگیٹیو آنے اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے باہمی اتفاق رائے کے بعد مذکورہ مسجد کو فوری طور پر ڈی سیل/ڈی کوارنٹائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

بشرطیکہ مذکورہ پانچوں افراد محکمہ ریلیف، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کریں۔
٭٭٭
پشاور ہائی کورٹ کا20 اپریل سے صوبے کی تمام عدالتیں کھولنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے 20 اپریل سے صوبے کی تمام عدالتیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں پشاورہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے حوالے سے بتایاکہ ہائی کورٹ کے تمام بنچز 20 اپریل سے کام کا آغاز کریں گے۔

کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے مقدمات نمٹانے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کرنے پہ غور کیا گیا۔تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبان کوبھی ماتحت عدالتوں میں مقدمات نمٹانے کے لیے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کے باعث سوشل میڈیا کا استعمال اور آن لائن جرائم میں اضافہ ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) لاک ڈاﺅن کے باعث سوشل میڈیا کا استعمال اور آن لائن جرائم میں اضافہ ہو گیاہے ملک بھر میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکلز کی جانب سے شہریوں کو خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہیں

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکلز کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں شہریوں کو خصوصی طور پر والدین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے نوجوان بچوں کی سرگرمیوں پر نظررکھیں اور انکے انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال کی مسلسل نگرانی کریں

کہیں ایسا نہ ہو کے بچے مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے افراد کے چنگل میں پھنس کر بلیک میلنگ کا شکار نہ ہو جائیں اس کے ساتھ ہی ایڈوائزری میں یہ بھی ہدایات جاری کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے اجنبی افراد کی دوستی کی درخواست کو قبول کرنے سے گریز کریں

جبکہ سوشل میڈیا کے دوستوں سمیت کسی بھی شخص کے ساتھ اپنی نجی معلومات ، تصاویر اورویڈیوز وغیرہ شیئر نہ کریں
٭٭٭
شدید بارشوں کے باعث گندم کے کھیتوں میں کھڑے بارشی پانی کو فصل کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے گزشتہ دنوںہونے والی شدید بارشوں کے باعث گندم کے کھیتوں میں کھڑے بارشی پانی کو فصل کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیدیا ہے اور کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ کوئی وقت ضائع کئے بغیر گندم کے کھیتوں سے بارشوں کا پانی فوری نکال دیں

تاکہ کٹائی کے مرحلہ کے قریب گندم کی فصل کو پیداواری نقصان سے بچایا جاسکے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بے موسمی بارشیں عین کٹائی کے مرحلہ کے قریب گندم کی فصل کو نقصان پہنچاسکتی ہیں

اس لئے کاشتکار ڈھلوان کی سطح پر بارشوں کا پانی نکالنے میں کسی تساہل سے کام نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کی برداشت کے موقع پر ہونے والی غیر موسمی بارشیں فصل کو خاصا نقصان پہنچاتی ہیںاسلئے کاشتکاروں کو برداشت کے دوران ریڈیو اور ٹی وی پر نشر ہونے والی موسمیاتی پیشگوئیوں پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار اچھی طرح فصل پک جانے پر ہی اس کی کٹائی کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ انہوںنے کہاکہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل اور غذا کا بہترین ذریعہ ہیںنیز گندم کی پیداوار کے لحاظ سے ہمارا ملک خود کفیل ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے ملک میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کا خاطرخواہ پوٹینشل موجود ہے تاہم دوسرے عوامل کے ساتھ ساتھ برداشت اور ذخیرہ کے دوران ہونے والے نقصانات کی وجہ سے فصل کی ایک بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ فصل کی برداشت کے دوران ہونے والی غیر موسمی بارشیں بھی فصل کو خاصا نقصان پہنچاتی ہیںلہٰذا کاشتکار بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی کا عمل فوراً روک دیں۔
٭٭٭
گندم کے بیج کی تیاری سے قبل فصل کو جڑی بوٹیوں ، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کاشتکاروں کو اچھی طرح فصل پک جانے پر گندم کی کٹائی اوراگلے سال کیلئے بیج کی تیاری سے قبل فصل کو جڑی بوٹیوں ، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت و کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں

اور فصل کی ہرقسم کیلئے الگ الگ کھلیان لگائیں نیز گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹرکو اچھی طرح صاف کرلیں اور پہلی ایک یادو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔علاوہ ازیں بوریوں میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کانام ضرور لکھیں اور بیج کیلئے محفوظ کئے جانیوالے دانوں میں نمی کاتناسب بھی 10فیصد سے کسی صورت زائد نہ ہو نے دیں

تاکہ گندم کی پیداوار کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھرپور انتظام کریں تاکہ یہ سنہری دانہ جو انہوںنے سخت محنت سے پیداکیاہے ضائع ہونے سے بچ سکے جو کاشتکاروں کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی معاشی بحالی کا ذریعہ بھی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار فصل کی برداشت کامرحلہ شروع ہونے پر اس کی بروقت سنبھال کیلئے کٹائی و گہائی سے پہلے ہی مزدوروں ، تھریشر ، ٹریکٹر، ترپال ، پلاسٹک چادر ، کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کرلیں۔

انہوںنے کہاکہ گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ اگر کٹائی کے دوران بارش ہو جائے تو اس صورت میں کٹائی فوری روک دی جائے اور اسے دوبارہ اس وقت تک شروع نہ کیاجائے جب تک موسم ٹھیک نہ ہوجائے ۔
٭٭٭
مویشیوں کے غذائی چارے کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا جائے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ مویشیوں کے بہترین گوشت اور دودھ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے مویشیوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا اور انہیں تمام تر لحمیات، پروٹینز اور غذائیت سے بھر پور چارے کی فراہمی کیلئے معیاری اور موسمی چارے کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا جائے

تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے مویشیوں کی غذائی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے کاشتکاروں اورزرعی اراضی کے حامل لائیوسٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ وہ موسم گرما کی مناسبت سے مکئی ، سدابہار، جوار، ماٹ گراس کاشت کریں

اور فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے زمین کی زرخیزی میں اضافہ کی غرض سے ماہرین زراعت کی مشاورت کی روشنی میں کھاد اور بیج کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مکئی کا بیج 40 ، سدابہار15، جوارکا بیج 30 کلوگرام فی ایکڑ کاشت کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل اپریل سے ستمبر اور جوار و سدابہار کی فصل اپریل سے مئی تک کاشت کی جاسکتی ہے۔ دریں اثناءمحکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے ترجمان نے بھی مویشیوں کے چارہ کے سلسلہ میں بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیوسٹاک فارمرز کو مفت مشوروں کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے

لہٰذا مویشی پال حضرات کسی بھی مسئلہ یا مشاورت و معاونت کیلئے صبح 8 سے رات 8 بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
٭٭٭
گندم کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتارپرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے گندم کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتارپرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ زمیندار ‘کاشتکار‘کسان گندم کی فصل کے اچھی طرح پک کرتیار اور خشک ہونے پر برداشت کے مراحل میں ضروری ہدایات اور سفارشات پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔

انہوںنے ” صحافیوں“کوبتایا کہ تھریشرتیزچلنے سے گندم کے دانے ٹوٹ جاتے ہیں اورکم رفتار سے دانوں کے ساتھ گندم کے سٹوں کے ٹکڑے بھی نکل آتے ہیں لہذاتھریشر کی رفتارکو مناسب رکھناچاہئیے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران گندم کے دانوں کو اچھی طرح ڈھانپ دیناچاہئے اور بیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے دھوپ میں بکھیر کر اچھی طرح خشک کرلیناچاہئیے تاکہ دانوں میں نمی کا تناسب 10فیصدسے زیادہ نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ دانوں کو ہمیشہ نئی بوریوں میں ذخیرہ کرناچاہئے تاہم پرانی بوریوں میں دانے ذخیرہ کرنے سے پہلے بوریاں اچھی طرح جھاڑ لینی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گودام صاف ستھرے‘ روشن اور ہوا دار ہونے چاہئیں

