ستمبر 30, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

12مارچ2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

موسلا دھار اور ہلکی پھلکی بوندا باندی ، موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا، تفریحی پوائنٹ پر رش

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ میں گذشتہ رات تیز اورسرد ہواﺅں کیساتھ ہونے والی موسلا دھار اور ہلکی پھلکی بوندا باندی ، موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا، تفریحی پوائنٹ پر رش ، مواصلاتی نظام درہم برہم ،کئی علاقوں میں بجلی آنکھ مچولی

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور گردنواح میں موسم بہار کی تیز اور سرد ہواﺅں کیساتھ گذشتہ رات ہونی والی موسلا دھار ہلکی پھلکی بوندا باندی کے باعث ڈیرہ کا موسم دوسرے روز بھی خوشگوار رہا اور آسمان پر سیاہ بادل منڈلاتے رہے ،

موسم خوشگوار ہونے پر ڈیرہ کے تفریحی پوائنٹ دریائے سندھ و دیگر مقامات پر لوگوں کا رش امنڈ آیا اور منچلے نوجوان بھی سڑکوں پر نکل آئے ، ڈیرہ میں موسم خوشگوار ہونے کیساتھ ہی ڈیرہ شہر میں چٹ پٹے کھانے پینے کی اشیاءکی فروخت میں بھی اضافہ ہو گیا،

دوسری جانب شہر میں ہونے والی بارش کے دوران حسب روایت ڈیرہ کا موصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی جبکہ متعدد علاقوں میں سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
٭٭٭
کھوئی بہارہ میں شجرکاری مہم کا فتتاح کیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر علاقہ شیرانی طارق سلیم بیٹنی نے علاقہ کھوئی بہارہ کے دورہ کے موقع پر علاقہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا فتتاح کردیاہے ،

اس موقع پر انہوںنے علاقے کے عوام پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے جاری شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ علاقہ سرسبز وشاداب ہوجائے،شجرکاری سے آئے روز کے سیلاب اورکٹاﺅسے زمین محفوط ہوگی ،

انہوں نے تحصیل دفتر کے اندر پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا،اس موقع پر محکمہ جنگلات کے ریجنل آفیسر اور دیگر عملہ بھی موجود تھا ،جنہوںنے عوام میں پودے تقسیم کیے۔
٭٭٭
اسسٹنٹ کمشنر علاقہ شیرانی درازندہ طارق سلیم بیٹنی کا علاقہ کھوئی بہارہ کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر علاقہ شیرانی درازندہ طارق سلیم بیٹنی نے علاقہ کھوئی بہارہ کا دورہ کیا ،انہوںنے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام اور مجوزہ تعمیر ہونے والے ڈیم کی سائیٹ کا دورہ کیا

،عوام نے انہیں بتایا کہ ڈیم کھوئی بہارہ شہر کی تباہی کا باعث ہوگا ،اس کی تعمیر نہ کی جائے ،اس سے علاقہ کی اراضی خراب ہونے کا اندیشہ ہے اور اس سے ہمارے علاقہ کی ترقی کی بجائے مذید تباہی ہوگی ،

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر طارق سلیم نے کہا کہ حکومت ایسے منصوبے تعمیر کرنا چاہتی ہے جس سے علاقہ میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں ،عوام کو فائدہ اور روزگار کے مواقع میسر آئیں ،

اگر علاقے کے عوام اس کی تعمیر نہیں چاہتے تو حکومت کوئی ایسا منصوبہ نہیں بنائے گی جس سے آبادی کو سہولت کی بجائے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ،
٭٭٭
ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ میں لاءچیمبر کی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ میں لاءچیمبر کی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیاگیا ،ڈ یرہ کے ممتاز ماہر قانون پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ میںاپنے لاءچیمبر کی سالگرہ منائی گئی ،

اس موقع پر انہوںنے اپنے چیمبر میں تقریب کا اہتمام کیاجس میں روزنامہ آج پشاور کے بیوروچیف صلاح الدین گنڈہ پور ،نیوز رپورٹر گوہر غنچہ ،نور رحمٰن وزیر ایڈووکیٹ ،کورٹ کلرک محمدعرفان کے علاوہ ان کے جونیئر شاگرد وکلاءموجود تھے ،

تقریب کے دوران انہوں نے سالگرہ کا باقاعدہ کیک کاٹا اور شرکاءکو پیش کیا ،شرکاءنے انہیں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناﺅں اور ان کی مذید کامیابیوں اور کامرانیوں کی دعاکی ۔ اس موقع پرپیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ نے گفتگو کے دوران کہا کہ

ڈاکٹر اور وکیل کا پیشہ معاشرے میں سب سے اہم حیثیت رکھتا ہے ،وکلاءکی عزت ان کے پیشے سے معاشرے کی خدمت کے باعث ہے ، کسی بھی معاشرے میں وکیل کارتبہ مثالی حیثیت رکھتاہے، وکیل معاشرے کی بہتری کیلئے لڑتاہے،

وکیل انفرادی نہیں اجتماعی مفادکاکام کرتاہے،وکیل معاشرے کے محروم طبقے کیلئے قانونی جنگ لڑتاہے۔ انہوںنے اپنی تمام تر کامیابیوں کے پیچھے چھپے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت

، اپنے والدین او ردوست احباب کی دعاﺅں کے علاوہ اپنی محنت اور موکلین کی خدمت کو قراردیتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اپنے ہر مقدمہ میں مکمل یکسوئی اور دل وجان سے محنت کرکے اپنی فیس کو حلال کیاہے۔

انہوں نے جونیئر وکلا ءکے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر اور وکیل کا پیشہ معاشرے میں سب سے اہم حیثیت رکھتا ہے ،معاشرے کے محروم طبقے کیلئے قانونی جنگ لڑتاہے، ہر قانون کو سمجھنے کےلئے اس کی تاریخ میں جانا نہایت ضروری ہے ،

قانون کی اصل روح سے آشنائی ہوتو وکیل کے دلائل میں بہت وزن ہوتا ہے ، انہوںنے کہا کہ وکالت آج بھی پاکستانی معاشرے کاایک معزز پیشہ ہے ،وکیل معاشرے کی بہتری کیلیے لڑتا ہے ، وکیل کیلئے اپنے کیس کی تمام باریکیوں کااحاطہ کرنااشدضروری ہے،

وکلاکوتاریخ،ریاضی اورادب پربھی دسترس حاصل کرنی چاہیے، تاریخ کامطالعہ ایک وکیل کے دلائل کومزیدمضبوط بناتاہے انہوں نے کہا کہ وکیل کے دلائل ریاضی کی طرح پکے ہونے چاہیئں ، ایک لفظ کے لغت میں 15معنی ہوتے ہیں اور اچھا وکیل ہی ان میں فرق کر سکتا ہے ،

ایک اچھے وکیل کو معاشرے میں تمام معاملات سے آگاہ ہونا چاہیے ، وکلاءخود کو اخبارات اور کتابوں سے جوڑے رکھیں ، نئے وکلاءسے زیادہ منشیوں اور کلرکوں کو عدالتی کارروائی کے بارے میں پتہ ہوتا ہے ،
٭٭٭
شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے کے بعد چھت سے جھول کر خودکشی کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ یونیورسٹی کی حدود علاقہ نائیویلہ نے شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے کے بعد چھت سے جھول کر خودکشی کرلی ،دونوں میاں بیوی کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئیں ،پولیس نے واقعات کی رپورٹ درج کرکے مزید چھان بین شروع کردی ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یونیورٹی کی حدود علاقہ نائیویلہ میں گھریلو چپقلش اور ناچاقی پر چالیس سالہ کلیم اللہ نے اپنی تیس سالہ بیوی (م بی بی ) کو بے دردی سے قتل کردیا اور بعدازاں مکان کے کمرے کی چھت سے لٹک کر اپنی قیمتی زندگی کا چراغ بھی گل کرلیا،

واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوںکو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں ،پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کرکے مذید چھان بین شروع کردی ہے۔
٭٭٭
بارش نے ہر طرف تباہی مچا دی خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ،چار افراد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان،ٹانک ، کلاچی، کھوئی بہارہ، درازندہ اور جنوبی وزیرستان اور گردو نواح میں دوروز سے جاری طوفانی بارش نے تباہی مچادی، خاتون اور تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ، ایک بچی سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے ،

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ڈیرہ اسماعیل خان ،ٹانک اور گردونواح میں دوروز سے جاری تیز طوفانی بارش نے ہر طرف تباہی مچادی ،

ڈیرہ کے نواحی گاﺅں حاجی مورہ میں مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق،کڑی خیسور میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق،ٹانک کے علاقہ گل امام میں مکان کی دیوار گرنے سے دس سالہ سجاد ولد صلاح الدین جاں بحق جبکہ آٹھ سالہ بچی عائشہ بی بی دخترمحمد عباس ساکنان گل امام ٹانک شدید زخمی ہوگئی ،

تحصیل پروآ کے گاﺅں میرن میں بارش کے دوران مولوی حنیف کے گھر کی چھت گر گئی، حادثے میں گھر میں موجود دو افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں زخمی حالت میں باہر نکال لیا گیا، ڈیرہ شہرمیں گورنمنٹ سینیٹیل ہائی سکول نمبر1کی بوسیدہ عمارت کی چھت اور دیوار زمیں بوس ہوگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،

ڈیرہ شہرمیں نکاسی آب کے نالے بند ہونے سے بارش کا پانی شہر کی گلیوں اور نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ جمع ہوگیا اور بعض مقامات پر بارش کا پانی گھروں اور دوکانوں میں داخل ہوا جنہیں لو گ اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالتے رہے ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شدید بارش کے باعث پہاڑوں سے آنیوالا سیلابی ریلا ٹانک ، کھوئی بہارہ اور کلاچی شہر اور ملحقہ علاقوں میں داخل ہوگیا جس سے سینکڑوں کنال زیر کاشت اراضی زیر آب آگئی جبکہ مقامی آبادی کو بھی شدید نقصان پہنچا ،

، جنوبی وزیرستان اور درازندہ میں ژالہ باری اور برفباری سے گندم اور چنے سمیت پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ، درابن میں درازندہ سے ملحقہ علاقہ میں روکوہی نالہ کے قریب خیمہ زن خاندان سیلابی پانی کی زد میں آگیا جسکی اطلاع پر پاک فوج نے فوری امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
٭٭٭
دوکان میں چھاپہ مار کروہاں جواءکھیلنے کے الزام میں5جواریوں کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کڑی خیسور پولیس نے کڑی خیسور اڈا پر دوکان میں چھاپہ مار کروہاں جواءکھیلنے کے الزام میں5جواریوں کو گرفتار کرلیا، 21ہزار5سو روپے کی داﺅ منی، 52پتے تاش برآمد، مقدمہ درج۔

تفصیلات کے مطابق کڑی خیسور پولیس نے مخبر کی اطلاع پر کڑی خیسور اڈا پر غنی پاﺅلی کی دوکان پر چھاپہ مار کر قمار بازی میں مصروف اقبال اور طارق سمیت5جواری سکنائے کڑی خیسور پکہ کو گرفتار کرکے جواءکھیلتے ہوئے 52پتے تاش،

کل داﺅ منی 15500روپے اور 6000روپے جامہ تلاشی پر برآمد کرلئے ۔ پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
میٹر ٹیمپرنگ کیس کا ملزم زیر دفعہ 249A کے تحت ناکافی شہادتوں کے باعث مقدمہ سے بری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ نے میٹر ٹیمپرنگ کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم رضوان کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار کے معروف قانون دان عبدالقیوم قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی درخواست زیر دفعہ 249A پر ملزم کو ناکافی شہادتوں کے باعث مقدمہ سے بری کردیا ،

،تفصیلات کیمطابق تھانہ صدر کی حدود میں واقع میانی آباد پشہ پل کے علاقے میں کنڈا مافیا کیخلاف واپڈا آپریشن کے دوران میٹروں کو ٹیمپرنگ کر نے اطلاع پر کاروائی کے دوران ملزم محمد رضوان ولد غلام قاسم قوم شیخ سکنہ بستی استرانہ کو موقع سے گرفتار کرلیاگیا ،

پولیس نے ملزم کے قبضہ سے آلات ٹیمپرنگ اور تین عدد ٹیمپرشدہ میٹر برآمد کرکے اس کے خلاف تھانہ صدر میں 39A الیکٹرک سٹی ایکٹ اور 419-420 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ،

ملزم کے ضمانت پر رہا ئی پانے کے بعد عدالت میں مقدمہ چالان مکمل کرکے پیش کیاگیا ،مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے عبدالقیوم قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے ملزم کی جانب سے زیر دفعہ 249A ض ف کے تحت درخواست منطوری کے لئے دائر کی

جس میں موقف اختیار کیاگیا کہ استغاثہ کے پاس کوئی شہادت موجودنہیں جبکہ ملزم کے خلاف لگائے جانے والے الزامات واپڈا اور صارف سے متعلق ہیں ، ایف آئی آر میں درج دفعات 39A.420.419 ت پ کا اطلاق ملزم کے خلاف کسی صورت نہیں ہوتا ،

انہوںنے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ واپڈا اور پولیس نے ملزم کو ایک روز خلاف قانونی اور بلااختیار اپنی تحویل میں رکھا اور ملزم کے خلاف شہادت اور دیگر وجوہات بھی بیان کیں جبکہ ملزم کے خلاف شہادت نہ ہونے کو استغاثہ نے بھی تسلیم کیا ،

فاضل عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ نے وکیل ملزم کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کو ناکافی شہادتوں کے باعث زیر دفعہ 249Aض ف کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔
٭٭٭
سید پیر معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں عظیم الشان محافل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایوان مہر علی شاہ کے زیر اہتمام خواجہ خواجگان سید پیر معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں عظیم الشان محافل چھٹی شریف جامعہ مہریہ مسجد مریالی اور جامع مسجد اویس قرنی ؒچاہ مشنی شپ شاہ والا سٹی ڈیرہ میں الگ الگ سجائیں گئیں ،

بعداز نماز عصر ختم خواجگان وزکروازکار کیاگیا ،محفل کے باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک وحمد باری تعالی سے کیاگیا ،اس موقع پر شہر کے مقامی نعت خواں حضرات نے بارگاہ اقدسمیں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ اس موقع پر منعقدہ محافل سے مہمان خصوصی صاحبزادہ سید نجم الحنجم اور نیاز حسین لاشاری بلوچ

نے اولیا ءکرام اور حضرت خواجہ گریب نواز سید پیر معین الدین چشتی ؒکی دینی ومذہبی میدان میں دی جانے والی خدمات پر خطاب کرتے ہوئے تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاءکرام کے آستانے رشدوہدایت کا سرچشمہ ہیں اور اولیاءکرام اللہ تعالیٰ کے برگذیدہ بندے ہیں ،

خواجہ خواجگان سید پیر معین الدین چشتی قرآن وسنت کے حقیقی داعی ، ایک جرآت مند وبہادر اور غیرت مند انسان تھے جنہوںنے اپنی زندگی قرآن وسنت کے آفاقی پیغام وتعلیمات کو پھیلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے لاکھوں ہندﺅں کو مشرب بہ اسلام کیا جو کہ تاریخ اسلام کا روشن باب ہے ،

انہوںنے کہا کہ خواجہ غریب نواز سید پیر معین الدین چشتی ؒ بذات خود فقیر الفقراءتھے لیکن اس کے باوجود بھی ان کے گھر کا تندور ،چولہا چوبیس گھنٹے جلتا رہتا ،ان کے در پر آنے والے سوالی شخص کبھی بھی خالی ہاتھ اور بھوکا پیاسا نہ لوٹتا تھا ،

انہوںنے کہا کہ آج کے پرفتن دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام ادھر ادھر کی ٹھوکریں کھانے کی بجائے اولیاءکرام ،پیر سید مہر علی شاہ ،پیر سید معین الدین چشتی ؒ ،حضرت داتا گنج بخش ؒ،حضرت بختیار کاکی ؒودیگر اولیا کرام کی تعلیمات کا مطالعہ کرتے ہوئے زندگی بسرکرنا ہوگی ورنہ ذلت ورسوائی کے سواکچھ حاصل نہیں ہوگا۔
٭٭٭
سوشل میڈیا فیس بک پر فرضی اکاﺅنٹ بنا کر معززین کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈ ہ کرکے ان کی عزتین اچھالی جارہی ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پچھلے چند ماہ سے سوشل میڈیا فیس بک پر فرضی اکاﺅنٹ بنا کر معززین علاقہ ،سیاست دانوں ،سرکاری اداروں کے افسران سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معززین کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈ ہ کرکے ان کی عزتین اچھالی جارہی ہیں ،

سائبرکرائم ایف آئی اے کی ذمہ داری ہونے کی وجہ سے متعلقہ پولیس نے خود کو مکمل طور پر بری الذمہ کررکھا ہے اور گھناﺅنی حرکتین کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے فرضی اکاﺅنٹ بنانے ان کو چلانے اور ان کی معاونت کرنے والے افراد کے حوصلے بڑھ چکے ہیں ،

لاقانونیت کی وجہ سے شہریوں میں انارکی پھیل رہی ہے ،فرضی اکاﺅنٹس سے گمراہ کن پروپیگنڈہ کی وجہ سے متاثر ین اپنے مخالفین سمیت دیگر دوست احباب پر شک کرتے ہیں جس کے باعث بے شمار شریف لوگوں کے انتہائی خوشگوار تعلقات دشمنیوں میں بدل چکے ہیں

اور جوں جوں یہ کام بڑھ رہا ہے کوئی بھی بڑا واقعہ رونما ہوسکتاہے۔حکومت کو چاہیے کہ بڑے شہروں میں یہ تفتیش ایف آئی اے کے سپرد کرے جبکہ چھوٹے اضلاع قصبوں ،تحصیلوں میں ایسے کیسوں کی تفتیش ضلعی پولیس کو سونپی جائے تاکہ خوشگوار تعلقات قائم رہیں اور دوستیاں دشمنیوں میں تبدیل نہ ہوں
٭٭٭
غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولزتعلیم کے نام پر صرف دولت اکھٹی کرنے میں مصروف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولزتعلیم کے نام پر صرف دولت اکھٹی کرنے میں مصروف ،ڈیرہ میں درجن سے زائد پرائیویٹ سکولز کھل گئے جو تعلیم کے نام پر صرف دولت اکھٹی کرنے میں مصروف ،اعلی سلبیس کی تیاری کے لئے میٹرک پاس اور ان ٹرینڈ تیچرز کا سہارا لیا جانے لگا ،

سکولوں کی مشہوری پر لاکھوں روپے خرچ کرکے بڑے بڑے سائن بورڈاور بینرز آویزاں کردیئے گئے ،انقلابی اشعار لکھ کر منشور متعارف کروایا جارہا ہے ،بڑی عمارتیںکرایے پر لے کر سادہ لوح والدین کو سہانے سپنے دکھا کر جال میں پھنسالیا جاتاہے ،

ان سکولوں میں بچوں کی جسمانی نشوونما کے لئے نہ تو کھیلوں کے میدان میںاور نہ صاف آب وہوا کو کوئی معقول بندوبست ،جیسے مستقبل کے معمار جیلوں جیسی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں ،شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں جتنی تیزی سے پرائیویٹ سکولوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،

اتنی ہی تیزی سے سرکاری سکولوں میں بچوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس سے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے،

حیران کن بات یہ ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کے سالانہ پروگرامز میں محکمہ تعلیم کے افسران رونق افروز ہوتے ہیں جس سے پرائیویٹ سکولز مافیا کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ،

پرائیویٹ سکولوں کو ماہانہ مانیٹرنگ کرنے والی ٹیمیں نظر نہیں آتی ،شہریوں نے محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو موثر بنایا جائے تاکہ سرکاری سکولوںمیں تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکے ۔
٭٭٭
خودساختہ مہنگائی عروج پر، منافع خوروں نے من مرضی کی قیمتیں مقرر کرلیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور گرد و نواح میں خودساختہ مہنگائی عروج پر، منافع خوروں نے من مرضی کی قیمتیں مقرر کرلیں، انتظامیہ کی غفلت سے شہریوں کو مہنگائی کے سونامی کا سامنا،

تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث ناجائز منافع خوروں نے کمر کس لی ہے اور اشیاءخورد و نوش کی خودساختہ قیمتیں مقرر کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں

جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹی اپنی جاری کردہ پرائس لسٹ پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی لگتا ہے جیسے ملک بھر کی مہنگائی نے ڈیرہ کا رخ کرلیا

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام نوٹس لیکر خودساختہ مہنگائی جیسے لوٹ مار کے بازار کو بند کریں۔
٭٭٭
بارشوں کانیاسلسلہ بدھ کی صبح سے جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ملک دیگرعلاقوں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کانیاسلسلہ بدھ کی صبح شروع ہوا جو کہ جمعہ کے روز تک جاری ہے ۔ ڈیرہ سمیت دیگر مختلف علاقوںمیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش ہوئی۔

ڈیرہ اورگردونواح میں بارش کاسلسلہ صبح05 بجے شروع ہوااوروقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہنے کے بعد گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔بارش کے نتیجے میں سڑکیں زیرآب آگئیں اورنشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

تیزبارش اورہواﺅں کے نتیجے میں پیسکو کے متعددفیڈرز ٹرپ کرگئے بعض علاقوں میں برقی روکاتعطل بھی پیداہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح سے رات تک مجموعی طورپر ڈیرہ شہرمیں 30.0ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔

صبح 8بجے ہوامیں نمی کاتناسب75فیصداورشام5بجے 94فیصدتھا۔بارش کاسلسلہ آئندہ دوروز بھی جاری رہنے کاامکان ہے۔بارش کے باعث دفاتراورسکولوں میں بہت کم حاضری دیکھنے میں آئی جبکہ مارکیٹیں اوربازاربھی عملاًًسنسان رہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16.0اورکم سے کم 10سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔ جمعہ کے روز ڈیرہ میں طلوع آفتاب 6بجکر30منٹ پراورغروب آفتاب 6بجکر22منٹ پرہوگا۔
٭٭٭
سونے کی فی تولہ قیمت95ہزار روپے کی سطح پر مستحکم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت95ہزار روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

آل صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روزبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت1657ڈالر برقرار رہی جس کے زیر اثر کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی،

پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کی95ہزارروپے اوردس گرام سونے کی قیمت 81447روپے مستحکم رہی۔

چاندی کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے اور 10گرام چاندی کی قیمت 857روپے مستحکم رہی۔
٭٭٭
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی طلب بڑھنے کے باعث قدر میں اضافہ ریکارڈ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مقامی کرنسی مارکیٹوں میں گزشتہ روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی طلب بڑھنے کے باعث قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹر بینک میں امریکی ڈالر 1.49روپے اور اوپن مارکیٹ میں ایک روپے بڑھ گیا

جب کہ یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں کمی ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید1.49روپے کے اضافے سی156.93روپے سے بڑھ کر158.42روپے اور قیمت فروخت157.13روپے سے بڑھ کر158.62روپے ہوگئی

جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قیمت خرید ایک روپے کے اضافے سی156روپے سے بڑھ کر157روپے اورقیمت فروخت157روپے سے بڑھ کر158روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میںیوروکی قیمت خرید174.50روپے اورقیمت فروخت176.50روپے مستحکم رہی

جبکہ برطانوی پاﺅنڈکی قیمت خرید200.80روپے سے گھٹ کر199روپے اورقیمت فروخت202.80روپے سے گھٹ کر202روپے ہوگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید40.80روپے سے بڑھ کر41روپے اورقیمت فروخت41.20روپے سے بڑھ کر41.30روپے ہوگئی

جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید41.90روپے سے بڑھ کر42روپے ہوگئی اورقیمت فروخت42.30روپے برقرار رہی۔ چینی یوا?ن کی قیمت خرید20روپے اور22.50روپے مستحکم رہی۔
٭٭٭
سول سیکر ٹریٹ کے احاطے میں تمام محکموں و منسلک دفاتر میں فور ی طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا وائرس سے متعلق سول سیکر ٹریٹ کے احاطے میں تمام محکموں و منسلک دفاتر میں فور ی طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹریٹ میں داخل ہو نے والی تمام گاڑیوں میں آنے والے افسروں، ا

ہلکاروں و عوام کا علامات کی جانچ کیلئے تھرمل سکینڑ سے چیکنگ کی جائیں،تما م عملے کو نرمی کے ساتھ ہدایت کی جائے کہ روایتی مصافحہ اور گلے ملنے سے گریز کریں۔کچھ عرصے کیلئے تما م بائیو میٹرک حاضری بند کریں۔

دروازوں اور سیڑھیوں کے دستوں کو ہاتھ نہ لگائیںاور کمروں کے دروازے کھلیرکھیںتاکہ کوئی دروازے کو کھولنے کی غرض سے دستیکو ہاتھ نہ لگایا جائے۔تما م آپریٹرز کو ہدایت کی جاتی ہیں کہ کمپیوٹر کی بورڈ، فیکس مشین، ٹیلفیون کو استعمال کرنے سے پہلے ڈسپوزایبل دستانے استعمال کریں۔

دفاتر میں اگر کوئی شخص نزلہ وزکام میں مبتلا ہو تو اسے ماسک پہنناچاہیئے ایک ماسک کا استعما ل ایک دن سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے۔غسل خانوں سے تولیے ہٹاکر کاغذ کے ٹشو استعمال کریں۔ہر اس شخص کو جسے بخار ، فلو وغیرہ کی شکایت ہو توچیک اپ کے لئے ہسپتال منتقل کیا جائے۔

تمام عملے پر ہر 3 تا 4گھنٹہ بعد کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھونے کے عمل کو لازمی قرار دیں۔ریسکیو1122 کو تاکیدکی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ سٹاف کی ڈیوٹیاںلگائیں کہ وہ سیکرٹریٹ کے تمام داخلی دروازوں سے اندر آنے والے تمام افراد،گاڑیوں اور ان میں سوار لوگوں کو تھرمل سکینرز سے چیک کریں۔

ضروری اجلاس کھلے اور ہوادار کمروں میں منعقد کئے جائیں۔ طویل اجلاسوں کے لئے ضروری ہے کہ ہر 30منٹ بعد 10تا 15منٹ تازہ ہوا کے لئے وقفہ کیا جائے۔دفاتر میں داخلی دروازوں پر سینٹائزر نصب کئے جائے۔

تمام سرکاری عمارتوں میں تازہ ہوا آنے کو یقینی بنایا جائیں اور اس مقصد کے لئے باقاعدگی سے کھڑکیوں کو کھولا جائے۔بیت الخلا کو صاف اورخشک رکھیں۔تما م افراد خوراک کے لئے الگ برتن استعمال کریں اور اسکی صفائی کا انتظام بھی خود کریں۔

گاڑیوں کے دروازے اور سٹئیرنگ صرف ایک مستعمل شخص کے لئے مختص رکھیں اور اگر دوسرے افراد کا استعمال ناگزیر ہو تو مناسب کپڑا یا دستانے استعمال کریں۔

مزید یہ کہ ہر محکمہ اس مقصد کے لئے اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کر یںجو مندرجہ بالا احکامات نافذ کرے اور باقاعدگی سے اپنی حدود میں ان احکامات کا معائنہ کرے۔
٭٭٭
انکم ٹیکس اور اثاثہ جات کے حوالے سے گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد کو نوٹسز جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے انکم ٹیکس اور اثاثہ جات کے حوالے سے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 5لاکھ50ہزار افراد کو نوٹسز جاری کر دئیے جس میں مختلف سرکاری محکموں کے ہزاروں ملازمین بھی شامل ہیں ،

گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے 40ہزار جرمانے عائد کرنے کا عندیہ بھی دیدیا گیا ہے۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس اور اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ساڑھے پانچ لاکھ لوگوں کو نوٹسز جاری کر کے تنبیہ کی گئی ہے

کہ ایک ماہ میں گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں 40ہزار روپے جرمانے عائد کیا جائے گا۔ ریجنل ٹیکس آفس ٹو نے نان فائلرز کے ساتھ گوشوارے جمع نہ کرانے والے این ٹی این ہولڈرز کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں۔

مختلف سرکاری محکموں لیسکو ، واپڈا، سوئی گیس، پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے 66ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو بھی نوٹسز کا اجراءکیا گیا ہے۔

مختلف سرکار ی نجی بینکوں ،کارپوریٹ کمپنیوں کے ملازمین اورسرکاری و نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو بھی گوشوارے جمع کرانے کے لئے انتباعی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
٭٭٭
طلباء میں تمباکو نوشی کا بڑھتاہوا رجحان خطرناک

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ ضلع بھر میں چھوٹی عمر کے بچوں بالخصوص زیر تعلیم طلباء میں تمباکو کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ضلع بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی 50 میٹر کی حدود میں سگریٹ کی فروخت اور سٹاک رکھنے پر عائدپابندی دو سالوں سے عملدرآمدکی منتظر ہے ،

تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سکول جانیوالے بچوں میں بھی سگریٹ نوشی تیزی سے سرائیت کر رہی ہے ،اور سکولوں کے قریب اکثر دوکانوں پر انہیں سگریٹ نوشی کرتے باآسانی دیکھا جا سکتا ہے

،جس پر حکومت کی طرف سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں کے تعاون اور ضلعی سطح پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے

کہ ہیلتھ آرڈیننس 2002 کے تمام نکات پر عمل کروانے میں بھرپور تعاون کیا جائے ،قانون کی خلاف ورزی پرسرکاری افسران کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
٭٭٭
ہیلتھ ڈیکلریشن فارم کے بغیر مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستانی حکومت نے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم کے بغیر مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام فضائی اڈوں پر مسافروں کی جہاز سے اترنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کردی ہے

.سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ دوران پرواز ہی مسافروں سے ہیلتھ فارم مکمل کروائیں. دوران سفر فارم مکمل نہ کرنے والے مسافروں کو جہاز کی سیڑھیاں اور بورڈنگ بریج فراہم نہیں کیا جائے گا

سی اے اے کے مطابق طیارے کی لینڈنگ سے پہلے ایئر ٹریفک کنٹرولر پائلٹ سے 2 بار رابطہ کرے گا پہلے رابطے کے دوران ایئرٹریفک کنٹرول کپتان کو فارم مکمل کروانے کی اطلاع دے گا.دوسری بار رابطے کے دوران کپتان کو اے ٹی سی کو ہیلتھ فارم مکمل کرنے کی اطلاع دینی ہوگی

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ملکی ایئرپورٹس منیجر کو لکھے گئے ہدایات نامہ میں کہا ہے کہ ہیلتھ فارم مکمل کرنے کی رپورٹ نہ دینے پر طیارے سے مسافروں کو اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی.
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
میلہ ڈیرہ جات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان(غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کی زیر صدارت میلہ ڈیرہ جات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد۔تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں رواں ماہ کی21تاریخ سے شروع ہونےوالے میلہ ڈیرہ جات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز، اسسٹنٹ کمشنرزکے علاوہ محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، سپورٹس،

ریسکیو 1122، لائیو سٹاک، وائلڈ لائف، ٹریفک، تعلیم، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ڈبلیو ایس ایس سی، سی اینڈ ڈبلیو، پاپولیشن ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، زراعت، خوراک، جنگلات، ایگری کلچر ریسرچ،نیشنل ہائی وے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ رواں ماہ کی21سے23تاریخ تک جاری رہنے والے تین روزہ میلہ ڈیرہ جات کے دوران مختلف سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں جن میں کیٹل شو، دودہ، سٹون لفٹنگ، سیک لفٹنگ، کُشتی، بُل کارٹ ریس، ڈنکی کارٹ ریس، ڈاگ ریس، کوڈی، کڑکا، وغیرہ شامل ہیں۔

میلے کے دوران ریسکیو 1122کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تین ایمبولینسز، فائر وہیکلز سمیت دو بیک اپ ایمبولیسز موجود رہیںگی جبکہ فرسٹ ایڈ کٹس بھی دستیاب ہوں گی۔

اجلاس کے دوران مزید بتایا گیا کہ میلہ ڈیرہ جات کیلئے تین مقامات کا انتخابات کیا گیا ہے تاہم رتہ کلاچی سپورٹس اسٹیڈیم میں سپورٹس و دیگر تمام سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جبکہ فیملی فسٹیول ٹاﺅن ہال کے مقام پر منعقد کیا جائیگا اور ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ہال میں پینٹنگ و دیگر آرٹ سے متعلق نمائش پیش کی جائیگی۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ میلہ کی فول پروف سیکورٹی سمیت بڑ ی گاڑیوں اور ٹرالیوں کی آمد و رفت جس پر پہلے سے دفعہ 144کا نفاذ کیا جا چکا ہے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی فیملی فسٹیول کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے بھی پلان ترتیب دیا جائے۔

انہوں نے ڈبلیو ایس ایس سی اور محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ میلہ کے مقام کی صفائی ، نکاسی آب اور خوبصورتی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

·

انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان(غنچہ نیوز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود کی زیر صدارت رواں انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد۔افسران و اہلکاروں کو تندہی سے فرائض کی بجاآوری کے احکامات جبکہ والدین کو اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوانے کی اپیل۔

تفصیلات کے مطابق 9سے13مارچ تک جاری انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی سے متعلق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمیت محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ، ای پی آئی، ڈبلیو ایچ او، کام نیٹ، پی ای اوز ، تھرڈ پارٹی مانیٹرز و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے تیسرے روز ضلع کے بیشتر مقامات میں موسمیاتی صورتحال کے باعث اہداف کے حصول میں کافی دشواری کا سامنا رہا ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مہم کے آخری دو روز کے دوران ریفیوزل کیسز کی کوریج کو ترجیح دی جائیگی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں اور جہاں جہاں کوئی خامی یا کوتاہی کی نشاندہی کی جائے اسے فوری دور کرنے کیلئے حتی الوسع اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انسدا د پولیو ایک قومی فریضہ ہے تاہم تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے تمام پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

About The Author