نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یکم اپریل 2020: آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

درجنوں اخبار فروش لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بیروزگار ی اور فاقہ کشی کاشکار ہونے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان :ضلع بھر کے کورونا وائرس لاک ڈاﺅن کی وجہ سے درجنوں اخبار فروش لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بیروزگار ی اور فاقہ کشی کاشکار ہونے لگے ،صورت حال کے پیش نظر اخبار مالکان اور حکومت سے مالی امداد کے پیکچ کا مطالبہ ،

اخبار فروش یونین ڈیرہ کے صدر محمد خالد پہوڑ اور نیوز ایجنٹ محمد اسماعیل نے مشترکہ بیان میں کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے جو لاک ڈاﺅن کیاگیا ہے اس کی وجہ سے کاروبار زندگی مکمل طور پر تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ سے نہ اخبار فروش یومیہ مزدور کی حوالے سے بے روزگار ہوئے ہیں

بلکہ گھروں میں فاقہ کشی کی صورت حال پیدا ہورہی ہے اگر یہی صورت حال جاری رہی تو وہ دیگر یومیہ مزدوروں کی طرح بھوک سے مرنا شروع ہوجائیں گے ۔انہوںنے مشترکہ بیان میں تمام اخبار مالکان اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اخبار فروشوں کو بے روزگاری اور بھوک کے عفریت سے بچانے کے لئے

ہر اخبار فروش کے لئے خصوصی مالی امداد کے پیکچ کا اعلان کرکے یہ امداد جلد از جلد اخبار فروشی کے کاروار سے منسلک افراد کے گھروں تک پہنچائی جائے ،انہوںنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت کو صرف اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے ،

یومیہ آمدنی والے بے روزگار وں کو جلد از مالی امداد پہنچانے کا انتظامات از ضروری ہے ۔ ،انہوںنے کہا کہ تمام اخباری رپورٹرز کی محبت واخلاص اپنی جگہ لیکن اگر اخبار فروشوں کا پہیہ رک چکاہے۔جس سے اخباری صنعت بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔

محمد خالد پہوڑ اورمحمد اسماعیل نے وزیر اعظم پاکستان ،وزیر اطلاعات ،اخبارات کے مالکان اور تمام ایڈیٹر صاحبان سے مطالبہ کیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اخبار فروشوں کی مدد کے لئے مالکان سمیت حکومت ریلیف پیکج کا اعلان کرے ،انہوںنے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ ساتھ اخبار فروشوں کے لئے بھی خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ۔
٭٭٭
ڈیرہ میں لاک ڈاون کے دس روز مکمل ،لاک ڈاﺅن باعث شہر ویرانی کا منظر پیش کرنے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں لاک ڈاون کے دس روز مکمل ،لاک ڈاﺅن باعث شہر ویرانی کا منظر پیش کرنے لگا تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سبزی، کریانہ اور میڈیکل اسٹور کے دکانیں انتہائی ضرورت کی بنا پر کھلی رہیں،

دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری کا شہر میں گشت جاری،عوام کو گھروں میں رہنے کی سختی سے ہدایات جاری تفصیلات کے مطابق صوبے کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ ضلع بھر میں لاک ڈاﺅن کے پہلے دس روز مکمل ہوگئے ہیں ،

لاک ڈاون کے باعث شہر کے مارکیٹس اور سڑکیں ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے رضاکارانہ طور پر گھروں میں رہنے کو ترجیح دی ہے جبکہ شہر میں محض ضرورت کی چند دکانیں جن میں سبزی، کریانہ اور میڈیکل سٹور کی دکانیں ضرورت کی بناءپر کھلی رہیں ،

میڈیکل سٹورز کے علاوہ دیگر دکانوںکو شام پانچ بجے تک بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد کے لئے پولیس کی بھاری نفری شہر میں گشت کرتی رہی ، کورونا وائرس کے پیش نظر بین الصوبائی، اندرون صوبہ اور اندرون ضلع سمیت ملحقہ علاقوں کے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہی ،

ضلعی انتظامیہ، پولیس، فوج اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام میں خصوصی اگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہیں اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کو بھی مزید تیز کردیا گیا عوام کو طبی ماہرین کی جانب سے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ کورونا جیسے عالمی وباء سے بچا جاسکیں۔

٭٭٭
موبائل فونز کے زیادہ دیر استعمال سے بچوں میں آنکھوں کی مختلف بیماریاں سے پھیلنے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کم عمر بچوں میں موبائل فون کے استعمال کے برے اثرات مرتب ہونے لگے ،موبائل فونز کے زیادہ دیر استعمال سے بچوں میں آنکھوں کی مختلف بیماریاں سے پھیلنے لگی ہیں ،دیہی علاقوں کی نسبت شہری علاقوں کے رہائشی بچوں میں موبائل فونز کا استعمال کثرت سے دیکھنے میں آرہا ہے ،

پانچ سے آٹھ سال کی عمر کے بچوں میں موبائل فونز کے استعمال کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جس سے بچوں میں آنکھوں کی بیماریاں ،آنکھوں خشکی پیدا ہونا اور آنکھوں کا جلنا اور نظر کی کمزوری کے ساتھ چھوٹی عمر میں چشمے لگانے کی رجحان بڑھتاجارہاہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ماہرین امراض چشم نے صحافیوں کو بتایا کہ والدین بچوں کے ساتھ زیادتی نہ کریں ،بچوں کو موبائل فونز سمیت ٹیبلیٹ ،کمپیوٹر کے بے جا استعمال سے دور رکھیں ،زیادہ دیر موبائل ،ٹیبلیٹ اور چھوٹی عمر میں گھنٹوں لیپ ٹاپ یا وڈیو گیمز پر نظریں جمانے سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں ،

شعبہ امراض چشم کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موبائل فونز سے جو شعائیں نکلتی ہیں جس کے باعث آنکھوں میں پانی بہنا ،دماغ کی کمزوری ،ہڈیوں کی کمزوری جیسی موذی بیماریاں بھی لاحق ہوسکتی ہیں ،کم عمر بچوں میں زیادہ دیر موبائل فونز کے استعمال سے مائی اوپیا بھی ہوسکتاہے۔
٭٭٭
گومل یونیورسٹی کا ریسرچ جنرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد(ایچ ای سی)کیYکیٹیگری میں شامل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی کاایک اور اعزاز ،گومل یونیورسٹی کا ریسرچ جنرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد(ایچ ای سی)کیYکیٹیگری میں شامل ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق گومل یونیورسٹی کے ریسرچ جنرل کے ایسوسی ایٹ ایڈیٹر ڈاکٹر عرفان اللہ نے بتایا کہ گومل یونیورسٹی ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد(ایچ ای سی)کی ریسرچ جنرل کی Yکیٹیگری لسٹ میںشامل ہو گئی ہے اور ہماری پوری کوشش جاری ہے کہ اس کو مزید بہتر کرکے جلد ہی انشاءاللہ ایچ ای سی کیXکیٹیگری میں شامل ہو جائےں ۔

اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے ریسر چ جنرل کے سٹاف سمیت پوری جامعہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ آج ہمارے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ ہماری یونیورسٹی ایچ ای سی کی Yکیٹیگری لسٹ میں شامل ہوگئی ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے گومل یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کےلئے اپنے مزموم ارادوں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اس جنرل اور اس کے ساتھ ساتھ اورجنرل کو بہت جلد شروع کرناہے اور اس کو آگے لے کر جانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسی طرح گومل یونیورسٹی کے تمام ملازمین اپنا اپنا کام محنت ،لگن سے کرتے رہیں تو وہ وقت دور نہیں جب گومل یونیورسٹی کا شمار نہ صرف صوبہ خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کی سرفہرست یونیورسٹی میں ہوگا۔
٭٭٭
اپریل فول کروناوائرس کی نظر ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اپریل فول کروناوائرس کی نظر ہو گیا یکم اپریل کو شہری اپریل فول کے طور پر مناتے ہیں اور غلط افواہیں اڑاتے ہیں ، یکم اپریل ہونے کے باعث مختلف اداروں کواپریل فو ل کے حوالے سے بھی آگاہ کیاگیا ہے

تاہم کرونا وائرس کے خوف کے باعث اپریل فول بھی اس کی نظر ہو گیا ہے جبکہ ملک بھر میں بلدیاتی اداروں میں سلام سینی ٹیشن سٹاف ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے کرونا وائرس کے لاک ڈاﺅن کے باعث فورسز ، ہیلتھ ورکرز ، ڈبلیو ایس ایس پی اور بلدیاتی ملازمین کو سلام پیش کیا جائے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں بھی اسے منایا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے فرنٹ لائن ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے .
٭٭٭
کورونا وائرس کے باعث شریفان بی بی تشدد کیس کے گرفتار ملزمان تین ماہ کے لئے ضمانت پررہا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پشاورہائی کورٹ سرکٹ بینچ ڈیرہ نے کوروناوائرس کے باعث مشہور زمانہ شریفاں بی بی تشدد کیس کے گرفتار سات ملزمان کو جذوی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں تین ماہ کے لئے ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

تھانہ چودھوان کی حدود میں گاوں گرہ مٹ میں دوسال قبل پانیکے تنازعہ پر شریفاں بی بی نامی خاتون کو مبینہ طورپر تشدد کا نشانہ بنایاگیا،چودھوان پولیس نے سانحہ گرہ مٹ کے مقد

مہ میں نو ملزمان کو نامزد کرکے ملزمان ناصر ولد فیضو ،شاہجہان ولد احمد ،اسلم ولد فیضو ،گلستان ولد احمد ،رمضان ولد احمد ،ثناء اللہ ولد کالو ، اکرام ولد ساون اور سید محمد سیدو ولد فیضو سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم سجاول مفرور ہوا ، مقدمہ کا اہم اور مرکزی ملزم سجاول دو سال تک مسلسل روپوش رہا

جسکی گرفتاری کیلئے ڈیرہ پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان،کراچی اور پنجاب میں مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے درجنوں چھاپے مارے تھے۔ مذکورہ کیس پشاور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت تھا جس میں پشاور ہائیکورٹ نے ڈیرہ پولیس کو ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرکے خود پیش کرنے کاحکم جاری کیا ،

بعدازاں ڈیرہ پولیس کے افسران کی کوششوں سے دو سال سے روپوش اشتہاری مرکزی ملزم سجاول رضاکارانہ طور پر سابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش کے سامنے اپنی گرفتاری پیش کردی ،۔ مقدمہ میں 354A ت پ کے ساتھ دیگر دفعات 342.148.149 ت پ کو بھی شامل ہیں۔
٭٭٭
آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ،محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ اسماعیل خان میںآٹے کی طلب ورسد اور مناسب قیمتوں پر دستیابی سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محموو، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمٰن ، فوڈ انسپکٹر جنید احمد گنڈہ پور کے علاوہ آٹا ڈیلرز اور ملز مالکا ن نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ آٹے کی فراہمی و مناسب قیمتوں پر دستیابی سے متعلق روزانہ کی بنیا د پر رپورٹ تشکیل دی جائے تاکہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملے۔

انہوں نے ملز مالکان کو متنبہ کیا کہ موجودہ وقت پوری قوم کیلئے آزمائش ہے لہذا اس مشکل وقت میں حتی الوسع لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجلاس کے انعقاد کا مقصد بھی عوامی مفاد اور بہتری ہے اور یہی ہماری ترجیحات ہونی چاہیں۔ ا

نہوں نے آٹا ڈیلرز اور ملز مالکان کو انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی سے متعلق بات چیت کریں گے اور آٹے کی درآمد میں بھی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کا تعاون رہے گا۔ ا

نہوں نے کہا کہ چونکہ اس مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں مغیر حضرات بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاہم اس حوالے سے بھی آٹے کی دستیابی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کی کہ اس موقع پر آپ سب کو چاہیے کہ فلاحی نیت سے کاروباری امور سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ مغیر حضرات سے بھی اپیل کریں کہ اپنے علاقوں میں موجود ضرورت مند اور مستحق افراد کی حتی الوسع امداد کریں ۔
٭٭٭
عازمین کو حج کی تیاریوں کیلئے مزید انتظار کرنے کی تلقین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عازمین کو حج کی تیاریوں کیلئے مزید انتظار کرنے کی تلقین

۔ سعودی وزیرحج نے ایک ٹی وی کے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال واضح ہونے تک انتظار کیا جائے، حج کے حوالے سے فی الحال کوئی منصوبہ بندی نہ کی جائے۔ وزیرِ حج نے ہدایت کی ہے مسلمان حج پر آنے کیلئے فی الحال موجود حالات کے بہتر ہونے کا انتظار کریں اور جب تک حالات کے مطابق فیصلہ نہ ہوجائے تب تک تیاریاں شروع نہ کریں۔

اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ شاید اس سال بیرونِ ممالک سے مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت نہ مل سکے تاہم بعد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حج ہوگا لیکن حجاج کو سعودی عرب جانے سے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور صحتمند لوگ ہی حج کیلئے جاسکیں گے۔

لیکن اب سعودی وزیر حج بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے حالات واضح ہونے تک حج کی تیاریاں نہ کرنے کا کہا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 110 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1563 ہوگئی ہے جبکہ قرنطینہ میں رکھے گئے 400 افراد کو کلیئر قرار دیدیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں نئے 110کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید ٹیسٹس کیے جارہے ہیں۔ وزارتِ صحت نے مزید بتایا ہے کہ مملکت میں 50 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 165ہوگئی ہے۔

حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے تاہم ابھی تک کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں بیرون ملک سے آئے 400 افراد کو قرنطینہ سے کلیئر قرار دے کر گھروں کو بھیج دیا گیا۔

سعودی گزٹ کے مطابق ایئرپورٹس پر آئے سینکڑوں افراد کو جدہ میں 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ جن میں سے 400 افراد کو گزشتہ روز کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے کر انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی
٭٭٭
کورونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ماہ قبل لگائے گئے اندازوں سے کم ہو رہی ہیں،رپورٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس سے دنیا بھر میں تیزی سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اسپین اور ایران میں سیکڑوں ہلاکتوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 38 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب اب تک کم از کم 7 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر جبکہ 37 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔تاہم اب ایک تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں اندازوں سے کم ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 38 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے تاہم وبا سے ہلاکتیں ماضی میں کیے گئے اندازوں سے کہیں کم ہو رہی ہیں۔

دی لیکنٹ میں شائع تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ ہلاکتوں، متاثرہ افراد اور ان کے علاج و معالجے کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ماہ قبل لگائے گئے اندازوں سے کم ہو رہی ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ماضی میں لگائے گئے اندازوں سے کم ہو رہی ہیں، تاہم اب بھی ان کی تعداد سیزنل انفلوئنزا سے ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وقت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 0.66 فیصد ہلاکتیں ہوں گی جو کہ ایک اعشاریہ سے بھی کم ہیں۔ ماضی میں امریکی ماہرین صحت سمیت دیگر افراد کہہ چکے تھے کہ اندازے کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد میں سے 2 فیصد افراد موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر ماہرین یہ کہتے سنائی دیتے تھے کہ کورونا وائرس کے 98 فیصد افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں جب کہ دو فیصد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں، تاہم تحقیق سے پتہ چلا کہ ہلاکتوں کی تعداد ان اندازوں سے بہت کم ہے۔

واضح رہے کہ یہ تحقیق صرف کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کے اعداد و شمار پر کی گئی ہے، اس تحقیقات میں وہ ہلاکتیں شامل نہیں کی گئیں جو کورونا سمیت دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔
٭٭٭
کلوروکوئن اور ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن سے علاج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے کلوروکوئن اور ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن سے علاج کرنے کی اجازت دے دی ہے تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے دونوں ادویات کی 50 ہزار گولیوں خریداری کرلی واضح رہے کہ میو ہسپتال نے وائرس کے متاثرہ مریضوں پر مذکورہ ادوایات کا استعمال شروع کیا تھا.

چین نے وائرس میں مبتلا تشویش ناک حالت کے حامل مریضوں کا علاج بھی اسی طرح کیا اور امریکا نے بھی اس کے استعمال کی اجازت دے دی ہے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی جانب سے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کے استعمال کی منظوری کے بعد کیا گیا تھا ،

جو اصل میں ملیریا کے علاج کے لئے استعمال ہوتا ہے.حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی جانب سے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کے استعمال کی منظوری کے بعد کیا گیا تھا جو اصل میں ملیریا کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے

‘میو ہسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان نے بتایا کہ ہمارے ڈاکٹروں نے مریضوں کا علاج شروع کردیا ہے اور ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوا کہ اس دوا کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے کلوروکوئن اور ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کے ذریعے وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز کررہے ہیں جبکہ مذکورہ ادویات حکومت پنجاب نے کافی مقدار میں مہیا کردی ہیں۔تاہم ڈاکٹر کی تجویز کے بغیر ادویات کا استعمال انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس کا پھیلاوروکنے کے لیے صوبے کے تمام اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے صوبے کے تمام اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کردی گئی ہیں۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈیز سروس 13دن کے لیے بند کی گئی ہے،اعلامیے کے مطابق یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ صوبے بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈیز یکم اپریل سے 13 اپریل تک بند رہیں گے،اس سے قبل ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈیز معطل کی گئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا کے اسکولوں کی چھٹیوں میں بھی توسیع کردی گئی ہے

جس کے بعدمتعدد اسکولوں کو قرنطینہ سینٹرز بنا دیا گیا ،خیبر پختونخوا سے کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 221 ہوگئی ہے جس میں سے 2 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد6 ہے۔
٭٭
کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن سیٹیزن پورٹل کے ذریعے ہوگی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن سیٹیزن پورٹل کے ذریعے ہوگی، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے رجسٹریشن فارمز جعلی ہیں، وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے بیان کے مطابق کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز وزیراعظم عمران خان منگل کو سیٹیزن پورٹل کے ذریعے کر رہے ہیں۔

رجسٹریشن صرف اور صرف بذریعہ سیٹیزن پورٹل ہوگی اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے رجسٹریشن فارمز جعلی ہیں، نوجوان ایسی کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات پر دھیان نہ دیں۔
٭٭٭
یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) حکومت نے یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ یکم اپریل سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 96 روپے 58 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت107 روپے 25 پیسے برقرار رہے گی۔

ترجمان پٹرولیم ڈویڑن کے مطابق یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی۔ یکم اپریل سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 96 روپے 58 پیسے برقرار رہے گی۔
یکم اپریل سے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت107 روپے 25 پیسے رہے گی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 77 روپے 45 پیسے برقرار رہے گی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 62 روپے51 پیسے برقرار رہے گی۔ مزید برآں پٹرولیم مصنوعات کے بعد حکومت نے ایل این جی کی درا?مد بھی محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ،

حکام پٹرولیم ڈویڑن کے مطابق رواں ماہ ایل این جی کے 5 کی بجائے 3 جہاز ا?ئیں گے، صورتحال معمول پرآنے پر معاہدے کے مطابق ایل این جی منگوائیں گے، طلب کم ہونے سے پاور سیکٹر نے بھی ایل این جی ڈیمانڈ کم کر دی۔
حکام نے بتایاکہ مقامی صنعت کی ایل این جی کھپت 490 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی کھپت پہلے ہی 45 فیصد تک کم ہو چکی ہے۔
٭٭٭
،سرکاری و نجی و پرائیویٹ تمام تعلیمی اداروں سے فیس موخر کرنے کا مطالبہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کرونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا میں کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے، روزگارِ زندگی چلانا مشکل ہوگیا ہے ،سرکاری و نجی و پرائیویٹ تمام تعلیمی اداروں میں بھی چھٹیاں ہیں ایسے میں پرائیوٹ سکولز نے والدین پر سکول کی فیسوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔

سکولز میں اس وقت چھٹیاں ہیں اور پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں بھی بند ہیں لیکن سکول مالکان نے طلباءکو فیس ادا کرنے کا کہا ہے۔پرائیویٹ سکول مالکان بچوں کے والدین سے چھٹیوں کے باوجود فیس وصول کر رہے ہیں

جبکہ آمدنی کے ذرائع بند ہیں اور حکومت نے بھی سکول مالکان سے کہا ہے کہ وہ چھٹیوں میں آدھی فیس وصول کریں لیکن مالکان نے طلباءکو پوری فیس ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پرائیویٹ سکولوں کو مارچ، اپریل اور مئی کی فیس لینے سے روکے۔ واضح رہے کہ نجی سکولوں میں تعطیلات کے دوران فیسوں میں کمی کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے او ریہ کمیٹی آئندہ 7 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
٭٭٭
ہزار روپے مالیت کے بیئرر انعامی بونڈز واپس جمع کروانے کی تاریخ میں مزید 3 ماہ کی توسیع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وفاقی حکومت نے ایف اے ٹی ایف شرائط پر عملدرآمد کے تحت ختم کئے جانے والے 40 ہزار روپے مالیت کے بیئرر انعامی بونڈز واپس جمع کروانے کی تاریخ میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی ہے

.وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ 40 ہزار روپے مالیت والے بیئرر سرٹیفکیٹس اور بونڈز 31 مارچ کی بجائے اب 30 جون 2020 تک واپس جمع کروائے جاسکیں گے، اس کے علاوہ صارفین ان بونڈز کو واپس کرکے 40 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ بونڈز و سرٹیفکیٹس بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صرف ان بونڈز کی انکیشمنٹ کے لئے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے البتہ بونڈز کی واپسی اور انکیشمنٹ کا پروسیجز و طریقہ پہلے والا ہی برقرار رہے گا اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جس کے تحت بونڈ واپس کرنے والوں کے رقوم انکے بینک اکاونٹ میں منتقل کی جائیں گی

اور جو بیئرر سرٹیفیکٹس و بونڈز واپس کرکے ان کی جگہ رجسٹرڈ بونڈ و سرٹیفیکٹ حاصل کرنا چاہے گا تو اسے رجسٹرڈ بونڈز کے حسول کے لئے رائج رجسٹریشن کا طریقہ کار اپنانا ہوگا اور تمام پروسیجرل کارروائی کے تحت مچلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکومت نے 40 ہزار روپے مالیت کے بیئرر انعامی بونڈز ختم کردیئے تھے اور جن لوگوں کے پاس پرانے بونڈز موجود تھے انہیں بونڈز واپس جمع کروانے یا رجسٹرڈ بونڈز میں منتقل کروانے کے لئے 31 مارچ 2020 تک کی مہلت دی تھی جو گزشتہ روز ختم ہوگئی ہے۔
٭٭٭
ٹیکس گزاراپنے حصے کا ٹیکس بروقت اداکرے ،ایف بی آر
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریوینیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ موجودہ مشکل حالات کے تناظر میں وفاقی حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ایف بی آر انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ڈیوٹی ڈرابیک ریفنڈز ادائیگی کا موثر اور شفاف مرکزی نظام وضع کر رہا ہے،

ٹیکس گزاراپنے حصے کا ٹیکس بروقت اداکرے۔ جاری بیان میں ترجمان ایف بی آرنے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ڈیوٹی ڈرابیک ریفنڈز ادائیگی کا موثر اور شفاف مرکزی نظام وضع کیا جارہاہے جس کی بدولت ٹیکس گزاروں کو ریفنڈز کی تیز تر ادائیگی ممکن ہو پائے گی تاہم اس سلسلے میں ٹیکس گزاروں کی طرف سے تعاون درکار ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ٹیکس گزاروں کو اگر ان کو انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے متعلق کوئی بھی مشکل پیش آ رہی ہے تو وہ اپنی شکایت فی الفور ممبر آئی آر آپریشنز کو فون نمبر 9201561-051 یا ای میل memberiroperations@fbr.gov.pk پر ارسال کریں تا کہ ان کی شکایت کو دور کیا جائے۔

ایف بی آرنے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں تاکہ حکومتی وسائل میں اضافہ ہو اور درپیش موذی وبا کے خلاف حکومت موثر لائحہ عمل بنائے اور ان حالات میں عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ترجمان نے کہا کہ آج جب وطن عزیز کرونا وائرس کے خلاف نبرد آزما ہے اور جہاں ہر پاکستانی اپنے حصے کا بوجھ اٹھا رہا ہے وہاں ایف بی آر کے افسران اور اہلکار پاکستان کی ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔

ٹیکس گزاروں سے کم سے کم رابطہ رکھتے ہوئے ایف بی آر کے اہلکار اس موذی وبا میں لاک ڈاون کی صورتحال کے باوجود اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ٹیکس اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ وطن عزیز کویہ جنگ جیتنے کے لئے وسائل میسر ہو سکیں۔

ایف بی آر کا سٹاف اور افسران ان نامساعد حالات میں اپنی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ محصولات کا تسلسل ٹوٹنے نہ پائے۔ترجمان نے کہاکہ اگر ہمیں یہ جنگ جیتنا ہے تو ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی قوم کے ہر شخص کو اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرنا ہو گاتاکہ ریاست پاکستان اپنی تمام تر قوت اور وسائل صحت و رفاہ عامہ کے کاموں پر لگا سکیں۔
٭٭٭
کرونا وائرس کی جینیات کو سمجھنے کے لیے اس کی جینوم سیکوینسنگ کی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سینٹر فار جینوم ریسرچ کے تحت پاکستانی سائینسدانوں کی زیرنگرانی کرونا وائرس(SARS-CoV-2)کی جینیات کو سمجھنے کے لیے اس کی جینوم سیکوینسنگ کی گئی ہے، اس وائرس پر پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈاکٹر اشتیاق احمد کے زیرنگرانی جینوم سیکوینسنگ کی گئی ہے،

سیکوینسنگ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موجود وائرس چین میں پھیلنے والے وائرس کے مقابلے میں 9 حوالوں سے مختلف ہے، اس تحقیق کے بعد اعلیٰ حکومتی سطح پر کرونا وائرس کے علاج اور ویکسین کے تعین اور دریافت میں مدد ملے گی۔

جینوم سیکوینسنگ جمیل الرحمن سینٹر میں جدید سیکوینسگ سسٹم کے ذریعے کی گئی ہے جبکہ بیماری سے متاثرہ جس پاکستانی شخص کا نمونہ لیا گیا اس نے حال ہی میں سفر کیا تھا، انھوں نے کہا کسی بھی وائرس کا ڈی این اے تبدیل ہوتا رہتا ہے،

اس وائرس کے جنیوم کا دنیا کے دیگر ممالک سے رپورٹ ہونے واے جینوم سے موازنہ کیا گیا تومعلوم ہوا ہے کہ یہ وائرس چین کے وائرس سے قریب تر ہے، سیکوینسنگ رپورٹ کے مطابق وائرل جینوم آہستہ آہستہ تبدیل ہوتا رہتا ہے اور یہ بتانا قبل از وقت ہوگا کہ مرض کی شدت کیا ہوگی،

لیکن یہ ضروری امر ہے کہ اس وبائی صورتحال میں وائرس میں رونما ہونے والی جینیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھی جائے جس کا تعلق مناسب علاج اور ویکسین سے ہے۔
واضح رہے کہ چکن گونیا کے وائرس میں ایک تبدیلی نے اس کے دوبارہ پھیلاو میں اہم کردار ادا کیا تھا، دنیا میں کرونا وائرس کے سینکڑون جینوم رپورٹ ہورہے ہیں، حال ہی مین کیمبرج یونیورسٹی میں بیس ملین پونڈ سے کرونا وائرس کے ایک بہت بڑے جینوم پروجیکٹ کا آغاز ہوا ہے،

یہ ضروری ہے کہ مزید پاکستانی مریضوں کے جینوم سیکوینسنگ کی جائے تاکہ صورت حال کا بہتر جائزلیا جاسکے۔انھوں نے مزید کہا یہ تحقیق ڈاو¿ یونیورسٹی ہیلتھ سائینسز کراچی کے باہم تعاون سے کی گئی۔ انھوں نے کہا کورونا وارئس کا مرض اس عالمی صحت کا مسئلہ بن چکا ہے،اعداد و شمار کے مطابق آٹھ لاکھ سے زیادہ کیسز کنفرم جبکہ 38 ہزارسات سو سے زیادہ اموات دنیا میں ہوچکی ہیں۔
٭٭٭
یکم اپریل کوسلام سینی ٹیشن اسٹا ف ڈے منا یا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)آل پا کستا ن لو کل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کی اپیل پر ملک بھر کے بلدیا تی اداروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے بلدیا تی اداروں اور کینٹ بورڈمیں بھی یکم اپریل کوسلام سینی ٹیشن اسٹا ف ڈے منا یا گیا۔

اس سلسلے میں میونسپل ورکرز یونینز ڈیرہ کے عہدیدان ،ٹریڈ یونیز ،تاجربرادری ،سول سوسائٹی اور دیگر نے سینی ٹیشن اسٹا ف ڈے منا نے کی اپیل کا خیر مقد م کرتے ہو ئے ڈیرہ کے تمام بلدیا تی اداروں اور کینٹ بو رڈ میں کا م کرنے والے سینی ٹیشن اسٹا ف کی خدما ت کو یکم اپریل کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اس مو قع پر ڈیو ٹی پر جا نے سے قبل سینی ٹیشن اسٹا ف کو پھو ل پیش کر کے سیلو ٹ پیش کیا گیا اور انکی خدما ت کو خراج تحسین پیش کیا
٭٭٭
یوفون نے بیلنس شیئر نگ سروس کے چارجز بالکل ختم کردیئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملک بھر میں اپنے صارفین کو سہولت فراہم کرنے اور لاک ڈاو¿ن کے دوران آسانی سے بیلنس شیئر کرنے کے لئے پاکستانی ٹیلی کام آپریٹر یوفون نے لوگوں کو یو شیئر کے نام سے بیلنس شیئر نگ سروس کے چارجز بالکل ختم کرنیکا اعلان کیا ہے۔

یہ ملک گیر آفر ہے اور صارفین اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ کسی اضافی سروس چارجز کے بغیر اپنا بیلنس شیئر کرسکتے ہیں۔

صارفین ایک ٹرانزایکشن میں 600 روپے دوسرے سے شیئر کرسکتے ہیں اور روزانہ زیادہ سے زیادہ ایسی چار ٹرانزایکشنز کی جاسکتی ہیں جن کی مجموعی مالیت 2400 روپے بنتی ہو۔ اس سے قبل ہر ٹرانزایکشن میں 200 روپے ہی ٹرانسفر کئے جاسکتے تھے

جن پر 2.99 روپے فی ٹرانزایکشن سروس چارج عائد ہوتا تھا اور ایک دن میں زیادہ سے زیادہ بیلنس ٹرانسفر کرانے کی حد 800 روپے تھی۔

اس سروس چارج کو اب مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے جبکہ بیلنس ٹرانسفر کی حد کو بھی بڑھایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں یہ سہولت فراہم کی جاسکے۔ یوفون صارفین 828Recipient Number*Amount# ملاکر آسانی و سہولت کے ساتھ بیلنس آگے منتقل کرسکتے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے خلاف زیادہ سے زیادہ لوگ سماجی علیحدگی اختیار کررہے ہیں اور اسی وجہ سے اب وہ مقامی دکانداروں یا ریٹیلرز کے پاس جاکر رقم / بیلنس کی منتقلی سے قاصر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
نازک صورتحال میں علماءکوبدنام کرنا اور فرقہ وارانہ تقسیم کی مہم قابل مذمت اور افسوسناک ہے،پاکستان علماءکونسل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان علماءکونسل اور عماءو مشائخ نے کہا ہے کہ موجودہ ناگہانی صورتحال قومی یکجہتی، اتحاد اور وحدت امت کی متقاضی ہے،کرونا وائرس کا کوئی مذہب ہے نہ ہی کوئی مسلک، اس کا شکار انسانیت ہے،ہمیں بھی ان چیزوں سے بالاتر ہوکر اس ناگہانی آفت سے نمٹنا ہوگا،ایسی نازک صورتحال میں علماءکوبدنام کرنا اور فرقہ وارانہ تقسیم کی مہم قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

بدھ کو مشترکہ جاری بیان میں چیئرمین پاکستان علماءکونسل طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسد زکریا قاسمی، علامہ عبدالحق مجاہد اور دیگر نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت غیرسیاسی جماعت ہے جو کسی کی مخالف ہے نہ کسی کی حامی، تمام مکاتب فکر اور تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے لوگ اس کا حصہ ہیں

، اور پوری دنیا میں بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کے لئے محنت کررہی ہے ایسی جماعت کے خلاف مہم سے ہر ذی شعور کو دکھ پہنچا۔انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباء پاکستان میں جس وقت پھوٹی اس وقت پی ایس ایل چل رہا تھا اور اسی دوران تبلیغی جماعت کا جوڑ ہورہا تھا جونہی حکومت کی جانب سے وارننگ جاری ہوئی جوڑ ختم کردیا گیا،

لوگوں کو گھروں میں جانے کا کہا گیا۔ جو جماعتیں مساجد کے اندر تھیں انہیں مرکز کی طرف سے حکومت اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی۔ ملک میں لاک ڈاون کے اعلان کے بعد مرکز کی جانب سے ملک بھر میں چلنے والی جماعتوں کو روک دیا گیا اور لوگوں کو گھروں میں جانے کا کہا گیا۔

جہاں مقامی انتظامیہ نے انہیں مساجد کے اندر رکنے کی ہدایت کی وہاں جماعتیں مساجد کے اندر قیام پذیر ہیں لیکن تبلیغی سرگرمیاں مکمل طور پر منقطع ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باوجود تبلیغی جماعت کو بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے۔
٭٭٭
احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم کی فراہمی کے لئے ریٹیلز شاپس کو کام کی اجازت دیدی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم کی فراہمی کے لئے ریٹیلز شاپس کو کام کی اجازت دیدی اس سلسلے میں جاری اعلامیہ کے مطابق متعلقہ جگہوں پر رقم کے حصول کے لئے آنے والے تین فٹ کی دوری پر کھڑے ہونگے

،ریٹلز شاپس پر رقم کے حصول کے بعد ہاتھوں پر ہینڈ سنیٹائرز کا استعمال کیا جائے شاپس پر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کیا جائیگا اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ متعلقہ جگہوں پر پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی رقم کی تقسیم کے لئے استعمال ہونے والی جگہ، آلات و دیگر اشیاءکو روزانہ کی بنیاد پر صاف اور سینٹائز کیا جائیگا۔
٭٭٭
صوبے بھر کی مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبے بھر کی مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی ، امام اور موذن سمیت صرف 5 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے

خیبر پختون خوا حکومت نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر کی مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی لگادی۔

اس امرکااعلان منگل کے روز جاری ہونیوالے اعلامیے میں کیاگیااعلامیہ کے مطابق مسجد کے امام اور موذن سمیت صرف 5 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے۔
٭٭٭
گڈز فارورڈنگ ایجنسیز اور گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے لیے اعلامیہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے کرونا وائرس سے بچاو کے لیے ضروری حفاظتی ہدایات برائے گڈز فارورڈنگ ایجنسیز اور گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے لیے اعلامیہ جاری کردیا

اور صوبے کے تمام گوڈز فارورڈنگ ایجنسیز اور ڈرائیور حضرات کرونا سے بچاو\ کے سلسلے میں جاری کیے گئے گئے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔

اعلامیہ کے مطابق تمام گڈز کارگو ٹرانسپورٹ کو صرف اشیاءکی ترسیل کی خاطر بغیر کسی روک ٹوک کے بین الصوبائی، بین الاضلاعی اور ضلعی سطح پر نقل و حمل کی اجازت ہوگی اسطرح تمام گڈز فارورڈنگ ایجنسیز زیادہ سے زیادہ تین افراد کا عملہ رکھنے کے مجاز ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ یونین اور ضلعی انتظامیہ شاہراہوں اور ذیلی سڑکوں پر سامان لے جانے والی گاڑیوں کے حامل ڈرائیور حضرات کے لیے فوڈ پوائنٹس کی نشاندہی کرے تاکہ وہ صرف ان محصوص جگہوں پر وقفہ کرسکیں۔

اس طرح اعلامیہ میں دیگر کرونا سے بچاو کے لئے ضروری ہدایات بیان کئے گئے ہیں کہ ہر دو گھنٹے کے وقفے کے بعد ہاتھوں کو صابن سے کم از کم بیس سیکنڈ تک دھوئیں۔ اس طرح ہاتھ ملانے، گلے ملنے،اجتماعات اور ہجوم والے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

اعلامیہ کے مطابق گاڑی اور دفتر کو جراثیم کش محلول یا فنائل سے باقاعدگی سے دھوئیں اور بخار، نزلہ زکام یا کھانسی کی صورت میں گھر پر رہے ڈاکٹر سے اپنا طبی معائنہ کرائیں اگر گاڑی میں سوار کسی شخص کو بخار ،نزلہ زکام یا کھانسی یا بدن میں درد کی شکایت ہو تو اس کو فورا گھر پر کرنطینہ کریں،

اس طرح علامیہ میں بیان کیا گیا ہے کہ تمام ڈرائیور اور کنڈیکٹر حضرات دوران سفر ماسک اور دستانوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

جراثیم کش محلول اور صابن کا گاڑی میں موجود ہونا لازمی ہے۔ اس طرح بڑی مال برادر گاڑی میں تین افراد ایک ڈرائیور اوردو ہیلپر سے زیادہ افراد سوار نہ ہوں اور چھوٹی مال برادر گاڑی میں دو افراد ڈرائیور اور ایک ہیلپر سے زیادہ افراد سوار نہ ہو

اس طرح علامیہ میں بیان کیا گیاہے کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے علاوہ کسی بھی سواری کو بٹھانا جرم ہے خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کاروائی کی جائے گی اور ٹرانسپورٹ گڈز کمپنیاں دوران سفر اپنے ساتھ تمام ضروری سفری اور بلٹی کاغذات لازمی رکھے اور انتظامیہ سے تعاون کریں اس طرح ڈرائیور اور کنڈیکٹر حضرات اپنی نشستوں میں کم ازکم تین فٹ کا فاصلہ یقینی بنائیں۔
٭٭٭
فرنٹ لائن پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکار فورس کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ امتحان کی اس گھڑی میں ہیلتھ ورکروں کے شانہ بشانہ فرنٹ لائن پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکار فورس کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءللہ عباسی نے صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خلاف ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی صحت کا خاص خیال رکھیں اور انہیں تمام حفاظتی کٹس کی فراہمی کو ہر صورت پر یقینی بنائیں

یہ ہدایات انہوں نے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں کو ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری کیں۔

جس میں ان سے متعلقہ ریجنوں میں کرونا وائرس سے متعلق ضروری معلومات سے آگاہی حاصل کی اور چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں سے ان کے ریجنوں میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ عوام اور پولیس اہلکاروں کی تعداد کے بارے میں دریافت کیا۔

آئی جی پی نے قرنطینہ سنٹروں میں متاثرین کو درپیش مشکلات، ان کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورسنٹروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو فرائض کی ادائیگی کے دوران درپیش مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی۔

آئی جی پی نے پولس افسران سے حکومت کی جانب سے صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے سے متعلق بھی دریافت کیا۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے پولیس فورس کے اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کیجانے والے حفاظتی ماسک، دستانے، سنیٹائزرز وغیرہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔

آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں سے کہا کہ امتحان کی اس گھڑی میں ہیلتھ ورکروں کے شانہ بشانہ فرنٹ لائن پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکار فورس کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

آئی جی پی نے کہا کہ جب پولیس اہلکار صحت مند اور محفوظ ہونگے تو وہ آگے حکومتی احکامات پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بناسکیں گے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس پہلے کی طرح عوام کو اس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے اپنی تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔

اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواکر اس وباءسے قوم کو نجات دلانے میں پیش پیش رہیں گے۔ آئی جی پی نے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ بہترین حفاظتی انتظامات اور فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے نقد انعامات اور اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے شہری بے خوف ،حکومت پریشان ،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا وائرس سے شہری بے خوف ،حکومت پریشان ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے میں بری طرح ناکام ،منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے ،

حکومت کے احکامات پرصوبہ بھر میں جاری لاک ڈاون میں ڈیرہ شہر کی تمام کاروباری مرکزہ، مارکیٹیں اور بڑے بازار مکمل طور پر بند ہیں حکومتی سخت احکامات کے باجود شہریوں نے لاک ڈائون کا حکم ہوا میں اڑا دیا گیا.

شہر کے مرکزی علاقے میں پولیس اور رینجرز موجود ہیں جہاں لاک ڈاون پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے جبکہ اس کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں میں شہری سڑکوں پر چہل قدمی کرتے، چھتوں پر پتنگ بازی اور بچے کرکٹ کھیلتے نظر آتے ہیں

لاک ڈاون کے باعث دیہاڑی دار طبقہ مزدور اور محنت کشوں کو موجودہ صورت حال میں سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، متعدد علاقوں گلیوں ،محلوں اور شاہراہوں پر رونق نظر آتی ہے جہاں منچلے بنا کسی دقت کے مختلف تفریحی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

جس سے کرونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے۔ تاہم باخبر شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو شہر کے مرکز کے علاوہ گنجان آباد آبادیوں پر بھی توجہ کرنی چاہئیے اور وہاں بھی لاک ڈاو¿ن پر عمل یقینی بنایا جائے تاکہ وہاں کرونا وائرس سے بچاو ممکن ہو سکے

حکومت کی جانب سے لاک ڈاون احکامات مزید اضافہ کے خوف سے شہرمیں گھی، آئل، ملک پیک، دالیں، منرل واٹر، انڈوں، سبزیوں، فروٹ سمیت دیگر اشیا خورونوش کی قلت نے مہنگائی کی صورت ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کرلی ہے۔

مقامی سطح پر مین ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز موجودہ صورت حال میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ذخیرہ کی گئی خورونوش کی اشیا کو مقررہ ریٹ سے کہیں زیادہ میں چھوٹے دکانداروں اور بیکریز کو سپلائی کررہے ہیں،

جس کے باعث چھوٹے دکاندار مہنگائی کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ طلب کی جانے والی اشیا سینی ٹائزر، ہینڈ واش، ماسک اور دیگر جراثیم کش محلول میڈیکل اسٹور اور مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں، جس کے باعث شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

