دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یکم مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان:

صوبائی وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب سے 45 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔65 روپے نرخ میں اضافہ کے ساتھ کاشتکاروں کو 1365 روپے فی من ادائیگی باعزت طریقے سے کی جائے گی۔

چھوٹے کاشتکاروں کو موقع پر ادائیگی ہوگی اور فاصلہ زیادہ ہونے پر بنک کے بوتھ سنٹر میں بنائے جائیں گے۔حکومت پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ٹارگٹ پورا ہونے پر پرائیویٹ خریدار کو موقع دیا جائیگا۔

انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں ڈویژن بھر کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد صفات اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز فرخ شہزاد،جاوید وڑائچ،عمران بلوچ،میاں پرویز اختر اور دیگر موجود تھے۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کاشتکاروں کو انکی مرضی کے مطابق باردانہ دیا جائیگا جس کیلئے فرد ملکیت اور پٹواری کی تصدیق کی ضرورت نہیں۔کاشتکاروں کو ان کی محنت اور اجناس کا طے شدہ پورا معاوضہ دلایا جائیگا۔زائد کٹوتی اور ناجائز تنگ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائیگا

جس کیلئے زیرو ٹولیرینس پالیسی رکھی ہے ٹول فری نمبر متعارف کرانے کے ساتھ وہ اپنا ذاتی نمبر بھی پبلک کریں گیشکایات سیل فعال کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کی کوئی قید نہیں۔ باردانہ کے حصول اور سنٹروں پر کاشتکاروں کی تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔

کاشتکاروں کو عزت وتکریم دینے کے ساتھ ہرممکن سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی افسران اور ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ضلع راجن پور میں سب سے پہلے گندم تیار ہوتی ہے کٹائی شروع ہونے پر گندم کی خریداری مہم کا آغاز کردیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ مانہ احمدانی ڈیرہ غازی خان میں تعمیر کئے گئے سائیلوز میں ازمائشی طور پر 33000 بیگز ذخیرہ کئے ہیں۔نکالنے پر گندم کا معیار چیک کیا جائیگا اور کوشش ہوگی کہ اس سال کے آخر تک سائلیوز کو مکمل فنکشنل کرایا جاسکے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ پنجاب میں کبھی بھی گندم اور آٹا کا بحران نہیں رہا بلکہ پنجاب نے بڑے دل کا ثبوت دیتے ہوئے سندھ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی گندم دی۔انہوں نے کہا کہ

پنجاب اگر گندم اور آٹا نہ دیتا تو صوبوں میں قحط سالی کا خدشہ تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے بحران کے دنوں میں بھی اپنے دروازے بند نہیں کئے اور اب بھی خریداری مہم میں گندم کی نقل و حرکت پر صوبائی سرحدوں کی پابندی نہیں لگائیں گے۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ حکومت کی ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف جنگ ہے حال ہی میں چنی گوٹھ سے 55000 چینی کے بیگز برآمد کئے گئے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سات میکڈونلڈ سمیت اہم فوڈ مراکز سیل کئے۔

کروڑوں لٹر جعلی دودھ ضائع کیا گیا۔گٹکے کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔وٹرنری ڈاکٹرز بھرتی کرکے کھلے گوشت کی چیکنگ بھی جلد ٹیک اوور کرلیں گے۔


ڈیرہ غازیخان:

صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ سات ماہ کے اندر جنوبی پنجاب صوبہ کے سیکرٹریٹ کو فنکشنل کیا جائیگا اور الگ صوبہ کا قیام آئندہ مرحلہ میں ہوگا جس کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگا۔

انہوں نے ڈیرہ غازیخان میں مصروف ترین دن گزارا. فیلڈ وزٹ اور مویشی پال سے ملاقاتوں کے بعد سول وٹنری ہسپتال و سہولت سنٹر ڈیرہ غازی خان میں کھلی کچہری کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا

اور انہیں 80 فیصد ووٹ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے ملے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں مویشیوں کی شہر سے باہر منتقلی اور مویشی پال حضرات کے مسائل دیکھتے ہوئے یہاں کیٹل کالونی کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کو خصوصی سفارشات پیش کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ

ملک کی معاشی ترقی لائیو سٹاک اور زراعت کے بغیر ممکن نہیں جس کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم اور وزیر اعلی دونوں لائیو سٹاک کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ

دیہی مرغبانی کے فروغ کیلئے پانچ سال کے دوران صوبہ میں 20 لاکھ مرغیاں تقسیم کریں گے۔کٹا بچاؤ پروگرام کے تحت اپنے مویشی کی بہتر دیکھ بھال کیلئے 6500 روپے فی کٹا اور کٹا فربہ سکیم کے تحت فی مویشی 4000 روپے مالکان کو نقد انعامات کی صورت میں دئیے جائیں گے تاکہ

مویشی پال کی حوصلہ افزائی اور لائیو سٹاک کی ترقی کرسکے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کی بہتری کیلئے صوبہ میں ماڈل فارمز بنائے جائیں گے۔نئے مالی سال کے دوران کاشتکاروں کو جانوروں کے خوراک کے پروگرام کے تحت سائلیج بنانے والی مشینیں سبسڈی پر دی جائیں گی اور مویشیوں کی اعلی نسل کیبیج عام کرنے کے ساتھ لائیو سٹاک عملہ کی ضروری تربیت بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران بڑی منڈیوں اور ضلعی سطح کے ہسپتالوں میں جانوروں کے حمل ٹیسٹ اور الٹرا ساونڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی اور کوشش ہوگی کہ یہ سہولت تحصیل سطح پر بھی ہو۔انہوں نے کہا کہ

منہ کھر بیماری کی ویکسین کے معیار پر مویشی پال حضرات کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے اعلی سطح کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں مویشی پال کیلئے صاف ستھرا ماحول کی فراہمی اور لائیو سٹاک کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت مستحق اور غریب افراد کے معاشی حالات بہتر کرنے اور باعزت اپنے کاروبار کیلئے بھیڑ،بکریاں،گائے،بھنیسں مفت دی جائیں گی

اور جس کا افتتاح وزیر اعظم نے جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ سے کردیا ہے۔قبل ازیں صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دیشک نیڈی جی خان کی وٹرنری ہسپتال کا دورہ کیا۔ہسپتال میں ملازمین، سائلین،گھوڑوں کے کلب کے ممبران اور بریڈرز سے ملاقات کی۔کلب کے ممبرز نے گھوڑوں کے حمل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے کی ڈیمانڈ کی۔

سردارحسنین بہادر دریشک نے بھانہ کے مالکان سے بھی مسائل پوچھے جس پر بھانہ مالکان نے ڈی جی خان میں مویشی کالونی بنانے کی ڈیمانڈ کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن لائیو سٹاک ڈاکٹر منصور احمد ملک،ڈائریکٹر ڈی جی خان ڈاکٹر توصیف احمد،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام نظام الدین ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید کمال،اے پی وی او ڈاکٹر عاطف حسیب سمیت دیگرموجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بیت المال کی طرف سے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں 20 مستحق افراد میں تین لاکھ 65 ہزار روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیرہ غازی خان محمد رضوان جمیل نے کہا کہ مالی امداد کی تقسیم کیلئے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا

جس کے مہمان خصوصی ممبر پنجاب بیت المال کونسل سہراب خان بزدار،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد رضوان جمیل اور دیگر نے چیک تقسیم کیے.


ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہلت ختم ہونے پر غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں میں تعمیراتی کام کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

کمشنر نسیم صادق نے شہر میں موجود گلبرگ کالونی فیز ون،ٹو،تھری اور بلاک سی ملتان روڈ رائل ڈیفنس یارو روڈ اور ڈریم گارڈن بورڈ روڈ کے واجبات ادا ہونے پر منظوری دے دی ہے۔

کمشنر نے کہا کہ عوام کالونیوں میں پلاٹ خریدتے وقت تسلی کرلیں کہ کالونی متعلقہ اتھارٹی سے منظور شدہ،روڈز،مسجد اور پارک کیلئے مختص رقبہ کارپوریشن اور متعلقہ کمیٹی کے نام منتقل ہوچکا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ خورشید نصیر نے بتایا کہ کارپوریشن،ضلع کونسل،تونسہ اور کوٹ چھٹہ کی میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں 215 کالونیوں کی نشاندہی کی گئی ہے

جن میں سے صرف 17 منظور شدہ ہیں،51 کالونیوں کا پراسس جاری ہے اور 141 غیر قانونی ہیں جن کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازیخان شہر میں مانکا کینال،جنرل بس سٹینڈ،غازی پارک،بہاری کالونی سمیت چھ مقامات پر سٹی فاریسٹ کے تحت گھنی شجرکاری کی جائے گی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نسیم صادق نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ مانکا کینال کے سات کلومیٹر طویل اور چھ فٹ چوڑی تھک فاریسٹیشن اسی ہفتہ شروع کردی جائے اور پندرہ روز کے اندر مکمل کرائی جائے گی

اسی طرح جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک 80 کنال رقبہ میں چھوٹے دو پارک اور دو کینٹین کے علاؤہ دیگر خالی رقبہ،غازی پارک میں دو یونٹ کے علاؤہ نزدیکی ورک سٹیشن کینال کے ڈیڑھ کلومیٹر اور بہاری کالونی میں 12 کنال رقبہ پر گھنی شجرکاری کی جائے گی

تاکہ علاقہ کو سرسبز کرنے کے ساتھ ماحول کو خوبصورت بنایا جاسکے۔کمشنر نے چوک چورہٹہ کا معائنہ کرتے ہوئے سکول کے نزدیک غریب مکینوں کو پارک اور گلیوں کی ٹف ٹائلز کے کام کا جائزہ لیا

انہوں نے کہا کہ غریب مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔کمشنر نے پل ڈاٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ایکسیئن ہائی ویز کو عمارتیں منہدم کرنے کے خالی رقبہ کو ریت کے ذریعے فوری فلنگ کرانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر کیا جاسکے۔

انہوں نے پل پیارے والی کے نزدیک مانکا کینال کی ڈریسنگ کے معائنہ کے دوران کینال میں گوبر نظر آنے پر اپنے سکواڈ کو بھیج کر گوبر ڈالنے والوں کو گرفتار کرنے کیلئے بھیج دیا اور تھانے میں بند کرانے کے احکامات جاری کئے

کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر صدر کو ہدایت کی کہ وہ مقدمہ درج کرائیں۔کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک جنرل پارک کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے غازی پارک کا بھی دورہ کیا۔


ڈیرہ غازی خان

انجمن آڑتھیان نیو سبزی منڈی کی جنرل باڈی کا اجلاس چودھری ریاض احمد ایک مرتبہ پھر انجمن آڑتھیان نیو سبزی منڈی کے بلامقابلہ صدر منتخب۔تفصیلات کے مطابق انجمن آڑتھیان نیو سبزی منڈی کی جنرل باڈی کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا

اجلاس میں متفقہ طور پر چودھری ریاض احمد کو انجمن آڑتھیان نیو سبزی منڈی کا صدر جنرل سیکرٹری چودھری دین محمد نائب صدر ور محمد سجاد کریم رند،قاضی محمد احسان،شفیق الرحمن،چیئرمین چودھری محمد گلفام ڈپٹی چیئرمین محمد اقبال رند سرپرست اعلیٰ ملک حسین بخش،

سیکرٹری فنانس ملک محمد ندیم آرائیں اور سیکرٹری نشرو عشات چودھری محمد سرفراز راجپوت کو منتخب کیا گیا اس موقع پر نو منتخب صدر چودھری ریاض احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آڑتھیان کے جائز مطالبات اور منڈی کے کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے

انہوں نے آڑتھیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیو سبزی منڈی میں گروپنگ ختم کرتے ہوئے مجھ پر اعتمادکر کے مجھے صدر منتخب کیا میں ہر قدم با قدم اپنے بھائیوں کے ساتھ چلوں گا ۔

اس موقع پر سید نصیر آغا،حسن گرمانی،محمد اقبال،ملک فرید،ریاض مومن،مالک عمران،ملک حسین،چودھری محمد اسحاق،حاجی محمد یٰسین،محمد امین اکبر،محمد عثمان،چودھری محمد طلحہ،ملک سجاد حسین،ملک سرفراز،ملک یونس،چودھری محمد عدیل،حاجی محمد اقبال،

حاجی محمد اصغر،سجاد اصغر،چودھری لیاقت،جاوید عباسی،چودھری جہانگیر،چودھری عالمگیر،چودھری رزاق،چودھری محمد اسلم،عتیق الرحمن،محمد نثار،

شیخ محمد راشد محمود،محمد اسلم شاہ،ملک ریاض حسین،ملک مشتاق احمد،نیاز احمد گوگا،شیخ اسلام،چودھری خالد،چودھری محمد شکیل،چودھری ندیم سلیم،شاہد مہر دین،

محمد عثمان گجر،محمد صدیق گجر،چودھری نصیر،چودھری محمد بشیر،اللہ بخش بگا،شیخ مزمل،سجاد خانگھڑی،محمد اقبال رند،چودھری محمد اختر،چودھری محمد اکبر،چودھری محمد صفدر،اعجاز حسین نے نو منتخب باڈی کو مبارک باد دی۔


ڈیرہ غازی خان

گرلز گائیڈ ٹرینر آسیہ پروین نے کہا ہے کہ گرلز گائیڈ کو لیڈر شپ، قومی تہواروں منانے کا جذبہ اور فنی مہارت میں عبور ہونا چاہیے جن میں یہ صلاحیتیں موجود ہوں وہ گرلز گائیڈ اپنے فرائض منصبی احسن طریقوں سے انجام دے سکتی ہیں یہ بات انہوں نے

ورلڈ تھنکنگ ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کہی تفصیلات کے مطابق گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ورلڈ تھنکنگ ڈے منایا گیاجس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا،

بعد ازاں نعت رسول مقبول پیش کی گئی، ملی نغمہ، فاطمہ جناح، قائد اعظم کے اصولوں اور سنہری باتوں پر روشنی ڈالی گئی اس موقع پر گرلز گائیڈ نے بانسوں پر رسہ باندھ کر اس پر اپنا توازن برقرار رکھتے ہوئے بغیر کسی سہارے چلنے کی مہارت دکھائی گرلز گائیڈ کی طلبہ نے لیڈر شپ کے موضوع پر تقاریر پیش کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کی پختگی ظاہر کی

ان سے قبل گرلز گائیڈ ٹرینر فوزیہ یاسمین نے بھی گرلز گائیڈ کو کیمپینگ اور نوڈز بنانے کے طریقے سکھائے انہوں نے بتایا کہ اس سال انہوں نے درجنوں گرلز گائیڈ کی انرولمنٹ کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے حوصلہ افزائی کے بعد گرلز گائیڈ کا مورال بلند ہوا ہے

اور گائیڈ کے ساتھ ساتھ بہت سے نئی ادارے بھی گائیڈ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں تقریب میں ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ، مسز حنیف پتافی، مسز طاہر ہ، آسیہ، فرحت بخاری، جمیلہ الرحمن، آمنہ نور، مسکان، تحریم، عفیفہ خان، سیورہ کرن،

نمرہ نور، جوریہ سعید، عروصہ، عالیہ، حریم، دعا فاطمہ، علیزہ بی بی، مہنور، قراۃ العین، فرزانہ، عمائمہ، مبشرہ سہیل،ملک عرفان، امجد نیاز عاربی، محمد حسین و دیگر نے پنجاب حکومت کے سلوگن گرین اینڈ کلین ڈی جی خان کے حوالے نرسری ایسوسی ایشن کی معاونت سے پودے لگائے اور انکی حفاظت کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ پودوں کے تناور درخت بننے کی دعا بھی کی۔


ڈیرہ غازی خان

دانش سکول بوائز نہم جماعت کے طالب علم سیف اللہ سلیم کی پنجاب کی سطح پر نمائندگی سلو ر میڈل حاصل کر لیا

تفصیلات کے مطابق دانش سکول بوائز ڈیرہ غازی خان کے نہم جماعت کے طالب علم سیف اللہ سلیم نے چوتھی پنجاب کک باکسنگ چیمئین شپ 2020میں صوبہ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے سلو میڈل حاصل کیا

یہ تمام دانش سکول بوائز گرلز اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس ڈیرہ غازی خان کے کھلاڑی نے محدود وسائل کے باوجود پنجاب کے ترائل جو کہ فیصل آباد میں منعقد ہوئے

اس میں شرکت کی اور کامیاب ہوکر پنجاب ٹیم میں شامل ہو کر چوتھی نیشنل کک باکسنگ چیمپین لاہور 2020کے نہ صرف حصہ بنے بلکہ سول میڈل حاسل کرکے فاتح بھی قرار پایا

نیشنل کھلاڑی سیف اللہ سلیم کی کوچنگ انٹرنیشنل کھلاڑی اور دانش سکول ڈیرہ غازی خان کے سپورٹس کوچ نذیر احمد فریدی نے کی اعلیٰ کوچنگ کے پیش نظر سیف اللہ سلیم نیشنل چیمپئن شپ کا فاتح قرر پائے

یہ بات فیض رسول نظامی نے چوتھی نیشنل کک باکسنگ چیمپین شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہی انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپئین میں تمام صوبوں کے ساتھ محکموں میں پاکستان واپڈا،

پاکستان ریلوے، پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل واپڈا اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری ندیم قیصر تھے۔

پاکستان واپڈا نے پہلی، کے پی کے نے دوسری اور صوبہ پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن رانا زاہد نے ٹیکنیکل آفیشلز جن میں ساجد خان فیصل آباد،

نذید احمد فریدی ڈیرہ غازی خان،عبداللہ حسن ملتان، آغا محمد کوئٹہ، عنایت اللہ پشاور، محمد زاہد گلگت بلستستان،

ربنواز اسلام آباد، ظہیر جعفری آزاد کشمیر اور کراچی سے سلیم خان شامل تھے جنہوں نے ٹیکنیکل آفیشلز کے سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔


ڈیرہ غازی خان

پی پی پی کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات غلام عباس گورچانی نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی اسی طرح مضبوط ہو سکتی ہے جس طرح 1970اور 1977 میں تھی مگر آج پیپلز پارٹی میں ایسے لوگ گھس آئے ہیں

جن کا پارٹی کے ساتھ کوئی نظریاتی تعلق نہیں جو وقت کے ساتھ کبھی کدھر تو کبھی کدھر چلے جاتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے پی پی پی کے وائس چیئر مین سید یوسف رضا گیلانی سے سوشل میڈیا شیلڈ وصول کر نے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر ڈویژنل صدر نوابزادہ افتخار احمد و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا جو بنیادی ورکر ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چاہیے کہ

ان لوگوں کو اپنے ساتھ ملائیں جو جیلیں کاٹنا برداشت کرتے ہیں اور اپنا ٹائم پارٹی کو دیتے ہیں اگر جیالے ذوالفقار بھٹو کے دور میں غلام مصطفی کھر کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنوا سکتے ہیں

اور جمشید دستی جیسا ایک ورکر بندہ جو بڑ ی بڑ ی شخصیات کو شکست دے کرایم این اے بنا مگر جب پارٹی چھوڑی تو پھر زیرو پر آ گیا

آج پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چاہیے کہ نظریاتی ورکروں کو ساتھ لے کر چلیں تاکہ پارٹی اپنی اصل شکل میں واپس آ سکے۔


ڈیرہ غازی خان

سخی سرور روڈ بغل چُرچوک کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم،بیوی جاں بحق، خاوند سمیت تین بچے شدید زخمی ہسپتال منتقل

تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی کوئٹہ روڈ سخی سرور بغل چُر چوک کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی

حادثہ کے نتیجہ میں بستی لشاری کے رہائشی جابر حسین کی بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر جاں بحق ہوگئی

جبکہ جابر حسین اپنے تین بچوں محمد مہدی ،فیضان مصطفی اور خدیجہ سمیت شدید زخمی ہوگئے وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا

پولیس نے کار قبضہ میں لے کر کاروائی شروع کر دی ہے۔


ڈیرہ غازیخان

وفاقی وزیرموسمیات محترمہ زرتاج گل اخوند نے 3 بستیوں میں بجلی کی فراہمی کا افتتاح کردیا،حلقے کی تعمیر و ترقی اور دور دراز کی بستیوں کو روشنی سے منور کرنا میرا مشن ہے،

پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں اورعلاقے میں تعلیم،صحت اوردیگرترقیاتی کام بھی جاری ہیں۔ بجلی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا،

اہل علاقہ کا خراج تحسین۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرموسمیات محترمہ زرتاج گل اخوند نے اپنے حلقے میں سخی سرور کے دور داراز دیہی علاقے بستی بھنگڑوں،بستی پودان،بستی الہی بخش میں بلب آن کرکے بجلی کی فراہمی افتتاح کیا انہوں نے کہا کہ

بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل ہماری عوامی خدمت کا منہ بولتاثبوت ہے کی عوام کو گھر کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہیں،

دیہاتوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ایک مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہے بزرگان دین نے جہالت کے اندھیرے دور کرنے اور اسلام پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا

ہم عوام کو اپنا اثاثہ سمجھتے ہیں اسی لیے وہ سارے حلقہ میں بلا تفریق فنڈز اور بجلی کے منصوبے تقسیم کررہے ہیں جبکہ انکے مخالفین تھانہ کچہری کی سیاست اور منظور نظر افراد کو نوازنے کی سیاست میں مصروف ہیں۔

عوامی مسائل کاحل ہماری اولین ترجیح ہے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی نائب صدرغلام حیدر خان،ایکسیئن واپڈا ممتاز احمد سولنگی،

اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ شاہد ملک، ایوب خان،مفتی عمر فاروق،محمد اخلاق،ڈاکٹر انبی شیخ،

عبدالشفیق،محمد عمران،حبیب اللہ خان،ایس ڈی او محمد آصف،ایس ڈی او شکیل،چوہدری ارشد،حسین نیازی،محمد عمرساحل،حذیفہ قاسمی،محمود بھٹی بھی موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان

تیسری سپر طاقت کو شکت دے کرثابت کردیا کہ پختون امن پسند بہادر قوم ہے، طالبان امریکہ معاہدہ،پاکستان،افغانستان اور پختونوں کی فتح ہے،تمام مسلمان اور پختون نفل ادا کریں گے،

افغانستان میں آپس کی لڑائیاں،جھگڑے ختم کرکے ترقی کی راہ پر چلیں،بندوقوں سے مسلئے حل نہیں ہوتے بات چیت اور قلم کا راستہ اختیار کریں،

امریکہ کی ہار کے بعد ہم نے کشمیر کو آزاد کرانا ہے بھارت کو پتہ نہیں کہ پاکستان آرمی سے پہلے پٹھان آگے کھڑے ہوتے ہیں

یہ بات گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عبدالسلام ناصر نے حیدر کفایت عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ

امریکہ سے معاہدے کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی پختون عوام پورے ملک میں جشن منا رہی ہے مٹھائیاں تقسیم بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ

پاکستان ہمار املک ہے خون دے کر اس کی حفاظت کرتے رہیں گے اس کی مٹی سے ہمیں پیار ہے غلام کی حیثیت سے نہیں برابری کی حیثیت سے رہنا چاہتے ہیں

آپس کی لڑائی میں دشمن فائدہ اٹھا رہاہے پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیں گے بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ

پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح بھارتی عزائم کے سامنے کھڑی ہے۔


ڈیرہ غازیخان

دنیا میں قیامِ امن کی ضمانت صرف مذہبِ اسلام دیتا ہے جے یوآئی اسلامی تعلیمات کو عوام الناس میں رائج کرنے کے لیے کوشاں ہے۔آج دنیا جتنے بھی مسائل کا شکار ہے اسکی وجہ صرف اور صرف مذہب سے دوری ہے امن و امان ہو یا صحت کے مسائل ہوں

یا معیشت و معاشرت کے مسائل ان تمام کا حل اسلامی تعلیمات میں ہے قوم کو اپنے مسائل کے حل کے لیے علماء سے رجوع کرنا چاہیے اسی سلسلہ میں جمعیت علماء اسلام عوام الناس کو علماء سے جوڑنے کی محنت کر رہی ہے

اسلامی تعلیمات کے نفاذ سے ہی ہماری بقاء ممکن ہوگی ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی امیر پنجاب وضلعی امیر جے یوآئی ڈیرہ غازیخان مولانا اقبال رشید نے بستی کلیری میں ختمِ نبوت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ ختمِ نبوت کے قانون کو چھیڑنے کی کوشش نہ کرے وفاقی وزیر مذہبی امور کا حج فارم میں تبدیلی کا اعتراف حکمرانوں کی دین دشمنی کا واضح ثبوت ہے اسکے خلاف چھ مارچ کو ملتان میں تاریخ ساز ختمِ نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے

جس قائدِ ملت اسلامیہ حضرت مولانا فضل الرحمان اور شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی خصوصی طور پر شریک ہونگے تحصیل امیر ڈیرہ ڈاکٹر یونس راج نے کہا کہ

قومیں اجتماعی سوچ اپنانے سے بنتی ہیں ہمیں متفق ہوکر قوم کی ترقی کے لیے سوچنا ہوگا حکمران طبقہ اپنی نااہلیوں کو چھپانے کے لیے نئی سی نئی الجھنے پیدا کر رہا ہے

اور قوم کی سوچ کو کنورٹ کررہا ہے جے یوآئی ان شاء اللہ ایسا کبھی نہیں ہونے دیگی۔


ڈیرہ غازیخان

مسلم لیگ ن کے سرگرم رکن، سینیٹر وسابق وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم کے دیرینہ ساتھی فتح خان پٹھا ن انتقال کرگئے،

مرحوم 2 سال سے جگر کے عارضہ میں مبتلاتھے،تفصیلات کے مطابق رانی باز ار میں کپڑے کے تاجر فتح خان پٹھان جو دو سال سے جگر کے کینسر میں مبتلا تھے

اور راولپنڈی میں زیر علاج تھے گزشتہ روز انتقال کرگئے ان کی میت کوئٹہ میں روانہ کردی گئی۔


ڈیرہ غازیخان

پیر امیڈیکس، ڈسپنسروں کے خلاف پرائمری ہیلتھ کمپیئن کی ظالمانہ کاروائیاں بند کی جائیں،کوالیفائیڈ ڈسپنسروں کو ڈرگ سیل لائسنس جاری کئے جائیں،

اگر ہمارے مطالبات 15مارچ سے پہلے تسلیم نہ کیئے گئے تو 15مارچ کو اسمبلی ہال کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

یہ بات چیئر مین ڈسپنسر ایسوسی ایشن پنجاب محمد اسماعیل طیب نے کوالیفائیڈڈسپنسرزکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہو کہی اس موقع پر محمد ضلعی صدر الائیڈ ہیلتھ عامر کریم،محمد تسلیم خان، محمدخبیب احمدانی،

حبیب درانی، عنائیب اللہ، محمد حفیظ مستوئی، رسول بخش کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرامیڈیکس کے بنیادی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں اور ان کو رزق حلال سے محروم کیا جا رہا ہے

پیرا میڈیکس کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے ملک پاکستان کی 60آبادی دیہات پر مشتمل ہے ہر ڈاکٹر جانے سے انکاری ہیں وہاں کی غریب آبادی حرف ڈسپنسرز کے رحم وکرم پر ہیں اور ڈسپنسرہی انہیں فوری طور پر فرسٹ ایڈ کی ضرورت ہوئی ہے

دیگران کی جا ن بچاتا ہے اسی طرح ہزاروں ڈسپنسریوں مثلاً ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسریاں سول ڈسپنسریاں 1122سروس رمضان بازار وغیرہ ہیں ڈسپنسر آزانہ طور مریضوں کی خدمت کرتے ہیں۔ پیرامیڈیکس اپنے مطالبات کے سلسلے میں وہ حقوق جو ان کو 70سال سے حاصل تھے

چھن جانے کی وجہ سے میدان عمل میں نکلے ہیں،پیرامیڈیکس بشمول ڈسپنسرز ڈاکٹر نہیں انہیں اپنے منظور شدہ جاب ڈسکرپشن پی سی I کے مطابق کام کرنا ہے انہیں صرف کونسل نہ ہونے کی وجہ سے اتائی بنا دیا گیا ہے

کونسل بنانا ہمارے دائرہ اختیارنہیں ہے کونسل بنانا وفاقی یا صوبائی حکومت کا کام ہے جو عرصہ دراز سے حکومت نے تاخیر کا شکار کیا ہوا ہے ہم نے اپنے کورس میں اناٹمی، فزیالوجی اور اس سے متعلقہ بیماریاں پڑھائی گئی ہیں

کیا ایسا آدمی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اتائی ہو سکتا ہے اور ان کے خلاف بے رحمانہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور اس میں تمام ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور تمام پولیس ڈیپارٹمنٹ کو جھونک دیا گیا ہے۔

میڈیکل فیکلٹی سے فارغ شدہ پیرا میڈیکس اور زیر تعلیم سٹو ڈنٹ محکمہ صحت کے مطابق اتائی ہیں اگر یہ سارے لاکھوں کی تعداد پیرا میڈیکلس اتائی ہیں تو میڈیکل فیکلٹی پنجاب اتائیت کی کی کیٹیگری ہے

اگر میڈیکل فیکلٹی ان لاکھوں کی تعداد میں اتائی پیرا میڈیکس کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کرتی تو انہیں فوری طوربند کر دیا جائے انہوں نے کہا کہ

پیرا میڈیکس بشمول ڈسپنسرز کو باعزت ہیلتھ پرووائیڈر تسلیم کیا جائے، پیرا میڈیکس کو ہیلتھ رسک الاؤنس دیا جائے پنجاب میڈیکل فکلٹی کو خود مختیار باڈی بنایا جائے،

ڈسپنسروں کا دو سالہ کورس قانونی تقاضوں کے مطابق بنایا جائے ڈسپنسروں کی سرٹیفکیٹ اور پیر امیڈیکس کی جاری کر دہ ڈپلومہ /سرٹیفکیٹ پر تا مناسب تحریر فوری طور پر ختم کی جائے۔

اگر ہمارے مطالبات 15مارچ سے پہلے تسلیم نہ کیئے گئے تو 15مارچ کو اسمبلی ہال کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔


ڈیرہ غازیخان:

شہریوں کی سہولیات کیلئے ماڈل بازار کومزیدوسیع کیاجارہاہے خالی گراونڈ پر گھاس کیساتھ ساتھ خوبصورت پودے لگائے جارہے ہیں

ان خیالات کااظہار منیجر ماڈل بازار ڈیرہ غازیخان عبدالرحمن نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہاڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہرفاروق اور آپریشن منیجرماڈل بازار منیجمنٹ کمپنی زون ٹو کی ہدایت پر ماڈل بازار کو شہریوں کی سہولیات کیلئے وسیع کیاجارہاہے

انہوں نے کہا واحد ڈی جی خان کابازار ہے ماڈل بازار جہاں پر سیروتفریحی کیساتھ ساتھ اشیاء ضروریات اور دیگر سامان لباس وغیرہ ایک ہی چھت تلے دستیاب کردیاگیاہے

اور بچوں کے کھیل کود کیلئے جھولے بھی لگادیئے گئے ہیں انہوں نے کہا بازار کووسیع کرنے کیلئے خالی گراونڈزمیں گھاس کیساتھ ساتھ پودے لگائے جارہے ہیں

انہوں نے کہا جلد ماڈل بازار سے شجرکاری مہم کابھی آغاز کیا جائے گا۔

About The Author