دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

24مارچ 2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

لاک ڈاﺅن کے دوران عوام اللہ کی طرف رجوع کرے‘نماز پنجگانہ کی پابندی کریں

ڈیرہ اسماعیل خان :لاک ڈاﺅن کے دوران عوام اللہ کی طرف رجوع کرے‘نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ‘قرآن کی تلاوت کو معمول بنائیں،لاک ڈاﺅن کے باعث ڈیرہ میں گھروں میں محصور لوگوں نے بیماریوں سے نجات کیلئے توبہ استغفار کا ورد شروع کر دیا

لوگوں کی بڑی تعداد پنجگانہ نماز کے ساتھ دورکعت نوافل توبہ ،نوافل مغفرت، نوافل نجات،نوافل رحمت پڑھنے لگی،

ڈیرہ اسماعیل خان میں لاک ڈاﺅن کے باعث تین روز سے گھروں میں محصور لوگوں نے اللہ تعالی کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں اور کورونا وائرس سمیت بیماریوں سے نجات کے لئے توبہ استغفار کا ورد شروع کر دیا اور رات بھر سے جاری بارش کو اللہ کی رحمت اور وبائی امراض سے نجات قرار دے دیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز کو چاہئے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ اس موقع پر عوام اللہ کی طرف رجوع کریں نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ‘توبہ واستغفار کریں‘قرآن پاک کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کریں اور احادیث مبارکہ کا مطالعہ کریں-

ذرائع کے مطابق ڈیرہ میں حکومت کی طرف سے لاک ڈاون میں مزید سات روز کے اضافہ کے فیصلہ پر لوگ تیسرے روز بھی اپنے اپنے گھروں میں محصور رہے اور اللہ تعالی کی طرف سے وفقہ وقفہ سے رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

اس لاک ڈاون کے باعث مساجد میں رش کم اور لوگوں کے گھروں میں محصور ہو کر عبادات کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد پنجگانہ نماز کے ساتھ دورکعت نوافل توبہ ،نوافل مغفرت، نوافل نجات،

نوافل رحمت پڑھتے ہوئے توبہ استغفار میں مشغول ہورہے اورتوبہ استغفار کی تسبیحات کر کے کوروناوائرس سے نجات اور اس وباء سمیت دیگرامراض میں مبتلاافراد کی صحت اوراپنے گناہوں کی معافی مانگنے لگے

رات بھر جاری بارش کو اللہ تعالی کی طرف سے باران رحمت اور وبائی امراض سے نجات قرار دیتے ہوئے اظہار مسرت کرتے رہے۔بدقسمتی سے چند ٹی وی چینل لوگوں کو اس موقع پر بھی نفسیاتی ماہرین سے رجوع کرنے کا کہہ رہے ہیں

جبکہ یہ موقع اللہ کی طرف رجوع کرنے کا ‘توبہ استغفار کرنے اور زیادہ سے زیادہ قرآن پاک کی تلاوت کا ہے اس کے علاوہ احادیث مبارکہ کا مطالعہ کیا جائے –
٭٭٭
لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر دفعہ188کے تحت کارروائی کے لئے ادارے متحرک

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس سے بچاﺅ اور احتیاطی حکمت عملی کے تحت حکومت کی طرف سے مزید 07 روز کے لاک ڈاو¿ن کی کال پر ڈیرہ اسماعیل خان میں تیسرے روز بھی بازار،مارکیٹیں، شاپنگ ہالز، کمرشل پلازے بند رہے

جبکہ ضرورت زندگی سے معطل کاروبار معمول کے مطابق کھلے رہے اور لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر دفعہ188کے تحت کارروائی کے لئے ادارے متحرک رہے ان تین یوم کے دوران متعدد دوکانداروں کو کاروبار بند نہ کرنے پر پولیس نے گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں 188 کے تحت مقدمات کر لئے۔

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی پر عمل درآمد کے لئے جگہ جگہ پولیس کے دستے تعینات اور پکڑ دھکڑ میں مصروف رہےجبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی ہے،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ہیلمٹ کی پابندی کے ساتھ ساتھ غیر ضروری طور پر پیدل یا موٹر سائیکل سوارشخص کو بھی گھومنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

زرائع کے مطابق حکومت کے لاک ڈاون کے فیصلہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں لوگوں کو گھروں پر محصور رہنا ہو گا اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فیملی کے ایک فردکونقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔اور مزید 07 روزہ لاک ڈاون 24مارچ صبح9بجے سے 31 مارچ تک جاری رہے گا

لاک ڈاون کے دوران جو لوگ گھر سے کسی ضروری کام سے نکلیں تو اپنا شناختی کارڈ ضرور ساتھ رکھیں۔ضلع بھر کے تمام علاقوں میں شٹرڈاون رہے تاہم کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی اشیاءکی دستیابی کے لئے میڈیسن،

کریانہ،گوشت، دودھ دہی،بیکرز، کی دوکانیں کھلی رہیں اور متعدد علاقوں میں آٹے اور دیگر اشیاءکی مہنگے داموں فروخت کی شکایات رہیں اور انتظامیہ کی طرف سے سرکاری نرخوں پر آٹا کی فراہمی کے لئے موبائل ٹرک اور سٹالوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک ہفتے کی پابندیوں سے جہاں لوگوں کو تکلیف ہے وہیں ہم عوام کے تعاون سے اس موذی مرض پر قابو پالیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی سوار افراد کیلئے بھی ماسک کا استعمال لازمی ہوگا

بغیر ہیلمٹ اور ڈبل سواری والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول کی فراہمی پر بھی پابندی ہے۔ایسے افراد کو پیٹرول فراہم کرنے والے پیٹرول پمپ کو سیل کیاجائے گااورمرکزی و صوبائی حکومتوں سمیت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو پابند سلاسل کیا جائے گا۔
٭٭٭
کورونا وائر س سے دم توڑ نے والے افراد کی تدفین کی ذمہ داری بلدیاتی اداروں کو دے دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائر س سے دم توڑ نے والے افراد کی تدفین کی ذمہ داری بلدیاتی اداروں کو دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں تباہی مچانے والے کوروناوائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ اب پاکستان میں بھی جاری ہے

جس کے بعد ابھی تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 877 ہو گئی ہے جبکہ 6 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث صورتحال ہنگامی ہونے کے بعد سیکریٹری بلدیات نے مراسلہ جاری کر دیا ہے

جس میں کہا گیا ہے ایمر جنسی پلاننگ اینڈ ریلیف کے ذریعے واٹر سپلائی، سیوریج اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کی ذمہ داری بھی بلدیاتی اداروں کی ہونگی۔

سندھ اور دیگر صوبوں کی طرح لاک ڈاون کر دیا گیا ہے۔ جبکہ سول اداروں کی معاونت کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ملک بھر میں چلنے والی ریلوے کی تمام ٹرینین بند کردی گئی ہیں جس کے بعد کوئی ٹرین پر سفر نہیں کر سکے گا،
٭٭٭
موسم کی صورتحال کے بارے میں مصدقہ ذرائع سے رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات پاکستان نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر انحصار کرنے کی بجائے مصدقہ ذرائع سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر موسم کے بارے میں کی جانے والی پیشینگوئی پر یقین نہ کریں بلکہ اس کے لئے محکمہ موسمیات کے ٹیلی فون نمبرز، ویب سائیٹ اور ایپ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے فون نمبرز 051-9250363-64، ویب سائیٹ www.pmd.gov.pk، یو ٹیوب pmdweathertv، موبائل ایپ PMDweather پر رابطہ کریں۔
٭٭٭
بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے ہیں، 12سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث دن میں کام اور رات میں آرام کرنا ناممکن ہوتا جارہاہے

،کورونا وائرس کوروکنے کے لئے لاک ڈاﺅن کے دوران عوام گھروں میں محصور ہیں جہاں عوام کے پاس کڑھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں آج کا مسئلہ نمبر ون لوڈشیڈنگ جس کی اذیت سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔

جس نے چارسو میں اندھیرے پھیلادیے، اور لوگوں کے ہوش اڑا دیے،ایسے حالات میں لوگ دن کے معمولات کس طرح چلائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں دیگر فیڈر ز سمیت سی آر بی سی مندھراں فیڈرمیں بجلی کا آنکھ مچولی کا کھیل ایک گھنٹہ بجلی دینے کے بعد تین سے چار گھنٹے کیلئے بجلی غائب ہو جاتی ہے ڈیلی کی بنیاد پر 18 سے 20 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی گھروں میں کام کاج کرنے میں دقت کا سامنا کپڑے دھونے کیلئے

عورتیں بجلی کی وجہ سے پریشان حال فریج میں موجود اشیاءدودھ گوشت سبزی وغیرہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے خراب ہو جاتے ہیں،شہریوں نے واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکام بالا سے سخت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
عدالتوں میں کورونا وائرس کے خدشات کے باعث 28 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاورہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کورونا وائرس کے خدشات کے باعث 28 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کردیاگیا ہے ۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں کورونا وائرس کے خدشات کے باعث پشاور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں 24 سے 28 مارچ تک تعطیلات کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،

رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پشاور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ پر دو سنگل بینچز جبکہ سرکٹ بینچز میں ایک سنگل بینچ اہم نوعیت کے سول اور کرمینل معاملات نمٹائیں گے،

اس طرح ضلع کی سطح پر ایک سیشن کورٹ اور ایک سول جج/ جوڈیشل مجسٹریٹ آن ڈیوٹی اہم سول اور فوجداری امور نمٹائیں گے ،پچاس سے زائد عمر کے جوڈیشری سٹاف جوشوگر وہارٹ کے مریض ہوں اور خواتین کوتاحکم ثانی ڈیوٹی سے رخصت دی گئی ہے،

ہائی کورٹ ،بینچز اور سیشن کورٹ میں دیگر اہم سٹاف موجود ہوگا ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھرمیں ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبان ،جوڈیشل افسران اور گریڈ سترہ یا اسے اوپر کے افسران اپنی پانچ روز کی تنخواہ جبکہ ہائی کورٹ ،بینچز اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کا سٹاف اپنی ایک روز کی تنخوا ہ صوبائی حکومت کے ریلیف فنڈ میں جمع کرائے گا۔
٭٭٭
شہر میں دکانوں کے تالوں پر جراثیم کش محلول کا سپرے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اورٹی ایم او ڈیرہ کی نگرانی میں شہر میں دکانوں کے تالوں پر جراثیم کش محلول کا سپرے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس خدشات کے پیش نظر شہریوں کو کورونا سمیت دیگر مضر صحت جراثیموں اور بیماریوں سے بچانے کیلئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اورٹی ایم او ڈیرہ عمر خان کنڈی کی خصوصی ہدایات پر ٹی ایم اے کے اہلکاروں نے سردار عبد الرحمان خان سدوزئی کی نگرانی میں شہر کے بازاروں میں دکانوں کے تالوں پر جراثیم کش محلول کا سپرے کیا۔
٭٭٭
جن لوگوں کو کورونا وائرس الرٹ میسج بھیجا گیا ہے ان لوگوں میں کورونا وائرس موجود ہونے کا خدشہ ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں کو کورونا وائرس الرٹ میسج بھیجا گیا ہے ان لوگوں میں کورونا وائرس موجود ہونے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے تصدیق کی ہے کہ اگر آپ کو کوئی کورونا الرٹ کا پیغام موبائل پر ملا ہے تو اسے سنجیدہ لیں کیونکہ اسکا مطلب ہے آپ کا رابطہ کسی کرونا مریض سے تھا اور آپ خطرے میں ہو سکتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد تک رسائی کیلئے فون ٹریکنگ کی مدد لی جارہی ہے۔

