جون 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

2اپریل 2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں، تجزیے اور تبصرے

نماز جمعہ اور دیگر نمازیں حکومت کی طرف سے تجویز کردہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ ادا کرنے پر اتفاق رائے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت کی زیر صدارت ہونے والے جید علمائے کرام کے اجلاس میں نماز جمعہ اور دیگر نمازیں حکومت کی طرف سے تجویز کردہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ ادا کرنے پر اتفاق رائے۔

اجلاس میں سٹیشن کمانڈر شمریز خان، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ واحد محمودکی شرکت۔اجلاس وفاقی اور صوبائی سطح پر مختلف مکاتب فکر کے اکابرین اور رہنماﺅں کی باہمی مشاورت سے طے کردہ حفاظتی اقدامات پر مقامی سطح پر پیدا ہونے والی بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے منعقد کیا گیا۔ا

جلاس میں قاری خلیل احمد سراج ، مفتی عبدالواحد قریشی، قاری اعجاز فاروقی، مفتی عرفان، حافظ عبد المجید گوگا خیل، قاری عمیر فاروقی، مولانا احسان سمیت بڑی تعداد میں علماءکرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی عبدالحلیم قصوریہ اور حنیف پیپا ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد جاوید مروت نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد ایک ایسا لائحہ عمل تشکیل دینا ہے کہ ہم کورونا کی عالمی وباءجو کہ بلا تمیزرنگ و نسل اور مذہب سب کو شکار کر رہی ہے س مذہبی اور اسلامی احکامات کے اندر رہتے ہوئے عہدہ براں ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے آپ سب کو علم ہے کہ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ماسوائے حفاظتی تدابیر کے اور یہ بات ہمارے سامنے عیاں ہے کہ جس ملک نے بھی حفاظتی تدابیر اپنانے میں غفلت برتی آج وہ اس کی قیمت ہزاروں جانوں کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے نزد انسانی جان کی حرمت ہر چیز سے بڑھ کر ہے لہذا نہ صرف بحیثیت انسان بلکہ بحیثیت مسلمان بھی ہمارا فرض بنتا ہے کہ اپنی ، اپنی آل اولاد اور بنی نوع انسان کے تحفظ کیلئے ڈاکٹروں اور دیگر حکومت کی طرف سے تجویز کردہ حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر من و عن عمل کریں۔

کمشنر ڈیرہ نے اس موقع پر بتایا کہ انہی حفاظتی تدابیر کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان کے گومل میڈیکل کالج قرنطینہ میں رکھے گئے 241زائرین میں سے آج 121کو قرنطینہ سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ ان لوگوں کا تعلق ملک بھر کے مختلف اضلاع سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو اس سلسلے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس سے سٹیشن کمانڈر شمریز خان، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرواحد محمود نے بھی خطاب کیا جبکہ تمام علماءکرام نے فرداً فرداً اپنے خیالات کا اظہار کیا

جس کے بعد باہمی مشاورت سے اس امر کا فیصلہ کیا گیا کہ نما ز کے دوران بالخصوص نماز جمعہ کے دوران لوگ گھروں سے وضو کر کے اور سنت نماز پڑھ کے آئیں، مسجد میں تجویز کردہ مناسب فاصلے پر مقتدی کھڑے ہوں گے جبکہ آئما کرام مختصر خطبے کے بعد کم سے کم وقت میں فرض نماز کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔

اس کے علاوہ مساجد سے قالین اور دریاں ہٹانے اور مناسب صفائی دھلائی کا انتظام کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔اس کے دوران تمام علماءکرام نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ جیسے ہمیشہ ہم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے امن ، بہتری اور عوام کے فائدے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کیا ہے

ہماری وہ پالیسی امتحان کی اس گھڑی میں بھی جاری رہے گی کیونکہ یہ بات ہمارے علم میں ہے کہ جتنے بھی انتظامات اور اقدامات کیے جا رہے ہیں اس میں عوام الناس کی فلاح و بہبود مقصود ہے۔


مریالی میں پچیس سالہ شادی شدہ خاتون کی ہلاکت معمہ بن گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ کینٹ کی حدود مریالی میں پچیس سالہ شادی شدہ خاتون کی ہلاکت معمہ بن گئی،سسرالیوںنے خودکشی جبکہ خاتون کے والدین نے اسے قتل کا واقعہ قراردے دیا ،خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،

پولیس نے واقعہ کے اصل حقائق جاننے کے لئے چھان بین شروع کردی ،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود مریالی میں شادی شدہ پچیس سالہ خاتون (ن بی بی ) زوجہ رستم سکنہ گلی کنیرانوالی مریالی کی گلے میں ڈوپٹے کا پھندا ڈال کر خودکشی کرنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیاگیا ،

خاتون کے سسرالیوں نے پولیس کو بتایا کہ متوفیہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا جس کا علاج معالجہ جاری تھا لیکن اس نے اپنی زندگی سے دلبرداشتہ ہوکر گھر کے کمرے میں اپنے گلے میں ڈوپٹے کا پھندا ڈالا اور چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

دوسری جانب خاتون کے والدین نے ا سے قتل قرار دیتے ہوئے سسرالیوں کا اس کاذمہ دار قرار دے دیاہے ،پولیس نے رپورٹ درج کرکے اصل حقائق تک پہنچنے کے لئے واقعہ کی چھان بین شروع کردی ہے ۔
٭٭٭
گھر سے لاپتہ نوجوان غلام سبحانی کے قتل کا معمہ حل کرکے چھ ملزمان کو ٹریس کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس نے تھانہ کڑی خیسور کی حدود علاقہ دری خیل میں گھر سے لاپتہ نوجوان غلام سبحانی کے قتل کا معمہ حل کرکے چھ ملزمان کو ٹریس کرلیا ،چار ملزمان گرفتاردیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ،

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مقتول کا گمشدہ موبائل اور اس کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کرنے میں استعمال ہونے والا آلہ قتل رسی بھی برآمد کرلی ،۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑی خیسور کے علاقہ دری خیل میں چند روز قبل گھرسے لاپتہ نوجوان غلام سبحانی ولد شاہ بہرام کی قتل شدہ لاش گھر کے قریب خالی مکان سے پائی گئی جسے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی ہدایت پر ایس ایچ او کڑی خیسور کی قیادت میں تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں مذکورہ قتل کیس کی تفتیش کر کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث 6ملزمان کو ٹریس کرکے

چار ملزمان محمد رمضان، محمد اعجاز، غلام اور عبدالسلام پسران غلام قادر اقوام دری خیل سکنہ اغزن کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے گرفتار ملزمان کے مقتول کا گمشدہ موبائل اور آلہ قتل رسی بھی برآمد کرلی ،پولیس نے واقعہ میں نامزد دیگر دو ملزمان غلام اور عبدالسلام کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جہاں حکومت تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ،محمد جاوید مروت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جہاں حکومت تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے وہیں حفاظتی اقدامات اور جزوی لاک ڈاﺅن سے متاثر ہونے والوں کی تکالیف سے بھی بے خبر نہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج وزیر اعظم ریلیف پیکج اور پروونشل ریلیف پیکج کے تحت ہونے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر آفس کے لان میں منعقد ہونےوالے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹانک کے علاوہ

سیکرٹری ٹو کمشنر اور بی آئی ایس پی/احساس پروگرام کے ذمہ داران سمیت متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر ڈیرہ نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف پیکجز کو صاف شفاف،

بروقت اور غریب آدمی کیلئے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں تاکہ غریب لوگ بالخصوص دیہاڑی دار اور ایسے چھوٹے کاروباری حضرات جنکا ذریعہ روزگار متاثر ہوا ہے کو فوری طور پر امداد بہم پہنچائی جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں غلطیوں سے پاک حتمی لسٹیں فوری طور پر مرتب کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کی جائیں تاکہ اہل اور حقدار لوگوں کو جلد از جلد امداد فراہم کی جا سکے۔

اجلا س کے دوران سیکرٹری ٹو کمشنر نعمت اﷲ خان کو فوکل پرسن بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے اس سلسلے میں رابطے کے ذمہ دار ہوں گے۔
٭٭٭
فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 12اپریل تک توسیع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے فروری کے فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 12اپریل تک توسیع کردی۔

ایف بی آر نے لاک ڈاﺅن کی وجہ سے کا روباری طبقہ کی مشکلات کے پیش نظر فروری کے فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 12اپریل تک توسیع کی ہے۔

ایف بی آر کے سیکنڈسیکرٹری ان لینڈریونیو آپریشنز خالد محمود نے توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
٭٭٭
نشہ کے عادی افراد نے میڈیکل سٹوروں کا رخ کر لیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) چرس ،ہیروئن فروخت کرنیوالے کے خلاف کاروائی کے بعد اب نشہ کے عادی افراد نے میڈیکل سٹوروں کا رخ کر لیا ہے جہاں نشہ آور انجکنشز اور گولیاں باآسانی دستیاب ہیں اور خریدنے کے بعد یہ افراد گلی محلوں میں سرعام زہر رگوں میں اتارتے دکھائی دیتے ہیں

جو کہ نہ صرف ان کی بحالی کیلئے کام کرنیوالے این جی اوز کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں بلکہ انتظامیہ کی چشم پوشی سے حالات روزبروز دگرگوں ہوتے جا رہے ہیں،ضلع میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کے نام پر مختلف این جی اوز کام کررہی ہیں

مگر ان این جی اوز اور سرکاری طور پر اس حوالے سے موثر اور ٹھوس حکمت عملی کے فقدان کی وجہ سے نشہ کی صورت میں زہر رگوں میں اتارنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہاہے ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس تشویشناک صورتحال سے بچوں اور دیگر نوجوان طبقے پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈی سی ڈیرہ فوری نوٹس لے کر اقدامات کو یقینی بنائیں۔
٭٭٭
وائرس کی بیماری اپنے اس سٹیج پر پہنچ چکی ہے جس میں احتیاط کی بہت زیادہ ضرورت ہے طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) طبی ماہرین نے شہریوںکو کرونا وائرس کے حوالے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وائرس کی بیماری اپنے اس سٹیج پر پہنچ چکی ہے جس میں احتیاط کی بہت زیادہ ضرورت ہے خصوصاً بچوں اور ضعیف العمر افراد کے لئے ان دنوں احتیاط کی اشد ضرورت ہے،

انہوں نے والدین کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں کو باہر کھیل کود سے سختی سے منع کریں اور ان کے لئے گھر میں ایسی مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کریں جس میں مصروف رہ کر وہ گھروں سے باہر نکلنے سے گریزاں رہیں

اس کے علاوہ حکومتی اقدامات جس میں لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے طورپر گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں لوگوں کو حکومتی احکامات پر عمل کرنے میں ہی بھلائی ہے

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوںمیں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں لہٰذا تمام شہری ہجوم اوربھیڑ والی جگہوں پر جانے سے سختی سے گریز کریں بازاروں میں بھی بلا ضرورت نہیں آنا چاہئے

تاہم اگر کسی کو بیماری لگنے کا اندیشہ ہو تو وہ خودکو گھروں تک محدود کرکے اپنے آپ کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں اور اپنے پیاروں کو بھی اس موذی وباءسے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
٭٭٭
وبا ءکی صورتحال میں لوگوں کو مدد کیلئے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کے بعد وبا ءکی صورتحال میں لوگوں کو مدد کیلئے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر رجسٹریشن کا 10 اپریل تک جاری رہے گا۔

اس فورس میں 18 سال سے زائد عمر افراد شامل ہو سکیں گے۔ اس فورس کے قیام کا مقصد ہنگامی حالات میں ضرورت مندوں کو خوراک، کھانا اور راشن سپلائی کرنا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کرنا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شامل نوجوان قرنطینہ میں موجود افراد کی پہرے داری کا فرض بھی سنبھالیں گے۔

اس فورس میں صرف پی ٹی آئی سے وابستہ نوجوانوں کے شامل ہونے کی پابندی نہیں رکھی گئی ہے۔عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار تمام نوجوان اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ فارم میں نوجوان اپنا نام، پتا، عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل اور ضلع کی تفصیلات درج کرکے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شامل ہونگے۔یہ فورس ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان کورونا جیسی آفت سے نمٹنے کی کوششوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں اور ہماری کرونا ٹائیگر فورس جسے اس وبا سے جنم لینے والے مصائب کیخلاف جہاد کیلئے منظم کیا جائے گا۔
٭٭٭
مکمل لاک ڈاون کے باعث ٹریفک کم سڑکیں ویران ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کوروناوائرس کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاون کے باعث ٹریفک کم سڑکیں ویران ہوگئے تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل اسٹورز، کریانہ، تندور، سبزی اور فروٹ کی دکانوں کو لاک ڈاون سے استثنیٰ حاصل ہیں

شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سوری اور رکشوں میں آ نے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔گزشتہ روز ڈی پی او ڈیرہ حافظ واحد محمود نے شہر کا دورہ کیا ،پولیس نے جی پی او چوک ،فوارہ چوک ،سینڈی کیٹ موڑ سمیت دیگر مختلف مقامات پر ناکہ بندی قائم کرکے شہریوں کو روک کر انہیںبلاضرورت باہرنکلنے سے منع کیاگیا

اور انہیں دوبارہ گھروں کوو آپس بھیجاگیا، لاک ڈاﺅن کے دوران کارباری مراکز، ہوٹلز، مارکٹیں گزشتہ روز بھی بند رہیں ،پولیس کی جانب سے سخت کاروائی اور لاک ڈاون کے باعث ٹریفک معمول سے کم اور سڑکیں ویران ہوگئیں ۔
٭٭٭
کاشتکاروں کے لئے کرونا وائرس سے بچنے کیلئے گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ آج کل کرونا وائرس کی وباء ہمارے ملک میں موجود ہے۔کرونا وائرس ایک متّعدی وائرس ہے جو کہ کھانسنے،چھینکنے اور ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کے دوران ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہو جاتا ہے

کاشتکارکرونا وائرس سے بچنے کیلئے گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں۔کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں اور اپنے منہ کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھیں۔

گندم کی کٹائی اور گہائی کے ایام میں کھیتوں کے قریب پانی اور صابن کا انتظام رکھیں اور وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں۔کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویڑن پر موسمی پیشین گوئی توجہ سے سنیں اور اس کے مطابق انتظامات کریں۔

کٹائی کے دوران چھینک یا کھانسی آنے کی صورت میںمنہ کو بازو سے ڈھانپ لیں۔کاشتکاراپنے منہ،ناک اور آنکھوں کو ہاتھ سے چھونے سے پرہیز کریں۔ٹریکٹر ٹرالی پر ایک سے زیادہ لوگ سوار ہوں تو آپس میں3فٹ کا فاصلہ رکھیں۔

بارش کا خطرہ ہو تو کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور کھلواڑے لگاتے وقت سٹّوں کا ر±خ اوپر کی جانب رکھیں۔گندم ذخیرہ کرنے کیلئے صاف اور ہوا دار گودام استعمال کریں۔دانوں کو سٹور کرتے وقت نمی کا تناسب10فیصد ہونا چاہیے۔

کاشتکار گندم کے سٹور کرنے کیلئے ترجیحاً نئی بوریاں استعمال کریں اور گوداموں میں جراثیم کش سپرے کریں۔اپنے گھر اور ڈیرہ پر لوگوں کے اجتماع سے گریز کریں۔کاشتکار نزلہ،زکام کھانسی یا ب±خار کی صورت میں گھر پر رہیں اور اپنے خاندان کے دیگر افراد سے فاصلہ اختیار کریں۔

کاشتکارطبعیت زیادہ خراب ہونے کی صورت میںاپنے معالج سے رجوع کریں۔دکان اور منڈیوں میں بھیڑ سے بچیں اور اپنا پینے کا صاف پانی ساتھ رکھیں۔کھانا کھانے سے پہلے اپنا منہ اور ہاتھ 20سیکنڈ تک صابن سے دھویں۔

کٹائی سے قبل اچھی منصوبہ بندی کی جائے۔کاشتکار گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویڑن سے نشر ہونے والے پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کیلئے ریپر یا کمبائن ہارویسٹر کریں تاکہ فصل زیادہ دیر کھیت میں نہ پڑی رہے۔

کاشتکار کٹائی گہائی شروع کرنے سے پیشتر مزدوروں،تھریشر،ترپال،پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔بارش ہونے کی صورت میں گندم کی فصل سے زائد پانی کی نکاسی کا انتظام کریں۔کاشتکار گندم کی کٹائی اس وقت شروع کریں جب دانوں میں نمی کا تناسب10 فیصد رہ جائے

اس کے لئے دانوں کو دانتوں کے تلے چبائیں اور ” کڑک” کی آواز آنے کی صورت میں کٹائی شروع کریں۔اس کے علاوہ کھلواڑوں کے اردگرد کھائی ضرور بنائیں۔
٭٭٭
تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی زندگیاں بچانے کیلئے نوجوان رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیں،پاکستان علماءکونسل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پاکستان علماءکونسل نے اپیل کی ہے کہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی زندگیاں بچانے کیلئے نوجوان رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیں‘ ملک میں کرونا وباء اور لاک ڈاون کے پیش نظر بیشتر ہسپتال اور بلڈ بینکس خون کی کمی کاشکار ہیں،

رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات میں بھی واضح طور پر کمی آچکی ہے جس وجہ سے ملک بھر میں تھیلیسیمیا کے شکار ہزاروں بچوں کی زندگیوں کے لئے خطرات بڑھ چکے ہیں۔خون کی اس موذی بیماری کا شکار ان بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے

عوام الناس بالخصوص نوجوان اس ناگہانی صورتحال میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ کریں تاکہ ان معصوم بچوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔قائدین نے کہا تھیلیسیمیا کے مریضوں کو بار بار خون کی ضرورت پڑتی ہے

اوراس وقت پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ بچے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں جن کے لیے دو لاکھ خون کی بوتلوں کی ضرورت ہوتی ہے ‘کرونا وباء اور لاک ڈاون کی وجہ سے خون کے عطیات میں ملک بھر میں شدید کمی آئی

جس کی وجہ سے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں،ایسی مشکل گھڑی میں عوام الناس اور خصوصا نوجوان ان معصوم بچوں کی زندگیاں بچانے کیلئے آگے بڑھیں اور خون کے عطیات دیں۔
٭٭٭
پاکستانی نوجوانوں اور اسکول کے بچوں کو ضروری مالی تعلیم دینے کی خاطر نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام فار یوتھ (NFLP-Y) کا آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بینک دولت پاکستان پاکستانی نوجوانوں اور اسکول کے بچوں کو ضروری مالی تعلیم دینے کی خاطر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس)نباف(کے اشتراک سے نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام فار یوتھ (NFLP-Y) کا آغاز کررہا ہے

جس سے ان کی رقوم کو سنبھالنے کی مہارت بہتر ہوگی اور مالی امور کی تفہیم بڑھے گی۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام فار یوتھ پاکستان کا پہلا آن لائن مالی خواندگی کا کورس شروع کررہا ہے جو ایک دلچسپ اور انٹرایکٹو گیم کے ذریعے پڑھایا جاتا ہے۔

یہ گیم عمر کے تین گروپوں کے لیے ہے بچے (9 تا 12 سال)، نوعمر لڑکے لڑکیاں (13 تا 17 سال) اور نوجوان (18 تا 29 سال) اور آپ اپنے ڈیسک ٹاپ برازر یا موبائل فون کی ایک مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے یہ گیم کھیل سکتے ہیں۔

نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام فار یوتھ کا یہ آسان ای لرننگ پورٹل اور موبائل ایپ انگریزی اور اردو زبان میں کہانی پر مبنی گیم فارمیٹ کے ذریعے تعلیم دیتا ہے جو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ مالی خواندگی کے اصول سمجھ میں آسکیں اور لاگو کیے جاسکیں۔

استعمال کنندگان کے سامنے دو نئے تاجر خاندانوں کی کہانی ہوتی ہے جو اپنے ذاتی، مالی اور کاروباری فیصلے کررہے ہیں۔گیم کھیلنے والے کو ان خاندانوں کو ایک کامیاب کاروبار قائم کرنے میں مدد دینا ہوتی ہے۔ چند گھنٹوں کے اندر اندر استعمال کنندگان بچت،

بجٹ کاری، قرض لینے اور بینکاری کے ضروری اصولوں کے علاوہ بیشتر کئی موضوعات پر عبور حاصل کرسکتے ہیں۔ ہر موضوع کے بعد طلبہ و طالبات کی معلومات جانچنے کے لیے انٹرایکٹو سوالات آتے ہیں۔ جو استعمال کنندگان کورس مکمل کرتے ہیں

انہیں سرٹیفکیٹ آف فنانشل لٹریسی دیا جاتا ہے۔گیم کا نام POMPAK Learn to Earn ہے۔ یہ مفت، استعمال کے لیے تیار اور گوگل پلے اسٹورhttps://play.google.com/store/apps/details?id=com.knowledgeplatform.pompak&hl=en،

ایپل پلے اسٹورhttps://apps.apple.com/us/app/pompak-learn-to-earn/id1503676474?ls=1، لیپ ٹاپ ڈیسک ٹاپ(ویبورڑن) https://nflpy.pk/elearning/ پردستیاب ہے۔

اس وقت جب پاکستان میں تعلیمی اداروں کی بندش ہزاروں طلبہ و طالبات کی تعلیم کو متاثر کررہی ہے، این ایف ایل پی وائی کو امید ہے کہ اس ای لرننگ پورٹل سے پاکستان کے نوجوانوں پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

9 سے 29 سال تک کا کوئی بھی فرد ضروری مالی خواندگی کی تربیت حاصل کرنے کے لیے، جو اسے اپنے مالی امور سنبھالنے میں مدد دے گی، گیم ڈاﺅن لوڈ کرسکتا ہے یا ویب پورٹل استعمال کرسکتا ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ میں میں گیارہویں دن بھی مکمل لاک ڈاون

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ میں میں گیارہویں دن بھی مکمل لاک ڈاون رہا تاہم صبح8بجے سے شام 5بجے تک عوام نے خرید و فروخت کی اس دوران تھوک و پرچون کی دکانوں پر لوگوں کو رش دیکھنے میں آیا جبکہ سبزی و پھل اور مرغی و مچھلی کے گوشت کی فروخت بھی معمول کے مطابق ہوئی ،

خریداری کے دوران عوام میں فاصلہ قائم رکھنے کے فارمولہ پر عمل نہیں ہوسکا ، لاک ڈاون کی وجہ سے سڑکوں اور ہائی ویز پر ٹریفک زیادہ تعداد میں نہیں چلی، پولیس و فوج نے اکثر اہم شاہراہوں کو خار دار تار ڈال کر یا قناتیں لگاکر بند کیا ہوا ہے ،

لوگ اپنے پیاروں سے ملنے اور کام کاج کے لیے دوسرے شہروں میں جانے سے قاصر ہیں اگر کاریں بھی دوسرے شہر جارہی ہیں تو اس میں دو سے زیادہ افراد کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے اور آنے جانے والوں کو پولیس اور فوج کے جوان روک کر آمد و رفت کا سبب پوچھتے ہیں

اگر کسی کا معقول عذر سامنے نہیں آتا تو اسے واپس کردیا جاتا ہے یا پھر ان کے خلاف موقع پر کاروائی کی جاتی ہے حکومت نے یومیہ اجرت والے افراد کے لیے تمام اضلاع کو فنڈز جاری کردیئے ہیں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان انتظامیہ اس حوالہ سے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کرسکی ہے جس کی وجہ سے سرکاری امداد مستحقین میں تاحال تقسیم نہیں کی جاسکی ہے –
٭٭٭
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایس ایم ایس سروس کا بدھ کو باضابطہ اجراءکر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایس ایم ایس سروس کا بدھ کو باضابطہ اجراءکر دیا۔ ایس ایم ایس سروس سے نادار افراد کی شناخت میں مدد ملے گی، 8171 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے نقد رقم کے حصول کی فراہمی سے متعلق جواب موصول ہو جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ایس ایم ایس سروس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔احساس ایس ایم ایس مہم کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا ، وزیراعظم نے جب اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس سروس کے نمبر 8171 پر بھیجا تو یہ پیغام آیا کہ آپ سرکاری ملازم ہونے کی وجہ سے احساس ایمرجنسی پروگرام کے لئے اہل نہیں ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایس ایم ایس سروس نادار افراد کی شناخت کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔احساس بھرپور رابطہ مہم کے ذریعے نوجوانوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ 8171 پر ایس ایم ایس بھیج کر اپنی اہلیت کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے۔

ایس ایم ایس بھیجنے پر انہیں ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہو گا کہ وہ کس طرح رقم حاصل کر سکتے ہیں، اگر ان کی ڈیٹا بیس میں نشاندہی نہیں ہو گی تو انہیں متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔
٭٭٭
وفاق المدارس نے چھٹیوں میں 2ماہ کی توسیع کردی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وفاق المدارس نے چھٹیوں میں 2ماہ کی توسیع کردی ہے۔ وفاق المدارس العربیہ نے ملک بھر میں وفاق المدارس کے تحت ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔

اب یہ امتحانات عید الفطر کے بعد ہوں گے اور امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وفاق المدارس کے تحت شعبہ حفظ اور شعبہ کتب کے امتحانات 21مارچ کوہونا تھے جنہیں اب ملتوی کردیا گیا ہے۔

قاری حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ طلباءطالبات، والدین اور استاذہ کورونا کی وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کیا گیا لاک ڈاون 14 اپریل تک جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے،
٭٭٭
طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے اور ملک میں کورونا وائرس کے سبب تعلیمی نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے،سروے رپورٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عالمی سطح پر ‘ہوم اسکولنگ’ طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے اور ملک میں کورونا وائرس کے سبب تعلیمی نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے،سروے رپورٹ

عالمی سطح پر ‘ہوم اسکولنگ’ حاصل کرنے کا رجحان طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے ، اپنی علمی صلاحیتوں کو تبدیل کرنے اور ملک میں کورونا وائرس کے سبب تعلیمی نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ طلباء کلاس روم کے مقابلے میں گھر کے کھلے اور آرام دہ ماحول میں زیادہ سیکھتے ہیں۔شگفتہ محمود جو گذشتہ 20 سالوں سے درس و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہیں ، نے کہا کہ والدین کے لئے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزاریں

جب ہم کورونا وائرس کے خطرہ کے درمیان لاک ڈاون کی وجہ سے اپنی معاشرتی اور سرکاری مصروفیات کو کم کر چکے ہیں۔ ” صحافیوں“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوم اسکولنگ ان بچوں میں جو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، کی علمی ترقی میں بہت مدد دے سکتی ہے۔

خاص طور پر وہ بچے جو ابتدائی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دستیاب ایپس کے ذریعہ آوازوں، حروف تہجی اور الفاظ سے واقف حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ والدین اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دینے کے لئے چند گھنٹے طے کرسکتے ہیں۔

سماجی علوم کے ماہر اور مقرر قاسم علی شاہ کے مطابق فن لینڈ کا نظام تعلیم دنیا کا ایک بہترین نظام سمجھا جاتا ہے جس میں سکول میں داخلہ لینے کے لئے ایک بچے کی عمر 7 سال کی ہوتی ہے۔بچے کو 7 سال کی عمر تک اس کا خاندان جس میں والدین اور دادا دادی شامل ہیں بچوں کو اخلاقی تربیت دیتے ہیں ،

کہانی سنانے کے ذریعہ انہیں زندگی کے مختلف پہلووں کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے اور وہ خود بھی صحت مندانہ تعلیمی سرگرمیوں میں مشغول رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ میں تعلیمی نظام عملی تعلیم ، سرگرمی پر مبنی کلاس روم اورمواصلاتی تدریسی طریقوں پر مبنی ہے جو مختلف محققین کے مطابق طلباءکی علمی قابلیت کو فروغ دیتے ہیں۔

قاسم شاہ نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ لاک ڈاون کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنا ہے ، والدین کے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کریں اور اپنے بچوں کو اخلاقی اور معاشرتی اخلاقیات سکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج ہوم اسکولنگ ایک مجبوری بن چکی ہے لیکن والدین کی جانب سے اسے مستقل ذمہ داری سمجھنا چاہئے۔ہوم اسکولنگ والدین اور بچوں کے مابین اعتماد پیدا کرتا ہے ، بچوں کو جذباتی طور پر مضبوط بناتا ہے ، وقتی پابندیوں میں انہیں ایک محفوظ صحتمند ماحول فراہم کرتا ہے ،

دوسروں پر انحصار کم کرتا ہے اور سیکھنے کے تجربے میں آرام دہ ماحول فراہم کرتا ہے۔ تعلیم کے ماہر اور نیشنل کوآرڈینیٹر ، انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسز پاکستان مرتضیٰ نور نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران طلباءجو اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں سے دور ہیں،

کی موثر اور معنی خیز مصروفیت واقعتا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔متبادل تعلیم کے معیار کے مسائل کے پیش نظر ، طلبا کو گھر پر کچھ اسائنمنٹ اور تخلیقی تحریر کے لئے تفویض کیا جانا چاہئے۔

مرتضیٰ نور نے کہا کہ متعلقہ حکومتوں اور تعلیمی اداروں دونوں کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ وقت کے بامقصد استعمال کو یقینی بنانے کیلئے والدین کی مشاورت سے موثر حکمت عملی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال طلباءکو ذہنی اور جسمانی طور پر بھی متاثر کرسکتی ہے۔
٭٭٭
شہری پابندی کے باوجود دوسروں سے میل ملاپ ،سڑکوں پر مٹر گشت سمیت خریداری کرنے میں مصروف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہری پابندی کے باوجود دوسروں سے میل ملاپ ،سڑکوں پر مٹر گشت سمیت خریداری کرنے میں مصروف ،قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس ،شہریوں اور عمائدین کا قانون کرنے والے اداروں سے لاک ڈاﺅن پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا مطالبہ

،تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر سمیت ضلع بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں سستی وکاہلی کی وجہ سے شہریوں نے حکومتی احکامات کی ہوا میں اڑا رکھا ہے ،

شہر اور گردونواح میں قائم کریانہ مرچنٹس ،سبزی وپھل فروشوں سمیت دودھ دہی فروخت کرنے والے دکانداروں نے صارفین کے درمیان فاصلے رکھنے پر عمل درآمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں ،جس کی وجہ سے ایک ایک دکان پر کئی کئی درجن افراد کا ہجوم نظر آتاہے

جو کہ لاک ڈاﺅن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،حکومت نے کورونا کے مرض سے بچاﺅکے لئے شہر سمیت ضلع بھر میں لاک ڈاﺅن جاری رکھتے ہوئے چار سے زائد افراد کے ایک جگہ پر اکھٹے کھڑے ہونے پر پابندی عائد کررکھی ہے ،

مگر شہری اسے خاطر میں نہیں لارہے ،خریداری مراکز پر عوام کے اکٹھ جگہ جگہ دیکھنے میں آتے ہیں ،ان میں اکثریت ایسے افراد کی ہوتی ہے ،جنہوں نے نہ تو ماسک پہن رکھے ہوتے ہیں او رنہ ہی ہاتھوں کو سینی ٹائز کررکھا ہوتاہے ،

شہریوں کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ،ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ خریداری مراکز جن میں سبزی فروٹ شاپس ،کریانہ ،مرچنٹس ،دودھ دہی کی دکانوں سمیت تندور مالکان کو صارفین کے لئے وقفے پر کھڑے ہونے کے نشانات لگانے کے پابند بنایا جائے اور حفاظتی انتظامات نہ کرنے والے شہریوں کو اشیاءخوردونوش فروخت نہ کی جائیں

تاکہ شہری حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد کرکے دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کریں ،
٭٭٭
شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا عمل شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا عمل شروع ،کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے روک تھام کے لئے میونسپل کمیٹی کاعملہ پیش پیش ،میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز محدود وسائل کے باوجود شب وروز متحرک ،قرنطینہ سنٹروں کے قیام ،جراثیم کش سپرے ،مین بازار سیوریج سسٹم کی بندش گلی محلوں کی صفائی میں عملہ پیش پیش ،

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے روک تھام کے لئے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی قابل تحسین ہے ،محدود وسائل کے باوجود سینٹری ورکرز دن رات متحرک ہیں ،قرنطینہ سنٹروں کا قیام ،جراثیم کش اسپرے مین بازار سیوریج سسٹم کی بندش کو کھولنے کے لئے گلی محلوں کی صفائی میں عملہ متحرک ہے ۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور صفائی عملہ کے حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود میونسپل کمیٹی کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ اور روک تھام کے لئے میونسپل کمیٹی کا بھر پور کردار ہے جس کو نظر اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔

شہریوں کا کہناتھا کہ سینٹری ورکرز ہمارے بھائی ہیں اور کورونا وائرس پھیلاﺅ اور روک تھام کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں ،محدود وسائل کے باوجود یہ لوگ دن رات کام کررہے ہیں انکی ضروریات کو پورا کرنا ہمارا بھی فرض ہے۔
٭٭٭
شہریوں کی لمبی قطاریں لگانے پر متعدد بینکوں کو نوٹس جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہریوں کی لمبی قطاریں لگانے پر متعدد بینکوں کو نوٹس جاری ،کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشات کے پیش نظر بینکوں کے باہر شہریوں کی لمبی لائنیں لگانے پر متعدد بینکوںکو نوٹسز جاری کردیئے ہیں ،

ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد دیگر اضلاع میں بھی بینکوں کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں ،شہر کے مختلف مقامات پر بینکوں کے باہر لائنیں لگی ہوئی ہیں ،جس سے کورونا وائرس مذید پھیلنے کے خدشات ہیں ،بینکوں کی انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں

،بینکوں کی طرف سے سماجی فاصلے کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کچھ بینکوںکو مکمل بند جبکہ ابتدائی طور پر ڈیرہ کے مختلف بینکوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے وصاحت طلب کی گئی ہے اور کہا ہے کہ اس حوالے سے مناسب اقدامات فوری طور پر کیے جائیں ،
٭٭٭
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ نہ کیے جانے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ نہ کیے جانے کا امکان ،کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میںاضافہ نہ کیے جانے کے امکانات ہیں ،

پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام کو معطل کرنے یا کٹوتی کرنے اور اس کا فنڈ متاثرین کو دینے یا دیگر امدادی ریلیف کی سرگرمیوں میں استعمال لانے پر بھی غور جاری ہے ،آئندہ نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری بھی جذوی طور پر روک دی گئی ہے ،

فرنٹ لائن میں موجودہ صورتحال میں کام کرنے والے ملازمین کو اضافی ایک تنخواہ دینے سے بھی محکمہ خزانہ پر بوجھ پڑے گا۔
٭٭٭
بجلی کی طلب معمول کے مقابلے میں بیس سے پچیس فیصد کم ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بجلی کی طلب معمول کے مقابلے میں بیس سے پچیس فیصد کم ،ملک گیر لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بجلی کی طلب معمول کے مقابلے میں بیس سے پچیس فیصد کم ہوگئی،این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب نو ہزار 524 میگا واٹ ہے ،

کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال سے بجلی کی طلب کم ہوئی ،گزشتہ سال ان دنوں میں بجلی کی طلب ساڑھے بارہ ہزار میگا واٹ سے تیرہ ہزار میگا واٹ تھی ،اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے ان دنوں بجلی کی طلب تقریباتین ہزار میگا واٹ کم ہے ۔
٭٭٭
کارو بار بند ،ہنر مندو کاریگروں نے ہوم سروس کا آغاز کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کارو بار بند ،ہنر مندو کاریگروں نے ہوم سروس کا آغاز کردیا ،ہنرمندوں اور کاریگروں نے دکانوں اور کاروبار کی بندش کے باعث ہوم سروس شروع کردی ہے گھروںمیں بجلی اور پلمبرنگ کا کام نکلنے کی صورت میں ایک فون کال پر پلمبر ،الیکٹریشن کے ساتھ حجام بھی گھر پہنچ جاتاہے

گزشتہ کئی روز سے کاروبارکی بندش کے باعث غریب اور ہنرمند افراد فاقہ کشی کا شکار ہے جبکہ اس حوالے سے دکانوں کی بندش کے حوالے سے مذکورہ کام کے لئے سامان نہیں مل رہاہے ،حجاموں کی دکانیں بھی بند ہیں

تاہم جان پہنچان والے یا پھر علاقائی دکانوں پر کام کرنے والے حجام گھرون میں جاکر حجامت کرکے اپنی روزی کمارہے ہیں ،موٹرسائیکلوں کے سپیئر پارٹس سمیت مکینک کے نہ ہونے کے باعث سینکڑوں موٹرسائیکل معمولی خراب ہونے کی بنا پر گھروں میں کھڑی ہوگئی ہیں ،
٭٭٭
لاک ڈاﺅن ،شہر میں سبزی وفروٹ کے نرخ گر گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) لاک ڈاﺅن ،شہر میں سبزی وفروٹ کے نرخ گر گئے ،لاک ڈاﺅن کے باعث آٹا ،گھی ،دالوں سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں تیزی سے گر گئی ہے ،

سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں تیزی سے گرنے کے باعث اس کی خرید وفروخت لاک ڈاﺅن کے باعث نہیں ہورہی ہے ،لاک ڈاﺅن کے باعث مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے ،

ٹماٹر فی کلو بیس سے تیس روپے ،سٹرابری اسی سے ایک سور وپے ،امرود پچاس سے ساٹھ روپے ،کیلا تیس سے ساٹھ روپے ،آلو تیس روپے ،پیاز ساٹھ روپے ،مٹر تیس روپے ،اعلیٰ کوالٹی کا سیب ایک سوروپے ، دوسری کوالٹی کا سیب پچاس سے اسی کے درمیان ،

کینو درجہ اول ایک سو بیس روپے ،دوئم اور سوئم چالیس سے ساٹھ کے درمیان ،گوبھی تیس روپے فی تک پہنچ گئی ہے ،لہسن ایک سو سے ڈیڑھ سو روپے فی کلو ہوگیا ،لاک ڈاﺅن کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں نمایا ں کمی آگئی ہے۔
٭٭٭
ریلیف سرگرمیوں کی تصاویر پر سفید پوش شہریوں کا شدید ردعمل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ریلیف سرگرمیوں کی تصاویر پر سفید پوش شہریوں کا شدید ردعمل ،سیاسی جماعتوں مختلف مخیر حضرات ،تنظیموں کی جانب سے اپنی ریلیف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لئے تصویریں بنانے پر سفید پوش افراد نے شدید ردعمل کا اظہار کیاہے ،

سفید پوش افراد کے مطابق حالات کے ہاتھوں ہم مجبور ہوکر اپنے بچوں کے پیٹ بھرنے کے لئے امداد لینے پر مجبور ہوئے ہیں ،ہر سطح پر موبائل نکال کرتصویریں بنا کر ہمیں نظروں میں رسوا کیا جارہاہے ،خدارا اس عمل سے باز رہیں اور ہماری مجبوری کا فائدہ نہ اٹھائیں ،

سفید پوش افراد نے موقف اختیار کیا ہے کہ پانچ کلو آٹے ،دو کلو چینی ،ایک کلو گھی سمیت ایک ہزار روپے کے سامان کے لئے ہمیں ذلیل وخوار کیاجارہاہے ،اندرون شہر بعض سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندے ،مختلف تنظیموں نے ریلیف سرگرمیوں کی تصاویر بناکر سوشل میدیا پر جاری کر رکھی ہیں

