نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

21فروری2020:آج ضلع مظفر گڑھ میں کیا ہوا؟

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سکاؤٹ تحریک کا عالمی دن آج منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز،واکس اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا

جس کا مقصد نوجوانوں بالخصوص طلبہ میں اسکاؤٹنگ کے حوالے سے سرگرمیوں کو فروغ دینا اور اس کا شعور اجاگر کرنا ہے،

اسکاؤٹ تحریک کا آغاز لارڈ بیڈن پاؤل آف گلول نے1907 میں انگلستان کے ”براؤن سی“نامی جزیرے میں بیس لڑکوں کے گروپ کا پہلا بوائے اسکاؤٹ کیمپ قائم کرکے کیاتھا،


کوٹ ادو

تیزرفتار کوسٹر کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار پولیس کانسٹیبل موقع پرجاں، نامعلوم کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی،

نعش کا پوسٹمارٹم کرانے کے بعد ورثاء کے حوالے،نماز جنازہ ادا کردی گئی،اس بارے تفصیل کے مطابق سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک شکیل احمد کوریہ،سٹی پبلک سکول کے اونر ملک شفیق احمد کوریہ،محکمہ انہار کے پٹواری ملک ضمیراحمد کوریہ کے بھائی ملک عامر کوریہ جو کہ

تھا نہ دائرہ دین پناہ میں سیکورٹی کانسٹیبل تھے اور تھانہ میں پی آر او کے فرائض سرانجام دے رہے تھی، گزشتہ روز دن 10بجے اپنے گھر کوٹ ادو سے ڈیوٹی پر تھانہ دائرہ دین پناہ جارہے تھے کے راستہ میں ڈاکٹر سلیمان کے کلینک کیقریب سامنے سے آنے والے کوسٹر سے ٹکرا گئے

جس کے نتیجہ میں عامر کوریہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ نامعلوم کوسٹر ڈرائیور پوسٹر سمیت موقع سے فرار ہوگیا، اطلاع پر ایس ایچ او دائرہ دین پناہ تھانہ عصمت عباس پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا

اور نعش کو قبضے میں لے کر ہسپتال لے آیا،جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی،مرحوم کی نماز جنازہ جنوبی عیدگاہ میں ادا کی گئی

جس میں کوٹ ادو کی سیاسی،سماجی،دینی وشہری حلقوں کے علاوہ وکلاء ڈاکٹرز اور پولیس کے ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی،دوسری طرف پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ نے نامعلوم کوسٹر ڈرائیورکے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔


کوٹ ادو

امیرجماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر نے کہا ہے کہ خراب حکومتی کارکردگی نے ملک کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے عوم آدمی برداشت اور فرسٹریشن اور مرنے مارنے پر تلے ہوئے ہیں،

کرپشن کا راگ الاپنے والوں نے ملک کو2سال کے اندر کرپشن کا گڑھ بنا کر رکھ دیا ہے، جماعت اسلامی 29 فروری سے پورے ملک کے اندر عوامی بیداری مہم شروع کر رہی ہے جس میں عوام کو مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک چلانے کے لیے تیار کیا جائے گا،

وہ گزشتہ روز پریس کلب کوٹ ادو میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے اور بلند و بانگ دعوے کیے تھے اور خوشحالی ترقی بے روزگاری کے خاتمے کی نوید سنائی تھی مگر موجودہ حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے 2سال کا عرصہ ہونے کو ہے،عوام مایوس ہیں،

بیروزگاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے پریشان ہیں، حکومت کی داخلی خارجی طور پر پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، عمران خان نے 186 دن کا دھرنا دھاندلی کے خلاف دیا تھا

مگر موجودہ حکومت خود بد ترین دھاندلی کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ برسراقتدار آکر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے، ملک میں صنعتی انقلاب برپا کر کے عوام کو روزگار دینگے،

انتخابی اصلاحات کرکے ملک کو فری کرپشن ملک بنائیں گے، مگر اقتدار میں آنے کے بعد ملک معاشی طور پر بدحال ہوگیا ہے، مہنگائی بیروزگاری بجلی اور گیس کے بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، انہوں نے کہا کہ

اپوزیشن پارٹیاں متحدۃ نہیں ہورہی، حقیقی اپوزیشن کا کردار جماعت اسلامی کو ادا کرنا پڑ رہا ہے، جماعت اسلامی 29 فروری سے پورے ملک کے اندر عوامی بیداری مہم شروع کر رہی ہے جس میں عوام کو مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک چلانے کے لیے تیار کیا جائے گا،

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ٹیکس چور نہیں،وہ ٹیکس دینا چاہتی ہے جو ان کے ٹیکس کی رقم کو عوام کی فلاح و بہبود پر دیانتداری سے خرچ کرے،بنگلہ دیش کے ایک سکالر نے پاکستان کے معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ

پاکستان کی حکومت پیٹرول سستا خرید کر عوام کو مہنگے داموں فروخت کرتی ہے، بجلی 5 روپے یونٹ والی کے 38 روپے یونٹ وصول کرتی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں پٹرول سے گاڑیاں چلانے کا رواج اب متروک ہو رہا ہے وہ الیکٹرک گاڑیاں استعمال کرکے پٹرول پر بھاری زرمبادلہ کی بچت کر رہے ہیں،

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں معاشی ابتری کا حل نئے الیکشن ہیں، مگر جماعت اسلامی فی الحال نئے الیکشن کا مطالبہ نہیں کرے گی، وہ ملک میں اصلاحات چاہتی ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ

جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائی جائے تاکہ پسماندہ علاقے کے لوگوں کو تعلیمی معیار بہتر ہو سکے،

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کوٹ ادو پروفیسر غلام فرید الفت، امیرجماعت اسلامی مظفرگڑھپروفیسر افتخار ھاشمی، امیرجماعت تحصیل کوٹ ادو مولانا اسمعیل آصف،نائب جنرل سیکریٹری شفیق اظہر، ڈاکٹر ضیاء الحسن خان و دیگر درجنوں کارکنان بھی موجود تھے۔


کوٹ ادو

ادو خان یونیورسٹی تحریک کے سرپرست اعلی ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے ٹیلنٹ ہنٹ 2020 کی منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ادو خان یونیورسٹی کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے، اب وسیب کا ہر طبقہ جاگ چکا ہے،

یونیورسٹی لیکر رہیں گے، انہوں نے کہا کہ کہ ادو خان یونیورسٹی تحریک غیر لسانی، غیر سیاسی تحریک ہے اور 4برس قبل جب چند نوجوانوں نے اس تحریک کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی جدو جہد کا آ غاز کیا خلوص نیت سے شروع کی گئی تحریک کی گونج اب حکومتی ایوانوں میں بھی پہنچ چکی ہے،

آ ج اس تقریب میں ہر طبقہ فکر نے شرکت کر کے ثابت کردیا کہ اب شعور کی کامیابی نذدیک ہے، یونیورسٹی کا قیام وسیب کے ہونہار ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردار کریگی، ہمارے بچوں، بچیوں کو علم کی پیاس بجھانے کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا،

انہوں نے کہا ادو خان یونیورسٹی کا مطالبہ تحصیل کوٹ ادو کے لیے ہے اگر جتوئی یا دوسرے علاقے کا لولی پاپ دیا گیا تو اسے تسلیم نہیں کریں گے اور اپنی تحریک جاری رکھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جب مغرب نے تعلیم کو اپنایا تو انہوں نے پوری دنیا پر حکمرانی کی اور چاند پر پہنچ گئے،

علم کے لئے بہترین یونیورسٹی ہماری ضرورت ہے، قبل ازیں ادو خان یونیورسٹی تحریک کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ 2020 کی رنگا رنگ پروقار تقریب کوٹ ادو میں منعقد کی گئی جسمیں 200سے زائد پوزیشن ہولڈر سٹوڈنٹس میں شیلڈ تقسیم کی گئیں،

تقریب میں معلوماتی سوالات بھی کیے گئے جس کے درست جواب دینے والوں کو انعامات بھی دیے گئے، تقریب میں سیاسی، سماجی، تعلیمی، صحافتی حلقوں سمیت، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء حضرات نے بھرپور شرکت کر کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی بناؤ تحریک کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے، تقریب میں ادبی، سماجی، صحافتی شخصیات کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ بھی تقسیم کیے گئے،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ہیومن رائٹس علی عباس قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ کی تحاریک کامیابی سے ہم کنار ہو تی ہیں اور ان کی موجودگی تحریک بھی جلد کامیاب ہوگی اور میں امید دلاتا ہوں کہ وسیب کو یونیورسٹی ضرور ملیگی،

سرائیکی اور اردو کے شاعر افضل چوہان نے کہا کہ مظفرگڑھ گڑھ کی سول سوسائٹی ادو خان یونیورسٹی تحریک کا ہر سطح پر ساتھ دیگی، پروفیسر عمران میر نے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لیے تعلیم پہلا قدم ہوتی ہے مگر المیہ یہ ہے کہ

کو ٹ ادو کا خطہ تعلیمی سہولیات سے محروم ہے، جو محرومی ہم نے جھیلی ہے وہ اپنی آ نے والی نسلوں کو نہیں جھیلنیں دیں گے، انجینئر احسان دانش، شہباز غوث بخاری، ملک طاہر پتل، انجینئر محسن حیات کھیتر،

کاشف گورمانی، ظفر اللہ چوہدری، امین افضل، ڈائریکٹر انصاف سکول سنانواں ریاض خان گورمانی، ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز کوٹ ادو سجاد خان گورمانی، صدر تحریک آ صف رضا چانڈیہ ایڈووکیٹ، محمد عرفان شاہد، کاشف سجاد گورمانی، نواب مضطر گورمانی،

و دیگر شرکاء نے کہا کہ ادو خان یونیورسٹی کو اپنا نظریہ بنائیں گے، ہم یک زبان ہو کر تحریک کی کامیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،

تقریب میں لجپال سیال نے اپنی ٹیم  کے ہمراہ تعلیم آگہی کے حوالے سے کھیل پیش کیا، تقریب میں تیمور اطہر، طاہر شفیق، مظہر جگلانی، ڈاکٹر اسد رحیم اسد، منظور سیال، مختیار مخلص، ضمیر اعظم بلوچ، حسنین خان گرمانی، سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔


کوٹ ادو

15کی کال پر تقریب میں پولیس کا دھاوا,تیزآواز میں ڈیک چلانے پر ساؤنڈ سسٹم مالک کو دھر لیا، پولیس کو دیکھتے ہی دولہا سمیت تماشائیوں کی جوڑی سونڈ سسٹم قبضہ میں لے کر ساؤنڈ سسٹم مالک دولہا اور اس کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج،

اس بارے تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی علاقہ دائرہ دین پناہ کی بستی جمالی کے قریب انوار علی راجپوت کے بیٹے کی شادی تھی، گزشتہ شب مہندی کا فنکشن ہو رہا تھا کہ

دولہاکے بھائی محمد عابد راجپوت نے تیز آواز میں ڈیک چلا کر ڈانس پارٹی کر رہے تھے کہ15پر محمد اسماعیل نامی شخص نے پولیس کو کال کر دی، پولیس نے 15 کی کال پر بستی جمالی انوار علی راجپوت کے گھر پر سجے فنکشن میں چھاپہ مارا،

پولیس کو دیکھتے ہی دولہا اس کا بھائی محمد عابد اور اس کے دوست اور تماشائی موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے ساؤنڈ سسٹم مالک محمد نعیم کو قابو کر کے ساؤنڈ سسٹم قبضہ میں لے لیا،

پولیس نے دولہا سمیت اس کے بھائی محمد عابد اور ساؤنڈ سسٹم مالک محمد نعیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا،


کوٹ ادو

فراڈی تعلقدار نے محنت کش سے لاکھوں ادھار لے کر جعلی چک تھمادیا،تھانہ پر اندراج کرائے بغیر مکان کرایہ پر دینے والے مالک مکان سمیت کرایہ دار کے خلاف مقدمہ درج،

اس بارے تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ تھانہ چوک سرور شہید کے علاقہ چک نمبر 568 ڈی ای رہائشی طارق مسعود آرائیں سے اس کے دوست ممتاز آباد ملتان کے رہائشی بشیر احمد کھوکھر نے 15لاکھ 50ہزار ادھار لیا

اور بدلے میں جعلی چیک تھما دیا جبکہ تھانہ کوٹ ادو کے علاقہ میں تھانہ پر اندراج کرائے بغیر5 مرلہ سکیم میں واقع مکان اللہ دتہ شیخ نے تھانہ کالا کے رہائشی رمضان گرمانی کو دے دیا،

تھانہ میں درج نہ کرانے پر پولیس کوٹ ادو نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،


مظفرگڑھ:

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار

صرف 15 منٹ کے دورے کے بعد واپس روانہ ہوگئے

وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب نے ڈی جی خان دورویہ روڈ اور رجب طیب اردگان ہسپتال کے

توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا


مظفرگڑھ.

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں مظفرگڑھ ڈیرہ غازی خان دورویہ روڈ اور رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا.

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار لیہ میں جلسہ عام کے بعد مختصر دورے پر مظفرگڑھ پہنچے،وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب نے مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع ہونے والے ڈیرہ غازی خان مظفرگڑھ دورویہ روڈ کا افتتاح کیا،

بعدازاں وزیراعظم نے رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا اور ہسپتال کا بھی معائنہ کیا.15 منٹ کے مختصر دورے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب واپس روانہ ہوگئے.

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے دورے کے دوران سکیورٹی کی خاطر پولیس نے ڈیرہ غازی خان بائی پاس،مونڈکا بائی پاس،بہاری کالونی،

تھرمل بائی پاس اور تھل چوک روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کردیا گیا جبکہ ہسپتال میں مریضوں کا داخلہ بھی بند رہا،پولیس ناکوں پر پھنسے شہری خوار ہوکر انتظامیہ کو برابھلا کہتے رہے

جبکہ مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا.

About The Author