اور گودامو ں کی چھت و دیوار ‘فرش اور دراڑوں میں موجود درزوں کوبھی اچھی طرح بندکر دیناچاہئے تاکہ اس میں کیڑے مکوڑے پناہ نہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہدایات پر عمل کرکے کاشتکار بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ انسانی صحت کیلئے اکسیرکی حیثیت رکھتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ گھریلوپیمانے پر سبزیوںکی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیرکی حیثیت رکھتاہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار کا موجب ہوتاہے

کیونکہ گھر کے باغیچہ میںکاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہذاعوام کو چاہئیے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خرید سے بچنے اور اپنی صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔

انہوں نے” صحافیوں“کو بتایا کہ اگرگھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے جگہ دستیاب نہ ہو تو ضرورت کیلئے گملوں‘ کھلے ڈبوں‘ ‘پلاسٹک یالکڑی کڑی ٹرے میں بھی سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جو کافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں‘ پالک‘ دھنیا‘ میتھی‘ گوبھی‘ ٹماٹر‘شلجم‘ گاجر‘مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں باآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ان سبزیوں کیلئے اگرنہری پانی دستیاب نہ ہو تو پینے کا گھریلوپانی بھی استعمال کیاجاسکتاہے ‘سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دیتے وقت اس بات کاخیال رکھاجائے کہ پانی کھیلیوں سے اوپرنہ جائے۔
٭٭٭
بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 14 سے 19 اپریل کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری کردئیے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایس او پیز کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کو روکنے کے لیے جاری کی گئی ہے۔

ایس او پیز کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کے آنے اور جانے کے وقت اورتاریخ کا تعین پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کرے گی اور مسافروں کے جہاز میں بیٹھنے سے قبل پورے جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائیگا جبکہ جہاز کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک ہونے کی تسلی خود جہاز کا پائلٹ کرے گا۔

جہاز اڑانے سے قبل متعلقہ ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی جراثیم کش اسپرے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گی اور جہاز کی دیگر دستاویزات کے ہمراہ پائلٹ کو یہ سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا ہو گا۔جاری کردہ ایس او پیز میں کہا گیا کہ ہر جہاز میں کورونا سے بچاو¿ کے لیے کٹس، ماسک اور گلوز فراہم ہونے چاہئیں

جبکہ دوسرے ممالک سے آنے والے جہاز میں بیٹھنے سے قبل ہر مسافر اور عملے کی اسکریننگ کی جائے گی۔جہاز میں بیٹھنے سے قبل ہر مسافر کا کورونا بچاو¿ کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ پر کروایا جائے گا اور جہاز کے اندر مسافروں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھی نہیں بٹھایا جائے گا۔

ایس او پیز میں کہا گیا کہ تمام مسافر دوران سفر سرجیکل ماسک پہن کر رکھے گے اور دوران سفر مسافر جہاز میں مجمع بھی نہیں لگا سکتے۔ تمام کیبن کریو اور کاک پٹ کا عملہ بھی دوران پرواز سرجیکل ماسک اور پی پی ای کٹ پہننے کے پابند ہوں گے۔

دوران پرواز کیبن کریو ہر مسافر کو گھنٹے بعد ہینڈ سینٹائزر مہیا کریں گے اور کیبن کریو دوران پرواز ہر گھنٹے بعد جراثیم کش اسپرے بھی کرے گا۔ بورڈنگ کے بعد کیبن کریو مسافروں کو سیٹوں پر بٹھا کر ماسک پہنے ہوئی تصویر ہیلتھ اسٹاف کو بھیجے گا۔