جس سے سفید پوش افراد نے شدید تحفظات کا اظہار کیاہے،سفید افراد کے مطابق ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں کہ ہمارا کام بند ہوچکا ہے ،تاہم سیاسی شخصیات اور مختلف تنظیمیں ہمارا مذاق اڑا رہی ہیں اور ہمیں معاشرے میں مزید رسوا کرنا چاہتے ہیں ،
٭٭٭
انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور خیبر پختونخواہ(ساﺅتھ) کا شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور خیبر پختونخواہ(ساﺅتھ)نے کورونا وائرس کے باعث شہر میں لاک ڈاﺅن کی صورتحال کے جائزہ کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان،

سٹیشن کمانڈر ، ریجنل پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثنا ءانسپکٹر جنرل فرنٹیر کور خیبر پختونخواہ(ساﺅتھ)نے گومل میڈیکل کالج قرنطینہ سینٹر اور مفتی محمود ہسپتال میں قائم آئیسولیشن وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات و انتظامات کا جائزہ لیا

اور انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے اقدامات کو سراہا۔ آخر میں انہوں نے کورونا وائرس کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے انتظامیہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔
٭٭٭
شہری نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ گونگے شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی،متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود کوٹلی امام حسین کے عقب میں واقع علاقہ بختاور آباد میں

عبد الرحمان ولد خدا بخش پٹی بن نے حالات زندگی سے تنگ آ کر کمرے میں گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق عبد الرحمان بولنے سے معذور تھا اور گھریلو حالات سے تنگ آکر خودکشی کی ہے۔۔
٭٭٭
اخبار فروش محمد رفیع کو 25ہزار نقد اور راشن فراہم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا(ساوتھ) میجرجنرل اظہر اقبال عباسی کا سوشل میڈیا پر چلنے والی خبرکا نوٹس، ٹانک کے غریب اخبار فروش محمد رفیع کو سیکٹر کمانڈر ایف سی ساو¿تھ بریگیڈئیر نیک نام محمد بیگ نے 25ہزار نقد اور راشن فراہم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں لاک ڈاﺅن کے حوالے سوشل میڈیا پر ٹانک کے غریب اخبار فروش محمد رفیع کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا(ساو¿تھ) میجرجنرل اظہر اقبال عباسی نے نوٹس لے لیا۔

آئی جی ایف سی (ساﺅتھ) کی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر ایف سی ساوتھ بریگیڈئیر نیک نام محمد بیگ نے اخبار فروش محمد رفیع کونقد 25ہزار روپے اور راشن فراہم کردیا۔محمد رفیع نے نقد امداد اور راشن دینے پر پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
بچے کو مبینہ زیادتی کی نیت سے مبحوس رکھنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کینٹ پولیس بچے کو مبینہ زیادتی کی نیت سے مبحوس رکھنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق کینٹ پولیس کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی

کہ علاقہ ضمیر آباد کے قریب دو افراد نے ایک بچے کو جنسی زیادتی کی نیت سے مبحوس کررکھا ہے جس پر ڈی ایس پی سٹی سرکل نے تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او صابرحسین بلوچ کو فوری کاروائی کی ہدایت کی، ایس ایچ او کینٹ نے پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر چھاپہ مار مبحوس بچے کو بازیاب کرلیا اور ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے ان کیخلاف زیر دفعہ511/377/347کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
ریسکیو1122ڈیرہ اسماعیل خان نے ماہ مارچ 2020کی کارکردگی رپورٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ریسکیو1122ڈیرہ اسماعیل خان نے ماہ مارچ 2020کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ریسکیو1122ڈیرہ کے میڈیاکوارڈنیٹر اعزازمحمود کی جاری رپورٹ کے مطابق ریسکیو1122کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف سلام کی قیادت میں ریسکیو1122نے مجموعی طور 347ایمرجنسیوں پر ریسپانس کیا

جس میں 84ٹریفک حادثات، 216میڈیکل،7آگ لگنے کے واقعات، 9لڑائی جھگڑے اور گولی وغیرہ لگنے کے، 2ڈوبنے کے واقعات اور 27ریکوری سمیت 2کورونا کے مشتبہ مریضوں کی ایمرجنسیاں شامل ہیں اور ان تمام ایمرجنسیوں میں ریسکیو1122ڈیرہ نے 392مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف سلام نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو1122ڈیرہ کو مارچ کے مہینے میں کل 34493ایمرجنسی کالز موصول ہوئی جس میں 30370 غیرضروری اور ڈسٹربنگ کالیں تھیں۔

اس موقع پر ڈیرہ کی عوام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرکا کہنا تھا کہ ریسکیو1122سروس کو سب سے زیادہ غیر ضروری اور تنگ کرنے والی فون کالز آتی ہیں، جسکی وجہ سے حقیقی ایمرجنسیوں پر بروقت رسپانس کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،

اور موجودہ حالات میں ایسی فون کالز کا آنا افسوسنا ک بات ہے۔
٭٭٭
غیر ملکی باشندوں کو رہائش فراہم کرنے پر ہوٹل کے منیجر کیخلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کینٹ پولیس نے دفعہ144 خلاف ورزی کرکے غیر ملکی باشندوں کو رہائش فراہم کرنے پر جی پی او موڑ کے قریب واقع ہوٹل کے منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ پولیس نے دفعہ144کے تحت ہوٹلوں میں غیر ملکی افراد کو رہائش کی سہولیات دینے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر جی پی او موڑ کے قریب واقع ہوٹل کے منیجر زین العابدین سکنہ محلہ دیوان صاحب کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

%d bloggers like this: