مئی 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

29 مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ڈیرہ غازی خان( ).وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے چھ مقدمات درج کرا کر 5 گرانفروشوں کو گرفتار اور 4500 روپے جرمانہ عائد کردیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر تونسہ محمد یوسف نے ریتڑہ میں کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں سے زائد وصولی پر پانچ مقدمات درج کرکے کے پانچ دکانداروں کو گرفتار کرایا اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے جام پور روڈ پر دال مونگ مہنگی فروخت کرنے پر دکاندار تنویر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا دیگر گرانفروشوں کو 3000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد طارق نے بھی کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشوں کو پندرہ سو روپے جرمانہ عائد کیا۔


ڈیرہ غازی خان( ).کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ گلی ،محلہ، شہر، ضلع اور ملک کو کورونا وائرس سے محفوظ کرنے کے لئے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا اپنے اردگرد کے ماحول اور ہمسایوں پر نظر رکھی جائے۔بیرون ممالک اور دیگر صوبوں سے آنے والوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے نمونے لے کر تسلی کی جائے کہ انہیں خدا نخواستہ کرونا وائرس تو نہیں۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم خوف کی وجہ سے لوگ رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو محکمہ صحت کے پاس نہیں جا رہے جو سب سے زیادہ تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ عوام کی عزت و تکریم کا خیال رکھیں انہیں دیگر لوگوں کے سامنے تماشہ نہ بنایا جائے۔کمشنر نے کہا کہ ہر انسان کو محفوظ کرنے سے ہی ہم سب وائرس سے بچ سکتے ہیں کیونکہ کورونا وائرس ایک سے دوسرے صحت مند انسان کو متاثر کرسکتا ہے۔ کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ قرنطینہ سنٹرز میں گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ روزمرہ ضروریات فراہم کی جارہی ہیں عوام اپنے گھر کے اندر بھی قرنطینہ مرکز بنا کر خود اور گھر والوں کو کرونا وائرس سے محفوظ بناسکتے ہیں کیونکہ احتیاط ہی علاج سے بہتر ہے۔ کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ عوام میں خوف کے بجائے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت کرونا کے خلاف جنگ اکیلے نہیں جیت سکتی جس کے لئے عوام کو بطورٹیم کام کرنا ہوگا۔ کمشنر نے قرنطینہ سنٹرز کے معائنہ کے دوران زائرین کو فراہم سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک دینے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے کہا کہ متوازن غذا کے ساتھ کھجور ،لیموں، کنوں اور دیگر پھل بھی دیئے جائیں تاکہ ان میں کرونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہو سکے۔


ڈیرہ غازیخان( )ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق ضلع میں فوڈ چین کی سپلائی بحال رکھنے کے لئے خود متحرک ہوگئے انہوں نے مختلف مارکیٹس کا معائنہ کرتے ہوئے آٹا اور روزمرہ اشیاء کی دستیابی اور نرخ کو چیک کیا اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں روزانہ آٹا کا کوٹہ سولہ ہزار سے بڑھاکر 19000 تھیلے کردیا گیا ہے اور ضلع میں کہیں بھی آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے انہوں نے آٹا کی موجودگی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں آٹا اور روزمرہ اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں اور کسی کو ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دی جائے گی انہوں نے عوام سے بھی کہا کہ وہ پریشان نہ ہوں اور افراتفری میں زیادہ مقدار میں آٹا نہ خریدیں۔انتظامیہ عوام کی ہر ضرورت کا خیال رکھنے کےلئے موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے گوداموں میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور فلور ملز مالکان کو پابند کردیا گیا ہے کہ وہ کوٹہ کے تحت آٹا تیار کرکے سیل پوائنٹس اور مارکیٹس میں فراہم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلورمل سے کوٹہ کے تحت روزانہ آٹا کے 19000 تھیلے تیار کرکے ضلع کی مارکیٹوں میں بھجوائے جا رہے ہیں اور نرخ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ فوڈ کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور آٹا کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائیں۔


ڈیرہ غازی خان( ).کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہا کہ ہر کھانسی، نزلہ، زکام کرونا نہیں ، یہ موسم کی تبدیلی بھی ہوسکتی ہے تاہم خشک کھانسی کے ساتھ نزلہ،تیز بخار اور سانس کی تکلیف زیادہ ہو تو ضلع وتحصیل اور دہی مراکز صحت سے رجوع کیا جائے انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بیماری کی صورت میں اچھی خوراک کھائیں۔ ٹھنڈی چیزوں اور مشروبات سے پرہیز کریں ، زیادہ سے زیادہ گرم پانی پئیں اور بھاپ کا متواتر استعمال کریں ۔ کرونا وائرس کے مریض کو علیحدہ کمرے میں رکھیں اور اس سے میل جول سے پرہیز کریں ۔دھوپ اور صاف ہوا میں زیادہ وقت گزاریں ۔مریض کے ساتھ ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے پرہیز کریں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں۔ ہاتھوں کو بار بار صابن اور جراثیم کش محلول سے کم سے کم بیس منٹ تک دھوئیں۔ اپنے محلہ میں مستحق لوگوں کی ضروریات کا بھی خیال رکھیں۔


ڈیرہ غازی خان( ).چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈیرہ غازی خان اقبال فرید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ائیر پورٹ، سکول، کالجز،نجی و سرکاری ادارے اور مارکیٹس بند ہیں تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈیرہ غازیخان کے آفیسرز و ملازمین اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دن رات ڈیوٹی میں مگن ہیں۔ اس کٹھن و لاک ڈاؤن کی حالت میں بھی آپ کو صاف پانی، بازاروں میں صفائی، فنکشنل سیوریج سسٹم مل رہا ہے عوام سے گزارش ہے اپنی دعاؤں میں تمام سٹاف کو یاد رکھیں۔

%d bloggers like this: