نومبر 4, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

09مارچ2020: بوقت 07بجےشام کی خبریں

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی نسیم صادق نے ہاوسنگ کالونیوں میں گرین بیلٹس کی جگہوں پر سکول،کالجز اور دیگر عمارتوں کا نوٹس لے لیا۔تعمیراتی کام پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے

فاٹا افسران کو سروے کرنے اور تجاوزات پر نشانات لگاکر بارہ گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کے احکامات جاری کردئیے۔

انہوں نے یہ احکامات پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے۔

ڈائریکٹر فاٹا طاہر جاوید،اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران شریک تھے کمشنر نے ہاؤسنگ کالونیوں خیابان سرور،

ماڈل ٹاؤن اور فورٹ منرو میں کمرشل پلاٹ اور کمرشل سڑکوں کی بھی منظوری دے دی۔شہری رجوع کرکے کمرشل سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں۔

ہاوسنگ کالونیوں میں پارکس کی بھی منظوری دی گئی۔کمشنر نے پارکس کیلئے تجویز کردہ جگہوں اور مجوزہ نقشہ بھی عوام کی آگاہی کیلئے آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پارکس میں بہتری کیلئے تجاویز کمشنر آفس میں جمع کراسکتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کئی سال سے زیر التوا درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے کارپوریشن کی حدود میں سات ہاؤسنگ کالونیوں گلبرگ فیز ون،ٹو،تھری اور بلاک سی کے علاوہ ڈریم گارڈن،

عثمانیہ ویلیج اور غازی ٹاون کی منظوری دے دی ہے۔کمشنر نے کہا کہ دیگر کالونیوں کے مالکان کمشنر آفس رجوع کرکے اپنی ہاؤسنگ کالونیوں کو ریگولرائز کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں میں پلاٹوں کی خریدوفروخت ر وکنے کے ساتھ کالونیوں کو سیل کردیا جائیگا

جس کیلئے مرحلہ وار کام کیا جارہا ہے۔مالکان واجبات کی ادائیگی اور ضروری دستاویزات کے تکمیل کرکے کالونیوں کو منظور کرائیں۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق سے ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی شہزاد مگسی سمیت سائلین نے ملاقات کی۔کمشنر نسیم صادق نے ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی شہزاد مگسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ

تاجر برادری کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور خوف وہراس کی شکایات کم کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔تاجر برادری کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق

اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت کیلئے رہنمائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ناقص،ملاوٹ شدہ اور مضرصحت اشیاء کے ذریعے انسانی صحت سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھے۔کمشنر نے سائلین کے مسائل سنتے ہوئے تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔

انہوں نے اس سلسلے میں افسران سے ٹیلی فون پر خود رابطہ کرکے ہدایات بھی جاری کیں.


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی زیر صدارت برڈ ہیزرٹ سے متعلق ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی ہوائی سفر محفوظ بنانے کیلئے ائیر پورٹ کے نزدیک پرندوں کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے

جس کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ویڈیو لنک کانفرنس میں ڈویژنل انتظامیہ کو ٹاسک دیدیئے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا کہ

ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ اور دیگر حساس علاقوں میں پرندوں کے ٹکرانے سے ہوائی جہاز اور دیگر طیاروں کو حادثات سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔رن وے اور ائیرپورٹ کے نزدیکی علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کھلے عام نہ پھینکنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے رہائشی کالونیوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے احکامات جاری کردیئے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

منظور شدہ رہائشی کالونیوں میں مکینوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔گرین بیلٹس،روڈز،مسجد اور پارک کا رقبہ صرف اسی مقاصد میں استعمال ہوگا۔

کالونیوں میں تعمیراتی کام پر بھی نظر رکھی جائے گی۔مکانات اور کاروباری مراکز کے نقشہ فیس، کنورژن فیس اور دیگر واجبات ادا کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ منظور شدہ کالونیوں میں صفائی،سیوریج اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان شہر کی کیٹل منڈی کو فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کیا جائیگا۔مویشی پال اور خریدار کو مستفید کرنے کیلئے ایکو مارکیٹ متعارف کرانا ہوگی۔

کمشنر نسیم صادق نے کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ

مویشی پال اور خریدار باہر سے آتے ہیں۔ان کے گھروں کے نزدیک روایتی منڈی کا نظام بحال کرنے سے مویشی پال اور خریدار پر معاشی بوجھ کم ہوگا

وہ پیدل مویشی لے کر آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کے نیچرل سیل پوائنٹس بڑھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں جانور پیدا ہوتے ہیں اور نہ ہی پالا جاتا ہے۔مویشی زیادہ تر دیہی علاقوں سے لائے جاتے ہیں اس لئے ان کے گھروں کے نزدیک منڈیوں کے قیام کیلئے کوشش کرنی ہوگی۔

کمشنر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تونسہ بائی پاس روڈ اور دیگر مجوزہ جگہوں کا معائنہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں ایم ڈی کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران،چیف فنانشل آفیسر علی معین وارثی،جنرل منیجر آپریشن ڈاکٹر فقیر حسین،

اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر اراکین موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے چڑیا گھر سمیت شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر افسران ہمراہ تھے.

کمشنرنے چڑیا گھر کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تفریح کے حامل مزید پرندے اور جانور چریا گھر لائے جائیں گے جس کیلئے انتظامیہ سفارشات پیش کرے کمشنر نے پرندوں اور جانوروں کے گھروں کی کلر سکیم تبدیل کرکے نظارہ واضح کرنے کے احکامات جاری کئے

انہوں نے ٹف ٹائلز کا لیول درست کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔شجرکاری اور صفائی کا معیار بہتر کیا جائے۔کمشنر نے معائنہ کے وقت بندر کے شاپر کھانے اور کیج میں پلاسٹک لفافوں کی موجودگی پر متعلقہ کیٹل اٹینڈنٹ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے

فوری طور پر پنجرہ کی صفائی کے احکامات جاری کیے۔کمشنر نے کہا کہ لوگوں کو آگاہی دی جائے کہ چڑیا گھر بالخصوص جانوروں اور پرندوں کے پنجروں میں پلاسٹک نہ پھینکیں۔

پلاسٹک پرندوں اور جانوروں کیلئے مہلک ہے۔کمشنرنے جھیل کے گندے پانی کی صفائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔

کمشنر نے چوک چورہٹہ کے معائنہ کے دوران لنگر خانہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مانکا کینال کے کناروں پر بنچز،جھولے،سلائیڈنگ اور تفریحی سامان کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا۔

کمشنر نے بس سٹینڈ کے نزدیک ملحقہ 80کنال رقبہ پر جنرل پارک کی تیاری کا جائزہ لیا. انہوں نے جوگنگ ٹریک کے ساتھ کنٹین قائم کرنے کے معاملات کا جائزہ لیا.

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید اعجاز حسین بخاری، ایگزیکٹو انجینئر زراعت انجینئرنگ چودھری محمد ندیم اوردیگر موجو دتھے.


ڈیرہ غازیخان :

کمرشل واجبات اور نقشوں کی فیس کی عدم ادائیگی پر مزید چھ کاروباری مراکز سربمہر کر دیئے گئے. سیل کی گئی دو عمارتوں کی مد میں ساڑھے انچاس لاکھ روپے کے واجبات کی ادائیگی کر دی گئی.

کمشنر نسیم صادق کی ہدایت پر پلاننگ شعبہ کے ڈسٹرکٹ آفیسر خورشید نصیر کی سربراہی میں کارپوریشن کی ٹیم نے کچہری روڈ کے بمبے ہوٹل، گھنٹہ گھر الشیخ ہوٹل،

بلاک بی میں فرینڈز ہوٹل، فریدی بازار میں فورویز ہوٹل، بلاک اے میں سٹائیلو شاپ اور بلاک۳ میں کمرشل بلڈنگ گزشتہ روز سیل کر دی گئی.

ڈی او پلاننگ نے بتایاکہ سیل کیے گئے مانکہ کینال کے ہوٹل اے ون اور ٹریفک چوک کے غازی لاثانی سے نقشہ و کمرشل فیس کی مد میں انچاس لاکھ انچاس ہزار چار سو انچاس روپے وصول کر لیے گئے.


ڈیرہ غازیخان:

ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہاہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے علم ہی کے ذریعے قومیں ترقی کے زینے طے کرتی ہیں

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز نجی سکول کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی.پرنسپل فیصل محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ

والدین بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کریں. تعلیم ہی غربت اور جہالت کا خاتمہ کر سکتی ہے. اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلباؤطالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرڈیرہ غازی خان مسزشائستہ افتخار نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو بھرپور محنت کرتے ہیں علم ہی ہمیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پرمہمانان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر تے ہو ئے کیا

اس موقع پرڈاکٹر حسین میاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122، مہمانان اعزاز عالمگیر سٹیشن کوآرڈینیٹرریسکیو1122، مولانامحمدنعمان رحمانی نائب رئیس جامعہ اسلامیہ، چوہدری ظہور احمد پرنسپل نجی سکول سٹی کیمپس،ریسکیو1122کی ٹیم محمد راشد LFR،

محمد عرفان FR، محمد عباسFR، مفتی حبیب اللہ ایڈمن آفیسر، ہیڈقاری محمدعثمان رحمانی نے بھی شرکت کی مسزشائستہ افتخار نے کہا کہ ہمیں اپنے علم اورعمل سے ثابت کرناہوگا کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کودنیا میں ممتازکریں گے

سالانہ امتحان میں کامیابی کا سہرااساتذہ کی بھرپور توجہ اور طلباء کی محنت،لگن کا مرہون منت ہے۔ کامیابی کا زینہ سخت محنت اور لگن کامرہون منت ہے۔آپ طلباء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں یہ ادارہ ایک یونیک ادارہ ہے

جہاں آپ آکسفورڈ ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ قرآن کریم بھی حفظ کررہے ہیں یہ لاریب کتاب یقینا ہماری راہنمائی کیلئے کافی ہے ڈاکٹر حسین میاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ”بیسک لائف سپورٹ،فائراینڈ سیفٹی ٹریننگ“ملک کے تمام مردوخواتین کیلئے لازمی ہے۔

اس ٹریننگ کا مقصد متاثرین کو فوری طورپر ابتدائی امدادپہنچانا ہوتا ہے یہ سکول اُن چنداداروں میں سے ہے جواپنے فل سٹاف کو ”بیسک لائف سپورٹ،فائراینڈ سیفٹی ٹریننگ“کاتین روزہ تربیتی کورس کرواتا ہے سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے اختتام پر فرسٹ،

سیکنڈاورتھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والے تمام پوزیشن ہولڈرز میں ٹرافیاں اور A+ گریڈ حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز،

سرٹیفکیٹ اوردیگر انعامات تقسیم کیے اور آخر میں مفتی حبیب اللہ نے مسلم امۃ خصوصاً ملک پاکستان کی سلامتی،امن وامان اور حفاظت کیلئے خصوصی دعا کرائی۔


ڈیرہ غازیخان :

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈیرہ کی کاروائیاں، اوور لوڈنگ، آلودگی پھیلانے والی درجنوں گاڑیاں بند کر کے لاکھوں روپے کے بھاری جرمانے تفصیل کے مطابق

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈیرہ کامران انور نے اپنی ٹیم کے ممبران MMPI فیاض حسین،ثنا اللہ ریاض کے ہمراہ 8 ویگن 1 اے پی وی 44 ٹریکٹر ٹرالیاں بلوچ لیویز لائن میں بند کر دی ہے

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ تمام تر ڈرائیورز کو ہدایات سمجھا دیں گئی ہیں جو ہدایت دی گئی ان میں کاغذات مکمل کریں

ترپال درست طریقے سے لگائیں اور گاڑیاں اوور لوڈنگ نہیں ہونی چاہیے اور شہر میں آلودگی نہیں پھیلائیں سڑک کنارے اپنی گاڑیاں کھڑی نہیں کریں۔


ڈیرہ غازیخان :

شاکر ٹاؤن میں گلیاں سیوریج کے پانی اور جوہڑ میں تبدیل،تعفن سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ،راہگیروں کا گزرنا محال، نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد جانا نہ ممکن،

مکین پریشان، مچھروں کی افزائش سے ڈینگی سمیت دیگر وبائی امراض پھوٹنے کا اندیشہ،شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر سے اصلاح حوال کا مطالبہ تفصیل کے مطابق تین روز قبل کی بارش سے شاکر ٹاؤن جناح اسپتال مسجد سادات والی گلی

گندے پانی کا جوہڑ بن چکی ہے روڈ اور گلیاں سیوریج کے گندے پانی سے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی ہیں پورا شاکر ٹاؤن غلاظت سے بھرا ہوا ہے

گزر گاہیں کیچڑ سے بھر گئیں تعفن پھیلنے کا خطرہ ہے اور راستہ نہ ہونے کے سبب راہگیروں میں خصوصا طلبا و طالبات مصوم بچے خواتین اور بزرگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

میٹرو پولیٹن کارپوریشن عملہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے علاقہ مکینوں ملک ربنواز کھوسہ، بلال خان،

عاجز کھوسہ، امتیاز میرانی و دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور کمشنر ڈیرہ نسیم صادق سے اصلاح وا حوال کا مطالبہ کیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازیخان پولیس نے 3 مجرمان اشتہاری گرفتار کر لئے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے بھر پور کریک ڈاؤن جاری ہے

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ کالا پولیس نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے 3 سال سے مفرور مجرم اشتہاری رضوان کو گرفتار کر لیا

جبکہ تھانہ درخواست جمال خان پولیس نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مجرم اشتہاری امیر بخش اور محمد نواز کو الگ الگ مقدمات میں گرفتار کیا

ضلع پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بھر پور اقدامات عمل میں لا رہی ہے ڈی پی او اختر فاروق کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں

امن و امان کی صورت حال قائم کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے مزموم عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

کار مکینک کی نعش پانچ روز بعد دریائے سندہ سے برآمد، مقتول کے قتل کا خدشہ، تھانہ دراہمہ میں مقدمہ درج،

تحقیقات شروع تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر میں محمداقبال بالی کے بھائی محمد بلال نے تحریری درخواست دی تھی کہ

اس کے بھائی اقبال ولد استا د بگو سکنہ شہزاد کالونی کو محمد جاوید وغیرہ اغواء کرکے لے گئے صدرپولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا

اور مغوی کی تلاش شروع کردی دوروز قبل مقامی شخص کو نعش نظر آئی جس نے ریسکیو1122 اور تھانہ دراہمہ پولیس کو اطلاع دی

ریسکیو کے غوطہ خوروں نے موقع پر پہنچ کر نعش نکال کر پولیس کے حوالے کردی ایس ایچ او شکیل بخاری نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر تے ہو ئے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔

About The Author