مئی 17, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

07مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے نادرا سنٹر سمیت شہر کے مختلف علاقوں کادورہ کیا.کمشنرنے نادرا کے ایگزیکٹو سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے معاملات کا جائزہ لیا۔

لوگوں کیلئے بیٹھنے کے انتظامات، کاونٹرز،سکیورٹی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف کاونٹرز پر جاکر معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر بیٹھ جانے والی ٹف ٹائلز کو دوبارہ لیول بہتر کرکے لگانے کی ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نے کہا کہ ٹف ٹائلز کے نیچے ریت کی فلنگ کرکے لیول کا خیال رکھا جائے۔کمشنر نے مانکا کینال اور پل پیارے والی کا بھی دورہ کیا۔

کمشنر نے اپنے گارڈ کو بھیج کر مانکا کینال کے اندر کوڑا ڈالنے والے کو گرفتار کرکے صدر تھانے کی حوالات میں بند کروادیا۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے روز کے معمول کے مطابق اپنے آفس میں کھلی کچہری لگائی۔کمشنر نے سائلین کیلئے اپنے دفتر کے دروازے کھول دئیے۔

باعزت طریقے سے بٹھانے کے ساتھ تفصیل سے سائلین کے مسائل سنے۔تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔

کمشنر نے فوری کارروائی کے درخواستوں پر اندراج کے ساتھ فون کرکے افسران کو ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نے کہا ٹائم لائن کے اندر ہر درخواست پر پیشرفت رپورٹ دی جائے۔کمشنر نے کہا کہ ہر دفتر میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کرایا جائے۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے والدین اور طلبہ کی پریشانی دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کے داخلی گیٹ کے نزدیک پارکنگ کے احکامات جاری کردئیے۔

سنٹرل ماڈل سکول،گرلز ہائی سکول نمبر ون،ڈی پی ایس اور دیگر اداروں کے داخلی گیٹ کے سامنے جگہ موجود ہونے پر ٹف ٹائلز کی تنصیب کرکے پارکنگ ایریا بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر افسران ہمراہ تھے.


ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازیخان میں کئی سال سے بند واٹر سپلائی سکیم اور فلٹریشن پلانٹس کو مرحلہ وار فنکشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

پہلے مرحلے میں 21 واٹر سپلائی سکیم اور فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیا جائیگا اس بات کا فیصلہ پارلیمنٹیرینز کی ضلعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی۔چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک،ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ،سٹی صدر پی ٹی آئی ملک محمد اقبال ثاقب، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال اور دیگر افسران نے شرکت کی

اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کیلئے ترجیحات دے دیں۔دوسرے مرحلے میں مزید چالیس فلٹریشن پلانٹس اور واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کیا جائیگا۔

اجلاس میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی۔چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک،ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ اور دیگر اراکین اسمبلی نے کہا کہ

عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ملکر کام کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے ضلع بھر کی واٹر سپلائی سکیم اور فلٹریشن پلانٹ کا سروے کرایا گیا۔2010 میں واٹر سپلائی اور فلٹریشن پلانٹس پر کام کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ضلع میں 389 واٹر سپلائی اور فلٹریشن پلانٹ میں سے 198کسی بھی وجوہات پر بند پائے گئے اور 191 فنکشنل ہیں۔ضلع کے مختلف مقامات پر 30 فلٹریشن پلانٹس میں سے 23 بند اور سات فنکشنل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیشتر سکیمیں فنکشنل نہ ہونے پر متعلقہ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کا پراسس شروع کردیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان محمد حمزہ سالک نے کہا ہے کہ افسران سرکاری زمینوں کو واگزار کرائیں. پرانی انکوائریز اور مقدمات کو جلد نمٹایا جائے.

سائلین کو ہر ممکن انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اشتہاری ملازمین کو جلد گرفتار کیا جائے. انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں.

اجلا س میں ریجن بھر سے افسران نے شرکت کی. ریجنل ڈائریکٹر محمد حمزہ سالک نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کارکردگی مزیدبہتر کرنے کی ہدایت کی.


ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیو کے بڑھتے کیس اور ای پی آئی مہم کی بہتری کے حوالے سے کمشنر آفس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا

جس میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی،کمشنر نسیم صادق،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور دیگر موجود تھے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب بشیر احمد نے بریفنگ دی.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روٹین ای پی آئی اور پولیو مہم کے لئے لائیو سٹاک کی طرز پر ہیلپ لائن 9211 متعارف کرائی جائے گی۔پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مہم کو آؤٹ سورس کیا جائیگا۔مقامی آبادی سے ڈیلی ویجز پر ویکسی نیٹر بھرتی کئے جائیں گے۔

مہم میں ویکسی نیٹرز،ایل ایچ ڈبلیو اور دیگر سٹاف کو سزا و جزا دی جائے گی۔سفارشات حکومت پنجاب کو پیش کی جائیں گی۔تونسہ میں سب آفس قائم کیا جائے۔

کمشنر نسیم صادق نے این ٹی ایس کے ذریعے ویکسی نیٹر کی بھرتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مقامی افراد کو بھرتی کرکے آن جاب تربیت دینے کی حمایت کی انہوں نے کہا کہ مسائل کا مقامی حل تلاش کرنا ہوگا۔ حقائق چھپانے سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔

ٹاسک کی کامیابی کیلئے ہفتہ کے ساتوں دن اٹھارہ،اٹھارہ گھنٹے کام کرنا ہوگا۔مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ تین سال پولیو فری رہنے کے بعد یکے بعد دیگرے کیسز رپورٹ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

جڑ تلاش کرکے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں میدان اور پہاڑی علاقہ ہونے سے خصوصی انتظامات کرنے ہوں گے۔

چیک اینڈ بیلنس کا کڑا نظام اپنانا ہوگا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد،ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عمار شاہ اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

مشیر صحت محمد حنیف پتافی اور ایم این اے خواجہ محمد شیراز نے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق سے ان کے آفس میں ملاقات کی اراکین اسمبلی نے عوامی فلاح کے منصوبوں اور حلقوں کی بہتری کیلئے تبادلہ خیال کیا۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کیلئے کڑی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ افسران کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں کی دفاتر میں بیٹھ کر علاقہ کے مسائل کا درست تعین نہیں ہوسکتااس لئے افسران فیلڈ وزٹ یقینی بنائیں۔


ڈیرہ غازیخان :

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی اور کمشنر نسیم صادق کا چوک چورہٹہ میں لنگر خانہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین پبلک ہیلتھ جواد کلیم اللہ اور دیگر افسران موجود تھے. مشیر وزیر اعلی نے کہا کہ

موسی خان فاؤنڈیشن کے تحت لنگر خانہ میں غریب اور مستحق افراد کو باعزت طریقے سے مفت کھانا دیا جائیگا اور ماہ رمضان میں افطاری کا اہتمام کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ

مرد وخواتین کے بیٹھنے کیلئے الگ انتظام کیا جائیگا خواتین کیلئے پردہ کے ساتھ دیگر سہولیات فراہم ہوں گی۔

کمشنر نسیم صادق نے لنگر خانہ کے گرد لانز اور سلپ روڈز کی تیاری کا بھی جائزہ لیا.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں چار ایکڑ سے زائد رقبہ پر سیوریج کے پانی سے کاشت سبزیوں اور اجناس کی فصل بھاری مشینری سے ختم کردی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ کی زیر نگرانی موضع پچھادھ میں پالک،موضع گدائی غربی اور موضع معموری میں ٹریکٹر اور ایکسویٹر سے فصلیں ختم کردی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پرتمام علاقوں میں سیوریج، آلودہ اور مضرصحت پانی سے کاشت سبزیاں اور اجناس ضائع کردی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب حفظان صحت کے اصولوں پر کام کررہی ہے مضرصحت سبزیاں اور اجناس کھانے سے انسان مہلک امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں اور ہر انسانی جان قیمتی ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈویژنل سپورٹس آفس کے زیر اہتمام ڈیرہ غازی خان میں 25 روزہ جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔سپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا ہے۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن نے بتایا کہ 31 مارچ تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں مرد اور خواتین کے 57 ایونٹس ہوں گے جن میں خواتین کے مابین والی بال،

کرکٹ،بید منٹن اور دیگر 15 مقابلے شامل ہیں اسی طرح مردوں کے 42 ایونٹس میں متذکرہ مقابلوں کے سمیت جمناسٹک،تیکوانڈو، ماس ریسلنگ،دیسی کشتی،کراٹے،ہاکی،کبڈی،فٹ بال اور دیگر مقابلے کرائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ

ڈویژن کے 13 اور ضلع کے 11 مقابلے ہوں گے۔اس موقع پر نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے جوہر دکھائے۔مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی اور دیگر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔


ڈیرہ غازیخان :

وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے سپورٹس سٹیڈیم میں پلکن کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

ڈویزنل سپورٹس آفیسر عطالرحمان اور دیگر موجود تھے۔مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

درخت ماحول کو صاف ستھرا کرنے کے ساتھ علاقہ کو سرسبز و شاداب بنایاجائیگا۔۔


ڈیرہ غازیخان :

صاف پانی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کو دیکھتے ہوئے مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی کی زیر نگرانی موسی خان فاؤنڈیشن اور سن کراپ گروپ کے تحت حلقہ انتخاب کی تمام سترہ یونین کونسلوں میں آر او فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف محمد لطیف پتافی نے بوائز ہائی سکول ولائے والا میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔

فلٹریشن پلانٹ کے معائنہ کے دوران صفائی اور مشینری کو فنکشنل رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔مشیر وزیر اعلی محمد حنیف پتافی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ

سات ماہ کے اندر ہر یونین کونسل میں واٹر فلٹریشن کے ساتھ فری ڈسپنسری کی سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار ڈیرہ غازیخان میں جلد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے تحت بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو بحال کرایا جارہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو سن کراپ و ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی محمد لطیف نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس اور فری ڈسپنسری سے علاقہ کے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہوگی۔


ڈیرہ غازیخان :

صوبہ بھر میں اب تک کرونا وائرس کا کو ئی کیس کنفرم نہیں ہو سکا 49 کیسز مشتبہ تھے جن میں سے 44 کلیئر ہو چکے ہیں جبکہ 5 کی رپورٹس آنا باقی ہیں

ڈیرہ غازی خان سمیت صوبہ بھر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے آئسولیشن سنٹر کے لئے جگہیں مختص کر دی گئی ہیں

یہ بات مشیر صحت وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی انہوں نے کہا کہ

بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو 14 روز کا آئسولیشن کا وقت پورا کرنا پڑتا ہے وہاں تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے بنیادی وقت پورا کرنے کے لئے کچھ زائرین کو غازی یونیورسٹی کے زرعی کیمپس میں آئسولیشن کے لئے رکھا جا سکتا ہے

انہوں نے کہا کہ تندرست افراد کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے اور تفتان بارڈر سے زائرین کو ٹیسٹ کلیئر ہونے پر ہی آگے روانہ کیا جا رہا ہے

پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے الحمد اللہ پنجاب میں اس وقت تک حالات کنٹرول میں ہیں۔


ڈیرہ غازیخان :

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ شہناز فیض نے کہا ہے کہ اسلامی تشخص کو کسی صورت بھی ماند نہیں پڑنے دیں گے.

سیکولر طاقتیں پاکستان میں مٹھی بھر آ زادخیال خواتین کو سپورٹس کر کے مکروہ مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں. خواتین کے حقوق کی اصل علمبردار جماعت واحد جماعت اسلامی ہی ہے.

جو کل یوم خواتین کے موقع پر ملک بھر کے تمام اضلاع میں سیمینار اور ریلیاں نکالیں گی۔ اس میں ہزاروں با پردہ با کردار خواتین اسلامی شعار کے مطابق اپنے حقوق کیلئے ریلیوں میں نکلیں گی

جن کا اصل مقصد اسلام قانون اور تہذیب کے مطابق خواتین کا سماجی معاشرتی مذہبی روایات کےمطابق حقوق کی فراہمی ہے

کیوں کے جو عزت و احترام عورت کو اسلام نے دی ہے وہ اور کسی مذہب یہ نظام میں نہیں۔

%d bloggers like this: