دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

26فروری 2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

صنفی تشدد عدالت ڈیرہ کی سزا کا پہلا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان کی نگرانی میں صنفی تشدد کے مقدمات کی تیز ترین سماعت کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم جینڈر بیسڈ وائلنس اسپیشل کورٹ کاپہلا بڑا فیصلہ سامنے آگیا ،

دس بچے کے ساتھ زبردستی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 14 سال قید بامشقت اور دس لاکھ جرمانہ کی سزاسنادی گئی ۔استغاثہ کی جانب ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر عبدالقدوس عدالت میں پیش ہوئے ،

جینڈر بیسڈ وائلنس اسپیشل کورٹ / ایڈیشنل سیشن جج VI ڈیرہ شاکر اللہ نے تھانہ کینٹ کی حدودخیبر ٹاﺅن نیو مدنی ٹاﺅن میں دس سالہ بچے کے ساتھ زبردستی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر اٹھارہ سالہ مجرم کامران عرف کامی ولد محمد رمضان قوم نورزئی سکنہ مریالی کو 14 سالہ قید بامشقت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،

پولیس ذرائع کے مطابق21 مارچ سال 2018 کو خیبر ٹاﺅن کے رہائشی نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ وہ دریا خان پنجاب میں سرکاری ملازمت کے سلسلے میں گیا ہوا تھا شام کو جب گھر وآپس پہنچا تو میرے دس سالہ بیٹے نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے قریب بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران مجرم کامران عرف کامی دیگر دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ آیا

اوروہ اسکے منہ پر ہاتھ کر قریبی باغ واقع بستی استرانہ میں لے گئے اوروہاں پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیابعدازاں مجرم کامران عرف کامی نے اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے مجرم کو گرفتارکرلیا ،

مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت نے مجرم کے خلاف جرم ثابت ہو نے پر 53 چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ اور 377 ت پ کی دونوں دفعات میں اسے 14 سال قید بامشقت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کے احکامات جاری کردیئے ہیں جرمانہ کی عدم ادائیگی پر اسے چھ ماہ قید محض مذید بھگتنا ہوں گے جبکہ مجرم کو زیردفعہ 382B ض ف کا فائدہ بھی دیاگیا ۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان بدفعلی ،جنسی ہراسگی سمیت صنفی تشدد کے مختلف مقدمات کی تیز ترین سماعت ، فوری فیصلے اور انصاف کی فراہمی پر سائلین اور وکلاءکی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان اور جی بی وی کے جج شاکر اللہ خان کے اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیاہے ۔
٭٭٭
داوڑ کنڈی کی مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ ،جلد باضابطہ اعلان متوقع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مسلم لیگ (ن) ڈیرہ کے ڈویژنل صدر ورہنما روشن ضمیر لغاری ایڈووکیٹ کی کوششیں رنگ لے آئیں ،پی ٹی آئی ٹانک این اے 39 کے سابق ممبر رکن اسمبلی داوڑ خان کنڈی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کرلیا ،

باضابطہ اعلان اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)صوبائی قائدین کے ساتھ جلد ملاقات کے دوران کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے مسلم لیگی رہنما روشن ضمیر لغاری ایڈوکیٹ بعدازاں صوبائی صدر امیر مقام اور صوبائی ترجمان مسلم لیگ (ن ) نے اس میں اہم کردار اداکیاہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ٹانک کے رہنما سابق رکن اسمبلی داوڑ خان کنڈی کی مسلم لیگی رہنما روشن ضمیر لغاری کے ہمراہ امیر مقام سے متعدد بار اہم ملاقاتیں کی گئیں اور تمام لائحہ عمل طے کیاگیا

جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کو ناصر ف ڈیرہ ٹانک بلکہ صوبہ بھر میں فعال اور متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے داوڑ کنڈی نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے

سیاسی مبصرین کے مطابق سابق پی ٹی آئی رہنما کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو ڈیرہ وٹانک کی سیاست میں اہم نظروں سے دیکھا جارہا ہے جس سے صوبے میں بھونچال آسکتاہے کیونکہ موجود پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں ،ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،مہنگائی اور دیگر مسائل سے عوام تنگ نظر آرہے ہیں ،

اس تناظر میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما کے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے اپنا فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہیں ،

ذرائع کے مطابق اگلے ماہ مارچ کے دوران مسلم لیگ (ن) کے مرکزی وصوبائی قائدین کے ڈیرہ متوقع دورے میں ڈیرہ کی مذید اہم شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا بھی امکان ظاہر کیا جارہاہے۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کے اہلکار کو نوکری پر بحال کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاور ہائی کور ٹ ڈیرہ کے جسٹس جناب عبدالشکور اور جسٹس جناب صاحبزادہ سعداللہ خان نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں جے سی ٹی فارمیسی کے عہدے پر تعینات اہلکار محمد نور کی رٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئے اس کے برطرفی کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دے کر اسے نوکری پر بحال جبکہ اس کی سابقہ تنخواہیں اور دیگر مراعات کی ادائیگی کا حکم جاری کردیا ۔

پٹیشنر کی جانب سے گل تیاز مروٹ ایڈوکیٹ جبکہ ایم ٹی آئی کی جانب سے قاضی ضیاءالرحمٰن ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔پٹیشنر محمد نور نے عدالت عالیہ میں آئین پاکستان 199 کے تحت رٹ پٹیشن نمبر 408/2019 دائر کی

جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ وہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں 16 فروری 2018 کو جے سی ٹی فارمیسی کی پوسٹ پر تعینات ہوا اور اپریل سال 2019 تک باقاعدہ تنخوا ہ وصول کرتارہا لیکن اس کے بعد سابق ہاسپیٹل ڈائریکٹر نے بلا شکایت بغیر کسی تحریری آڈر کے اسے برطرف کیے بغیر اس کی تنخوا ہ بند کردی۔

رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران سابق ہاسپٹل ڈائریکٹر نے سابقہ تاریخ 31 دسمبر سال 2018 کو پٹیشنر کی برطرفی کا آڈر جاری کرتے ہوئے بذریعہ رجسٹری اسے ارسال کردیا ۔پٹیشنر نے اپنی رٹ پٹیشن وآپس لیتے ہوئے فریش گراﺅنڈ پر دوبارہ نئی رٹ پٹیشن نمبر 492/2019 دائرکی اور اپنی برطرفی کے آڈر کو عدالت عالیہ میں چیلنچ کردیا ۔

فاضل عدالت نے پٹیشن کی سماعت مکمل کرکے پٹیشنر کے برطرفی کے آڈر کو غیر قانونی قرار دے کرا س کی رٹ پٹیشن منظور کرلی اور اسے نوکری پر بحال کرتے ہوئے اس کی سابقہ تمام تنخواہوں اور دیگر مراعات کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کردیا ۔
٭٭٭
اہم عدالت نے ڈیرہ کے میگاکرپشن سکنڈل کیس کو وائٹ کالر کرائم قرار دے دیا،قبضہ مافیا کے گرد شکنجہ مذید سخت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اہم عدالت نے ڈیرہ کے انتہائی اہم میگاکرپشن سکنڈل کیس کو وائٹ کالر کرائم قرار دے دیا ،قبضہ مافیا کے گرد گھیرا مذید سخت ہوگیا ،جی پی او چوک ڈیرہ کے قریب اربوں روپے کی اراضی جعلی انتقالات کے ذریعے کوڑیوں کے مول فروخت کرنے کے میگاکرپشن سکنڈل کیس میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آگئی ،

جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کے بعد اینٹی کرپشن کیمپ کورٹ ڈیرہ نے بھی مذکورہ میگاکرپشن سکنڈل کو وائٹ کالر کرائم قرار دیتے ہوئے ریونیو ڈیرہ کے چاررجسٹرار ز ،تین وثیقہ نویسوں اور دو خواتین سمیت 26 افراد کے خلاف بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،

بورڈ آف ریونیو پشاور کی جانب سے ریونیو ڈیرہ کے تین سابق وایک موجودہ رجسٹراروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کر کے انہیں نوٹسز جاری جبکہ کمشنر ڈیرہ کو غیرقانونی وثیقہ جات کی منسوخی کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں،

ڈیرہ کے نواحی علاقہ کوکار کے رہائشی ڈاکٹر حضرت خان کی جانب سے سول کورٹ ڈیرہ میں ڈاکٹر حضرت خان بنام حسین جان وغیرہ کے عنوان سے تکمیل معاہدہ کے ساتھ جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کی عدالت میں استغاثہ دائر کرنے کے علاوہ اینٹی کرپشن عدالت ڈیرہ میں بھی مذکورہ ملزمان کے خلاف استغاثہ دائر کیا گیا

جس میں مستغیث ڈاکٹر حضرت خان نے موقف اختیار کیا کہ جی پی او چوک کے قریب واقع میری ملیکتی پلاٹ 01 تا14 اور 16.18.20 سروے نمبر اسی اور تعمیر شدہ بلاول بنی گالہ ہاﺅس کو محکمہ ریونیو ڈیرہ کی ملی بھگت سے کنٹونمنٹ بورڈ ڈیرہ اور ایم ای او کوہاٹ کی این او سی کے بغیر اپنی ملیکت ظاہر کرکے اس پر غیر قانونی تعمیرات شروع کردی ہیں ،

اینٹی کرپشن کیمپ کورٹ ڈیرہ کی جانب سے بار بار کے نوٹسز جاری ہونے کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر اینٹی کرپشن عدالت مذکورہ کرپشن کو وائٹ کالر کرائم قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف بلاضمانت وارنٹ جاری کردیئے ہیں،

دوسری جانب بورڈ آف ریونیو پشاور نے ریونیو ڈیرہ کے چار رجسٹراروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ کرکے ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کردیا اور اس ضمن میں مذکورہ رجسٹراروں کو نوٹسزبھی جاری کردیئے گئے ہیں ،

بورڈ آف ریونیو پشاور کی جانب سے غیر قانونی وثیقہ جات کی منسوخی کے لئے کمشنر ڈیرہ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ،

یادرہے کہ مذکورہ قیمتی اراضی کے جعلی انتقالات کے خلاف دائر استغاثہ پر جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کی جانب سے ملزمان کے پیش نہ ہونے پر 26 افراد کے خلاف پہلے ہی بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں ،
٭٭٭
ڈیرہ پریس کلب کی شاندار گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ پریس کلب (رجسٹرڈ) نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے، صحافی قلم کے ذریعے علاقہ کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں، میڈیا کالونی کے قیام کیلئے صوبائی حکومت سے بات کرینگے، صحافی ذمہ دار لوگ ہیں، صحافت لوگوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتی ہے،

کوشش کریں کہ قلم کے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان اور پاکستان کی بہتری کیلئے کام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ پریس کلب کے 50سال مکمل ہونے اور نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کی صدارت سابق مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علامہ رمضان توقیر ،ریجنل آفیسر محکمہ اطلاعات قاضی صبغت اللہ، پیپلز پارٹی کے رہنما ملک فرحان افضل دھپ، فرہاج سکندر بلوچ، شیخ معظم ، ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال بلوچ، قائمقام ڈی ایچ او محکمہ صحت ڈاکٹر عارف محمود،

مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ اختر علی، ڈاکٹر عبداللہ ظفری، ملک عثمان ڈیال، چوہدری ریاض ایڈوکیٹ، ملک اشفاق چغتائی، ایوب ایوبی، سابق ایڈوکیٹ جنرل ثناءاللہ شمیم گنڈہ پور سمیت معززین علاقہ ، سرکاری اداروں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے نومنتخب صدر یایسن قریشی، سینئر نائب صدر صادق نوشاد، نائب صدر ابو المعظم دین محمد ترابی، جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد کامران، پریس سیکرٹری گوہر محبوب غنچہ، فنانس سیکرٹری وارث بلوچ اور سرپرست عبدالحمید بلوچ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

اس موقع پر ڈیرہ پریس کلب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور دیگر مہمانوں کو خصوصی شیلڈز دی گئیں اور پریس کلب کے ممبران کو بیجز بھی لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ قلم کے ذریعے صحافیوں کو ہر وہ بات کرنی چاہئے جس سے علاقائی مسائل اجاگر اور حل ہوں۔

پولیو کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کے دوران عوام ،پولیو ورکرز، سرکاری اداروں اور سیکورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ پولیو ویکسین کے دو قطرے پلانے سے ناصرف ہم اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں بلکہ اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض اور عمر بھر کی معذوری سے بچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی صحافیوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ہماری کمزوریاں سامنے لائی جائیں، عوام اور سرکاری اداروں کی تریت کریں۔صفائی نصف ایمان ہے، ہمیں اپنے اردگرد صفائی کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر محمد یاسین قریشی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب کی بنیاد1970میں رکھی گئی تھی اوراولین تقریب حلف برادری کے مہمان خصوصی اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ تھے اور آج ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ڈیرہ پریس کلب کی50سالہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے اور زرد صحافت کے خاتمہ کیلئے صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کیلئے انتظامیہ اپنا کردار اداکرے اور صحت کے حوالے سے صحافیوں کو فوری طور پر انصاف صحت کارڈ فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے پاک فوج کی جانب سے ڈیرہ پریس کلب کے چار علیل صحافیوں کیلئے نقد امداد کی فراہمی پر پاک فوج خصوصاً آئی جی ایف سی (ساﺅتھ ) میجر جنرل اظہر اقبال عباسی، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سوات میں شہید ہونے والے صحافی محمد جاوید کے قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شہید صحافی کو شہداءپیکیج اور پسماندگان کو ہرقسم کے تحفظ و کفالت کا مطالبہ کیا ۔
٭٭٭
خواجہ سرا کی سالگرہ کے موقع پر دوگروپوں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کے دوران نوجوان جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحصیل کروڑ لعل عیسن ضلع لیہ پنجاب میں خواجہ سرا کی سالگرہ کے موقع پر دوگروپوں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی نوجوان عدنان علی جاں بحق ہوگیا،

مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ایمبولینس کے ذریعے ڈیرہ روانہ کردی گئی ، تھانہ سٹی کروڑ لعل عیسن میںملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سٹی کے محلہ ٹوئیانوالا کا رہائشی25سالہ عدنان علی ولد ارشد علی دوستوں کے ہمراہ ضلع لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن میں خواجہ سرا کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے گیا ہوا تھا

جہاں پر شادی ہال میں معمولی تلخ کلامی کے بعد دس بارہ مسلح افراد نے عدنان علی پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں عدنان علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ سٹی کروڑ لعل عیسن پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیرہ میں ملازم اور مقامی جم کلب میں انسٹکٹر تھا۔
٭٭٭
محکموں کے سربراہان کو منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ڈی سی دفتر کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فناس آفیسر غازی مرجان، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او خلیل نور، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایس ڈی او یوسف علیزئی، ارسلان خان، ٹی ایمزکے نمائندوں سمیت دیگر ضلعی محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی ۔ ا

جلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے ذمہ دران کو جاری منصوبوں میں معیار اور بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پہاڑ پور اور پنیالہ میں عوام کی تفریح کیلئے نئے پارکوں کے قیام ، یارک سمیت دیگر علاقوں میں آٹھ نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب سمیت رفاعے عامہ کے دیگر منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

ممبر قومی اسمبلی محمد یعقو ب شیخ کے فنڈ سے بجلی کے نئے درابن فیڈر کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین ممبران اسمبلی کی منظوری بھی دی گئی۔ جن میں سے ایم ٹی آئی کیلئے ایک نئے نیورو سرجری وارڈ کی منظوری بھی شامل ہے۔
٭٭٭
موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرکے دو ملزمان گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے راہزنی کے دوران موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرکے دو ملزمان گرفتار کرلیا ، چھینے گئے دو موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ۔

ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود نے شہر میں راہزنی کے دوران موبائل فون چھیننے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی سرکل اقبال خان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کینٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔

پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے محنت اور جدید سائنسی طریقہ کار سے تفتیش شروع کرتے ہوئے شہر میں متعدد راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرلیا اور گروہ میں شامل دو اہم ملزمان عبداللہ ولد جہانگیر قوم وزیر سکنہ انڈس کالونی اور محمد رضا ولد صفدر حسین سکنہ اعوان آباد کوٹریس کر کے گرفتار کیا ،

پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 2سام سنگ موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل برآمدکرلیا ہے،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
٭٭٭٭٭٭
بیڈمنٹن کے مقابلوں میں فیصل خان جدون سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ سپورٹس ایونٹ بیڈمنٹن کے مقابلوں میں کینٹ بورڈ ڈیرہ کے کھلاڑی فیصل خان جدون نے سیمی فائنل مقابلوں تک رسائی حاصل کرلی۔

فیصل خان جدون نے انفرادی مقابلوں کے علاوہ ڈبل یونٹ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی دلائی۔
٭٭٭
بغیر اجازت کیمپ لگانے پر 29افراد کیخلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بغیر اجازت کیمپ لگانے پر 29افراد کیخلاف مقدمہ درج، کینٹ پولیس نے جی پی او چوک پر آل پیٹرولیم و ڈیزل ایجنسی مالکان کی جانب سے مطالبات کے سلسلے میں بغیر اجازت کیمپ لگانے پر 29افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، تمام ملزمان گرفتار۔

تفصیلات کے مطابق آل پیٹرولیم و ڈیزل ایجنسی مالکان کی جانب سے پیٹرول و ڈیزل ایجنسیوں کی بندش اور دیگر مطالبات کے سلسلے میں جی پی او چوک پر لیاقت، محمد خالد اور شریف کی قیادت میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔

کینٹ پولیس نے بغیر اجازت کیمپ لگانے پر لیاقت، محمد خالد اور شریف سمیت 29افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔
٭٭٭
ہزاروں لیٹر ڈیزل قبضہ کرکے کسٹم حکام کے حوالے کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے 6469لیٹر ڈیزل قبضہ کرکے کسٹم حکام کے حوالے کیا ۔ ایس ایچ او پہاڑپور انیس الحسن نے مختلف غیر قانونی 6469لیٹر ڈیزل قبضہ کر کے کسٹم حکام کے حوالے کیا۔ ا

سی طرح ڈیرہ پولیس نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران 18عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں،13ٹرک ٹینکر ،1کوسٹر، 1284کلو چائے ،130429لیٹر ایرانی ڈیزل ،40000لیٹر ایرانی آئل،2555لیٹر ایرانی پٹرول،24کاٹن تھرماس ،کوکونٹ12200کلو گرام،950کلو گرام بادام،

1134کلو گرام کشمش ،54بوری چلغوزہ ،55عدد ٹائر ، 4000کلو سیب،199کلو گرام کوکنگ آئل،2200کلو تازہ انار،16کاٹن سگریٹ،27بیگ خشک میوہ جات،175کلو چائنہ نمک ،06کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات،06کاٹن سپئیر پارٹس ،1750کلو گلیسرین ،

20کاٹن موبل آئل ،01گٹو کپڑا،09گٹو شاپر ،51678کلو گرام مونگ پھلی ،06گٹو چھلی، 04عدد انورٹر،11عدد ہیٹر ،04عدد ہیٹر شمسی انورٹر ،89عدد موبائلز،09عدد واٹر پمپ سمیت متفرق سامان جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے ۔

جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جا رہا تھا ۔کسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی فیسوں میں اضافہ ہونے سے والدین پریشان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی فیسوں میں اضافہ ہونے سے والدین سخت ذہنی اذیت کا شکار ،

شہر سمیت ضلع بھر میں قائم درجنوں سے زائد پرائیویت سکولز اور کالجز کے مالکان نے طلبہ وطالبات کی فیسوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے غریب والدین کو پریشانی سے دوچار کرنے سمیت نچلے طبقہ کے لئے تعلیم کا حصول انتہائی دشوار بنادیاہے،

شہر کے متعدد پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر سیکورٹی گارڈز کی تعیناتیاں کرنے ،سکولز میں ہونے والی تقاریب اور سالانہ فنگشنز ،بجلی وگیس کے بلز بھی طلباءوطالبات سے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں ،کمر

توڑ مہنگائی کی وجہ سے والدین کے لئے دیگر تعلیمی اخراجات پور کرنا کسی بھی صورت آسان نہیں مگر حالیہ فیسوں میں اضافہ حالات کے ستائے لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہیں ،

اگر جائزہ لیاجائے تو سرکاری اداروں میں سہولیات کے شدید فقدان کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے پرائیویٹ اداروں کا رخ کرتے ہیں مگر اب متوسط اور غریب طبقہ کے افراد کے لئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اخراجات برداشت کرنا انتہائی دشوار دکھائی دیتاہے ،

شہریوں اور والدین کا کہنا ہے اس بات سے قطعی طور انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پرائیویٹ سیکڑ نے تعلیمی ترقی کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے لیکن تعلیم کو فروغ دینے کی آڑ میں کاروبار چمکا کر لوٹ مار کا بازار گرم کرنا افسوسناک ہے ،شہریوں اور طلباءکے والدین نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ طلبہ کی فیسوں میں حالیہ اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے اور اسے فی الفور ختم کروایا جائے ۔
٭٭٭
تجاوزات مافیا کا قبضہ ،ٹریفک کا جام ہونا روز کا معمول بن گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اندرون شہربازاروں سمیت گلی محلوں میں تجاوزات مافیا کا قبضہ ،ٹریفک کا جام ہونا روز کا معمول بن گیا ،دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر قبضے جمارکھے ہیں رہی سہی کسر چنگ چی رکشوں ،ریڑھی بانوں نے نکال کر پوری کردی ،شہری سراپا احتجاج ،ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او ،ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کامطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے بازاروں سمیت گلی محلوں میں بااثر افراد نے مستقل بنیادوں پرقبضے جمارکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا شعبہ انگروچمنٹ قبضہ مافیا سے بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات ختم کروانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے ،با

اثر دکانداروں نے بازاروں کے اندر کئی کئی فٹ تجاوزات قائم کررکھی ہیں ،رہی سہی کسر چنگ چی رکشوں اور ریڑھی مالکان نے پوری کردی ہے ،خریداری کے لئے آنے والی خواتین بچے ،بزرگ تجاوزات کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتے ہیں ،

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او ،ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گردونواح میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں کے افسران واہلکاروںکو متحرک کیا جائے اور تجاوزات سمیت غیر قانونی اسٹینڈ کا خا تمہ کروایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں پیش آنے والے مشکلات کا خاتمہ ہوسکے ۔
٭٭٭
ایمرجنسی میں پیرا میڈیکل سکول کے طلباءلوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ سول ہسپتال تجربہ گاہ بن گیا ،ایمرجنسی میں پیرا میڈیکل سکول کے طلباءلوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے ،غلط ادویاتی ،انجکشن معمول بن گیا ،ڈاکٹرز بھی ٹرینی تعینات ،شہریوں کی جانیں داﺅ پر ،سٹاف کی کمی ہے اس لئے طلباءکو ایمرجنسی میں لگایاگیا ہے،ہسپتال انتظامیہ ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ کے سب سے بڑی ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی میں سرکاری اور نجی پیرا میڈیکل سکول کے طلباءکے لئے تجربہ گاہ بنادیاگیاہے جہاں شہر بھر سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں آنے والے مریضوں کا ان ناتجربہ کار ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے طلباءکے حوالے کردیا جاتاہے ،

اکثر کی حالت یہ ہے کہ ان کو بلڈ پریشر ،شوگر چیک کرنے یا انجکشن تک لگانے کی تربیت نہیں ہوتی جبکہ بعض نوجوان طلباءایمرجنسی کے اندر ایک دوسرے کے ساتھ فحش مذاق اور گالی گلوچ بھی کرتے ہیں ،ایمرجنسی میں ہی تمام ناتجربہ کار ڈاکٹروں مریضوں پر پریکٹس کرتے نظر آتے ہیں

جس کی وجہ سے مریضون کی بڑی تعداد صحت یاب ہونے کی بجائے مزید سیریس ہوجاتی ہے جس کے بعدان کو ملتان،پشاور ریفر کردیاجاتاہے ۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف کی بہت قلت ہے جس کی وجہ سے زیر تعلیم طلباءکو یہاں لگایا گیاہے۔شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی کو ناتجربہ کار ڈاکٹروں اور ٹرینی طلباءسے بچایا جائے اور یہاں تجربہ کار عملہ تعینات کیا جائے ۔
٭٭٭
گومل میڈیکل کا لج ڈیرہ اسماعیل خان کی صوبے بھر پہلی پوزیشن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گومل میڈیکل کا لج ڈیرہ اسماعیل خا ن کی صوبے بھر پہلی پوزیشن،د فائنل ائیر نتائج کی شرح97فیصد رہی۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور نے ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل سیشن2019کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحان میں کل1592طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں1423نے کا میابی حا صل کی اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح89 فیصد رہی۔

نتائج کے مطابق خیبر گرلز میڈ یکل کا لج(کے جی ایم سی) پشا ورکی طالبہ ما ہوش صا لح نے 1404نمبر لیکر پہلی، خیبر میڈیکل کالج(کے ایم سی) پشاورکے ابوز رسراج نی1376نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ بنوں میڈیکل کا لج (بی ایم سی ) بنوں کی طالبہ فا طمہ علی شا ہ نے 1374نمبرلے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

گومل میڈیکل کا لج ڈیرہ اسماعیل خان کے نتیجے کی شرح97فیصد رہی۔ خیبر میڈیکل کالج پشاور کا نتیجہ97فیصدرہا، ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کانتیجہ 95فیصد ،امتحان میںخیبر گرلز میڈیکل کالج پشاو ر کا نتیجہ95فیصد رہا۔سیدو میڈیکل کالج سوات کانتیجہ96فیصد ،

کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوہاٹ کا نتیجہ91فیصد رہا۔بنوں میڈیکل کالج بنوں کانتیجہ96فیصد ، وومن میڈیکل کالج ایبٹ آبادکانتیجہ76فیصد ،جناح میڈیکل کالج پشاور کانتیجہ76فیصد ،امتحانی نتائج کے مطابق باچا خان میڈیکل کالج مردان کا نتیجہ 93فیصد ،رحمان میڈیکل کالج کے نتیجے کی شرح 96فیصد رہی ،

،مذکورہ امتحان میں پاک انٹرنیشنل میڈیکل کالج پشاورکا مجموعی نتیجہ80فیصد جبکہ ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج ایبٹ آباد کی کامیابی کی شرح 56فیصد رہی۔
٭٭٭
ہزاروں شہری مسافر موت کے منہ میں سفر کرنے پر مجبور ہوکر رہ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)آر ٹی اے سیکرٹری اور ٹریفک پولیس افسران کی مبینہ غفلت کے باعث ڈیرہ کے ہزاروں شہری مسافر موت کے منہ میں سفر کرنے پر مجبور ہوکر رہ گئے۔

مسافر گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز اوور لوڈنگ اوور چارجنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے میں سب کو پیچھے چھوڑ گئے اس تما م تر صورت حال پر آر ٹی اے سیکرٹری،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور ٹریفک ملازمین نے مبینہ طور پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی ،

بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے دیگر شہروں کو جانے والی مسافر ویگنوں ،بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ یومیہ ہزاروں مسافر شہریوں کے لئے شدید خطرہ بن گئی ،گاڑیوں میں مبینہ سی این جی سلنڈروں پر پابندی کے باجود گیس سلنڈر چل رہے ہیں

جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹس نہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ ٹرانسپورٹرز مسافروں سے لوٹ مار کررہے ہیں اور مبینہ طور پر اوور لوڈنگ اوور چارجنگ کی جارہی ہے اور مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
گھر میں سبزیاں اگا کر تازہ سبزی کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے۔ پاکستان میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار سے بہت کم ہے۔ترجمان محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350 گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے

جبکہ ہمارے ہاں یہ مقدار 100 سے 150 گرام فی کس روزانہ ہے۔کچن گارڈننگ کے تحت اپنے کھیت یا گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں تازہ، صحتمند، سستی، زرعی زہروں اور دیگر آلائشوں سے پاک ہوتی ہیں جن کے استعمال سے انسانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

عام طور پر کچن گارڈننگ کا مطلب گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت ہے۔ تاہم خصوصی طور پر اس سے مراد ایسی سبزیوں کی کاشت ہے جو کسی بھی گھر کی روزمرہ کی ضرورت بھی ہو اور جنہیں کچن کے قریب لان، گملوں، ٹوکریوں، پلاسٹک بیگ، لکڑی و پلاسٹک کے ڈبوں وغیرہ یا چھت پر اگا کر ہر وقت تازہ سبزی کے حصول کو ممکن بنا کر گھریلو ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔

اس طرح کاشت کی گئی سبزیاں آلودگی سے پاک حاصل کی جاتی ہیں جو کیمیائی کھادوں اور زہریلی ادویات کے استعمال سے پاک ہوتی ہیں۔ موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی کاشت کیلئے موزوں وقت وسط مارچ تک ہے۔

حکومت نے کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے موسم گرما کی سبزیات کا پیکٹ جن میں بھنڈی، گھیا کدو، کھیرا، ٹینڈی، ٹینڈا، گھیا توری اور تر کے بیجوں پر مشتمل 1 لاکھ پیکٹس بحساب 150 روپے فی پیکٹ کے حساب سے فراہم کیے جارہے ہیں۔

