دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

15فروری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان:

ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیو مہم 17 فروری سے شروع ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پولیو کیلئے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

جس میں افسران،علماء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین نے شرکت کی.ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے وائرس سے بچنے کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

پولیو کا وائرس متاثرہ سے صحت مند بچہ میں منتقل ہو سکتا ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ ہر بچہ کو اپنا سمجھتے ہوئے پولیو ویکسین پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچایا جائے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پولیو کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ملکر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔کلیم اللہ،ڈاکٹر عمار شاہ،ڈاکٹر سعید احمد،ڈاکٹر کامران اصغر،ڈاکٹر زوہیب حسن، جمال عبدالناصر اور دیگر موجود تھے.

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے گذشتہ روز اپنے آفس میں پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے مقبرہ غازی خان کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے منہدم کی گئی عمارت کا ملبہ فوری ٹھکانے لگانے سمیت دیگر احکامات جاری کئے۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے عوام کی تفریح کیلئے آئندہ ہفتہ ڈیرہ غازی خان میں میلہ مویشیاں منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیاہے۔محکموں کو ضروری تیاری کی ہدایات جاری کردیں۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق میلہ کے انتظامات کو مانیٹر کریں گے.

کمشنر نے میلہ مویشیاں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ میلہ مویشیاں میں ہرممکن تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔میلہ میں خوبصورت جانوروں کی نمائش،اونٹ رقص،دودھ مقابلہ،نیزہ بازی، گھڑ دوڑ،کتا دوڑ، بیساکھی،تلوار رقص،جھومر پارٹی،لکی ایرانی سرکس،کبڈی،دنگل،پتلی تماشہ،لوک و فوک موسیقی،رنگا رنگ ثقافتی پروگرام منعقد کرائے جائیں گے۔

مقامی اور چولستان کے فنکاروں کو مدعو کیا جائیگا۔میلہ کے انتظامات کیلئے 22 فروری کو ٹینڈر کھولے جائیں گے کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ میلہ میں دینی مدارس کے زیر تعلیم بچوں اور پرائیویٹ سکولز کو بھی مدعو کیا جائے انہوں نے کہا کہ

فاضل پور طرز پر میلہ مویشیاں منعقد کیا جائے جس کیلئے متعلقہ محکموں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،منیجنگ ڈائریکٹر کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران،

جنرل منیجر ڈاکٹر فقیر حسین،چیف فنانشل آفیسر علی معین،ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن،ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض ملک، سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام نظام الدین،اختر بھٹہ،شہزاد قدیر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان شہر کی سیوریج لائنز کی صفائی کیلئے مشینری سمیت فیصل آباد سے ماہرین کی خدمات طلب کرلی گئیں۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ 16 فروری سے مرحلہ وار صفائی کا آغاز کردیا جائیگا۔

کمشنرنے کارپوریشن کے افسران اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈز،سیوریج لائنز،فٹ پاتھ کے پیچ ورک کیلئے رننگ فٹ کے حساب سے ٹھیکہ دیا گیا ہے۔

معیاری کام کرایا جائے گا ٹھیکیداروں کی بروقت ادائیگی اور کڑی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

کمشنر نسیم صادق نے کارپوریشن کے افسران کو کہا کہ واجبات کی وصولی کیلئے آپریشن تیز کیا جائے۔واجبات ادا کرنے والوں کے صفائی اور سیوریج مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

اس موقع پر چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت سائلین کے مسائل سنے،تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے.

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ہر پبلک آفس میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔سرکاری دفاتر میں سائلین کو عزت وتکریم دی جائے گی۔

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔شہری بھی اپنے علاقوں میں منصوبوں پر نظر رکھیں اور خامیوں کی فوری نشاندہی کی جائے

تاکہ نقائص کو بروقت دور کرایا جاسکے۔کمشنر نسیم صادق نے سائلین کے مسائل تفصیل سے سنے درخواستوں پر احکامات جاری کرنے کے ساتھ ٹیلی فون پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں.


ڈیرہ غازیخان :

ملک کے چاروں صوبوں کے جنکشن پل ڈاٹ پر ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کیلئے کشادگی شروع کردی گئی۔پل کے چاروں اطراف قابض مافیا کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا۔عمارتیں مسمار کی جانے لگیں کمشنر نسیم صادق نے خود کھڑے ہوکر سرکاری رقبہ واگزار کرانے کے آپریشن کی نگرانی کی۔

کمشنر نے اہم شاہراہوں پر موجود گڑھوں کا بھی نوٹس لے لیا۔فوری مرمت اور ضرورت کے مطابق مین ہولز کی تعمیر کے بھی احکامات جاری کئے.کمشنر نے پل ڈاٹ کا دورہ کرتے ہوئے کوئٹہ روڈ،کالج روڈ، ملتان روڈ اور جامپور روڈ پر تعمیر غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کئے

اور خود موقع پر کھڑے ہوکر سرکاری رقبہ کی واگزاری کے آپریشن کا جائزہ لیا۔انہوں نے عمارتی مٹیریل فوری اٹھانے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے کہا کہ ہر ایک انچ سرکاری رقبہ واگزار کرایا جائیگا۔

متعلقہ پٹواری ریکارڈ سمیت موقع پر موجود رہیں اور رہ جانے والی عمارتوں پر کراس کے نشانات فوری لگاکر قابضین کو مطلع کریں۔کمشنر نے شہر کے مصروف مقامات اور شاہراہوں پر پڑے گڑھے فوری بند کرنے اور مین ہولز کی تعمیر کی ہدایات جاری کیں

کمشنر نے ٹریفک کی روانی کیلئے سلپ روڈز کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا انہوں نے مانکا کینال کا دورہ کرتے ہوئے پودوں کیلئے گملوں کی تنصیب کا جائزہ لیا۔کمشنر نے شہر کے دیگر مقامات کا بھی دورہ کیا اور بہتری کے لئے ہدایات جاری کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین ہائی ویز عمیر لطیف اور دیگر افسران موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ غازیخان رضا اللہ خان نے سنٹرل جیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا.

مجسٹریٹ درجہ اول محمدحارث منیر، سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان اوردیگر ہمراہ تھے. ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کچن اسیران،ہسپتال، ٹیوٹا سنٹر،خواتین وارڈاور نوعمر وارڈکامعائنہ کیا

اور اسیران سے مسائل پوچھے. انہوں نے اسیران کیلئے تیار شدہ کھانے کو بھی چیک کیا.

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل میں گراسی پلاٹس اورصفائی کے معیار کو سراہا.


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے پریس کلب ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیاچیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید ہمراہ تھے

صدر پریس کلب سجاد احمد چنوں اور جنرل سیکرٹری بخت کھوسہ نے پریس کلب کی زیر تعمیر عمارت اور صحافیوں کے مسائل،

صحافی کالونی اور دیگر معاملات پر بریفینگ دی کمشنر نے پریس کلب کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیاگروپ لیڈر طارق اسماعیل قریشی ،سینئر صحافی فاروق احمد غوری،

ملک سراج احمد اور سکندر حیدر سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیدار بھی موجودتھے

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈی جی خان کے صحافیوں کو بہت جلد خوشخبری ملے گی۔


ڈیرہ غازیخان :

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار نے مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی کی درخواست پر حلقہ پی پی 289 میں قائم بوائز پرائمری و ہائی سکولز،گرلز پرائمری،

مڈل و ہائی سکولز کی 12 سکیموں کے لئے جن میں سکول میں کمروں کی استعداد بڑھانے اور نئے کمروں کی تعمیر کے لیئے 43.577 ملین روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری دیتے ہوئے 11.472 ملین روپے

فراہم کردئیے ہیںان فراہم کردہ خطیر فنڈز سے مذکورہ سکولز میں نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے جہاں پہ بیٹھ کر قوم کے معمار زیور تعلیم سے آراستہ ہونگے اور مستقبل میں

پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔فنڈز کی فراہمی کے بعد مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے وزیر اعلی سردار عثمان خان بزدار اور وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا بھی شکریہ ادا کیا۔


ڈیرہ غازیخان :

ماڈل بازاد سے اغواءہونے والی ڈھائی سالہ بچی زائینہ 24گھنٹوں میں بازیاب زائینہ کو مبینہ طور پر تین خواتین نے اغواءکیا ،تینوں مبینہ خواتین ملزمان گرفتار ،اس سلسلہ میں مزید تفصیل کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی نے بتایا کہ

ماڈل بازار سے گزشتہ شب اغواءہونے والی ڈھائی سالہ بچی زائینہ کو بازیاب کر لیا گیا ہے زائینہ کے اغواءکی اطلاع ملتے ہی بچی کی بازیابی کے لئے ملزمان کو ٹریس کرنا شروع کر دیا

پوری پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی سٹی سرکل عمران رشید کی سربراہی میں گزشتہ شب سی سی ٹی وی کیمروں اور مختلف جدید طریقوں سے اغواءکار خاتون کو ٹریس کر نا شروع کر دیا

اور سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز عفت عباس ،کرم الٰہی ،شکیل بخاری ،محمد الیاس اور محمد زمان نے بھاری نفری کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور اغواءکاروں کے روٹ پر سرچ کیا جس کے بعد مبینہ اغواءکار خواتین کے گھر تک پہنچ گئے

اور خاتون نے اپنی دو بہنوں کے ساتھ مل کر بچی کو اغواءکر نا تسلیم کیا ہے تاہم پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تفتیش کے بعد سامنے آنے والے حقائق سے میڈیا کو آگاہ کیا جا ئے گا

بعدازاں ڈی پی او اسد سرفراز نے بازیاب ہو نے والی ڈھائی سالہ بچی زائینہ کو اس کے والدین کے حوالے کیا اس موقع پر زائینہ کے والدین نے ضلع پولیس کے بروقت

اور بھر پور تعاون پر اور بچی کو بحفاظت بازایاب کرانے پر خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

About The Author