اکتوبر 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

06اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازی خان میں دس اپریل سے گندم خریداری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حکومت پنجاب نے مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی کو ضلع میں گندم خریداری کے عمل کو مانیٹر کرنے کی ذمہ داری دی ہے

جنہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،پی اے سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام،

ڈی ایف سی اور دیگر افسران موجود تھے.مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ دس اپریل کو باردانہ کا اجراء ہوگا

اور 15اپریل سے گندم خریداری جائے گی۔حکومت نے گندم کا دس فیصد ٹارگٹ بڑھا دیا ہے اور ایک لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدکی جائے گی۔

مشیر وزیر اعلی محمد حنیف پتافی نے کہا کہ کاشتکاروں سے گندم کا آخری دانہ تک خریدا جائیگا اور کاشتکاروں کو 1400 روپے فی چالیس کلو گرام ادائیگی کی جائے گی۔

کاشتکاروں کو مراکز پر عزت و تکریم دی جائے گی اور کاشتکاروں سے ناجائز کٹوتی پر کارروائی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ

ضلع میں 9 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں کاشتکاروں کو 24 گھنٹے کے اندر ادائیگی کا نظام وضع کردیا گیا ہے

اوپن پالیسی کے تحت پہلے آئیے،پہلے پائیے پر باردانہ جاری ہوگا۔باردانہ کیلئے گوشوارہ اور گرداوری کی شرط ختم کردی گئی ہے

گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو بہترین سہولیات کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سنٹرز پر سینیٹائزر،ھینڈ واش اور فاصلوں پر کرسیاں لگانے کے ساتھ بارش کے پیش نظر بہتر راستے بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام نے بتایا کہ 100 بیگ پر فوری چیک کیش اور زائد پر بنک اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی ہوگی۔

گندم خریداری کیلئے جاری لائسنس منسوخ کردئیے گئے ہیں۔17 فلور ملز کے کوٹہ کے علاوہ گندم کا ذخیرہ ضبط کرلیا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان میں کورونا وائرس کے بڑھتے واقعات پر لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا گیا ہے مشیر صحت محمد حنیف پتافی اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے لائحہ عمل مرتب کیا

مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان شہر کے غیر ضروری راستے بند کرنے کا فیصلہ اور ریڑھیوں کے بڑھتے ہجوم اور شہریوں کی گھروں سے باہر آمد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں لاک ڈاون اور دفعہ 144 پر عملدر آمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ

ضلع میں مقامی افراد کے کورونا مثبت کیس 19 ہوگئے ہیں۔حالیہ رپورٹ میں وائرس کی تشخیص ہونے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ڈاکٹرز ہاسٹل میں کورنٹائن کردیا گیا ہے

جہاں مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے لیبارٹری کی تنصیب شروع کردی گئی ہے

اورایم ایس نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس لیب کو فنکشنل کرنے میں 15 روز لگیں گے تاہم معاملہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر لیب کو فنکشنل کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے

مشیر صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال قرنطینہ سنٹرز کی صفائی اوردیگر امور کیلئے مامو رافراد کیلئے تقریبا دو ہزارحفاظتی لباس(پی پی ایز) فراہم کیے گئے

اور مزید پی پی ایز کیلئے حکومت کو سفارشات بھیجی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قرنطینہ سنٹر میں مثبت کیس کے 259 زائرین موجودہیں

جن میں سے دس ملتان سے یہاں آئے۔انہوں نے کہاکہ مثبت کیس سے صحت یاب ہونے والے 12 افراد کو بھی گھروں کو روانہ کردیا گیا

تمام زائرین کے فائنل ٹیسٹ لے لئے گئے ہیں جن کی آج رپورٹ متوقع ہے۔ایس او پی کے تحت تمام منفی رپورٹ کے بعد بھی دوبارہ ٹیسٹ لئے گئے۔

کورونا ٹیسٹ میں کلیئر ہونے والے زائرین کو گھروں میں بجھوادیا جائیگامثبت ہونے والوں کوقرنطینہ میں رکھیں گے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ

ڈیرہ غازیخان نے قرنطینہ سنٹر میں 829 زائرین کی میزبانی کی۔وائرس کے حامل مقامی افراد کی ٹریول ہسٹری،

زائرین کی دیکھ بھال اور ڈاکٹرز کے ساتھ میل جول رپورٹ ہوا ہے تاہم احتیاطی اور حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے.


ڈیرہ غازیخان :

نامساعد حالات کے باوجود ڈیرہ غازیخان میں ترقی کا سفر جاری ہے. ڈیرہ غازیخان کے شہریوں کا ایک اور خواب پورا ہو گیا.

جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک سینکڑوں ٹن کوڑا کرکٹ تلف کر کے پارک میں تبدیل کر دیاگیا اور مقامی افراد نے پودے لگا کر خوشی کا اظہار کیا .

کمشنر نسیم صادق نے کوڑا کرکٹ کی جگہ پارک میں تبدیل کر کے شہریوں کو تحفہ دے دیا. انہوں نے پارک کی جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا.

انہو ں نے کہاکہ پارک میں آنے والی فیملیز کو کھانے پینے کی معیاری اشیاء فراہم کرنے کیلئے کنٹین کی تعمیر شروع کرد ی گئی ہے.

انہو ں نے بتایا کہ جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک وسیع رقبہ پر سینکڑوں ٹن کوڑا کرکٹ شہر میں آنے والے مہمانوں او رمقامی افراد کیلئے کوفت،

اذیت اوردرد سر بنا ہوا تھا جس سے ماحول تعفن زدہ ہونے کے ساتھ سانس اوردیگر بیماریاں پھیل رہی تھیں حکمت عملی کے تحت سینکڑوں ٹن کوڑا کرکٹ تلف کر کے وسیع و عریض پارک میں تبدیل کیا جارہاہے.

مقامی آبادی اپنے ہاتھوں پودے لگا کر پارک میں تبدیل کر رہے ہیں جس کیلئے کارپوریشن پودے فراہم کر رہی ہے.

انہوں نے کہا کہ 80کنال سے زائد رقبہ پر جنرل پارک کیلئے 24پلاٹ بنائے گئے ہیں اور شہریوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے حصے کا پلاٹ ڈویلپ کر سکتے ہیں

اس موقع پر چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اوردیگر موجو دتھے. کمشنر نے پل ڈاٹ، مانکا کینال،

چوک چورہٹہ اوردیگر ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیااور ہدایا ت جاری کیں.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے مستحقین اور لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے دیہاڑی داروں میں تین ارب چونتیس کروڑ روپے سے زائد کی امدادی رقوم کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے.

محکمہ زکواۃ و عشر کے زیر اہتمام رجسٹرڈ مستحقین میں امداد کی دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے. بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت پروگرام اور ایمرجنسی کیش پروگرام میں امدادی رقوم کی ترسیل اسی ہفتے شروع کر دی جائے گی

جس کیلئے ضلع میں 64کے قریب ریٹیلر اور دکانداروں کو اختیار دے دیاگیاہے. لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے دیہاڑی داروں کی رجسٹریشن جاری ہے.

یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملک ظفر علی اور دیگر موجو دتھے.

مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہاکہ امدادی رقوم کی ترسیل کیلئے شفاف نظام وضع کیاگیاہے آن لائن معلومات ک ذریعے حقداروں تک امداد پہنچے گی.

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ لاک ڈاون میں متاثر ہونے والوں کی فہرستیں آن لائن تیار کرنے کے ساتھ ضلعی انتظامیہ نے بھی 064-9260346 پر ہیلپ لائن متعارف کرادی ہے

اور اہل شہریوں سے براہ راست درخواستیں بھی وصول کی جا رہی ہیں اجلاس میں بتایاگیاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تین کیٹیگریز کے حامل افراد کو بائیو میٹرک شناخت کے بعد مالی امداد دی جائے گی

کفالت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 76000خاندانو ں میں دوہزارروپے کی بجائے تین ہزارروپے،

کیش ایمرجنسی پروگرام میں مزید 78000خاندانو ں کو 12000روپے اور لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے افرادکو بھی مالی امداد دی جائے گی.

علاوہ ازیں محکمہ زکواۃ و عشر نے بھی مستحق افراد کیلئے ایک ارب 45کروڑ 24لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں.

اجلاس میں دیگر امو رکا بھی جائزہ لیاگیا.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتال میں نئی سی ٹی سکین مشین، انجیوگرافی، ایم آر آئی، ڈیجیٹل ایکسرے، فلورسکوپ،

پی سی آر، ایم آر آئی، موڈیولر آپریشن تھیٹر، سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگناسٹک لیب، آئی ٹی لیبارٹری اوردیگرآلات کیلئے ایک ارب گیارہ کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں.

مشیرصحت محمد حنیف پتافی نے بتایاکہ کورونا کے کٹھن ماحول میں صحت کے آلات کیلئے خطیر فنڈز عوام کیلئے خوشخبری ہے.

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے فنڈز کے اجراء میں ذاتی دلچسپی لی.

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے قلیل وقت میں متذکرہ مشینری او رآلات کی خریداری

اور تنصیب کاعمل مکمل کیا جائے گا جس سے ڈیرہ غازیخا ن او رمضافاتی علاقوں کے مریض مستفید ہوں گے.


ڈیرہ غازیخان :

مشیروزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سر گرم ہو گئے.

انہوں نے پل ڈاٹ پر کارپوریشن عملے میں ماسک اور سنیٹائزر تقسیم کیے.مشیر صحت نے کارپوریشن عملے کو ہاتھ بار بار دھونے کی بھی ہدایات جاری کیں.

مشیر صحت نے کہاکہ شہری کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں،

پوری قوم نے کورونا سے مل کر لڑنا ہے،شہری حکومت کی جانب سے بتائی گئی

ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضرور ی طو رپر گھروں سے باہر نہ نکلیں.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے ترقیاتی منصوبوں میں غیرضروری تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیراتی کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دے دیئے.

اپنے آفس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ضلع میں ا ٓٹھ نئی ویٹرنری ڈسپنسریاں تعمیر کی جائیں گی

جس میں قبائلی علاقہ کو فوکس کیا جائے گا. تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے.

سخی سرور ہسپتال کی اپ گریڈیشن، زندہ پیر میں ڈسپنسری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں میپکو آلات کی تنصیب میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی.

ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے باوجود میپکو آلات نصب نہ ہونا باعث تشویش ہے.

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ لاک ڈاون میں احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے فیلڈ وزٹ کریں

اور تعمیراتی کمپنیوں کو متحرک کیاجائے. منصوبو ں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان :

آر پی او عمران احمر کا ضلع راجن پور کادورہ،لاک ڈاون کا جائزہ اور شہدا کی فیملی سے ملاقات،جوانمردی سے فرائض کی انجام دہی

قوم وملک اور محکمہ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے قابل فخر قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں تفصیل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسرڈی جی خان عمران احمر نے موجوہ ملکی صورت حال کے پیش نظر

راجن پور ضلع کادورہ کیا آر پی او عمران احمر کو ڈی پی او راجن پور احسن سیف اللہ نے ڈپی او آفس میں دفعہ 144، لاک ڈاون اور کرونا وائرس سے بچاو کے لیے کیے گئے

اقدامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی دوران وزٹ آرپی او عمران احمر راجن پور کے داخلی و خارجی،

اندرون شہر راستوں پر قائم پکٹس، چیک پوسٹوں پر کروناوائرس کے متعلق کیے گئے حفاظتی اقدامات،

سکریننگ اور تلاشی کے طریقہ کارکا بھی جائزہ لیا اور وہاں پر موجود اہلکاران کی حواصلہ افزائی کی اور ہدایت کی کہ

اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے ضابطہ کار پر عمل کریں چیکنگ پوائنٹس پر ماسک،

دستانے اور سنیٹائز ر کے علاوہ ہاتھوں کے دھونے کے لیے خاص انتظام کریں آگاہی مہم کا دائرہ کار مزید بڑھائیں کرونا کے خلاف جنگ میں ہرکسی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے

کرونا وائرس عالمی وباء بن چکی ہے جوروز بروز تیزی سے وسیع پیمانہ پر پھیل رہا جس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہمیں احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کرناچاہیے

اس مشکل وقت میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ہرممکن تعاون یقینی بناتے ہوئے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں

اس کے بعد آر پی او عمران احمر جام پور میں شہدا پولیس ثقلین رضا فرید ی کے گھر پر فاتحہ خوانی دی اوران کی فیملی سے ملاقات کی ان کا کہنا تھا کہ

جوانمردی سے سماج دشمن عناصرکے ساتھ مقابلہ کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے نوجوان قوم وملک اور محکمہ کے لیے قابل فخر سرمایہ ہیں

شہدا کے لواحقین فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان :

سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی پانے والے پولیس ملازم ارشاد حسین کو ڈی پی او اختر فاروق اور ایس پی انوسٹی گیشن حفیظ الرحمن نے انسپکٹر عہدہ کے شولڈر بیج لگائے

ڈی پی او اختر فاروق نے انسپکٹر کے عہدہ پر پرموٹ ہونے والے پولیس ملازم ارشاد حسین کو مبارک باد دی

ڈی پی او نے کہا کہ آپ پر اب پہلے کی نسبت زیادہ ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں

آپ کو چاہیے کہ آپ اپنا طرز عمل بہتر سے بہتر کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور جانفشانی سے ادا کریں۔


ڈیرہ غازیخان :

ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے ڈاکٹروں میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرنے کے لئے پابندیاں سخت،

شہر بھر میں منی کرفیو،داخلی وخارجی راستے بند،چیکنگ سخت کر دی گئی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گشت میں اضافہ،

ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر درجنوں شہریوں کے خلاف ایکشن تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں ٹیچنگ ہسپتال کے دس ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور شہریوں کی کرونا وائرس کی رپورٹ پازٹیو آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں

دفعہ144سمیت لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری کی پابندی سخت کر دی گئی ہے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پل ڈاٹ،

چوک چورہٹہ، سمینہ چوک، غازی گھاٹ پل، مانکا کنیال کی پلیوں اور شہر کے بازروں میں داخل ہونے والے گیٹس پر پولیس نے بڑے بڑے پتھر اور روکاوٹیں رکھ کر بند کر دی ہیں

اور ہر آنے اور جانے والے کے شناختی کارڈز چیک کرنے کا سلسلہ بھی سخت کردیاہے اس موقع پر شہریوں کا کہنا ہے کہ

انتظامیہ نے منی کرفیو لگا دیا ہے جس کی وجہ سے انکواشیاء ضروریہ کی خریداری کے لیے بھی دشواری کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے

جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے کچھ سخت اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں تاکہ شہریوں کو اس وباء سے بچایا جا سکے۔


ڈیرہ غازیخان :

نجی آرگنائزیشن کی طرف سے ایک ہزار سے زیادہ افراد میں راشن تقسیم کیا گیا یہ بات چیئر پرسن آرگنائزیشن اور ایم پی اے پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے میڈیا کو بتائی

انہوں نے بتایا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس نے ہزاروں دیہاڑی والے افراد کے نام انصاف امداد پروگرام میں رجسٹرڈ بھی کروا دئیے ہیں

اور وہ افراد جن کو راشن کی فوری ضرورت تھی انکے گھروں میں راشن بیگ جس کو میں خود فنڈ کرتی ہوں کی طرف سے پہنچائے گئے

انہوں نے کہا کہ وہ مخیر لوگ جو مستحق افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں وہ مجھ سے لسٹیں لیکر انکی مدد کر سکتے ہیں

ڈاکٹر شاہینہ نے کہا کہ اس وقت اللہ کی مخلوق کی خدمت کے ذریعے ہم اللہ کو راضی کر سکتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان  :

کمشنر نسیم صادق کا تبادلہ ،ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان طاہر فاروق کو ایڈیشنل چارج دے دیا گیا ،الوادعی ملاقات میں افسران کی طرف سے سراہا گیا

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کمشنر ڈی جی خان نسیم صادق کا تبادلہ کر دیا اور ان کی جگہ ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان طاہر فاروق کوایڈیشنل چارج دے دیا گیا

تبادلہ کے بعد مشیر صحت وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کے ساتھ الوداعی ملاقات کی

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر افسران موجود تھے

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کمشنر نسیم صادق کی طرف سے ڈیرہ غازی خان میں دی جانے والی تمام خدمات کو سراہتے ہو ئے کہا کہ

کمشنر نسیم صادق کی ڈیرہ غازی خان میں تمام پالیسیوں کو جاری رکھا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان  :

ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ڈی پی او آفس میں جراثیم کش سپرے کیا گیا

ترجمان پولیس کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کے لئے پولیس دفاتر میں جراثیم کش سپرے کا سلسلہ جاری ہے

انسپکٹر ہیڈکوارٹرز کی زیرنگرانی دفاتر، میٹنگ ہالز، دفاتر کے ارد گرد جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا گیا

اس سلسلے میں ڈی پی او اختر فاروق نے پولیس ملازمین کی حفاظت کے لیے جراثیم کش سپرے کروایا

اور باقاعدہ سپیشل ٹیم مقرر کرکے ہر ایک برانچ میں جراثیم کش سپرے مہم کا آغاز کیا گیا

پولیس سپیشل ٹیمز کا جراثیم کش سپرے کرنے کا مقصد جراثیم کاخاتمہ کرنا ہے

ڈی پی او اختر فاروق کا کہنا تھا کہ پولیس نفری کو ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کر دیے گئے

ہیںپولیس کے جوانوں اور افسروں کا تحفظ یقینی بنایا جارہاہے

اور ساتھ ہی عوام کو بھی کورونا سے محفوظ بنانے کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

About The Author