دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

14اپریل 2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے۔

٭٭٭
خاص بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے حفاظتی اقدامات یوں تو ہر ایک کے لیے ضروری ہیں تاہم طبی ماہرین کی جانب سے خاص بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کورونا کی مہلک وبا نے پوری دنیا پر خوف طاری کر رکھا ہے

، پاکستان میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے ، ایسے میں حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو حتی الامکان گھروں میں رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔کورونا کے مرض سے بچا ﺅکے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا یوں تو ہر کسی کے لیے ضروری ہے

تاہم طبی ماہرین کے مطابق دل، گردوں، پھپھڑوں، بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض اس خونی وبا کا آسان ہدف ہیں۔ماہرین کے مطابق مذکورہ بیماریوں میں مبتلا مریضوں میں قوت مدافعت کمزور ہو جاتی ہے، جس کے بعد ایسے افراد کے لیے کورونا وائرس کے خلاف لڑنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق صحت مند شہری عمومی جبکہ بیمار افراد کورونا سے بچاﺅ کے لیے علاج سے بہتر احتیاط کے معقولے پر خصوصی طور پر عمل کریں۔کرونا وائرس سے جہاں صحت مند افراد کے لئیے اپنا بچاﺅ کرنا ضروری ہے وہیں مختلف بیماریوں سے لڑتے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔
٭٭٭
شہر اور گردونواح میں دودھ سستا،پچاس سے ساٹھ روپے فی کلو دودھ فروخت ہونے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردونواح میں دودھ سستا،پچاس سے ساٹھ روپے فی کلو دودھ فروخت ہونے لگا ،کرونا وباءکے پیش نظر لاک ڈاﺅن کیوجہ سے ڈیری کے پیشہ سے وابستہ افراد کو سخت پریشانی کاسامنا،

دودھ کے ریٹس میں کمی واقع ہوگئی، مالی حالات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور طبقہ اپنے بچوں کے دودھ کی قوت خرید نہ ہونے کے باعث پریشان۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائی کچے اور دیہی علاقوں میں رہنے والی آبادی کی ایک بڑی تعداد مال مویشی پال کر دودھ کی فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہیں

مگر لاک ڈاﺅن کے پیش نظر ہوٹلز، بیکریاں، بند ہونے کیوجہ سے چھوٹے اور بڑے دودھ سپلائی کا کاروبار کرنیوالے مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ چھوٹے دودھ فروش دوکانداروں اور عوام کو فائدہ ہوا ہے

کیونکہ خالص دودھ کی سپلائی کرنیوالے مال مویشی کے بھانوں سے 100 روپے سے 110 روپے تک فی کلو کے حساب سے ہوٹلز، بیکریوں، دوکانوں اور گھروں پر سپلائی کی جاتی تھی جس سے مال مویشی پال کر دودھ کاکاروبار کرنیوالوں کو اخراجات کے علاوہ اچھی بچت ہوتی تھی

مگر لاک ڈاﺅن کے پیش نظر ہوٹلز، بیکریاں بند ہوجانے سے دودھ کی سپلائی کاکام بندہوگیاہے، جبکہ لوگوں کی قوت خرید نہ ہونے سے ڈیری کا کاروبار کرنیوالے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

مستقل بنیادوں اور اچھے ریٹس پر دودھ کی سپلائی بند ہونے کے پیش نظر دودھ کا کاروبار کرنیوالوں نے مجبوری کے تحت چھوٹے دوکاندار دودھ فروشوں کو فی کلو 50 سے 60 روپے میں سپلائی کاکام شروع کردیاہے،

جبکہ دوکاندار خالص دودھ فی کلو 60 سے 80 روپے عوام کو فروخت کررہے ہیںجس کا مال مویشی پالنے والے حضرات کو ڈائریکٹ نقصان ہورہاہے اسی طرح مال مویشی کی خوراک بھی متاثر ہورہی ہے کیونکہ کاروبار متاثر ہونیکی وجہ سے اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہے اس لئے مویشی پالنے والے حضرات مال مویشی کو مناسب خوراک نہیں دی رہے،
٭٭٭
ایسٹر کے موقع پر مسیحی پولیس ملازمین میں تحائف تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر مسیحی پولیس ملازمین میں تحائف تقسیم اور انہیں ایسٹر کی مبارکباد پیش ، ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود نے ایسٹر کے پروگرام پر مسیحی پولیس ملازمین میں نقدی اور تحائف تقسیم کیے ۔

اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈی پی او ڈیرہ نے اظہار یکجہتی کے طور پر مسیحی برادری میں نقد رقوم ، مٹھائی اور دیگر تحائف تقسیم کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ڈی پی او ڈیرہ نے اس موقع پر مسیحی برادری کے افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

شرکائے تقریب کو اپنے فرائض نیک نیتی اور جان فشانی سے ادا کرنے کی تلقین کی۔ تقریب کے دوران مسیحی پولیس ملازمین نے ڈی پی او ڈیرہ کے خیرسلگالی کے جذبے کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس تقریب کو تاریخی یادگار قرار دیا ۔

ضلعی پولیس سربراہ کی طرف سے ایسٹر کے موقع پر تحائف وصول کرنے والوں میں عمران ، عامر، لیو نارڈ ، بن یامین ، پریم ناتھ ، کامران ،سٹیفن ،جمیل ،الطاف،نادیہ، سمیرااورناہید شامل ہیں ۔
٭٭٭
سونا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔قیمت ایک لاکھ روپے فی تولہ کے قریب پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سونا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔قیمت ایک لاکھ روپے فی تولہ کے قریب پہنچ گئی۔ سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے سے پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

پاکستان میں اس وقت سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔سونا خریدنا اب عام آدمی کی پہنچ سے بلکل باہر ہو گیا ہے۔ نرخوں میں 500 روپے فی تولہ اضافہ کردیا گیا۔

24 قیراط سونے کی قیمت 99 ہزار 800 روپے فی تولہ ہوگئی۔جبکہ صرافہ مارکیٹ میں 22 قیراط سونے کی قیمت 91 ہزار 483 روپے فی تولہ مقرر کردی گئی۔غیرملکی منڈی میں سونے کے بڑھتے نرخوں کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے فی تولہ کے قریب پہنچ گئی ہے۔چاندی کی قیمت بغیر دبدل کے ایک ہزار دس روپے فی تولہ برقرار رکھی گئی ہے۔گزشتہ کچھ ہفتوں سے سونے کی قیمت میں اتار چڑھاو¿ دیکھنے میں آرہا ہے لیکن آج سونے کی قیمت میں ایک دم بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونا بہت زیادہ مہنگا ہو گیا ہے۔دوسری جانب مقامی کرنسی مارکیٹوں میں جمعہ کو امریکی ڈالر سمیت بیشتر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری کا سلسلہ برقرار رہا اور انٹر بینک میں ڈالر مزید 40پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50پیسے سستا ہوگیا۔

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کوانٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں40پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر167.40روپے سے کم ہو کر167روپے ہوگیا

جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت خرید166.50روپے سے کم ہو کر166روپے اور قیمت فروخت167.50روپے سے کم ہو کر166روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید177روپے سے بڑھ کر177.50روپے اور قیمت فروخت179روپے سے بڑھ کر179.50روپے ہوگئی۔
٭٭٭
گندم کی مشینی کٹائی (کمبائن ہارویسٹر )کے بعد باقی رہ جانے والے ناڑ کو آگ نہ لگائی جائے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کاشتکارگندم کی مشینی کٹائی (کمبائن ہارویسٹر )کے بعد باقی رہ جانے والے ناڑ کو آگ نہ لگائیں اس سے زمین میں موجود فائدہ مند جرثوموں کا نقصان ہوتا ہے۔ بلکہ ناڑ کو کھیت میں ملا دیں تاکہ زمین کے نامیاتی مادے میں اضافہ ہو سکے۔

زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کوپیغام دیتے ہوئے مزیدکہاکہ گندم کا ناڑ کھیت میں دبانے سے نہ صرف نامیاتی مادہ بلکہ نائٹروجن ، فاسفورس اور پوٹاش کے حصوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔مزید براں عناصر صغیرہ کی فراہمی میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتا ہے اور پودوں کی بڑھوتری اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت آخر تک برقرار رہتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کاشتکار ناڑ دبانے کے لئے روٹا ویٹر کی بجائے ڈسک ہیرو استعمال کریں۔ ڈسک ہیرو لمبے رخ یا پھر چھوٹے رخ چلا کر پانی لگا دیں اور ساتھ ہی کم از کم آدھی بوری یا ایک بوری یوریا فی ایکڑ چھٹا کر کے ڈالیںپھر کاشتکار وتر میں کھیلیاں بنا کر یا بذریعہ ڈرل کپاس کی کاشت جلد از جلد مکمل کریں۔
٭٭٭
وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں لاک ڈاون میں توسیع کی منظوری دے دی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں لاک ڈاون میں توسیع کی منظوری دے دی ،ہنر سے متعلق تجارت اور کاروبار کھولنے کا فیصلہ ،وزیراعظم نے ملک بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کو فوری رہا کرنے کی ہدایت کردی ہے،

وزارت داخلہ کے ذریعے تمام صوبوں کو ہدایت کی جائے گی کہ گرفتارافراد کو رہا کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتارافراد کو فوری رہا کردیا جائے۔

کورونا وائرس کے باعث وفاقی کابینہ نے لاک ڈاون میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔جبکہ ملکی معاشی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں لاک ڈاون میں توسیع کی منظوری دے دی۔ملک میں لاک ڈاون 30 اپریل تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی حتمی منظوری قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔

لاک ڈاون کے بعد کھلنے والے شعبوں سے متعلق بھی قواعد و ضوابط طے کرلیے گئے ہیں۔حکومت نے ہنر سے متعلق تجارت اور کاروبار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد درزی، پلمبر الیکٹریشن، مکینک اور حجام کی کاموں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

فضائی سفر اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت عوامی اجتماعات،شادی ہالز،سینما اور عوامی مقامات بند رہیں گے۔کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ ای او بی آئی پینشن میں اضافہ کی سمری موخر کر دی۔

قبل ازیں ملک بھر میں مزید 10 دن کیلئے لاک ڈاون میں توسیع کرنے پر قومی رابطہ کمیٹی کا اتفاق ہو ا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاو¿ن کے کی تجویز کو زیر بحث لایا گیا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی نے مزید 10 روز تک لاک ڈاو¿ن میں توسیع دینے کی تجویز پر اتفاق کیا۔

بتایا گیا کہ اجلاس میں 10 کم رسک والی انڈسٹریز کو لاک ڈاون سے استثنیٰ دیئے جانے کا امکان ہے۔ آٹو موبائل ، اسیمبلز ، بک شاپس کو لاک ڈاو¿ن میں رعایت ملنے کا امکان ہے۔ صنعتوں کو استثنیٰ دو مراحل میں دیا جائے گا
٭٭٭
پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیرصدارت تمام شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹرز ،سربراہان کےساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان( غنچہ نیوز)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیرصدارت تمام شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹرز ،سربراہان کےساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پر رجسٹرار طارق محمود، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹیڈیز /ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر، ڈائریکٹر فنانس اقبال اعوان اور ڈائریکٹر آئی ٹی محمد اعجا ز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہم 21ویں صدی میں ہیں اور آج کے دورمیں جدید ٹیکنالوجی کو جاننا اور سمجھنا،اساتذہ، افسران ،ملازمین اور طلباءسب کے لئے ضروری ہے ۔

اس لئے گومل یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کاآغاز کیا جس میں تمام اساتذہ جس محنت ،لگن اور بہترین طریقے سے طلباءکو پڑھا رہے ہیں ،تعریف کے قابل ہے ۔ آن لائن کلاسز اور آج کی یہ بہترین آن لائن میٹنگ کروانے پر ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر اور ڈائریکٹر آئی ٹی محمد اعجازکو خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ آج کے جدید دور میںانٹرنیٹ کی سہولت ہر جگہ موجود ہے لہٰذا اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام شعبہ جات اپنے اپنے رزلٹ فور ا جمع کروائیں اور وہ شعبہ جات جن کے امتحانات ابھی باقی ہےںوہ آن لائن امتحانات کروائیں تاکہ ہم جلد از جلد اس سمسٹر کو ختم کر یں

اوروہ ملازمین جو ایم فل اور پی ایچ ڈی کر رہے ہیں اور ان کو این او سی نہیں ملی وہ فکر نہ کریں بلکہ اپنی ڈگریوں کو جاری رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ شعبہ جات جہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباءکے مقالہ جات تیار ہیں

ان کے سپروائزر بذریعہ ای میل ان طلباءکے تمام ترکام کو مکمل کریںتاکہ ان کا وقت ضائع نہ ہو اور وہ جلد از جلد اپنی ڈگری کو مکمل کر سکیں۔ اس کےلئے طریقہ کار باقا عدہ طور پر واضح کر دیا گیا جو آپ سب ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز سے رابطہ کرکے پتہ کر سکتے ہیں۔

انہوںنے مزیدکہا کہ آپ اساتذہ کو چاہئے کہ آپ انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کی بڑی یونیورسٹیوں کے پروفیسروں کے لیکچرزکے لنکس بھی طلباءکے ساتھ شیئر کریں تاکہ وہ بھی اس سے مستفید ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام اساتذہ ، افسران، ملازمین کو کہتا ہوںکہ وہ اپنے اپنے کام کو ذمہ داری اور سنجیدگی سے کریں ۔میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کروں گا۔ کیونکہ کام کرنےوالے بندے کی عزت ہوتی ہے اور وہ سکون میں ہوتا ۔

میں نے گومل یونیورسٹی سے ڈراور خوف کو ختم کرنا ہے تاکہ یہاں کے ہر ملازم بلاخوف اپنی قابلیت ، مہارت اور لگن سے اپنا کام بخوبی انجام دے اور اس جامعہ کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔
٭٭٭
محکمہ صحت حکام ڈینگی اور ملیریا کے خاتمے کیلئے اقدامات دعوﺅں تک محدود

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ صحت حکام ڈینگی اور ملیریا کے خاتمے کیلئے اقدامات دعوﺅں تک محدود،ضلع میں سپرے نہ ہونے کے باعث ملیریامچھر اور ڈینگی مچھر کی تعداد روزباروز بڑھنے لگی،میونسپل کمیٹی اور محکمہ صحت حکام ڈینگی مچھر اور ملیریا مچھر کے خاتمے کیلئے اقدامات صرف بلند و بانگ دعوﺅں تک محدود ہیں

جبکہ سپرے نہ ہونے کے باعث ملیریامچھر کی تعداد روزباروز بڑھنے لگی ہے ، ذرائع کے مطابق مچھر مار سپرے پر لاکھوں روپے کے اخراجات ظاہر کئے جا رہے ہیں مگر اس کے باوجود جن علاقوں میں سپرے کر کے عملدرآمدکی رپورٹس بھجوائی جا رہی ہیں

ان میں ملیریا مچھر بدستور موجود اور دن بدن مچھروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے‘ جس کی وجہ سے شہر بخار اور دیگر قسم کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں‘ اس نوعیت کے مریضوں کی پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھرمار ہے ،‘ شہریوں نے حکومت سے اس معاملے کی چھان بین اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
محنت کش، دیہاڑی دار اور مستحقین کے لئے کرونا کے بعد بھوک سب سے بڑا خطرہ ہے ،علماءکرام

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پاکستان علماءکونسل نے مخیر اور صاحب نصاب حضرات سے اپیل کی ہے کہ محنت کش، دیہاڑی دار اور مستحقین کے لئے کرونا کے بعد بھوک سب سے بڑا خطرہ ہے، انہیں بھوک سے بچانے کے لئے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے ،

مخیر اور صاحب نصاب آگے آئیں اور مشکل کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کی دل کھول کر مدد کریں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علمائکونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان و دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

قائدین نے کہا ہے کہ پوری قوم ہمت، حوصلے اور استقامت کے ساتھ کرونا وباءکو شکست دے گی، ان شاء اللہ بہت جلد ہم اس وباء سے نجات پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے باعث محنت کش، دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہیں،

اس وقت کرونا کے بعد لوگوں کو بھوک سے بچانا سب سے بڑا چیلنج ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیںاپنی جگہ امداد کررہی ہیں لیکن اس کار خیر میں ہر مخیر اور صاحب نصاب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی آئے اور لوگوں کو بھوک سے بچایا جاسکے۔

مخیر حضرات زکوة کے ذریعے بھی ایسے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں، زکوة کی ادائیگی کے لئے رمضان کا انتظار کرنے کے بجائے ضرورت مندوں کو ابھی زکوة ادا کردیں تاکہ وہ اپنا گزر بسرکرسکیں ، مساجد کی سطح پرغریبوں اور دیہاڑی دار افراد کی امداد کے لئے کھانے پینے کی اشیاء کے پیکج بنائے جائیں۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن سے متاثرہ ایک سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)آئی جی ایف سی ساﺅتھ اور سٹیشن کمانڈر ڈیرہ کی جانب سے لاک ڈاﺅن سے متاثرہ ایک سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیاگیا،۔

سرکلر روڈ بیساکھی گراﺅنڈ میں سماجی فاصلوں کے قواعد ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے راشن تقسیم کیا گیا جن میں مستحق غریب مردو خواتین کے ساتھ ساتھ خواجہ سرا بھی شامل تھے۔ تقسیم کئے گئے راشن میں آٹا، چینی اور گھی سمیت دیگر کھانے پینے کا سامان شامل تھا۔

راشن کی تقسیم پر مستحقین نے آئی جی ایف سی ساﺅتھ اور سٹیشن کمانڈر ڈیرہ سمیت پاک فوج کا شکریہ ادا کیا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج نے سویلین کی ہرممکن مدد و تعاون کیا۔
٭٭٭
تین دہائیوں سے انتہائی مطلوب مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)قتل کے سنگین مقدمہ میں تین دہائیوں سے انتہائی مطلوب مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتارکرلیاگیا ،

کلاچی پولیس نے ٹکواڑہ میں قتل کے مقدمہ میں ملوث 31سال سے مفرور اشتہاری ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر ملزم اور اس کے سہولت کار بھائی کے مکانوں پر چھاپہ مار ا اور کامیاب کاروائی کے دوران انتہائی خطرناک مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتار کے اس کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی پولیس کو 9مئی1989کے دوران قتل کے مقدمہ میں تین دہائیوں سے انتہائی مطلوب مفرور اشتہاری ملزم سکندر خان کی اپنے علاقہ میں موجودگی اطلاع ملی جس پر پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم اور اس کے سہولت کار بھائی کے مکانات پر چھاپہ زنی کی ۔