ایک سیڈ پیکٹ سے 5 مرلے زمین پر سبزیات کی کاشت کی جا سکتی ہے۔ سیڈ پیکٹس محکمہ زراعت کے ضلعی دفاترپر دستیاب ہیں۔
٭٭٭
کتوں کے کاٹنے سے متاثرہ افرادمیں بے پناہ اضافہ، ڈیرہ اسماعیل خان سبقت لے گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کتوں کے کاٹنے سے متاثرہ افرادمیں بے پناہ اضافہ، ڈیرہ اسماعیل خان سبقت لے گیا ، ڈیرہ میںکتوں کے کاٹنے کے واقعات میں متاثر ہ افراد کی تعداد 23ہزارتک پہنچ گئی ،خیبرپختونخوا میں گزشتہ چارسالوں کے دوران مختلف علاقوں میں دولاکھ 25ہزارافرادکتوں کے کاٹے سے متاثرہوئے،سانپوں نے بھی11ہزارسے زائد افراد کو ڈس لیا۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چارسالوں کے دوران دولاکھ25ہزار افراد باﺅلے کتوں کے کاٹنے سے متاثرہوئے جن میں سب سے زیادہ تقریباً23ہزارکاتعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے

تاہم باقی اضلاع بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے 2015سے 2019تک 11ہزار 651افرادکو خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں سانپوں نے ڈساجن میں سے کئی افرادکی موت بھی واقع ہوئی،

محکمہ صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سمیت پورے خیبرپختونخواکے کسی بھی ہسپتال میں سانپوں یا کتے کے کاٹے ہوئے افراد کیلئے وارڈمختص نہیں کیاگیاہے

گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کتوں کے ویکسین کے ختم ہونے کے باعث ہزاروں افراد نے حکومت کی بجائے نجی طور پر ویکسین استعمال کئے۔
٭٭٭
سونے کی قیمت میں کمی آنے پر شہر کی صرافہ مارکیٹوں میں خالص سونے کی قیمت میں کمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سونے کی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی آنے پر شہر کی صرافہ مارکیٹوں میں خالص سونے کی قیمت میں 2250 روپے فی تولہ کی کمی کردی ہے۔

جس کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط سونے کی قیمت 94 ہزار 500 روپے فی تولہ جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت 27 ہزار 300 روپے فی تولہ کی سطح پر دیکھنے میں آئی۔
٭٭٭
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت میں مبتلا،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت میں مبتلا، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روز مرہ کا کام اور کاروبار بند ہو کر رہ گیا

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ عروج پر ہے،مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے سبھی اذیت کا شکار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے جبکہ لوڈشیڈنگ میں اضافے سے عام شہریوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نکا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا۔

شہریوں نے متعلقہ حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔
٭٭٭
سرکاری سکیم کے تحت حج در خواستوں کی وصولی شروع ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں سرکاری سکیم کے تحت حج در خواستوں کی وصولی شروع ہوگئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے متعین کردہ بینکوں کی برانچوں نے درخواستوں کی صولی کا کام شروع کردیا ہے،

سال 2020 کیلئے حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوگیا ، 13 بینکوں میں فارم چھ مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بھی حج فارم وصول کیے جا سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق حج 2020 میں شرکت کے خواہش مند افراد سے درخواستوں اور واجبات کی وصولی کا آغاز ہوگیا ہے۔

درخواست فارموں کے ساتھ واجبات جمع کرانے میں سہولت دینے کے لیے اسٹیٹ بینک نے 13 منظورشدہ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی تمام نامزد برانچیں ہفتہ اور اتوار یعنی 29 فروری اور یکم مارچ کو صبح 10 بجے سے لے کر دوپہر 2 بجکر 30 منٹ تک کھلی رکھیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ حج پالیسی 2020 کے مطابق وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے 13 بینکوں کو اجازت دی ہے کہ وہ ملک بھر میں 25 فروری سے 06 مارچ تک حج 2020 میں شرکت کے خواہش مند افراد سے واجبات کے ہمراہ درخواستیں وصول کریں۔

یاد رہے وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج درخواستوں کے اجراو و صولی کی نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ تمام مجاز بینکوں کو اطلاع کردی گئی، کابینہ سے ایک اہم نکتے کی عدم منظوری کے باعث پہلی تاریخ میں التواکیاگیا تھا، ہفتہ اور اتوار کوبھی حج فارم وصول کی جائیں گے۔

About The Author