چھوٹے دکانداروں کے مطابق ہر شہر میں چند بڑے مین ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹر ہونے کی وجہ سے پوری مارکیٹ میں ان کی اجارہ داری قائم ہے مال کی سپلائی میں کمی کی ایک بڑی وجہ حکومتی امدادی راشن پیکیج بھی ہے۔

بڑے ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹر نے خورونوش کی اشیا اور اجناس بڑی مقدار میں ذخیرہ کر رکھی ہیں، کیونکہ یہ بڑے ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز اور حکومتی انتظامیہ بھاری کمیشن پر مہنگا غیر معیاری اور مقررہ وزن سے کم راشن اور سامان پیک کر کے غریب مستحقین میں تقسیم کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں سب سے زیادہ فائدہ یہ ذخیرہ اندوز اٹھاتے ہیں۔

چھوٹے دکانداروں کے مطابق ان بڑے تاجروں اور کاروباری افراد کا اعلیٰ حکومتی شخصیات اور انتظامیہ سے تعلق ہونے کے باعث کسی بھی کارروائی سے محفوظ رہتے ہیں۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کو ناکام بنانے کے لئے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کا آغاز کر دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پیسکو ڈیرہ حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے جاری لاک ڈاﺅن کو ناکام بنانے کے لئے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کا آغاز کر دیا۔

کرونا وائرس کے پھیلاﺅ میں خطرناک ترین علاقہ قرار پانے کے باوجود ڈیرہ کے مختلف علاقوں میں یومیہ دس سے چودہ گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ،چند روز قبل ڈیرہ گرڈ اسٹیشن کی جانب سے مختلف فیڈرز پر دو سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کیاگیالیکن دو روز تک اس پر عمل ہونے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا طویل سلسلہ دوبارہ شروع کردیاگیاہے ،

ڈیرہ میں بجلی جاری غیر اعلانیہ بندش کے باعث تعطیلات کے دوران طلبا و طالبات کے لئے آن لائن کلاسوں سے استفادہ ناممکن ہونے کے ساتھ کئی روز سے گھروں میں محبوس افراد کا گھروں میں بیٹھنا مشکل ہو گیا جبکہ واپڈا نے بجلی کی یومیہ بندش کو مختلف فیڈرز میں خرابی اور لائن فالٹ قرار دینا شروع کر دیا

ڈیرہ شہر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہریوں کے لئے گھروں میں رہ کر لاک ڈاﺅن کی پابندی اور تعطیلات کے دوران طلبا و طالبات کے لئے آن لائن کلاسوں سے اتفادہ ناممکن ہو چکا ہے

فیڈر ٹرپنگ اور لائن فالٹ کے نام پر بجلی کی یومیہ بندش شہریوں کے لئے اذیت ناک صورتحال اختیار کر چکی ہے اہلیان علاقہ کے مطابق کوروناوائرس کی وجہ ڈیرہ کے متعدد علاقے سیل ہونے کے ساتھ ہر روز کئی گھنٹے بجلی بند کر دی جاتی ہے شہریوں کے مطابق تعطیلات کے باعث بیشتر تعلیمی اداروں نے آن لائن کلاسوں کا اجرا کر رکھا ہے لیکن طلبا و طالبات جسے ہی کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر اپنے اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہیں ساتھ ہی لائٹ چلی جاتی ہے

اور تعلیمی اداروں کی جانب سے آن لائن کلاسوں کے مقررہ اوقات تک طلبا و طالبات بجلی سے محروم رہتے ہیں شہریوں کے مطابق واپڈا میں شکائیت کے اندراج پر متعلقہ عملے کا رویہ انتہائی توہین آمیز ہوتا ہے اور شہریوں کو لائن فالٹ یا فیڈر ٹرپ ہونے کا جواز بتا کر انتظار کی ہدائیت کی جاتی ہے

جبکہ پیسکو ڈیرہ کو شکائیت درج کرانے پر جواب ملتا ہے کہ آپ کے علاقے میں میننٹی نینس کی وجہ سے بجلی بند کی گئی ہے شہریوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آف سیزن میں مینٹی نینس کے نام طے شدہ شیڈول کے مطابق واپڈا حکام کئی ماہ تک صبح9سے سہ پہر2یا4بجے تک بجلی بند کرتے رہے تو پھر اب کونسی مینٹی نینس کی جا رہی ہے

ہونا تو یہ چاہئے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران گھروں میں رہنے کے لئے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے لیکن واپڈا ڈیرہ کا عملہ شہریوں کو باہر نکلنے اور لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر مجبور کر رہا ہے طویل بندش کے باعث گھروں میں یو پی ایس کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور آف سیزن میں مینٹی نینس کے نام پر جاری ہونے والے فنڈز کی تحقیقات کی جائیں۔
٭٭٭
غیر معیاری کھاد‘ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلع بھر میں غیر معیاری کھاد‘ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری‘ جس کی بناءپر ہزاروں زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘

صو بائی حکومت کے ایسی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے احکامات دفتری فائلوں میں دب کر رہے گئے‘ شہر بالخصوص دیہی علاقوں میں ڈیلرز نے بڑے بڑے سٹور لے کر ان میں اعلیٰ قسم کی کھاد میں ملاوٹ کر کے دوبارہ گٹوﺅں کو بھر کر فروخت کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے‘

شہر میں اپنے طور پر غیر معیاری زرعی ادویات تیار کر کے ان کی پیکنگ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتی چلتی کر کے مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں‘ مزید ستم یہ ہے کہ بڑے زرعی فارموں کے ناموں پر سبزیوں کے ایسے بیج مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں

جو کہ غیر معیاری ہیں‘ سادہ لوح زمینداروں کو دو نمبر اشیاء فروخت کر کے یہ گروہ خود تو کروڑوں روپے ماہانہ اپنی تجوریوں میں بھر رہے ہیں مگر دوسری طرف زمیندار ان اشیاء کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں کمی کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہاہے‘

شہریوں اورکسانوں نے ارباب اختیار سے ایسے گھناﺅنے کاروبار کرنے والے عناصر کیخلاف فوری کریک ڈاﺅن کرنے مطالبہ کیاہے۔

About The Author