چھاپے کے دوران پولیس نے مفرور اشتہاری ملزم سکندر کو گرفتارکرلیاجبکہ اس کے بھائی طاہر کے مکان سے ایک رائفل اور 50کارتوس برآمد کر کے اسے بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے سہولت کار بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
٭٭٭
روف خان مروت اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث سے بقضائے الٰہی انتقال کر گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفس ڈیرہ کے سپرنٹنڈنٹ روف خان مروت اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث سے بقضائے الٰہی انتقال کر گئے ہیں ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز آبائی گاو¿ں چنڈہ میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاروں، رشتہ داروں، اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعدازاں مرحوم کو آبائی قبرستان گاﺅں چنڈہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔
٭٭٭
فلنگ سٹیشن کے منیجر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور فلنگ سٹیشن کے شیشے توڑنے کے الزام میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ ٹاﺅن پولیس نے فلنگ سٹیشن کے منیجر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور فلنگ سٹیشن کے شیشے توڑنے کے الزام میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ،ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ زنی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹانک اڈا پر واقع روڈی خیل فلنگ سٹیشن کے مالک روزی خان سکنہ پوٹہ نے تھانہ ڈیرہ ٹاﺅن میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم کامران عرف کامی سکنہ کورائی نے اپنے نامعلوم ساتھی کے ہمراہ اس کے فلنگ اسٹیشن پر آیا اور وہاں موجود اس کے ملازم رحمت اللہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں

جبکہ فلنگ سٹیشن کے شیشے بھی توڑ ڈالے ،۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ان کے علاقہ ڈھاوا کورائی میں چھاپہ مارا تاہم ملزمان پولیس کے ہاتھ نہ آسکے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے چھا پہ زنی کے دوران 5پستول،2بندوق،2ٹیلی سکوپ،17میگزین اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے ہیں۔
٭٭٭
ممتاز حسن کینسر کے مرض میں زندگی کی بازی ہار گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے نائب صدر سرجن ڈاکٹر علی رضا کے ماموں ممتاز حسن کینسر کے مرض میں زندگی کی بازی ہار گئے، مرحوم عرصہ دراز سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔

ان کی نماز جنازہ وینسم کالج کے سبزہ زار میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں معززین علاقہ ، رشتہ داروں، ڈاکٹرزاور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، بعدازاں مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر پولیس حرکت میں آگئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر پولیس حرکت میں آگئی ،سٹی پولیس نے لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی کرنے والے 5دوکانداروں کو گرفتار کرکے انہیں حوالات میں بند کردیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہر بھر میں لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی اور دوکانیں کھولنے پر پولیس حرکت میں آگئی اور پوندہ بازار سمیت دیگر بازاروں میں کاروائی کے دوران لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی کے الزام میں پانچ دوکانداروں کو گرفتار کر لیاگیا ،

پولیس نے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭٭٭

محلہ گوسائیانوالہ کو کمیونٹی کورنٹائن جبکہ توصیف آباد میں مکان کو ہوم کورنٹائن کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب خیبر میڈیکل یونیورستی پشاور سے موصول رزلٹ پر ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی غلام یٰسین محلہ گوسائیانوالہ یونین کونسل سٹی نمبر 4 اور اس کے قریبی رابطہ رکھنے والے شخص فرید سکنہ توصیف آباد میں کورونا وائر س (کووڈ19 )کی تصدیق کی گئی ،

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے تمام متعلقہ افسران سے مشاورت کے بعد این ڈی ایم اے ایکٹ 2010کے تحت محلہ گوسائیانوالہ کو کورنٹائن اور توصیف آباد کے ایک مکان کو ہم کورنٹائن کردیا گیاہے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کو ڈیوٹی افسر اور متعلقہ مقام پر خوراک کا بندوبست کرنے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ،

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کو کمیونٹی کورنٹائن اور توصیف آباد کے ایک مکان کو ہوم کورنٹائن کو یقینی بنانے اور آر آر ٹیز کو سیمپل لیتے وقت حفاظتی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت ڈیرہ کے ضلعی افسر کوآر آر ٹیز کے سیمپلنگ لینے کے عمل میں معاوت کمیونٹی کورنٹائن میں ضروری ادویات کی فراہمی اور سیکورٹی اہلکاروں اور آر آر ٹیز کو ذاتی حفاظتی سامان مہیاکرنے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ،

واسا اور محکمہ صحت کو مجوزہ لائحہ عمل کے تحت ان علاقوں اور گھروں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

About The Author