ایک صارف جو کہ لمز یونیورسٹی کے پروفیسر ہیں، انہوں نے ٹویٹر پر ایک میسج کا سکرین شاٹ شئیر کرتے پوئے سوال کیا کہ کیا اس کا مطلب ہے حکومت فون ٹریکنگ کا سہارہ لے رہی ہے،

میسج میں لکھا تھا کہ "دیکھنے میں آیا ہے کہ آپ ماضی قریب میں کسی کورونا مریض کے قریب رہے ہیں یا اس سے ملے ہیں، کورونا وائرس14دن علامات ظاہر کر سکتا ہے، اس لیے ا حتیاطی تدابیر اختیار کریں”۔

اس حوالے سے شہباز گل نے تصدیق کی ہے کہ جی ہاں ایسا ہی ہے یعنی کہ حکومت کورونا کے متاثرین تک پہنچنے کیلئے فون ٹریکنگ کی مدد لے رہی ہے۔ اس حوالے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں تصدیق کی ہے

کہ حکومت کی جانب سے ہدایت کیے جانے ہر پی ٹی اے ایسے لوگوں کو الرٹ میسج بھیج رہی ہے جو کہ ماضی قریب میں کسی کورونا مریض سے رابطے میں آئے تھے۔دوسری جانب پوری دنیا میں تباہی مچانے والے کوروناوائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ اب پاکستان میں بھی جاری ہے

جس کے بعد ابھی تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 877 ہو گئی ہے جبکہ 6 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد ابھی تک صورتحال کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوا۔

ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ سندھ کے بعد پنجاب نے بھی 14 دنوں کے لئے لاک ڈاﺅن کا اعلان کر دیا تھا جو کہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے فوج سے بھی مدد کی اپیل کی گئی تھی جس کے بعد ملک بھر میںفوج تعینات کر دی گئی ہے اور لوگوں کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے نکلنے میں اجتناب کریں کیونکہ اس سے وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر قائم ہے محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر قائم ہے جہاں پر محکمہ صحت سمیت دیگر تعینات عملہ اپنے فرائض انتہائی تندہی سے سرانجام دے رہا ہے۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میںکورونا سے متعلق موجودہ صورتحال اور تدابیر سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ صحت اور پروونشل مانیٹر تیمور خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر عارف محمود، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اﷲ و دیگر نے شرکت کی

۔اجلاس کے دوران پروونشل مانیٹر تیمور خان نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان قرنطینہ سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات تسلی بخش ہیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سمیت تما م اہلکار انتہائی تندہی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر سے متعلق جن ضروری اشیاءکی نشاندہی کی گئی ہے انکی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ ایمبولنسز کی کمی کو بھی دور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹرائی ایج فیسیلٹی سنٹر کا قیام انتظامیہ کی جانب سے ایک احسن اقدام ہے اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات قابل ستائش ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تین ریپڈ رسپانس ٹیموں کی ٹریننگ مکمل کی جا چکی ہے جنہوں نے فرائض کی ادائیگی شروع کر دی ہے جبکہ تین مزید ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جن کی ٹریننگ بھی جلد مکمل کر لی جائیگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی پی سی آر کو رپورٹنگ سنٹر بنایا گیا ہے جو کہ کیسز اور انسیڈنٹس کی رپورٹنگ کے فرائض سرانجام دے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چونکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ سنٹر صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر ہے

تاہم یہاں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔جزوی لاک ڈاﺅن عوام کے مفاد عامہ کی خاطر ہے تاہم لوگ گھروں تک محدود رہیں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اور ٹراما سنٹر میں قائم کورونا ٹرائی ایج فیسیلٹی سنٹر کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کا اسٹیشن کمانڈربریگیڈیئر شمیریز خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹراما سنٹر میں قائم کورونا ٹرائی ایج فیسیلٹی سنٹر کا دورہ۔

تمام سہولیات کا جائزہ جن میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی سکریننگ ، آئسولیشن وارڈ اور مستند ڈاکٹرز کی موجودگی وغیرہ شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوروناسے بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں تما م اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹراما سنٹر میں روزانہ کی بنیاد پر کافی مریض لائے جاتے ہیں تاہم یہاں کورونا کے سمپٹمز کے ساتھ آنے والے مریضوں کی سکریننگ کی اشد ضرورت تھی تاہم اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس انفارمیشن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں پہلے ہی الیکٹرانک رسپانس کے حوالے محکمہ صحت کی جانب سے مختلف ڈاکٹرز تعینات کیے جا چکے ہیں جو کہ اپنی خدمات کیلئے 24 گھنٹے دستیاب ہیں عوام ان سے کورونا کے حوالے سے ہدایات ،

مشورہ یا علامات کی صورت میں مدد لے سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے سب سے بہترین ذریعہ یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں رہیں اور جیسا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی گزشتہ روز سے جزوی لاک ڈاﺅن کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں

تاہم ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات عوام مفاد میں ہیں تاہم لوگوں کو چاہیے کہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کا مظاہرہ کریں۔

اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔
٭٭٭
کورونا وائرس کا خوف یا حسن اتفاق ہے کہ تین دنوں کے دوران کرائم کی شرح میں کمی آگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کا خوف یا حسن اتفاق ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دنوں کے دوران کرائم کی شرح میں کمی آگئی ہے ،جبکہ کورونا کے خوف کے باعث لومیرج کا کوئی بھی کیس ڈیرہ کی ماتحت عدالتوں میں نہیں آیا