لینڈنگ سے قبل تمام مسافروں کے ہیلتھ فارم مکمل کرائے جائیں گے اور انہیں اے ایس ایف اسٹاف سے چیک کرایا جائے گا۔کیبن کریو اپنے ہاتھوں کو پرواز کے بعد ہینڈ سینٹائزر سے صاف کریں گے۔بیمار مسافر کے پاس جانے والے کیبن کریو این 95 ماسک، گلوز اور پی پی اے کٹ پہنے گا،

مسافروں اور کریو کو 7 دن قورنٹائن کیا جائے گا جبکہ مسافروں اور کریو کو 14 دن تک قرنٹائن میں رکھا جا سکتا ہے۔اپنی پسند کے ہوٹل میں جانے کے خواہشمند مسافر ہوٹل کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کے پابند ہوں گے۔
٭٭٭
ماضی کے مقابلے میں موسم بہار طویل ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماضی کے مقابلے میں موسم بہار طویل ہوگیا۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کیمطابق کراچی کا موسم بہار ماضی کے مقابلے میں اب طویل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ موسم بہار اپریل کے اختتام تک رہ سکتا ہے

جبکہ ماضی میں موسم سرما کے فوری بعد سخت گرمی کا آغاز ہوجاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مارچ کے تیسرے ہفتے سے گرمی شروع ہوجاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ہواﺅں کے سسٹم کے باعث موسم ماضی کے مقابلے بہتر رہ رہا ہے تاہم اپریل میں بھی2 سی3 دن ہی سخت گرمی پڑی ہے۔
٭٭٭
انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ہو گیا اور اس مدت میں ڈالر کی قدر1روپے سی3روپے تک گر گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 3.10روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 166.90روپے سے کم ہو کر163روپے اور قیمت فروخت167.10روپے سے کم ہو کر 164.00روپے پر آگئی

اسی طرح زیر تبصرہ مدت کے دوران مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.70روپے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 166.20روپے سے گھٹ کر164روپے اور قیمت فروخت166.70روپے سے گھٹ کر165روپے ہو گئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں یورو کی قدر میں6روپے کی ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی جس سے یورو کی قیمت خرید 180روپے سے کم ہو کر174روپے اور قیمت فروخت182روپے سے کم ہو کر176روپے پر آگئی

اسی طرح 3روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 200روپے سے کم ہو کر197روپے اور قیمت فروخت202روپے سے کم ہو کر199روپے کی کم سطح پر آگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر1روپے بڑھ گئی

جبکہ یورو کی قدر مستحکم رہی اور برطانوی پونڈ کی قدر میں 4روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
٭٭٭
دمہ کے مریضوں کو گندم کی کٹائی اور تھریشر چلتے وقت اڑنے والی گرد و غبار سے محفوظ رہنا ہوگا ،طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دمہ کے مریضوں کو گندم کی کٹائی کے بعد خصوصاً تھریشر چلتے وقت اس سے اڑنے والی گرد و غبار سے محفوظ رہنا ہوگا ،طبی ماہرین نے کرونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گرد و غبار انسانی جسم میں الرجی کا باعث بنتی ہے

جس کیوجہ سے دمہ کی علامات میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے اور مریضوں کو دمہ کا حملہ ہوتا ہے لہذا موجودہ حالات میں ایسے مریضوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے ساتھ ہی خشک کھانسی اور بلغم کے زیادہ امکانات ہیں

انہوں نے کہاکہ کیونکہ کرونا وائرس کے مریضوں میں بھی ایسی علامات پائی جاتی ہیں لہذا ان مریضوں کو گندم کی کٹائی کے دنوں میں احتیاط کرنا ہوگی اور اس احتیاط کا فائدہ کرونا سے بچنے کے فائدے کے ساتھ ساتھ دمہ کے مریضوں کا بھی فائدہ ہوگا۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن میں نرمی کے دوران سود خور بھی شہر میں سرگرم عمل ہو گئے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لاک ڈاﺅن میں نرمی کے دوران سود خور بھی شہر میں سرگرم عمل ہو گئے ہیں سفید پوش اور متاثر ہونے والے طبقہ کو سود پر رقم کی پیشکش کی جا رہی ہیں ،ڈیرہ سمیت صوبے بھر میں لاک ڈاﺅن چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے

لاک ڈاﺅن چوتھے ہفتے میں داخل ہونے کے بعد سفید پوش طبقہ بری طور پر متاثر ہو رہاہے جبکہ غیر مستحق افراد نے فائدے اٹھانے شروع کئے ہیںلاک ڈاﺅن کے باعث کمزور طبقہ متاثر ہونے کے باعث سود خور شہر میں سرگرم عمل ہو گئے ہیں اور متاثر ہونے والے تاجروں ، شہریوں کو سود خور سود کی رقم کی لالچ دے رہے ہیں

سود خوروں کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے کاروائی بھی برائے نام ہوکر رہ گئی ہے ڈیرہ سمیت صوبے بھر میں سینکڑوں سود خور گروپ موجود ہیں لاک ڈاﺅن کے باعث سفید پوش طبقہ بری طور پر متاثر ہو چکا ہے

لاک ڈاﺅن کے باعث سود خوروںنے شہریوںکی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہو ئے انہیں رقوم دینے کی پیشکش کر نی شروع کردی ہے .
٭٭٭
ڈیرہ اوراس کے گردونواح میں مطلع جزوی طورپرابرآلودرہے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اوراس کے گردونواح میں مطلع جزوی طورپرابرآلودرہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بروز اتوار ڈیرہ کادرجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 30.1اور کم سے کم 18.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

ہوا میں نمی کاتناسب صبح آٹھ بجے 86فیصد اورشام پانچ بجے 41فیصد ریکارڈ کیاگیا،سورج 6.48 بجے شام غروب جبکہ 5.43 بجے طلو ع ہوگا
٭٭٭
آن لائن کلاسز کے اجرا ءسے طلباءکی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے ‘ وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)آن لائن کلاسز کے اجرا ءسے طلباءکی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے ‘ وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد کامیڈیا کے نمائندوں سے ملاقات میں خطاب۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کورونا وباءکے باعث تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اور طلباءکی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ تھا

جس پر پورے ملک میں سب سے پہلے گومل یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کا اجراءکیا اور اس میں ڈائریکٹرآئی ٹی محمد اعجاز اور ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹیڈیز پروفیسر ڈاکٹرنعمت اللہ بابر نے ایک بہترین پروگرام کے ذریعے آن لائن کلاسز کو یقینی بنایا۔

جس پر ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹیڈیز خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس وقت گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے اساتذہ اپنے اپنے گھروںمیں باقاعدہ طور پر آن لائن کلاسز لے رہے ہیں

اوراس میں اچھی بات یہ ہے کہ طلباءکی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر لیکچر ر لے رہے ہیں۔ اس آن لائن کلاسز کاایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اس میں تمام لیکچرمحفوظ ہوتے ہیں اور اگر وہ طلباءجن کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہیں وہ کسی بھی وقت کہیں بھی جا کر اپنے لیکچر ز ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں

اوراپنے گھروںمیں ان سے مستفید ہو سکتے ہیں اور اسی طرح کوئز، اسائنمنٹ وغیر ہ پر بھی کام کر سکتے ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ اس تمام تر مراحل کوتمام شعبہ جات کے ڈین، سربراہان بھی دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کس طرح لیکچر دے رہا ہے ۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں بھی اس طرح کے آن لائن کلاسز، میٹنگ، مقالہ جات کے ڈیفنس بھی تمام قوانین و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کر سکتے ہیں جس سے یونیورسٹی کی بہت سے اخراجات بچ سکتے ہیں۔

%d bloggers like this: