دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یکم مارچ2020:آج جموں اینڈ کشمیر میں کیا ہوا؟

جموں اینڈ کشمیر سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:22 کشمیری طلبا پر مقدمہ درج

لکھنو،

علی گڑھ پولیس نے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 22 سے زیادہ طلبا کو انسداد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)کے مظاہروں میں حصہ لینے کے لئے مقدمہ درج کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق ، علی گڑھ کے جیون گڑھ علاقے میں مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں کے ایک روز بعد جمعہ کی رات ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

اطہر ، جو اے ایم یو کے سابق طلبا کے یونین ممبر ہیں ، سمیت 21 دیگر طلبا جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں۔


اضافی ہندوستانی فوج کشمیر سے نہیں جائے گی
عوامی بغاوت کے خوف کے پیش نظر بھارت اضافی فوجوں کو واپس نہیں بلا رہا

سرینگر،

مقبوضہ کشمیر میں ، بھارت نے چئیرمن کل جماعتی حریت کانفرنس ، سید علی گیلانی کی صحت کے بہانے علاقے میں اپنی اضافی فوجیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، بارڈر سیکیورٹی فورس ، آئی ٹی بی پی اور ایس ایس بی کی کم از کم 400 اضافی کمپنیاں گذشتہ سال 5 اگست سے ایک دن پہلے ہی کشمیر میں تعینات کی گئیں۔ دسمبر میں مقبوضہ علاقے سے اضافی دستوں کی 72 کمپنیاں واپس بلالی گئی تھیں۔

فروری کے شروع میں گیلانی کی تیزی سے خراب ہوتی صحت کے بارے میں افواہوں نے امن و امان کے حوالے شدید تشویش پیدا کردی تھی۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ، ہندوستانی وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا کہ مزید دستوں کی واپسی کو فوری طور پر روک دیا جائے۔

تاہم ، سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گیلانی کی صحت محض ایک عذر ہے ، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے اپنے یکطرفہ اقدام کے خلاف عوامی بغاوت کے خوف کے پیش نظر اپنی اضافی قوتوں کو واپس نہیں لینا چاہتا ۔


پاکستا ن مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو منشیات کا شکار بنا رہا ہے، جموں و کشمیر پولیس

جموں،

مقبوضہ جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباگ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں منشیات بھجوا کر معاشرے کو تباہ کر رہا ہے۔
پاکستان نے وہی طریقہ کار اپنایا ہے جو اس نے پنجاب میں اپنایا تھا۔ڈی جی پی نے کہا کہ جب پنجاب میں عسکریت پسندی کا خاتمہ ہونے ہی والا تھا ، پاکستان نے وہاں ہر طرح کی منشیات بھیج کر نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیلا۔

ذرائع  کے مطابق انہوں نے ایک ورکشاپ میں کہا کہ آپ کویہاں ہر دوائی مل ہی ہے۔ روزانہ منشیات کے استعمال کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس خطرے کی جانچ پڑتال کی جائے۔ لیکن ، ہم ایسا نہیں کرسکیں گے جب تک کہ ہم سپلائی چین کو مسدود نہ کردیں
انہوں نے کہا کہ

ایسا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ "کامیاب تفتیش اور قانونی کارروائی کی جائے۔”
ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ، انسپکٹر جنرل ، ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز ، ایس ڈی پی او ایس اور ایس ایچ اوز کے عہدے کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

ٹیم جموں کے چیئرمین زورآور سنگھ جموال نے کہاکہ جموں و کشمیر میں منشیات فروغ دیا جارہا ہے ، جو ظاہر ہے کہ پاکستان کر رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت جموں و کشمیر میں منشیات کے انسداد کے لئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے۔


دہلی فساد: مسلم خاندان شیلٹرہوم میں پناہ لینے پر مجبور

دہلی،

شمال مشرقی دہلی فساد کے دوران شیو وہار کے رہنے والے رمضانو کے مکان میں توڑپھوڑ کی گئی اور گھر کا سارا سامان لوٹ لیا گیا۔ اب ان کا خاندان یہاں سے 200 میٹر کی دوری پر پناہ لینے پر مجبور ہے اور ان کا این آر سی کے متعلق خوف مزید بڑھ گیا ہے کیونکہ ان کے خاندان کی سبھی دستاویزات کو فسادیوں نے لوٹ لیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی فساد میں اب تک 42 سے زائد اموات اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں لیکن اس اعداد و شمار میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس فساد کی وجہ سے کتنے لوگ اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ذرائع  کے مطابق مصطفی آباد کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شیووہار میں مقیم 500 سے زائد مسلمان خاندان اپنے گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔
کراول نگر کی چمن پارک کالونی میں ایک عمارت کو شیلٹر ہوم کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے جہاں 50 خاندان ایک ہی چھت تلے اپنے گھروں سے دور رہنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق شیلٹر ہوم میں مقیم ایک خاتون رمضانو نے کہا کہ ہم گذشتہ منگل سے ہی پریشان تھے جب فسادیوں نے ہمارے مکانات کے قریبی علاقوں میں توڑپھوڑ کی تھی جس کے وہ دہشت گرد ہمارے گھروں میں بھی گھس آئے اور مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ فسادیوں نے میرے دونوں بیٹوں کو بری طرح مارا جس کے بعد چھوٹے بیٹے کی آنکھ زخمی ہوگئی اور وہ بینائی سے محروم ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فسادیوں نے ان کی تین بہوں کے زیورات اور دیڑھ لاکھ روپئے بھی لوٹ لئے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اب میں کس طرح اپنی بیٹیوں کی شادی کرپاوں گا، میرا تو سب کچھ لٹ چکا ہے۔
رمضانو کا کنبہ این آر سی سے متعلق اپنے مستقبل کے بارے میں کافی فکرمند ہے ۔

انہوں نے ذرائع  کو بتایا کہ فساد کے دوران ساری دستاویزات کھوچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اب این آر سی ہوگا تو ہم کس طرح اپنی شہریت ثابت کرپائیں گے۔جب رمضانو سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اپنے گھر واپس جانا چاہتی ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم لوگ شیووہار میں واقع اپنے گھرجانا چاہتے ہیں لیکن پولیس نے ان کے شوہر سے کہا ہے کہ اگر آپ زندہ رہنا چاہتے ہیں تو گھر واپس نہ آئیں۔

شیلٹر ہوم میں موجود ایک اور خاتون نے بتایا کہ فسادیوں کے حملہ کو وہ کبھی بھول نہیں سکتی۔ اس دن دہشت گردوں نے ہمارے محلہ پر حملہ کیا تھا اور کئی مکانات کو نذرآتش کردیا تھا۔ بالآخر میں اپنے بچوں کے ساتھ فسادزدہ علاقہ سے بھاگنے میں کامیاب رہی۔انہوں نے کہا کہ

ہماری ایک دکان تھی جسے تباہ کردیا گیا اور ہماری جمع پونجی کو جلادیا گیا اور سب کچھ لوٹ لیا گیا۔ وہ ایک خوفناک رات تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب انصاف چاہتے ہیں۔


مقبوضہ کشمیر میں فروری 2020میں 11کشمیری شہید

سرینگر،

مقبوضہ کشمیر میں فروری میںفورسز کے ہاتھوں 11کشمیری شہید ہوئے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں فروری2020میں مختلف آپریشنز میں 11کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔شہید کشمیریوں میں ایک 78سالہ تحریک المجاہدین کے سابق سربراہ بھی شامل ہیں۔جنہیں نامعلوم افراد نے مسجد میں شہید کر دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اننت ناگ، سرینگر اور پلوامہ میں مختلف تین آپریشنز میں سات نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق ایل او سی کے قریب جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران 9 شہری اور 5فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 2شہری اور ایک فوجی اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

فروری کے مہینے میں وادی کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں میں کم سے کم 7شہری اور 3فوجی زخمی ہوئے ۔
بھارتی فوج ، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروںکی طرف سے آپریشنز میں مظاہرین پر فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس سے 7افراد زخمی ہوئے۔

ذرائع  کی طرف سے مرتب کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت کے دوران بھارتی فورسز نے مبینہ طور پر کم از کم28افراد کو گرفتارکیا جن میں زیادہ ترنوجوان شامل ہیں۔ یہ گرفتاریاں مختلف علاقوں میں جاری کم و بیش 98سرچ آپریشنز کے دوران کی گئیں۔ان میں آپریشنز میں این آئی کی طرف سے کئے گئے آپریشنز بھی شامل ہیں۔

ذرائع  کے مطابق فروری میں مقبوضہ کشمیر کے اضلاع سرینگر، کپواڑہ ، بارہمولہ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ، اننت ناگ، کولگام شوپِیاں،راجوری،پونچھ کٹھوعہ، رام بن، کِشتواڑ، ڈوڈہ میں سرچ آپریشنز کئے گئے۔

اسی دوران آپریشنز اور برفانی تودے گرنے کے مختلف واقعات میں ایک بھارتی آرمی پورٹر ہوا۔جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں برفانی تودے گرنے سے 1 فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ۔
ذرائع  کے مطابق فروری میں انتظامیہ نے سات افراد پر بدنام زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا جن میں ڈاکٹر فاروق عبدا للہ، عمر عبدا للہ، محبوبہ مفتی ، سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل ، علی محمد ساگر ، ہلال احمد لون ، سرتاج مدنی اور نعیم اختر شامل ہیں۔

مقبوضہ جموںوکشمیر اور بھارت کی دوسری ریاستوں میں پی ایس اے کے تحت 396افراد نظر بند ہیں ۔
گزشتہ برس حکومت نے کل 662 افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے جیلوں میں بند کر دیا ۔پانچ اگست 2019کے بعد سے بھارتی حکومت نے 419 افراد پر "بدنام زمانہ” قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا ہے اور ان میں سے بیشتر افراد بیرونی ریاستوں کی جیلوں میں بند ہیں۔

سال 2020میں سولہ مختلف واقعات میں دو شہریوں سمیت 34افراد شہید ہوئے جبکہ پانچ سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔پولیس کے مطابق رواں سال اسلحہ برآمدگی کے 23واقعات ریکارڈ کئے گئے۔اس سال دھماکوں کے 7واقعات میں11شہریوں اور 4سیکورٹی اہلکاروں کی اموات ہوئیں۔


آرمی آفیسر اپنے کتے کو آگ سے بچانے کی کوشش میں ہلاک ہوگیا
سال 2000سے اب تک تقریباًچھ ہزار سے زائد سکیورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے

سرینگر،

پولیس نے اتوار کے روز بتایاکہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے گلمرگ میں آتشزدگی کے واقعے کے دوران ایک آرمی افسر اپنے کتے کو بچانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوگیا ۔
ذرائع  کے مطابق ہفتے کی رات افسروں کے ہٹ میں آگ بھڑک اٹھی اور ایس ایس ٹی سی گلمرگ سے وابستہ کار سگنل کے میجر انکیت بودھراجا نے اپنی اہلیہ اور اس کے ایک کتے کو بچالیا۔ تاہم ، ایک اور کتے کو بچاتے ہوئے ، میجر 90 فیصد تک جھلس گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

فائر فائٹرز نے مقامی پولیس کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔
آرمی آفیسر کی نعش کو مزید کاروائی کے لئے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع  کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سال 2000سے اب تک تقریباًچھ ہزار سے زائد سکیورٹی فورسز کے اہلکار مختلف واقعات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔جن میں سے 4ہزار سے زائد اہلکار فوج اور دیگر پیرا ملٹری فورس کے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار (جے کے پی)تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2001 میں سیکیورٹی فورسز کے تعداد سب سے زیادہ 613 ہلاک ہوئے۔ اس کے بعد 2002 میں 539 ، 2000 میں 482 ، 1999 میں 407 ، 2003 میں 384 ، 2004 میں 330 اہلکار ہلاک ہوئے ۔

سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد میں 1990 سے مستقل اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس میں 2006 کے درمیان کچھ اتار چڑھاو آئے جن میں 182 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ 1991 میں سیکیورٹی فورسز کے 173 اہلکار ، 1992 میں 189 ، 1993 میں,198 1994میں200 ،1995 میں 237 ہلاک ہوئے ۔1996 میں یہ تعداد کم ہو گئی جس میں 189 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔1997 میں ایک بار پھر 216 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد 1998 میں 268 قتل ہوئے۔ سال 1999 میں ہلاکتوں کی تعداد تقریبا دگنی ہوگئی جس میں 407 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

سال 2000 میں 482 ہلاکتیں دیکھنے میں آئیں اور اگلے سال یعنی 2001 میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں دیکھنے میں آئیں جب سیکیورٹی فورسز کے 613 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد 2005 میں 244 ہلاکتیں ہوئی ، 2006 میں 182 اور 2007 میں 122 ہلاکتیں ہوئیں۔

About The Author