بیمار و لاغر جانوروں کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری ، انتظامیہ خاموش تماشائی
ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ شہر بھر میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ عملہ کی ملی بھگت سے سرعام بیمار و لاغر جانوروں کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری ،شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو نے لگے، انتظامیہ خاموش تماشائی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنری بازار ، پوندہ بازار ،مسلم بازار ،چھوٹا بازار اور جوگیانوالی گلی سمیت شہر بھر میں قصاب حضرات سلاٹر ہاﺅس میں تعینات عملہ کی ملی بھگت سے مردہ، لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت سستے داموں خرید کر مہنگے داموں فروخت کر نے میں مصروف ہیں۔
شہریوں کو کہنا ہے کہ ڈیرہ میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی غفلت اور چشم پوشی کے باعث شہر بھر میں قصاب مافیا نے انت مچا رکھی ہے ،مردہ ،بیمار اور لاغر جانور گھروں کے اندر ذبح کر کے انتہائی مہنگے داموںان کا گوشت فروخت کیا جارہاہے ،
چھوٹا گوشت 1000 روپے فی کلو جبکہ بڑا گوشت 500 روپے فی کلو میں کھلے عام بیچا جاتاہے ان کا کہنا ہے کہ اکثر قصابوں نے مبینہ طور پر جعلی مہریں تیار کی ہوئی ہیں
جو گھروں میں جانور ذبح کرکے خود ہی صحت مند گوشت قرار دیکر عوام کو مردہ، بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت کھلا رہے ہیں جس کے باعث شہری مضر صحت گوشت کھانے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
شہریوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
ڈی پی او ڈیرہ کاشہید پولیس کانسٹیبل کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان ،ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)حافظ واحدمحمود کی شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل ریاض حسین کے گھر آمد،ضلعی پولیس سربراہ نے شہید کے لواحقین سے انکی رہائشگاہ واقع پروآ پر تعزیت کی اورشہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود شہید ہیڈ کنسٹیبل ریاض حسین جو گزشتہ رو ز کلاچی کے قریب دہشتگردوں کی طرف سے دھماکہ اور فائرنگ میں شہید ہوگئے تھے کے لواحقین سے تعزیت کرنے انکے گھر پروآ گئے اس موقع پرDSPپروآ سرکل افتخار علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
ضلعی پولیس سربراہ نے شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور انکے ورثاءکو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے ،
لوگوں کی جان ومال کی حفاظت اور امن وامان کے قیام کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس کی طرف سے کافی جوانوں نے شہادت کا جام پی کر ہمارے آنے والے کل کو محفوظ اورروشن بنایا ہے پوری قوم کو شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔
پولیس شہداءکی قربانیاں ہماری تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہیں ۔وہ قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے شہید کے بال بچوں کی کفالت اور ہر قسم کی مدد وتعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
٭٭٭
پتنگ بازی کو شوق اور جنون قیمتی جان لے گیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پتنگ بازی کو شوق اور جنون قیمتی جان لے گیا ،دس سالہ بچہ پتنگ لوٹنے کے دوران چھت سے گر کر اپنی قیمتی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا ،
مقامی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقہ ڈیال روڈ پر واقع حنیف ٹاو¿ن میں دس سالہ بچہ چھت پر پتنگ لوٹنے کے دوران اچانک نیچے گلی میں جاگرا جس سے وہ شدید زخمی ہوکر بہوش ہوگیا ،
والدین نے زخمی بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا اور یوں پتنگ بازی کے شوق اور جنون میں وہ ا پنی قیمتی زندگی سے ہاتھ دھو کر والدین کو عمر بھر کا روگ دے گیا،
٭٭٭
سرد ہواﺅں نے ڈیرہ کا رخ کرلیا ،جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرد ہواﺅں نے ڈیرہ کا رخ کرلیا ،جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ،کئی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے لگیں،سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا
،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں چند روز قبل موسم تبدیل ہونے کے ساتھ گرمی بڑھنا شروع ہوئی تومغربی سرد ہواﺅں نے ڈیرہ کا رخ کرلیا جس سے جاتی سردی دوبارہ وآپس
لوٹ آئی اور بڑھتا ہوا درجہ حرارت دوبارہ کم ہونا شروع ہوگیاہے۔ دوسری جانب سارادن تیز ہواچلنے کے باعث اڑنے والی مٹی اور گردوغبار سے شہریوں کو آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،
محکمہ موسمیات کے مطا بق صوبے کے میدانی علاقوں اور جنوبی اضلاع سمیت کئی مقامات پر بارش کے ساتھ ساتھ ڑالہ باری بھی ہوئی ہے ،بارش اور ڑالہ باری کا یہ سلسلہ مختلف علاقوں میں جاری رہیگا۔
پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اورمتعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو جاری مراسلہ کیا ہے کہ وہ بارشوں کیلئے الرٹ رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے انتظامات کریں،
٭٭٭
اسسٹنٹ کمشنر محسن کے چشمہ روڈ پر اچانک مختلف سکولوں کے دورے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر محسن صلاح الدین کے چشمہ روڈ پر اچانک مختلف سکولوں کے دورے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین نے چشمہ روڈ پر مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کیا جن میں گورنمنٹ پرائمری سکول کوکار غربی شامہ ہیں،
اس موقع پر انھوں نے فردا فردا ہر کلاس روم میں جاکر طلبا سے تدریسی عمل کرایا اور کلاس میں موجود ٹیچر کو بھی خصوصی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محسن صلاح الدین کا کہنا تھا اساتذہ کرام کا ایک مقدس پیشہ ہے جسے اساتذہ کرام جانفشانی کے ساتھ ادا کریں کیوںکہ یہی بچے ہمارا مستقبل ہیں ،
جنہوں نے آگے چل کر ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ اگر اساتذہ کرام نے ان کی بنیادی پرائمری تعلیم کو سنوار دیا تو انہوں نے ملک وقوم کے معماروں کا مستقبل سنوار دیا ہے۔
اساتذہ کرام کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈیوٹی کو اپنافرض سمجھ کر ادا کریں، کوئی ٹیچر ڈیوٹی میں کوتاہی نہ کرے ،ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آخر میں تمام اساتذہ اپنی ڈیوٹی انجام دہی پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے سکول میں موجود صاف ماحول کی تعریف کی ہیڈ ٹیچر اور اساتذہ کرام کی تدریسی مصروفیت کو بھی سراہا۔
اس موقع پر سکول کے ہیڈ ٹیچر محمد ظفر نے اپنے سکول کے مسائل بارے ان کو آگاہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین نے مسائل کو جلداز جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
٭٭٭
نوجوان نے غلیل سے آٹھ سالہ بچے کو نشانہ بناڈالا،بچے کی انگلی کٹ گئی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تحصیل پہاڑپور کے علاقہ مقبول آباد میں نوجوان نے غلیل سے آٹھ سالہ بچے کو نشانہ بناڈالا ،بچے کی انگلی پتھر لگنے سے کٹ کر مکمل ضائع ہوگئی ،متاثرہ بچے کے نانا کی رپورٹ پر نوجوان کے خلاف مقدمہ کرلیا گیا ،
پولیس ذرائع کے مطابق پہاڑپور کے علاقہ مقبول آباد میں نوجوان شیر محمد ولد گل محمد قوم مروت سکنہ محلہ صدیق آباد نے اپنی غلیل سے آٹھ سالہ معصوم بچے محمد آذہان کو نشانہ بنایا ، خلیل کے ذریعے پتھر بچے کی انگلی پر جالگا ،
بچے کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیاگیالیکن بچے کی انگلی کٹ کر مکمل طور پر ضائع ہوگئی ہے،پولیس نے متاثرہ بچے کے نانا کی رپورٹ پر نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
فائرنگ سے نوجوان بال بال بچ گیا ،ملزم فرار
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرکلر روڈ بیساکھی گراﺅنڈ کے قریب مسلح شخص کی فائرنگ سے موٹرسائیکل پر سوار سابق ایم پی اے خلیفہ عبدالقیوم کا جوانسال بیٹا بال بال بچ گیا ، ملزم فائرنگ کرتاہوا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،
فائرنگ سے موٹرسائیکل کو نقصان ،نامعلوم شخص کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا، پولیس ذرائع کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی خلیفہ عبدالقیوم کا بیٹا 28 سالہ عبدالحیی موٹرسائیکل پر روانہ تھا کہ
تھانہ سٹی کی حدود سرکلر روڈ بیساکھی گراﺅنڈ گلی ناراوالی کے قریب پہنچنے پر نامعلوم مسلح شخص نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں وہ خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا تاہم فائرنگ سے موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا ،
ملزم فائرنگ کرتاہوا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،پولیس نے نوجوان کے چچا عبدالعزیز خان گنڈہ پور کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کے خلاف اقدام قتل کامقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
طلباءپر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور تشدید کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،محمد یعقوب تبسم
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)قومی وطن پارٹی ضلعی ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل سیکرٹری محمد یعقوب تبسم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گومل یونیورسٹی کے طلباءکی جانب سے فیسوں میں اضافے اور کرپٹ مافیا کے خلاف احتجاج کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہیں ،
انہوں نے گومل یونیورسٹی طلباءپر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور تشدید کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر ایک شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے لہذا کسی سے پرامن احتجاج کا حق چھیننا کھلی ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت اور باعث تشویش ہے ،
محمد یعقوب تبسم نے مذید کہا کہ طلباءپر تشدد اور لاٹھی چارج کرکے انہیں زخمی کرنا حکومت کی ناکامی اور اس کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ،پاکستان میں 1973 ءکاآئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتاہے۔
خود ساختہ اور سلیکٹیڈ حکومت کا یہی دوہر ا معیار ہے جس میں اپنے لئے سب کچھ جائز جبکہ دوسرے کے لئے وہی چیز ناجائز اور غیر قانونی ہوجاتی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت ہر مخالف آواز کو ظلم واستبداد سے دبانا چاہتی ہے جوکہ ناممکن ہے کیونکہ اس میں حکومت کا اپنا ہی نقصان ہوگا۔
٭٭٭
خاتون کا برقعہ موٹرسائیکل میں پھنس گیا،خاتون کی حالت تشویشناک
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) غفلت اور بے احتیاطی کے باعث خاتون کا برقعہ موٹرسائیکل میں پھنس گیا ،موٹرسائیکل سڑک پر گرنے سے خاتون اور اس کا شوہر زخمی ،ہیڈانجری کے باعث خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،
خاتون کی حالت انتہائی نازک ،شوہر خطرے سے باہر، ریسکیو ذرائع کے مطابق علاقہ سردارے والی کا رہائشی محبوب ولد رمضان اپنی بیمار بیوی (ح بی بی ) کو علاقہ لانگ خیر شاہ میں جھاڑ پھونگ اور دم کروانے کے بعد موٹرسائیکل پر وآپس گھر روانہ تھا
کہ ڈیرہ چشمہ روڈ علاقہ ڈھوتر اڈہ کے قریب پہنچنے پر خاتون کا شٹل کاک برقعہ اچانک موٹرسائیکل کے پچھلے ویل میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل بے قابوہوکر سڑک پر جاگرا اور دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے ،
خاتون کا سر سڑک پر لگنے کی وجہ سے اس کا سر پھٹ گیا ، خاتون کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس کی حالت نازک جبکہ شوہر کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے ۔۔
٭٭٭
غیر قانونی ڈیزل وموبل آئل سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کا غیر قانونی ڈیزل وموبل آئل سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ،40000 لیٹرایرانی آئل اور800لیٹر ایرانی ڈیزل پکڑ کر کسٹم حکام کے حوالے کیا ۔ایس ایچ او پروآ انعام اللہ خان نے ناکہ بندی کے دوران رمک چیک پوسٹ پر ٹرک نمبرTLD/200 سے 40000 لیٹرایرانی آئل اور SHOکلاچی عطاءاللہ خان نے
ہینو ٹرک نمبرTK/450کے خفیہ خانوں سے 800لیٹر ایرانی ڈیزل بھی برآمد کیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ پولیس نے گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 16عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ، 14بوری چائے ،130897
لیٹر ایرانی ڈیزل ،4000لیٹر ایرانی آئل،2479لیٹر ایرانی پٹرول ،937بوری خشک میوہ جات ،54بوری چلغوزہ ،1377عدد ٹائر ،01گٹو چائنہ نمک ،06کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات،06کاٹن سپئر پارٹس ،150کاٹن گریس ،20کاٹن موبل آئل ،01
گٹو کپڑا،09گٹو شاپر 11300کلو گرام مونگ پھلی بیج ،06گٹو چھلی، 04عدد انورٹر،11عدد ہیٹر ،04عدد ہیٹر شمسی انورٹر ،89عدد موبائلز،09عدد واٹر پمپ سمیت متفرق سامان جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے ۔
جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جا رہا تھا ۔کسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
حافظ واحد محمود کی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات ۔
اس موقع پر رجسٹرار طارق محمود، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن الحاج دلنواز خان ،ڈائریکٹرایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر صدیق‘پرووسٹ ڈاکٹر زاہد رسول،ڈائریکٹرسٹوڈنٹس آفیئر ڈاکٹر شفیع اللہ ،چیف پراکٹر ماجد خان بھی موجود تھے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کہا کہ گومل یونیورسٹی اس خطے کی قدیم درسگاہ ہیں جس میں پر امن تعلیمی ماحول کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ گومل یونیورسٹی کے پر امن ماحول خراب کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلباءکو چاہئے کہ وہ حصول تعلیم پر توجہ دیں اور کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی، سیاسی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نہ حصہ لیں اور نہ ان کا ساتھ دیں ‘ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ‘ قانون سب کےلئے برابر ہے‘ اور کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘
انہوں نے مزید کہا کہ میرے دروازے گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔
وہ لوگ جو یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ جیسے باہمت لوگوں کی وجہ سے آج امن کا قیام ممکن ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر سرور چوہدری نے گومل یونیورسٹی کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر اہم مسائل پر ڈی پی او ڈیرہ کو آگاہ کیا۔
٭٭٭
بازاروں میں گراں فروشی اور ناپ تول میں ہیرا پھیری انتظامیہ کی نااہلی کامنہ بولتا ثبوت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر سمیت گردونواح میں قائم بازاروں میں گراں فروشی اور ناپ تول میں ہیرا پھیری انتظامیہ کی نااہلی کامنہ بولتا ثبوت ،اندرون شہر کے بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ناپ تول میں کمی اور ناقص اشیاءکی فروخت معمول بن چکی ہے ،
عوام کمر توڑ مہنگائی میں سستی اشیاءخریدنے کی بجائے درجہ دوئم اور درجہ سوئم کی اشیاءدرجہ اول کے نرخ پر خریدنے پر مجبور ہیں ،
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی مافیا کے خلاف کاروائی کرنے کی باتین تو کررہے ہیں مگر عملی طور پر اقدامات کرنے سے قاصر ہیں جو قوم کے لئے باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں آبادی کے لحاظ سے یوٹیلٹی سٹورز کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے مگر بدقسمتی سے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاءضروریہ کی عدم دستیابی حکمرانوں کے دعوﺅں کی نفی کررہی ہے ،
شہری بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورز کے نام نہادریلیف سے مایوس ہوچکے ہیں اور حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے اذیت میں مبتلا ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے مہنگائی اور بے روزگاری کے سونامی سے غریب اور سفید پوش طبقات کو زندہ درگور کردیاہے ،
لوگ فاقہ کشیوں پر مجبور ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں مگر بے حس حکمران طبقہ تقریروں اور جھوٹے وعدوں کے سوا عملی طور پر اقدامات کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے
،شہریوں نے کہا کہ ڈیرہ سمیت ملک میں بدترین معاشی صورتحال اور کمر توڑ مہگائی نے قوم کو مایوسی کے اندھیروں میں ڈبو رکھا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں چیک اینڈ بیلنس قائم کرکے گرانفروش مافیا کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
٭٭٭
کاشتکار کماد کی بہاریہ کاشت کیلئے بیج کے انتخاب سے متعلق احتیاط سے کام لیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کماد کی بوائی کے بارے میں کاشتکاروں کو رتہ روگ کی بیماری کا شکار بیج نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار کماد کی بہاریہ کاشت کیلئے بیج کے انتخاب سے متعلق احتیاط سے کام لیں
اور کماد کی بوائی گنے ہی سے کاٹے ہوئے تین یا چار آنکھوں والے ٹکڑوں (سموں ) کے ذریعے کی جائے نیز بیج کے انتخاب میں ضروری ہدایات کو پیش نظر رکھا جائے کیونکہ اچھا بیج ہی بہتر پیداوار دے سکتا ہے اسلئے ہمیشہ صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کیا جائے۔
محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ بیج بناتے وقت بیمار اور کمزور گنے چھانٹ کرنکال دیئے جائیں اور خاص طو رپر ایسے کھیت سے بیج ہرگز نہ رکھا جائے جس میں رتہ روگ کی بیماری موجود ہو۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار لیری (یک سالہ ) فصل سے بیج منتخب کریں اور حتی الوسع مونڈھی فصل سے بیج نہ لیںنیز بہتر ہے کہ بیج کیلئے گنے کا اوپر والا حصہ استعمال کیا جائے اور نیچے والا حصہ بھیج دیا جائے اس سے اگاﺅ اچھا ہوگا۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ گری ہوئی فصل سے بیج نہ لیاجائے اورآنکھوں کو زخمی ہونے سے بچایا جائے۔ بیج کیلئے گنے کو درانتی یا پلچھی سے نہ چھیلا جائے بلکہ ہاتھوں سے کھوری اتاری جائے جبکہ سموں پر کھوری یا سبز پتوں کا غلاف نہیں ہونا چاہیے وگرنہ اگاﺅ کم ہوگا اور دیمک لگنے کا بھی خطرہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں تاخیر نہ کی جائے اور اگرکسی وجہ سے دیر ہوجائے تو بیج کھوری سے ڈھانپ کر رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بیج کو خشک ہونے سے بچانے کیلئے اس پر وقفے وقفے سے پانی چھڑ کتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزیدہدایت کی کہ کاشتکاربیج کو پھپھوندی کش زہروں کے محلول میں 3 سے 5 منٹ تک بھگو کر کاشت کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔
٭٭٭
گندم کی فصل میں موجود جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی جائے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گندم کی فصل میں موجود جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی جانب خصوصی توجہ دیں کیونکہ چوہوں کے حملے کو روکنے کیلئے فوری و بر وقت اقدامات کی ضرورت ہے۔
کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ گندم کی جڑی بوٹیوں کا خاتمہ اشد ضروری ہے اور اگر سپرے کرنے کے باوجود بھی کہیں جڑی بوٹیاں رہ گئی ہوں تو ان کی تلفی کی جانب خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل پر چوہوں کے حملے کی صورت میں ان کی تلفی کیلئے زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یا ڈیٹیا گیس کی ٹکیاں استعمال کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گندم پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے جس کے ماہ مارچ کے آخر تک شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ سست تیلے کے خلاف زرعی زہریں استعمال نہ کی جائیں کیونکہ اس سے جہاں برے اثرات مرتب ، ماحول آلودہ ، انسانی صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں
وہیں مفید کیڑے بھی ہلاک ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیت کے گرد پرالی یا درختوں کے گرے ہوئے پتوں کے ڈھیر سے طفیلی کیڑوں کی نشو ونما کے باعث سست تیلے کی تعداد کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ طفیلی کیڑے سست تیلے کو کھاکر ختم کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی بارش بھی گندم کی فصل سے سست تیلے کے خاتمہ کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
٭٭٭
موسم گرما میں اگائی جانے والی سبزیوں کی کاشت مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم گرما میں اگائی جانے والی سبزیوں کی کاشت مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور بتایاہے کہ موسم گرما کی سبزیوں میں کریلہ، گھیا کدو، کالی توری، بھنڈی توری، بینگن ، ٹماٹر ، سبز مرچ، شملہ مرچ ،
تر اور کھیرا اہم سبزیات ہیںجنہیں حکومت کے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے بیجوں کے پیکٹس حاصل کرکے باآسانی کاشت کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ ان سبزیوں کی نشوونما کیلئے بہترین درجہ حرارت 20 سے 35ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ اس سے زیادہ یا کم درجہ حرارت سبزیوں کی پیداوار پر اثر انداز ہوتاہے۔ا
نہوں نے بتایاکہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی زرخیز زمین ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسم گرما کی سبزیوںکی ایسی اقسام کا انتخاب کرنا چاہیے جو کہ موسمی حالات کے مطابق اور کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہوں
اور ان کے بیج کی شرح اگاﺅ 80 فیصد سے کم نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کی جائے اور جب پنیری کی عمر 30 سی35 دن ہوجائے تو اس پنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کریں۔
انہوں نے کہاکہ کریلہ ، گھیا کدو، چپن کدو ،گھیا توری، تر اور کھیرا کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کے دونوں جانب کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید مشاورت ، معلومات ، رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔
٭٭٭
بارش اور تیز ہوا کی صورت میں فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کیاجائے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے ملک بھر کے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں تاکہ اس کا اثر زائل ہو نے سے بچانے سمیت مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے
نیز کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔
انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کیلئے موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک کسان میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کاشتکاروں کو گندم کو سخت سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔
٭٭٭
کھاد کے مناسب استعمال کے بغیر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں،زرعی ماہرین
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں کھاد کے مناسب استعمال کے بغیر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں جبکہ پودوں کی بڑھوتری کیلئے ثانوی غذائی جزو والی کھادیں خاص اہمیت کی حامل ہیں
اور معاشی نقطہ نظر سے بھی کھادوں کا استعمال انتہائی ضروری ہے کیونکہ کاشتکار ایک روپے کی کھاد کے بدلے 9روپے تک کی اضافی پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔ ماہرین نے بتا یا کہ کھادوں کی اقسام کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجزائے کبیرہ و الی کھادیں جن میں نائٹروجن ، فاسفورس ، پوٹاش وغیرہ شامل ہیں کی فصل کو اشد ضرورت ہوتی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر اجزائے ثانوی کا استعمال بھی سود مند ہے اور کیلشیم ، میگنیشیم ،سلفر فصلات پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
انہوں نے بتا یا کہ اجزائے صغیرہ کا استعمال کاشتکاروں کو مالی منفعت فراہم کرنے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جو کاشتکار اجزائے ثانوی پر مشتمل کیلشیم، سنگل سپر فاسفیٹ ، کیلشیم امونیم نائٹریٹ ، سلفر ، امونیم سلفیٹ ، زنک سلفیٹ ،
پوٹاشیم سلفیٹ وغیرہ کا ماہرین زراعت کے مشوروں سے استعمال کرتے ہیں انہیں بہترین فصل کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
٭٭٭
موجودہ وقت بینگن کی کاشت اور اس کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کیلئے بہترین وقت ہے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طورپر بینگن کی پنیری کھیت میں منتقل کرنا شروع کر دیں کیونکہ موجودہ وقت بینگن کی کاشت اور اس کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کیلئے بہترین وقت ہے۔
کاشتکاروں کے نام پیغام میں محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ نومبر کاشتہ فصل کی پنیری فروری کے آخرمیں کھیت میں منتقل کرنے سے کہر کا خطرہ نہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینگن کی پنیری کھیت میں منتقل کرنے سے چند روز قبل اراضی کو پانی کی فراہمی روک دی جائے
تاکہ پودے سخت جان ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی نہ روکنے کے باعث کھیت میں منتقلی سے زیادہ تعداد میں پودوں کے مرنے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری سے پودے نکالنے سے چند گھنٹے پہلے پنیری کو پانی لگا دیا جائے تاکہ زمین نرم ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭
انڈے اور مرغی سمیت دیگر اشیاءکے نرخ کم ہونا شروع ہوگئے ،
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور گردونواح میں مختلف اشیاءکے نرخ کم ہونا شروع ہوگئے انڈے کی فی درجن قیمت 110 روپے سے کم کرکے 100 روپے جبکہ مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلو سے کم ہوکر 240 روپے کلو تک سستا ہوگیا ہے
اسی طرح ایل پی جی گیس بھی 40 روپے کلو تک سستی ہوئی ہے سبزیاں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی 5 سے 10 روپے کلو تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے،
گوبھی جو 30 سے 40 روپے کلو میں فروخت ہورہی تھی اب 20 روپے کلو میں دستیاب ہے اسی طرح سیب کے نرخ 150 سے 120 روپے ہوگئے ہیں البتہ کنو کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
٭٭٭
آوارہ کتوں کی تلفی نہ ہونے سے مزید کئی افراد خون خوار کتوں کا نشانہ بن گئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور مضافات میں آوارہ کتوں کی تلفی نہ ہونے سے مزید کئی افراد خون خوار کتوں کا نشانہ بن گئے ، تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل ، ڈیرہ شہرو گردونواح میں کتوں کے کاٹنے سے درجنوں شہری روزانہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا رخ کرنے پر مجبور ،
ویکسین کی فراہمی نہ ہونے سے متاثرہ افراد شدید مشکلات سے دو چار ، متعدد بار نشاندہی کے باوجود آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کی مہم ٹھپ ہو کر رہ گئی ، شہر کے مختلف چوراہوں پر آوارہ کتوں کے غول دندناتے پھرتے ہیں ارباب اختیار کی چشم پوشی سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں
تفصیلات کے مطابق آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے کتوں کے کاٹنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال داخل کرایاگیا
جہاں ڈاکٹر ز انکے علاج و معالجہ میں مصروف ہیں روزانہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں درجنوں متاثرہ افراد ویکسین کی فراہمی کیلئے دور دراز کے علاقوں سے رخ کرتے ہیں جبکہ
دوسری طرف ویکسین با آسانی فراہم نہ ہونے سے کتوں کے کاٹنے سے متعلقہ یونین کونسل سطح پر ادویات کی فراہمی نہ ہونے کی شکایات پر کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، سکولوں و کالجز کے طالب علم ، بچے ، بوڑھے روزانہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے روزانہ لہولہان ہو رہے ہیں ،
شہریوں کاکہنا ہے کہ حکومتی خزانے سے کروڑوں کی ویکسین کی فراہمی کے باوجود ضلعی سطح پر آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جاسکے۔
٭٭٭
پرائیویٹ ایمبولینس سروس ”کمائی“کا ذریعہ بن گئی‘میت لیجانے کیلئے من مانگے دام وصول کئے جانے لگے‘
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پرائیویٹ ایمبولینس سروس ”کمائی“کا ذریعہ بن گئی‘میت لیجانے کیلئے من مانگے دام وصول کئے جانے لگے‘
غریب طبقہ کو اپنے پیاروں کے انتقال پر اس صورتحال سے شدید پریشانی‘ریسکیو 1122ایمبولینس سروس کو میت لیجانے کیلئے بھی استعمال میں لانے کا مطالبہ‘تفصیلات کے مطابق بعض نجی‘رفاعی اداروں نے میت لیجانے کیلئے ایمبولینس سروس شروع کررکھی ہے
جو کہ اچھا اقدام ہے مگر کئی اداروں اور بعض پرائیویٹ ایمبولینس مالکان نے من مانیاں کرتے ہوئے میت لیجانے کے سینکڑوں‘ہزاروں روپے مانگنا شروع کردیئے ہیں اس صورتحال سے غریب طبقہ کو شدید مشکل کا سامنا ہے
جس پر عوامی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ ایمبولینس سروس والوں کو من مانیوں سے روکا جائے اور ریسکیو 1122ایمبولینس سروس کو میت لیجانے کیلئے استعمال میں لایا جائے
تاکہ وہ غریب لوگ جو ہسپتالوں میں علاج معالجہ یا کسی ناگہانی حادثہ میں مر جاتے ہیں ان کے لواحقین کو میت لیجانے میں آسانی پید اہو سکے۔
٭٭٭
سونے کی فی تولہ قیمت میں 1350روپے کا اضافہ
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1350روپے کے اضافے سے 92500روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق گذشتہ روز بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت23ڈالرکے اضافے سے 1610ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور،
اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت1350روپے کے اضافے سی92500روپے اوردس گرام سونے کی قیمت1158روپے کے اضافے سی79304روپے ہوگئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت50روپے کے اضافے سے 1050روپے اوردس گرام کی قیمت900روپے ہوگئی۔
٭٭٭
اے وی پڑھو
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون
جیسل کلاسرا ضلع لیہ ، سرائیکی لوک سانجھ دے کٹھ اچ مشتاق گاڈی دی گالھ مہاڑ