ماتحت عدالتوں میں وکلاءکی ہڑتال بھی جاری ہے تاہم ہائی کورٹ کی جانب سے بھی تعطیلات کا اعلان کردیاگیا ہے ،ڈیرہ میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے بعد شہر میں جرائم پیشہ افراد میں بھی خوف وہراس پھیل چکا ہے ،

کورونا وائرس کے شدید خوف وہراس کے باعث شہر کے مختلف تھانوں میں جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوگئی ہے ،اسٹریٹ کرائم ،موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی چوری وچھیننے کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے ،سٹریٹ کرائم کم ہونے کے ساتھ ساتھ عدالتوںمیں بھی کیسوں کی تعداد کم ہوگئی ہے۔
٭٭٭
تجارتی مراکز کی بندش اور عام تعطیل کے باعث شہریوں نے دن گھروں میں ہی گزارا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں کوروناوائرس سے بچاﺅکے لئے مکمل لاک ڈاﺅن جاری ہے شہر میں بڑے تجارتی مراکز ، شاپنگ مالز ، ریسٹورنٹ بند رہے،

اندرون شہرکے بازاروں کمشنری بازار ،توپانوالہ بازار،کلاں بازار ،مسلم بازار ،پوندہ بازار ،چھوٹا بازار اور سرکلر روڈ پر دکانوں کی بندش کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں محدود ہ کر رہ گئیں۔تاہم یہاں پر میڈیکل سٹورز،کریانہ سٹورز، بیکری ، آٹا چکی ، تندور ، ملک شاپ ، آٹو ورکشاپ اور پٹرول پمپس کھلے رہے،

تجارتی مراکز کی بندش اور عام تعطیل کے باعث شہریوں نے دن گھروں میں ہی گزارا۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے کوروناوائرس سے احتیاطی تدابیراختیارکرنے کیلئے بازار اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب شہر کی سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی کم ہے اضلاع کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پرسات روز کیلئے پابندی پر جزوی عملدرآمد جاری ہے ٹرانسپورٹرزبرادری گاڑیوں کی تبدیلی کاحربہ استعمال کرتے ہوئے مسافروں کو ایک مقام پراتارادیتے ہیں

جہاں سے وہ پیدل دوسرے ضلع کی حدود میں داخل ہوکر دوسری گاڑی میں سوارہوجاتے ہیں ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اڈے بند کردیئے

اوراڈوں میں کھڑی گاڑیوں کو باہر نکال دیاٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق احکامات نہ ماننے پر کئی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ٹرانسپورٹ اڈے ہر صورت بند کروائیں گے۔
٭٭٭
سینیٹائزر کے مارکیٹ سے غائب ہونے پرناجائزمنافع خوروں نے مضر صحت کیمیکل ملے محلول کی فروخت شروع کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گرد ونواح میں کورونا وائرس کے باعث سینیٹائزر کے مارکیٹ سے غائب ہونے پرناجائزمنافع خوروں نے مضر صحت کیمیکل ملے محلول کی فروخت شروع کردی۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سینیٹائزز مارکیٹ سے غائب ہوئے جو کہ منہ مانگی قیمت پر بھی دستیاب نہیں ہیں۔دوسری جانب ناجائزمنافع خوروں نے صورتحال سے فائدہ اٹھا کر خود ہی مختلف کیمیکل ملا محلول فروخت کرنا شروع کردیا ہے

اور اسے لیٹر کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں جو کہ انسانی جلد کے لئے انتہائی مضر ہے۔شہریوں نے حکام سے اپیل کی کہ ہے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے ان عناصر کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔
٭٭٭
ایک ہفتے کی توسیع کے بعد شہر بھر میں جزوی لاک ڈاﺅن جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا جزوی لاک ڈاﺅن میں ایک ہفتے کی توسیع کے بعد شہر بھر میں جزوی لاک ڈاﺅن جاری ہے ،زیادہ تر لوگ اپنے گھروں تک ہی محدود ہوگئے تاہم بعض افراد کی جانب سے خلاف ورزی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

خیبرپختونخوا میں جزوی لاک ڈاﺅن میں 29مارچ تک توسیع کردی گئی ہے، انٹر سٹی بس سروس بند کرنے بھی غور کر کیا جارہاہے۔ حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ صوبے میں شاپنگ مالز مارکیٹس اور ریسٹورنٹس وغیرہ بند کرنے کے احکامات میں اتوار کے دن انتیس مارچ تک توسیع کردی ہے

اس فیصلے کے تحت فارمیسی، کھاد، پیسٹی سائڈز کریانہ اسٹورز آٹا چکی،تندور کی دکانیں، دودھ شاپس، آٹو ورکشاپس، پٹرول پمپس گوشت اور چکن کی دکانیں، فروٹ اور سبزی شاپس، اور اشیائے خوردونوش کی منڈیوں کے علاوہ باقی مارکیٹس اور دوکانیں بند رہینگی۔

اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے ٹیریا اور فاسٹ فوڈز کے تمام سنٹرز بھی انتیس مارچ تک مکمل طور پر بند رہینگے۔ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ پہلے سے بند ہے تاہم تمام اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے اور غیر ضروری اشیا بنانے والی فیکٹریاں بھی اتوارکے دن تک بند رہینگی۔

کمیونٹی کورنٹائن بارے بتایاگیا ہے کہ عوام اپنے گلی محلوں تک محدود رہیں اور کرونا وبا کے پھیلاو کو موثر طریقے سے روکنے کیلئے بازاروں اور گلی محلوں میں جراثیم کش سپرے کیا جارہاہے۔
٭٭٭
ملک لاک ڈاون کی طرف نہیں جاتا تو آئندہ آنے والے ہفتوں میں ہمیں بڑی تعداد میں اموات کا خطرہ ہے ،ڈاکٹر شاہد مسعود

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں لاکھوں اموات ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ کہ ہم نے لاک ڈاو¿ن نہیں کیا اس لیے اچانک تعداد بڑھنا شروع ہوجائے گی۔

اور ایک بات میں بار بار کہہ رہا ہے کہ ابھی تک لوگوں کی سکریننگ کی گئی ہے ٹیسٹنگ نہیں کی گئی۔سکرینگ میں لوگوں کا صرف ٹمپریچر چیک ہوتا ہے جس کے بعد وہ وہاں سے چلے جاتے ہیں۔لیکن ٹیسٹ کتنے لوگوں کا ہوا ہے اس بارے میں علم نہیں ہے۔

کئی لوگوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا ٹیسٹ پوزیٹو آیا لیکن ان کا انتقال کرونا کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوا۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کہا کہ اگر حکومت لاک ڈاو¿ن کرنے میں تاخیر کرتی ہے اور اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرتی تو ہمیں اس بات کے لیے تیار رہنا چاہیے

یہ اگلے کچھ دنوں میں ایک دم کئی اموات ہو سکتی ہیں۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کہا کہ اگر ملک لاک ڈاو¿ن کی طرف نہیں جاتا تو آئندہ آنے والے ہفتوں میں ہمیں بڑی تعداد میں اموات ہوتی نظر آئیں گی اور یہ تعداد لاکھوں میں بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بات میں اپنے سامنے اٹلی اور سپین کا ڈیٹا رکھ کر کر بات کر رہا ہوں۔خیال رہے کہ ب پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 714 سے زائد ہوگئی ہے۔ ہفتے کی رات 12بجے تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 630 تھی لیکن اب سندھ پنجاب اور گلگت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے سے 714 تک ہو گئی۔

بتایا گیا کہ سندھ میں نئے مریض41، پنجاب میں 27 اور گلگت بلتستان میں 16 کی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی کل تعداد333، پنجاب163، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ31، گلگت بلتستان71، اسلام 11، کشمیر میں ایک مریض کورونا سے متاثرہ ہے۔

گذشتہ روز گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کرگیا تھا ، ڈاکٹر اسامہ ریاض زائرین کی اسکریننگ کے فرائض کے دوران وائرس کا شکار ہوا اور انتقال کر گیا۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سوشل میڈیا پر ٹوٹکوں کا سیلاب آیا ہوا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سوشل میڈیا پر ٹوٹکوں کا سیلاب آیا ہوا ہے ، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ان ٹوٹکوں پر عمل کر نے کی بجائے گھروں تک محدود رہیں اور صرف حکومت کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔

ایک بیان میں شہری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے ایسے ایسے ٹوٹکے بتائے جارہے ہیں جنہیں سن کو سوائے حیرانگی کے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ا ز خود اپنا معالج بننے سے سختی سے گریز کریں ،

کورونا وائر سے بچاﺅ کا واحد حل خود کو گھروں تک محدود کرنا اور بتائی گئی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ہم پانچ وقت کی نمائش پڑھیں اور استغفار اوردرود پاک کا زیادہ سے زیادہ ورد کریں۔
٭٭٭
کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ، تمام پاکستانی بینکوں کیلئے ہنگامی ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ، تمام پاکستانی بینکوں کیلئے ہنگامی ہدایات جاری کر دی گئیں
تمام بینک کرنسی نوٹوں کو جراثیم سے پاک کرنے کا انتظام کریں، تمام بینک برانچزصبح 10 بجے کام کاآغاز کریں، شام ساڑھے 4 بجے بینک بندکردیں، اےٹی ایم کے ذریعے صارفین کوکیش سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے،

صارفین کوآن لائن سہولت میں کوئی تعطل نہ ہو،اسٹیٹ بینک، کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ، تمام پاکستانی بینکوں کیلئے ہنگامی ہدایات جاری کر دی گئیں، اسٹیٹ بینک نے ہدایت کی ہے کہ تمام بینک کرنسی نوٹوں کو جراثیم سے پاک کرنے کا انتظام کریں،

تمام بینک برانچزصبح 10 بجے کام کاآغاز کریں، شام ساڑھے 4 بجےبینک بندکردیں، اےٹی ایم کےذریعےصارفین کوکیش سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، صارفین کوآن لائن سہولت میں کوئی تعطل نہ ہو۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں کرونا وائرس کے خدشات کے باعث تمام بینکوں کیلئے کچھ خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹوں سے بھی کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ کرنسی نوٹوں کو جراثیم اور وائرس سے پاک کرنا یقینی بنایا جایا۔

اس کے علاوہ مرکزی بینک کی جانب سے بینکوں کےکام کرنےکی اوقات کارمیں تبدیلی کی گئی ہے۔ہدایت کی گئی ہے کہ ملک میں تمام بینکوں کی برانچزکھلی رہیں گیں، تاہم تمام بینک برانچزصبح 10 بجے کام کاآغاز کریں اور شام ساڑھے 4 بجے بینک بندکردیں۔

تمام بینکوں میں صرف ضروری اسٹاف کے ساتھ کام کریں۔بینک میں کروناکی نشاندہی پراس برانچ کوفوری بندکردیں،برانچ بندکرنے پراسٹیٹ بینک کومطلع کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم کے ذریعے صارفین کو کیش سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے،

جبکہ صارفین کوآن لائن سہولت میں بھی کوئی تعطل نہ ہو۔ واضح رہے کہ پاکستان کے چاروں لاک ڈاون کا نفاذ کر چکے ہیں۔ لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد نجی و سرکاری بند کر دیے گئے ہیں، تاہم ملک میں قائم تمام بینک معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
٭٭٭
آم کے درختوں پر حملہ آور کیڑوں میں مینگوملی بگ سب سے خطرناک اور معاشی نقصان پہنچانے والا کیڑاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ آم کے درختوں پر حملہ آور ہونے والے 70سے زائد اقسام کے کیڑوں میں مینگوملی بگ سب سے خطرناک اور معاشی نقصان پہنچانے والا کیڑاہے

لہذاباغبانوں کو باغات کی مناسب دیکھ بھال اور فوری تدارکی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاگیاہے کہ اس کیڑے سے بچاﺅ کیلئے جو آم کے علاوہ سنگترے‘ مالٹے شہتوت‘بیر‘ امروداورجامن سمیت تقریباً70 درختوں پر بھی حملہ آور ہوتا ہے فوری مناسب انتظامات یقینی بنائیں

‘باغبانوں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملکمیں وسیع رقبہ پر آم کی کاشت کی جاتی ہے مگر ہمارے اکثر باغبان تحفظ نباتات کے بارے میں سفارش پر عمل نہیں کرتے جس سے باغات کو بھاری نقصان پہنچتاہے۔

انہوں نے کہا کہ مینگوملی بگ مئی تک متحرک رہتاہے اورسال کا باقی حصہ ا نڈوں کی شکل میں گزارتاہے جس کے انڈے کا رنگ گلابی اور شکل گول شلغم کے بیج جیسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادہ 400 سے 500کی تعدادمیں سفیدتھیلیوں میں زمین کے اندر انڈے دیتی ہے۔
٭٭٭
گندم کے فصل کی آخری آبپاشی مارچ کے آخری ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی آخری آبپاشی مارچ کے آخری ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ پودے نکالنے کے لئے فصل کا باقاعدہ معائنہ جاری رکھنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت نے صحافیوں گفتگو کرتے ہوئے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ کاشتکار گندم پرسست تیلے کے حملے کی صورت میں زرعی زہریں ہرگزاستعمال نہ کریں کیونکہ ان کے اثرات اچھے نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ان زہروں سے ماحول آلودہ ہوتاہے اورصحت کے مسائل سمیت سفیدکیڑے بھی ختم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تیلے کا حملہ شدید ہوتو ٹھنڈے پانی کا سپرے کیاجائے۔

انہوں نے حالیہ بارشوں کو بھی اس ضمن میں انتہائی مفیدقرار دیتے ہوئے کہا کہ بارش کی وجہ سے بھی گندم میں سستے تیلے کی تعداد کافی حد تک کم ہوجاتی ہے۔
٭٭٭
کسانوں کو نئے ٹیوب ویل لگانے سے پہلے زیرزمین پانی کا تجزیہ کروانے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے زمیندارو ں‘کاشتکاروں‘کسانوں کو نئے ٹیوب ویل لگانے سے پہلے مناسب جگہ کے انتخاب کے لئے محکمہ زراعت کے شعبہ انجینئرنگ سے جدیدآلات اور ریزسٹیویٹی میٹرزکے ذریعے زیرزمین پانی کا تجزیہ کروانے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ تجزیہ سے نہ صرف زیرزمین پانی کی کوالٹی بلکہ اس میں موجودنمکیات اور دیگر اجزائ کا بھی پتہ چلایاجاسکتاہے جس کے باعث بور کے بعد کی کسی بھی غیریقینی صورتحال سے بچاﺅ ممکن ہوسکتاہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں نہری پانی کی کمی کی وجہ سے 50فیصد پانی کی کمی ٹیوب ویلوں کے ذریعے پوری کی جاتی ہے۔
٭٭٭

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 ماہ کیلئے کمی کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 ماہ کیلئے کمی کرنے کا فیصلہ، وزارت خزانہ نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر 15 روپے کی کمی کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اطلاق کیلئے یکم اپریل تک کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کر دیا جائے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی 3 ماہ کیلئے کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ تمام پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے کی کمی کی جائے گی۔ 15روپےکی ممکنہ کمی سےپٹرول کی نئی قیمت 96روپے60پیسےہوجائےگی۔ ڈیزل کی قیمت 15روپےممکنہ کمی کےبعد107روپے25پیسےپرآ جائے گی۔

مٹی کاتیل15 روپےممکنہ سستاہونےکےبعد77روپے 45پیسےکاہوجائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کوارسال کر دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ سے پٹرول،ڈیزل،مٹی کےتیل کی قیمت15روپےکم کرنےکی منظوری دینےکی سفارش کی گئی۔ وزارت خزانہ،وزیراعظم سےمنظوری کےبعد اب نئی قیمتیں فوری نافذ کر دی جائیں گی۔ اس سے قبل وزیراعظم نے منگل کے روز نے اعلان کیا کہ ہم نے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپیہ رکھا ہے۔

دوسرا ایکسپورٹ اور انڈسٹری جو سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، ان کو فوری طور پر 100ارب کے فنڈز دیں گے۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری اور زراعت کیلئے 100ارب رکھا ہے، ان کو کم شرح سود پر قرضے بھی دیں گے۔

چوتھا سب سے مشکل حالات میں خاندانوں کیلئے 150 ارب رکھ رہے ہیں، ہرخاندان کو4 ماہ تک ماہانہ 3 ہزار روپے دیے جائیں گے، صوبے بھی مدد کریں۔ یہ فیصلہ بھی کیا کہ پناہ گاہوں کا مزید دائرہ کار بڑھا دیں گے، تاکہ بیروزگار لوگ وہاں آسکیں۔


