دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

18مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق سے افسران اور سائلین نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

کمشنرنے کہا کہ شہر میں عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے افسران فیلڈ میں نکلیں اور موقع پر حل تلاش کئے جائیں انہوں نے کہا کہ

دفاتر میں بیٹھ کر مسائل کا درست تعین نہیں ہوسکتا۔صفائی اور سیوریج مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

شہر میں ڈرین،نالوں اور سڑکوں کی صفائی کیلئے دن رات ایک کرکے کام کیا جائے۔کمشنر نے سائلین کے مسائل سنے،تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات بھی جاری کئے.


ڈیرہ غازیخان :

ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔ بغیر ترپال اور پھٹے کی ٹریکٹر ٹرالی شہر میں داخل نہیں ہوگی۔

کمشنر نسیم صادق نے احکامات جاری کردئیے کمشنرنے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

روڈز پر کھڑی گاڑیاں،رکشے بند کردئیے جائیں۔عوام کو ٹریفک میں پھنسے رہنے کی اذیت سے بچانا ہے جس کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روڈز پر رکشے کھڑے نہیں ہونے دئیے جائیں گے۔مٹی،ریت اور دیگر عمارتی مٹیریل لانے والی ٹرالیوں کو ترپال اور کناروں پر پھٹے لگاکر محفوظ بنایا جائے تاکہ

روڈز پر مٹیریل نہ گرے۔کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ رات کے وقت بھی شاہراہوں پر گشت کریں اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں بند کردی جائیں۔

کمشنر نے کارپوریشن کے عملہ کو ہدایت کی کہ عوام کو گرد وغبار سے بچانے کیلئے پل ڈاٹ سے چونگی اور شاہ سکندر روڈ سمیت اہم سڑکوں پر باقاعدگی سے چھڑکاؤ کرایا جائے.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈیرہ غازیخان محمد جنید جتوئی کو دفتر تعلقات عا مہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کا انچارج ڈائریکٹر تعینات کر د یاگیاہے

اور اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے.


ڈیرہ غازیخان :

بارڈر ملٹری پولیس کے سربراہ کمانڈنٹ سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ملٹری پولیس کی بڑی کارروائی،

بواٹہ بارڈر ملٹری پولیس نے پنجاب بارڈر ایریا پر بین الصوبائی منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیابلوچستان سے پنجاب آنے والی گاڑی کے خفیہ خانوں سے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑلی

اور دو بین الصوبائی منشیات فروش اسمگلروں کو گرفتارکرکے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے منشیات فروش اسمگلروں راشد اور شہزاد کا تعلق حیدرآباد سندھ سے بتایاگیا ہے

جوکہ منشیات کو کوئٹہ سے خرید کر ملتان سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے

ایس ایچ او اقبال خان لغاری نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سردار غلام عباس گورچانی نے کہا ہے کہ جس طرح پوری دنیا کی عالمی منڈی میں پیٹرول کا ریٹ کم ہوا ہے

اسی طرح پاکستانی گورنمنٹ غریب عوام سے دو گناہ سے بھی زیادہ پیسے وصول کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ

اگرعالمی منڈی میں پیٹرول کے ریٹ کے مطابق پیٹرول ڈیزل دیا جائے تو پوری پاکستان کے دکاندار بزنس مین اور غریب عوام کو بھی ریلیف ملے گا

فوری طور پر وزیر پیٹرولیم کو اس بارے ہدایت کی جائے کہ عالمی منڈی کے ریٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت مقرر کریں

موجودہ حکمران صرف بجلی کے بلوں میں بھی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوگوں کے بلوں کی ادائیگی میں کھربوں روپے وصول کر چکی ہے اسی طرح سوئی نادرن گیس کے بل پریشر گیس کے نام پر اربوں روپے کے بلوں میں لوگوں سے وصول کئے گئے

جو کہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے پاکستانی عوام پہلے ہی مسائل کا شکار ہے اس کو مزیدمہنگائی کی چکی میں دھکیلا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس فوری طور پر اس کا نوٹس لے انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو ڈیرہ غازی خان میں کرونا وائرس کے حوالے سے سینکڑوں لوگوں کو ٹھہرایا گیا

پہلے تو موجودہ حکمران مان ہی نہیں رہے تھے منسٹر ہیلتھ نے میڈیا پر گفتگو کی کہ ڈیرہ غازی خان میں پانچ لوگوں کو کرونا وائرس ہے۔

کرونا وائرس سے متاثر مریضوں کو ڈیرہ غازی خان کی آبادی کے قریب رکھنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہے

ان متاثر مریضوں کو بلوچستان کے پہاڑے علاقے میں خالی رقبہ میں رکھنا چاہیے تاکہ عوام اس مہلک بیماری سے محفوظ رہ سکے۔

ڈیرہ غازی خان کی عوام میں بہت خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ مزید روک تھام کرنے کی ضرورت ہے۔ اور ان مریضو ں کو بلوچستان میں خالی رقبے میں رکھا جائے۔


ڈیرہ غازیخان :

جمعیت علماء اسلام جنوبی پنجاب کے نائب امیر مولانا عبدالحمید بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدا ر کے اس اعلان کو

ہم ایک مستحسن فیصلہ سمجھتے ہیں کہ کرونا وباء کی وجہ سے مساجد بند نہیں کی جائیں گی لاہور کے علماء سے ملاقات پر انہوں نے فرمایا ہے کہ

کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد بند نہیں کریں گے، وبائی آفات وغیرہ ہمارے گناہوں کا نتیجہ ہے اس موقع پر ہمیں زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع اور توبہ استغفار کا اہتمام کرنا ہے

مساجد کو آباد کو کرنا ہے ہمارے رسول کریمؐ جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو وہاں وبائی امراض تھیں آپ نے دعا فرمائی کہ

یا اللہ مدینہ منورہ سے وبا کو نکال دے حضرت ابراہیم علیہ سلام نے جو دعائیں مکہ مکرمہ کے لئے مانگی تھیں وہ ساری برکتیں میرے مدینہ منورہ کو عطاء فرما دے،

زیادہ سے زیادہ دعاؤں کا اہتمام کریں حفاظتی تدابیر بھی اختیار کریں، رجوع الی اللہ کریں اس وقت مالک کائنات اپنی مخلوق سے ناراض ہیں

ان کو راضی کرنے کیلئے مساجد کو بھر دیں تاکہ خالق کائنات رحم والا معاملہ فرمائیں

پنجاب میں اس بیماری کا زیادہ حملہ نہیں ہے حکومت جن حفاظتی تدابیر کا فیصلہ کرے گی ان پر عمل کیا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈی پی او اختر فاروق نے کہا ہے کہ ڈی جی خان کے شہریوں کے مسائل حل کرنا میری واحد ترجیح ہے حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کے موقع پر گفتگو کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ

عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے تاکہ شہریوں کے مسائل سن کر حل کر سکوں ڈی جی خان کے شہریوں کو امن و امان کے قیام میں پولیس کا ساتھ دینا ہو گا

آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق گھر گھر تک انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے

شہریوں کو چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اچھے شہری ہونے کا کردار ادا کریں


ڈیرہ غازیخان :

ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایت پر قمار باز اور مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،تھانہ گدائی پولیس نے قمار باز اور اشتہاری مجرم گرفتار کر لیا

ترجما ن پولیس کے مطابق پولیس تھانہ گدائی نے الگ الگ کاروائی کر تے ہوئے قمار باز اور مجرم اشتہاری کو گرفتار کر لیا

پرچی جواء کرانے والا ملزم فیض کریم کو گرفتارکر کے داؤپر لگی رقم 19000 ہزار اور ووچر بک قبضہ پولیس میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر دیا

اسی طرح ایک اور کاروائی میں ایک سال سے مفرور مجرم اشتہاری بلال کو گرفتار کر لیا۔


ڈیرہ غازیخان :

معروف عالم دین علامہ ناصرمدنی پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں حکومت علامہ نا صر مدنی کواغواء اور تشدد کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لے

ان خیالات کااظہار ضلعی ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ خالدمحموداظہر نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ

مولانا علامہ ناصر مدنی معروف عالم دین ہے ان پر تشدد کرنیوالے عناصرِ کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے انہوں نے کہا کہ

اغواء کاروں نے علامہ صاحب کوقتل کی بھی دھمکیاں دی ہے اور شدیدتشدد بھی کیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے مزیدکہا کہ

حکومت علماء کرام کاتحفظ یقینی بنائے کیوں کہ علماء کرام ملک کاسرمایہ ہے انہوں نے کہا کہ علامہ ناصرمدنی کے اغواء کاروں اور تشدد کرنے والوں کے خلاف

حکومت کو سخت سے سخت کاروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ایسے عناصر کسی عالم دین کے ساتھ اس قسم کی زیادتی نہ کرسکیں۔


ڈیرہ غازیخان :

قرنطینہ سینٹرزرعی کالج غازی یونیورسٹی میں مقیم 800سے زائد ایران سے زائرین کے زیر استعمال اشیاء کو قرنطینہ سینٹر سے شہر کی ہسپتال کالونی کے انسرنیٹر پر لاکر جلانے کے عمل پر

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نعمان چوہدری اور دیگر ڈاکٹرز کی طرف سے سخت تنقید اور حکومت سے اس فضلے کو قرنطینہ سنٹر کے قریب یا کسی پہاڑی علاقے میں

گڑھے کھودہ کر ٹھکانے لگانے کا مطالبہ کیا ادھر شہریوں نے بھی موذی مرض کے پھیلنے کا سبب قرار دے کر

اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے عوام کو جیتے جی مارنے کی سازش کر نے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جا ئے

شہریوں نے کہا کہ انسر نیٹر بھی گزشتہ کئی سالوں سے خراب اور بند پڑا ہے تو پھر اس گند کو شہر لانے کی کیا ضرورت ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ملک بھر سمیت صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہو ئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار ایک ساتھ اچانک قرنطینہ سنٹر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے

انہوں نے یہاں زرعی یونیورسٹی کے کیمپس میں قائم قرنطینہ سنٹر میں زائرین کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور زائرین کو حوصلہ دیتے ہو ئے کہا کہ

حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے بعد ازاں ڈی جی خان ایئر پورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہاکہ حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے

اور اس کے سدباب کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا کہ عوام گھبرائیں مت اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں

انشاء اللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے اس موقع پرانہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کو قرنطینہ سنٹر میں زائرین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کر نے اور موثر حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی

اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد سکھانی نے بتایا کہ قرنطینہ سینٹر ڈیرہ غازی خان میں اس وقت 800سے زائد ایران سے آئے ہو ئے زائرین موجود ہیں

جہاں اب تک پنجاب کے مختلف اضلاع کے سات مریضوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہو ئی ہے

جنہیں طیب اردگان ہسپتال،نشتر ہسپتال اور میر چاکر یونیورسٹی کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ

زائرین کو سہولیا ت فراہم کر نے کے ساتھ حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر کیا جا ئے۔


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا اعلیٰ حکام کے ہمراہ آئسولیشن سینٹرغازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کا ہنگامی دورہ ،

زائرین سے ملاقات میں ملنے والی سہولتوں کے بارے میں معلوم کیا کمشنر ڈیر ہ نسیم صادق نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی

مزید 1400زائرین کی متوقع آمد اور ان کے قیام پر مشاورت بھی کی گئی ذرائع ، تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے سلسلہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار حکومتی ہنگامی دورے پر

ڈیرہ غازیخان قرنطینہ سینٹر زرعی کالج پہنچے جہاں کمشنر نسیم صادق اور دیگر حکام نے انہیں بریفنگ دی اور قرنطینہ سینٹر میں موجود 800سے زائد زائرین کو دی جانیوالی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا

وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیئے گئے تھے جبکہ میڈیا کو بھی ان کے دورہ پر نہیں آنے دیا گیا

سرکاری میڈیا ان کے ساتھ تھی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان احمد بزدار نے بریفنگ کے بعد قرطینہ سینٹر میں موجود زائرین کے پاس گئے

اور انہیں چنے دال سہولتوں کے بارے میں معلوم کیا ایک ذرائع کے مطابق اس موقع پر زائرین کی طرف سے نعرے بازی بھی کی گئی

اور حکومتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے قرطینہ سینٹر کے دورے کے بعد

واپسی سے قبل ایئرپورٹ پر وی آئی پی لاو¿نج میں اعلیٰ سطحی میٹینگ کی اور قرنطینہ سینٹر اور زائرین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازیخان شہر میں مٹی اور تجاوزات میں دبی کئی فٹ سڑکیں اور ڈرین برآمد کرکے خصوصی صفائی مہم شروع کرادی گئی ہے۔

کمشنر نسیم صادق نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ڈرین اور سڑکوں کی صفائی کے عمل کا جائزہ لیا۔

مٹی میں دبی 12 فٹ شاہ سکندر روڈ برآمد کر لی گئی اوردیگر علاقوں کا بھی سروے کیا جارہا ہے کمشنر نے کہا کہ

15 سال سے صفائی نہ ہونے اور تجاوزات سے سڑکیں تنگ کردی گئی تھیں۔بد قسمتی سے ڈرین کو بھی مین سیوریج لائنز کے ساتھ منسلک نہیں کیا گیا تھا

جس سے بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے مسائل پیدا ہورہے تھے

جس سے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈرینز اور نالوں کی صفائی کرکے بحال کرائیں گے۔

کمشنر نے فٹ پاتھ اور ڈرینزپر تعمیرات کی پابندی عائد کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

کمشنر نے شاہ سکندر روڈ کا دورہ کرتے ہوئے سڑک اور ڈرین کی صفائی کے عمل کا جائزہ لیا۔کمشنر نے مانکا کینال کا دورہ کرتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی بحالی کے عمل کابھی جائزہ لیا

انہوں نے زیر زمین کیبل کی تنصیب اور شجرکاری کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے مانکا کینال پر گرین بیلٹس کی تیاری اور پودوں کا معیار چیک کیا۔

بھاری مشینری کے ذریعے دن رات ایک کرکے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔کمشنر نسیم صادق نے جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک جنرل پارک کے کام کا معائنہ کیا۔

جوگنگ ٹریکس کی تیاری کا جائزہ لیتے ہوئے پلاٹوں کی لیزر لیونگ کی ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کارپوریشن کے وئیر ہاؤس کا بھی دورہ کیا۔

سکریپ سے جھولے،بنچز،سلائیڈنگ اور دیگر کارآمد اشیاء کی تیاری کا جائزہ لیا۔ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر عابد محمود،

ایکسئین زراعت انجینئرنگ چوہدری ندیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سید اعجاز حسین بخاری،کارپوریشن کے محمد افضل جتوئی اور دیگر افسران موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے رات گئے ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا.

انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر ہسپتال میں خصوصی انتظامات کی ہدایا ت جاری کیں.

ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا. انہوں نے آئیسولیشن وارڈ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کی ہدایا ت جاری کیں.

ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی موجودگی، مریضوں کو فراہم طبی سہولیات اور متعلقہ امو رکے بارے میں بریفنگ لی.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے آگاہی ضروری ہے جس کے لیے ہر فرد کردار ادا کرے۔

عوام میں خوف پھیلانے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا جائے میڈیکل سٹور مالکان اور دکاندار حفاظتی ماسک،

جاثیم کش محلول اور دیگر ضروری اشیاء کی وافر مقدار میں موجودگی یقینی بنائی جائے کسی کو مصنوعی قلت اور بحران پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں میڈیکل سٹور مالکان اور دکانداروں کے نمائندہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی

اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسیٰ رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہرممکن حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں اور حکومت پنجاب کے قواعدوضوابط پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان :

کوٹ مبارک کے علاقہ پل سیفن یارو میں مبینہ ا شتہاری مجرمان لادی گینگ کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، مبینہ مجرمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی،

زخمی اہلکار کوٹیچنگ اہسپتال منتقل کر دیا گیا ڈیرہ غازی خان سے پولیس کی بھاری نفری بھی طلب، پولیس ترجمان محمد کاشف نے بتایا کہ

کوٹ مبارک چوک پر نامعلوم ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل ڈکیتی کی واردات کی ڈکیتوں نے تقریباًساڑھے آٹھ بجے گل زمان ولد نور محمد لوہار سے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل 125 چھینااور فرار ہو گئے

جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کوٹ مبارک نے موٹر سائیکل ڈکیتوں کا تعاقب کیاپولیس تھانہ کوٹ مبارک نے تعاقب کرتے ہوئے نزد پل سیفن یاروکے نزدیک ڈاکوؤں کو گھیر لیا

جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی کو آتا دیکھ کر اچانک فائرنگ شروع کردی فائرنگ سے ڈرائیور کانسٹیبل محمد عثمان زخمی ہوگیا

اطلاع ملنے پر ڈی پی او اختر فاروق نے ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر کے ہمراہ جائے واردات کادورہ کیا

اس موقع پر ڈی پی او اختر فاروق نے ایس ایچ او تھانہ کوٹ مبارک کو جلد ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے ہدایت جاری کیں

پولیس نے زخمی ڈرائیور کانسٹیبل محمد عثمان کو ہسپتال منتقل کر دیا بعدازاں آر پی او عمران احمر اور ڈی پی او اختر فاروق نے زخمی ڈرائیور کانسٹیبل محمد عثمان کی عیادت کی

اور ڈاکٹروں کو بہترین علاج کرنے کی ہدایات جاری کیں پولیس تھانہ کوٹ مبارک ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے کاروائی میں مصروف عمل ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈی جی خان میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا آج کے روز ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس کے نان کمرشل گاڑیوں کے ٹیسٹ بھی منسوخ کردیئے گئے

ڈرائیونگ لائسنس برانچ عملے کا کہنا تھا افسران بالا کے احکامات کی روشنی میں ڈرائیونگ ٹیسٹ نہیں لیے جائیں گے

عملہ کا کہنا تھا جیسے ہی افسران کی جانب سے حکم دیا جائے گا لائسنس برانچ کو دوبارہ

شہریوں کے لیے کھول کر لائسنس ٹیسٹ اور لائسنس جاری کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان :

کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع ڈیرہ غازیخان میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

ڈی پی او اختر فاروق کی طرف سے ضلع بھر کے ایس ایچ اوز کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

اور کہا ہے کہ عوامی مقامات، مارکیٹوں، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ،میرج ہالزسمیت ریلیز جلسوں پر بھی پابندی عائد ہو گی۔کھیلوں کے اجتماعات،

ولیمہ سینما تعلیمی اجتماعات،کانفرنسوں پارٹیوں اور سیمیناروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اور عوام الناس کو ہدایت کی کرتے ہوئے کہا ہے کہ

قانون کی پاسداری اور اس کا احترام ہم سب کا فرض ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان :

محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے مختلف اضلاع سمیت کے 22، 23 مارچ اتوار اور سوموار کے دن ڈیرہ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک،

تیز ہواؤں کیساتھ بارش کے امکانات ہیں جبکہ آج شام یا رات کو وہوا،تونسہ کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے

اس کے ساتھ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بھی آج بارش کا امکان ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

تھانہ سول لائن کے علاقہ فرید آباد میں 4 بجے صبح نامعلوم چوروں کا گھر میں گھسنے کے واقعہ پر ڈی پی او اختر فاروق کا نوٹس، جائے وقوع کا دورہ کیا،

زخمیوں کی عیادت کی ترجمان پولیس کے مطابق ڈیرہ کی گنجان فرید آباد کالونی میں علی الصبح چار بجے کے قریب چار نامعلوم ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے گھر میں گھس آئے اہلخانہ نے شور کی آواز سن کر انہیں پکڑنے کی کوشش کی

تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی جس سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او اختر فاروق نے سختی سے نوٹس لیا

اور صبح سویرے ڈی پی او اختر فاروق نے جائے وقوعہ کا وزٹ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ایس ایچ او تھانہ سول لا ئن کو نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرنے

اور جلد گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کیں مدعی کے مطابق ملزمان چوری کی غرض سے آئے اور ہمارے پکڑنے پر ہم پر فائرنگ کر دی

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے آصف شہزاد اور متحسن حسن زخمی ہوگئے تھے

نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تلاش شروع کر دی گئی ہے

ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان :

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سیکرٹری انفارمیشن ملک محمد حنیف ارائیں نے اپنی پارٹی کی دیرنیہ وابستگی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا

اس امر کا اعلان انہوں نے گذشتہ شب کھوسہ ہاﺅ س میں سابق وزیر اعلی پنجاب پیپلزپارٹی کے راہنما سردار دوست محمد خان کھوسہ کی موجودگی میںایک پریس کانفرنس میں کیا

اس موقع پر سابق صدر بار بہرام خان بزدار،نعیم قریشی،رانا محمد اکبر اور سعد راجپوت سمیت دیگر موجود تھے ملک محمد حنیف نے کہا کہ

8 201کے الیکشن میں کارکنوں نے دن رات محنت کرکے پارٹی کو کامیاب کرایا لیکن اب پی ٹی آئی کے ورکرز کو نہ اہمیت دی جارہی ہے

اور نہ ہی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام کیے جارہے ہیں جبکہ تنظیم سازی میں بھی ورکرز کو نظر انداز کرکے من پسند لوگوں کو نوازا گیا

ان حالات میں میں نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی کے رہنما سردار دوست محمد خان کھوسہ کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے

پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا اس موقع پرسردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہ وفاق میں اور نہ ہی پنجاب میں نظر آتی ہے

جبکہ کرونا وائرس کے حوالہ سے حکومت اقدامات کرنے میں بری طرح ناکام نظرآرہی ہے اگر کرونا سے کوئی قیمتی جان ضائع ہوئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہو گی

انہوں نے کہا کہ جو نوجوان پی ٹی آئی کےلئے میدانِ سیاست میں آئے انہیں لنگرخانے دکھائے جارہے ہیں

پارٹی ورکرز کو دیوار سے لگانے والی جماعتوں کی طرح حکومتی پارٹی کی ناﺅبھی ڈوبتی نظرآ رہی ہے۔

About The Author