لاک ڈاون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے ملک بھر میں فوج کو طلب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاو¿ن پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے ملک بھر میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

کرونا وائرس کے خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔

۔وزارت داخلہ نے اس حوالے سے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔فوج کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کی گئی ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وزارت داخلہ نے فوج بلانے کی منظوری دی جبکہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کردی گئی ہے۔قبل ازیں ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف آرف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ نے فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

احکامات جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضے کے طور پر سرانجام دیں گے۔بات کرتے ہوئے آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ انفرادی طور پر اپنی حفاظت کرتا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے،

اس لئے ہمیں انفرادی طور پربھی کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ہر ممکن کام کرنا چاہیئے۔ بات کرتے ہوئے انہوں نے عوام کے نام پیغا م جاری کیا ہے کہ ہماری عوام کو چاہیئے کہ وہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی پاسداری کریں اور کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں۔
٭٭٭
معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری، 70 لاکھ مزدور افراد کو تین ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔ایکسپورٹرز کے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا گیا۔

70 لاکھ مزدوروں کیلئے 3 ہزار روپے کا ماہانہ پیکج منظور کیا گیا۔جس کے تحت 70 لاکھ مزدور افراد کو تین ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔وزیراعظم کل تعمیراتی انڈسٹری کے لئے کل پیکیج کا اعلان کریں گے۔

تعمیراتی انڈسٹری کے لیے بڑا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیا ہے

انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں غریب اور پسے ہوئے طبقے پر نظر رکھیں۔قبل ازیں رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات ،بجلی اور گیس پر عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لائف لائن صارفین کو زیادہ ریلیف ملنے کا امکان ہے جبکہ گھریلو، تجارتی اور صنعتوں کے لیے مختلف تجاویز تیار کی گئی ہیں۔بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھی جائیں گی جبکہ تمام تر تجاویز کو متوقع اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا کہ معاشی ٹیم بھی وزیراعظم کو ممکنہ اقتصادی ریلف پر بریفنگ دے گی۔جب کہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے تعمیراتی صنعتوں کو مراعات دیں گے،

یہ صنعتیں لوگوں کو روزگار دیں گی، تاکہ لوگوں کی زندگیاں متاثر نہ ہوں، نچلے طبقات کی بہتری کیلئے معاشی پیکج بھی دیں گے، لاک ڈاو¿ن نہیں کریں گے کیونکہ یہاں غریب لوگ ہیں۔ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو مراعات دیں گے،

تاکہ لوگوں کو نوکریاں ملیں، لوگ کام کریں۔ حکومت نچلے طبقات کی بہتری کیلئے معاشی پیکج کااعلان کرے گی
٭٭٭
لوگ اپنے آپ کو گھروں تک محدود کر لیں تو ہم اس موذی مرض کے پھیلاﺅ کو روکنے میں 100 فیصد کامیاب ہو سکتے ہیں ،ڈاکٹرز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کے ڈاکٹرز نے اپنے بیان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کا علاج احتیاطی تدابیر میں پوشیدہ ہے ،اگر لوگ اپنے آپ کو گھروں تک محدود کر لیں تو ہم اس موذی مرض کے پھیلاﺅ کو روکنے میں 100 فیصد کامیاب ہو سکتے ہیں ،

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری چھینکوں ،کورونا کے مریض کے ساتھ ہاتھ ملانے سے یا کورونا کے مریضوں نے جن اشیاء پر ہاتھ لگایا ہو ان کو چھونے سے ہو سکتی ہے۔اس لئے اگر لوگ اپنے اپنے گھروں میںرہیں گے تو یوں سمجھیں کہ یہی اس بیماری کا علاج ہے۔

سول ہسپتال کے ڈاکٹروں نے مزید کہا کہ ہر کھانسی ،نزلہ ،زکام والا مریض کورونا میں مبتلا نہیں ہوتا۔اس کی علامات میں یکدم بخار ہونا ،خشک کھانسی ہونا اور سانس لینے میں دشواری پیش آنا شامل ہیں ،انہوں نے کھانسی ،نزلہ ،زکام والے مریضوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گھروں میںبھی علیحدہ کمرے میں رہیں

تا کہ خاندان کے دوسرے افراد کو کھانسی ،نزلہ زکام نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کا واحد سبب یہ ہے کہ جب انسان آلودہ ہاتھ ناک ،منہ یا آنکھوں کا لگاتا ہے تو یہ بیماری ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

اس لئے عمل گروپ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کے وضع کردہ اصول کہ ” اپنے منہ کومت چھوئیں “ پر عمل کریں۔
٭٭٭
اندرون شہر ،بڑے قصبات سمیت دیگر علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں معطل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ حکومتی احکامات کے پیش نظر اندرون شہر ،بڑے قصبات سمیت دیگر علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں ،بازار، شاپنگ پلازے ، خریداری مراکزمکمل بند رہے ، سڑکوں کے اطراف لگے ٹھیلے اور مختلف کارروبار بھی مکمل طور پر بند رہے۔

ادھر پہاڑپور ،پروآ ،درابن ،کلاچی سمیت اندرون شہر و گردونواح میں تمام مارکیٹیں ،بازار ،شاپنگ ہال بند رہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار انتظامیہ کی سربراہی میں پورا دن شہر کی سڑکوں پر گشت کرتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کے حکام نے رات گئے شہر کی مختلف مارکیٹوں ،شاپنگ پلازوں کا دورہ کیا اور کارروبار کھلا رکھنے والے دکانداروں کو فوری دکانیں بند کرنے کے احکامات جاری کئے ،

علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ سٹی، تھانہ کینٹ ،تھانہ صدر، پولیس نفری کے ہمراہ شہر کے بازاروں ، گلی محلوں اور مضافاتی علاقوں میں گشت کرتے دکھائی دیئے ، حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے شہریوں کی اکثریت نے خود کو گھروں تک محدود رکھا ہوا ہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے صحتیاب شخص کا پلازمہ ایک مریض کو لگایا جائے تو وہ بھی صحتیاب ہو سکتا ہے،ڈاکٹرز کی خوشخبری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس سے صحتیاب شخص کئی لوگوں کی زندگیاں بچا سکتا ہے ،کورونا وائرس سے صحتیاب شخص کا پلازمہ ایک مریض کو لگایا جائے تو وہ بھی صحتیاب ہو سکتا ہے،ایک شخص کا پلازمہ ایک مریض کو لگایا جا سکتا ہے،

صحتمند ڈونر ہر ہفتے بھی پلازمہ دے سکتا ہے۔ ڈاکٹر زکورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کا پلازمہ کس طرح کرونا کے دوسرے مریضوں کی مدد کرسکتا ہے اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ز کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں کسی ڈونر سے 500 ایم ایل سے 900 ایم ایل پلازمہ نکالا جاتا ہے۔

پلازمہ دینے والے جو صحتمند ڈونرز ہوتے ہیں وہ ہر ایک ہفتے کے بعد پلازمہ دوبارہ دے سکتے ہیں۔ڈاکٹر ز کا مزید کہنا ہے کہ صحت مند ڈونر ہر ہفتے پلازمہ دے سکتے ہیں اور پورا سال بھی دے سکتے ہیں۔یہ پلازمہ ان افراد سے نکالا جائے گا جو پہلے کرونا وائرس سے متاثر رہے ہوں۔

ایک شخص کے جسم سے نکالا ہوا پلازمہ ایک مریض کو ہی لگایا جاسکے گا۔اس طرح دس لوگوں سے نکالا گیا پلازمہ دس مریضوں کو لگایا جاسکے گا۔اس طرح ایک پلازمہ سے ایک انسان کی زندگی بچ سکتی ہے۔ڈاکٹر ز کا مزید کہنا ہے کہ چائنہ میں یہی طریقہ کار اپنا کر کئی لوگوں کی زندگیاں بچائی گئی۔

لیکن یورپ اور امریکہ میں اس طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔یہ طریقہ کار عالمی ادارہ صحت سے بھی منظور شدہ ہے۔ جب 2014 میں ایبولا وائرس آیا تھا تو عالمی ادارہ صحت نے نے کہا تھا کہ وہ افراد جو ایبولا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اس کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں ان کا پلازمہ نکال کر کر ایبولا وائرس کے مریضوں کو لگایا جاسکتا ہے۔

اسی طریقہ کار پر عمل کرنے کے لیے کچھ سامان چاہئیے ہو گا جس کے بعد آسانی سے پاکستان میں بھی اس طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے کورونا کے مریضوں کی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔۔دوسری جانب کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کے لیے یورپ میں چار مختلف طریقہ ہائے کار پر کام جاری ہے۔

اس سلسلے میں پیر سے چار مختلف تجرباتی ادویات کے کلینیکل ٹیسٹ شروع کر دیئے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پرتقریباً32 ہزار افراد کو یہ ادویات آزمائشی طور پر دی جا رہی ہیں۔

اس پیش رفت کے اطلاع فرانس کی پبلک ہیلتھ ریسرچ باڈی انسرم نے پیر کو دی ہے۔ جن مریضوں کو یہ ادویات دی جا رہی ہیں، ان کا تعلق جرمنی، فرانس، بیلجیم، لکسمبرگ، برطانیہ، سپین اور ہالینڈ سے ہے
٭٭٭
خیبرپختونخواکے تمام سرکاری اداروں میں28مارچ تک عام تعطیل کااعلان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخواکے تمام سرکاری اداروں میں28مارچ تک عام تعطیل کااعلان ،تمام اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ چلنے پر بھی پابندی عائد،بسیں ،ویگنیں،ٹیکسیاں اوررکشہ نہیں چل سکیں گے،

خیبرپختونخوا حکومت نے کوروناوائرس کے پیش نظر ہفتہ 28 مارچ تک صوبے کے تمام سرکاری اداروں میں عام تعطیل کااعلان کردیاہے ، اس سلسلے میںدفاتر بند کرنے کا باقاعدہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

مشیراطلاعات اجمل وزیر کے مطابق24مارچ سی28 مارچ ہفتے کے روز تک تمام اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ چلنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے پبلک ٹرانسپورٹ میں بسیں ، ویگیں ، ٹیکسیاں اور آٹو رکشے بھی شامل ہیں

اسی طرح خیبرپختونخوا حکومت نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر 23 مارچ سے پابندی عائد کر رکھی ہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے رابطے میںآنے والا افراد کو ایس ایم ایس الرٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) وزارت صحت کی درخواست پر ایسے لوگوں کو ایس ایم ایس الرٹ بھیج رہی ہے جو ممکنہ طور پر سفر کے دوران یا دیگر مقامات پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے رابطے میں آئے ہوں گے۔

ایس ایم ایس کے ذریعے بخار ، کھانسی ، سانس لینے میں مسئلہ اور جسم میں درد جیسی علامات ہونے کی صورت میں وصول کنندہ کو قریب ترین صحت مرکز یا ہنگامی خدمات (1166) سے رابطہ کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔

یہ پیغام ‘کوروناالرٹ’ کے نام سے ہوتا ہے۔ ایسے پیغامات جعلی یا اسپیم نہیں ہیں۔ وصول کنندگان سے درخواست ہے کہ وہ دیے گئے مشورے پر عمل کریں۔
٭٭٭٭٭

About The Author